افغان طالبان کا امریکی انخلا کی ڈیڈ لائن نہ بڑھانے کا اعلان

کابل: (ویب ڈیسک) افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود غیرملکی فوجیوں کے انخلا کی تاریخ میں توسیع نہیں ہو گی۔

برطانوی نشریاتی ادارے سکائی نیوز سے بات چیت میں ترجمان طالبان سہیل شاہین نے کہا کہ یہ ڈیڈلائن نہیں بلکہ ان کے لیے ریڈلائن ہے اور اگر اس میں توسیع کی جاتی ہے تو اسے قبضے میں توسیع سمجھا جائے گا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سہیل شاہین نے کہا کہ ایسی کسی بھی توسیع کی صورت میں بداعتمادی کی فضا پیدا ہو گی جس کا ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔ کابل ایئرپورٹ پر موجود افغان باشندے اصل میں طالبان کے خوف سے نہیں بلکہ مغربی ممالک میں بہتر زندگی کے لیے افغانستان سے فرار کی کوشش میں ہیں۔

پینٹا گون کا افغانستان سے انخلا میں توسیع کا عندیہ

پینٹاگون کے ترجمان جان کربی کا اس بارے میں کہنا ہے کہ طالبان سے انخلا میں توسیع کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ امریکی افواج 31 اگست تک کابل سے اپنا انخلا مکمل کرلیں گی۔ ہم حامد کرزئی ایئر پورٹ پر امریکی سرگرمیوں کے حوالے سے طالبان کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں لیکن ابھی تک ڈیڈ لائن کے تناطر میں کوئی خاص بات نہیں ہوئی ہے۔ انخلاء میں توسیع ہو سکتی ہے۔

امریکی انخلاء تک حکومت کا اعلان نہیں کرینگے: طالبان کا اعلان
مزید برآں افغان طالبان کا کہنا ہے کہ امریکا کے افغانستان سے انخلا مکمل ہونے تک حکومت کا اعلان نہیں کریں گے، طالبان نے فیصلہ کرلیا ہے کہ امریکی فوج کی موجودگی تک حکومت اور کابینہ کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔

طالبان پر پابندیاں اقدامات پر منحصر، اپنے شہریوں کو کابل سے نکالنا پہلی ترجیح ہے: جوبائیڈن

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ طالبان پر پابندیاں ان کے اقدامات پر منحصر ہیں، امریکا کی پہلی ترجیح اپنے شہریوں کو کابل سے جلد سے جلد نکالنا ہے۔

جوبائیڈن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے 31اگست کے بعد افغانستان میں رکنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، اگر رکنا پڑا تو اس کےلیے بات چیت جاری ہے، انہوں نے ایک مرتبہ پھر افغانستان سے انخلا کو درست فیصلہ قرار دیا۔ مزید کہا کہ قبضے کے بعد ابھی تک طالبان نےامریکی فوجیوں پر حملہ نہیں کیا۔

امریکی صدر نے انخلا کے لیے مدد کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ افغانستان سے فوجی انخلا کے امریکی فیصلے کو دنیا بھر سے تنقید کا سامنا ہے، کابل پر طالبان کے تیز رفتار قبضے کی وجہ بھی امریکی فوج کا غیر ضروری عجلت میں اںخلا قرار دیا جا رہا ہے۔

مطلق العنان حکومت قبول نہیں، طالبان سے لڑنے کے لیے تیار ہیں: احمد مسعود
احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود نے کہا ہے کہ طالبان سے لڑنے کے لیے تیار ہیں، کسی مطلق العنان حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے، طالبان رہنما خلیل الرحمان حقانی نے کہا ہے کہ سپرپاورز کو شکست دے سکتے ہیں تو اپنے لوگوں کی حفاظت بھی کرسکتے ہیں، سیکڑوں طالبان جنگجو وادیِ پنج شیر کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

افغانستان کے صوبے پنج شیر میں جنگ کے بادل منڈلانے لگے۔ طالبان اور شمالی اتحاد آمنے سامنے پنجشیر میں احمد مسعود کے حامیوں نے ہتھیار ڈالنے سے انکارکردیا، سیکڑوں طالبان پنجشیر کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود نے خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان سے لڑنے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے طالبان پر واضح کر دیا ہے آگے بڑھنے کاراستہ مذاکرات ہی ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ جنگ چھڑ جائے لیکن کسی مطلق العنان حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔

پنج شیر وادی میں پناہ لینے والے امراللہ صالح نے ٹویٹ کرتے ہوئے طالبان سے کہا ہے کہ آؤ تمھیں دیکھ لوں گا۔ طالبان پنجشیر کے داخلی دروازے پر جمع ہوئے ہیں۔ جو کوئی حملے کرے گا ان میں سے کوئی ایک بھی نہیں بچے گا۔

کابل ایئر پورٹ پر فائرنگ، افغان سکیورٹی اہلکار چل بسا

دوسری طرف افغانستان سے باہر نکلنے کے لیے ہزاروں افغان اور غیر ملکی شہریوں کا کابل ہوائی اڈے پر ہجوم ہے۔ اس دوران مغربی ملکوں کی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں ایک افغان گارڈ چل بسا ہے۔

جرمن فوج نے بتایا کہ یہ لڑائی افغان سکیورٹی فورسز اور نامعلوم حملہ آوروں کے درمیان ہوئی۔ جرمن فورسز نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ایک افغان سکیورٹی افسر ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر تین زخمی ہو گئے۔ اس کارروائی میں امریکی اور جرمن فورسز بھی شامل تھیں۔ لیکن کوئی جرمن فوجی زخمی نہیں ہوا ہے۔

کسی پر کوئی جبر ہوگا نہ ہی کوئی خون خرابہ ہوگا: خلیل الرحمان حقانی

رہنما افغان طالبان کے خلیل الرحمان حقانی نے افغانستان میں جامع حکومت کے قیام کے سلسلہ میں عالمی تشویش کو دورکرتے ہوئے کہا ہے کہ امارت اسلامی افغانستان تمام سیاسی گروپوں اور مقامی برادریوں کی نمائندہ حکومت ہوگی۔ افغان شہری ملک سے نہ جائیں اور جو لوگ پہلے ہی جا چکے ہیں وہ واپس آئیں، افغانستان میں کسی پر کوئی جبر نہیں ہوگا، اب افغانستان میں کوئی خون خرابہ نہیں ہوگا۔۔

ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہاکہ ہم دنیا کے سامنے اسلامی امارت افغانستان کی عملی صورت پیش کریں گے اور سب سے پہلے ہم اپنے آپ پر شرعی قوانین نافذ کریں گے اور پھران قوانین کا عوام پر نفاذ کریں گے۔ افغانستان میں کسی پر کوئی جبر نہیں ہوگا تاہم انہوں نے حکومت کیلئے کوئی مناسب ڈھانچہ پیش نہیں کیا۔ جامع حکومت کی تشکیل کیلئے بات چیت جاری ہے۔ مختلف رہنمائوں اور افغان کمیونٹیز کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور وہ طالبان اور امارت اسلامی افغانستان کے ساتھ اپنی وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں۔ کابل پر طالبان کے قبضہ کے بعد دنیا کو تشویش ہوئی کہ افغانوں میں نئی حکومت میں اقتدار کے حصہ کیلئے لڑائی شروع ہو جائے گی ۔

خلیل الرحمان حقانی نے یقین دلایا کہ دنیا کو اس حوالہ سے زیادہ پریشان نہیں ہونا چاہئے۔ جب ہم کابل آئے تو ہم نے سابق افغان صدر حامد کرزئی اور افغانستان کے سابق چیف ایگزیکٹو عبداﷲ عبداﷲ کے ساتھ ملاقات کی۔ یہ دونوں خوفزدہ تھے اور ملک چھوڑنا چاہتے تھے مگر ہم نے یقین دلایا کہ ان کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی۔

ایران نے طالبان کی درخواست پر افغانستان کو پٹرلیم مصنوعات کی ترسیل بحال کردی
اُدھر ایران نے افغان طالبان کی درخواست پر افغانستان کو پٹرلیم مصنوعات کی ترسیل بحال کردی، افغانستان میں بحران کے باعث تیل کی قلت پیدا ہوگئی تھی، ایران نے پٹرولیم مصنوعات پر محصولات میں 70فیصد تک کمی کردی ہے۔

جی سیون ممالک کا کل ورچوئل اجلاس، برطانیہ طالبان پر پابندیاں لگانے پر زور دے گا

فغانستان کی صورتحال پر جی 7 ممالک کا ورچوئل اجلاس کل ہو گا، خبر ایجنسی کے مطابق اجلاس کے دوران برطانیہ طالبان پر پابندیاں لگانے پر زور دے گا۔

اجلاس میں جی 7 ممالک افغانستان سے متعلق مشترکہ لائحہ عمل پر غور کریں گے، خبر ایجنسی کے مطابق اجلاس میں برطانیہ طالبان پر پابندیاں عائد کرنے پر زور دے گا۔

برطانوی دفتر خارجہ کے مطابق برطانیہ، امریکا کو انخلا کی ڈیڈ لائن میں توسیع کے لیے بھی دباو ڈالے گا، توسیع سے لوگوں کو نکالنے کے لیے پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔

یورپی یونین کے کہنے پر افغان مہاجرین کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے: طیب اردوان

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے کہنے پرافغان مہاجرین کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، دوسرے ممالک اپنی ذمہ داریاں ترکی پر نہ ڈالیں۔

ترک صدر اردوان نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک نے ان افراد کے چھوٹے سے گروہ کے لیے اپنے دروازے کھولے ہیں جنہوں نے ان کے لیے کام کیا ہے۔ ترکی میں پہلے ہی 50 لاکھ مہاجرین موجود ہیں، مہاجرین کی ایک اور لہر کو کنٹرول نہیں کر سکیں گے۔

عالمی برادری کو افغان طالبان سے روابط رکھنے چاہئیں، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناہے کہ افغانستان کی بدلتی صورتحال میں  پاکستان کی خدمات کو دنیا بھرمیں تسلیم کیا جا رہا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہے ، تین ہزار سے زائد غیر ملکیوں کو پاکستان نے افغانستان سے نکالا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت غیر ذمہ دارانہ کردار ادا کررہا ہے، اسے منفی سوچ ترک کردینی چاہیے۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری کو افغان طالبان سے روابط رکھنے چاہئیں۔

قبل ازیں انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کل یورپی یونین کے خارجہ امورکے سربراہ سے گفتگو ہوئی جس میں انہیں کابل میں پاکستان کی معاونت سے آگاہ کیا، اس کے علاوہ تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور ایران جاؤں گا جب کہ چین کے ساتھ ہماری گفتگو ہوچکی ہے۔

وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ افغانستان کثیر نسلی ملک ہے، وہاں پشتون اوردیگر لوگ بھی ہیں، افغانستان میں جو حکومت سامنے آئے وہ وسیع البنیاد اور اجتماعیت کی حامل ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور خطے کے ہمسایہ ممالک افغانستان میں قیام امن چاہتے ہیں لیکن افغانستان میں امن مخالف قوتیں ’اسپوائلرز‘ آج بھی متحرک ہیں، ہندوستان کو اپنی محدود سوچ ترک کرنا ہوگی، ہمیں بھارت کے افغانستان سے اچھے تعلقات پر اعتراض نہيں، ہمارا افغانستان میں فوکس کسی ايک گروپ پر نہيں۔

یپل کی نایاب دستاویز کروڑوں میں فروخت!

ایپل کی نایاب دستاویز کروڑوں میں فروخت!
کمپنی نے کمپیوٹر ایپل دوئم کی نایاب دستاویز 13 کروڑ روپے میں فروخت کردی
196صفحات پر مشتمل کتاب (منوئل بک) ایپل دوئم کو چلانے کی ہدایات پر مشتمل ہے
کتاب پر ایپل کے بانی اسٹیو جابز اور مائیک مرکولا نے 1980 میں دستخط کیے تھے
رپورٹ کے مطابق اپنے دستخط میں اسٹیوجابز نے لکھا کہ ’جولیئن!
آپ کی پہلی نسل ہے جو کمپیوٹر کے ساتھ بڑی ہورہی ہے، جائیں اور دنیا کو بدل دیں

کرونا کی چوتھی لہر مزید 80 جانیں نگل گئی

کرونا کی چوتھی لہر مزید 80 جانیں نگل گئی
ایک روز میں 3772نئے کیسز رپورٹ
ملک میں مثبت کیسز کی شرح7فیصد رہی، این سی او سی
نامور فوک سنگر قربان علی نیازی بھی کرونا کے باعث دم توڑ گئے
لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 7.9ریکارڈ کی گئی
راولپنڈی میں 11.5،فیصل آباد میں 8.9مثبت شرح ریکارڈ کی گئی

نور مقدم قتل کیس، ظاہر جعفر کے والدین اور 2ملازمین کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 4ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6ستمبر تک توسیع کر دی گئیa

نور مقدم قتل کیس، ظاہر جعفر کے والدین اور 2ملازمین کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت
4ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6ستمبر تک توسیع کر دی گئیa

سندھ میں 30اگست سے100فیصد ویکسی نیشن والے سکول کھول دیں گے، سردار شاہ

سندھ میں 30اگست سے100فیصد ویکسی نیشن والے سکول کھول دیں گے، سردار شاہ
سکولز کا سٹاف جب تک ویکسی نیشن نہیںکرائے گا داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، سردار شاہ
50فیصد کی حاضری کے ساتھ سکولز کھلیں گے، وزیر تعلیم سندھ

ٹک ٹاک پرپابندی،ہائیکورٹ کا پی ٹی اے پر اظہارِبرہمی ٹک ٹاک سے بات چیت چل رہی ہے،جلد پابندی ختم کر نے کااعلان

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے ٹک ٹاک پر پابندی کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ کیا پی ٹی اے ملک کو 100 سال پیچھے لے جانا چاہتی ہے؟۔

پیر کو ٹاک ٹاک پر پابندی کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سوشل میڈیا ایپس پر پابندی باہر کی دنیا میں کیوں نہیں عائد کی گئی ہیں اورکیا وفاقی حکومت نے پابندی کا حکم دیا تھا۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ پالیسی کے حوالے سے میٹنگ ہوئی تھی مگر ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔عدالتی استفسار پر پی ٹی اے وکیل نے بتایا کہ ملک میں 99 فیصد لوگ پراکسی کے ذریعے ٹک ٹاک استعمال کررہے ہوتے ہیں۔ اس پرعدالت نے کہا تو پھر 1 فیصد کے لیے پابندی کیوں عائد کی گئی ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی اے دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتی ہے اور اگر آپ بند کرنا چاہتے ہیں تو سب کچھ بند کردیں۔پی ٹی اے کے وکیل نے عدالتی فیصلوں کو اپنی مجبوری بتایا توعدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اپنی کوتاہی کے لیے عدالتوں کو الزام مت دیں۔

ٹک ٹاک پرپابندی لگانےپرپی ٹی اےوکیل عدالت کومطمئن نہ کرسکے،ہائیکورٹ

عدالت نے قرار دیا کہ اگر ایسا چلتا رہا تو چیئرمین پی ٹی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کریں گے۔ اس پرپی ٹی اے کے وکیل نے بتایا کہ ٹک ٹاک سے بات چیت چل رہی ہے اور جلد ہی پابندی ختم کر دیں گے۔عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کردی۔ایم کیو ایم رہنما میاں عتیق کی مرکزی درخواست میں فریق بننے کی درخواست بھی منظور کر لی گئی۔

دو ہفتے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف کیس کے تحریری حکم نامے میں کہا تھا کہ سیکریٹری آئی ٹی رپورٹ دیں کیوں کہ چند صارفین  کی خلاف ورزی کی وجہ سے معروف ایپس پرپابندی کی حکومتی پالیسی کیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا  کہ  ٹک ٹاک پر پابندی کیوں لگائی گئی،اس سلسلے میں پی ٹی اے وکیل عدالت کو مطمئن نہ کرسکے۔عدالتی آرڈرز پڑھنے کے بعد واضح ہوا کہ ٹک ٹاک پر پابندی کا کسی عدالت نے حکم نہیں دیا۔

وزیراعظم نے رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ دے دیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ دےدیا۔

وزیراعظم عمران خان سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور سابق کرکٹر و کمنٹیٹر رمیز راجہ نے ملاقات کی جس میں بورڈ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کو آئندہ تین سال کے لیے توسیع نہ دینے کے فیصلے سے آگاہ کیا جب کہ رمیز راجہ کو بورڈ کا نیا چیئرمین بنانے کا عندیہ بھی دیا۔

ذرائع کاکہناہےکہ وزیراعظم عمران خان رمیز راجہ کا نام بطور ممبر بورڈ آف گورنرز کو بھجوائیں گے۔

امریکا سے افغانستان سے انخلا کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کریں گے: برطانیہ

برطانیہ کا کہنا ہےکہ امریکی صدر سے افغانستان سے انخلا کی حتمی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی وزرا کا کہنا ہےکہ منگل کے روز ہونے والے جی سیون اجلاس کے موقع پر وزیراعظم بورس جانسن امریکی صدر جوبائیڈن سے افغانستان سے انخلا کی حتمی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کریں گے۔

برطانوی وزیر برائے مسلح افواج جیمس ہیپی اور جیمس کلیورلی نے کہا کہ برطانیہ امریکا پر زور دے گا کہ وہ افغانستان سے انخلا کے لیے مقرر 31 اگست کی تاریخ کو آگے بڑھائے جس سے لوگوں کی بڑی تعداد کو طالبان سے بچ نکلنے میں مدد ملے گی۔

وزیر برائے مسلح افواج کا کہنا تھا کہ برطانیہ آنے کے اہل تقریباً 4 ہزار افراد اب بھی افغانستان میں موجود ہیں اور اگر ممکن ہوا تو برطانوی حکومت مزید ہزاروں افراد کا انخلا کرسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اصل چیز یہ ہےکہ ہمارے خیال میں ہم سب کو گزشتہ ہفتے سے سیکھنا چاہیے اور ہم ہمیشہ جو ٹائم لائنز بناتے ہیں وہ مکمل طور پر ہمارے کنٹرول میں نہیں ہوتیں، اب ہمیں مزید وقت درکار ہے، ہم مزید لوگوں کا انخلا کرسکتے ہیں جس کے لیے ہم دباؤ ڈال رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بظاہر نظر آیا کہ طالبان تعاون کررہے ہیں لیکن برطانوی طالبان پر انحصار نہیں کرسکتے، اس لیے ہم ترجیحی بنیادوں پر جتنی جلدی ممکن لوگوں کا تیزی سے انخلا کررہے ہیں، اگر اس میں ہمیں مزید وقت ملتا ہے تو یہ بہت اچھا ہوگا۔

واضح رہےکہ برطانوی وزیراعظم جی سیون ممالک کے ورچوئل اجلاس کی میزبانی کریں گے جس میں برطانوی حکومت کی جانب سے طالبان پر مزید پابندیاں عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

جج کا قتل دہشتگردی قرار، عدالت نے سزائے موت کیخلاف اپیل مسترد کر دی

لاہور ہائیکورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کے قتل کو دہشتگردی قرار  دیتے ہوئے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ایڈیشنل سیشن جج کے قتل سے متعلق کیس کا 26 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے ایڈیشنل سیشن جج کے قاتل فیض کی سزائے موت کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جج کا عہدہ بھی عوامی خدمت گزار کی تعریف میں آتا ہے۔

عدالت نے شریک مجرم رشید اور امیر بھٹی کی موت کی سزائیں عمر قید میں تبدیل کر دیں۔

جسٹس علی ضیاء باجوہ نے فیصلے میں لکھا کہ ملزمان کی شناخت پریڈ کسی بھی کیس میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، پولیس نے ملزموں کی شناخت پریڈ بغیر قانونی سقم اور رولز کے مطابق کروائی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مقتول جج کے قریبی رشتہ داروں کی گواہی کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا، پراسیکیوشن نے کیس میں شواہد اور حالات کی کڑیاں بہترین طریقے سے جوڑیں، مجرموں کے عدالت میں جرم تسلیم کرنے کے بیان نے بھی کیس ثابت کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

خیال رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج طاہر خان نیازی کو اگست 2015 میں ان کے گھر میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ صادق آباد پولیس نے مقتول جج طاہر خان نیازی کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 2016 میں مجرم فیض، امیر بھٹی اور رشید کو 2، 2 بار موت کی سزائیں سنائی تھی جس کے خلاف انہوں نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

منی ہائسٹ کی ‘ٹوکیو’ بالی وڈ میں کام کرنے کی خواہاں

معروف ہسپانوی شو منی ہائسٹ کی ٹوکیو (ارسولا کوربیرو) نے بھارتی فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

چار سیزن پر مشتمل منی ہائسٹ کا 5 واں اور آخری سیزن اگلے ماہ ستمبر میں مداحوں کیلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا۔

ریلیز سے قبل ہسپانوی اداکارہ ارسولا کوربیرو نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے منی ہائسٹ کی دنیا بھر میں مقبولیت پر حیرانی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بالی وڈ مایہ ناز انڈسٹری ہے اور میں اب تک کافی بھارتی فلمیں دیکھ چکی ہوں لیکن ان کے نام بھول جاتی ہوں، مجھے صرف ایک فلم کا نام یاد ہے جس کی میں بہت بڑی مداح بھی ہوں اور وہ ہے ‘سلم ڈاگ ملینئر’۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر میرے پاس وقت ہوا تو میں ہندی زبان سیکھ کر بالی وڈ کی فلموں میں کام کرنا پسند کروں گی، میں اپنی اداکاری کو مخصوص نہیں کرنا چاہتی، مجھے چیلنجز پسند ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب میں نے امریکا میں اپنی پہلی فلم کی تھی تب میری انگریزی اچھی نہیں تھی لیکن محنت کی اور اس میں اداکاری بھی کی۔

ماں بیٹی سے زیادتی کا واقعہ، رکشہ ڈرائیور کی شناخت ، ایک ملزم گرفتار

لاہور : چوہنگ میں ماں بیٹی سے زیادتی کے واقعے میں ملوث رکشہ ڈرائیورکی شناخت ہوگئی جبکہ اس کے ساتھی عمر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ رکشہ ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہے.

تفصیلات کے مطابق چوہنگ میں ماں بیٹی سےزیادتی کے واقعےمیں ملوث دوسرےملزم رکشہ ڈرائیورکی شناخت ہوگئی ، رکشہ ڈرائیورکی شناخت منصب کےنام سےہوئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کاتعلق پاکپتن اور ساہیوال سے ہے۔

پولیس نے چوہنگ کےعلاقےمیں ماں بیٹی سے رکشہ ڈرائیور اور ساتھی کی زیادتی کے واقعے میں ملوث ایک ملزم عمر کو گرفتار کر لیا ہے ، گرفتارملزم عمر کو کل عدالت میں پیش کیاجائےگا، جہاں ملزم کوشناخت پریڈکیلئےجیل بھجوانےکی استدعاکی جائے گی۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ دوسرےملزم کی گرفتاری کیلئےٹیمزمتعددعلاقوں میں چھاپےمار رہی ہے، مقدمےمیں گینگ ریپ،دہشتگردی سمیت دیگرسنگین دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

انعام غنی نے بتایا کہ گذشتہ شب 15پراطلاع ملتےہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچیں اور فوری کارروائی عمل میں لائی ، فارنزک ٹیم نےشواہداکٹھے کرلیے ہیں جبکہ متاثرہ خواتین کا میڈیکل بھی کروالیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا ملوث ملزمان کوسزا دلوانےمیں پولیس کوئی کسر نہیں اٹھا رکھےگی،آئی جی پنجاب

دوسری جانب چائلڈپروٹیکشن بیورو نے چوہنگ میں وہاڑی کی رہائشی ماں بیٹی سےمبینہ زیادتی کانوٹس لے لیا ہے، چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ ماں اور 15سالہ بیٹی سےمبینہ زیادتی افسوسناک ہے، چائلڈ پروٹیکشن ٹیم متاثرہ فیملی سے رابطہ کرے گی اور پولیس کی جانب سےتمام ملزمان کوجلدگرفتارکرلیاجائےگا۔

بھارت افغان سر زمین پاکستان کیخلاف استعمال سے باز رہے : گلبدین حکمت یار

کابل، اسلام آباد (صباح نیوز) افغانستان کے سابق وزیراعظم اورحزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار کا کہنا ہے کہ  افغانستان میں امن کے لیے بھارت مثبت کردار ادا کرے، بھارت کو افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے بیانات جاری کرنےکے بجائے اپنے اندرونی مسائل پر توجہ دینی چاہیے ۔

ریڈیوپاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے گلبدین حکمت یار نے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت کی تشکیل کے لیے افغان دھڑوں کے درمیان باضابطہ مذاکرات آئندہ چند روز میں شروع ہوں گے۔

گلبدین حکمت یار کا کہنا تھاکہ کوشش کریں گےکہ افغان دشمن قوتیں امن عمل کو متاثر نہ کریں، افغانستان درست سمت میں گامزن ہے، یہاں ایسی حکومت ہونی چاہیےجو عالمی برادری کوبھی قبول ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ امن دشمن افغانستان میں ایک مستحکم اور مضبوط مرکزی حکومت نہیں چاہتے، بعض غیرملکی خفیہ ادارے افغان عوام کو بغاوت پر اکسا رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سربراہ حزب اسلامی نےکہا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کی جدوجہد کا بدلہ لینے کے لیے افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے باز رہنا چاہیے اور بھارت کو افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے بیانات جاری کرنے کے بجائے اپنے اندرونی مسائل پر توجہ دینی چاہیے ۔