وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی برساتی پانی کی انڈر گراؤنڈ اسٹوریج کا منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دے دی۔
لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے کے بڑے شہروں میں بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کے لیے زیر زمین ٹینک بنائے جائیں گے، یہ پانی نا صرف ہارٹیکلچر کے لیے استعمال ہو گا بلکہ اسے پینے کے قابل بھی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں 14 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کے لیے زیر زمین اسٹوریج ٹینک بنایا ہے اس کے علاوہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کا منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے شفافیت سے سرکاری امور انجام دینے کے رجحان کو فروغ دیا ہے جب کہ سابق ادوار میں کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ عناصر نے ذاتی تجوریاں بھریں اور ملک کو کنگال کیا لیکن تحریک انصاف کی حکومت کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں کیوں کہ کرپٹ عناصر کی نئے پاکستان میں رتی بھر گنجائش نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی شفافیت کی پالیسیوں کی عالمی سطح پر بھی تحسین کی جارہی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی وہ منزل حاصل کرے گا جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔