پاکستانی ٹینس اسٹار نے بڑی کامیابی اپنے نام کر لی

بارسلونا(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق اور ان کے پارٹنر فلورین مرگیا نے بارسلونا اوپن کے فائنل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مینز ڈبل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔اسپین کے شہر بارسلونا میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے مینز ڈبل کے فائنل میں اعصام الحقاور رومانیہ سے تعلق رکھنے والے ان کے پارٹنر فلورین مرگیا کا مقابلہ الیگزینڈر اور فلپ سے تھا۔دونوں کھلاڑیوں نے آسٹریلیا اور جرمنی سے تعلق رکھنے والی جوڑی کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور 6-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔یاد رہے کہ کوارٹر فائنل میں اعصام الحق اور مرگیا نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے موجودہ مینز ڈبل میں عالمی نمبر ایک ہنری کونٹی نن اور جان پیئرز کو شکست دی اور پھر سیمی فائنل میں سخت مقابلے کے بعد سابقہ عالمی نمبر ایک جوڑی ہوریا ٹکاو¿ اور جولین راجر کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

جوشوا نے ولادیمیر کوشکست دےکر ہیوی ویٹ ٹائٹل جیت لیا

لندن(صباح نیوز)برطانیہ کے باکسر انتھونی جوشوا نے یوکرین کے ولادیمیر کلٹشکو کو لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایک مقابلے میں ناک آﺅٹ کر کے ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل جیت لیا ہے۔انتھونی جوشوا نے اپنے کریئر کا بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ولادیمیر کلٹشکو کو میچ کے 11 ویں راﺅنڈ میں ناک آﺅٹ کر دیا۔دونوں کھلاڑیوں نے تیز اور عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔جوشوا نے میچ کے پانچویں راﺅنڈ میں کلٹشکو کو جب کہ کلٹشکو نے چھٹے راﺅنڈ میں جوشوا کو زمین پر گرایا۔میچ کے 11 ویں راﺅنڈ میں جوشوا نے کلٹشکو کو ناک آﺅٹ کر کے ورلڈ ہیوی ویٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔واضح رہے کہ 27 سالہ انتھونی جوشوا نے گذشتہ 18 مقابلے ناک آﺅٹ کی بنیاد پر جیتے ہیں۔مقابلہ جیتنے کے لیے کے بعد جوشوا نے کہا کہ باکسنگ میں کہا جاتا ہے کہ اپنے تکبر کو باہر چھوڑ کر آنا چاہیے اور اپنے حریف کا احترام کرنا چاہیے میں ولادیمیر کلٹشکو کا احترام کرتا ہوں۔لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلے کو 90000 افراد نے دیکھا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی پر خاموش نہیں رہیں گے, منہ توڑ جواب دینے کا عزم

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک+ ایجنسیاں) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت سرحدی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ریاستی دہشت گردی برپا کر رکھی ہے، عوام کشمیریوں پر مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتی۔پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے متعلق بریفنگ دینے کے علاوہ پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور فارمیشنز کی آپریشنل تیاری پر بھی بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جوانوں کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ بھارت سرحدی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور سرحد پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے۔ انہوں نے کہا کہ سیز فائر کی خلاف ورزی پر جواب دینے میں فوجی روایات اور اقدار کو مدنظر رکھنا ہے اس لئے پاک فوج کا جواب ہماری روایات کے مطابق خالصتاً فوجی ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ریاستی دہشت گردی برپا کر رکھی ہے اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کا تشدد ہر لحاظ سے ریاستی تشدد ہے اور اس سے آزاد کشمیر اور پاکستان میں عوامی جذبہ بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کشمیریوں پر مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتی ، کشمیریوں کو خوف اور جبر کے بغیر رہنے کا پورا حق ہے، حق خود ارادیت کیلئے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے، حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،پاکستان لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں کا بھرپور جواب دے گا،آرمی چیف نے کہا کہ بھارت ایل او سی، ورکنگ باﺅنڈری اور پاکستانی دیہات پر مسلسل جارحیت کر رہا ہے، پاکستان کشمیر میں بچوں اور عورتوں پر مظالم سے لاتعلق نہیں رہ سکتا۔، آرمی چیف کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی ، انہوں نے آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اورایل او سی پر تعینات جوانوں کے جذبہ کو سراہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب “زرداری “ پر برس پڑے, حیران کُن انکشافات

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ افراتفری اور انتشار کی سیاست پہلے کامیاب ہوئی نہ آئندہ کامیاب ہو گی۔ عوام کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والے مایوسی کا شکار ہیںاوریہ شکست خوردہ عناصر بے بنیاد الزامات کی منفی سیاست کر کے صرف ذاتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں ،اسی طرح اپنے دور میں ملک میں لوٹ مار اور کرپشن کے ذریعے اندھیرے پھیلانے والے بھی پریشان ہیںکیونکہ پاکستان کا تیزی سے ترقی کا سفر طے کرنا مخالفین پر بجلی بن کر گر رہا ہے۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام صرف اور صرف ترقی اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو اپنے غیرسیاسی اور غیر اخلاقی رویوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ زرداری صاحب کی لوٹ مار اور نیازی صاحب کی جھوٹ کی منفی سیاست نے عوام میں مایوسی پھیلائی ہے اور پاکستان کے باشعور عوام ان عناصر کی سیاست سے لا تعلق ہو چکے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا ، قوم کو کنگال کیا اور غریب کا حق چھینا جبکہ نیازی صاحب کے ایک طرف قرضے معاف کرانے والے اور دوسری طرف زمینوں پر قبضہ کرنے والے کھڑے ہیں اوریہ عناصر اپنی منفی سیاست سے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کر رہے ہیں لیکن باشعور عوام ماضی کی طرح اب بھی ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اور ملک کو لوٹ کر کنگال کرنے والوں اور الزام تراشیاں کرنے والوں کی منفی سیاست کا دھرنوں اور لاک ڈا¶ن کی طرح جنازہ نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ترقی کا سفر روکنے اور ملک کو مسائل میں دھکیلنے کا جرم کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے اور عام انتخابات 2018ءمیں بھی یہ عناصر ناکام رہیں گے۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اس منزل کی جانب بڑھ رہی ہے جس کا خواب قائد اور اقبال نے دیکھا تھا اور قوم کو اس کی کھوئی ہوئی منزل سے ہمکنا رکرنے کے لئے ہماری جدوجہد رنگ لا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زےر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پےنے کے صاف پانی کے پروگرام کے مختلف امور پر پےش رفت کا جائزہ لےاگےا۔ وزیر اعلی نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی زندگی کا لازمی جز ہے۔ پینے کے صاف پانی کا پروگرام مفاد عامہ کا بہت بڑا اور کثیر الجہت مثبت اثرات کا حامل منصوبہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے پروگرام کو پیشہ وارانہ انداز سے آگے بڑھانا ہے کیونکہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے زیادہ اہم کوئی اور کام نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کی بنیادی ضرورت اور حق ہے۔ ہمیں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ صوبائی وزےر ہاو¿سنگ سےد ہارون سلطان بخاری ،چےئرمےن پنجاب صاف پانی کمپنی ساو¿تھ چوہدری عارف سعےد،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ،سےکرٹری ہاو¿سنگ،چےف اےگزےکٹو آفےسر پنجاب صاف پانی کمپنی نارتھ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس مےں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لوئر د یر میں مسافر کوچ کھائی میں گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ٹریفک حادثہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی ہے۔

”محنت کشوں کی بہتری،حقوق کی فراہمی کیلئے تجدید عزم کی ضرورت“ قومی رہنماﺅں کا یوم مئی پر اہم پیغام

لاہور، اسلام آباد (نمائندگان خبریں) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہمارے محنت کشوں اورہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، مجھے یقین ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور مدد سے ہم اپنے محنت کشوں کیلئے بہتر معیار زندگی حاصل کرسکتے ہیں اور ان کیلئے ترقی کے مساوی مواقع اور حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا سکتے ہیں، شکاگو کے شہیدوں نے جبر ، استحصال اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد میں قربانیاں دیں۔صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہارمحنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر ،جو آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جارہاہے ، کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کیا ہے۔ صدرمملکت نے کہاکہ محنت کشوں کا عالمی دن ایک ایسا موقع ہے جس پر ہم کام کرنے والے مرد و خواتین کی خدمات کو سراہتے ہیں جو ملک کا ایک ناگزیر ستون ہیں، یہ دن شکاگو کے شہیدوں کی یاد تازہ کرتا ہے جنہوں نے جبر ، استحصال اور نا انصافی کے خلاف جدوجہد میں قربانیاں دی ہیں، اس دن ہم پاکستانی مزدوروں اور محنت کشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو قومی تعمیر میں اپنا قیمتی حصہ ڈالتے ہیں۔ صدر نے کہاکہ یہ دن پاکستانی افرادی قوت کے کردار ، اس کی لگن اور عزم کی علامت کے طور منایا جاتا ہے ، جس نے پاکستان کو دنیا میں ایک باوقار اور ترقی پسند قوم بنانے کی سمت گامزن کیا۔ محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ حکومت مزدور طبقے کے مسائل اور ان کی ضروریات سے آگاہ ہے اور اپنی اس قیمتی قوت کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستانی مزدور طبقہ اپنے ترقی پسند نقطہ نظر اور پیداواری صلاحیت کی بنیاد پر امتیازی حیثیت رکھتا ہے ،وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہماری اس اہم افرادی قوت کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حکومت مزدور کی عزت اور وقار کو تحفظ دے گی، کسی بھی قوم کی اقتصادی طاقت اور قوت کا اندازہ وہاں کے محنت کش طبقے کی حیثیت اور معیار زندگی اور ان کے حقوق کے تحفظ سے لگایا جا سکتا ہے۔ یو م مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے لہٰذا ہم پر لازم ہے کہ ان کی فلاح و بہبود اور ان کی خدمات کے معاوضے کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ سپیکر نے کہا کہ اسلام محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور مناسب معاوضے کی ادائیگی پر بہت زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مہذب معاشروں نے اپنے محنت کش طبقے کے حقوق اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کر رکھی ہے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ مزدور اللہ کا دوست ہے ہمارا مذہب ہمیں محنت کی عظمت کا درس دیتا ہے۔ غریب مزارعین اور صنعتوں کا پہیہ چالو رکھنے والے کارکن ہمارے نزدیک وہ سرمایہ ہیں جن کی محنت پر صنعتی اور زرعی پیداوار کا دارومدار ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم مئی کا دن عالمی طور پر مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس دن دنیا بھر میں مزدوروں اور محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی جاتی ہے۔ اس دن شکاگو میں محنت کشوں نے پوری دنیا کے مزدوروں کے بنیادی حقوق کی اہمیت اور اپنی حیثیت منوانے کیلئے ظلم و جبر کے سامنے سر جھکانے کے بجائے اپنی جانیں قربان کرکے مزدور طبقہ کے حقوق کی جدوجہد کی تاریخ مرتب کی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے مزدوروں کیلئے بہت سے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے مزدوروں کے یوم مئی کے پیغام میں کہا ہے کہ یوم مئی منانا اصل میں ان مزدوروں اور تنخواہداروں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرنا ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ عہد دہرانا ہے کہ ان کے وقار کا تحفظ کریں گے اور ملک کے مزدوروں کو باعزت روزگار کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے یہ عہد بھی کیاکہ وہ نجکاری کے نام پر ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی مزدوروں کو ان کے حقوق دلانے کے لئے اور زیادہ محنت اور جدوجہد کرے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ ےکم مئی 1886 کو شکاگو میں محنت کشوں نے اپنے حقوق کیلئے لازوال قربانیاں دیںاور یہ دن ہمیں جبرواستبداد کےخلاف مزدوروں کی عظےم جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ محنت کش کا معیشت میںکردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔دےن اسلام محنت کش کی عظمت اور فلاح و بہبود کا درس دےتا ہے اور دین اسلام میں محنت کش کو اللہ تعالیٰ کا دوست قرار دےکر اس کی عظمت کا اعتراف کیا گیا ہے۔

گارڈ فادر کو جے آئی ٹی کے حوالے کردیا, کپتان کا بڑا اعلان

کراچی (رپورٹنگ ٹیم) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے شہر قائد میں “حقوق کراچی مارچ” سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب معاشرہ ظلم کے سامنے سر جھکا دیتا ہے تو معاشرہ غلام بن جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی وہ شہر تھا کہ جہاں سے سیاسی تحریکیں شروع ہوتی تھیں، کراچی کے لوگوں کو پانی نہیں مل رہا، کراچی میں کبھی اتنی گندگی نہیں دیکھی تھی، گندگی کیوجہ سے سمندر تباہ ہو رہا ہے۔ عمران خان نے اہل کراچی سے استفسار کیا کہ کراچی کے شہریو! ظلم پر آپ لوگ سڑکوں پر کیوں نہیں نکلے؟ انہوں نے دیر سے کراچی آنے پر ریلی کے شرکاءکو وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مافیا گاڈ فارد کے مقابلے کیوجہ سے پہلے کراچی نہیں آ سکا، اس گاڈ فادر کا مقابلہ کر رہا ہوں جس کو سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ سب سے بڑا مافیا ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ جیسے ہی وقت ملا کراچی آیا ہوں، گاڈ فادر کو جے آئی ٹی کے حوالے کر دیا ہے، وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی وقت ملا کراچی آو¿ں گا، کراچی کے حقوق کے لئے زورلگائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ کراچی میں ہر جگہ بھتہ مافیا ہے، کراچی کے لوگو آپ کو پانی نہیں مل رہا تھا تو کیوں سڑکوں پر نہیں نکلے؟ پاکستانیو! اللہ کے سامنے وعدہ کرو کہ کبھی ظلم اور ناانصافی کو قبول نہیں کریں گے۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ کراچی کے شہریوں کو پانی نہ ملا، گندگی صاف نہ ہوئی اور پولیس نظام ٹھیک نہ ہوا تو سڑکوں پر نکلیں گے۔عمران خان نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں پہلی باری میں پولیس نظام بہتر کیا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ پولیس نظام کو کیوں بہتر نہیں کر سکیں؟ جب حکمران مخالفین کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیاں کروائیں گے تو پولیس جان و مال کی حفاظت نہیں کر سکتی، اے ڈی خواجہ کہتا ہے کہ مجھے بھی خیبر پختونخوا پولیس کا ایکٹ سندھ میں چاہئے، سندھ کا میئر بھی کہتا ہے کہ مجھے خیبر پختونخوا کا بلدیاتی نظام چاہئے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک بااختیار بلدیاتی نظام نہیں ہو گا تب تک کچرا، پانی، ٹرانسپورٹ جیسے مسائل حل نہیں ہوں گے، خیبر پختونخوا میں صحیح معنوں میں اختیارات منتقل کئے گئے، خیبر پختونخوا کے بلدیاتی نمائندے بااختیار ہیں، صوبے کا پیسہ چوری ہو کر دبئی جا رہا ہے، جو پیسہ سندھ میں خرچ ہونا تھا اسے حکمران چوری کرکے لوگوں کی جیبیوں میں ڈال رہے ہیں۔عمران خان نے ریلی کے شرکاءسے سوال کیا کہ کیا ہم عظیم ملک بنیں گے یا پھر یہ صرف زرداری اور نواز کا ملک رہ جائے گا؟ عمران خان نے لوگوں کو مخاطب کرکے کہا پاکستانیو! نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کرو، سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے بھی کہا ہے کہ نواز شریف جھوٹا ہے، جھوٹا وزیر اعظم نہیں رہ سکتا۔ عمران خان نے گو نواز گو کے نعرے لگواتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا نواز شریف کے لئے پیغام “گو نواز گو” ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مافیا کے سردار اور کرپشن کے گاڈ فادر کے جانے تک کرپشن ختم نہیں ہو گی۔کارکنوں کے “ڈیزل، ڈیزل” کے نعروں پر عمران خان کا کہنا تھا کہ بات نواز شریف کی ہو رہی ہے اور آوازیں ڈیزل، ڈیزل کی آ رہی ہیں۔ عمران خان نے کہاہے کہ وزیر اعظم 30سال سے پپوبنے ہوئے ہیں ، وہ جمہوری وزیراعظم نہیں بلکہ فاسشٹ ہیں،عوام میں جا کر معصوم بن جاتے ہیں ، وہ عہدے سے چپکے ہوئے ہیں مگر اب انہیں جانا ہوگا، 10 ارب روپے کی پیش کش کرنے والے کا نام اس لئے نہیں بتا سکتا کیونکہ وہ لاہور کا رہائشی ہے اگر اس کا نام لے لیا تو پھر شریف خاندان اسے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنائے گا، زرداری کا کرپشن کے خلاف اواز بلند کرنا قیامت کی نشانی ہے جندال سے ملاقات فوج کے خلاف سازش ہے۔ کراچی کے بعد سندھ میں جاﺅں گا شہر گندگی میں ڈوب رہا ہے ، مجھے وہ کراچی یا د ہے جو خوبصورت اور صاف ستھرا ہوتا تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس سے فارغ ہونے کے بعد کراچی آنے کا وعدہ کیا تھا، کراچی روشنیوں کا شہر تھا اور دبئی سے لوگ کراچی چھٹیاں منانے کے لئے آتے تھے لیکن اب اس شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں، نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی کو کہا تھا کہ تحقیقات تک استعفیٰ دے دیں لیکن خود کرسی سے چپکے ہوئے ہیں اور یہ کرسی سے اس وجہ سے چپکے ہوئے ہیں کیونکہ قطری کے ساتھ اربوں روپے کے معاہدوں سے کمیشن آنا ہے، اسی پیسے کی وجہ سے نواز شریف اپنی عزت اور غیرت کھو بیٹھے ہیں۔10 ارب کی پیش کش کے حوالے سے عمران خان نے کہا10 ارب تو ابتدائی پیش کش تھی، آفر لانے والے کا کہنا تھا کہ پیش کش 10 ارب روپے سے بڑھ بھی سکتی ہے، پیش کرنے والے کا نام اس لئے نہیں بتا سکتا کیونکہ وہ لاہور کا رہائشی ہے اور اگر اس کا نام لے لیا تو پھر شریف خاندان اسے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنائے گا، مجھے خوشی ہوئی ن لیگ نے مجھے عدالت لے جانے کی بات کی۔جس دن عدالت میں بلایا گیا تو 10 ارب روپے کی پیش کش کرنے والے کے لئے تحفظ کا مطالبہ کروں گا اور دبئی سے جس کے ذریعے پیش کش کی گئی اس کا نام بھی بتاﺅں گا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ 30 سالوں سے نواز شریف نے رشوت دینے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، اگر موٹو گینگ کو آج یہ کھانے کے لیے دینا چھوڑدیں تو سب ان کا ساتھ چھوڑ جائیں گے، 1999 میں سوائے کلثوم نواز کے کوئی نہیں تھا سب بھاگ گئے تھے لہذا جس دن پارٹی کے لوگوں کو پتہ چلا کہ نواز شریف جانے والا ہے، یہی لوگ ان کی پیٹھ میں چھرا گھونپیں گے اور کہیں گے کہ یہ تو ہے ہی کرپٹ، جس طرح لوگ پہلے چھوڑ کر مسلم لیگ (ق)میں گئے تھے اسی طرح یہ لوگ پھر چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک کوئی یوٹرن نہیں لیا لیکن نواز شریف بار بار نہ صرف یو ٹرن لیتے بلکہ جھوٹ بھی بولتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جو وزیراعظم نے خواتین کے بارے میں کل باتیں کیںانہیں شرم آنی چاہئے۔، نواز شریف شاید بھول گئے ہیں کہ ان کی گرفتاری کے وقت جب (ن)لیگ کے سارے مرد کارکن ختم ہو گئے تھے تو ان کی اہلیہ نے احتجاج کی قیادت کی تھی۔ عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم فوج کے خلاف بات کرے تو قوم آپ سے جواب مانگے گی، ڈان لیکس پر قوم کے ساتھ ہم بھی آپ سے جواب مانگیں گے۔ عوام نوازشریف سے مطالب کریں کہ وہ استعفیٰ دیں۔ نوازشریف اعلیٰ عہدے پر رہنے کا جواز کھو بیٹھے ہیں انہوں نے عزت کے بجائے پیسے کمانے کو ترجیح دی۔

پاک ویسٹ دوسرے ٹیسٹ کا پہلا روز ۔۔۔ کالی آندھی شاہینوں کا کچھ نہ بگاڑ سکی

بارباڈوس(ویب ڈیسک ) ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام پر پاکستان کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنالئے۔بارباڈوس میں کھیلے جارہے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے پہلے روز کے اختتام پرمیزبان ٹیم نے روسٹن چیز کی سنچری کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنالئے۔ ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کریگ بریتھ ویٹ اور کیرن پاویل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن بریتھ ویٹ 12 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز شمرون ہیٹمیر بھی ایک رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بن گئے۔ کیرن پاویل اور شائی ہوپ نے تیسری وکٹ پر 24 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 37 تک پہنچا تو ہوپ بھی 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔چوتھی وکٹ پر شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پاویل اور روسٹن جیز نے 65 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 102 تک پہنچا تو پاویل 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ وشال سنگھ 3 اور شین ڈورچ 29 رنز کے مہمان بنے۔ ساتویں وکٹ پر روسٹن چیز اور کپتان جیسن ہولڈر نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 132 رنز کی شراکت قائم کی۔ چیز 131 اور ہولڈر 58 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور محمد عباس نے 2،2 جب کہ یاسر شاہ اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کے ساتھ پاکستان کو سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل ہے، پاکستان نے اب تک 8 بار کوششوں کے باوجود ایک بار بھی ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کی۔ کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کپتان مصباح الحق اور یونس خان کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ کھیل کو ہمیشہ کیلیے الوداع کہنے سے قبل کیریبیئن جزائر پر ٹیم کو سیریز میں کامیابی سے ہمکنار کروائیں۔