All posts by saqib

صدر زرداری اپنی بیٹی آصفہ بھٹو کو خاتون اول کا درجہ دیں گے

صدر مملکت آصف علی زرداری نےاپنی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو کو ملک کی ’خاتونِ اول‘ کادرجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر زرداری آصفہ بھٹو کو پاکستان کی خاتون اول قرار دیں گے۔ اور اس حوالے سے باضابطہ طور پر اعلان کیا جائے گا۔

سرکاری اعلان کے بعد آصفہ بھٹو زرداری کو خاتون اول کے مطابق پروٹوکول اور مراعات دی جائیں گی۔ وہ پہلی خاتون اول ہوں گی جو صدر کی صاحبزادی ہوں گی کیونکہ عموماً یہ عہدہ اہلیہ کو تفویض کیا جاتا ہے تاہم صدر کی اہلیہ اور سابق وزیراعظم محترمہ بیمظیر بھٹو حیات نہیں ہیں۔

اس لیے آصفہ بھٹو خاتون اول کا عہدہ سنبھالنے والی کسی صدر کی پہلی صاحبزادی ہوں گی۔

واضح رہے کہ آصفہ نے عام انتخابات میں چیئرمین پیپلز پارٹی اور اپنے بھائی بلاول بھٹو زرداری کا بھرپورساتھ دیاہے۔

آصفہ بھٹو کی پیدائش 3 فروری 1993 کو ہوئی اور وہ آصف زرداری کے تینوں بچوں میں سب سے چھوٹی ہیں۔

گزشتہ روز ایوان صدر میں آصف علی زرداری کی تقریب حلف برداری کے وقت بھی آصفہ والد کے ہمراہ موجود تھیں۔

آصفہ بھٹو زرداری کی اپنے والد کے ساتھ بازو میں بازو ڈال کر چلنے کی تصویر سامنے آئی جو وائرل ہوگئی۔

بعد میں یہی تصویر پیپلز پارٹی کے سوشل میڈیا سیل سے شیئر کی گئی اور اس کے ساتھ تحریر کیا گیا، ’خاتون اول صدر کے ساتھ ’

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے کوئی نوٹیفیکیشن پیر کی صبح تک جاری نہیں ہوا تھا اور یہ کہ آصفہ بھٹو کی اپنے والد کے ساتھ بازو میں بازو ڈال کر چلنے کے بعد انہیں خاتون اول بنائے جانے کی خبریں پھیلی ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا ان خبروں میں سوشل میڈیا کا کردار زیادہ ہے۔

پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ اور سردار لطیف کھوسہ کو رہا کردیا گیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ اور سردار لطیف کھوسہ کو رات گئے رہا کر دیا گیا۔

گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

احتجاج کے دوران پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ اور لطیف کھوسہ سمیت 20 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا گیا جبکہ سلمان اکرم راجہ کو پولیس نے اچھرہ مین روڈ پر احتجاج کرتے گرفتار کیا تھا۔

تاہم اب پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں سلمان اکرم راجہ اور سردار لطیف کھوسہ کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

حرمین شریفین؛ رمضان المبارک کی پہلی تراویح میں لاکھوں افرادکی شرکت

مکہ معظمہ: مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں لاکھوں نمازیوں نے رمضان المبارک کی پہلی تراویح ادا کی ۔

سعودی عرب میں آج پہلا روزہ ہے۔ رمضان المبارک کے آغاز پر گزشتہ رات لاکھوں افراد نے حرمین شریفین میں نماز تراویح ادا کی۔ مسجد قبلتین اور مسجد قبا میں بھی پہلی تراویح ادا کی گئی۔

مسجد الحرام میں مکہ مکرمہ کے باہر سے آنے والے زائرین کے لیے پانچ پبلک ٹرانسپورٹ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔رواں سال بھی رمضان المبارک کے دوران مکہ معظمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے لیے روزانہ ٹرین سروس چلائی جائے گی۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کے تمام شہریوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد دی ہے۔

صدر مملکت آصف زرداری آج وفاقی کابینہ سے حلف لیں گے

اسلام آباد: صدرمملکت آصف علی زرداری آج سہ پہر 3 بجے وفاقی کابینہ سے حلف لیں گے اور وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کا حجم 12 سے 14 اراکین تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پہلے مرحلے میں وزارت خزانہ، وزارت خارجہ، وزارت توانائی، وزارت منصوبہ بندی اور وزارت داخلہ کے قلمدان سونپے جائیں گے جبکہ وزارت اطلاعات، وزارت نجکاری اور دیگر اہم وزارتوں کے وزراء بھی مقرر کیے جائیں گے۔

وفاقی وزرا کو ابتدائی مرحلے میں اضافی وزارتیں بھی دی جائیں گے، وفاقی کابینہ میں اسحاق ڈار، عطا اللہ تارڑ، خواجہ آصف اور احسن اقبال کو شامل کیا جائے گا، امیر مقام، اوہس لغاری اور جام کمال بھی کابینہ کا حصہ ہوں گے جبکہ سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، محمد اورنگزیب اور شمشاد اختر کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، عمرسیف معاون خصوصی ہوسکتے ہیں اور درجہ وزیرمملکت کا ہو گا۔
حکومتی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو دو اور مسلم لیگ (ق) کو ایک وزارت ملنے کا امکان ہے۔

وفاقی کابینہ میں اسحاق ڈار کو وزارت خارجہ، احسن اقبال کو وزارت منصوبہ بندی، ۔خواجہ آصف کو وزارت دفاع، عطااللہ تارڑ کو وزارت اطلاعات و نشریات، اعظم نذیر تارڑ کو وزارت قانون اور سرادر یوسف کو وزیر مذہبی امور کا قلم دان دیا جائے گا، امیر مقام، اویس لغاری، جام کمال اور احد چیمہ بھی کابینہ کا حصہ ہوں گے، سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو وزارت داخلہ کا قلم دان سونپے جانے کا امکان ہے۔

نئی وفاقی کابینہ نو منتخب صدر آصف علی زرداری سے سہ پہر 3 بجے حلف لے گی۔

امریکا کا ہائپر سونک بمبار طیارہ بنانے کا منصوبہ

امریکا اپنے فضائی بیڑے میں ایک ایسا ہائپر سونک بمبار طیارہ شامل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جو 11265 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔

33 کروڑ 43 لاکھ ڈالرز لاگت کے ’پروجیکٹ میہیم‘ نامی منصوبے کا مقصد ایک ایسا تیز رفتار بمبار طیارہ بنانا ہے جو دیگر ممالک کے جدید فضائی دفاع کی آنکھوں میں دھول جھونک سکے۔

اس خفیہ منصوبے کے متعلق بہت محدود معلومات ہے لیکن امریکی ایئر فورس معاہدے کے مطابق ’میہیم‘ متعدد مشن کو انجام دینے والا ایک پروجیکٹ ہے جو سروے اور حملہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

اس طیارے کے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ اس میں دو ہتھیار نصب ہوں گے۔ اس کے علاوہ اس میں ایک ہائپر سونک ڈرون بھی ہوگا جس کو استعمال کرتے ہوئے دشمنوں کے علاقوں کا سروے کیا جاسکے گا۔

دستاویزات میں ’لارج یونیٹیری پے لوڈ‘ اور ’ایریا افیکٹ‘ نامی ہتھیاروں کے متعلق بتایا گیا ہے جو ممکنہ طور پر میزائلوں کی جانب اشارہ ہوسکتا ہے۔

سامنے آنے والی معلومات کے مطابق یہ طیارہ آواز کی رفتار سے 10 گُنا زیادہ تیز یعنی 11265 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے۔

آسٹریلیا: گالف گیم کے دوران کینگروز کے بڑے جھنڈ نے دھاوا بول دیا

وکٹوریا: آسٹریلیا میں گالف کے ایک گیم میں اس وقت خلل پڑ گیا جب کینگروز کا بڑا جھنڈ گولف گراؤنڈ میں کودتے ہوئے آگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں گالف کھیلنے والے کھلاڑیوں نے اس عجیب و غریب منظر کی ویڈیو ریکارڈ کرلی جس میں کینگروز کے بڑے جھنڈ نے گالف گراؤنڈ میں بھگدڑ مچادی۔

موقع پر موجود اسٹیفن روشے نامی کھلاڑی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ کی جس میں کینگروز کے جھنڈ کو دکھایا گیا جو ہیریٹیج گالف اینڈ کنٹری کلب میں عین کھیل کے دوران آگیا۔

اسٹیفن نے کیپشن میں لکھا کہ اس سے قبل بھی ہیریٹیج گالف اینڈ کنٹری کلب میں گالف کھیلنے کے دوران کینگروز آتے رہے ہیں لیکن میں نے پہلے کبھی اتنا بڑا جھنڈ نہیں دیکھا۔

ایک دوسرے گولف کھلاڑی مائیکل میکارتھی نے اسٹیفن کی ویڈیو کے جواب میں اپنی بھی ویڈیو ڈالی جو دوسرے زاویے سے ریکارڈ کی گئی تھی۔

مائیکل کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی تعداد میں کینگروز کودتے اور بھاگتے ہوئے دیکھنے سے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ یہ سلسلہ جیسے کبھی ختم ہی نہیں ہوگا۔

رمضان المبارک کے چاند کیلیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس آج ہوگا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رمضان المبارک 1445 ہجری کے چاند کی رویت کیلیے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت مرکزی اجلاس 11 مارچ بروز پیر بمطابق 29 شعبان بعد نماز عصر پشاور میں منعقد ہوگا۔

اس کے علاوہ دیگر زونل و ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد کیے جائیں گے۔ چاند سے متعلق حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کریں گے۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمام اہل پاکستان سے اپیل ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا اہتمام فرمائیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمارے ملک کو اس دفعہ بھی ایک ہی دن روزہ عطاء فرمائے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گیارہ مارچ کو ماہ صیام کا چاند نظر آنے کی پیش گوئی کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، 4 روز میں 60 پیشہ وار گدا گروں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، ڈویژنل اور سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ سگنلز پر پیشہ ور بھکاریوں اور گداگروں کو فوری ہٹایا جارہا ہے، شہر کی مصروف اور اہم شاہراہوں کو گداگروں سے صاف کیا جائے گا۔

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ جعلی معذوری کا روپ دھار کر بھیک مانگنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے، 4 روز میں 60 پیشہ وار گداگروں کے خلاف کارروائی اور مقدمات درج کروائے گئے جبکہ 300 سے زائد بچوں اور بزرگوں کو وارننگ دیتے ہوئے چھوڑ دیا گیا۔

عمارہ اطہر کا کہنا تھا کہ شہری ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی میں ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں، آپ کی محنت کی کمائی دھوکا بازوں کے لیے نہیں۔

کوئٹہ نے لاہور قلندرز کے منہ سے فتح چھین کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا

  کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کا 167 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ کی آخری گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی کے بعد فائنل فور لائن اپ مکمل ہوگئی اور کراچی کنگز کی اگلے مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں ختم ہوگئی ہیں۔

آخری اوور میں کوئٹہ کو جیت کیلئے 14 رنز درکار تھے، شاہین آفریدی نے پہلی ہی گیند پر  لاری ایونز کو آؤٹ کردیا جس کے بعد محمد وسیم جونیئر بیٹنگ کیلئے آئے، دوسری گیند پر صرف ایک رن بن سکا، تیسری اور چوتھی گیند پر سعود شکیل نے دو چوکے لگائے اور ایک بار پھر جیت کی امید ہوگئی۔

پانچویں گیند پر صرف ایک رن بن سکا، آخری ایک گیند پر کوئٹہ کو جیت کیلئے 4 رنز درکار تھے اور لاہور کے کیمپ میں ممکنہ فتح کی خوشی دیکھی جاسکتی تھی لیکن وسیم جونیئر نے چھکا لگاکر قلندرز کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

سعود شکیل نے 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جبکہ وسیم جونیئر 2 گیندوں پر 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

خواجہ نافع نے 26، جیسن رائے 18، ریلی روسو 13، لاری ایوانز نے 7 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی طرف سے شاہین آفریدی اور جہانداد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔

صاحبزادہ فرحان اور مرزا بیگ نے لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں اوپنرز جلد پویلین لوٹ گئے۔

صاحبزادہ فرحان نے 25 اور مرزا بیگ نے 12 رنز بنائے جبکہ شائی ہوپ صرف 5 رنز بناسکے۔ شاہین آفریدی نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ عبداللہ شفیق 59 اور سکندر رضا 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ابرار احمد نے 2، محمد عامر اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: جیسن رائے، سعود شکیل، خواجہ نافے، ریلی روسو (کپتان)، عمیر بن یوسف، لاری ایونز ، عقیل حسین، محمد وسیم جونیئر، محمد عامر، ابرار احمد سہیل خان

لاہور قلندرز: صاحبزادہ فرحان، طاہر بیگ، عبداللہ شفیق، شائی ہوپ، شاہین آفریدی (کپتان)، سکندر رضا، ڈیوڈ ویز، جارج لنڈے، جہانداد خان، زمان خان، طیب عباس

کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کیا، مجھ پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلانا ہے تو ویلکم: عارف علوی

کراچی: سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں نے کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کیا، میرے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلانا ہے تو ویلکم چلائیں۔

سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کوجوڑنےکی ضرورت ہے، سیاسی قوتیں اور اسٹیبلشمنٹ اس بات پر توجہ دے، مجھے کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں ہے، کچھ ملاقاتیں پبلک، کچھ ملاقاتیں پبلک نہیں ہوئیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہرملاقات میں معاملات کو بہتر کرنے کی کوشش کی لیکن خاطرخواہ کامیابی نہیں ملی، ہر اعتبار سے کوشش کی معاملات کو جوڑا جائے، ملک کو جوڑنے کے لئے سیاسی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، پاکستان کو جوڑنے کے لئے اچھا اقدام کیا جائے۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ میری کوشش رہی ہے ملک کو جوڑا جائے، ملک میں جس کو مینڈیٹ ملا ہے اس کی قدر کی جائے، غیرآئینی اقدامات کا الزام لگانے والے عدالتوں میں جائیں، میں نے ہمیشہ آئین کی پاسداری کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے آئین کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، میرے پاس سائفر بھیجا گیا تھا، کشیدگی کو ختم ہونا چاہئے، پاکستان کی فوج ہماری فوج ہے، میں تو جوڑنے کی بات کر رہا ہوں، ملک کو جوڑ دیا جائے تو ترقی کرے گا، پاکستان کو جوڑنے کے لئے سب سے بڑی بات بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے، معیشت 2 سے 3 سال سے زوال کا شکار رہی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں نے کہا تھا مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہونے تک اسمبلی اجلاس نہ بلاؤ، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہا آرمی چیف کی تعنیاتی میں ترجیح میرٹ ہونی چاہئے، بانی پی ٹی آئی آج بھی میرے لیڈر ہیں۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیسا دیانت دار، ایماندار لیڈرنہیں دیکھا، بانی پی ٹی آئی واحد لیڈر جو قوم کو اکٹھا کرسکتا ہے۔

سائفرکی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے: علی امین گنڈا پور کا مطالبہ

پشاور:  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سائفر کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق کا ساتھ دینے والے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف غیرقانونی مقدمات بنائے گئے، آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے غیرقانونی طریقے سے گاڑیاں لیں، افسوس آصف علی زرداری ملک کا صدر بن گیا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ افسوس شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کی وہ آج ملک کا وزیراعظم ہے، بانی پی ٹی آئی کا فیئر ٹرائل اور جلد رہا کیا جائے، سائفر بانی پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سازش تھی، سائفر سازش کے پیچھے آلہ کار ایک دن سامنے آئیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سائفرکیس پرجوڈیشل کمیشن بنائیں، مینڈیٹ چوری کے خلاف ایک کمیشن بنایا جائے، ہمارا مطالبہ ہے تحریک انصاف کا مینڈیٹ واپس دیا جائے، چیف الیکشن کمشنر کو آئین توڑنے والے نظر نہیں آرہے؟

انہوں نے کہا کہ افسوس ڈھٹائی کے ساتھ ہماری مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دی گئیں، ہمیں مجبور نہ کیا جائے، اپنا حق ملنے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم ایک ٹیم بن کر کرپشن، ظلم اور ناانصافی کے خلاف جہاد کریں گے۔

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ہم خیبرپختونخوا کوایک مثالی صوبہ بنائیں گے، خیبرپختونخوا میں امن لائیں گے، اسی جنون کے ساتھ ہم اپنا حق بھی لیں گے، وزیراعلیٰ نے ’’ساڈا حق ایتھے رکھ‘‘ کے نعرے بازی بھی کی۔

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

ریاض: سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا۔

سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے اتوار کو رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں کل 11 مارچ بروز پیر کو یکم رمضان المبارک 1445 ہجری ہوگا۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز تراویح کا آغاز آج عشاء کی نماز کے بعد ہوگا۔

دوسری جانب آسٹریلیا، فلپائن، سنگاپور، انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی اور عمان میں اتوار کو رمضان کا چاند نظر نہیں آیا جس کی وجہ سے ان ممالک میں 12 مارچ کو رمضان المبارک کا پہلا دن ہوگا۔

جسٹس نعیم اختر افغان کل سپریم کورٹ کے جج کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد: جسٹس نعیم اختر افغان کل بطور سپریم کورٹ جج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس نعیم اختر افغان سے عہدے کا حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں ہو گی، سپریم کورٹ کے ججز، سینئر وکلاء، عدالتی سٹاف حلف برداری میں شریک ہوگا۔

جسٹس نعیم اختر افغان بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔