کورونا کی روک تھام کے لئے شہریو ں کا تعاون ضروری ہے،عثمان بزدار

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کورونا کی روک تھام کے لئے شہریو ں کا تعاون ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور سمیت صوبے بھر میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم  دیتے ہوئے کہا ہے کہ مانیٹرنگ ٹیمیں بازاروں ، مارکیٹوں او ردیگر مقامات کی تسلسل کے ساتھ چیکنگ کریں، حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی، شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ہر ضروری اقدام پہلے بھی اٹھائیں ہیں  اور آئندہ بھی اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کے باعث کورونا کیسز میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، بے ا حتیاطی کے باعث ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔

آزاد کشمیراسمبلی میں 5 خواتین مخصوص نشستوں پر بلامقابلہ منتخب

مظفر آباد: خواتین کی مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کی 3 اور پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ایک ایک سیٹ حاصل کرلی۔ 

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی پانچ مخصوص نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئیں، تحریک انصاف  اسمبلی میں خواتین کی 3 مخصوص نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی، جب کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے بھی خواتین کی ایک ایک  نشست حاصل کر لی ہے۔ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والی5امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔

خواتین کی پانچ مخصوص نشستوں پر دس امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے تھے۔ پانچ خواتین امیدوار نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے تھے ۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی امتیاز نسیم، صبیحہ صدیق، تقدیس گیلانی، پیپلزپارٹی کی نبیلہ ایوب اور مسلم لیگ ن کی نثاراں عباسی کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔

آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی نشستوں کی کل تعداد 29 ہو گئی ہے،  پیپلزپارٹی  12 نشستوں کے ساتھ دوسرے جب کہ مسلم لیگ ن 7 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ جے کے پی پی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے  چوہدری یاسین نے دو نشستوں سے کامیابی حاصل کی ہے، اور انہیں ایک نشست چھوڑنا پڑے گی جس پر ضمنی انتخاب ہوگا، اس طرح خواتین کی ایک اضافی سیٹ حاصل کرنے کے باوجود پیپلزپارٹی کے پاس مجموعی پر 11 نشستیں ہی رہیں گی۔

ویسٹ انڈیز میں بارش، تیسرا ٹی ٹوئنٹی بھی بغیر نتیجہ ختم

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان جاری 4 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا اور کوئی بھی ٹیم اپنی اننگز مکمل نہ کرپائی، جس کے بعد امپائرز میچ بغیر نتیجے کے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

پروویڈینس میں بارش کے باعث میچ روکنے کے بعد امپائرز گراؤنڈ کا معائنہ کرتے رہے اور اس دوران پچ پر مسلسل کور چڑھا رہا تاہم جب وقت طویل ہوا تو میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

میچ کے خاتمے کے اعلان سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرن پولارڈ نے بھی امپائرز سے مختصر گفتگو کی۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرن پولارڈ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور جب بغیر کسی نقصان کے 15 رنز بنا لیے تھے تو بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تھا۔

آندرے فلیچر نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے محمد حفیظ کو میچ کی دوسری گیند پر ہی چھکا رسید کیا۔

ویسٹ انڈیز نے دوسرے اوور کی دوسری گیند پر بغیر کسی کے نقصان کے 15 رنز بنالیے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔

آندرے فلیچر دو چھکوں کی مدد سے 6 گیندوں پر 14 اور کرس گیل ایک رن بنا کر کھیل رہے تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا اور آخری میچ 3 اگست کو اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد 12 اگست کو دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز شروع ہوگی۔

قبل ازیں دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا اور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔

پاکستان نے دوسرےمیچ میں 7 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی اور 3 اگست کو شیڈول میچ سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

پاکستان نے تیسرے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتےہوئے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حارث رؤف اور ویسٹ انڈیز نے آندرے رسل کو موقع دیا تھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ویسٹ انڈیز: کیرن پولارڈ(کپتان)، آندرے فلیچر، کرس گیل، شیمرون ہٹمائر، نکولس پوران، آندرے رسل، جیسن ہولڈر، ڈیوین براوو، ہیڈن واش، عقیل حسین روماریو شیفرڈ

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان، شرجیل خان، فخر زمان، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شاداب خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، عثمان قادر، حارث رؤف

مشرف نے مجھے وزیراعظم بننے کی پیشکش کی تھی، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے پارٹی عہدے سے استعفے کی خبروں کی سختی سے تردیدکردی۔

 شہباز شریف کا کہنا تھاکہ میرے استعفے کی خبرجعلی ہے، منظر سے غائب نہیں ہوں۔

ن لیگ ہمارا گھرہے جسے بڑی محنت سے نوازشریف نے بنایا، نوازشریف میرے قائد ہیں اور ہر معاملے میں ان سے رہنمائی اورمشاورت لیتا ہوں، مشاورت سے فیصلے ہوتے ہیں، مشاورت میں ہرشخص کواپنی رائے دینے کا حق ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارگل کے معاملے پر نوازشریف کومشورہ دیا تھا کہ مشرف کو امریکی صدر سے ملاقات میں ساتھ لےجائیں، نوازشریف امریکی صدرسے ملاقات میں مشرف کوساتھ لے جانے کیلئے مان گئے تھے لیکن ہمارے ایک دوست نے مخالفت کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ہم سیاستدان آلہ کار بنے ہیں، ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچی ہیں، اس حمام میں ہم سب ننگے ہیں، ہمارے ملک میں سیاستدان بھی استعمال ہوئے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے مجھے وزیراعظم بننے کی پیشکش کی تھی، انہوں نے خود ٹی وی انٹرویو میں بھی بتایا تھا، انہوں نے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا تھا جس پر میں نے تصحیح کی کہ ڈپٹی وزیراعظم نہیں بلکہ وزیراعظم کی پیشکش کی تھی۔

2018 الیکشن سے متعلق سوال پر شہباز شریف کا کہنا تھاکہ اگر 2018 کے انتخابات سے قبل مشاورت کے بعد صحیح حکمت عملی بناتے تو نوازشریف چوتھی مرتبہ ملک کے وزیراعظم بن جاتے۔

 میری رائے کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، کوئی بھی ہو ہمیں ملک کیلئے ذاتی انا کو ختم کرنا چاہیے،  تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، کسی ایک ادارے یا فرد کا قصور نہیں، اگر ماضی میں پھنسے رہیں گے تو آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی ذاتی انا کو ختم کریں، لوگوں کے دکھوں کا مداوا کریں اور ملک کے حالات تبدیل کریں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہناتھاکہ جتنی سپورٹ عمران خان کو ملی ہے شاید کسی اور حکومت کو نہیں ملی ہوگی، اگر کسی اور کو اس سپورٹ کا 30 واں حصہ بھی ملا ہوتا تو اس ملک کے حالات کچھ اور ہوتے، عمران خان کو اتنی سپورٹ ملنے کے باجود بھی حالات اتنے خراب ہو چکے ہیں کہ خوف آتا ہے۔

کراچی میں 11 ویکسی نیشن سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے شہر میں 11 ویکسی نیشن سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت سندھ نے کورونا ویکسی نیشن سینٹرز پر عوام کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ویکسی نیشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے شہر کے 11 کورونا ویکسی نیشن سینٹرز کو 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں کورونا ویکسی نیشن کے لیے قائم سینٹرز میں سے 11 سینٹرز کو ماس ویکسی نیشن سینٹرز بنانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ 11 ویکسی نیشن سینٹر پورا ہفتہ 24 گھنٹے عوام کی ویکسی نیشن کریں گے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق یہ فیصلہ ویکسی نیشن کے لیے آنے والے عوام کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے، 11 ماس ویکسی نیشن سینٹرز میں ڈاو اوجھا کیمپس، خالق دینا ہال، جے پی ایم سی، لیاری جنرل اسپتال، چلڈرن اسپتال، سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی، سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد، سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال، سندھ گورنمنٹ اسپتال مراد میمن گوٹھ، سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی نمبر 5 اور سندھ گورنمنٹ اسپتال سعود آباد شامل ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ان مراکز پر ویکسی نیشن کی سہولت ہفتہ بھر میسر رہے گی جبکہ مراکز میں حفاظتی ایس او پیز کا بھی خیال رکھا جائے گا۔

محرم الحرام کے حوالے سے 14 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری

اسلام آباد: پاکستان علما کونسل نے محرم الحرام کے حوالے سے  14 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔

 پاکستان علما کونسل کی جانب سے جاری 14 نکاتی ضابطہ اخلاق میں فرقہ وارانہ منافرت اور ریاست مخالف مسلح بغاوت کو قومی جرم قرار دیا گیا ہے۔

علما کی جانب سے جاری کیے جانے ولاے مشترکہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ انبیاءکرامؑ، اہل بیتؓ اور اصحابؓ کا تقدس شرعی فریضہ ہے، جس کا ہر شخص کو ملحوظ رکھنا ہے۔

ضابطہ اخلاق میں اتحاد امت اور ریاستی قوانین کے نفاذ پر عمل درآمد پر زور دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ  کومت پاکستان نے محرم الحرام میں امن و امان اور مذہبی رواداری کو برقراررکھنے کے لیے اسلام آباد اور لاہور میں رابطہ دفاتر قائم کیے ہیں۔

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی نے امید ظاہر کی کہ محرم الحرام کا مہینہ امن و امان سے گزرے گا۔

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی چیزوں پر بھروسہ نہ کریں کیونکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر آنے والی ہر چیز درست نہیں ہوتی، فرقہ واریت اور انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ شام اور عراق کو فرقہ وارنہ طور پر تباہ کیا گیا، فرقہ واریت کی روک تھام کے لیے حکومت نے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا اور تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا، محرم الحرام کے حوالے سے تمام مسالک کے علما سے ملاقات اور بات چیت ہوئی ہے، سب نے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں پیغام پاکستان کے ضابطہ اخلاق  پر مکمل عمل درآمد کیا جائےگا، وزیراعظم کا ویژن واضح ہے کہ آئین و قانون میں دیئےگئے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پیغام پاکستان کا ایک مقصد یہ ہے کہ اپنا مسلک چھوڑو نہیں دوسروں کا مسلک چھیڑو نہیں۔

سعودی عرب نے آج سے غیر ملکی سیاحوں کے لیے پروازیں کھول دیں

سعودی عرب نے آج سے غیر ملکی سیاحوں کے لیے پروازیں کھول دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تقریباً ڈیڑھ برس کے بعد سیاحوں کی آمد سے عائد پابندی اٹھالی گئیں اور سیاح  سعودی حکومت کی جانب سے منطور کی گئی ویکسین کے بعد ہی داخل ہوسکیں گے۔

ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے منطور کی گئی ویکسین  فہرست میں فائزر، آسٹرا زینیکا، موڈرینا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں ، سیاحوں کا سعودی عرب میں داخل ہونے کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا بھی لازمی ہے۔

واضح رہے کہ عمرہ  کی ادائیگی کے لیے لگائی گئی  پابندیاں برقرار رہیں گی۔

لاک ڈاؤن کر کے معیشت کو تباہ نہیں کرنا: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں کسی صورت لاک ڈاؤن کر کے اپنی معیشت کو تباہ نہیں کرنا۔

عوام کے ٹیلی فونک سوالات کے براہ راست جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر آئی ہوئی ہے، ڈیلٹا ویرینٹ سب سے زیادہ خطرناک ہے، احتیاط کریں، بند جگہوں پر جہاں لوگ زیادہ ہیں وہاں ماسک پہنیں اور ویکسین لگوائیں۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے بغیر سوچے سمجھے لاک ڈاؤن لگایا، بھارتی حکومت نے صرف پیسے والے طبقے کے بارے میں سوچا غریبوں کے بارے میں نہیں سوچا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی صورت لاک ڈاؤن کر کے اپنی معیشت کو تباہ نہیں کرنا، لاک ڈاؤن سے مزدور طبقہ شدید متاثر ہوتا ہے، جہاں کورونا کی شرح زیادہ ہے وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائیں، اسمارٹ لاک ڈاؤن بہترین فیصلہ ہے، سندھ حکومت کے لیے پیغام ہے کہ اگر لاک ڈاؤن کریں گے تو لوگ بھوکے مریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سوائے پاکستان کے ساری دنیا میں رمضان میں مساجد بند ہوئیں، بھرپور تعاون کرنے پر علما کا شکر گزار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت مشکل مرحلے سے نکل چکی ہے، آج ہماری اور بھارت کی معیشت کو دیکھ لیں۔

کورونا کے وار جاری، مزید 62 افراد جاں بحق، مثبت کیسز کی شرح 8.2 فیصد ریکارڈ

ملک میں کورونا کے وار جاری ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 62 افراد انتقال کر گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 8اعشاریہ آٹھ دو فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا سے محفوظ رہنا ہے تو ایس او پیز پر عمل کریں۔

کورونا سے ایک بار پھر صورتحال بگڑ گئی، ملک میں کیسز اور اموات میں اضافہ ہو گیا، مزید 62 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ مجموعی اموات کی تعداد 23 ہزار 422 تک پہنچ گئی۔ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8اعشاریہ آٹھ دو فیصد ریکارڈ کی گئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مزید 5ہزار 26نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد 10لاکھ 34ہزار 837ہو گئی۔کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 69 ہزار 756 ہے، 24 گھنٹےمیں کوروناکے 1495 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

تازہ اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں 3 لاکھ 56 ہزار 920، سندھ میں 3 لاکھ 82 ہزار 865 کیسز، خیبرپختونخواایک لاکھ 44 ہزار 264 اور بلوچستان میں 30 ہزار 432 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد 87 ہزار 699، گلگت بلتستان میں 8 ہزار 156 کیسز، اور آزادکشمیرمیں کورونا مریضوں کی تعداد 24 ہزار 501 ہو گئی ہے۔

’تحریک انصاف اب سندھ کی عوام تک پیغام پہنچانے کی حکمت عملی بنا رہی ہے‘

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا، پنجاب اور  مرکز کے بعد گلگت بلتستان اور  آزاد کشمیر  تک پھیل چکی ہے۔

 ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بعد اب سندھ میں عوام تک اپنا پیغام مؤثر انداز میں پہنچانے کی حکمت عملی بنا رہی ہے۔

 خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر  داخلہ شیخ رشید بھی دعویٰ کر چکے ہیں کہ مستقبل میں سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی۔

جنوبی افریقی کھلاڑی ہرشل گبز کشمیر پریمیر لیگ کے خلاف بھارتی سازشوں پر پھٹ پڑے۔

ساؤتھ افریقی کرکٹر ہرشل گبز نے کشمیر پریمیئر لیگ کے خلاف بھارتی سازشیں بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی بورڈ نے دباؤ ڈال کر مجھے کشمیر پریمیر لیگ میں شرکت سے روکنے کی کوشش کی تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کا دباؤ اور کھیل میں سیاسی ایجنڈا لانا غیر ضروری ہے۔

ہرشل گبز نے کہا کہ مجھے دھمکی دی گئی ہے کہ اگر کشمیر پریمیر لیگ میں شرکت کی تو آئندہ بھارت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، اس کے علاوہ مجھے کرکٹ سے متعلق کام سے بھی روکنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔