فرنچ اوپن ٹینس: میچ فکسنگ کے الزام میں خاتون کھلاڑی گرفتار

پیرس: فرنچ اوپن ٹینس میں میچ فکسنگ کے الزام میں روس کی خاتون کھلاڑی یانا سیزیکووا کو گرفتار کرلیا گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی کھلاڑی یانا سیزیکووا نے گزشتہ روز میچ کھیلا تھا، یانا سیزیکووا کو اپنی پارٹنر کے ہمراہ آسٹریلوی جوڑی سے شکست ہوئی تھی۔

یانا سیزیکووا کو جمعرات کو ایونٹ کے پہلے میچ کے بعد پیرس پولیس نے حراست میں لیا۔

پروسیکیوٹر آفس کے مطابق روسی کھلاڑی نے گزشتہ برس فرنچ اوپن ٹینس کے ڈبلز ایونٹ میں فکسنگ کی تھی۔

Image: Yana Sizikova

میچ گزشتہ برس 30 ستمبر کو کھیلا گیا تھا جس میں سیزیکووا اور ان کی پارٹنر کو شکست ہوئی تھی۔

دوسری جانب روسی کھلاڑی کے وکیل فریڈرک بیلوٹ کا کہنا ہے کہ سیزایکووا کو پولیس تحویل سے رہا کردیا گیا ہے۔

بیلوٹ نے وضاحت دی کہ سیزایکووا پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے ڈبلز ایونٹ میں شرکت کی تھی اور فکسنگ کرتے ہوئے میچ ہار گئی تھیں، سیزایکووا نے ٹینس حکام سے رابطہ کیا تھا اور انہیں سارے واقعے سے آگاہ کردیا تھا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ سیزایکووا اسی لیے پرسکون تھی اور انہوں نے فرنچ اوپن 2021 کا ویمنز ڈبلز ٹورنامنٹ کھیلنے گئی تھیں۔

اپوزیشن خود متحد نہیں، لگتا ہے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی طلاق ہوگئی: فواد چودھری

لاہور:  فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن خود متحد نہیں، ان کے درمیان انتشار ہے، لگتا ہے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی طلاق ہوگئی ہے، اپوزیشن تنکوں کی طرح بکھری ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جس گرداب میں پھنسا تھا اس سے باہر آگیا ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی پالیسیوں کے باعث پاکستان گرداب میں پھنسا تھا، رواں سال کا بجٹ ہماری کارکردگی کا عکاس ہوگا، ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا جا رہا ہے، اپوزیشن کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے اپنی جماعت پیپلزپارٹی کے حوالے کر دی تھی، بلاول بھٹو نے بھی اپنی پارٹی ن لیگ کے حوالے کر دی تھی، چاہتے تھے پی ڈی ایم کی شادی چلتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں، مسلم لیگ ن فیصلہ کرے کہ ان کی پالیسی کیا ہے ؟ مولانا صاحب نکاح وغیرہ پڑھا کریں، سیاست ان کے بس کی بات نہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین کا دھڑہ پی ٹی آئی کیساتھ ہے، لوگ جہانگیر ترین کے کھانوں پر ذاتی تعلقات کی وجہ سے جاتے ہیں، جہانگیر ترین سمیت تمام ارکان عمران خان کے وژن پر یقین رکھتے ہیں۔

پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لئے امیگریشن کو آسان بنایا جائیگا، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شناختی کارڈز کے فوری اجراء کے لئے انتظامات کیے جارہے ہیں اور پاک افغان بارڈر پر بھی آمد و رفت کے لئے امیگریشن کو آسان بنایا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے قبائلی عمائدین اور معززین کے جرگے سے خطاب کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں پاسپورٹ دفتر کا افتتاح کردیا گیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاسپورٹ اور نادرا کے دفاتر میں مقامی سٹاف کو بھرتی کیا جائیگا اور نادرا رجسٹریشن کے لئے فوری طور پر دو مو بائیل وینز فوری فراہم کی جائینگی۔

وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ساوتھ وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے اور نارتھ وزیر ستان انٹر نیٹ سروس اسی سال شروع ہوجائینگی۔

وزیر داخلہ نے بتایا ہے کہ علاقے کو ترقی دینے کے لئے مزیدفنڈز فراہم کئے جائیں گے۔

ماحولیات کا عالمی دن، مرکزی تقریب آج کنونشن سینٹر اسلام آباد میں شیڈول

اسلام آباد:ماحولیات کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے، اس حوالے سے مرکزی تقریب آج کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوگی، وزیراعظم عمران خان تقریب سے خطاب کریں گے۔

تقریب میں برطانیہ اور چین کے وزرائے اعظم، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت عالمی رہنماؤں کے پیغامات نشر کئے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان اپنے خطاب میں اہداف اور اہم اعلانات کریں گے۔ تقریب میں سیاسی و حکومتی شخصیات، وزرا، غیر ملکی سفیر شریک ہوں گے۔ تقریب میں ثقافتی شو بھی پیش کیا جائے گا، کنونش سینٹرکو پودوں اور پھولوں سے سجا دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کیلئے ایک چیلنج ہے، ہم نے اپنی نسلوں کو آلودگی سے پاک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے، آلودگی کے باعث انسانی صحت اور قدرتی ماحول بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اقوام عالم کو مل کر قدرتی ماحول پر اثرانداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ پشاور میں آج قدرتی ماحول کی اہمیت اجاگر کرنے کا دن ہے، عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز ہے، بلین ٹری منصوبے کو عالمی سطح پر بے حد پذیرائی ملی۔

قائمقام برطانوی ہائی کمشنر الیگزینڈر ایونز نے کہا کہ خوشی ہے اس سال پاکستان عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کر رہا ہے، قدرتی وسائل سےمالا مال دوست ملک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے سنگین خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے اردو میں پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بورس جانسن حکومت اسلام آباد کی کوششوں کی بھرپور سپورٹ کر رہی ہے، کیونکہ ساتھی ہی مشکل وقت میں کام آتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سی ایم پیکج برائے بحالی روڈزکی منظوری دے دی

لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب نے سی ایم پیکیج برائے بحالی روڈزکی منظوری دے دی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کو مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شہروں اور دیہات کی سڑکوں کو بحال کر کے عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی حکمت عملی بنا لی ہے، ہر سال خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود سڑکوں کی حالت خراب ہونا انتہائی افسوسناک امر ہے، پنجاب میں سرکاری وصولیوں میں 20 فیصد اضافہ حکومت کی شفاف پالیسیوں کا ثمر ہے۔

عثمان بزدار نے بجٹ سازی میں زیر تکمیل منصوبوں کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کرنے حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈیپارٹمنٹ سے پبلک فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنانے کے لئے ماہانہ مانیٹرنگ رپورٹ طلب کی جائے گی۔

بھارت مذاکرات چاہتا ہے تو کشمیر کا پرانا اسٹیٹس بحال کرے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت مذاکرات چاہتا ہے تو کشمیر کا پرانا اسٹیٹس بحال کرے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر کا پرانا اسٹیٹس بحال کردے تو مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے غیر قانونی اقدامات کیے ہیں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برصغیر میں غربت کے خاتمے کے لئے تجارت کا ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے یورپی یونین کی مثال بھی دی۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ بھارت نے کشمیر کی حیثیت ختم کر کے ریڈ لائن کراس کی ہے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ 11جون کو پیش کرنےکا فیصلہ

بجٹ 22-2021ء قومی اسمبلی میں 11جون کو پیش کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات کےدوران قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے شیڈول کو حتمی شکل دی گئی ۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں بجٹ 11جون کو پیش کیا جائےگا اور اس کے بعد بجٹ پر بحث 30جون تک جاری رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس7 جون کو شام 5 بجے طلب کرلیا ہے۔

بھارت: مندر کے ارد گرد بسنے والے مسلمانوں سے زبردستی گھر خالی کرانے کا انکشاف

بھارت میں مندر کے ارد گرد بسنے والے مسلمانوں سے زبردستی گھر خالی کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

خلیجی خبر رساں ویب سائٹ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں مندر کے ارد گرد بسنے والی مسلمان آبادی سے زبردستی گھر خالی کرائے جارہے ہیں، مسلمانوں کو زبردستی ایک ایسے اجازت نامے پر دستخظ کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے جس میں یہ تحریر ہےکہ یہ زمین یا گھر وہ اپنی مرضی سے خالی کررہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارت کی جنوب مشرقی ریاست اترپردیش کے معروف گورکھ ناتھ مندر کے قریب بسنے والوں کو اجازت نامے کے خطوط دیے گئے ہیں جس پر ان سے زبردستی دستخط لیے جارہے ہیں جب کہ اس اجازت نامے میں تحریر ہے کہ دستخط کرنے والا شخص رضا مندی سے اپنی زمین یا گھر حکومت کے حوالے کررہا ہے تاکہ مندر کے احاطے کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔

رپورٹ کے مطابق اجازت نامے میں تحریر ہے کہ ہمیں اس اجازت نامے پر کوئی اعتراض نہیں جس کے بعد ہی ہم نے اس پر دستخط کیے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ گورکھ ناتھ مندر کے ارد گرد درجنوں گھر ہیں جس میں زیادہ تر مسلمان اقلیت کے ہیں جنہیں اجازت نامے پر دستخط کا کہا گیا ہے۔

رپورٹ کےمطابق ہندو انتہا پسندوں کے دباؤ کی وجہ سے اب تک کئی مسلمان فیملیز ان اجازت ناموں پر دستخط کرچکی ہیں اور اگر کچھ مسلمان رہائشی اجازت نامے پر دستخط سے انکار کرتے ہیں تو انہیں دباؤ میں لانے کے مختلف طریقے استعمال کیے جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش کے ہندو انتہا پسند وزیراعلیٰ یوگی ادتیاناتھ گورکھ ناتھ مندر کے سرپرست اعلیٰ ہیں۔

ٹرمپ نےکورونا وائرس پھیلنےکا ایک بارپھرچین پرالزام لگا دیا،ہرجانے کا مطالبہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے عالمی وبا کورونا وائرس پھیلنے کا الزام چین پر عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس موذی بیماری سے جو بھی نقصان ہوا، اس کے ازالے کیلئے چین ہرجانہ ادا کرے۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین کو چاہیے کہ وہ اب پوری دنیا میں ہونے والی تباہی کا 10 کھرب ڈالر معاوضہ ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین اور ڈاکٹر فوچی کے درمیان ہونے والی گفتگو کو کسی کیلئے بھی نظر انداز کرنا ممکن نہیں ہے۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دور صدارت میں بھی بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کوووڈ 19 کو ہمیشہ ’’ چینی وائرس ‘‘ کہتے رہے۔ چین اور دنیا بھر کے سنجیدہ طبقے نے اس الزام کو نسل پرستانہ قرار دیا تھا۔

رواں سال ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی ایک خصوصی ٹیم چین کے شہر ووہان گئی تاکہ کورونا وائرس سے منسلک اصل حقائق کا پتا چلایا جاسکے۔ لیکن اس نے اپنی مکمل رپورٹ جو مارچ میں مرتب ہوئی اس میں واضح کر دیا تھا کہ اس بات کے کہیں شواہد نہیں ملے کہ کوووڈ 19 چینی لیبارٹری سے نکل کر پوری دنیا میں پھیلا تھا۔

حال ہی میں ایک امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ 2019ء میں کورونا وائرس پھیلنے سے ووہان لیبارٹری میں کام کرنے والے تین محقق بیمار ہو گئے تھے، ان کی علامات کوووڈ 19 کی طرح تھیں۔

تاہم چین نے اس رپورٹ کو مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آج تک ووہان لیب کا کوئی عملہ کورونا سے متاثر نہیں ہوا ہے۔

یہ رپورٹ آنے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے تمام خفیہ اداروں کو 90 دن کے اندر اندر کورونا وائرس کے منبع سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان

قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں 3 ون ڈیز، 2 ٹیسٹ اور 8 ٹی 20 میچز کھیلنے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

اس ضمن میں جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق حارث سہیل کی ون ڈے، عماد وسیم کی ٹی 20 میچز جبکہ محمد عباس اور نسیم شاہ کی ٹیسٹ میچز کے اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو پہلی مرتبہ قومی ٹی 20 ٹیم جبکہ سلمان علی آغا کو ون ڈے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

طلبہ و والدین کیلئے اہم خبر، اسکولوں کے اوقات کار تبدیل ، نیا شیڈول جاری

اہور: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے اسکولوں کے نئے اوقات کار جاری کردیے ، نئے اوقات کار کا اطلاق پیر سے ہوگا، جس کے تحت 50 فیصد طلبا ایک دن میں اسکول حاضرہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق سی ای او لاہور پرویزاختر نے اسکول کے نئے اوقات کارجاری کردئیے ، جس کے تحت 50 فیصدطلباایک دن میں اسکول حاضرہوں گے اور کوئی بھی طالب علم لگاتار2دن اسکول نہیں آئے گا۔

اوقات کار کے مطابق نرسری سے مڈل تک کی طالبات کی کلاسز کے اوقات کار7:15سے11:15تک ہوں گے جبکہ میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے اوقات کار 7:15 سے 11:45 تک ہوں گے۔

نرسری سے مڈل تک طلباکے اسکول کے اوقات کار7:30سے11:30تک ہوں گے جبکہ میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے طلبا کی کلاسز7:30سے 12بجے تک ہوں گی
تاہم کلاسزکے دوران کوئی بریک نہیں ہوگی۔

خیال رہے پنجاب حکومت نے 7 جون سے صوبے بھر کے تمام اسکولز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ، محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے ہفتے میں 4 ‏دن کھولےجائیں، تعلیمی ادارےمیں ایک دن میں50فیصدحاضری ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی ادارےمکمل ایس اوپیز کے تحت کھولےجائیں گے۔

افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کا عمل شروع ہو چکا ہے، وزیر خارجہ

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے تناظر میں منعقدہ سہ ملکی اجلاس اور خطے کی صورتحال پر اہم بیان جاری کیا ہے۔

ان کا کہنا ہےکہ 44 فیصد امریکی اور اتحادی افواج افغانستان سے نکل چکی ہیں، مکمل انخلا کیلئے 11 ستمبر کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان اس وقت بہت نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، کل سہ ملکی اجلاس میں افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اس حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی، افغان وزیر خارجہ کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان تشریف لائیں تاکہ ہم افغان امن عمل، دوحہ میں جاری مذاکرات اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے مزید تبادلہ خیال کر سکیں۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ ہمارے مقاصد بہت واضح ہیں ہم خطے میں امن و استحکام کا قیام چاہتے ہیں، ہم “اقتصادی سفارت کاری” پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، اس وقت ہمیں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں معاشی انضمام، سرمایہ کاری اور تجارت کے حجم میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں ” جیو اکنامکس” ہماری خارجہ پالیسی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہم عارضی نہیں لانگ ٹرم اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔