پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کو تحلیل کرکے رائے دہندگان کے حقوق ضبط کیے، سپریم کورٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا ہے کہ پنجاب نے بلدیاتی اداروں کو تحلیل کرکے اپنے نمائندوں کو ووٹ دینے والے افراد کے حقوق ضبط کیے ہیں۔

پیر کو جاری ہونے والے چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کے لکھے گئے ایک تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی نظام کو تحلیل کرنا آئین کے آرٹیکل 17، 140 اے، 7 اور 32 کے خلاف ہے۔

رواں سال 25 مارچ کو تین ججز پرمشتمل سپریم کورٹ کے بینچ نے ایک مختصر آرڈر کے ذریعے صوبے میں بلدیاتی اداروں کی بحالی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے انہیں بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

پنجاب حکومت نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ (پی ایل جی اے) 2019 کے سیکشن 3 کے تحت بلدیاتی اداروں کو تحلیل کردیا تھا حالانکہ انتخابات پی ایل جی اے 2013 کے تحت 2015 اور 2016 میں مرحلہ وار ہوئے تھے۔

منتخب بلدیاتی اداروں کا دورانیہ 5 سال تھا۔

تاہم صوبائی حکومت نے سیکشن 3 (2) میں ترمیم کے بعد ’پانچ سال‘ کی جگہ ’21 ماہ‘ کے الفاظ اس میں شامل کرتے ہوئے گزشتہ سال 2 جولائی کو بلدیاتی اداروں کو ختم کردیا تھا۔

18 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140-اے کے تحت قائم بلدیاتی نظام جب قانون کے تحت ایک مخصوص مدت کے لیے منتخب بلدیاتی حکومت کے پاس جاتا ہے تو اس کی مدت پوری ہونے سے پہلے اسے تحلیل نہیں کیا جاسکتا۔

اسد علی خان کی جانب سے ان کے وکیل محمد نوازش علی پیرزادہ اور دانیال عزیز کے ذریعے دائر درخواستوں کے ایک سیٹ پر سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ سنایا۔

درخواست گزاروں نے پی ایل جی اے 2019 کی دفعہ 3 کے تحت اس تحلیل کو چیلنج کیا تھا کہ بلدیاتی اداروں کے منتخب ممبران اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے اہل ہیں جو اس سال 31 دسمبر کو ختم ہونی ہے۔

آئین کے آرٹیکل 140اے کا حوالہ دیتے ہوئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس دفعہ میں صوبوں کی جانب سے بلدیاتی نظام کے قیام کا تصور دیا گیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس کے لیے مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کے لیے سیاسی، انتظامی اور مالی ذمہ داری اور اختیار کو بھی ختم کرنا ہوگا۔

اس فیصلے نے صوبائی حکومت کو یاد دلایا کہ اس کے پہلے اجلاس کے بعد سے پانچ سال تک ایک مقامی حکومت کو اپنے عہدے پر رہنا تھا۔

اس میں کہا گیا کہ چونکہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں نے جنوری 2017 میں پہلا اجلاس کیا تھا لہذا ان کی مدت جنوری 2022 میں ختم ہونی تھی۔

فیصلے میں واضح کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 7 کے تحت مقامی حکومت کو ’ریاست‘ کا درجہ دیا گیا ہے اور ظاہر ہے کہ یہ فیڈریشن میں حکومت کا تیسرا درجہ تھا۔

آرٹیکل 17 ایسوسی ایشن کو آزادی فراہم کرتا ہے اور ہر شہری کو ایسوسی ایشن، یونین بنانے یا کسی سیاسی جماعت کا ممبر بننے کا حق دیتا ہے۔

اسی طرح آرٹیکل 32 ’ریاست کی پالیسی کے اصولوں‘ کا ایک حصہ ہے اور یہ ریاست کے منتخب نمائندوں پر مشتمل مقامی حکومت کے اداروں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ صوبائی مقننہ قانون بنانے کا اہل ہے اور 2019 کا قانون ایک قانون ساز اسمبلی نے بنایا ہے تاہم مسئلہ صرف اس ایکٹ کے سیکشن 3 کے حوالے سے ہے جہاں اس سے پنجاب میں مقامی حکومتیں تحلیل ہو جاتی ہیں اور تمام منتخب نمائندوں کو اپنے عہدے کی مدت پوری کرنے کی اجازت کے بغیر گھر بھیج دیا جاتا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 2013 کے ایکٹ نے انہیں یہ حق دیا تھا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایک منتخب بلدیاتی حکومت کو 2019 کے قانون کی دفعہ 3 کے اطلاق سے تحلیل نہیں کیا جاسکتا۔

عدالت نے یاد دلایا کہ 2013 کے ایکٹ نے صوبائی حکومت کو ایسے اختیارات نہیں دیے تھے۔

سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ ایک فاتح سیاسی جماعت کو منشور پر عمل درآمد کرنا ہوگا جس کی بنیاد پر اس نے بلدیاتی انتخابات لڑے تھے۔

فیصلے کے مطابق کوئی بھی غیر قانونی حکم جو کسی جماعت کی مدت پوری ہونے سے قبل اسے عہدے سے ہٹاکر رائے دہندگان سے ان کے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے سے روکتا ہے، ان رائے دہندگان کی بنیادی حقوق کی پامالی ہوگی۔

بلوچستان وزیراعظم کے دل کے قریب ہے، چوہدری فواد حسین

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین ک کہنا ہے کہ بلوچستان وزیراعظم عمران خان کے دل کے بہت قریب ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ‏بلوچستان میں ہندوستان کا دہشت گردی کا نیٹ ورک کافی حد تک توڑ دیا ہے ، اب قوم پرستوں کے ساتھ بات چیت کا ایجنڈا طے کیا جائیگا۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ بلوچستان میں وفاقی حکومت 731 ارب کے 131 منصوبے مکمل کرے گی جبکہ صوبائ حکومت کا ترقیاتی پروگرام صرف اس سال 180 ارب کا ہے۔

پی ڈی ایم نیوٹرل ایمپائر سے خوف زدہ ہے: فردوس عاشق اعوان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ بند کمروں میں پاؤں پڑتی ہے اور سیاسی جلسوں میں گلے پڑتی ہے۔

ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اندرونی لڑائی میں ن لیگ بے نقاب ہو چکی ہے جب کہ پی ڈی ایم فساد پھیلانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن کے لیے الیکٹرانک سسٹم لایا جارہا ہے، پنجاب میں گرمی بڑھنے پر سوات میں سیاست چمکائی گئی، اپوزیشن نے ہمیشہ فکسڈ میچ کھیلا جب کہ پی ڈی ایم نیوٹرل ایمپائر سے خوف زدہ ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ای روزگار اسکیم سے نوجوانوں کو گھر بیٹھے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔

بھارت، افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت، پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے عسکریت پسندوں کو تربیت اور مالی اعانت فراہم کر رہا ہے۔

صدر مملکت نے ترک بری فوج کمانڈر جنرل امیت دندار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دہشتگرد کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے اور اس کے خلاف برادر ملک افغانستان کی زمین استعمال کیے جانے پر تشویش ہے۔

انہوں نے 23 جون کو لاہور میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے ایک حالیہ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائی بھارت کی حمایت سے کی گئی ہے۔

انہوں نے بھارت میں یورینیم کی غیر قانونی تجارت کے واقعات پر عالمی برادری کی خاموشی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

صدر نے ترکی کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ تجارت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے دونوں برادر ممالک کے باہمی فوائد کے لیے مختلف شعبوں میں ترکی کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تربیتی تعاون سے متعلق معاہدے سے فوجی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

انہوں نے بھارت میں یورینیم کی غیر قانونی تجارت پر ترکی کے ساتھ پاکستان کی تشویش کا بھی اظہار کیا اور حیرت کا اظہار کیا کہ عالمی برادری اس معاملے پر کیوں خاموش ہے جو ساری دنیا کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

عارف علوی نے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی مقامات خصوصاً کشمیر اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس پر پاکستان کی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔

طورخم بارڈرپرہرقسم کی آمدورفت بند کردی گئی، وزارت داخلہ

اسلام آباد: این سی او سی کی ہدایت پرطورخم بارڈر پرہرقسم کی آمدورفت بند کردی گئی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق طورخم بارڈرپرقسم کی آمدورفت بند کردی گئی ہے، امیگریشن این سی اوسی کی اگلی گائیڈ لائنز تک بند رہے گی۔

اس متعلق وزارت داخلہ شیخ رشید نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ کورونا وبا کے باعث طورخم بارڈر کو آج ہر طرح کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے، پاک افغان سرحد پر طورخم امیگریشن مرکزاین سی او سی کی نئی ہدایات تک بند رہے گا۔

کوئٹہ: ہزار گنجی میں فورسز کا آپریشن، 5 مبینہ دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ:  ہزار گنجی میں سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن میں 5 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مبینہ دہشتگردوں کی موجودگی پر آپریشن کیا تو دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کردی۔

ترجمان نے بتایا کہ فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مبینہ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرلیا گیا جب کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کیلئے ان کی لاشیں مقامی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

پاکستان ترکی کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ترکی کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کمانڈر ترکش لینڈ فورسز جنرل امیت دندار کی ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کیخلاف دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے۔ لاہور میں دہشتگردی کا واقعہ بھارتی پشت پناہی سے ہوا۔

صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔فوجی تربیتی تعاون کے معاہدے سے دوطرفہ دفاعی تعاون مزید مستحکم ہوگا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مثالی تعاون موجود ہے جنہیں تجارت اور دفاع کے شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ عسکری تربیتی تعاون سے دوطرفہ فوجی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے ملک کی اقتصادی خوشحالی اور مسلم امہ میں اتحاد کے فروغ کے لئے کردار کو سراہا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ لوگوں کے خلاف بھارتی فوج کے مظالم بالخصوص اگست 2019ء کے غیر قانونی اقدامات کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دہشتگرد کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے اور پاکستان کے خلاف برادر ملک افغانستان کی زمین استعمال کئے جانے کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کمانڈر ترکش لینڈ فورسز جنرل امیت دندار نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ عقیدے، اقدار اور تاریخی تعلقات پر مبنی دیرینہ تعاون قائم ہے۔

امیت دندار نے یہ بھی کہا کہ ترکی کے عوام پاکستانیوںکو اپنے بھائی سمجھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں بالخصوص دفاعی میدان میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

کمانڈر ترکش لینڈ فورسز جنرل امیت دندار نے صدر مملکت کی جانب سے نشان امتیاز (ملٹری) عطا کئے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

 قبل ازیں یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت نے ایک خصوصی تقریب میں جنرل امیت دندار کو نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا۔

 تقریب میں پاکستان کے سینئر فوجی اور سول حکام نے شرکت کی۔

عیدالاضحٰی 20 جولائی کو ہوگی، سعودی ماہر فلکیات

سعودی ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ  عیدالاضحٰی 20 جولائی منگل کو ہوگی۔

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ  اس سال ذیقعدہ کا مہینہ 30 دن کا ہوگا، سعودی عرب میں یکم ذی الحج اتوار 11 جولائی کوہوگا اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفات پیر 19 جولائی کو ہوگا۔

ماہر فلکیات کا کہنا ہےکہ سعودی عرب میں  عیدالاضحٰی 20 جولائی منگل کو ہوگی۔

 سابق استاد وماہرفلکیات قصیم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرعبداللہ المسندکا کہنا ہےکہ حتمی تاریخ کااعلان سعودی عرب کی اعلیٰ عدالتی کونسل کی کمیٹی کرےگی۔

یو اے ای: دنیا بھر کے غیر معمولی ہائی اسکول طلبہ کے لیے گولڈن ویزے کا اعلان

دبئی: متحدہ عرب امارات نے دنیا بھر سے ہائی اسکول کے غیر معمولی گریجویٹس کو ان کی فیملی سمیت رہائش کا گولڈن ویزا دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی حکومت نے پیر کو ہائی اسکول کے ٹاپرز کو ان کی فیملیز سمیت 10 سالہ رہائشی ویزا ’گولڈن ریزیڈنسی‘ دینے کا اعلان کیا ہے، گولڈن ریزیڈنسی ان طلبہ کو دی جائے گی جنھوں نے اوسطاً کم سے کم 95 فی صد شرح حاصل کی ہو۔

بتایا گیا ہے کہ ان طلبہ کا تعلق ملک کے اندر سے بھی ہو سکتا ہے اور ملک سے باہر بھی غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو گولڈن ویزا دیا جائے گا۔

جن طلبہ کے سرکاری یا پرائیویٹ ہائی اسکولز کے سرٹفکیٹس میں پچانوے فی صد نمبرز ہوں، یونیورسٹی طلبہ بھی ان میں شامل ہوں گے، اور جن کا مجموعی جی پی اے 3.75 سے کم نہ ہو، یا مخصوص سائنسی مضامین میں اس کے مساوی ہو، نہ صرف انھیں بلکہ ان کے خاندان کو بھی ویزا دیا جائے گا۔

اماراتی اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق یہ اقدام ہونہار طلبہ کی کوششوں اور ان کے خاندانوں کو سراہنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

یو اے ای حکومت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ باصلاحیت افراد کے لیے پرکشش اور حوصلہ افزا ماحول پیدا کرنا اور یو اے ای کی ترقی کا حصہ بننے کے لیے غیر معمولی اذہان اور صلاحیتوں کے مالک افراد کو راغب کرنے کی حکومتی ہدایات کے مطابق ہے۔

گولڈن ریزیڈنسی ویزے کے لیے درخواستیں امارات اسکولز اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے جمع کروانی ہوں گی۔

کورونا وائرس کی نئی قسم “لیمبڈا” سامنے آگئی

کورونا وائرس کی نئی اور زیادہ مہلک قسم “لیمبڈا” سامنے آگئی  ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیمبڈا ویرینٹ اصل کورونا وائرس کی نسبت زیادہ پھیلاؤ کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سائنسدانوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ ڈیلٹا، ایلفا اور گاماویرینٹ سے بھی زیادہ پھیلتا ہے۔

اس وائرس کے حوالےسےسائنسدانوں کا کہنا ہے کہ لیمبڈا وائرس کورونا ویکسین کے خلاف زیادہ مزاحمت کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ کورونا کا لیمبڈا ویرینٹ سب سے پہلے پیرو میں دسمبر میں پایا گیا۔

تاہم اب تک کورونا کا لیمبڈا ویرینٹ چلی سمیت 27 ملکوں میں پھیل چکا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں 23 فروری سے 7 جون کے درمیان لیمبڈا وائرس کے 6 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کوشش کر رہے ہیں افغانستان میں خانہ جنگی نہ ہو، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کوشش کریں گے کہ وہاں خانہ جنگی نہ ہو۔

گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور مفاہمتی یادداشتوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج آنے کی 2 وجوہات تھیں، ایک فری زون کا افتتاح اور دوسرا بلوچستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ملک میں ترقیاتی کاموں میں کئی علاقے پیچھے رہ گئے اور اس میں بلوچستان کو بھی ہم نے پیچھے چھوڑ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کو اوپر لے کر آئیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’گوادر پاکستان کا فوکل پوائنٹ بننے جارہا ہے، یہاں بنیادی سہولیات نہیں تھیں، یہ مسئلہ اب حل کردیا ہے‘۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’میں خواب دیکھتا ہوں کہ پاکستان ایک عظیم ملک بننے جارہا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’انسان کی زندگی میں جب اونچ نیچ آتی ہے تو وہ مایوس ہوجاتا ہے، میں نے 60 کی دہائی میں پاکستان کو تیزی سے اوپر جاتے دیکھا تھا، پاکستان ایشیا میں ترقی کا ایک رول ماڈل تھا مگر پھر ہم نے غلطیاں کیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’گوادر پاکستان کا ایک فوکل پوائنٹ بننے جارہا ہے جس سے سارے پاکستان بالخصوص بلوچستان کا فائدہ ہوگا‘۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’گوادر کا منصوبہ بہت پہلے سے بنا ہوا تھا تاہم یہاں بنیادی مسائل تھے، یہاں پانی بجلی اور گیس اور رابطوں کا مسئلہ تھا، اب سب پر کام شروع ہوگیا ہے اور اس پر چین کے شکر گزار ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’گوادر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر سے اس کا رابطہ وسیع ہوگا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں سرمایہ کاروں کو سہولیات دینی ہوں گی، اس کے لیے حکومت کی جانب سے ون ونڈو آپریشن جارہی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’چاہتے ہیں کہ سرمایہ کار ایسی صنعتیں لگائیں، جس سے ہماری برآمدات بڑھیں، جب تک ایسی صنعتیں نہیں لگیں گی روپے پر دباؤ بڑھتا رہے گا‘۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ماضی میں کبھی برآمدات پر مبنی نمو پر توجہ نہیں دی گئی، ہماری کوشش ہے اپنے معاشی زونز میں سرمایہ کاروں کو دعوت دیں تاکہ ملک سے برآمدات میں اضافہ ہو‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’18ویں ترمیم کے بعد کافی اختیارات صوبوں کے پاس ہیں، کئی چیزوں کے لیے وفاق اجازت دے دیتا ہے تاہم صوبے میں اس کے لیے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں، چاہتا ہوں کہ وفاق اور صوبوں کے ساتھ رابطوں کو مزید بہتر کریں‘۔

سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فولڈ ایبل فونز کی تاریخ رونمائی کا اعلان ہو گیا

سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فولڈ ایبل فونز کب متعارف کروائے جائینگے ، تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سام سنگ کے نئے فولڈ ایبل فونز گلیکسی زی فلپ 3، گلیکسی زی فولڈ 3، گلیکسی واچ 4 سیریز اور گلیکسی بڈز اگست میں متعارف کرائے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق سام سنگ کا یہ ایونٹ 11 اگست کومنعقد ہوگا جسے گلیکسی ان پیکڈ کا نام دیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ ایونٹ کے دعوت نامے میں زی فولڈ 3، زی فلپ 3، بڈز 2 اور واچ 4 کے پیش ٹیگ سے عندیہ ملتا ہے کہ ان کو متعارف کرایا جائے گا۔

اس سال نوٹ سیریز کی جگہ زی فلپ 3 اور زی فولڈ 3 فلیگ شپ ڈیوائسز کی شکل میں پیش کیے جائیں گے۔

کمپنی نے پہلے ہی عندیہ دیا تھا کہ اس سال نوٹ سیریز کو پیش نہیں کیا جائے گا۔

عمران خان کی خواہش ہے افغانستان میں امن ہو ، شیخ رشید احمد

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کی خواہش ہے افغانستان میں امن ہو۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ میں بارڈر مینیجمنٹ پر اہم میٹنگز کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلدازجلد افغانستان کیساتھ فینسنگ مکمل کردیں گے ، پاکستان کی افواج اور ادارے ملکی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہوتے ہیں ، امید ہے اس دفعہ افغانستان کی صورتحال کے باعث وہ صورتحال پیدا نہ ہوگی جو پہلے ہوئی ، عمران خان ازبکستان اس مہینے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ  ڈپلومیٹک پاکستان پر فری ویزہ اور آن ارائیول چند روز کا ویزہ ملے گا ، ایف آئی اے میں بارہ سو نوکریاں نکلی تھیں ، 509 نوکریاں مزید لینے کیلئے فنانس منسٹری سے ریکوئسٹ کی ہے ، چمن اور چورخم مکمل طورپر انٹری کیلئے ڈیوٹی پر موجود ہیں ، چمن کو بھی تیس تاریخ الیکٹرانک بنا دیا جائے گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج ڈی جی ایف آئی اے کو کہا گیا ہے کہ جو لوگ بارہ بارہ سال ایک جگہ پر بیٹھے ہوئے ہیں ان کو تبدیل کریں گے ، تمام ائیرپورٹس پر سی پیک کیلئے الگ کاؤنٹر بنائیں گے ، لاہور دھماکے میں را ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھی کچھ لوگ ہم نے پکڑے ہوئے ہیں ادارے فیصلہ کریں گے کب ان کو منظر عام پر لانا ہے ، ہندوستان نے دل سے ہمیں تسلیم نہیں کیا اور وہ ہروقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے  ، ملک کی وزارت داخلہ اپنی عظیم افواج کے ساتھ پوری طرح اپنے ملکی بارڈرز پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم باخبر ہیں، بھارت کیخلاف وزارت خارجہ ثبوت دنیا کے سامنے رکھے گی ، ہماری پوری خواہش ہے افغانستان کے لوگ مل کر اپنے مسائل حل کریں ، ٹی ایل پی کا کیس سن لیا گیا ہے، اگلی کابینہ میٹنگ میں اس پر فیصلہ کریں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہاں پہلے ہی تیس چالیس لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں ، جیسے جیسے حالات بنیں گے ان پر فیصلہ کریں گے ، ساری قوم پاکستان کی سلامتی میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ، پی ڈی ایم ٹھس ہے، دو سال پہلے کہا تھا مریم اور شہباز کی سیاست مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ  کشمیر کے الیکشن کے بعد پی ڈی ایم مزید اپنے سائز میں آجائے گی ، لاہور دھماکے کے حوالے سے سیکورٹی ایجنسیز نے بارہ گھنٹوں کے اندر ملزم پکڑے وہ تعریف کے قابل ہیں۔