تازہ تر ین

بھارت، افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت، پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے عسکریت پسندوں کو تربیت اور مالی اعانت فراہم کر رہا ہے۔

صدر مملکت نے ترک بری فوج کمانڈر جنرل امیت دندار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دہشتگرد کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے اور اس کے خلاف برادر ملک افغانستان کی زمین استعمال کیے جانے پر تشویش ہے۔

انہوں نے 23 جون کو لاہور میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے ایک حالیہ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائی بھارت کی حمایت سے کی گئی ہے۔

انہوں نے بھارت میں یورینیم کی غیر قانونی تجارت کے واقعات پر عالمی برادری کی خاموشی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

صدر نے ترکی کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ تجارت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے دونوں برادر ممالک کے باہمی فوائد کے لیے مختلف شعبوں میں ترکی کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تربیتی تعاون سے متعلق معاہدے سے فوجی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

انہوں نے بھارت میں یورینیم کی غیر قانونی تجارت پر ترکی کے ساتھ پاکستان کی تشویش کا بھی اظہار کیا اور حیرت کا اظہار کیا کہ عالمی برادری اس معاملے پر کیوں خاموش ہے جو ساری دنیا کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

عارف علوی نے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی مقامات خصوصاً کشمیر اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس پر پاکستان کی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv