Tag Archives: electricity

بجلی کی اوور بلنگ پر 3سال قید ، ناقص کارکردگی والے ایس ڈ ی اوز فارغ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) قومی اسمبلی نے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات اور نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے برقی توانائی کی پیداوار‘ ترسیل اور تقسیم کو ریگولیٹ کرنے کا (ترمیمی) بل 2017ءکی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔ وزارت توانائی کے پاور ڈویژن کی جانب سے نیپرا کے ریگولیشن آف جنریشن‘ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن آف الیکٹرک پاور ترمیمی بل 2017ءکے تحت رانگ بلنگ کرنے والے کو تین سال تک قید کی سزا دی جائے گی۔ پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی کی پیداوار‘ ترسیل اور تقسیم کے قانون 1997ءمیں ترمیم کا مقصد نیپرا کو مزید مضبوط بنانا ہے تاکہ نیپرا مسابقت کے ذریعے بجلی کی خریدوفروخت کو مزید سہل بنا سکے اور اسے وسعت دی جا سکے۔ ترمیمی بل مسابقتی ٹرانزیکشنز کے قابل بنائے گا کیونکہ اس سے بجلی کے تبادلے‘ تجارت اور فراہمی کے نظام میں نئے شرکت دار آئیں گے۔ اس بل کے تحت بجلی کی پیداوار کو لائسنس کی شرط سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے‘ اب بجلی پیدا کرنے و الی کوئی بھی کمپنی قومی گرڈ سٹیشن کے علاوہ لائسنس رکھنے والی دیگر کمپنیوں کو آزادانہ طور پر بجلی فروخت کر سکے گی۔

لوڈ شیڈنگ کے مارے عوام کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 35 پیسے فی یونٹ کی کمی کی منظوری دےدی ہے۔ اس سلسلہ میں بدھ کو یہاں نیپرا کے چیئرمین طارق سدوزئی کی سربراہی میں سماعت ہوئی جس میں نیپرا کے چاروں ارکان ہارون رشید، حیات اللہ خان، سیف اللہ چٹھہ اور سید مسعود الحسن نقوی بھی موجود تھے۔ نیشنل پاور پرچیز ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں فروری اور مارچ کیلئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی اور فروری کیلئے 2 روپے 39 پیسے اور مارچ کیلئے 2 روپے 20 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی گئی۔ نیپرا نے سماعت کے بعد ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 35 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی۔ اس کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین اور 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر نہیں ہو گا۔صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں 32 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔