طلبہ و والدین کیلئے اہم خبر، اسکولوں کے اوقات کار تبدیل ، نیا شیڈول جاری

اہور: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے اسکولوں کے نئے اوقات کار جاری کردیے ، نئے اوقات کار کا اطلاق پیر سے ہوگا، جس کے تحت 50 فیصد طلبا ایک دن میں اسکول حاضرہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق سی ای او لاہور پرویزاختر نے اسکول کے نئے اوقات کارجاری کردئیے ، جس کے تحت 50 فیصدطلباایک دن میں اسکول حاضرہوں گے اور کوئی بھی طالب علم لگاتار2دن اسکول نہیں آئے گا۔

اوقات کار کے مطابق نرسری سے مڈل تک کی طالبات کی کلاسز کے اوقات کار7:15سے11:15تک ہوں گے جبکہ میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے اوقات کار 7:15 سے 11:45 تک ہوں گے۔

نرسری سے مڈل تک طلباکے اسکول کے اوقات کار7:30سے11:30تک ہوں گے جبکہ میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے طلبا کی کلاسز7:30سے 12بجے تک ہوں گی
تاہم کلاسزکے دوران کوئی بریک نہیں ہوگی۔

خیال رہے پنجاب حکومت نے 7 جون سے صوبے بھر کے تمام اسکولز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ، محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے ہفتے میں 4 ‏دن کھولےجائیں، تعلیمی ادارےمیں ایک دن میں50فیصدحاضری ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی ادارےمکمل ایس اوپیز کے تحت کھولےجائیں گے۔

افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کا عمل شروع ہو چکا ہے، وزیر خارجہ

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے تناظر میں منعقدہ سہ ملکی اجلاس اور خطے کی صورتحال پر اہم بیان جاری کیا ہے۔

ان کا کہنا ہےکہ 44 فیصد امریکی اور اتحادی افواج افغانستان سے نکل چکی ہیں، مکمل انخلا کیلئے 11 ستمبر کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان اس وقت بہت نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، کل سہ ملکی اجلاس میں افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اس حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی، افغان وزیر خارجہ کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان تشریف لائیں تاکہ ہم افغان امن عمل، دوحہ میں جاری مذاکرات اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے مزید تبادلہ خیال کر سکیں۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ ہمارے مقاصد بہت واضح ہیں ہم خطے میں امن و استحکام کا قیام چاہتے ہیں، ہم “اقتصادی سفارت کاری” پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، اس وقت ہمیں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں معاشی انضمام، سرمایہ کاری اور تجارت کے حجم میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں ” جیو اکنامکس” ہماری خارجہ پالیسی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہم عارضی نہیں لانگ ٹرم اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

سپریم کورٹ نے خورشید شاہ کی درخواست ضمانت خارج کردی

اسلام آباد:  پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے سپریم کورٹ سے درخواست ضمانت واپس لے لی۔

سپریم کورٹ میں خورشید شاہ کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے خورشید شاہ کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔ خورشید شاہ ہارڈشپ اور ٹرائل میں تاخیر کی بنیاد پر ہائی کورٹ سے رجوع کرینگے۔

سپریم کورٹ نے ہدایت کہ کہ سندھ ہائی کورٹ خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر ایک ماہ میں فیصلہ کرے۔ سپریم کورٹ نے نیب کی مسلسل تیسرے روز بھی سرزنش کی۔

جسٹس سردار طارق نے کہا کہ نیب کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور ضمنی ریفرنس آئے گا، کیا تفتیشی افسر کو معلوم ہے کہ ضمنی ریفرنس کا نتیجہ کیا ہوگا؟۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ تفتیش مکمل ہوچکی ہے ضمنی ریفرنس جلد دائر ہوجائے گا۔

جسٹس سردار طارق نے ریمارکس دیے کہ ضمنی ریفرنس کا مطلب ہے فرد جرم دوبارہ عائد ہوگی، اس کے نتیجے میں ازسرنو ٹرائل ہوگا، دو سال بعد ازسرنو ٹرائل کا مطلب ہے ہارڈشپ نکتے پر ضمانت پکی، لگتا ہے نیب ملزمان کی ملی بھگت سے سب کچھ کرتا ہے، نیب کے ان اقدامات کا مقاصد ملزمان کو فائدہ پہنچانا ہے۔

معاشی استحکام کیساتھ اسلام آباد کو ایک مثالی شہر بنانے کا وقت آ چکا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ معاشی استحکام حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ اب اسلام آباد کو ایک مثالی شہر بنانے کا وقت آ چکا ہے، اس مقصد کیلئے اصلاحات اور تنظیم نو ترجیح ہوگی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشی بدلاؤ اور تعمیراتی پالیسی کے مختلف شعبوں پر اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے، پاکستان بدل رہا ہے، دیوالیہ کے قریب پہنچ جانے والا وفاقی ترقیاتی ادارہ سی ڈی اے جو کہ 2017 میں 5 ارب 80 کروڑ روپے خسارے میں تھا اب اس کے اکاؤنٹس میں 26 ارب روپے موجود ہیں، رواں مالی سال کے اختتام پر سی ڈی اے اکاؤنٹ 73 ارب روپے سرپلس میں ہوگا۔

پاکستان، چین اور افغانستان کی معاشی ترقی باہم منسلک ہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن وسلامتی کے نتیجے میں خطے میں باہمی رابطوں اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔ پاکستان، چین اور افغانستان کی امن، خوشحالی اور معاشی ترقی باہم منسلک ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا سے سنگین سیکیورٹی چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان کے ہمیشہ سے چین اور افغانستان کے ساتھ تعلقات مضبوط تر کرنے کیلئے کوشاں رہا ہے۔

جمعرات کو چین، افغانستان، پاکستان سہہ ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ آج کے غور وخوض سے سہہ ملکی تعاون مزید مضبوط ہوگا اور روابط کے نئے دروازے کھلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین، افغانستان اور پاکستان سہہ ملکی فورم کو ہمیشہ نہایت اہمیت دیتا آیا ہے تاکہ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون اور اشتراک عمل بڑھایا جاسکے،ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ہم تینوں ممالک کی امن، خوش حالی اور معاشی ترقی باہم منسلک ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چار سال قبل تینوں ممالک نے سہہ ملکی فورم کی تشکیل کے خیال پر غور کیا تھا تاکہ افغانستان اور خطے میں امن واستحکام کے فروغ کی مشترکہ کوششیں کی جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے، خطے کو باہم جوڑنے اور بامعنی منصوبہ جات کے ذریعے معاشی ترقی میں اضافہ ممکن ہو۔اس وقت سے ہم نے بتدریج، مرحلہ وار لیکن ثابت قدمی سے اس فورم کے ذریعے آگے کی طرف کامیاب پیش رفت کی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کا ہمارا اجلاس ایک اہم وقت پر ہورہا ہے۔ امریکہ اور نیٹو افواج پہلے ہی افغانستان سے انخلاء شروع کرچکی ہیں۔ اس کے اہم مضمرات ہیں۔ہماری نظر میں افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلاء سے جہاں سنگین سکیورٹی چیلنجز درپیش ہیں۔ وہاں افغانستان میں امن و مفاہمت اور داخلی تنازعات کے خاتمے کا ایک نادر موقع فراہم کرتا ہے۔اس لئے ہمیں دیکھنا ہے کہ وقوع پذیر صورت حال سے موثر انداز میں نبردآزما ہونے، افغانستان اور خطے میں پائیدار امن وسلامتی کے مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے کے لئے ہم تینوں ہمسایہ ممالک، کس طرح مل کر کام کرسکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، چین اور افغانستان ایسے خطے میں واقع ہیں جو بے پناہ مواقع سے مالا مال ہے جن کے ذریعے باہمی مفاد میں معاشی اور ترقیاتی تعاون کو فروغ دیاجاسکتا ہے،جغرافیائی طورپرتینوں ممالک تاریخی شاہراہوں کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہیں جو مشرق ومغرب اور شمال و جنوب استوار ہیں۔افغانستان میں پائیدار امن وسلامتی کے نتیجے میں ایسا سازگارماحول پیدا ہوگا جو خطے کو باہم ملانے اور معاشی تعاون کو گہرا کرکے اس کی حقیقی صلاحیت کو پروان چڑھانے کا موجب بنے گا،جدت اور ٹیکنالوجی کی پیش رفت کے ذریعے ایک دوسرے پر انحصار فروغ پائے گا۔وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ سہہ ملکی اجلاس کے ایجنڈے پر موجود تمام نکات پر ہماری معروضات تعمیری، نتیجہ خیز اور بامعنی ثابت ہوں گی۔

کرکٹ دیوانوں کے لیے اچھی خبر، پی ایس ایل میچز 9 جون سے ابوظہبی میں شروع

لاہور: کرکٹ دیوانوں کے لیے اچھی خبر،پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز 9 سے 24 جون تک ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کے میچز یو اے ای وقت کے مطابق رات 8 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے) شروع ہوں گے، ڈبل ہیڈرز والے روز پہلا میچ یو اے ای وقت کے مطابق شام 5 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 6 بجے) شروع ہوگا۔ میچز24جون تک ابوظہبی میں جاری رہیں گے۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ بقیہ میچز کا مکمل شیڈول کچھ دیر بعد جاری کرے گا۔

پیپلزپارٹی کےلیےپی ڈی ایم کےدروازے کھلےہیں،مولانافضل الرحمان

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اگر واپس آنا چاہتی ہے تو اس کے لئے پی ڈی ایم کے دروازے کھلے ہیں۔

جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ پی ڈی ایم عوام کی آواز بن چکی  تھی۔ اس ناکام حکومت کے خلاف قوم ایک ہوگئی تھی۔ اس وقت حکومت اپنے مقاصد کیلئے قانون لارہی ہے۔

نون لیگ سے متعلق انھوں نے کہا کہ مریم نواز اور شہبازشریف کا تعلق ایک ہی پارٹی سے ہے تاہم ہمارے معاملات پارٹی سے ہيں اور کسی ايک فرد سے نہيں۔

بجٹ سے متعلق مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ حکومت ایک ہدف عوام کو دے گی اور تین سے چار ارب روپے جی ڈی پی گروتھ کا بتائے گی تاہم یہ جھوٹ ہوگا۔

انھوں نے مزید کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے پاکستان کو امریکا کی کالونی بنایا۔ عمران خان کی حکومت بھی اس نقش قدم پر چل رہی ہے۔اگر عمران خان پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کےلیے فوجی اڈے امریکا کو دیں گےتو اس کے نتائج کیا ہونگے۔ خطے میں پاکستان غلام کالونی کا کردار ادا کررہا ہے۔

اسرائیل: نیتن یاہو 12 سال بعد فارغ، سیاسی جماعتوں کا مخلوط حکومت کیلئے اتحاد

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے 12 سالہ اقتدار کا سورج غروب ہوگیا، سیاسی پارٹیوں نے نیتن یاہو کے بغیر مخلوط حکومت پر اتفاق کرلیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے اکثریتی پارٹی یش اتید کے سربراہ یائر لیپڈ نے اسرائیلی صدر کو آگاہ کردیاہے کہ وہ حکومت سازی کیلئے معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں،ان کے پاس اکثریت ہے ،اس سے قبل یونائیٹڈ عرب پارٹی کے سربراہ منصور عباس نے بھی یامینا پارٹی اور یش اتید پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت سازی پر اتفاق کرلیا۔انہوں نے یش اتید کے سربراہ یائر لیپڈ اور یامینا پارٹی کے سربراہ نفتالی بینٹ سے ملاقات کی جس میں مخلوط حکومت سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر تینوں نے اتحاد کیلئے معاہدے پر دستخط کیے۔اسرائیل کی تاریخ میں پہلی بار کوئی عرب پارٹی حکومتی اتحاد کا حصہ بنی ہے ۔

ادھرآئزک ہرتزوگ بھاری اکثریت کیساتھ اسرائیل کے 11 ویں صدر منتخب ہو گئے ۔ اسرائیلی پارلیمنٹ نے خفیہ ووٹنگ کے ذریعے صدرکا انتخاب کیا، انہیں 87 ووٹ ملے جبکہ ان کی حریف ماہرتعلیم میریام پیرٹس 27 ووٹ حاصل کر سکیں۔وہ سابق صدر چیم ہرزوگ کے صاحبزادے ہیں،نومنتخب صدر 9جولائی کو عہدہ سنبھالیں گے ۔

قومی ادارہ صحت کا پہلے مرحلے میں فائزر ویکسین عازمین حج کو لگانےکا فیصلہ

امریکی فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں پاکستان کو مل چکی ہیں، دوسرے مرحلے میں عوام کو ویکسین لگائی جائے گی، فائزر کی مزید خوراکیں جولائی سے اگست میں پاکستان پہنچیں گی۔ ذرائع قومی ادارہ صحت

اسلام آباد () قومی ادارہ صحت نے پہلے مرحلے میں فائزر ویکسین عازمین حج کو لگانے کا فیصلہ کرلیا، فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں پاکستان کو مل چکی ہیں، اس کے بعد عوام کو ویکسین لگائی جائے گی، فائزر کی مزید خوراکیں جولائی سے اگست میں پاکستان پہنچیں گی۔ ذرائع قومی ادارہ صحت کے مطابق قومی ادارہ صحت نے پہلے مرحلے میں فائزر ویکسین عازمین حج کو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔فائزر کی ایک لاکھ ڈوزز کچھ روز قبل پاکستان پہنچی ہیں۔ تاہم فائزر ویکسین کو فی الحال عوام کو لگانے کا فیصلہ نہیں ہوا۔ فائزر ویکسین کی دوسری کھیپ کے بعد ویکسین عوام کو لگائی جائے گی۔ جو کہ جولائی سے اگست میں پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ صحت نے فائزر ویکسین کی اسٹوریج کیلئے 23 الٹراکولڈ چین فریزر خرید لیے ہیں۔

فیصلہ کیا گیا ہے کہ فائزر ویکسین بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو ترجیعی بنیادوں پر لگائی جائے گی۔

واضح رہے 28 مئی کو کورونا ویکسین فائزر کی پہلی کھیپ پاکستان کو موصول ہوگئی ہے، فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں پاکستان کو مل گئی ہیں۔ فائزر ویکسین کی کھیپ پاکستان کو کوویکس کے ذریعے ملنے والی دوسری کھیپ ہے۔ 2 ہفتے قبل 12 لاکھ سے زائد اسٹرازینکا ویکسین کے ٹیکے کوویکس کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے۔ فائزر ویکسین کی خریداری اور فراہمی میں یونیسف نے اہم کردار ادا کیا۔دوسری جانب وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان کا کہنا ہے کہ چینی ویکسین کو امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن نے73 فیصد موثر قراردے دیا ہے، ہم چینی کورونا ویکسین لگا رہے تھے، اب ویکسی نیشن بڑھا دی ہے۔ اس وقت کورونا ویکسی نیشن ایک لاکھ یومیہ تک پہنچ گئی ہے۔ رواں برس چینی ویکسین کی وجہ سے عازمین حج ، حج سے محروم نہیں رہیں گے۔ حکومت نے اس حوالے سے سعودی عرب سے رابطہ کرلیا ہے اور بہت جلد عوام کو خوشخبری سنائیں گے۔ چینی ویکسین پر حج کی اجازت نہ ملنے پر سعودی عرب سے رابطے میں ہیں۔ ہمارا کوئی بھی حاجی چینی ویکسین کی وجہ سے حج سے محروم نہیں رہے گا۔

امریکا چند دنوں میں بگرام ائیربیس افغان فورسزکے حوالے کردیگا: افغان عہدیدار

افغان سیکورٹی عہدیدار کا کہنا ہے کہ  امریکا آئندہ 20 دن میں بگرام ائیربیس افغان فورسزکے حوالےکرنا شروع کردےگا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی عہدیدار کی جانب سے بھی افغان حکام کے اس بیان کی تصدیق کی گئی ہے تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔

خیال  رہے کہ بگرام ائیربیس 1980 کی دہائی میں سابق سویت یونین نے تعمیرکی تھی، بگرام ائیربیس امریکی اور نیٹو افواج کے زیراستعمال رہنے والا سب سے بڑا فوجی اڈہ بھی ہے۔

نویں اور دسویں کے امتحانات صرف 4 منتخب مضامین میں لینے کا فیصلہ

اسلام آباد:  میٹرک اور انٹر امتحانات 10 جولائی کے بعد شروع ہونگے۔ نویں اور دسویں کے امتحانات صرف چار منتخب مضامین میں لئے جائیں گے۔ ریاضی کا مضمون لازمی ہوگا۔ گیارہویں اور بارہویں میں صرف اختیاری مضامین کے پرچے لیے جائیں گے، بغیر امتحان کسی کو اگلا گریڈ نہیں ملے گا۔

تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر شفقت محمود کے زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے تعلیم بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران امتحانات کےحوالے سے تجاویز زیر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے کچھ بچے امتحانات کے بغیر پاس کیے، تاہم اب ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ امتحانات کے بغیر کوئی گریڈ نہیں ملے گا۔ یہ تمام فیصلے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے باعث تعلیمی اداروں کو بند کرنا آسان فیصلہ نہیں تھا۔ کورونا وبا کے تعلیم پر منفی اثرات پڑے۔ اب صورتحال میں بہتری کی وجہ سے 9ویں،10ویں ،11ویں اور 12ویں کی کلاسز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام فیصلوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، کسی قسم کا دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

عالمی ادارہ صحت کی ہنگامی استعمال کیلئے چینی ویکسین سائنو ویک کی منظوری

جینوا: عالمی ادارہ صحت نے ہنگامی استعمال کے لیے چینی ویکسین سائنو ویک کی منظوری دے دی۔ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ اس سے مختلف ممالک، فنڈز، خریداری کرنے والی ایجنسیوں اور برادریوں کو اعتماد ملے گا۔

 عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ مشاہدہ کیا گیا کہ یہ ویکسین حفاظت، افادیت اور تیاری کے بین الاقوامی معیار پر پورا اترتی ہے، سائنو ویک نے لوگوں کو کورونا کی شدت سے بچایا، ویکسین نے لوگوں کو 100 فیصد ہسپتال جانے سے بھی بچایا، یہ 18 سال اوراس سے زائد عمرکے افراد کو لگائی جاسکتی ہے۔

واضح رہے عالمی ادارہ صحت چینی ویکسین سائنو فارم کی بھی منظوری دے چکا ہے۔