غلامی سے بڑی سے کوئی سزا نہیں، مریم نواز

مسلم لیگی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ غلامی سے بڑی سے کوئی سزا نہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگی رہنما مریم نواز نے اپمے اک بیان میں کہا کہ غلامی وہ پردہ ہے جو ہم پر ڈال دیا جاتا ہے تاکہ حق اور سچ نظر نہ آئے۔

مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ نالائق حکومت نے نوجوان کا مستقبل تاریک کردیا،17000 ارب کا نیا قرضہ آٹا اور چینی چوروں کی جیبوں میں جا رہا ہے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے بچوں سے 600 اسکالرشپ چھین لئے گئے جبکہ نوجوانوں آپ کو وہی دیا جائے گا جو طاقتور کی مرضی ہے۔

مسلم لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کے عوام کے حقوق کی بات ہے، آئین کی کتاب میں لکھا ہے کہ پاکستان کیا ہوگا اور کیا نہیں ہوگا جبکہ آئین کی کتاب پڑھو تو پھر بتاؤ کہ نواز شریف کونسی غیر آئینی بات کرتا ہے۔

مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ قاضی فائز عیسی کو ہٹانے کی سازش کس نے کی، ہم نے وردی کے اوپر الزام نہیں لگانا۔

اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم پاکستان چل کر آتا ہے اور پاکستان کے وجود کو تسلیم کرتا ہے، جب ووٹ کو عزت ملتی ہے تو دھماکے ہونے بند ہوجاتے ہیں۔

مسلم لیگی رہنما مریم نواز نے مزید کہا کہ جب ووٹ کو نہیں ملتی تو نوجوان نسل کو حقوق اور غریب کو ادویات نہیں ملتی اور جب ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو دہشت گردی پھر سر اٹھاتی ہے۔

دفتر خارجہ نے فرانس میں موجود پاکستانی کمیونٹی سے متعلق ‘بے بنیاد’ رپورٹس مسترد کردیں

پاکستان نے بھارتی میڈیا کے ‘کچھ حلقوں’ اور ڈمی ٹوئٹر اکاؤنٹس کی جانب سے فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے حوالے سے ‘بے بنیاد’ رپورٹس کو مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بے بنیاد اور گمراہ کن معلومات واضح طور پر اضافی کام کرنے والی پاکستان مخالف پروپیگنڈہ مشین کا کیا دھرا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ فرانس میں موجود پاکستانی قانون پر عمل کرنے والے ہیں اور فرانسیسی معیشت میں مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حالیہ واقعات کے بعد فرانس میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کسی قسم کی مشکلات کی کوئی شکایت نہیں ہے۔

علاوہ ازیں کسی قسم کی معلومات کے لیے فرانس میں پاکستانی سفارتخانے کے باضابطہ ٹوئٹر اکاؤنٹ PAKinFrance@ کو فالو کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

خیال رہے کہ خیال رہے کہ ‘قونصلیٹ جنرل آف پاکستان فرانس کے نام سے ایک جعلی اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ‘وزیراعظم عمران خان کی تنقید کے بعد ہمارے شہریوں کو فراہم کردہ 183 وزٹ ویزے مسترد کردیے گئے’۔

اسی ٹوئٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ‘مکمل دستاویز رکھنے والے 118 شہریوں کو جبری طور پر ڈی پورٹ کردیا گیا اور اپنے شہریوں کو عارضی طور پر رکنے کی اجازت دینے کے لیے ہم فرانسیسی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں’۔

اسی جعلی ٹوئٹ کے دوسرے حصے میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ ”ڈی پورٹ کیے گئے افراد کی فہرست میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی بہن کا نام بھی موجود ہے اور وہ اپنی بیمار ساس کو دیکھنا چاہتی ہیں اس لیے ہم فرانسیسی حکام سے انہیں عارضی طور پر رکنے کی اجازت دینے کی درخواست کررہے ہیں”۔

یاد رہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی جانب سے متناع بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انہوں نے گستاخانہ خاکوں کی نمائش کی حوصلہ افزائی کر کے اسلام اور ہمارے نبی ﷺ کو ہدف بنا کر مسلمانوں، بشمول اپنے شہریوں کو جان بوجھ کر مشتعل کرنے کی راہ اختیار کی۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ ‘بدقسمتی سے فرانسیسی صدر نے تشدد پر آمادہ دہشت گردوں، چاہے وہ مسلمان، سفید نسل پرست یا نازی نظریات کے حامل ہوں، کے بجائے اسلام پر حملہ آور ہوتے ہوئے اسلاموفوبیا کی حوصلہ افزائی کا راستہ چنا’۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام پر اپنے بلا سوچے سمجھے حملے سے صدر ایمانوئیل میکرون یورپ اور دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات پر حملہ آور ہوئے ہیں اور انہیں ٹھیس پہنچانے کا سبب بنے۔

قلات: بچے کا گینگ ریپ کے بعد قتل، 3ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک : بلوچستان کے ضلع قلات میں 8 سالہ بچے کو گینگ ریپ کے بعد قتل کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

کوئٹہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ صوبے میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے کیسز بڑھ رہے ہیں جو انتہائی افسوناک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں قلات میں 8 سالہ بچے کو گینگ ریپ کے بعد قتل کرکے پہاڑی علاقے میں پھینک دیا گیا تھا تاہم پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے ریپ اور قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

صوبائی ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان مقتول بچے کے رشتے دار ہیں جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے ایک ہفتہ قبل بلوچستان کے ضلع قلات میں 8سالہ بچے کو گینگ ریپ کے بعد بے دری کے ساتھ قتل کر دیا گیا گیا تھا۔ بچے کی لاش کے نمونے فرانزک رپورٹ کے لیے لاہور بھیجوا دیے گئے ہیں جس کی رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی ہے۔

کوئٹہ سول اسپتال کی پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ نے بھی بچے کے ساتھ گینگ ریپ کی تصدیق کی تھی۔

ملک میں کورونا سے مزید 17 افراد انتقال کر گئے، 977 نئے کیسز بھی رپورٹ

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس کے مزید 977   کیسز سامنے آگئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 33 ہزار 970 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 27 ہزار 665 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 977 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 17 افراد انتقال کر گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر  (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 3.5 فیصد رہی۔

ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے17 اموات ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کُل تعداد 6 ہزار 823 ہو گئی ہے جب کہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 489 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

ملک بھر کے 735 اسپتالوں میں کورونا وائرس کے 821 مریض زیر علاج ہیں جب کہ کورونا وائرس کے 648 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 3 لاکھ 14 ہزار 555 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

صوبوں کی صورتحال

کورونا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 1 لاکھ45 ہزار 851 ہوگئی ہے۔

صوبہ پنجاب میں عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 4 ہزار 271  ہے جب کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 19 ہزار 970 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 39 ہزار 564 ہو گئی ہے جب کہ بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 ہزار 920  تک جا پہنچی ہے۔

علاوہ ازیں گلگت بلتستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 4 ہزار 261  جب کہ آزادکشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 ہزار 133 ہو گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا اعلان

الگ صوبہ گلگت بلتستان کے عوام کا مطالبہ تھا، گلگت کو الگ صوبہ بنائیں گے، الیکشن کی وجہ سے ابھی گلگت پیکج پر بات نہیں کرسکتا، وزیراعظم عمران خان کا گلگت کے قومی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب

گلگت (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا اعلان کردیا ۔ گلگت بلتستان کے قومی دن کے موقع پرآزادی پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعطم عمران خان نے کہا کہ الگ صوبہ گلگت بلتستان کے عوام کا مطالبہ تھا، عوامی مطالبے کے پیش نظر گلگت کو الگ صوبہ بنائیں گے، الیکشن کی وجہ سے ابھی گلگت پیکج پر بات نہیں کرسکتا، جلد گلگت کے عوام کو خوشخبری ملے گی اس موقع پر وزیراعظم نے گلگت کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا بھی اعلان کیا ۔انہوں نے کہا کہ جب تک وزیراعظم رہوں گا یکم نومبر گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ گزارا کروں گا۔ میں پہلی مرتبہ 15 برس کی عمر میں گلگت بلتستان آیا تھا اس وقت قراقرم ہائی وے بن رہی تھی۔

گلگت بلتستان کے عوام کو بھی دوسرے صوبوں کی طرح مکمل آزادی ہوگی۔ ہمارا مقصد ملک سے مہنگائی کو ختم کرنا ہے ۔تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ نریندر مودی کا مقصد پاکستان میں انتشار پھیلانا ہے،بھارت نے پلان کیا ہوا تھا کہ پاکستان میں شیعہ سنی فسادات پھیلائے جائیں اور بڑے مذہبی لیڈروں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا ہوا تھا ۔

میں شکریہ ادا کرتا ہوں اپنی ایجنسیز کا جنہوں نے نہایت خوش اسلوبی سے اس انتشار کو پھیلنے سے روکا۔میں پاکستان کے عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ فوج کسی بھی ملک کے لیے انتہائی ضروری ہے، ایک مضبوط فوج ایک مضبوط ملک کی علامت ہے، اسلامی ممالک کا حال آپ کے سامنے ہے، ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہونا چاہیے، ہمارے کچھ سیاستدان ہماری فوج کیخلاف بیان بازی کررہے ہیں، یہ لوگ 35 برس ملک لوٹتے رہے ہیں، اب ان سے حساب مانگا جا رہا ہے تو یہ ہمارے خلاف اور فوج کیخلاف باتیں کرنا شروع ہو گئے ہیں ۔حکومت جب ان سے بلیک میل نہیں ہوئی تو انہوں نے پاک فوج کے سربراہ اور آئی ایس آئی کے چیف کیخلاف پروپیگنڈہ کرنا شروع کردیا۔ عمران خان نے کہا کہ میں اللہ کا لاکھ شکر ادا کرتا ہوں کہ میں نے آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ کو منتخب کیا اور یہ میری سیلیکشن بالکل درست ہے کیونکہ اگر یہ ڈاکو ان کے خلاف بول رہے ہیں تو اس کا مطلب یہی ہے کہ یہ درست لوگ ہیں ۔اسلامی تاریخ کا مطالعہ کریں تو دیکھیں گے کہ مسلمانوں نے ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیالیکن نقصان ہمیشہ ان کو میر جعفر اور میر صادق نے پہنچایا ہے اور آج ہمیں بھی ان میر جعفر، میر صادق اور میر ایاز صادق کا سامنا ہے۔ یہ ملک کو بدنام کر رہے ہیں ، ابھی نندن کی رہائی کے فیصلے پر دنیا بھر کے سربراہان مملکت نے مبارک باد دی اور پاکستان کی بہادری کو سراہا گیا جبکہ یہ کہتے ہیں کہ ہم نے ڈر کر یہ کام کیا، ان لوگوں کا ایک ہی مقصد ہے این آر او، جو میں نے انہیں کسی صورت نہیں دینا ہے۔ان طاقتور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لاؤں گا ۔یہ دیکھیں گے کہ اب کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں اور کس کو پسینہ آتا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کا جب دل کرتا ہے قومی اداروں پر تنقید شروع کر دیتے ہیں، اب یہ ایک جج کو اوپر لانا چاہ رہے ہیں، جب حدیبیہ پیپر مل کیس میں ان کے حق میں فیصلہ آ جائے تو عدلیہ اچھی ہوتی ہے، لیکن ان کے ناجائز اثاثوں کیخلاف فیصلہ آ جائے تو عدلیہ بری ہو جاتی ہے ، یہ لوگ پاکستان کا یا پاکستان کے عوام کا نہیں اپنا فائدہ سوچتے ہیں، اور اس فائدے کے لیے یہ ملک کے خلاف بھی جا سکتے ہیں ۔

کورونا کی دوسری لہر، برطانیہ میں سخت لاک ڈاؤن کا اعلان

لندن(ویب ڈیسک): عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر  کے پیشِ نظر برطانیہ میں جمعرات سے ایک ماہ کے لیے سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں ہفتے کے دن مزید 326 اموات ہوئیں جو کہ پچھلے ہفتےکے مقابلے میں 2 گنا زیادہ ہیں۔

کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیشِ نظر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے دوسرے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ غیر ضروری دکانیں، بار اور ریسٹورنٹس 2 دسمبر تک بند رہیں گے جب کہ گھروں میں پارٹیوں کی اجازت بھی نہیں ہوگی اور سفر پر بھی پابندیاں ہوں گی۔

بورس جانسن کا کہنا ہے کہ اسکول اور کالجز کھلے رہیں گے جب کہ فرلو اسکیم بھی ایک ماہ کے لیے آگے بڑھا دی گئی ہے۔

اس ضمن میں برطانوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ عائد کی جانے والی پابندیاں ہی مسئلے کا حل ہیں۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن نہ ہونےکی صورت میں عالمی وبا کورونا وائرس سے 85 ہزار اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

ہارنے کا خوف، صدر ٹرمپ نے انتخابات میں دھاندلی کا خدشہ ظاہر کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہارنے کے خوف سے انتخابات میں دھاندلی ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پنسلوانیا میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کے دوران طنز کرتے ہوئےکہا کہ نتائج کے لیے تاریخ بڑھا دیں تاکہ اور لوگ ووٹ ڈال لیں۔

انہوں نے کہا کہ نتائج کی تاریخ بڑھانا مایوس کن ہے، جب وقت تھا تو لوگوں نے اپنا ووٹ ڈالا کیوں نہیں، دھاندلی 3 نومبر سے اس عرصےکے دوران ہوگی جو سپریم کورٹ دےگی۔

امریکی صدر نے کہا کہ کاش سپریم کورٹ مجھ سے اچھا برتاؤ کرتی، ری پبلکنز یقینی بنائیں کہ 3 نومبر کو ووٹ ڈالیں، ایک دوسرے کوپکڑ کر پولنگ بوتھ لے جائیں اور ماتحت اپنے افسرکو بھی لےکر  ووٹ ڈلوائے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کو دلدل کے کیڑوں سے تشبیہ دی اور کہا کہ جو بائیڈن آئے تو کورونا ویکسین مزید التوا کا شکار ہو گی، پھر سے لاک ڈاؤن لگا دیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ خوش قسمت ہیں میں آپ کا صدر ہوں، پنسلوانیا کا نتیجہ ری پبلکنز کے حق میں نکلا تو جیت یقینی ہو گی۔

امریکا میں صدارتی انتخاب 3 نومبر کو ہونے ہیں اور اس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کے درمیان کانٹے کے مقابلہ متوقع ہے جب کہ عوامی جائزہ پولز میں ڈونلڈ ٹرمپ اپنے حریف جو بائیڈن سے پیچھے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار ری پبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ہیں، وہ 2016 میں ہلیری کلنٹن کو شکست دیکر صدر منتخب ہوئے تھے تاہم وہ اس وقت بھی ٹرمپ پاپولر ووٹ میں ہلیری کلنٹن سے پیچھے تھے۔

پی ٹی آئی نے ملک کو دوزخ بنا دیا ہے:قمر زمان قائرہ

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ملک کو دوزخ بنا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں برائے نام کمی کر کے گیس زیادہ مہنگی کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بار ٹماٹر انار سے اور انڈا ڈالر سے مہنگا ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شبلی فراز اپنا ماضی یاد رکھتے تو کبھی غداری کے فتوے نہ بانٹتے لیکن افسوس شبلی فراز گفتگو کرتے وقت اپنے والد کے افکار بھول جاتے ہیں۔

بھارت پوری پوری منصوبہ بندی سے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے: وزیراعظم

(ویب ڈیسک)وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں دیکھیں گے کہ کس کی ٹانگیں کانپتیں ہیں اور کس کو پسینہ آتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان گلگت بلتستان کے 73 ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے گلگت بلتستان پہنچے جہاں انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں ایک خوشی کے موقع پر گلگت بلتستان آیا ہوں، جہاں 73 سال قبل گلگت اسکاؤٹس نے اپنی جان کی قربانی دے کر گلگت بلتستان کو آزاد کروایا، مجھے خوشی ہے کہ میں دوسرے سال یہاں خوشی منانے آیا ہوں اور جب تک میں وزیراعظم رہوں گا میری کوشش رہے گی کہ میں یکم نومبر گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ گزاروں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں 15 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ گلگت آیا، جب قراقرم ہائی وے بن رہی تھی، میں اسکول کی ٹریکنگ ٹیم کے ساتھ آیا، مجھے اس وقت جو ٹریکنگ کا شوق ہوا وہ آج تک ہے کیونکہ اس علاقے میں جو ٹریکنگ ہے وہ دنیا میں کہیں نہیں ہے، تاہم وزیراعظم بننے کا یہ نقصان ہوا ہے کہ میں ٹریکنگ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ آج گلگت اسکاؤٹس اور ان شہدا کو خراج تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے قربانیاں دے کر اس علاقے کو آزاد کروایا، دوسرا مجھے یہاں کے لوگوں کو مبارک باد دینی تھی جو ہم نے گلگت بلتستان کے لوگوں کو صوبے کی حیثیت دینا ہے اور یہ فیصلہ ہم نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ اپنے کمزور طبقے کو اٹھایا جائے، جو لوگ اور علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ان کو اوپر اٹھانا اولین ترجیح ہے، گلگت بلتستان، قبائلی علاقے اور بلوچستان، پنجاب کے مغربی حصے اور اندرون سندھ پیچھے رہ گیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ انہیں اوپر اٹھایا جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ فوج کے مضبوط ہونے کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ اگر پوری مسلم دنیا میں دیکھیں تو ہر جگہ تباہی مچی ہوئی ہے، یا تو جنگیں ہوچکی ہیں یا ہورہی ہیں اور عوام مشکل کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی ہمارے ملک کا جو ہمسایہ ہے بھارت وہاں وہ حکومت ہے جو 73 سال کی سب سے زیادہ انتہا پسند، مسلمانوں سے نفرت کرنے والی ہے جبکہ جو 5 اگست 2019 کو جو انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کیا وہ کسی بھارتی حکومت نے نہیں کیا۔

اپنے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس تناظر میں دیکھنا چاہیے کہ ہمیں کتنی مضبوط پاکستانی فوج اور سیکیورٹی فورسز کی ضرورت ہے، کوئی ہفتہ ایسا نہیں جب پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے جوان قربانی نہ دیں، ایک پورے پلان سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے منصوبہ بندی کی ہوئی تھی کہ ملک میں شیعہ، سنی علما کو قتل کروایا جائے اور انتشار پھیلایا جائے لیکن میں اپنی انٹیلی جنسی ایجنسیوں کو داد دیتا ہوں جنہوں نے اس منصوبے کو ناکام بنایا۔

خطاب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے آپ کو جمہوریت پسند کہتے ہیں انہوں نے پاکستانی فوج اور عدلیہ کو کمزور کرنے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ جس چیز میں پاکستان کا فائدہ ہے اس میں ان کا نقصان ہے اور یہ لوگ چاہتے ہیں کہ کسی نہ کسی طرح مجھے بلیک میل کریں اور میں انہیں این آر او دے دوں، تاہم پاکستان میں قانون کی بالادستی ہو جس کا مطلب کمزور اور طاقتور کے لیے ایک قانون ہو۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے پہلے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی، جب میں بلیک میل نہیں ہوا تو انہوں نے پاکستانی فوج اور آرمی چیف کے خلاف بندوقیں تانی ہوئی ہیں اور میں شکر ادا کرتا ہوں کہ میں نے آرمی چیف کا انتخاب ٹھیک کیا کیونکہ اب جب ڈاکو ان کے خلاف بول رہے ہیں تو مطلب میری سلیکشن ٹھیک تھی۔

خیال رہے کہ یکم نومبر 1947 کو گلگت اسکاؤٹس کی قیادت میں گلگت بلتستان کے لوگوں ڈوگرا گورنر کے خلاف کھڑے ہوئے تھے اور ڈوگرا راج سے گلگت بلتستان کی آزادی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کا پرچم تھامہ تھا۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان استور نیشنل پارک سمیت دیامر بھاشا ڈیم سائٹ کا دورہ بھی کریں گے اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیں گے۔

ن لیگ بکھرنے لگی ،ایاز صادق کے بیان پر عبدالقادر بلوچ اور ثنا ءاللہ زہری کا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ

کوئٹہ(ویب ڈیسک): بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ اور مرکزی قیادت کے درمیان سخت اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، جس کی وجہ حال ہی میں کوئٹہ میں ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں سابق وزیر اعلیٰ سردار ثنااللہ زہری کو مدعو نہ کرنا اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صاق کا بیان ہے۔

 پاکستان مسلم لیگ (ن) میں موجود ذرائع نے تصدیق کی کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ اور ثنااللہ زہری دوسرے ساتھیوں کے ہمراہ پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ’لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور دیگر رہنما پارٹی سے استعفیٰ دینے سے متعلق جلد اعلان کرینگے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر بلوچ جو بلوچستان کے گورنر اور کور کمانڈر کوئٹہ رہ چکے ہیں انہوں نے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے صدر سردار اختر مینگل کے کہنے پر ثنا اللہ زہری کو پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کی دعوت نہ دینے پر برہمی کا اظہار کیا۔

ادھر سردار اختر مینگل نے اس بات کی تائید کی کہ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ثنااللہ زہری کو پی ڈی ایم جلسے میں مدعو نہ کرنے کہا تھا جس کی وجہ ان دونوں کے درمیان قبائلی تنازع ہے جبکہ ان کے اور انکے بھائی کے خلاف نواب امان اللہ زرک زئی کے قتل کا مقدمہ بھی درج ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو حال ہی میں دورہ کوئٹہ کے دوران کہا تھا کہ پی ڈی ایم کے کوئٹہ کے جلسے میں ثنااللہ زہری کو مدعو کیا جائے۔

تاہم مریم نواز کی جانب سے یہ معاملہ پارٹی کے نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بھیجا، جنہوں نے اس معاملے کو پارٹی سربراہ نواز شریف کے سامنے اٹھایا اور انہیں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے صدر کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ثنااللہ زہری کو پی ڈی ایم کے جلسے میں نہیں بلایا جاسکتا کیونکہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے پاکستان میں موجود نہیں تھے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ثنا اللہ زہری نے اس وقت پارٹی قائد نواز شریف کے مشورے کے خلاف وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جب ان کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لائی گئی تھی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ ’میاں صاحب نے ان سے استعفیٰ نہ دینے کے لیے کہا تھا‘۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے بھی ڈان کو تصدیق کی کہ ثنااللہ زہری کو اختر مینگل کے ساتھ قبائلی تنازع کے باعث پی ڈی ایم جلسے میں نہیں بلایا گیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ’ہم نے سردار ثنااللہ زہری کو قبائلی تنازع کے باعث پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے میں نہیں بلایا تھا‘ مزید یہ کہ اگر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ پارٹی سے استعفیٰ دینا چاہتے ہیں تو ان کی مرضی ہے۔

دوسرا ون ڈے: زمبابوے کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کر لیا۔

پنڈی اسٹیڈیم میں دوسرے ون ڈے  میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹاس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ کوشش کریں گے جلد زمبابوے کو آؤٹ کریں، پہلا میچ بہت اچھا ہوا، کوشش کریں گے غلطیاں نہ دہرائیں۔

کپتان بابر اعظم نے پاکستان ٹیم میں کی جانے والی تبدیلی کے بارے میں بتایا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں جس میں حیدر علی اور موسیٰ خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ حارث سہیل اور وہاب ریاض کو ڈراپ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی اور سینیٹر مصدق ملک کورونا میں مبتلا

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مصدق ملک میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ میراکوروناٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئسولیشن میں سوشل میڈیا پر ملک کو لوٹنے اور کمزور کرنے والوں کی نشاندہی کرتا رہوں گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مصدق ملک بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں اور اس متعلق خود ٹوئٹ کرکے بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد آئسولیشن اختیارکرلی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے جس  کے بعد کورونا کی روک تھام کیلئے بنائے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں ضابطہ کار پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔