دبئی میں شیڈول آئی پی ایل کو کورونا وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا

دبئی میں 19 ستمبر سے شیڈول آئی پی ایل کو کورونا وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

غیرملکی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا، کورونا کیسز پازیٹو ہونے کی تعداد 13 تک پہنچ چکی ہے، ٹیم کے ساتھ موجود چنائی سپرکنگز کے معروف بیسٹمین سریش رائنا نے فیملی ایشوز کو جواز بناکر گھر کی راہ لے لی ہے۔

ترجمان بھارتی بورڈ کے مطابق کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے والوں میں دو کرکٹرز اور دوسرے اسٹاف ارکان شامل ہیں، فوری طورپر پازیٹو رپورٹ رکھنے والے کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔

چنائی سپرکنگز کے منتظمین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سریش رائنا  آئی پی ایل سے باہر ہوگئے ہیں، ان کی عدم موجودگی ٹیم کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے، ہم اس مشکل وقت میں سریش رائنا اور ان کی فیملی کے ساتھ  ہے، دھونی کے ساتھ   انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے رائنا چنائی سپرکنگز کے ٹاپ سکورر ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطاق ایک روز پہلے چنائی سپرکنگز ٹیم کے ایک فاسٹ بولر کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا جس کے بعد سریش رائنا نے واپس بھارت جانے کا فیصلہ کیا، اب تک رپورٹ  ہونے والے گیارہ کورونا پازیٹو کیسز میں سب سے زیادہ کھلاڑیوں اور سٹاف کا تعلق  چنائی سپرکنگز سے ہے۔

افغانستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 160 سے زائد ہوگئی

افغانستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلابی ریلوں سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 160 سے زیادہ ہوگئی ہے۔

افغان حکام کےمطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں سے افغانستان کے 13 صوبے شدید متاثر ہوئے ہیں جب کہ سب سے زیادہ مٹاثرہ صوبے پروان میں 129 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

حکام کے مطابق صوبہ پروان کے  دارالحکومت  چری کار میں 130 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ  سیلابی ریلے کے باعث 15 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کاکام جاری ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق  مجموعی طور پر سیلاب سے 160 سے زائد ہلاکتیں اور 250 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

 افغانستان کی قدرتی آفات کی وزارت کے مطابق حالیہ سیلاب سے پروان میں 4 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ کابل ، پنجشیر ،وردک، لوگر، پکتیا، پکتیکا، خوست، غزنی اور لغمان بھی سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

کراچی میں بارش کے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والی عمارتیں گرانے کا حکم

کراچی(ویب ڈیسک ): وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں بارش کے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والی عمارتیں گرانے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال اور امدادی کاموں کے حوالے سے غور کیا گیا۔

’کوئی بھی عمارت رکاوٹ بن رہی ہے اسے بلڈوز کریں‘

کراچی کی صورت حال کے حوالے سے دی گئی بریفنگ  پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ضلع جنوبی کے بیشتر علاقوں سے پانی اب تک کیوں نہیں نکالا گیا؟ کے ایم سی کا اربن ڈزاسٹر ریسپانس یونٹ بھی متحرک نظر نہیں آیا، بارش کے بعد بیشتر علاقوں میں ابھی تک بجلی بحال نہیں ہوئی، مجھے تمام گلیاں صاف چاہیئیں، لوگ کہتے ہیں کہ حکومت نظر نہیں آتی، حکومت کے لوگ کام کررہے ہیں لیکن سول ڈریس کی وجہ سے پہچانے نہیں جاتے، آپ سب کو کوئی جیکٹ پہنائیں، جس سے وہ پہچانے جائیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بارش کے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والی عمارتیں گرادی جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو تمام اضلاع کی سروے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں شہر کو ٹھیک کرنا ہے، اس کے لیے چاہے کتنے ہی سخت اقدامات کیوں نہ کرنے پڑیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ نالے بارش کے پانی کے بہاؤ سے صاف تو ہوجاتے ہیں لیکن بارش، کیچڑ اور پلاسٹک کی تھیلیاں نالے بند کردیتی ہیں، تمام ڈپٹی کمشنرز کراچی میں اپنے علاقوں کے نالوں کی دیکھ بھال کریں کہ کہیں چوک تو نہیں۔

’حیدرآباد کی صورتحال بہتر ہے‘

کمشنر حیدر آباد نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ حیدرآباد کی صورتحال بہتر ہے، کچھ مقامات پر جو دریا پیٹ میں ہیں وہاں پانی موجود ہے، ہم نے انہیں خبردار کیا ہے کہ علاقہ خالی کردیں، ایم این وی ڈرین میں باڑ لگاکر فصلوں کو پانی دیا گیا تھا، جس وجہ سے بریچ ہوئی، کچھ دیہات کو آفت زدہ علاقے قرار دینے کیلئے سروے جاری ہے، مکانات کو جو نقصان ہوا ہے ان کا بھی سروے کررہے ہیں۔

’عمرکوٹ، تھرپارکر اور میرپورخاص میں 80 فیصد سے زیادہ کاشت تباہ‘

کمشنر میرپورخاص نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کراچی: مٹھی، اسلام کوٹ، ڈیپلو، میرپورخاص سے بارش کا پانی سے صاف کردیا، جھڈو اور نئو کوٹ کے مقامات پر ایل بی او ڈی کی صورتحال تشویشناک ہے، کیونکہ ایل بی او ڈی کی ڈیزائن ڈسچارج 4900 کیوسک ہے لیکن اس وقت 9000 کیوسک پر بہاؤ ہے، عمرکوٹ، تھرپارکر اور میرپورخاص میں 80 فیصد سے زیادہ کاشت تباہ ہوگئی، 2000 سے زیادہ کچے مقامات متاثر ہوئے ہیں، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر رونیو کو سروے کی ہدایت دے دی۔

ایف بی آر نے جسٹس فائز عیسیٰ کی اہلیہ کی منی ٹریل غیر تسلی بخش قرار دیدی

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینہ عیسیٰ کی منی ٹریل کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے سرینہ عسیٰی کی لندن جائیدادوں کی جمع کرائی گئی منی ٹریل کا جائزہ لیا اور پھر 21 اگست کو سیکشن 122 اور 111 کے تحت 2 نوٹس بھیجے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے سرینہ عیسیٰ کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کی مجموعی آمدن لندن جائیدادیں خریدنے کے لیے کافی نہیں تھی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ایف بی آر کی ٹیم کے مطابق سرینہ عیسٰی کی ٹیکس والی آمدنی 93 لاکھ 75ہزار روپے تھی جب کہ   لندن کی تینوں جائیدادوں کی قیمت 10 کروڑ 43 لاکھ روپے تھی۔

ذرائع کے مطابق سرینہ عیسٰی نے بھی ایف بی آر کی جانب سے 21 اگست کو بھیجے گئے خطوط کا جواب بھی جمع کرا دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرینہ عیسیٰ کی جانب سے جواب میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر نے میری 2243 کنال زمین کی زرعی آمدن شامل نہیں کی، ایف بی آر نے کلفٹن کی جائیدادوں کی وصول آمدن بھی شمار نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق سرینہ عیسیٰ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایف بی آر نے میری ملازمت کی آمدن کو بھی لندن جائیدادوں کی قیمت میں شامل نہیں کیا۔

ذرائع کا بتانا ہے سرینہ عیسیٰ کا ایف بی آر کو جواب میں یہ بھی کہنا تھا کہ میری انکم ٹیکس ریٹرن کی تفصیلات بھی نہیں دی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے سرینہ عیسیٰ نے ایف بی آر کی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیٹے ارسلان عیسٰی کی لیگل ٹیم نے وکالت سے بھی معذرت کر لی ہے۔

سرینہ عیسٰی نے ایف بی آر کو اپنے جواب میں یہ بھی کہا ہے کہ ایف بی آر کی ٹیم میرے گوشواروں میں بھی ردبدل کر سکتی ہے۔

کراچی کے مسائل پر وفاقی اور صوبائی حکومت کا تعاون مثبت پیشرفت ہے: صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کراچی کے مسائل پر وفاقی اور صوبائی حکومت کا تعاون مثبت پیش رفت ہے۔

صدر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور دیگر مسائل کو مل کر حل کرنا اہمیت کا حامل ہے، وفاقی اور سندھ حکومت مل کر بحرانی کیفیت میں بہتری لاسکتے ہیں۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ کراچی کے مسائل پر وفاقی اور صوبائی حکومت کا تعاون مثبت پیش رفت ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت مل کر کراچی کے تین بڑے مسائل کے حل کے لیے کام کرے گی۔

یو اے ای نے اسرائیل کا بائیکاٹ ختم کردیا

یو اے ای نے اسرائیل کا بائیکاٹ ختم کردیا

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے حکمران خلیفہ زید بن النہیان نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت اسرائیل کا بائیکاٹ ختم اور اس کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی معاہدے کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق یو اے ای کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہےکہ خلیہ زید بن النہیان کے حکم نامے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے معاہدے کے تحت باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

دوسری جانب دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے تحت تل ابیب سے اسرائیل کی پہلی کمرشل پرواز پیر کے روز ابو ظبی روانہ ہو گی جس میں اسرائیلی اور امریکی حکام شامل ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے مشیر اور داماد جیرڈ کشنر امریکی حکام کے ہمراہ یو اے ای جائیں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کوئی فضائی رابطے نہیں ہیں لہٰذا دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد یہ پہلی پرواز ہوگی۔

کوہاٹ سے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت

(ویب ڈیسک)آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے کوہاٹ سے تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے۔

او جی ڈی سی ایل کے اعلامیے کے مطابق تیل اور گیس کے ذخائر سے ابتدائی طور پر یومیہ 16 لاکھ مکعب فٹ گیس اور 12 بیرل خام تیل حاصل ہو سکے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ کوہاٹ میں دریافت سیاب کنواں نمبر 1 سے  تیل اور گیس کی تلاش کے لیے ویل کی 5500 میٹر تک کھدائی کی گئی۔

امریکا، ٹک ٹاک کا کنٹرول چھوڑنے کے لیے تیار

ویب ڈیسک : چین کی ٹیکنالوجی کمپنی امریکا میں ٹک ٹاک کا کنٹرول چھوڑنے کے لیے تیار ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹک ٹاک کے شمالی امریکا اور آسٹریلیا میں آپریشنز کی فروخت کے معاہدے کا اعلان آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔

یاد رہے کہ مائیکروسافٹ، اوریکل اور ایک ‘تیسری امریکی کمپنی’ نے ٹک ٹاک کو خریدنے کے لیے پیشکشیں کی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ریٹیل کمپنی وال مارٹ مائیکروسافٹ کے ساتھ مل کر ٹک ٹاک کو خریدنے کے عمل کا حصہ بن رہی ہے۔

یاد رہے کہ نئی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کے امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوی لینڈ کے بزنس کی مالیت 30 ارب ڈالرز سے زیادہ ہے۔

اس حوالے سے وال مارٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس کا ماننا ہے کہ ٹک ٹاک میں اشتہارات کے اضافے سے ان مارکیٹس میں کریٹیئر اور صارفین کو واضح فائدہ ہوگا۔

جبکہ ای کامرس میں ایک نئے موڑ کا اضافہ ہوسکے گا۔

خیال رہے کیونکہ یہ رپورٹ اس خبر کے بعد سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مجوزہ پانبید کے باعث ٹک ٹاک کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او)کیون اے میئر نے استعفیٰ دے دیا۔

معروف انٹرٹینمنٹ کمپنی والٹ ڈزنی کے سابق کنزیومر ڈائریکٹر 58 سالہ کیون اے میئر 2 ماہ قبل ہی ٹک ٹاک کے سی ای او تعینات ہوئے تھے۔

اس حوالے سے ٹک ٹاک نے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 6 اگست کے ایگزیکٹیو آرڈر کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ‘بغیر کسی شواہد کے اتنا سخت فیصلہ کیا گیا اور وہ بھی مناسب طریقہ کار کے بغیر۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ماہ 6 اگست کو ایگزیکٹو آرڈر جاری کرتے ہوئے ٹک ٹاک کو آئندہ 45 دن میں اپنے امریکی اثاثے کسی دوسری امریکی کمپنی کو فروخت کرنے کی مہلت دی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے ٹک ٹاک کے خلاف بندش کے ایگزیکٹو آرڈر جاری کیے جانے کے بعد مائیکرو سافٹ، ایپل، ٹوئٹر اور اوریکل نامی امریکی کمپنیوں نے ٹک ٹاک کے امریکی اثاثے خریدنے میں دلچسپی بھی ظاہر کی تھی۔

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے جلوس و مجالس، سیکیورٹی سخت

ویب ڈیسک : ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کو نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جلوس و مجالس کا انعقاد کیا جارہاہے۔

کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا جب کہ جلوس سے قبل مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ حسین نقوی فضائل اور مصائب اہلبیت بیان کریں گے۔

بعدازاں ختم مجلس نشترپارک سے مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے شرکا ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کریں گے۔

مرکزی جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کرسیل کیا گیا ہے جب کہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس و رینجرز بھی تعینات ہے اور جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

دوسری جانب روہڑی میں 500 سالہ قدیمی نو ڈھالہ تعزیہ کا جلوس امام شاہ عراق سے برآمد ہوکر اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں جس میں ملک بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں زائرین اور عزاداران حسین شرکت کررہے ہیں۔

ادھر کوئٹہ میں نویں محرم کو دوپہر ڈیڑھ بجے ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ ناصرالعزاء سے نکالا جائے گا جو قریبی شاہراہوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ ناصر العزاء پہنچ کر اختتام ہوگا، اس دوران شرکا سینہ کوبی کریں گے جب کہ مجلس عزا منعقد کی جائیگی۔

بعدازاں ذوالجناح کو یوم عاشورہ کے جلوس میں شامل کرنے کے لیے مری آباد لے جایاجائے گا۔

نویں محرم الحرام کے حوالے سے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں ایک ماتمی جلوس نکالا جائے گا  اور اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

مودی کی سرپرستی میں مسلمانوں کا قتل عام ہوا، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں انکشاف

لندن ویب ڈیسک : انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی تازہ رپورٹ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی سرکار کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔

نئی دہلی میں فسادات پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ نئی دہلی پولیس نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کیں، بھارت کے مسلمان بد ترین صورتحال سے دوچار رہے۔

رپورٹ کے مطابق نئی دہلی فسادات میں مسلمانوں کو نشانہ بنایاگیا تھا، ہندوؤں کے مقابلے مسلمانوں کی 3گنا زیادہ نقصان پہنچا، نئی دہلی فسادات میں مسلمانوں کو جانی ومالی نقصان کا بھی سامنا پڑا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل رپورٹ میں ہنگاموں کی ویڈیوز کا فارنزیک جائزہ بھی لیا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہےکہ پولیس نے مشتعل گروہوں کو املاک کونقصان پہنچانے کی اجازت دی۔

یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے رواں برس فروری میں سی اے ای نامی متنازع قانون متعارف کرایا تھا جس کے بعد نئی دہلی میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں نے پرامن احتجاج کیا تھا۔ احتجاج کے دوران 53 افراد کو قتل کیا گیا تھا جن میں اکثریت مسلمانوں کی تھی جبکہ 200 سے زائد مظاہرین زخمی بھی ہوئے تھے۔

وفاق اور صوبائی حکومتیں کراچی کے لوگوں کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، شہباز شریف

(ویب ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تعاون کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان اور املاک کے نقصان پر انتہائی معذرت خواہ ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ تمام غمزدہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتا ہوں، اللہ آپ سب کو محفوظ رکھے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ کراچی میں غیر معمولی بارشوں نے پاکستان کے معاشی حب میں معمولات زندگی کو معطل کردیا ہے۔

‘ریپ’ الزامات میں قید گلوکار آر کیلی پر جیل میں حملہ

(ویب ڈیسک)کم عمر لڑکیوں اور خواتین کو جنسی تشدد، ریپ اور جنسی لذت کے لیے ایک سے دوسری جگہ پر منتقل کرنے کے الزامات میں قید ایوارڈ یافتہ معروف گلوکار، موسیقار، میوزک پروڈیوسر اور 55 سالہ ریپر رابرٹ سلویسٹر کیلی آر کیلی) کو ساتھی قیدی نے حملہ کرکے زخمی کردیا۔

آر کیلی گزشتہ برس جون سے جیل میں ہیں، عدالت نے انہیں ضمانت دینے سے انکار کردیا تھا۔

آر کیلی پر 2018 سے امریکا کی تین مختلف ریاستوں کی 4 عدالتوں میں جنسی جرائم، نابالغ اور کم عمر لڑکیوں کے ریپ اور جنسی استحصال سمیت خواتین کو جنسی لذت کے لیے ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے جیسے الزامات زیر سماعت ہیں۔

آر کیلی پر کم عمر لڑکی سے شادی کرنے سمیت دوسری اہلیہ پر بدترین جنسی تشدد کرنے کے الزامات بھی ہیں، جب کہ ان پر زیادہ تر سیاہ فام کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال کے الزامات عائد ہیں۔

کچھ کیسز میں ان پر فرد جرم بھی عائد کی جا چکی ہے تاہم انہوں نے زیادہ تر کیسز میں خود پر لگے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

آر کیلی نے عدالت میں دعوے کیے کہ انہوں نے تمام خواتین سے باہمی رضامندی کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کیے اور انہوں نے کسی پر جنسی تشدد نہیں کیا۔

آر کیلی پر مجموعی طور پر 100 کے قریب خواتین بشمول نابالغ اور کم عمر لڑکیوں کے ریپ اور ان پر بدترین جنسی تشدد کے الزامات ہیں۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 1990 سے 2010 تک مختلف مواقع پر نابالغ لڑکیوں اور نوجوان خواتین کو نشہ دے کر ریپ کا نشانہ بنانے سمیت بدترین جنسی تشدد کا نشانہ بنایا۔

ان پر نیویارک اور ریاست الینوائے سمیت ایک اور ریاست کی 4 مختلف عدالتوں میں کیسز زیر التوا ہیں اور ان کے خلاف نیویارک کی عدالت میں دائر مقدمے کا ٹرائل رواں برس مئی میں ہونا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث ایسا نہ ہوسکا۔

اب نیویارک کی عدالت میں آئندہ ماہ ستمبر میں ان کے ٹرائل کا ممکنہ آغاز ہوگا تاہم زیادہ تر امکان یہی ہے کہ کورونا کی وبا کے باعث ان کا ٹرائل مزید چند ماہ تک مؤخر کردیا جائے گا۔

اگر آر کیلی پر جرم ثابت ہوجاتا ہے تو انہیں 10 سے 20 سال قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ آر کیلی کے وکلا نے الزام عائد کیا ہے کہ جیل کے قیدی نے ان کے مؤکل پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا۔

آر کیلی کے وکلا کے مطابق گلوکار ریاست الینوائے کے شہر شکاگو کے میٹروپولیٹن کریکشنل سینٹر 3 میں اپنے بیرک میں خاموش بیٹھے ہوئے تھے کہ ان پر ساتھی قیدی نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر مکوں اور لاتوں سے حملہ کردیا۔

گلوکار کے وکلا نے تصدیق کی کہ اگرچہ آر کیلی پر حملہ آور نے شدید تشدد کیا، تاہم ان کی کوئی بھی ہڈی نہیں ہوٹی اور انہیں کوئی خطرناک اندرونی چوٹ نہیں لگی۔

آر کیلی کے وکلا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے مؤکل کی زندگی کو خطرہ ہے، اس لیے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے، تاہم جیل حکام نے فوری طور پر گلوکار کے وکلا کے بیان پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔

جیل حکام نے آر کیلی پر حملے سے متعلق بھی کوئی معلومات دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ یہ جیل کا اندرونی معاملہ اور قیدی کی ذاتی زندگی سے متعلق مسئلہ ہے، اس پر

کوئی بیان نہیں دیا جا سکتا۔

بارش کے بعد ہنگامی صورتحال، پاک فوج کی شہر قائد میں امدادی سرگرمیاں جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) بارش کے بعد ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کی شہر قائد میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ سول انتظامیہ کیساتھ مختلف مقامات پر 32 میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سرجانی ٹاؤن، قیوم آباد اور سعدی ٹاؤن میں آرمی کے 3 موبائل ہسپتال بھی قائم ہیں، اس کے علاوہ متاثرہ افراد کے لیے 56 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

کراچی کے 9 مختلف مقامات پر نکاسی آب کے لیے کام کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے جوان متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ بارش سے متاثرہ افراد کو طبی امداد دینے کیلئے سرجانی ٹاؤن میں 50 بیڈز کا ہسپتال قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حیدر آباد، بدین اور دادو میں بھی پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ادھر قدرتی آفات سے نمٹنے کا قومی ادارہ کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق پاک فوج، سول انتظامیہ کے تعاون سے بارش سے متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب اور بحالی کے آپریشن کا کام سرانجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارش سے متاثرہ افراد کو خوراک، پینے کا پانی اور دیگر اشیائے ضررویہ کی فراہمی جاری ہے جبکہ اس سلسلےمیں چھپن فلاحی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے بارش سے متاثرہ افراد کی بحالی کےلئے تین ہزار خیمے سندھ گورنمنٹ کے حوالے کئے ہیں۔