قطری شہزادے بارے اہم خبر

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پانامہ کیس کی تفتیش یں مصروف جے آئی ٹی کا قطری شہزادے کو دوبارہ سمن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم حدیبیہ پیپرز ملز کی تحقیقات کے لئے کاشف قاضی کو بھی سمن جاری کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پانامہ کیس میں قطری شہزادے کا بیان ریکارڈ کرنا انتہائی ضروری ہے لہٰذا جے آئی ٹی نے قطری شہزادے شیخ حماد بن جاسم کو دوبارہ سمن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ حدیبیہ پیپرز ملز کی تحقیقات کے لئے کاشف قاضی کا بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا لازمی ہے، اس لئے انہیں بھی سمن جاری کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل حسین نواز کی جانب سے جے آئی ٹی پر اعتراضات کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ واضح طور پر کہہ چکی ہے کہ اگر قطری شہزادہ پاکستان نہیں آتا تو خطوط کو اٹھا کر کھڑکی سے باہر پھینک دیں گے۔

رمضان المبارک میں دہشتگردوںکوبڑی سہولت مل گئی

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) رمضان المبارک کے باعث ملک بھر میں پھانسی کی سزا عید الفطر تک ملتوی کردی گئی ،پھانسی کی سزا عارضی طور پر ایک مہینے کے لئے ملتوی کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے رمضان المبارک کے احترام کے باعث پھانسی کی سزا ملک بھر میں ایک مہینے کے لئے ملتوی کی گئی ہے ،اس ضمن میں وفاقی حکومت نے محکمہ داخلہ اور چاروں صوبوں کے محکمہ جیل خانہ جات کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے،جبکہ دوسری طرف وفاقی حکومت کے اس فیصلے کے بعد صوبے کی مختلف جیلوں میں سزائے موت کے قیدیوں کو ڈیتھ سنٹر ز سے بھی واپس بیرکوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں ملک کے مختلف حصوں میں قید بعض قیدیوں کے ریڈ وارنٹ بھی جاری کئے گئے تھے۔

امریکی ویزوں بارے سب سے اہم خبر

واشنگٹن(این این آئی)صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کے تحت پاکستان کے لیے ویزوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بتایاکہ پاکستان کے لیے مارچ اور اپریل میں جاری کیے جانے والے نان امیگرنٹ ویزوں کی تعداد میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 40 فی صد تک کمی ہوئی ہے۔پاکستان کے برعکس بھارتی شہریوں کے لیے جاری کیے جانے والے ویزوں کی تعداد میں پچھلے سال مارچ اور اپریل کے مقابلے میں 28 فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔ویزوں سے اجراکے متعلق ماہانہ بنیادوں پر امریکی حکومت نے اس سال مارچ سے اعداد و شمار جاری کرنے شروع کیے ہیں جب کہ اس سے پہلے انہیں سالانہ بنیاد پر جاری کیا جاتا تھا۔رپورٹ میں امریکی محکمہ خارجہ کے جاری کردہ ڈیٹا کے حوالے سے بتایاگیا کہ پاکستانیوں کو اپریل میں 3925 اور مارچ میں 3973 نان امیگرنٹ ویزے جاری کیے تھے جو براک اوباما کی انتظامیہ کے تحت مارچ اور اپریل میں دیئے جانےوالے ویزوں کے مقابلے میں 40 فی صد تک کم ہیں۔اخبار نے لکھا ہے کہ پچھلے سال پاکستانیوں کو مجموعی طور پر 78637 نان امیگرنٹ ویزے جاری کیے گئے تھے جن کی ماہانہ اوسط 6553 بنتی ہے ۔اس سے ایک سال قبل 2015 میں پاکستانیوں کو کل 74150 ویزے دیئے گئے تھے، جن کا ماہانہ اوسط 6179 بنتا ہے۔امریکی محکمہ جارجہ کے ایک ترجمان نے ویزوں کے اجرا میں مختلف عوامل اثر انداز ہوتے ہیں اس لیے سال کے مختلف مہینوں میں ویزوں کی تعداد مختلف ہوتی ہے۔

وزیر اعظم کے صاحبزادے بارے تازہ ترین خبر

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے صاحبزادے کی طبیعت خرابی کے حوالے سے ان کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین نواز بالکل ٹھیک ہیں اور جے آئی ٹی کے عمل میں شریک ہیں۔ تفصیل کے مطابق حسین نواز کے خاندانی ذرائع نے کہا طبیعت خرابی کی خبر کی تردیدکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے صاحبزادے جے آئی ٹی میں بھرپور انداز میں اپنے موقف کا دفاع کررہے ہیں اور اطلاع ہے کہ نیشنل بنک کے صدر سعید احمد کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے جن کے لئے ایمبولینس بلوائی گئی تھی۔ خیال رہے کہ نجی ٹی وی کے مطابق دعویٰ کیا تھا کہ جے آئی ٹی کی تفتیش کے دوران حسین نواز کا شوگر لیول کم ہوگیا تھا اور انہیں طبی امداد دی گئی تھی۔

علامہ اقبال ایئر پورٹ کی نجکاری بارے عدالت عالیہ کا اہم حکمنامہ

لاہور (این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ کی نجکاری روکتے ہوئے وفاقی حکومت سے استفسار کیا ہے کہ ائیرپورٹس غیر ملکی کمپنیوں کو فروخت کر دئیے تو قومی سلامتی کا تحفظ یقینی کیسے ہوگا۔گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے سول ایوی ایشن کے ملازمین اور پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر مبشر حسن کی لاہور، کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹس کی نجکاری کیخلاف درخواستوں پر سماعت کی۔درخواست گزاروں کے وکلاءنے موقف اختیار کیا کہ لاہور سمیت تینوں ائیرپورٹس کے اربوں روپے کے اثاثے کوڑیوں کے بھا فروخت کیے جا رہے ہیں۔ غیرملکی کمپنیوں یا ملکی کمپنیوں کو ائیرپورٹس فروخت کرنا قومی سلامتی کو بیچنے کے مترادف ہے۔ اگر جنگی صورتحال میں کسی کمپنی نے جنگی جہازوں کو ائیرپورٹس پر لینڈ کرنے کی اجازت نہ دی تو پھر حکومت کیسے ملکی سلامتی کا دفاع کریگی لہٰذا ائیرپورٹس کی نجکاری غیرقانونی قرار دی جائے۔ عدالتی نوٹسز کی تعمیل میں وفاقی حکومت اور سول ایوی ایشن کے وکلا پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ائیرپورٹس کی نجکاری موخر کی جا چکی ہے جبکہ درخواست گزار ڈاکٹر مبشر حسن نے نشاندہی کی ہے کہ عدالت میں جھوٹ بولا جا رہا ہے اور ایوی ایشن میں نجکاری کا عمل خفیہ طریقے سے مکمل کیا جا رہا ہے۔فاضل عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے حکومت سے استفسار کیا ہے کہ غیرملکی کمپنیوں کو ائیرپورٹس فروخت کرنے کے بعد قومی سلامتی کا تحفظ کیسے یقینی ہوگا۔عدالت نے مزید سماعت 4 ہفتوں کیلئے ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت، سیکرٹری کابینہ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی سے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ائیرپورٹس کی نجکاری کا مکمل ریکارڈ بھی پیش کرنیکی ہدایت کی۔

خبریں نے ”چھرے والے پیر “ کا پول کیسے کھولا ؟ وجہ سامنے آ گئی

سرگودھا (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جعلی پیر چھرے والے کے خلاف مزید خوفناک انکشافات ، کالے جادو سے کاٹ پلٹ کا ہر ناجائز کاموں کی مد میں لاکھوں روپے فیس وصول ، چار شادیوں کا بھی انکشاف ، دو پرائیویٹ سکول بھی غیر قانونی طورپر چلا رہا ہے محکمہ ایجوکیشن سے بھی رجسٹرڈ نہ ہیں ، حقائق پر مبنی خبر شائع ہونے پر اہل دیہہ کا روزنامہ ” خبریں اور ضیاءشاہد کو خراج تحسین ، تفصیلات کے طابق چک 51 جنوبی کے جعلی پیر جوکہ چھرے سے دم کرنے میں مشہور ہے مزید معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ پیر خاندانی رشتوں کو توڑنے ، من پسند شادی ، ساس بہو میں اختلافات ، خاوند کواپنے تابع کرنے اور مزید معاشرتی بگاڑ پیدا کرنے والے عناصر کی کامیابی کیلئے آنے والے سائلین سے لاکھوں روپے وصول کرتا ہے اور ان کاموں کے عملدرآمد کیلئے کالے جادو کا استعمال کرتا ہے جس کی وجہ سے اب تک کتنے ہی خاندانوں کا سکون برباد ہو چکا ہے مذکورہ پیر شیطانی عملوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جس نے حرام کی کمائی سے شار شادیاں بھی کر رکھی ہیں جبکہ دو پرائیویٹ سکول بھی نان رجسٹرڈ ہیں موصوف کے کالے کرتوتوں سے تمام اہل دیہہ تنگ ہیں ”خبریں“ میں خبر کی اشاعت پر تمام اہل علاقہ نے جعلی پیر کوبے نقاب کرنے پر روزنامہ ”خبریں“ اور چیف ایڈیٹر ضیاءشاہد کو زبرست خراج تحسین پیش کیا ہے اہل دیہہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے جعلی پیر فتح محمد عرف پھتو کے متعلق پہلے بھی کئی بار میڈیا کو آگاہ کیا لیکن کسی بھی ادارے نے خبر شائع نہ کی ۔

مردار گوشت کے تکے با آسانی دستیاب

لاہور (کرائم رپورٹر،بیورو رپورٹ) شاہدرہ کے علاقہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مردار گوشت کے تکے کباب شہریوں کو کھلانے والے دکاندار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے 9 من گوشت قبضہ میں لے لیا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ سگیاں پل بیگم کوٹ کی طرف گاڑی میں مردار مرغیوں کا گوشت لایا جارہا ہے جس پر پولیس نے گاڑی کو روک کر چیکنگ کی تو س میں بھاری مقدار میں مرغی کا گوشت موجود تھا جس پر پولیس نے محکمہ فوڈ کو بھی اطلاع کردی جنہوں نے گوشت کو ٹیسٹ کرنے کے بعد مضرصحت قرار دے دیا۔ پولیس نے ملزم وسیم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بیگم کوٹ چوک کے قریب حافظ ریسٹورنٹ کے نام سے ہوٹل بنا رکھا تھا اور کافی عرصہ سے مختلف پولٹری فارم سے مردہ مرغیوں کا گوشت لاکر شہریوں کو باربی کیو اور مختلف قسم کے کھانوں میں استعمال کررہا تھا۔

ایف آئی اے کے 20 افسران کے گرد گھیرا تنگ

لاہور(خصوصی رپورٹ)ایف آئی اے کے سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹر جنرل محمد املیش نے ایک ڈائریکٹر اور ایک پاکستان پولیس سروس ( پی ایس پی) کے افسر سمیت ایف آئی اے کے 20 افسران کے اثاثوں کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ان میں وقار حیدر، نصر اللہ گوندل، طاہر جان درانی، عالم زیب، منور اقبال رانجھا، سہراب مالک، رضوان اسلم، حمود الرحمن مینگل، کوثر محمود، محمد افضل خان، خالد صلاح الدین، عدنان احمد جان، ہارون زمان، اسد افتخار اعوان، اظہر ریاض، غلام مرتضی، محمد جمشید خان، زبیر کمال، گلزار احمد اور تیمور صدیقی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ 2013 میں چوہدری نثار علی خان کی جانب سے وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے کے بعد ایف آئی اے کے 62 کرپٹ افسران کی فہرست سامنے آئی تھی۔ اس فہرست کی توثیق کیلئے 2016 کے اواخر میں سفارشات دینے کیلئے کمیٹی قائم کی گئی جس نے اپریل 2017 میں اپنی رپورٹ پیش کی ۔ مذکورہ 62 کرپٹ افسران کو بلیک ، گرے اور وہائٹ درجوں میں تقسیم کیا گیا ۔ مذکورہ بالا 20 افسران جن کے اثاثوں کی تحقیقات کی گئی انہیں بلیک کیٹگری میں رکھا گیا۔ کمیٹی نے مزید تجویز کیا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک ان افسران کو آپریشنل عہدوں پرتعینات نہ کیا جائے لیکن اس کے برخلاف انہیں اپنے عہدوں سے ہٹایا نہیں گیا۔ کمیٹی نے زیر تفتیش گرے گیٹگری کے چار افسران انسپکٹر عظمت، انسپکٹر فخر، انسپکٹر ارشاد اور اے ایس آئی تنویر کو دو سال تک واچ لسٹ میں رکھنے کی سفارش کی تھی۔ اسی طرح کمیٹی نے وہائٹ کیٹگری کے 12 افسران کے خلاف کیسز ختم کرنے کی بھی سفارش کی۔ اس کے علاوہ واپس کئے جانے اور ریٹائر ہونے والے 23 افسران کے خلاف کیسز بھی ختم کئے گئے ۔ اس حوالے سے موقف جاننے کیلئے متعدد بار کوششوں کے باوجود ترجمان وزارت داخلہ سرفراز احمد سے رابطہ نہ ہو سکا۔ اس کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے بھی کوئی جواب نہیں دیا۔ دوسری جانب پی ایس پی کے وقار حیدر جو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں دائریکٹر آئی پی آر تعینات رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ چار سال سے انکوائریاں بھگت رہے ہیں۔ وہ اس وقت ایکس پاکستان رخصت پر ہیں اور جو کچھ ہو رہا ہے اس سے لاعلم ہیں، یکم جوان سے دوبارہ اپنے سرکاری فرائض سنبھال لیں گے ۔ انسپکٹر افضل نیازی نے اپنےخلاف کارروائی کی تصدیق کی تاہم انہیں متعلقہ مجاز حکام کی جانب سے نوٹس نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ وہ طلب کئے جانے پر جواب دہی کیلئے تیار ہیں۔

جج سے کمرہ عدالت میں بدتمیزی کا انکشاف

لاہور (این این آئی) سول جج محمد وسیم سے کمرہ عدالت میں وکلاءنے بدتمیزی کی جس پر سول اور سیشن کورٹ میں ججز نے کام بند کر دیاجبکہ لاہور بار کی کال پر ضلع کچہری میں وکلاءنے بھی ہڑتال کر دی،بار اور بینچ کے درمیان اختلافات کے باعث ہزاروں مقدمات میں اگلی تاریخیں دے دی گئیں ، سائلین کو مشکلات کو سامنا کرنا پڑا ۔تفصیلات کے مطابق سول جج محمد وسیم سے کمرہ عدالت میں وکلاءنے بدتمیزی کی اور فائلیں چھین لیں جس پر سول اور سیشن کورٹ میں سول ججز نے احتجاجاً کام بند کردیا۔ سیشن جج نے کہا کہ عدالتوں میں سول ججز کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔دوسری جانب وکلاءنے بھی سول ججز کے رویے کیخلاف ہڑتال کردی۔باراور بنچ کے درمیان تنا ﺅ سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،حراستی ملزموں کو حاضریاں لگا کر واپس بخشی خانوں میں بھیج دیا گیا۔ادھر لاہور بار کی کال پر وکلاءنے ضلع کچہری میں ہڑتال کی جس کے باعث قیدیوں کو پیش نہ کیا جا سکا۔ ہڑتال کے باعث عدالتی کام بھی سست روی کا شکار ہوگیا۔ دور درازسے آئے سائلین کونئی تاریخیں دے دی گئیں۔

گرمی کی شدیدلہر ، لاہور سمیت کئی شہروں میں آندھی اور بارش

اسلام آباد/کراچی (ویب ڈیسک) ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی کی شدید لہرمنگل کو بھی برقراررہی تاہم (آج) بدھ کو مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ ملک میں گزشتہ 4 روزسے جاری گرمی کی شدید لہربرقرارہے ¾ طویل اورغیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے رمضان المبارک میں لوگوں کوسانس لینا دوبھرکردیا تربت میں گزشتہ 3 روزسے ریکارڈ گرمی پڑ رہی ہے اور منگل کی صبح 10 بجے ہی درجہ حرارت 45 ڈگری تک جاپہنچا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کی شام اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں کشمیر کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے اس بارش کے مثبت اثرات پورے ملک پر پڑیں گے۔ادھر شہرقائد میں موسم ابرآلود رہا سمندری ہوائیں نہ چلنے کے باعث گرمی کی لہربرقرار رہی ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹرغلام رسول نے کہاکہ آج بدھ سے کراچی میں سمندری ہوائیں چلنا شروع ہوجائیں گی اور اس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں دوسے 3 سینٹی گریڈ تک کمی ہوگی۔دوسری جانب ڈاکٹرغلام رسول نے ملک بھرمیں جون میں گرمی کی شدت ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں محکمہ موسمیات اورکے الیکٹرک کے درمیان معاہدہ ہے جس کے تحت محکمہ موسمیات 3 روز قبل ہیٹ ویوالرٹ جاری کرےگا محکمہ موسمیات کی جانب سے کےالیکٹرک، سٹی گورنمنٹ،چیف سیکرٹری اور گورنرسندھ آفس کو آگاہ کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں ان دنوں ماہِ رمضان کے دوران نہ صرف شہریوں کو ہر برس کی طرح بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے بلکہ اس بار گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔پاکستان کے محکم? موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل غلام رسول کے مطابق ملک میں گرمی کی حالیہ لہر غیر معمولی ہے جس کے دوران صوبہ بلوچستان کے شہر تربت میں درجہ حرارت 54 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی وجہ سے ایک نیا قومی ریکارڈ قائم ہوا ہے۔انھوں نے بتایا کہ اس سے پہلے ملک میں شدید گرمی کا ریکارڈ سال 2010 میں موہنجو داڑو میں بنا تھا جب درجہ حرارت 53.5 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا تاہم پیر کو تربت میں درجہ حرارت 54 سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا جو کہ ایک قومی ریکارڈ ہے۔دوسری جانب ماہِ رمضان کے دوران گرمی کی شدت کے ساتھ شہریوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے اور اس حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔ بجلی کی عدم دستیابی اور گرمی کی شدت کی وجہ سے طبی ماہرین نے روزہ داروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حساس ادارے کیخلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پیغام پھیلانے کیساتھ کیا ہوا ، دیکھئے خبر

لاہور(این این آئی ) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے کاروائی کرتے ہوئے حساس ادارے کے خلاف شوشل میڈیا پر نفرت انگیز پیغام پھیلانے والے شخص کو گرفتار کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق ملزم عدنان نے شوشل میڈیا پر حسا س ادارے کے خلاف اشتعال انگیز پیغامات شائع کیے تھے ۔ جس کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کو شکایات موصول ہوئی تھیں ۔ گزشتہ روز ایف آئی اے نے کاروائی ڈیفنس کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم عدنان کو گرفتار کرلیا ۔ ایف آئی اے کے مطابق سائبر کرائم ایکٹ کے تحت ملزم عدنان پر مقدمہ چلایا جائے گا۔

داعش کا ٹارگٹ کون ؟ دیکھئے اہم خبر

لاہور(خصوصی رپورٹ) تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کا بیرون ملک بھجوانے کے جھانسے میں آکر کالعدم تنظیم داعش کے ہتھے چڑھنے کا انکشاف ہوا ہے۔ غیرقانونی طور پر ایک سال کے دوران بیرون ممالک جانے والے 20 بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوان پراسرار طور پر لاپتہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم داعش کے سہولت کار پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، گجرات، قصور، نارووال، جہلم، راولپنڈی میں اپنے دفاتر کھول رہے ہیں۔ بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر کوئٹہ سے ایران بارڈر کراس کروانے کے بعد یونان ، ترکی، اٹلی ، جرمنی یورپ و دیگر ممالک میں بھجوا کر دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث ہونے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ یہ انکشاف اس دوران ہوا جب فیصل آباد گورونانک پورہ کی رہائشی پروین اختر نے تھانہ گلبرگ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو درخواست دی جس میں اس نے موقف اختیار کیا کہ اخلاق جو کہ جرمنی میں غیرقانونی طور پر رہائش پذیر ہے،اس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، اخلاق اور اس کے رشتہ دار بھی اسی تنظیم کے لئے کام کرتے ہیں، اخلاق نے سبزباغ دکھائے، 5 لاکھ روپے وصول کئے اور معاہدہ کیا کہ اس کے جوان بیٹے بی اے پاس ذیشان عرف شانی کو جرمنی بھجوا دوں گا۔ بیرون ملک جانے کے لئے تیار ہونے والوں میں ذیشان کے ہمراہ دیگر 5 بے روزگار نوجوان اور چند خواتین بھی شامل تھیں تمام افراد کو کوئٹہ بلوایا گیا جہاں ان کو ایک کمرے میں محبوس کر دیا گیا اور جہاد پر لیکچر دیئے گئے۔ دو روز کے بعد تمام افراد کو ایران بارڈر عبور کروانے کے بعد وہاں دہشت گردوں کے حوالے کردیا گیا، وہاں نوجوانوں پر کالعدم تنظیم میں شامل ہونے کے لئے دباﺅ ڈالا گیا، دھمکیاں بھی دیں اور بھاری معاوضے کا لالچ بھی دیا گیا۔ ذیشان نے موقع پر پاکر فون پر اپنے لواحقین سے رابطہ کیا۔ والدہ پروین نے اخلاق سے جرمنی میں رابطہ کیا تو اخلاق نے دھمکیاں دیں تاہم 7 لاکھ تاوان کی ادائیگی کے بعد ذیشان اور اس کی رشتہ دار خاتون واپس گھر پہنچے۔ ایف آئی اے نے پروین اور گواہان کے بیانات قلمبند کئے اور تھانہ گلبرگ نے ملزموں کے خلاف رپورٹ تیار کر کے عدالت کو بھجوا دی ہے۔
داعش ٹارگٹ