صدر آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر کی مخدوش صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ایوان صدر میں آج اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ دوسری طرف ریاست میں کشیدگی برقرار ہے، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ روز کوٹلی میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی کے دوران تصادم سے اے ایس آئی جاں بحق جبکہ 12 اہلکار زخمی ہوئے۔
ایوان صدر میں بلائے گئے اجلاس میں آزاد کشمیر کے وزرا احتجاج اور مطالبات سے صدر مملکت کو آگاہ کریں گے۔
پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی قیادت کو بھی اسلام آباد طلب کرلیا گیا، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کا حکمران اتحاد کے ساتھ چلنے یا نہ چلنے کا فیصلہ ہوگا۔
پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے حکومت کے اتحادی ہوتے ہوئے بھی حکومت کے پر تشدد رد عمل کی مذمت کی ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے رپورٹ طلب کرلی
وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر حکومت میں شامل اپنی جماعت کے صدر شاہ غلام قادر سے احتجاج اور پُرتشدد واقعات پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر کی دوبارہ مذاکرات کی دعوت
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ایک مرتبہ پھر عوامی ایکش کمیٹی کو مذاکرات کی میز پر دوبارہ آنے کی دعوت دے دی ہے۔ انھوں نے یہ دعوت اسلام آباد میں رات گئے پریس کانفرنس کے دوران دی۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے مذاکرات کی میز پر دوبارہ آنے کی دعوت کا تا حال جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے ہڑتال کی جا رہی ہے گزشتہ دو سے تین روز سے صورتحال کشیدہ ہے۔
ریاست بھر میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے۔ پولیس گرفتاریوں میں مصروف ہے، جبکہ دوران احتجاج مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر بھی حملے رپورٹ ہوئے۔
ضلع حویلی سے مظفرآباد جانے والے قافلے کو محمود گلی پر روک لیا گیا، قافلے میں شریک متعدد افراد کو گرفتار کرکے سٹی تھانہ فاروڈ کہوٹہ منتقل کیا گیا۔
مظفرآباد میں مظاہرین کو کنٹرول نہ کرنے پر حکومت آزاد کشمیر نے کمشنر مظفرآباد اور ڈی آئی جی کو رات گئے تبدیل کردیا۔
ڈی آئی جی مظفرآباد ریجن یاسین قریشی کو تبدیل کرکے عرفان مسعود کشفی کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس مظفرآباد ریجن تعینات کیا گیا۔
واضح رہے کہ ہفتے کو آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر تمام 10 اضلاع میں دوسرے روز بھی پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ جس کے باعث خوراک کی قلت پیدا ہوئی۔
گزشتہ روز ہی کوٹلی میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی کے دوران تصادم سے اے ایس آئی جاں بحق جبکہ 12 اہلکار زخمی ہوئے۔ آزادکشمیر کے پونچھ اور مظفرآباد ڈویژن میں بھی پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا۔ پتھراؤ اور آنسو گیس کے استعمال کے نتیجے میں حالات مزید کشیدہ ہوئے اور دارالحکومت مظفرآباد میدان جنگ بنا رہا۔