All posts by saqib

کوئی کسی بھی جماعت سےہو،گالی گلوچ کا کلچر اچھا نہیں،مریم نواز

لاہور میں پنجاب کے ثقافتی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ لاہور میں پنجاب کے ثقافتی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ کوئی کسی بھی جماعت سے ہو،گالی گلوچ کا کلچر اچھا نہیں، اس نے ہماری جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، یہ ہم سب کے لیے لحمہ فکریہ ہے۔

لاہور میں کلچر ڈے کی تقریب میں آمد کےموقعے پر پنجابی رقص اورگھڑ ڈانس پیش کیاگیا،وزیراعلیٰ مریم نوازنےالحمراءمیں دستکاریوں کی نمائش دیکھی۔ روایتی پنجابی کھانوں کےاسٹال کامشاہدہ کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نےٹیکسلا کی گندھارا آرٹ نمونوں میں دلچسپی کااظہارکیا، وڈ ورک، اسٹرنگ آرٹ، کیمل بون اور پنسل پینٹنگ، چاول پرنام نویسی، براس کا پرہینڈی کرافٹ اور بانس سے بنے فن پارے بھی دیکھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نےچاک پربرتن بنانےوالےفنکارکو سراہا، اورکھڈی میں کپڑے بننے کے عمل میں دلچسپی ظاہرکی۔

مریم نواز نے چرخے پر سوت کاتنےکےعمل کا مشاہدہ کیا،خود چرخا چلا کردیکھا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نےپنجاب کی ثقافت کے حوالے سے پینٹنگ نمائش کا افتتاح کیا۔ پینٹنگ بنانے والے مصوروں کو سراہا اور تصاویربھی بنوائیں۔

ثقافتی تقریب میں روایتی پنجابی رقص گیدا اور دھما ل بھنگڑا بھی پیش کیا گیا، عارف لوہار اور دیگر لوک گلوکاروں نے پنجابی گیت پیش کیا۔ لوک فنکاروں نے پنجاب کی ثقافت کی عکاسی کرتےہوئے صوفیانہ رقص کا مظاہرہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے تمام فنکاروں کی پر فارمنس کی دل کھول کر تعریف بھی کی۔

تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ میرا دل کرتا ہے کہ اسکولوں، کالجوں اور یونی ورسٹیوں میں طلبا پنجابی بولیں، دل چاہتا ہے کہ پنجابی کو بطور مضمون متعارف کرائیں تاکہ ہمارے بچے اسے سمجھیں اور بولیں۔

مریم نواز بولیں کہ جب آپ اپنی زبان سے دور ہو جاتے ہیں تو آپ اپنے روٹ اور ثقافت سے ہی الگ ہو جاتے ہیں، پھر مثال یہ بن جاتی ہے کہ ’ کوا چلا ہنس کی چال، اپنی بھی بول گیا’ آج کل بھی ایسا ہی ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے خطاب میں کہا کہ پنجاب دل والوں کی دھرتی ہے، آپ بھی دل والے ہیں میں بھی دل والی ہوں، پنجاب کی دھرتی نے 5 دریاؤوں کواپنے سینےمیں سمیٹاہوا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ایک زمانہ تھا کہ ہمارے کلچر میں عزت و احترام کا کلچر ہوا کرتا تھا، اس میں دوسروں کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو عزت دیا کرتے تھے، یہ مشہور تھا کہ ’ مائیں اور بیٹیاں سانجھی ہوتی ہیں’ ، افسوس ہے کہ ہم ان روایات کو بھولتے جا رہے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 10 دہشت گرد ہلاک

 راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دو علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8-9 مارچ  کو ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں دس دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  8 مارچ کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ جس کے بعد دہشت گردوں کے صفائے کیلیے ہونے والے آپریشن کے دوران مزید چار دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق شمالی وزیرستان کے ضلع میں ایک الگ کارروائی کے دوران فورسز کو پاک افغان سرحد سے دراندازی اور پانچ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی جس پر فوری ایکشن لیا گیا۔

دو طرفہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت حضرت عمر اور رحمان نیاز کے ناموں سے ہوئی جبکہ تین دہشت گرد زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ  پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ پاکستان نے توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

شیر افضل مروت کا مریم نواز پر اپنے ’قتل کی منصوبہ بندی‘ کا الزام

 اسلام آباد: سنی اتحاد کونسل کے ممبر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے اپنے قتل کی منصوبہ بندی کا انکشاف کرتے ہوئے اس کا الزام مریم نواز پر عائد کیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شریک انصاف مروت نے کہا کہ سیاسی شخصیت (مریم نواز) نے میرے قتل کی منصوبہ بندی بنائی ہے اور مجھے بھارتی شہری افضل جندل کے ذریعے قتل کروایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا میرے قتل کیلیے شوٹر کو ایک لاکھ روپے ادائیگی بھی کی گئی ہے، یہ تمام مواد ہم ایف آئی اے کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے بھی تیار ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ سارا کام مریم نواز نے کروایا ہے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ رات کو اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے ساری بات ڈسکس کر لی ہے، میں مطالبہ کرتا ہو کہ پاکستان کے نظام عدل اور ایف آئی اے اس کی تفتیش کی اجازت دے کر تحقیقات کرے کیونکہ میں اور میرا خاندان ہمیشہ سے قبائلی دشمنوں کا شکار رہے، ہمارے یہاں کوئی بھی طبی موت نہیں مرا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مریم بی بی آپ کے پاس جو بھی ہو مگر یہ یاد رکھیے کہ ہماری دشمنی بہت دور دور تک جاتی ہے لہذا پہلے تو آپ دشمنی سے گریز کریں کیونکہ پھر ہمیں کسی کے رہنے یا نہ رہنے کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایک سیاسی شخصیت نے ساؤتھ افریقہ اور دبئی میں میری سپاری دی، یہ کام انڈیا کے ذریعے کروایا گیا، ہم یہ سارے شواہد ایف آئی اے کو دیں گے اور ثابت کریں گے کہ سب کچھ مریم نواز کے کہنے پر کیا گیا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ ’اگر مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار مریم نواز ہوں گی، اگر سیاست کو اس نہج پر لے جا رہے ہیں تو یہ دشمنی دور تک جائے گی، موت سے نہیں گھبراتا زندگی جتنی اللّٰہ نے لکھی ہے اتنی ہوگی۔

صدر زرداری سب سے پہلے ایوانِ صدر کو غسلِ جمہوریت دیں گے، عرفان صدیقی

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر آصف علی زرداری ایوانِ صدر جانے کے بعد سب سے پہلے اُسے غسلِ جمہوریت دیں گے۔

اپنے بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سابق صدر عارف علوی نے ساڑھے پانچ سال کے دوران جمہوری روایات اور آئینی تقاضوں کو بُری طرح کچلا اور ایوانِ صدر کے تقدس کو پامال کیا۔

سینیٹرعرفان صدیقی نے مزید کہا کہ صدر فضل الہی چوہدری، صدر فاروق لغاری، صدر رفیق تارڑ، صدر ممنون حسین اور صدر آصف علی زرداری سب کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے تھا لیکن اُنہوں نے ایوانِ صدر کو جماعتی مفادات سے آلودہ نہیں کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ مگر صدر علوی نے ایوانِ صدر کو بنی گالہ اور زمان پارک بنائے رکھا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے توقع ظاہر کی کہ صدر زرداری جمہوری روایات کو مستحکم کریں گے اور ملک کو سیاسی انتشار سے بچانے کے لئے نہایت تعمیری کردار ادا کر یں گے۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان کے دانتوں کا معائنہ، اسپتال منتقلی کا فیصلہ علیمہ خان کریں گی

 راولپنڈی: عدالت کے حکم پر اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دانتوں کا معائنہ مکمل ہوگیا جبکہ علاج جیل میں ہوگا یا اسپتال میں اس کا حتمی فیصلہ علیمہ خان کریں گی۔

عدالتی حکم پر بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں دانتوں کا معائنہ اُن کی ذاتی معالجہ ڈاکٹر ثمینہ نیازی نے کیا، اس موقع پر سرکاری ڈاکٹرز بھی موجود رہے۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے دانتوں میں تکلیف کے باعث نیب عدالت سے میڈیکل چک اپ کے لیے اجازت لی تھی، جس پر بانی پی ٹی آئی کی ذاتی معالجہ ڈاکٹر ثمینہ نیازی نے جیل میں معائنہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کا معائنہ عدالتی احکامات کی روشنی میں کیا گیا۔ وکیل خالد یوسف چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے صحت کے متعلق بات کرنے کا اختیار اپنی ہمشیرہ علیمہ خان کو دیا ہے، ذاتی معالجہ معائنے کی رپورٹ علیمہ خان کو پیش کریں گی۔

وکیل کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں علاج کرائیں گے یا کسی دوسرے اسپتال منتقل ہوں گے اس کا فیصلہ بھی علیمہ خان کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے بڑی عزت کے ساتھ جیل میں جانے دیا، ذاتی ڈاکٹر بانی پی ٹی آئی کے پاس گئیں جہاں سرکاری ڈاکٹرز بھی موجود تھے، ابھی ابتدائی چیک اپ ہوا ہے، تفصیلی موقف علیمہ خان دیں گی، ظاہری طور پر بانی پی ٹی آئی کی صحت بہتر ہے۔

عارف علوی کی صدر پاکستان کے اکاؤنٹ سے آخری پوسٹ، ملک کے بہترین مستقبل کی تمنا

 اسلام آباد: سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے صدر پاکستان کے آفیشل اکاؤنٹ سے اپنی آخری پوسٹ کی اور بتایا ہے اس کے بعد اس اکاؤنٹ کا سارا کنٹرول ملک کے 14ویں منتخب صدر کے پاس چلا جائے گا۔

انہوں نے ایکس پر کی گئی اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پاکستانی عوام کی خدمت کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے، اللہ میری کوتاہیوں سے درگزر فرمائے اور میں نے جو اچھے اعمال کیے ہوں اس کا اجر عطا فرمائے۔

Arif-Alvi-1

انہوں نے لکھا کہ میں اور میری اہلیہ ثمینہ علوی (سابق خاتون اول) بھی ملک کیلیے دعا گو ہیں اور  ہمیں اس میں کوئی شک نہیں کہ ایک شاندار مستقبل ہمارے ملک کا منتظر ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ’پریس آف پاکستان‘ اکاؤنٹ 2018 میں میں نے بنایا تھا اور اس ایکس ہینڈل سے بطور 13واں صدر یہ میری آخری پوسٹ ہے۔

کرپٹ عناصر کے بادشاہ کو ملک پر بطور صدر مسلط کیا جارہا ہے، بیرسٹر گوہر

سنی اتحاد کونسل کے رہنما حکمران اتحاد پر برس پڑے اور انہوں نے صدارتی انتخاب پر سوالات اٹھا دیے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ کرپٹ عناصر کے بادشاہ کو ملک پر مسلط کیا جارہا ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سارا عمل متنازع بنا دیا گیا جبکہ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ جب مخصوصی نشستوں کا معاملہ عدالتوں میں تھا تو ان افراد کو ووٹ کی اجازت کیسے مل گئی۔

پی  ٹی آ ئی رہنماؤں نے کہا کہ شہباز شریف جعلی مینڈیٹ پر وزیراعظم بنے آج زرداری صاحب بھی جعلی ووٹوں سے صدر بنیں گے، مفاہمت کا نہیں بلکہ کر پٹ عنا صر کا  با دشاہ آصف زرداری ملک پر مسلط کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے صدارتی الیکشن کو متنازع قرار دیا جبکہ تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری عمر ایواب کا کہنا تھا کہ جن کو عوام نے مسترد کیا، انہیں جعلی طریقے سے عہدے دیئے جارہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا آئینی عہدوں پر غیر آئینی طریقے سے براجمان ہونا آئین کی پامالی ہے، پہلے 2 خاندان ملکی وسائل پر قابض تھے، اب جمہوری اداروں پر بھی قابض ہونے جا رہے ہیں۔

ا سد قیصر کا کہنا تھا کہ اسمبلی نامکمل ہونے پر صدارتی الیکشن غیرقانونی ہیں، قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، عوام کے پاس بھی جائیں گے۔ عامر ڈو گر نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کر کے آئے ہیں جبہک سینیٹر علی ظفر  کے بھی تحفظات کہا کہ یہ متنازع انتخابات ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے  چوری شدہ مینڈیٹ واپس لینے کیلئے کل ملک بھر میں پرامن احتجاج کیا جائے گا۔

عمر ایوب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد، اسپیکر کو نام جمع

 اسلام آباد: سنی اتحاد کونسل میں قومی اسمبلی میں عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر منتخب کر کے اسپیکر آفس میں نام جمع کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نششت کے لیے سنی اتحاد کونسل نے عمر ایوب خان کا نام اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے آفس میں جمع کرا دیا۔

لیڈر آف اپوزیشن کا نام ملک عامر ڈوگر نے جمع کرایا۔ اس موقع صاحبزادہ حامد رضا، علی محمد خان، ریاض فتیانہ، ڈاکٹر نثار جٹ اور دیگر اپوزیشن ممبران بھی موجود تھے۔