حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 1.71 روپے کا مزید اضافہ کردیا

وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں مزید ایک روپے 71 پیسے کا اضافہ کردیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کے ترجمان اور معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ ‘اوگرا کی سفارش پر پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1.71 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی اور کسان زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لیے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے’۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد نئی قیمت فی لیٹر 119 روپے 80 پیسے ہوگی اور کیروسین آئل کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا جبکہ ڈیزل، اور مٹی کے تیل کی قیمت بدستور بالترتیب 116 روپے 53 پیسے اور 84 روپے 67 پیسے رہے گی۔

شہباز گل نے کہا کہ ‘26 جولائی کے ڈیٹا کے مطابق دنیا میں 27 ممالک میں پیٹرول کی قیمت پاکستان سے کم اور 140 ممالک میں پاکستان سے زیادہ ہے، دنیا میں پیٹرول کی اوسط قیمت 1.19 ڈالر فی لیٹر لیکن پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 0.72 ڈالر فی لیٹر ہے اور دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ 47 فیصد ہوا لیکن پاکستان میں 11فیصد ہوا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘جن 27 ممالک میں قیمتیں پاکستان سے کم ہیں ان میں سے زیادہ تر ممالک اپنی پیٹرولیم مصنوعات میں خود کفیل ہیں’۔

وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ ‘ان قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہو گا’۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 15 جولائی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 40 پیسے تک کا اضافہ کر دیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 118.09 روپے ہوگئی تھی۔

شہباز گل نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا تھا کہ ’وزیراعظم عمران خان کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اوگرا کی سفارشات کے برعکس عوام کوحد درجہ ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’عالمی منڈی میں گزشتہ کئی ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 11.40 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی‘۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ’ڈیزل کی قیمت میں 2.54 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 1.39 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.27 روپے فی لیٹر اضافے کی اجازت دی گئی ہے‘۔

اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں بھی پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔

شہباز گل نے بتایا تھا کہ اوگرا کے 6 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز پر وزیر اعظم نے صرف 2 روپے فی لیٹر اضافے کی اجازت دی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اوگرا نے ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 44پیسے اضافے کی تجویز دی تھی لیکن اس کی قیمت میں بھی صرف ایک روپیہ 44 پیسے اضافے کی اجازت دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی تقریباً 4 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔

سعودی عرب: ویکسی نیشن مکمل کرنیوالے سیاحوں کو ملک میں داخلے کی اجازت

ریاض: سعودی عرب نے ویکسی نیشن مکمل کرنے والے سیاحوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دے دی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے 17 ماہ کی بندش کے بعد ملک میں سیاحوں کے لیے دروازے کھول دیے ہیں جس کے تحت کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے مکمل ویکسین شدہ سیاحوں کو یکم اگست سے ملک میں داخلے کی اجازت  دی گئی ہے۔

سعودی وزارت سیاحت کا کہنا ہےکہ یکم اگست سے نافذ پالیسی پر پورا اترنے والوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دی جارہی ہے جس کے لیے کورنا ویکسین کی مکمل خوراکیں لینے والے افراد کو صرف ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا جس کے بعد انہیں کسی قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

وزارت سیاحت کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ سعودی حکومت کی جانب سے منظور شدہ فائزر، ایسٹرا زینیکا، موڈیرنا اور جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی مکمل خوراکیں لینے والے افراد کو ملک میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم سیاحوں کو 72 گھنٹے قبل کورونا کے پی سی آر ٹیسٹ کی مصدقہ منفی رپورٹ دکھانا ہوگی۔

اس کے علاوہ سیاحوں کو اپنی ویکسی نیشن کے حوالے سے نئے الیکٹرانک پورٹل پر رجسٹریشن کرانا ہوگی جس کے ذریعے ان کا ڈیٹا ایک ایپلی کیشن میں محفوظ کیا جائے گا جو انہیں عوامی مقامات پر داخلے کے وقت دکھانا ہوگا۔

سعودی وزیر صحت کا کہناہےکہ ہم ایک بار پھر سعودی عرب میں سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور عالمی وبا کورونا کی وجہ سے ملک میں رک جانے والی مہمانوں کی آمد دوبارہ شروع ہونے پر خوش ہیں۔

پنجاب میں بھارتی وائرس ڈیلٹا کے بعد ‘ایبسلون’ نامی وائرس کا انکشاف

ملک میں کورونا کی بھارتی قسم کے بعد ایک اور نئی قسم سامنے آگئی۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کورونا کی بھارتی قسم (ڈیلٹا) کے بعد کیلیفورنیا ایپسیلون وائرس کا خطرہ سر اٹھانے لگا۔

لاہور میں کورونا وائرس کی نئی قسم کیلیفورنیا ایپسیلون وائرس کے کیسز سامنے  آنے لگے ہیں۔

سیکرٹری صحت پنجاب سارہ اسلم کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اب تک 23 سیمپلز میں سے 5 میں کیلیفورنیا ایپسیلون کی تشخیص ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ صوبہ سندھ نے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

افغانستان سے امریکا کے وفادار شہریوں کو اہل خانہ سمیت واشنگٹن منتقل کردیا گیا

واشنگٹن: افغانستان سے امریکا کے لیے کام کرنے والے 200 افغان شہری اور ان کے اہل خانہ کو خصوصی طیارے کے ذریعے واشنگٹن پہنچا دیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان سے امریکا کے وفادار افغان شہریوں اور ان کے اہل خانہ کے انخلا کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے۔ امریکا کے لیے کام کرنے والے افغان شہریوں نے اپنی جانوں کو لاحق خطرے کے باعث کابل میں امریکا منتقلی کے لیے مظاہرہ بھی کیا تھا۔

امریکی وزارت داخلہ کے دستاویز اور فلائٹ ٹریکر سے پتہ چلتا ہے کہ پہلی کھیپ میں 57 بچوں اور 15 شیر خوار سمیت 221 افراد کو خصوصی پرواز کے ذریعے واشنگٹن کے ڈولیئس ایئرپورٹ پر اتارا گیا ہے۔ افغان شہریوں کی امریکا منتقلی کے لیے مزید پروازیں بھی متوقع ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : طالبان نے امریکی فوج کے مترجم کا سرقلم کردیا 

گزشتہ ہفتے ہی صدر جوبائیڈن نے امریکا کے لیے کام کرنے والے افغان شہریوں اور ان کے اہل خانہ کی امریکا منتقلی اور آبادکاری کے لیے 10 کروڑ ڈالر کے فنڈ کی ہنگامی طور پر منظور دی تھی جب کہ اس سے قبل وہ 2 کروڑ ڈالر کی منظوری بھی دے چکے تھے۔

توقع کی جارہی ہے کہ امریکا کی مدد کرنے والے ڈھائی ہزار افغان شہریوں اور ان کے اہل خانہ کے پہلے دستے کو رواں ماہ کے آخر تک ورجینیا میں واقع امریکی فوجی اڈے فورٹ لی میں ٹھہرایا جائے گا جہاں وہ اپنے ویزا درخواستوں کی آخری کارروائی کا انتظار کریں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : صدر بائیڈن نے اپنے وفادار افغان شہریوں کی امریکا منتقلی کیلیے فنڈز کی منظوری دیدی 

یوں تو امریکی قانون میں ایسے تارکین وطن کو امریکا میں سکونت دینے کی گنجائش ہے جنھوں نے امریکا کی مدد کی ہو تاہم ایسے خصوصی ویزوں کی تعداد نہایت کم تھی البتہ جمعرات کو امریکی ایوان نمائندگان نے قانون سازی کے ذریعے خصوصی امیگریشن ویزوں کی تعداد 8 ہزار تک بڑھانے کی منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ 24 جولائی کو امریکی نشریاتی ادارے ’’سی این این‘‘ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی فوج کے لیے مترجم کی خدمات انجام دینے والے سہیل پردیس کو کابل میں طالبان نے اس وقت اغوا کرکے سر قلم کردیا جب وہ عید سے قبل پر اپنی بہن کو لینے گاؤں جا رہے تھے۔

ترکی: جنگلات میں لگی آگ بےقابو، 4افراد ہلاک 180زخمی

ترکی کے جنگلات میں دو روز سے لگی آگ کے باعث چار افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

ترکی کی سرکاری ویب سائٹ ٹی آر ٹی کے مطابق آگ کی لپیٹ میں آئے63 مقامات میں سے 43 پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ دیگر مقامات پر آگ بجھانے کا کام جاری ہے۔

وزیر مواصلات فخر الدین آلتن نے سوشل میڈیا پیج سے “ہماری حکومت جنگلات کو بچانے کے لیے کمر بستہ ہے” کے عنوان سے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

پیغام میں آلتن نے کہا ہے کہ “متعلقہ ادارے اور تنظیمیں تقریباً 4 ہزار افراد کے عملے، سینکڑوں گاڑیوں اور متعلقہ سامان کے ساتھ 21 اضلاع میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے زمین اور فضاء سے مصروفِ عمل ہیں”۔

ترک حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں 140 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ آگ پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر اناطولیہ شہر میں 18 جب کہ عدانا اور مرسن میں 16 کے قریب دیہاتوں کو خالی کرالیا گیا ہے۔

ترک انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ ترک صدر اردگان نے بھی ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی کل گیانا میں کھیلا جائے گا

ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ کیلئے قومی کرکٹ سکواڈ بارباڈوز سے گیانا پہنچ گیا جہاں چار میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی کھیلا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سکواڈ کی کوویڈ ٹیسٹنگ بھی ہوئی اور منفی نتائج کی صورت میں ایک روزہ روم آئسولیشن کے بعد آج تمام کھلاڑی پریکٹس کیلئے میدان سنبھالیں گے ۔ بارش سے متاثرہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انٹرنیشنل کیریئر شروع کرنے والے پیسر محمد وسیم جونیئر کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے اولین میچ میں کرس گیل کی وکٹ لینے پر فخر ہے کیونکہ وہ مختصر فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔

پی سی بی کی جاری کردہ ویڈیو میں لیگ اسپنر عثمان قادر سے گفتگو میں محمد وسیم نے واضح کیا کہ انہوں نے کرس گیل کی قیمتی وکٹ کیلئے پہلے سے پلان کیا ہوا تھا جس کیلئے سپیڈ میں تبدیلی کا حربہ کارگر رہا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہیں ہو سکا لیکن کپتان بابر اعظم نے انہیں ہدایت کی تھی کہ لائن اور لینتھ پر بالنگ کرنی ہے اور پہلی آزمائش میں اندازہ ہوا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے برعکس بین الاقوامی کرکٹ میں کافی فرق ہے مگر انہوں نے اس تجربے کا پورا لطف اٹھایا جس کا اپنا الگ ہی مزہ ہے ۔

عثمان قادر نے محمد وسیم سے فارم برقرار رکھنے کی توقع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی وکٹ سے ٹرن مل رہا تھا لہٰذا وہ پلان کے مطابق رنز روکنے کی کوشش کے ساتھ بالنگ کرتے رہے کیونکہ ویسٹ انڈین کھلاڑی عام طور پر چوکوں اور چھکوں پر انحصار کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ نامکمل میچ میں بھی بالرز کو اعتماد مل گیا۔

قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے، جاوید اقبال

چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت اعلیٰ سطح پر اجلاس ہوا جس میں 179 میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹبلیٹی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق میگا کرپشن مقدمات میں سے 66 میگا کرپشن مقدمات احتساب عدالتوں نے قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا ہے، زیرالتوا میگا کرپشن کیسز کی جلد سماعت کے لئے احتساب عدالتوں میں قانون کے مطابق درخواستیں دائر کی جارہی ہیں۔

اس کے علاوہ منطقی انجام  پہنچنے والے 12 میگا کرپشن کیسز میں ملزمان کو 4.364 ارب روپے کی سزا سنائی گئی، مقدمات میں نیب نے ملزمان سے 7.859 ارب برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے۔

اعلامیہ کے مطابق 4 میگا کرپشن مقدمات میں ملزمان نے 1.256 ارب روپے کی پلی بارگین کی، اس وقت 179 میگا کرپشن کیسز میں سے 10 انکوائریز 11 انویسٹی گیشنز کے مراحل میں زیر تحقیقات ہیں، 93 میگا کرپشن کیسز کے ریفرنسز مختلف  احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

  چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، نیب کی وابستگی کسی سیاسی جماعت، گروپ اور فرد سے نہیں بلکہ ریاست پاکستان سے ہے، نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

کورونا کی ڈیلٹا قسم کا پھیلاؤ، سندھ میں 8 اگست تک لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ

کراچی : کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش ںظر سندھ حکومت نے کراچی میں کل سے 8اگست تک لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تمام مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کوروناٹاسک فورس کااجلاس ہوا ، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا صورت حال پر میں اسٹیک ہولڈرز کواعتماد میں لینا چاہتا ہوں، اجلاس میں اراکین اپوزیشن،کاروباری شخصیات کومدعو کیاگیا ، میں چاہتا ہوں ہم سب اس وباکیخلاف ایک آواز ہوں۔

اجلاس میں کورونا صورتحال کے پیش ںظر کراچی میں کل سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن کافیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام مارکیٹیں بند رہیں گی اور اگلے ہفتے سے سرکاری دفاتربھی بند کریں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو روڈپرآئے گاویکسی نیشن کارڈچیک کیاجائے گا اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 31 اگست کے بعدجو ویکسین نہیں لگوائےگاتنخواہیں بندکریں گے تاہم ایکسپورٹ انڈسٹری ،فارمیسی کھلی رہیں گی۔

اجلاس کے دوران سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ بھر میں کورونا کی تشخیصی شرح 13.7 فیصد ہوگئی ہے ، سندھ بھر میں کورونا سے کل 45مریض انتقال کر گئے جبکہ 1410مریض اسپتالوں میں اور 102وینٹی لیٹرز پر زیر علاج ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1192مریض کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے، کراچی میں کورونا کی تشخیصی شرح 23 فیصد، حیدرآباد میں شرح 14.52 فیصد، سکھر میں 2.9 فیصد ہے۔

مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ ضلع شرقی میں 33 فیصد کورو تشخیصی شرح ہے، کورنگی 21 فیصد، وسطی 20 فیصد، غربی میں شرح19 فیصد ہے، گزشتہ 29 دنوں میں 469 مریضوں کی اموات ہوئی، انتقال کرنے والے مریضوں میں 323 وینٹی لیٹرز پر تھے جبکہ 96مریض جو انتقال کرگئے وہ وینٹی لیٹرزپر نہیں تھے اور 11فیصد مریضوں کا گھروں میں انتقال ہوا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوب میں اب تک 55705 کیسز ہوچکے ہیں اور 51 ہزار 053 مریض صحتیاب جبکہ 753 انتقال کرگئے ہیں۔

ڈاکٹرز نے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی صورتحال بھیانک ہوتی جارہی ہے، سرکاری اسپتالوں پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے، عید کے بعد کورونا بڑھنا تھا جو بڑھتا جارہاہے، کورونا کا بھارتی ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کل علمائےکرام سے اجلاس کیا، جس میں علماکو بھی ہم نےکوروناوائرس کی صورتحال سےآگاہ کیا۔

دوسری جانب سندھ کورونا ٹاسک فورس سے متعلق محکمہ صحت کی سفارشات سامنے آگئیں ہیں ، جس میں محکمہ صحت نے کراچی میں15دن کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کی سفارش کی ہے۔

سفارشات میں کہا گیا ہے کہ ایک ضلع یا صوبے سےدوسرےصوبے ٹرانسپورٹ پر15روزپابندی لگائی جائے،اسکول،کالج،یونیورسٹیز بھی لاک ڈاؤن کےدوران مکمل بند کئےجائیں اور ویکسین پرعمل در آمد کیلئے مزید سختیاں کی جائیں۔

کورونا وائرس کی لہر حد سے بڑھنے لگی، اسپتالوں میں ہنگامی اقدامات شروع کردیئے گئے

کراچی میں کورونا وائرس کی لہر خطرناک حد تک بڑھنے لگی جس کی وجہ سے اسپتالوں میں گنجائش بڑھانے کے لئے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جن شہروں میں کورونا کی شرح 20 فیصد سے زائد ہے وہاں لاک ڈاؤن کرنے کی تجویز ہے، آج لاک ڈاؤن کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہوگا، وزیراعلیٰ نے کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس جمعے کو طلب کیا ہے۔

ذرائع سندھ حکومت کے مطابق تاجروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کراچی لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جائے گا، سندھ حکومت نے سخت ترین اقدامات کے لئے این سی او سی سے رجوع کرلیا ہے۔

اس کے علاوہ طبی ماہرین اور محکمہ صحت سندھ نے صوبائی ٹاسک فورس کو 15 دن کے فوری لاک ڈاؤن کی سفارش کی ہے، سندھ حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سخت ترین اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے 7 اضلاع میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں مزید پابندیوں کے ساتھ لاک ڈاؤن پر بھی غور کیا جائے گا۔

امریکا جنگ کے حامی افغان افراد کی منتقلی کیلئے سرگرم، کویت سے بات چیت

امریکا کویت اور دیگر ممالک کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے کہ آیا وہ امریکا کے اتحادیوں کی میزبانی کر سکتے ہیں جنہوں نے امریکی جنگ کی کوششوں کی حمایت کی تھی کیونکہ اگر وہ افغانستان میں ہی رہے تو انہیں طالبان کے انتقامی حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کویت کے مختصر دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اس کے بارے میں کسی معاہدے کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی کوئی اہم تفصیلات بتائیں۔

اس حوالے سے سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ ان افغان افراد میں سے نقل مکانی کے اہل کون ہوں گے یا انہیں کہاں رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ جہاں امریکی فوجیوں نے افغانستان سے انخلا مکمل ہونے کے قریب ہے وہیں جو بائیڈن انتظامیہ پر دو دہائیوں کی جنگ کے دوران افغان ترجمانوں، ڈرائیورز اور دیگر ورکرز کے جلد انخلا کرنے کے لیے بھی سخت دباؤ کا سامنا ہے ہے۔

ان لوگوں نے امریکی جنگ میں امریکی افواج کی مدد کی تھی اور اب وہ خود کو طالبان کی جانب سے انتقام کا نشانہ بنائے جانے کا خطرہ محسوس کررہے ہیں۔

انٹونی بلنکن نے اپنے کویت کے ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا ان لوگوں کی مدد کے لیے پرعزم ہے جنہوں نے گزشتہ 20 سالوں میں افغانستان میں ہماری مدد کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان بہادر افغانوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے نقل مکانی کے منصوبے میں امریکا سرگرم عمل ہے۔

خیال رہے کہ انخلا کی منصوبہ بندی، جو سینکڑوں ہزاروں افغانوں کو متاثر کر سکتی ہے، اس وقت پیش آرہی ہے جب طالبان نے پورے افغانستان میں اپنی سرگرمیوں میں تیزی لاتے ہوئے کئی علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے۔

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق سال کے پہلے نصف حصے میں شہریوں کی ہلاکتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

افغان اتحادی غیر ملکی شہریوں کے لئے پیش کردہ خصوصی تارکین وطن ویزا حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جسے وہ امریکی حکومت کے ساتھ تعاون کی وجہ سے اپنے تحفظ کے لیے وہ ضروری سمجھتے ہیں۔

فرائض میں غفلت: وزیراعلیٰ پنجاب نے 2 افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا

وزیراعلیٰ عثمان بزار نے فرائض میں غفلت برتنے اور عوام کی شکایات پر 2 افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا۔

ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا محمد علی عباس کوعہدے سے ہٹا دیا گیا۔ آغا محمد علی عباس کو سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی جبکہ کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود کو ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا اضافی چارج دے دیا گیا۔ ایڈیشنل ایس پی کینٹ ڈویژن ملتان کامران عامر خان کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ کامران عامر خان کو سی پی او آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کام نہ کرنے والے افسروں کے لئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی قطعا برداشت نہیں کروں گا، عوام کے مسائل میں غفلت پر کسی سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، افسران عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، عوام کی خدمت کرنے والے افسران کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے، کام نہ کرنے والے افسران اپنا قبلہ درست کرلیں۔

جاسوسی سافٹ وئیر بنانے والی اسرائیلی کمپنی میں واٹس ایپ شامل

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشنز اتھارٹی (پی ٹی اے) نے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ جاسوسی سوفٹ ویئر پیگاسس بنانے والی اسرائیلی کمپنی این سی او میں واٹس ایپ بھی شامل تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی امجد علی خان کی صدارت میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس ہوا جہاں پی ٹی اے کے نمائندے نے کمیٹی کو بتایا کہ ہمارا اندازہ ہے کہ واٹس ایپ نے پیگاسس کی مدد کی۔

ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے سائبر کرائم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سائبر کرائم کے حوالے سے وزارت داخلہ میں اجلاس ہوا اور ایم ایل اے کا قانون پاس ہوگیا ہے، جس کے تحت اب دیگر ممالک سے معاہدے ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر توہین رسالت اور اداروں کے خلاف بات کرنا کوئی جرم نہیں ہے جبکہ بچوں کے ساتھ جرائم اور نفرت انگیز تقاریر دنیا میں سائبر کرائمز کے زمرے میں آتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ڈیٹا لیکیجز کی روک تھام کا نظام بنایا ہے، پہلے سائبر کرام کی تفتیش کرنے والوں کا انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کٹ جاتا تھا لیکن اس مسئلے کو ایک جگہ لے کر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں اب رابطہ بن جائے گا۔

کمیٹی کو ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائمز پاکستان نے بریفنگ میں کہا کہ پورے پاکستان میں 16سرکل ہیں اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو رہے ہیں، ہمارے پاس جو جرائم آرہے ہیں وہ بین الاقوامی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کے قانون کے بارے میں نچلی عدالتوں کے ججوں کو بھی پتا نہیں ہوتا ہے، میوچل لیگل اسسٹنس کے لیے 16ممالک نے درخواست دی ہے، فیس بک اور دیگر پلیٹ فارم اپنی مرضی سے جواب دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے میں سائبر کرائم میں 400لوگ کام کررہے ہیں، ہم نے 11سو ملازمین کی بھرتی کے لیے درخواست بھیجی ہے لیکن ہم جو بھی سمری بھیجیں وہ وزارت خزانہ میں قواعد کے باعث رک جاتی ہے۔

کمیٹی کے رکن میجر (ر) طاہر صادق نے کہا کہ سائبر قانون کو بنے 13 سال ہوچکے، مشرف سے لے کر اب تک تمام حکومتیں چلی گئیں، بیورو کریسی وہیں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سائبر جرائم کے خلاف قوانین مضبوط نہ بنائے تو بہت نقصان ہوگا۔

ایڈیشنل سیکریٹری وزارت داخلہ نے کہا کہ دنیا میں ہمارے قوانین کو تسلیم نہیں کیا جاتا جو ایک بڑا مسئلہ ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائمز کا کہنا تھا کہ کئی معاملات میں کنٹری ٹو کنٹری تعاون نہیں ہوسکتا تھا، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) آنے سے اب یہ ممکن ہوگیا اور عالمی سطح پر پولیس رابطے کی اجازت مل گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ڈارک ویب، پورنو گرافی اور اس طرح کے دیگر سائبر کرائمز کی اطلاعات ہمیں دیگر ملکوں سے مل رہی ہے، عدالتیں ہم پر سزا کی ہدایت کرسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے زیر التوا کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہے، فیس بک، ٹوئٹر اور دیگر نے ہمیں پورٹل دے رکھے ہیں، ہم وہاں پر شکایات درج کرواتے ہیں مگر ہمیں صرف 34 فیصد جواب دیے جاتے ہیں۔

ایف آئی اے کے ڈائریکٹر سائبر کرائمز نے کہا کہ ہمیں صرف چائلڈ پورنو گرافی کے حوالے سے جواب دیے جاتے ہیں۔

ایڈیشنل سیکریٹری دفاع نے کمیٹی کو بتایا کہ ہم محفوظ سائبر اسپیس کے حامل ملک کے طور پر متعارف ہو چکے ہیں۔

پی ٹی اے کے نمائندے نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سائبر سیکیورٹی پالیسی منظور ہوئی ہے، سائبر سیکیورٹی پالیسی کے تحت ایک مرکزی ادارہ ہوگا جس میں سب مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے کو نیشنل سائبر سیکیورٹی ایجنسی کا نام دیا گیا ہے، پہلے سائبر سیکیورٹی پر ہم 96 نمبر پر تھے اور اب 79 پر ہیں، اس حوالے سے بہت بہتری آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیگاسس کے ذریعے دنیا بھر میں جاسوسی کی گئی، فوج نے پہلے ہی بروقت کارروائی کی اور اسمارٹ فون پر پابندی عائد کی۔

پی ٹی اے نمائندے کا کہنا تھا کہ انکرپشن توڑی نہیں جا سکتی کیونکہ پیگاسس آپ کا مائیک ہیک کرلیتا ہے، ہمارا اندازہ ہے کہ واٹس ایپ نے ان کی مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیگاسس بنانے والی این ایس او نے جو کچھ کیا، ہمارے اندازے میں واٹس ایپ اس میں شامل تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ گوگل کے پاس ہماری سائبر ایکٹویٹی کا سارا ریکارڈ موجود ہے، اگر ہم کوئی ایپلی کیشن فری استعمال کررہے ہیں تو ہم خود پروڈکٹ ہیں۔

چیئرمین کمیٹی امجد علی خان نے کہا کہ یہ طوفان نہیں ٹورنیڈو ہے، ہمیں مل کر چلنا ہوگا، آزادی اظہار پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقریر اور تنقید میں فرق بھی ہوتا ہے، وزارت داخلہ کا اطلاعات و آئی ٹی کے ساتھ کوئی اشتراک نہیں تھا، آپ کے جو مسائل ہیں وہ ہمیں دیں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چئیرمین دفاع کمیٹی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد ہم بھی مسائل کا شکار ہوںگے۔

وزیر اعظم کی چیمبرز آف کامرس کے صدور سے ملاقات

وزیر اعظم  عمران خان  نے چیمبرز آف کامرس کے صدور سے ملاقات کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک کے بڑے چیمبرز آف کامرس کے صدور کی ملاقات کی جس میں پاکستان کے تمام بڑے چیمبرز آف کامرس نے حکومت کی پالیسیوں اور کاروبار میں آسانی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور حکومت و کاروباری برادری کا مشاورت سے ٹیکس ریونیو بڑھانے کی حکمتِ عملی مرتب کرنے پر اتفاق بھی کیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر شہروں کے صدر  نے شریک کی اور کراچی، لاہور، سرحد، کوئٹہ، گجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، گجرات، ملتان، سرگودھا، گوادر، اسلام آباد اور راوالپنڈی کے چیمبرز کے صدور اور نائب صدور موجود تھے ،وفاقی وزراء حماد اظہر، مخدوم خسرو بختیار، مشیرِ برائے کامرس و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد بھی ملاقات میں شریک تھے اس کے علاوہ معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر کے علاوہ متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے اور وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین کی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

ذرائع نےبتایا ہے کہ شرکاء نے وزیرِ اعظم اور انکی معاشی ٹیم کو کرونا وباء کے باوجود معاشی پالیسیوں کی تعریف کی اور 4 فی صد جی ڈی پی گروتھ، بڑی پیمانے کی پیداوار میں میں 15 فی صد تک کے اضافے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا، کاروباری برادری کو ازبکستان کی تجارتی استعداد سے مستفید ہونے کیلئے ان کو ہمراہ رکھنے پر خراجِ تحسین پیش کیا، ٹیکس ریونیو  اور برآمدات و بیرونِ ملک سے ترسیلاتِ زر میں اضافے پر وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی، اور شرکاء نے حکومت کو پہلی دفعہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے ان کی تجاویز براہِ راست سننے کے اس اقدام کو بھی سراہا اس کے علاوہ ماضی میں اس طرح کے کسی اقدام کی موجودگی نہ ہونے کی وجہ سے حکومت و کاروباری برادری کے مابین موجود خلیج سے ملک میں کاروبار کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا بھی ذکر کیا۔

ملاقات میں شرکا کا کہنا ہے کہ کاروباری برادری ٹیکس دینے کیلئے تیار ہے، ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم نے ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے صنعتی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے اس سے نہ صرف تجارتی خسارہ کم ہوگا بلکہ زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

عمران خان نے دوران ملاقات کہا کہ ٹیکس کے نظام کی بہتری کیلئے اصلاحات جاری ہیں، تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت سے اس عمل میں تیزی اور بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم نے وفاقی وزراء کو اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل رابطے میں رہنے اور ان کی تجاویز و مسائل سننے کیلئے باقائدگی سے ملاقاتوں کی ہدایت دی ہے۔

وزیر اعظم نے ملاقات میں مزید کہا کہ سیاحت کی صنعت کی ترقی کیلئے   لائحہ عمل، زراعت کی ترقی کیلئے جامع ایگریکلچرل پلان اور صنعتوں کو مراعات و سہولیات فراہم کر رہے ہیں، موجودہ حکومت  صنعت کاروں اور کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے کے بعد اپنی توجہ اب مشاورت سے مسائل کے حل کیلئے  کوششوں پر مرکوز کر رہی ہے۔