حکومت کا ای پاسپورٹ کے اجراءکا اعلان

اسلام آباد (ویب ڈیسک )پرانے پاسپورٹ کا دور ختم، حکومت کی جانب سے نئی طرز کے پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان، روایتی ویزہ کے بعد اب ای ویزہ شروع کرنے کا فیصلہ، ای ویزوں کا اجرائ2 ماہ کے اندر اندر شروع کر دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی جانب سے پاکستان میں نئی طرز کے پاسپورٹس کے اجراءکا اعلان کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ عشرت علی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حکومت جلد ای ویزہ سروس کا آغاز کر دے گی۔بتایا گیا ہے کہ حکومت 2 ماہ کے اندر اندر ای ویزوں کے اجراءکے آغاز کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس سلسلے میں ہوم ورک بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ای پاسپورٹ کی فیس روایتی پاسپورٹ کی فیس سے قدرے زیادہ ہوگی۔ تاہم پرانی طرز کے پاسپورٹ کا اجراءبند نہیں کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے روایتی اور ای دونوں طرز کے پاسپورٹس کا اجراءکیا جائے گا۔ ای پاسپورٹ کے ذریعے سیکورٹی فیچرز کو بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ جبکہ ای پاسپورٹ کے اجراءکا ایک اور اہم ترین مقصد غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان کی جانب راغب کرنا ہے۔

ایک ہسپتال کے لیبر وارڈ کی 9 نرسیں بیک وقت حاملہ ہوگئیں

لاہور (ویب ڈیسک ) ایک ہسپتال کے زچہ و بچہ وارڈ یا لیبروارڈ میں حاملہ خواتین کا آنا جانا لگا رہتا ہے، جن کی دیکھ بھال کے لیے وہاں نرسیں بھی موجود ہوتی ہیں۔مگر کبھی ایسا دیکھنے میں نہیں آیا کہ لیبر وارڈ کی تمام نرسیں بیک وقت حاملہ ہوجائیں اور ان کے بچوں کی پیدائش بھی لگ بھگ ایک ساتھ ہو۔مگر امریکی شہر پورٹ لینڈ کے میئن میڈیکل سینٹر میں ایسا انوکھا واقعہ ہوا ہے جہاں کی 9 نرسیں آگے پیچھے حاملہ ہوئیں اور بچوں کی پیدائش اپریل سے جولائی کے درمیان متوقع ہے۔سی سی این سے بات کرتے ہوئے ایک نرس ایرن گرینیر نے کہا ‘جب ہم سب نے ایک دوسرے کو کہا کہ ہم حاملہ ہیں تو میرے خیال میں ہر بار اس اعلان پر ہمیں خوشی ہوئی اور ہم ایک دوسرے کا خیال رکھنے کے لیے تیار ہیں’۔اس ہسپتال نے اس انوکھے واقعے کا اعلان کیا اور نرسوں کو مبارکباد بھی دی۔ہسپتال نے لوگوں کے ان خدشات کا بی جواب دیا جو یہ سوچ کر پریشان تھے کہ گرمیوں میں وہاں عملے کی کمی کا سامنا ہوگا۔ہسپتال کا کہنا تھا کہ فکر مت کریں ہم نے منصوبہ تیار کررکھا ہے۔تمام نرسیں اس حوالے سے ایک دوسرے کی مدد کررہی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں آکر کام کرنا اچھا لگتا ہے جہاں دیگر خواتین بچوں کو جنم دیتی ہیں اور اس تجربے کے بارے میں بتاتی ہیں، جس سے ہم سب اکھٹے گزرنے والے ہیں۔

ایک اور پاکستانی قیدی کو بھارتی جیل میں مبینہ تشددکے بعد قتل

کراچی (ویب ڈیسک ) بھارتی جیل میں قید پاکستانی مچھوارے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے موت کے گھاٹ اتار دیا گیاہے جو کہ غلطی سے مچھلیاں پکڑتے ہوئے بھارتی سمندری حدود میں داخل ہو گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شہر کراچی کا رہائشی نورلامین کو بھارتی حکام نے 2017 میں مچھلیاں پکڑتے ہوئے گرفتار کیاتھا جو کہ غلطی سے سمندر حدود پار کر گیا تھا ، وزارت داخلہ نے سندھ کے ہوم سیکریٹری مرحوم کی شناخت کی تصدیق کرنے کی ہدایات جاری کردیں ہیں۔فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کے ترجمان نے نورلامین کی موت کی تصدیق کر دی ہے اور بتایاہے کہ مرحوم بنگالی تھا اور بنگالی پارا کے علاقے ابراہیم حیدری میں رہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی ایس نے اعلیٰ حکام کو خط بھی لکھ دیاہے کہ وہ مرحوم کی میت کو جلد از جلد پاکستان پہنچانے کیلئے اقدامات کرے۔ ترجما ن کا کہناتھا کہ عمومی طور پر میت کو پاکستان لانے میں پانچ سے چھ روزدرکار ہوتے ہیں۔ایف سی ایس کا کہناہے کہ موت کی وجہ میت پاکستان منتقل ہونے کے بعد ہی معلوم کی جا سکے گی۔

بھارت نے کرتارپور راہداری پر 2 اپریل کو طے شدہ میٹنگ اچانک موخر کردی

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) بھارت نے کرتارپور راہداری پر 2 اپریل کو طے شدہ میٹنگ اچانک موخر کردی۔دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے ٹوئٹر کے ذریعے بھارت کی جانب سے میٹنگ موخر کیے جانے کی تصدیق کی۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی جانب سے مذاکرات موخر کیے جانے کے فیصلے پر افسوس ہوا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ 14 مارچ کو کرتاپور راہداری کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں دونوں طرف سے آئندہ میٹنگ پر بلانے پر اتفاق ہوا تھا، ان مذاکرات میں تصفیہ طلب مسائل اور ان کے حل پر گفتگو کی گئی تھی۔ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ پاکستان کا موقف جانے بغیر آخری لمحات اور بالخصوص 19 مارچ کو ایک مثبت تکنیکی مذاکرات کے بعد میٹنگ موخر کرنا ناقابل فہم ہے۔بھارت کی جانب سے میٹنگ موخر کیے جانے سے قبل ڈاکٹر فیصل نے بھارتی میڈیا کو میٹنگ کی کوریج کی اجازت بھی دی تھی۔

عوامی شکایات جاننے اور براہ راست رابطہ کیلئے وزیراعلی پنجاب کا اہم اقدام

لاہور (ویب ڈیسک ) وزیراعلی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرکاری محکموں میں آئے سائلین سے براہ راست رابطہ کریں گے ۔ وزیراعلی آفس کے نمائندے تمام اضلاع کے سرکاری دفاتر کا وقتا فوقتا دورہ کریں گے ۔ ڈیجیٹل ڈیوائس (ٹیبلیٹ) کے زریعے سائلین کا وزیراعلی سے براہ راست رابطہ کروایا جائے گا ۔ عوامی مسائل حل کرنے اور افسران کی کارکردگی مانیٹر کرنے کے لئے وزیراعلی براہ راست احکامات جاری کریں گے ۔ اس سسٹم کے زریعے وزیراعلی پنجاب نے لاہور اور ڈی جی خان میں شہریوں سے رابطہ کیا۔عوامی مسائل کو حل کرنے گڈ گورننس اور سروس ڈلیوری کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔اس سسٹم کے تحت اوپن ڈور پالیسی سرکاری محکموں میں حاضری اور افسران بارے عوامی رائے جاننے میں مدد ملے گی۔

عاطف اسلم کا اہلیہ کے ہمراہ ایس او ایس ویلج دورہ بچوں کے ساتھ موج مستی

لاہور( صدف نعیم )معروف گلوکار عاطف اسلم کا اہلیہ کے ہمراہ ایس او ایس ویلج کا دورہ ۔اس دوران انہوں نے یتیم بے سہارہ بچوں کے ساتھ بہت سا وقت گزارہ جبکہ اُنہیں تحائف بھی پیش کئے ۔اس موقع پر اُن کی اہلیہ سارہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ۔ہم سب کو مل کر ان کی فلاح وبہبود کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہو گا ۔

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کیمطابق ٹیم تبدیلی کیلئے کام کررہی ہے: صمصا م بخاری

لاہور(ویب ڈیسک ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہماری پوری ٹیم تبدیلی کے لیے کام کررہی ہے۔ بیوروکریسی اور وزراءکو عوامی خدمت کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے دن رات ایک کرنا ہوگا۔ عمران خان کی ٹیم میں وہی رہے گا جو کام کرے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج الحمراءآرٹس کونسل سے متصل برنی پارک میں کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلے میں پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراءاطہرعلی خان بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہسپتالوں سکولوں اور کالجوں کے دورے کر رہے ہیں اور ایک متحرک رہنما کے طور پر اپنا کردار نبھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ ہمارے حکومتی نمائندے سابق حکومت کے دور کے گھپلوں کی بھی نشاندہی کر رہے ہیں تاکہ عوام کو کھرے کھوٹے کی پہچان ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت گزر گیا جب حکمران اور بیورو کریسی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہتی تھی اب جو کام نہیں کرے گا اس کو گھر جانا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہا انہوں نے آج ایل ڈی اے کا اچانک دورہ کیا ہے جس کا مقصد وہاں کے حالات کار اور لوگوں کے مسائل کے حل کی صورتحال جاننا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے کا ون ونڈو آپریشن کامیابی سے چل رہاہے اور وہاں آئے ہوئے لوگوں نے اِس معاملے پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا حق بنتا ہے کہ وہ صوبہ بھر میں عوامی خدمت کے کسی بھی ادارے کا کسی بھی وقت دورہ کریں اور فرائض منصبی سے غفلت بھرتنے والے افسران و اہلکاران کو معطل کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مختلف اداروں کے سرپرائز وزٹ کرکے اِن اداروں کو پیغام دیا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

دنیا کے پہلے ڈبل فولڈنگ فون کی نئی ویڈیو سامنے آگئی

لاہور( ویب ڈیسک ) سام سنگ نے 20 فروری کو اپنا پہلا فولڈ ابیل فون گلیکسی فولڈ متعارف کرایا جو 4.6 انچ سے 7.3 انچ کے ٹیبلیٹ کی شکل اختیار کرلیتا ہے جس کے بعد ہواوے نے ایسی ہی ڈیوائس میٹ ایکس پیش کی جو فون کی شکل میں 6.6 انچ اور ٹیبلیٹ میں 8 انچ کی ہوجاتی ہے۔مگر ان دونوں کو ٹکر دینے کے لیے شیا?می اپنا فولڈایبل فون سامنے لارہی ہے جس کا ایک ٹیزر تو کچھ عرصے پہلے سامنے آیا تھا اور اب دوسرا ٹیزر بھی پیش کردیا گیا ہے۔شیا?می کے چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو کے اکا?نٹ میں پوسٹ 10 سیکنڈ کی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ یہ فون ڈبل فولڈ ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے یعنی گلیکسی فولڈ کے برعکس یہ فون اسکرین کے دونوں جانب فولڈ ہوسکتا ہے جس کے بعد درمیان میں فون اسکرین رہ جاتی ہے، جیسا آپ نیچے ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں۔

یعنی یہ کمپنی دنیا کا پہلا ڈبل فولڈنگ فون متعارف کرانے والی ہے اور یہ اعلان جنوری میں اس فون کے پہلے ٹیزر کے موقع پر کیا گیا تھا۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کا پہلا ڈبل فولڈنگ بنارہے ہیں جو کہ ٹیبلیٹ اور موبائل فون کا تجربہ فراہم کرے گا۔

اس فون کی تفصیلات تو زیادہ معلوم نہیں مگر یہ واضح ہے کہ یہ ہواوے اور سام سنگ کے فولڈ ایبل فونز کے مقابلے میں کافی سستا یعنی 999 ڈالرز کا ہوگا یعنی گلیکسی فولڈ سے ایک ہزار ڈالر جبکہ ہواوے کے فون سے ڈیڑھ ہزار ڈالرز سستا۔

دنیا کا پہلا 100 میگا پکسل کیمرے سے لیس اسمارٹ فون

لاہور (ویب ڈیسک ) اگر تو آپ اسمارٹ فون کیمرے کی وجہ سے لینا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب دنیا کا پہلا 100 میگا پکسل سنسر سے لیس فون جلد سامنے آنے والا ہے، یا کم از کم ایک کمپنی نے ایسا عندیہ دیا ہے۔ابھی کسی فون میں سب سے زیادہ میگا پکسل کا ریکارڈ شیامی اور ہواوے کے فونز کے پاس ہے جن میں 48 میگا پکسل مین کیمرہ استعمال ہورہا ہے۔چین کی ہی کمپنی لیناوو نے نے اپنے نئے فونز زی سکس پرو کے لیے سو میگا پکسل کیمرا دینے کا اشارہ دیا ہے۔ابھی تک فون تو سامنے نہیں آیا مگر لیناوو کے نائب صدر نے چینی سوشل میڈیا سائٹ پر اس ڈیوائس کا ٹیزر جس چینی ہیش ٹیگ کے ساتھ شیئر کیا، اس کا ترجمہ 100 میگا پکسل بنتا ہے۔ویسے یہ اتنا حیرت انگیز بھی نہیں کیونکہ پراسیسر بنانے والی کمپنی کوالکوم پہلے ہی رواں برس سو میگا پکسل کیمرا فونز کی آمد کی بات کرچکی ہے۔لیناوو نے فروری میں بارسلونا میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر فائیو جی ٹیکنالوجی سے لیس ایسے فون کی بات کی تھی جس میں ہائپر ویڑن کیمرا دیا جائے گا اور زی سکس پرو وہی ڈیوائس ہے۔اس کمپنی نے اس موقع پر بتایا تھا کہ وہ اپنے نئے فون میں ہائپر ویڈیو اور سپر میکرو کیمرا موڈز دے گی۔

اسمارٹ فون سے خارج ہونے والی روشنی جسم پر کیا اثرات مرتب کرتی ہے؟

لاہور( ویب ڈیسک ) اس کو ہاتھ سے چھوڑنا تو مشکل ہے مگر اپنے اسمارٹ فونز کو رات میں بار بار دیکھنا کوئی اچھی عادت نہیں۔اسمارٹ فون کی اسکرین سے چمکدار نیلی روشنی خارج ہوتی ہے تاکہ آپ انہیں سورج کی تیز روشنی میں بھی دیکھ سکیں۔مگر رات میں یہ روشنی دماغ کو الجھن میں ڈال دیتی ہے کیونکہ یہ سورج جیسی چمک کی نقل ہوتی ہے۔اس کے نتیجے میں دماغ ایک ہارمون میلاٹونین کو بنانا چھوڑ دیتا ہے جو ہمارے جسم کو سونے کے وقت کے بارے میں آگاہ کرتا ہے، اس طرح اسمارٹ فون کی روشنی نیند کے چکر میں مداخلت کرتی ہے اور سونا مشکل تر ہوجاتا ہے۔اس کے نتیجے میں سنگین طبی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے جن میں چند ایک درج ذیل ہیں۔نیچر نیورو سائنسز، ہارورڈ یونیورسٹی اور دیگر جامعات و اداروں کی طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق اسمارٹ فونز سے خارج ہونے والی روشنی نیند کے شیڈول میں تبدیلی کا باعث بنتی ہے جس سے اگلے دن کی یاداشت پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔اسمارٹ فونز کی روشنی کے باعث ایک رات کی نیند خراب ہونے سے اگلے دن طالبعلموں کے لیے اپنے اسباق یاد رکھنا مشکل ہوجاتا ہے، جبکہ طویل المعیاد بنیادوں پر نیند پوری نہ ہونے سے اچھی نیند کا حصول لگ بھگ ناممکن ہوجاتا ہے۔اسی طرح کچھ شواہد یہ بھی سامنے آئے ہیں کہ یہ روشنی پردہ چشم کو نقصان پہنچا کر بینائی کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے جبکہ اس حوالے سے تحقیق کی جارہی ہے کہ یہ روشنی کہیں آنکھوں میں موتیے کا سبب تو نہیں بنتی۔مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اسمارٹ فونز کی روشنی خارج ہونے سے اگر میلاٹونین کی مقدار متاثر ہو تو نہ صرف ڈپریشن بلکہ موٹاپے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

وہ خاتون جسے درد محسوس نہیں ہوتا

لاہور (ویب ڈیسک ) جو کیمرون کو اپنی جلد جلنے کا احساس اس وقت ہوا جب انہیں گوشت جلنے کی بو محسوس ہوئی، ان کا بازو اکثر اوون میں جل جاتا ہے مگر انہیں کوئی درد ہی نہیں ہوتا جو انہیں خبردار کرے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ دنیا کے ان محض 2 افراد میں سے ایک ہیں جن کے جینز میں ایک مخصوص تبدیلی واقع ہوئی ہے۔اس تبدیلی کے نتیجے میں انہیں کوئی درد محسوس نہیں ہوتا اور نہ ہی وہ ذہنی طور پر بے چین یا خوفزدہ ہوتی ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والی معمر خاتون کو اس بات کا احساس 65 سال کی عمر میں ہوا کہ وہ دوسروں سے مختلف ہیں اور وہ بھی اس وقت جب ایک بڑے آپریشن کے بعد ڈاکٹر یہ یقین کرنے میں ناکام ہوگئے کہ جو کیمرون کو دردکش ادویات کی ضرورت نہیں۔جب ان کے ہاتھ کی سرجری ہوئی تو ڈاکٹروں نے انہیں خبردار کیا تھا کہ انہیں شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑے گا۔جب خاتون کو کسی قسم کی تکلیف محسوس نہیں ہوئی تو ڈاکٹروں نے انہیں لندن کالج یونیورسٹی اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں کے پاس بھیجا۔وہاں ٹیسٹوں سے ماہرین نے جینز میں آنے والی تبدیلی کو دریافت کیا جس کے نتیجے میں انہیں دیگر افراد کی طرح درد محسوس نہیں ہوتا۔انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ڈاکٹروں کو یقین نہیں آیا تھا کہ سرجری کے بعد انہیں درد میں کمی کے لیے کسی دوا کی ضرورت نہیں، جس کے بعد مجھے سائنسدانوں کے پاس بھیجا گیا۔وہاں تشخیص کے بعد جو کیمرون کو احساس ہوا کہ وہ بہت زیادہ صحت مند نہیں جیسا وہ خود کو سمجھتی تھیں۔انہوں نے بتایا ‘ماضی میں جھانکنے پر مجھے احساس ہوا کہ مجھے کبھی دردکش ادویات کی ضرورت نہیں پڑی اور کبھی اس بارے میں سوچا بھی نہیں’۔

پیدائش کی ترتیب کیا واقعی شخصیت پر اثرات مرتب کرتی ہے؟

لاہور (ویب ڈیسک ) ہر بچہ اپنے بہنوں اور بھائیوں سے مختلف شخصیت کا حامل ہوتا ہے اور عام خیال ہے کہ پیدائش کی ترتیب کسی حد تک شخصی خوبیوں یا خامیوں پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔درحقیقت سائنسدانوں کا بھی کافی عرصے سے یہی ماننا ہے۔ان کے مطابق پہلوٹھی یا بڑے بچے قائدانہ کردار کے حامل ہوسکتے ہیں اور زندگی میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔منجھلے بچوں میں عام طور پر اپنے سے بڑے اور چھوٹے بہن بھائیوں کی ملی جلی عادتیں ہوتی ہیں اور وہ رشتے مضبوط بنانے پر زیادہ توجہ مرکوز کرتے ہیں۔سب سے چھوٹے بچے توجہ کا حصول اور احترام چاہتے ہیں۔مگر اب ایسے شواہد سامنے آرہے ہیں جو اس تاثر کو مسترد کرتے ہیں اور اب سائنسدانوں کے ایک حلقے کا ماننا ہے کہ پیدائش کی ترتیب بالغ ہونے پر شخصیت پر اثرانداز نہیں ہوتی۔حالیہ تحقیقی رپورٹس میں اس حوالے سے بڑے پیمانے پر ڈیٹا اور اعدادوشمار کا تجزیہ کیا گیا ہے۔اسپین میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ پیدائش کی ترتیب لوگوں کی شخصیت اور رویوں پر اثرانداز نہیں ہوتی۔رواں ہفتے جریدے پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع تحقیق میں کہا گیا کہ اس حوالے سے اتفاق بڑھ رہا ہے کہ پیدائش کی ترتیب بلوغت میں شخصیت اور رویوں پر اثرانداز نہیں ہوتی۔اس تحقیق میں 11 ہزار گھرانوں کا جائزہ لینے کے بعد بلوغت میں ان کے رویوں کا تجزیہ کیا گیا اور دریافت کیا گیا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے خطرات پسند ہوتے ہیں اور کامیابی کے لیے کچھ بھی دا? پر لگانے کی ذہنیت نہیں رکھتے۔

محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے واضح ہوجاتا ہے کہ پیدائش کی ترتیب اور خطرات مول لینے کی فطرت کے درمیان کوئی تعلق نہیں۔

اس سے قبل 2015 کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پیدائش کی ترتیب سے شخصیت کی 5 بنیادی عادتوں پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوتے یعنی یہ تاثر غلط ہے کہ پہلوٹھی کے بچے زیادہ ذہین ہوسکتے ہیں یا منجھلے بچے حالات سے مطابقت اختیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

کیا یہ ہے دنیا کی سب سے بہترین ملازمت؟

لاہور (ویب ڈیسک ) کیا ایسی ملازمت بلکہ دنیا کی سب سے بہترین ملازمت کرنا پسند کریں گے جس میں آپ کو کچھ نہیں کرنا بلکہ درحقیقت آپ کو تو بس اپنی جگہ سے بھی نہیں ہلنا ہوگا۔جی ہاں اگر آپ کو لگتا ہے کہ امریکی خلائی ادارے ناسا میں ملازمت کے لیے آپ کو سائنسی ڈگری اور سخت محنت کرنا پڑے گی تو ایک بار پھر سوچ لیں۔درحقیقت دنیا بھر میں معروف یہ ادارہ ایک ایسی ملازمت کی پیشکش کررہا ہے جس کو پانے والے کو بس بستر پر 2 ماہ تک لیٹ کر گزارنا ہوں گے۔اس کا مقصد مصنوعی کشش ثقل کے انسانی جسم پر مرتب ہونے والے اثرات کو سمجھنا ہے۔آرٹی فیشل گریویٹی بیڈ ریسٹ اسٹڈی نامی اس تجربے کو رواں ہفتے ناسا نے یورپین اسپیس ایجنسی کے اشتراک کے ساتھ جرمن ایرو اسپیس سینٹر میں متعارف کرایا۔اس تحقیق کے دوران پہلی بار سائنسدان مصنوعی کشش ثقل کو استعمال کریں تاکہ جان سکیں کس طرح کشش ثقل نہ ہونے پر بے وزنی کی حالت میں انسانی جسم کو منفی اثرات سے بچانا ممکن ہوسکے گا۔اس مقصد کے لیے ناسا 12 خواتین اور 12 مردوں کو بھرتی کرے گا جن کو 2 ماہ یا 60 دن بستر پر گزارنا ہوں گے۔اور ہاں اس دوران کامیاب امیدواروں کو بس لیٹ کر ہی سب کچھ کرنا ہوگا جیسے کھانا پینا وغیرہ، مگر 60 دن کے اس آرام پر انہیں ساڑھے 18 ہزار ڈالرز (26 لاکھ پاکستانی روپے) ملیں گے، بس ایک شرط ہے اور وہ ہے جرمن زبان روانی سے بولنا ہوگی۔اور ہاں مجموعی طور پر کامیاب امیدواروں کو اس مرکز میں 89 دن گزارنے ہوں گے، یعنی 60 دن بستر پر آرام اور باقی دیگر تجربات کے لیے۔