15 ستمبر کو تعلیمی ادارے مشاورت سے کھولے جائیں گے، عمران خان

کورونا کا خطرہ ابھی موجود ہے ، پوری قوم کا تعاون درکار ہے،ٹیسٹنگ حکمت عملی، مائیکرواسمارٹ لا ک ڈاؤن جیسے مئوثر اقدامات کی بدولت کورونا کیسز میں واضح کمی ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 15ستمبر کو تعلیمی ادارے مشاورت سے کھولے جائیں گے ، کورونا کا خطرہ ابھی موجود ہے ، پوری قوم کا تعاون درکار ہے، ٹیسٹنگ حکمت عملی، مائیکرواسمارٹ لا ک ڈاؤن جیسے مئوثر اقدامات کی بدولت کورونا کیسز میں واضح کمی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں محرم کے دوران کورونا کی صورتحال ، ٹیسٹنگ ، ٹریکنگ، اور قرنطینہ حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے روڈ میپ کا جائزلیا گیا۔ اندرون ملک ہوائی سفر سے متعلق ہیلتھ پروٹوکولز کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسکولز کھولنے کیلئے ایس اوپیز اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر نے بریفنگ دی کہ وبائی مرض پر قابو پانے حفاظتی اصولوں کو یقینی بنایا جائے۔

مجالس کے داخلی راستوں پر ماسک، سینی ٹائزر اور اسکینرز کو یقینی بنایا جائے۔ ایس او پیز کے ساتھ سماجی فاصلوں کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی سے کورونا صورتحال بگڑ سکتی ہے۔ عوام کے تعاون سے ہی اس وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا 15ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے مشاورت کے ساتھ انتظامات کیے جائیں۔مذہبی رہنماؤں کا کورونا کیخلاف تعاون قابل تحسین ہے۔این سی اوسی ، قانون نافذ کرنے والے ادارے، صوبائی حکومتیں اور میڈیکل سٹاف کا تعاون قابل تحسین ہے، سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹیسٹنگ حکمت عملی، مائیکرواسمارٹ لا ک ڈاؤن جیسے مئوثر اقدامات کی بدولت کورونا کیسز میں واضح کمی ہوئی۔ کورونا کا خطرہ ابھی موجود ہے ، پوری قوم کا تعاون درکار ہے۔

پشاور سے داعش کے 3 انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار

پشاور(ویب ڈیسک): پولیس اور کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی آپریشنز منصور امان کے مطابق پولیس نے متنی میں کارروائی کرتے ہوئے تین داعش کے تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔

ایس ایس پی منصور امان کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے قبضے سے 4 کلو بارودی مواد، 3 پستول برآمد، ڈیٹو نیٹرز، پرائما کارڈز اور نٹ بولٹ بھی برآمد ہوئے۔

منصور امان کے مطابق ملزمان بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور آئی ای ڈی دھماکوں میں ملوث اور بم بنانے کے ماہر ہیں جن کا ٹارگٹ شہر کے مصروف ترین بازار تھے۔

جیمز اینڈرسن کو میڈیم پیسر کہنے پر شعیب اختر ٹرولز کے نشانے پر آگئے

لاہور (ویب ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے پیسر اور مایہ ناز باؤلر جیمز اینڈریسن نے پاکستان کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کے 5ویں روز نیا ریکارڈ قائم کردیا،وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹس لینے والے دنیا کے واحد باؤلر بن گئے ہیں۔ پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے 38 سالہ جیمز اینڈرسن کےاس اعزاز پر اس انداز میں تعریف کی کہ سوشل میڈیا صارفین نے شعیب پر ہی تنقید شروع کردی۔ 45 سالہ شعیب اختر نے اپنی ٹویٹر پوسٹ میں لکھا کہ”جیمز اینڈرسن کی جانب سے ناقابل یقین 600 وکٹیں ایک حیران کن اعزاز ہے،ایک میڈیم پیسر کیلئے 156 میچز میں یہ اعزاز چھوٹا نہیں ہے‘‘۔

سوشل میڈیا صارفین کا شعیب اختر کی جانب سے جیمز اینڈرسن کو میڈیم پیسر کہنا ایک آنکھ نہ بھایا اور انہوں نے سوشل میڈیا پر شعیب کو ٹرول کرنا شروع کردیا اور یہاں تک کہہ ڈالا کہ جیمز اینڈرسن آپ سے بہتر ہیں۔

جگسن لارنس نامی ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ” آپ کسی کی ٹھیک طرح سے تعریف بھی نہیں کرسکتے، ان کا کیریئر 20 سال کا ہے، کم بولتے ہیں 600 وکٹیں لے چکے ہیں ، تھوڑی عزت دینے سے کوئی نقصان نہیں پہنچتا‘‘۔

فیصل خان نے لکھا کہ ” جیمز اینڈرسن کو میڈیم بول کر ایک بار پھر اپنے آپ کو فاسٹ بولیں‘‘۔

فارس نامی ایک صارف نے کہا کہ” چاہے میڈیم ہو یا فاسٹ سچ پوچھیں تو اینڈرسن آپ سے بہتر ہیں‘‘۔

سلمان رفیق نامی ایک شخص نے طنزیہ انداز میں کہا کہ”سپنر ہے وہ تو بھائی گوگلی مارتا ہے‘‘۔

آرمی چیف کی ہاکی کی بہتری کیلئے پی ایچ ایف کو 5 کروڑ روپے دینے کی یقین دہانی

ویب  ڈیسک : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک میں ہاکی کی بہتری کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو 5 کروڑ روپے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف سے پی ایچ ایف کے صدر خالد سجادکھوکھر نے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے ہاکی کی بحالی کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ فوج نے ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کی ہمیشہ حمایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی ایچ ایف کے لیے آرمی ویلفیئر فنڈ سے 5 کروڑ روپے دینےکا وعدہ کیا۔

یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات 5 روپے فی لیٹر مہنگی ہونے کا امکان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات 5 روپے فی لیٹر مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق بھاری ٹیکسوں اور پٹرولیم لیوی کے باعث پٹرولیم مصنوعات مہنگا ہونے کا امکان ہے۔یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات 5 روپے فی لٹر مہنگا ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ساڑھے 4 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ہائی سپیڈ ڈیزل 5 روپے فی لٹر تک مہنگا ہونے کا امکان ہے۔حکومت 31 اگست کو نئی قیمتوں کا تعین کرے گی۔قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ ستمبر سے ہر 15 دن بعد پیٹرول کی قیمتوں میں ردو بدل کرنے کا فیصلہ، اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلے کے مطابق 15روزہ بنیاد پر پیٹرولیم قیمتوں کا تعین اگلے ماہ سے کیا جائے گا، رواں ماہ اگست کے اختتام تک موجودہ پیٹرولیم قیمتیں برقرار رہیں گی اور 15 روزہ بنیاد پرتیل کی قیمتوں کا تعین یکم ستمبرسےشروع ہوگا۔

خیال رہے کہ 28 جولائی کواقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر 15 روز بعد ردوبدل کی منظوری دے دی تھی۔ سلام آباد میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مہینے کے بجائے پر 15 روز بعد ردوبدل کی منظوری دی گئی تھی، ای سی سی اعلامیے کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد فیصلے کا اطلاق 15 اگست سے ہوگا۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ 26 جون کو وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا گیا تھا جس کے بعد پیٹرول 100روپے 10پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 101روپے46 پیسے فی لیٹر پر فروخت ہورہا ہے۔

کراچی ، آرمی کا فَلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم

(ویب ڈیسک)کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پاک آرمی نے َفلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آرسے جاری اعلامیے کے مطابق شہر میں 36 مقامات پر نکاسی آب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ کراچی کے علاقوں گلبرگ، لیاقت آباد اور نیو کراچی میں میڈیکل کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ناردرن بائی پاس کے قریب ایم نائن پر بند کو محفوظ کر دیا گیا ہے جبکہ قائد آباد کے قریب فوجی جوانوں نے ملیر ندی کا شگاف پُر کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیوی کے غوطہ خوروں نے شاہ فیصل ٹاؤن اور کورنگی سے دو لاشوں کو نکالا  ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دادو میں صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوجی جوانوں کو روانہ کر دیا گیا ہے، میر پور خاص کی تحصیل جھوڈو کی پورن ڈرین میں شگاف کے باعث سیلابی پانی قریب کے پانچ دیہات میں داخل ہو گیا ہے، شگاف کو پر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کا یوٹیوب سے فحش اور نفرت انگیز مواد فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ

(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن نے ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب فحش اور نفرت انگیز تقاریر پر مبنیمواد فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے یوٹیوب حکام سے رابطہ کر کے غیر اخلاقی، فحاشی و عریانی اور نفرت انگیز تقاریر پر مبنی مواد کو فوری طور پر یوٹیوب سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے نے استعفیٰ دیدیا

ٹوکیو(ویب ڈیسک): جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔65 سالہ شنزو ابے نے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے مسائل کے سبب اہم ذمہ داری اٹھانے سے قاصر ہوںشنزو ابے 7 سال 8 ماہ تک جاپان کے وزیر اعظم رہے اور انہیں جاپان کی تاریخ کا سب سے زیادہ مدت تک وزیراعظم رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔اس سے قبل 2006 سے 2007 تک شنزو ابے جاپان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں جب کہ 2005-06 میں چیف کیبنٹ سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔

نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینا ہماری غلطی تھی: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کو اپنی حکومت کی غلطی قرار دیدیا۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ حالات بتائے گئے کہ نواز شریف شاید لندن بھی نہ پہنچ سکیں، اگر میڈیکل بورڈ سفارش نہ کرتا تو نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دیتے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف یہاں بیمار تھے لیکن لندن پہچتے ہی سیاست شروع کر دی، نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پر افسوس ہے، انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دینا ہماری غلطی ہے۔

انہو ں نے مزید کہا کہ نواز شریف اپنے بچوں کی طرح بیرون ملک جائیدادوں کو ثبوت پیش نہیں کر سکے۔

پیپلز پارٹی اور ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر کیسز بنائے، اپوزیشن کا نیب پر جانبداری کا الزام لگانا مضحکہ خیز ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے ہر موڑ پر حکومت کو بلیک میل کیا، اپوزیشن نے اس لیے بلیک میل کیا کہ انہیں کوئی این آر او مل جائے، لیکن جو مرضی ہو جائے احتساب سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

سینیٹ سے فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے بل مسترد ہونے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے دور میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں گیا، ایف اے ٹی ایف بل کا مقصد منی لانڈرنگ کو روکنا ہے، ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ ہونے سے معیشت تباہ ہو سکتی ہے، پاکستان بلیک لسٹ میں گیا تو ایران جیسے معاشی حالات ہوسکتے ہیں۔

سوات اور کوہستان میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی، 17 افراد ریلے میں بہہ گئے

سوات اور کوہستان میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے، 17 افراد ریلے میں بہہ گئے جس میں سے 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم کے مطابق مدین میں شاہ گرام اور تیرات نالے میں طغیانی سے کئی مکانات بہہ گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ نالوں میں طغیانی کے باعث 40 مکانات اور رابطہ پلوں سمیت دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

ڈی سی سوات نے 17 افراد ریلے کے پانی کے ریلے میں بہہ جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 6 افرادکی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ 11کی تلاش اور علاقے میں امدادی کارروائی جاری ہیں۔

کوہستان کے دور افتادہ گاؤں لائچی نالے میں اُنچے درجے کے سیلاب نے تباہی مچادی ہے اور سیلاب میں ایک ہی خاندان کے سات افراد سیلاب میں بہہ گئے۔

کوہستان پولیس کے مطابق اب تک تین خواتین کی لاشیں مل گئی ہیں جب کہ بچوں سمیت 4 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔

ادھر چلاس میں شاہراہ قراقرم پر تتہ پانی سے لال پڑی کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور پہاڑی تودہ گرنے سے ٹینکر کا ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔

شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمدروفت معطل ہو گئی ہے، شاہراہ بند ہونے سے مقامی افراد اور سیاح دونوں جانب پھنس گئے ہیں۔

‘صدارتی امیدوار’ کیلئے نامزدگی قبول کرنے کے بعد ٹرمپ، جوبائیڈن پر برس پڑے

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن پارٹی کی جانب سے ‘صدارتی امیدوار’ کے لیے نامزدگی قبول کرتے اپنے سیاسی حریف اور سابق نائب صدر جوبائیڈن پر برس پڑے۔

خبررساں ادارے ‘اے پی’ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن کنونشن میں اپنے آخری خطاب میں کورونا وائرس کے خلاف بہتر حکمت عملی پر بات کرنے کے علاوہ کہا کہ ‘امریکی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیموکریٹ کے نامزد امیدوار جو بائیڈن کو شکست دینی پڑے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سابق نائب صدر کی امریکا سے محب الوطنی پر بھی سوال اٹھایا۔

امریکی صدر نے کہا کہ جوبائیڈن نے گزشتہ 4 برس میں ملک کو جو نقصان پہنچایا ہے اس کی مثال 47 برسوں میں نہیں ملتی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے بنیاد پرست قوتوں کے خلاف خود کو آخری رکاوٹ کے طور پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘جوبائیڈن اور ان کی جماعت نے متعدد مرتبہ امریکا کو نسلی، معاشی اور معاشرتی ناانصافی کی سرزمین کے طور پر پیش کیا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘تو آج رات میں آپ سے ایک بہت آسان سا سوال کرتا ہوں کہ جب ڈیموکریٹ پارٹی ہمارے ملک کو تقسیم کرنے میں اتنا وقت خرچ کرتی ہے تو وہ ہمارے ملک کی رہنمائی کس طرح کر سکتے ہیں؟”

علاوہ ازیں ٹرمپ نے کہا کہ بائیں بازو کے پسماندہ نظریہ میں وہ امریکا کو سب سے زیادہ آزاد، انصاف پسند اور غیر معمولی قوم کے طور پر نہیں دیکھتے ہیں۔

ایڈیٹر خبریں گروپ و سی ای او چینل ۵ امتنان شاہد کی گورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات

لاہور (ویب ڈیسک)گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ایڈیٹر خبریں گروپ و سی ای او چینل۵ امتنان شاہد نے بدھ کی شام ملاقات کی۔ گورنرپنجاب کے ساتھ یہ ملاقات بیس پچیس منٹ تک جاری رہی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دیگر اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ میڈیا کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری نظر میڈیا کے مسائل پر بھی ہے اہم یہ مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سیلاب متاثرین کی بحالی تیز کردی، کراچی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور جلد سیلاب سے مستقل بچاؤ کے منصوبے کا اعلان کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں سے متاثرہ عوام کے مسائل سے ہماری حکومت پوری طرح آگاہ ہے، کراچی میں متاثرہ افراد کے لیے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ اور چیئرمین این ڈی ایم اے سے مسلسل رابطے میں ہوں، سیلاب میں پھنسے افراد کی فوری مدد کے لیے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایات دی ہیں۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین این ڈی ایم اے کو متاثرین کو خوراک اور طبی امداد کی فراہمی سمیت بنیادی سہولیات کی فوری بحالی کی ہدایات دی ہیں۔

کراچی کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی عوام کو مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے مستقل بچاؤ کے لیے جلد ایک منصوبے کا اعلان کریں گے، پینے کے پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کے لیے جامع منصوبہ بھی شروع کریں گے۔