All posts by Channel Five Pakistan

سپریم کورٹ نے دہری شہریت والے نومنتخب سینیٹرز کا نوٹیفکیشن روک دیا

 اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے دہری شہریت والے 4 نومنتخب سینیٹرز کا نوٹیفکیشن روک دیا۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ججز اور سرکاری افسران کی دہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کے ذریعے نومنتخب دہری شہریت رکھنے والے سینیٹرز کی تفصیلات طلب کیں۔چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس میں کہا کہ یہ پتہ چلا ہے کہ دہری شہریت والے 6 افراد سینیٹر منتخب ہو گئے، ابھی تک معلوم نہیں دہری شہریت کا اثر کیا ہو گا تاہم یہ پتہ چلا ہے کہ 6 دہری شہریت والے سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں، مجھے ان 6 سینٹرز کے نام معلوم نہیں۔اٹارنی جنرل نے بتایا کہ چوہدری سرور، ہارون اختر، مسز نزہت صادق اور سعدیہ عباسی کی دہری شہریت ہے۔ چیف جسٹس نے دہری شہریت کے حامل سینیٹرز کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دہری شہریت والے سینیٹرز نہیں بن سکتے۔ عدالت نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو کیس کے فیصلے تک نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کا حکم دیا۔ہارون اختر اور چوہدری سرور کے پاس برطانیہ جب کہ نزہت صادق اور سعدیہ عباسی کے پاس امریکہ کی شہریت ہے۔ چوہدری سرور کا تعلق پاکستان تحریک انصاف جب کہ ہارون اختر، مسز نزہت صادق اور سعدیہ عباسی کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے اور چاروں افراد پنجاب سے سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔دوران سماعت چیف جسٹس نے چیئرمین نادرا سے استفسار کیا کہ آپ تارکین وطن کو ووٹ کی سہولت کے حوالے سے کب بریفنگ دیں گے، تارکین وطن کے معاملے پر نادرا کو مزید وقت نہیں دیں گے، تارکین وطن کو ہر صورت ووٹ کا حق ہے جب کہ نادرا کے کتنے افسران دہری شہریت کے حامل ہیں جس پر چیئرمین نادرا نے عدالت کو بتایا کہ نادرا کے لوگوں کو 8 مارچ تک دہری شہریت ظاہر کرنے کا وقت دیا ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کتنے سینیٹرز ہیں جن کے پاس دہری شہریت ہے اوروہ منتخب ہوگئے، سینیٹر منتخب ہونے کے بعد آئینی پوزیشن کیا ہوگی جب کہ وزیراعظم سیکریٹریٹ میں کتنے لوگ دہری شہریت رکھتے ہیں یہ بھی بتائیں۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کے ذریعے نومنتخب دہری شہریت رکھنے والوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

پاک بحریہ اور فضائیہ کا بحیرہ عرب میں کروز میزائلوں کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

 کراچی(ویب ڈیسک)شمالی بحیرہ عرب میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ نے لانگ رینج اینٹی شپ کروز میزائلوں کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ  کیا ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق میزائل فائرنگ کا یہ مظاہرہ بحری مشق رباط کے اختتام پر کیا گیا ۔ میزائل JF-17تھنڈر ایئر کرافٹ اور پاک بحریہ کے F-22Pفریگیٹ پی این ایس سیف سے فائر کیے گئے۔ پی این ایس سیف نے سطح سمندر سے سطح سمندر پر مار کرنے والا مزائل C-802 فائر کیا جب کہ JF-17 تھنڈر نے ہوا سے سطح سمندر پر مار کرنے والا مزائل C-802AK فائر کیا۔ دونو ں پلیٹ فارمز سے فائر کیے گئے میزائلوں نے اپنے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے پی این ایس نصر سے میزائلوں کی فائرنگ کا مظاہرہ دیکھا۔اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ بحیرہ عرب میں مزائل فائرنگ کا یہ تجربہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔بعد ازاں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے مشترکہ فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیاگیا ۔ امیرالبحر نے اس موقع پر پاکستان نیول فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈاکٹروں نے غلط مریض کے دماغ کا آپریشن کردیا

نیروبی(ویب ڈیسک) کینیاٹا نیشنل اسپتال میں ڈاکٹروں نے غلط مریض کے دماغ کا آپریشن کردیا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں واقع کینیاٹا نیشنل اسپتال میں ڈاکٹروں نے غلط مریض کے دماغ کا آپریشن کر ڈالا جس پر ڈاکٹروں کی 4 رکنی ٹیم کو معطل کردیا گیا۔اسپتال کی سربراہ للی کوروس کا کہنا ہے کہ اسپتال میں 2 مریض ایک ساتھ لائے گئے جن میں سے ایک کے دماغ میں خون جمنے کی وجہ سے آپریشن کرنا تھا جب کہ دوسرے مریض کے سر میں سوجن تھی جس کے علاج کےلیے آپریشن کی ضرورت نہیں تھی لیکن ڈاکٹروں نے غفلت برتتے ہوئے مریضوں کی شناخت میں غلطی کردی جس کی وجہ سے سر میں سوجن والے مریض کے دماغ کا آپریشن کردیا۔ آپریشن کے بعد آنے والی رپورٹس میں انکشاف ہوا کہ مریض کے دماغ میں خون جمنے کی علامات تھیں ہی نہیں۔

ہم کس کے کام میں مداخلت کرتے ہیں؟؟ چیف جسٹس کے اہم ریمارکس

 اسلام آباد(ویب ڈیسک)چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ ہم بولتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ عدلیہ ایگزیکٹیو اتھارٹی میں مداخلت کررہی ہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے مارگلہ ہلز میں درختوں کی کٹائی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔  عدالت نے سی ڈی اے کے قواعد و ضوابط نہ ہونے پر وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری کو فوری طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ اگر وزیرِ کیڈ کسی میٹنگ میں بھی ہیں تب بھی ان کو بلائیں، یہ لوگ خود بھی کام نہ کریں اور ہمیں بھی نہ کرنے دیں، پھر کہا جاتا ہے کہ عدلیہ ایگزیکٹو کے کام میں مداخلت کررہی ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم کس کے کام میں مداخلت کرتے ہیں؟، ہم کسی کو چھوڑیں گے نہیں، ہمیں بتائیں کہ قواعد و ضوابط کی عدم تیاری کا ذمہ دار کون ہے، جن کا کام ہے انہوں نے کیا نہیں، اگر عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں تو خدمت کریں۔

پی ایس ایل فائنل کراچی نہیں تو کہیں نہیں ،نجم سیٹھی

کراچی(ویب ڈیسک )چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پی ایس ایل فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے نیشنل سٹیڈیم کا دورہ کیا۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا ایونٹ کا 25 مارچ کو کراچی میں ہی ہوگا۔ پی ایس ایل کے فائنل کا میلہ کراچی میں شیڈول ہے۔ انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے تیاریاں تیزی کیساتھ جاری ہیں۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کراچی آمد کے بعد نیشنل سٹیڈیم میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیئرمین پی سی بی نے گراؤنڈ ، مختلف انکلوژرز اور کمروں کا معائنہ کیا۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وہ انتظامات سے مطمئن ہیں، میگا ایونٹ کا فائنل شہر قائد میں ہی ہوگا۔

شاہ زیب قتل کے ملزم شاہ رخ جتوئی کی نظرثانی اپیل خارج

 اسلام آباد(ویب ڈیسک)سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی کی نظرثانی اپیل خارج کردی ہے۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں شاہ زیب قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے ملزم شاہ رخ جتوئی کی نظرثانی اپیل خارج کردی ہے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے شاہ رخ جتوئی کے وکیل سے کہا کہ آپ نے اپنے موکل سے بڑی فیس لی ہے، آپ چٹکلے کرتے ہیں لیکن ہم نے بھی کہہ دیا ہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس میں کہا کہ سندھ ہائیکورٹ نے ہمارے احکامات کو نظرانداز کیا، ہائیکورٹ ہمارے احکامات پربحث کرلیتی تو معاملہ الگ ہوتا، ہائیکورٹ کے پرفیکٹ حکم میں بہت ساری امپرفیکشنز تھیں۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ آئین کے لفظوں کو معنی ججز دیتے ہیں، اپیل آئے تو اپنے الفاظ ہم خود بدل سکتے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ عدالت عظمی نے قرار دیا تھا یہ مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں چلایا جائے، ملک کی کوئی بھی دوسری عدالت ہمارے فیصلے پر نظرثانی نہیں کرسکتی لہذا ہائی کورٹ نے ہمارے احکامات کی غلط تشریح کی اور اگر آپ معصوم ہیں توعدالت سے رہا ہوجائیں گے۔

ایک سال کے اندر3بچے

ممبئی(ویب ڈیسک) نامور بالی ووڈ اداکارہ سنی لیون کے گھر جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے جس کے بعد وہ ایک سال کے اندر  تین بچوں کی ماں بن گئی ہیں۔بھارتی فلم انڈسٹری کی بے باک اداکارہ سنی لیون ایک بار پھر ماں بن گئیں اس بار ان کے گھر دو جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ سنی لیون نے اپنے ماں بننے کی خوشخبری انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ دونوں بچوں اشر سنگھ ویبر اور نواہ سنگھ ویبر کے ساتھ ان کا خاندان مکمل ہوگیا۔ ہم دونوں تین بچوں کے والدین بن کر بہت خوش ہیں اور فخر محسوس کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ سنی لیون اور ان کے شوہر ڈینئل ویبر نے گزشتہ برس باہمی رضامندی سے ایک یتیم بچی گود لی تھی جس کانام نشا کور رکھا گیا تھا۔ تاہم اس بار ان دونوں نے  بچے گود لینے کےبجائے سروگیسی کے ذریعے دنیا میں لانے کا فیصلہ کیا جس کی تصدیق سنی لیون نے ٹویٹر پرکی اور کہا یہ دونوں ہمارے حقیقی بچے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا خدا نے ہمیں سروگیسی کے ذریعے دو ننھے فرشتوں سے نوازا ہے جس کے بعد ہمارا خاندان مکمل ہوگیا۔ ہمارے بچے اس دنیا میں کئی ہفتوں قبل آئے تھے لیکن یہ دونوں ہمارے دلوں اور آنکھوں میں کئی برس سے زندہ تھے۔

تجارتی جنگ کی امریکی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، چین

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین نے امریکا کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا نے تجارتی جنگ چھیڑی تو چین بھی خاموش نہیں بیٹھے گا۔بیجنگ میں چین کی قومی پارلیمان نیشنل پیپلز کانگریس کے ترجمان ژانگ ژے سوئی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ  گو چین امریکا کے ساتھ کوئی تجارتی جنگ نہیں چاہتا ہے لیکن امریکا ایسے اقدامات اُٹھائے جو چین کے تجارتی مفادات کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں تو چین بھی خاموشی سے ہاتھ پر ہاتھ رکھے نہیں بیٹھا رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ چین امریکا سمیت کسی بھی ملک کے ساتھ تجارتی جنگ نہیں چاہتا ہے تاہم چین کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو راست اقدام اُٹھائیں گے، چین اپنی سالمیت پر کوئی سودے بازی قبول نہیں کرتا اور چین کے لیے اپنی معیشت سب سے اہم ہے جس کے خلاف اقدامات پر سخت مزاحمت کریں گے۔چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے ترجمان ژینگ یسوئی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسٹیل کی درآمد پر 25 فیصد اور ایلومینم کی درآمد پر 10 فیصد ڈیوٹی لگانے کے علاوہ یورپی یونین میں بنی ہوئی گاڑیوں پر بھی نیا ٹیکس لگانے کی بات کی تھی، اپنی ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے امریکا کی تجاری پالیسی کو احمقانہ قرار دیا تھا اور اس سے قبل وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ تجارتی جنگیں اچھی ہوتی ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 کشمیری شہید

 سری نگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے علاقے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکےشہید کردیا۔بھارتی فوج نے شوپیاں میں فوجی کیمپ کے نزدیک کار پر فائرنگ کی۔ فوج کی فائرنگ سے کار میں سوار6 بے گناہ کشمیری شہید ہوگئے۔ بے گناہ کشمیریوں کی شہادت کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے۔  بھارتی فوج کی درندگی اور بے گناہ کشمیریوں کی شہادت  کے باعث وادی میں آج مکمل طور پر ہڑتال ہے۔نوجوانوں کی شہادت پرسید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین  ملک سمیت حریت قیادت نےہڑتال کی اپیل کی ہے۔ حکام نے کشمیریوں کو احتجاج سے روکنے کے لیے سری نگر، اسلام آباد، پلواما اضلاع سمیت مختلف علاقوں میں سخت پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں جب کہ جنوبی کشمیر میں مظاہرین کو روکنے کیلئے انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔دوسری جانب بھارتی پولیس نے ضلع راجوری میں دو الگ مقامات پر سرچ آپریش کا آغاز کردیا ہے، جب کہ ہڑتال کے باعث پبلک سروس کمیشن نے آج ہونےوالے امتحانات ملتوی کردئیے ہیں۔

نوازشریف کو جیل میں ڈالنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، سعدرفیق

 لاہور(ویب ڈیسک) وفاقی وزیرخواجہ سعدرفیق کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو سیاست سے اس لئے نکالا گیا کہ وہ کسی کے اشارے پر نہیں چلتے، اب انہیں جیل میں ڈالنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ لاہور  میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ملک میں گزشتہ 70 برسوں سے سیاستدانوں کو چور اور ڈاکو ہی کہا جاتا رہا ہے، پہلے ہمارے بڑوں اور اب ہم یہ باریاں دے رہے ہیں، لیکن یہ سب کب تک چلتا رہے گا کس کس کے منہ بند کریں گے اور کس کس کو چور اور ڈاکو قرار دے کر ترقیاتی کاموں میں رخنہ ڈالا جائے گا، سیاست کو جتنا دباتے ہیں اتنی ہی شدت سے باہر آتی  ہے، لوگ نہیں چاہتےفیصلوں کے ذریعے مقبول لیڈرکو نکال دیا جائے کیوں کہ مقدمات بنا کر قیادت کی محبت کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا، عوام فیصلے کے ذریعے نہیں ووٹ کے ذریعے تبدیلی چاہتے ہیں۔سعدرفیق کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے کون سی کرپشن کی؟ انہیں اس لئے نکالا گیا کہ وہ کسی کے اشارے پر نہیں چلتے، سابق وزیراعظم جب بھی اقتدار میں آئے تعمیر و ترقی کا طوفان آتا ہے، وہ پاکستان میں موٹرویز، موبائل فون اور ترقی لے کرآئے، میٹرو لاہور میں ہی نہیں اب راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان اور فیصل آباد میں بھی بن رہی ہے، تعمیر و ترقی میں پنجاب سب سے آگے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کام نہیں کرنے دیا گیا کبھی عمران خان، اور کبھی ریاستی اداروں میں موجود منفی لوگوں نے رخنہ ڈالا، جو بیورو کریٹ محنت سے کام کرے اسے جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، اور ایٹمی دھماکا کرنے والے وزیراعظم کو بھی جیل میں ڈالنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں،  آج پاکستان کا نام گرے لسٹ میں ڈال دیا گیا اور دنیا پاکستان کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ اب ایسا نہیں چلے گا اب منہ بند کرنے کی روایت ختم ہونی چاہئے پاکستان لوگوں کی بے عزتی کرنے سے نہیں عوام کی مرضی سے چلے گا اور تبدیلی ووٹ کے ذریعے ہی آئے گی، شیر زنجیر توڑ دے گا 2018 میں مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر دو تہائی اکثریت سے واپس آئے گی اور عوام کو روشن پاکستان دے گی۔ (ن) لیگ اداروں کا احترام کرتی ہے،کسی سے جھگڑا نہیں چاہتے واپس آکرمحاذآرائی نہیں کریں گے۔