وزیراعظم کی میر پور آزاد کشمیر ڈسٹرکٹ ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت ، سہولیات فراہمی کی یقین دہانی

میرپور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان میر پور آزاد کشمیر کے ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم عمران خان کو آزاد کشمیر میں زلزلے سے ہونیوالے جانی و مالی نقصان، ریلیف کے حوالے سے اقدامات اور بحالی کیلئے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، چیئرمین این ڈی ایم اے بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا اقوام متحدہ میں تھا تو زلزلے کا علم ہوا، مجھے بہت افسوس ہوا، فوری طور پر یہاں کا دورہ کرنا چاہتا تھا، مگر امریکہ سے واپسی میں تاخیر ہوئی، جانی و مالی نقصان اٹھانے والوں کا دکھ محسوس کرسکتا ہوں، حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے ایک پیکیج تشکیل دے رہی ہے، زلزلہ متاثرین کے لئے ہر ممکن اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وڈیو توڑ مروڑ کر پیش کی گئی، مہوش حیات کا کشمیر سے متعلق سوال پرجواب سے انکار

کراچی : (ویب ڈیسک)ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے اپنے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے پر خاموشی توڑ دی، ان کا کہنا ہے کہ لیکڈ وڈیو کو توڑ مروڑ ر پیش کیا جارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اداکارہ کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوا جس میں ا±ن سے کشمیر سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دینے سے انکار کردیا تھا۔ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس موضوع پر کچھ کہنے سے منع کیا گیا ہے۔ پاکستانی فلموں کی معروف اداکارہ اور صدر پاکستان سے تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی مہوش حیات کیمرے کے سامنے ہچکچاہٹ کا شکار نظر آئیں۔کراچی میں ہونے والی ایک نجی تقریب ہوئی جس میں انہوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں ایک صحافی نے ان سے پوچھا تھا کہ آپ نے یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھی ہزاروں یتیم بچے ہیں، ان کیلئے آپ کیا کہیں گی؟۔ اس سوال پر مہوش حیات نے کہا کہ انہیں پی آر کمپنی نے ایونٹ سے ہٹ کر بات کرنے سے منع کیا ہے، صحافی کی بار بار درخواست کے باوجود اداکارہ نے کشمیر کے موضوع پر بات کرنے سے منع کردیا تھا۔

احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو جیل میں سہولیات فراہمی کی درخواست منظور کرلی

 

اسلام آباد(ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو جیل میں سہولیات فراہمی کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے کہا جو سہولیات آصف زرداری کو دی گئیں وہی شاہد خاقان عباسی کو بھی دی جائیں۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ کی درخواست پر حکم سنایا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شاہد خاقان کو گھر کا کھانا، اے سی، ٹی وی، ٹوسٹر اور فریج دیا جائے۔ سابق وزیر اعظم نے مائیکروویو، کمپیوٹر، ٹیب، بیڈ، ٹیبل، مچھر دانی کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

مریم نواز نے نیب کے ذریعے گرفتاری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) مریم نواز نے نیب کے ذریعے گرفتاری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔مریم نواز کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اپنایا کہ نیب نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے گرفتار کیا ہے، نیب کو اب تک کی تحقیقات میں ایک بھی ثبوت نہیں ملا، بغیر کسی ثبوت کے کسی پاکستانی کو قید رکھنا غیر آئینی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ میری گرفتاری غیر قانونی قرار دے کر رہائی کا حکم دے، عدالت ضمانت کی درخواست منظور کرنے کا حکم جاری کرے۔

عوام دشمن اور نااہل حکومت کو گھر بھیجیں گے، بلاول بھٹو زرداری

سیہون :(ویب ڈیسک)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عوام دشمن اور نااہل حکومت کو گھر بھیجیں گے۔سیہون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کاش احتساب کا عمل چل رہا ہوتا، ملک کو اصل احتساب کی ضرورت ہے، یہ احتساب کا عمل نہیں بلکہ سیاسی انتقام کا چل رہا ہے اور یہ عوام دشمن حکومت ہے اور ہم عوام دشمن،  نااہل حکومت کو گھر بھیجیں گے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام دشمن بجٹ کے پیش ہونے بعد عوامی رابطہ مہم پر نکلے تھے اور عوامی رابطہ مہم آگے بھی ہوتا رہے گا، سندھ اور پنجاب میں احتجاجی مہم چلا رہے ہیں، ہم اپنی آواز اٹھا تے رہیں گے، اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے لیے بھی آواز اٹھائیں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا تھا کہ پاکستان کے عوام مایوس ہیں اور ملک کا وزیر اعظم کھڑا ہوتا ہے اور کہتا ہے کہ میں کیا کروں تو عوام میں مایوسی ہوتی ہے، پاکستان کے عوام سوال اٹھا رہے ہیں کہ بتایا جائے کہ کشمیر پر حملے بعد وزیراعظم نے کتنے ممالک کا دورہ کیا، کشمیر 50 دن سے اوپن ائیر جیل بنی ہوئی ہے، وزیراعظم عمران خان کشمیر کو اپنی پی آر کیلئے استعمال نہ کریں جب کہ وزیراعظم کی تقریر پری سلیکٹڈ تھی، وزیراعظم کو انسانی حقوق کے ساتھ یواین کی قرادادوں پر فوکس ہونا چاہیے تھا۔

حکومت کی انوکھی سکیم، لاکھوں ٹی وی مفت تقسیم

شنگھائی (ویب ڈیسک)چینی حکام کی خواہش ہے کہ اس بار شاندار فوجی پریڈ کو پورا چین اپنے ٹی وی سیٹ پر دیکھے اور اس کے لیے انتہائی غریب گھرانوں میں 6 لاکھ 20 ہزار ٹی وی تقسیم کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو کمیونسٹ پارٹی چائنا اپنے اقتدار کی 70 ویں سالگرہ منارہی ہے جس پر رنگا رنگ تقاریب کا اغاز ہوگا اور اس ضمن میں ایک یادگار اور منظم فوجی پریڈ بھی منعقد کی جائے گی۔مغربی ذرائع ابلاغ کےمطابق چین اس موقع پر اپنے خاص فوجی و عسکری ہتھیاروں کی نمائش بھی کرے گا جن میں انتہائی جدید ترین ڈرون، میزائل اور دیگر آلات شامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تجزیہ کاروں کو اس نمائش اور پریڈ کا بے چینی سے انتظار ہے۔جہاں پریڈ کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں تو دوسری جانب حکومت نے محسوس کیا کہ اگر اس منظر سے خود چینی محروم رہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔اسی بنا پر مختلف حکومتی محکموں نے چین میں مقامی طور پر بنے 32 انچ ایل ای ڈی ڈسپلے غریب گھرانوں میں تقسیم کرنا شروع کردیئے ہیں۔ اسے مغربی تجزیہ کاروں نے لوگوں کو ذہن کنٹرول کرنے سے تعبیر کیا ہے لیکن چینی حکومت اب تک لاکھوں گھرانوں میں ٹی وی پہنچا چکی ہے۔چینی عوام بھی اس پریڈ کی گرمجوشی سے منتظر ہیں اور اس سے قبل جنوبی چین کے سمندر میں چینی بحریہ اپنی اہم مشقوں کا مظاہرہ کرچکی تھی اور 2017ء میں منگولیا کے ریگستانوں میں بھی فوجی پریڈ منعقد کی گئی تھیں۔

اسرائیلی پولیس کے پہرے میں سیکڑوں یہودی زبردستی بیت المقدس میں داخل

غزہ / مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک)اسرائیلی پولیس کے حفاظتی حصار کے ساتھ سیکڑوں یہودی زبردستی مسجد اقصیٰ میں داخل ہوگئے اور مسلمانوں کو عبادت کی ادائیگی سے روک کر اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق قابض اسرائیلی پولیس نے 200 سے زائد یہودیوں کو زبردستی بابِ رحمت سے  مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل کیا، جہاں یہودیوں نے عبرانی کیلنڈر کے سال کے آغاز کے اعتبار سے مذہبی تہوار روش ہاشنہ منایا اور مذہبی رسومات ادا کیں۔اس موقع پر قابض اسرائیلی فوج نے مسجد کے صحن میں نماز کی ادائیگی کے لیے موجود مسلمانوں پر تشدد کیا اور جبری طور پر بے دخل کردیا۔ اس موقع پر انتہا پسند یہودی گروپ گلک کے ارکان بھی موجود تھے۔ فلسطینیوں نے اسرائیلی پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور سخت احتجاج کیا۔قابض اسرائیلی پولیس کے متعصبانہ عمل اور یہودیوں کی دیدہ دلیری کو مدنظر رکھتے ہوئے بیت المقدس کی سپریم اسلامی اتھارٹی کے سربراہ شیخ عکرمہ صابری کی اپیل پر مسلمانوں کی بڑی تعداد ہمہ وقت مسجد اقصیٰ کے صحن میں موجود ہے تاکہ اسرائیلوں کو دوبارہ داخل ہونے سے روکا جاسکے۔

کشمیر کو بیچا گیا، اس راز سے امریکہ اور انڈیا واقف ہیں، مولانا فضل الرحمان

ڈی آئی خان:(ویب ڈیسک)  جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کشمیر کو بیچا گیا اور اس راز سے امریکہ اور انڈیا واقف ہیں۔ڈی آئی خان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چمن میں دہشت گردی ریاستی اداروں کی ناکامی کا سبب ہے، ہمیں سیکولر اسٹیٹ بنانے کی سنگین سازش ہو رہی ہے، عمران خان کو بین القوامی ایجنڈے کے تحت مسلط کیا گیا، عمران خان کے غیر سنجیدہ اقدامات نے ملک کو مشکل دوراہے پر لاکھڑا کیا ہے۔مولانا فضل الرحمان کشمیر کو بیچا گیا اور اس راز سے امریکہ اور انڈیا واقف ہیں، ہم کشمیر کے مسئلے پر دنیا کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں،  اقوام متحدہ میں تقریر کے بعد بھی ہمارے موقف کو عالمی سطح پر پزیرائی نہیں مل سکی، دنیا ہمیں زمہ دارریاست ماننے کو تیار نہیں ہے جب کہ کشمیر اور دہشت گردی پر ہمارا موقف کمزور ہے۔