گزشہ روز 5 بجے سے بیشتر علاقوں میں غیر اعلانی بجلی لوڈ شیڈنگ صفر ہے، حماد اظہر

وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز شام 5 بجے سے بیشتر علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ زیرو ہے۔

اپنی ٹوئٹ حماد اظہر کا کہنا تھاکہ ڈرائی ڈاکنگ کے چوتھے روز ایل این جی ٹرمینل سے 80فیصد گیس بحال کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز شام 5 بجے سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ صفر ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا ہے اور متعدد شہروں اور دیہاتوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

پی ٹی آئی حکومت تین برس گزرنے کے بعد ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکی، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جھوٹے الزام لگاتی رہی اور آج تین برس گزرنے کے بعد ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان سب سے قابل اعتماد دوست ملک چین کو بھی اپنی نفرت اور حسد کی آگ میں جھونکنے سے نہیں کترائی۔

احسن اقبال نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید یہ بھی لکھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو جھوٹ، بہتان اور الزام کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔

شام میں بشارالاسد کی فوج کا فضائی حملہ ، 8 شہری جاں بحق

شام میں بشارالاسد کی فوج کے فضائی حملے میں 8 شہری جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے بھی شامل ہیں جب کہ 16 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شام میں داعش کے آخری ٹھکانے ادلب میں جنگجوؤں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ، بشارالاسد کی فضائیہ نے جبل الزاویہ کے جنوبی علاقے میں شدید بمباری کی جس سے کئی مکان تباہ ہوگئے۔

ایک مکان میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ دیگر 3 افراد نے اسپتال میں دم توڑ دیا ، گھروں کے تباہ ہونے کے بعد  مکینوں کو رات کھلے آسمان تلے گزارنی پڑی اور  علاقے میں وقفے وقفے سے دھماکوں کی آواز سنی جا رہی ہیں۔

آصف زرداری جعلی اکاؤنٹس کیس میں 33 ارب روپے وصول ہو چکے: فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق جعلی اکاؤنٹس کیس میں اب تک 33 ارب روپے وصول ہو چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ‏آصف زرداری جعلی اکاؤنٹس کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) اب تک 33 ارب روپے وصول کر چکا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وصول کی گئی رقم تقریباً 20کروڑ ڈالر بنتی ہے، لیکن اصل مقدمہ 5000 ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا وصولی سے اندازہ لگالیں کہ ملک میں کرپشن کی کیا سطح رہی ہے اور حکمرانوں نے سندھ اور پاکستان کو کیسے لوٹا ہے۔

سی پیک گوادر پورٹ وزیراعظم کی ترجیح ہے، عاصم سلیم باجوہ

عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک گوادر پورٹ وزیراعظم کی ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق  سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پلاننگ ٹیم نے ساؤتھ بلوچستان کا پیکج بنایا ہے، وزیراعظم پیر کو گوادر کا دورہ کریں گے۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارڈر پر ساڑھے 6 سوکلومیٹرکےقریب باڑ لگ چکی ہے، ہوشاب روڈ کی تعمیر جاری ہے۔

عاصم سلیم باجوہ نے مزید کہا ہے کہ گوادر پورٹ کے دوسرے فیزکو وزیراعظم دیکھیں گے، سی پیک سڑکیں ہماری ترجیح ہے۔

ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو بھی نوٹس جاری کردیا

 اسلام آباد: ایف آئی اے نے تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

  ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کے بعد تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے، جس میں متعلقہ ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نوٹس میں علی ترین سے بھی بینک اکاؤنٹس اور سرمایہ کاری کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، اور کاروبار کے لیے بینکوں یا فیملی ممبران سے جتنی رقم لی اس کا بھی ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے، جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت تک ریکارڈ فراہم نہ کرنے پرعلی ترین کے اکاؤنٹس اور پراپرٹی کو بھی منجمد کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے کی پانچ رکنی ٹیم نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف سے بھی تحقیقات کی اور ان سے رمضان اور العریبیہ شوگر ملز سے متعلق سوالات کیے،  حمزہ شہباز شریف پر ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک رقم منتقل کرنے کا بھی الزام ہے۔ ایف آئی اے نے پیشی سے قبل حمزہ شہباز کو سوال نامہ بھجواتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی تھی۔

پاکستان کی فوجی قیادت امریکا سے اچھے تعلقات کی حامی

اسلام آباد: فوجی اور انٹیلی جنس قیادت نے حکومت کے حالیہ بیانات سے بھی بڑھ کر امریکا کے ساتھ تعلقات کے مستقبل کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں متنازع طریقہ اختیار کیا۔

 اجلاس میں شرکت کرنے والے چند پارلیمانی رہنماؤں نے ڈان کو اجلاس کے احوال کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ فوجی اور انٹیلی جنس قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ جہاں چین کے ساتھ تعلقات مضبوط ہیں اور اسے قربان نہیں کیا جاسکتا، وہیں امریکا کے ساتھ بھی اچھے تعلقات کو برقرار رکھنا ہوگا۔

یہ اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا تھا اور رات دیر تک جاری رہا تھا۔

اجلاس میں ہونے والی بات چیت علاقائی ماحول، ملک کو درپیش اسٹریٹیجک چیلنجز اور داخلی و سلامتی کی صورتحال پر مرکوز تھی۔

انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ان امور پر اجلاس میں ایک پریزنٹیشن دی۔

اراکین پارلیمنٹ، پاکستان کے امریکا سے تعلقات کے بارے میں فوجی نظریات کے بارے میں جاننے میں دلچسپی رکھتے تھے جو افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا اور امریکا اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع کی وجہ سے کشمکش کا شکار ہیں۔

کمیٹی کو ممکنہ منظر ناموں کی ایک حد پیش کی گئی اور بتایا گیا کہ دانشمندانہ انتخاب کرنا پڑے گا جو ملک کے مفاد میں بہترین ہو۔

امریکا کے بڑھتے ہوئے اسٹریٹیجک تعاون، افغانستان میں خطے کو غیر مستحکم رکھنے کے لیے پیچھے چھوڑی گئی افراتفری اور واشنگٹن کی چین کی قابلیت کی پالیسی کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا گیا۔

تاہم اسی کے ساتھ امریکا کے ساتھ کاروباری تعلقات کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اپوزیشن کے ایک رکن نے بتایا کہ فوجی اور انٹیلی جنس قیادت، وزیر اعظم عمران خان کے امریکا کے بارے میں حالیہ بیانات میں سخت موقف سے کہیں زیادہ حقیقت پسندانہ نظر آئی۔

ایک اور سینیئر پارلیمانی رہنما نے کہا کہ اگرچہ جغرافیائی سیاسی پیشرفت کی وجہ سے خارجہ پالیسی میں تبدیلی کے واضح اشارے ملے ہیں، تاہم یہ بھی عیاں ہے کہ ’چین کا جانبدار‘ سمجھے جانے کی بھی خواہش نہیں ہے۔

ارکان پارلیمنٹ کو اجلاس سے یہ محسوس ہوا کہ جہاں پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی آئندہ کی کارروائیوں کے لیے سی آئی اے کے ڈرون اڈوں کی میزبانی کرنے سے انکار کر دیا ہے، وہیں سلامتی پر تعاون کے مستقبل پر بات چیت جاری ہے اور پیشرفت کا امکان ہے۔

ایئر اینڈ گراؤنڈ لائن آف کمیونیکیشن کے بارے میں، جسے امریکا، افغانستان میں اپنی فوجوں کی مدد کے لیے استعمال کرتا ہے، کہا جاتا تھا کہ ان پر حکومت 2015 کے مفاہمتی یادداشت کے ذریعے عمل کرتی ہے جس کی سالانہ تجدید ہوتی ہے۔

کہا جاتا تھا کہ اس معاہدے میں غیر مہلک مواد کی نقل و حمل کا کہنا گیا تھا تاہم امریکا نے کم از کم دو مواقع پر اس کی خلاف ورزی کی ہے۔

کینیڈا: گھر میں آتشزدگی سے بچوں سمیت 7 پاکستانی جاں بحق

کینیڈا کے صوبے البرٹا کے ایک گھر میں آتشزدگی سے 4 بچوں اور خواتین سمیت 7 پاکستانی جاں بحق ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق البرٹا کے شہر چیسٹر میئر جمعے کی صبح ہونے والی آتشزدگی میں کراچی سے تعلق رکھنے والی دو فیملیز کے 7 افراد جاں بحق ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے دو کی شناخت امجد کمال اور رافعہ راشد کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دیگر افراد میں ایک خاتون اور 4 بچے شامل ہیں، واقعے میں 4 بچوں سمیت 5 افراد محفوظ بھی رہے۔

کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں محفوظ رہنے والوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہے۔

کینیڈا: گھر میں آتشزدگی سے بچوں سمیت 7 پاکستانی جاں بحق

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کینیڈا میں 7 پاکستانیوں کی المناک ہلاکت پر افسوس کا اظہار  کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واقعے میں کوئی مجرمانہ ہاتھ ملوث نہیں۔

زاہد حفیظ چودہدری کا کہنا ہے کہ ہماری دعائیں، ہمدردیاں المناک واقعے کے شکار افرادکے اہلخانہ کےساتھ ہیں، حقائق جاننے کے لیے ہمارا قونصل خانہ متعلقہ کینیڈین حکام سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈین حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا علم تاحال نہیں ہوسکا ہے۔

بھارتی حربے: پاک بھارت آبی مذاکرات تعطل کا شکار

لاہور: سندھ طاس معاہدے کے باوجود پاک بھارت بات چیت تعطل کا شکار ہے۔

پاکستانی انڈس حکام کا کہنا ہےکہ بھارتی آبی ماہرین نے تین ماہ گزرنے کے باوجود پاکستان کا دورہ نہیں کیا، پاکستان نے بھارت کو دورے کے لیے تین مراسلے بھی بھجوائے۔

حکام کے مطابق سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارتی وفد نے لازمی پاکستان کا دورہ کرنا تھا اور بھارت میں ہونے والے اجلاس میں بھارتی وفد کے دورے سے متعلق فیصلہ ہوا تھا جس میں پاکستان نے بھارتی انڈس واٹر کمیشن کو مختلف سائٹ کی انسپکشن کرانی تھی۔

انڈس حکام کا کہنا ہےکہ پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات پر بھارت نے جواب دینا تھا اس لیے بھارت جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کرتا ہے اور بھارت کی طرف سے ابھی دورے کا نہیں بتایا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ سندھ طاس معاہدے کے تحت نیا سال یکم اپریل سے شروع ہوتا ہے اسی رو سے بھارتی وفد نے یکم اپریل کو دورہ کرنا تھا۔

حکومت کا ملکی سطح پر “کامیاب پاکستان” پروگرام فوری شروع کرنے کااعلان

اسلام آباد : حکومت نے ملکی سطح پر “کامیاب پاکستان” پروگرام فوری شروع کرنے کا اعلان کردیا ، پروگرام رواں ماہ لانچ کردیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملکی سطح پر “کامیاب پاکستان” پروگرام فوری شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت کامیاب پاکستان پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا ، جس میں معاون خصوصی عثمان ڈار، قومی بینک کے سربراہ اور اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں کامیاب پاکستان پروگرام رواں ماہ لانچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، ہاؤسنگ منصوبے، اسکل ڈیولپمنٹ اور آسان قرضوں کوکامیاب پاکستان کے بینر تلے لایا جائے گا جبکہ ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات کو بھی کامیاب پاکستان پروگرام کاحصہ بنایا جائےگا۔.

اس پروگرام کیلئے حکومت نےاربوں کا بجٹ مختص کر دیا، 5 لاکھ تک بغیر سود قرضہ دیا جائےگا ، وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا نچلے طبقےکے40لاکھ خاندان کوکامیاب پاکستان پروگرام میں شامل کریں گے اور کسانوں کوبلاسود قرض اور کاروبار کیلئے مالی مدد دیں گے جبکہ صوبوں کےعوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس میں شامل کیا جائےگا۔

اس موقع پر معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کامیاب پاکستان حکومت کافلاحی ایجنڈے پرمشتمل سب سےبڑاپروگرام ہو گا، حکومت ہر خاندان میں سے ایک فردکوتیکنیکی تعلیم دے گی، منصوبے کے ذریعےعوام کو کم قیمت ہاؤسنگ اسکیم میں شامل کیا جائےگا۔3

عثمان ڈار نے کہا کہ مائیکروفنانسنگ کےذریعے نچلے طبقے کی مدد کاطریقہ کاربھی طےہوگا، وزیراعظم نےملک گیر سطح پرعوامی فلاح کےاقدامات کی ہدایت کی ہے،نوجوانوں اورکسانوں سمیت ہر پاکستانی منصوبے سےبراہ راست فائدہ اٹھاسکےگا، وزیر خزانہ سےمشاورت مکمل کر لی ہے، پروگرام چند دنوں میں لانچ کردیاجائےگا۔

حکومت پر ’رشوت‘ کیلئے ایل این جی کے معاہدوں میں تاخیر برتنے کا الزام

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بدعنوانی کا ایک سیلاب لانے کے لیے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی مصنوعی قلت پیدا کررہی ہے۔

 شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایل این جی کی درآمد میں تاخیر سے ٹینڈرنگ کی وجہ سے لوگوں کو یومیہ 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرنس آئل کی درآمد پر ہر جہاز پر ایک ارب روپے کی کرپشن وصول کی جارہی ہے۔

سابق وزیر اعظم نے دعوی کیا کہ ’میں جانتا ہوں کہ یہ رقم کس کو حاصل ہوتی ہے اور کہاں پہنچتی ہے‘۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت فرنس آئل کی درآمد پر 20 فیصد زیادہ قیمت ادا کرے گی۔

مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال اور ڈاکٹر مصدق ملک کے ہمراہ سابق وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف متعلقہ حکام کی نااہلی تھی بلکہ اس میں بدعنوانی کا عنصر بھی موجود تھا۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ان پر الزام لگایا جارہا ہے کہ انہوں نے مہنگے ایل این جی معاہدوں پر دستخط کیے، اگر معاہدے نہیں کیے جاتے تودن میں 17 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہوتی۔

انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا جس کے مطابق ایل این جی پر مبنی بجلی کی پیداوار سے 2017 سے لے کر 2020 تک 234 ارب روپے کی بچت ہوئی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ’یہ رقم 2 ارب 25 کروڑ ڈالر کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جون 2018 میں جب 23 ہزار 700 میگا واٹ بجلی پیدا کی گئی تھی تو خراب ٹرانسمیشن لائنوں کا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔

انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ چار نجی کمپنیاں ملک میں ایل این جی ٹرمینل لگانے میں دلچسپی رکھتی ہیں لیکن انہیں یہ منصوبہ چھوڑنا پڑا کیونکہ وزرا آگے بڑھنے کے لیے رشوت مانگ رہے تھے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ بات دنیا کو معلوم ہوگئی ہے کہ موجودہ دور حکومت میں وزرا نے کمیشن اور کک بیک کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے دعوی کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت نے ایک ہزار 50 ارب روپے کے قردشی قرضے چھوڑے تھے جبکہ اس وقت ڈھائی ہزار ارب روپے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی وجہ سے اراکین اسمبلی کو فوجی ہائی کمان کی جانب سے سیکیورٹی بریفنگ میں شرکت نہیں کی۔

جب سابق وزیر اعظم سے وفاقی سابق کے بیان پر سوال کیا گیا تو انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’ہاں! یہ واقعی صحیح ہے، ہم (اپوزیشن) وزیر اعظم کو حکم دیتے ہیں کہ انہیں کیا کرنا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کو معلوم نہیں تھا کہ وزیر اعظم قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں، کیا انہوں نے وزیر اعظم کی کرسی خالی نہیں دیکھی؟

انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات یہ بھول چکے ہیں کہ وزیر اعظم کو اجلاس میں شرکت کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ انہیں پہلے ہی بریفنگ مل چکی تھی اور اس سے اتفاق کیا گیا تھا اگرچہ ’اگر وہ آتے تو بہت اچھا ہوتا‘۔

امریکا کی جانب سے ارسال کردہ موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں مل گئیں، اسد عمر

 اسلام آباد: وفاقی وزیراسد عمر کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے ارسال کردہ موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں مل گئیں۔

وفاقی وزیراسد عمرنے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے ارسال کردہ موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں مل گئی ہیں، یہ ویکسین خاص طور ان افراد کے لئے ہیں جوبیرون سفرکرتے ہیں یازیرتعلیم ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا کی کوویڈ سے متعلق یہ ترقی پسندانہ پالیسی قابل تعریف ہے۔

‘سابق حکمران صوبے کا دیوالیہ کر چکے، اپوزیشن پنجاب کے عوام کی ترقی نہیں چاہتی’

لاہور: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن پنجاب کے عوام کی ترقی نہیں چا ہتی، ماضی میں کاغذات میں ترقی ہوتی رہی، عوام ترقی کیلئے ترستے رہے، سابق حکمران غلط پالیسیوں اور نمائشی منصوبوں سے صوبے کا دیوالیہ کر چکے تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مربوط معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں پنجاب خوشحالی اور معاشی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، رواں مالی سال کیلئے 560 ارب روپے کاریکارڈ ترقیاتی بجٹ دیا، ترقیاتی بجٹ میں 66 فیصد اضافہ کیا گیا، تحریک انصاف کی حکومت نے جعلی ترقی کی جگہ حقیقی ترقی پر مبنی ڈویلپمنٹ روڈ میپ دیا ہے، ترقیاتی پروگرام تیار کرتے وقت منتخب نمائندوں سے مشاورت کی گئی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بڑے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 25 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، پنجاب کی 100 فیصد آبادی کو مفت ہیلتھ انشورنس فراہم کریں گے، یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام ہماری حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا، گریڈ 1 سے 19 تک کے ملازمین کو 25 فیصد خصوصی الاؤنس بھی دیا گیا ہے۔