All posts by admin

ہم تخت لاہور پر بیٹھ کر غیر جمہوری قوتوں کو جواب دیں گے، بلاول بھٹو

گمبٹ: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ اپنا کام جاری رکھیں، ہم تخت لاہور جا کر بیٹھیں گے اور غیر جمہوری قوتوں کو جواب دیں گے۔
پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس گمبٹ میں پاکستان کے پہلے پھیپھڑوں کی پیوند کاری کے شعبے کی افتتاحی اور ملک کی پہلی ہیلتھ سٹی اور ادویات کے یونٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز اپنے اختیار ساتھیوں کو شیئر کرنے کو تیار نہیں، آصف زرداری نے صدر ہوتے ہوئے اپنے اختیارات پارلیمان کو دیئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری نے سی پیک کو شروع کیا، انہی عدالتوں نے قائد عوام کو پھانسی پر چڑھایا، یہ ججز لیکچر دیتے ہیں کون کرپٹ اورکون سیسلین مافیا ہے، ہم نہیں مانتے اس ملک میں کوئی انصاف کا ادارہ ہے، بھٹو کی تیسری نسل انصاف مانگ رہی ہے، بھٹو مسلم امہ کا قائد رہا ہے، آج تک کسی جج نے شہید بھٹو کا کیس نہیں سنا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جو ادارے ہیں کٹھ پتلی، بزدل رہے ہیں، ان کو مشرف نظر نہیں آتا، سلیکٹڈ راج کے ذریعے نااہل وزیراعظم مسلط کیا گیا جس وجہ سے آج معاشی بحران ہے، جب اس کو مسلط کیا گیا تو کیا یہ ججز اندھے تھے؟ اس وقت آپ کا ازخود نوٹس کہاں تھا؟۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ فریال تالپور کو جب عید کی رات گھسیٹ کر جیل میں ڈالا گیا کہاں تھا سوموٹو نوٹس؟ جب عمران بجٹ پاس کرانے کے لیے آئی ایس آئی کو استعمال کرتا تھا کیا آپ اندھے تھے؟ تخت لاہور کی لڑائی پاکستان کو لے ڈوبے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے صرف شریفوں کی سیاست کرنی ہے تو پھر تین اگلی نسلیں بھی قائد عوام کے لیے انصاف مانگتی رہیں گی، پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے، دوسرے اداروں میں چند شخص ضد پر سیاست کھیل رہے ہیں، اگر سیاست کرنی ہے تو پھر سیاست کی تیاری پکڑو۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہر غیر جمہوری وار کا جواب دیں گے، پاکستان کو ون یونٹ، اٹھارویں ترامیم کو ریپ اپ کرنے کے لیے آج بھی اسی ڈاکٹرائن کو چاہنے والے ہر ادارے میں موجود ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے تیار ہیں، سندھو حکومت کو ہدایت جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تخت لاہور کی لڑائی کی وجہ سے سندھ کے ترقیاتی کاموں پر کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے
انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پاکستان میں لیور اینڈ کڈنی ٹرانسپلانٹ نہیں ملتا تھا، لوگ کڈنی اور لیور کا علاج کرانے کیلئے بیرون ملک جاتے تھے، کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ کے لیے بیرون ملک جانا پڑتا ہے، 700 لیور ٹرانسپلانٹ گمبٹ میں ہو چکے ہیں، لوگ اب بھارت یا بیرون ملک علاج کرانے نہیں جاتے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس مرتبہ عوام کے لیے نئی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، گمبٹ میں لیور اینڈ کڈنی کا مفت علاج ہو رہا ہے، ہم انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کا علاج مفت کرا رہے ہیں، گمبٹ انسٹیٹیوٹ پاکستان میں نمبر ون انسٹیٹیوٹ ہے، گمبٹ میں لنگس ٹرانسپلانٹ شروع ہو رہا ہے، گمبٹ ہسپتال کسی بھی ملک کے ہسپتال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر صوبے سے تعلق رکھنے والی عوام کیلئے یہاں مفت سہولت موجود ہے، فغانستان سے بھی لوگ گمبٹ ہسپتال میں علاج کرانے آئے تھے، گمبٹ میں کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ 100 فیصد فری ہوتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری گمبٹ لیور اینڈ کڈنی ہسپتال ایک قومی ادارہ ہے، ہم نےشعبہ صحت میں مزید اچھےکام کرنےہیں، ہم چاہ رہے ہیں ہمارے پاس وہ سہولیات ہوں جن سے ہم خود دوائیاں بنائیں، ہم گمبٹ میں اب میڈیکل سٹی کی بنیاد بھی رکھ رہے ہیں، کسی کے پاس پیسہ نہ ہونا اس کےعلاج میں رکاوٹ نہ بنے۔

روپیہ پسپائی کا شکار،انٹر بینک میں ڈالر کی اُڑان برقرار

کراچی: (ویب ڈیسک) ڈالر کی قدر بڑھنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، انٹربینک میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت رجحان دیکھا گیا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 56 پیسے اضافے کے ساتھ انٹر بینک میں ڈالر 287 روپے 85 پیسے کا ہوگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 287 روپے 29 پیسے پر بند ہوا تھا۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر بلند ترین سطح پرپہنچ گیا، 2 روپے اضافے کے ساتھ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 293 روپے پر ٹریڈ ہورہاہے۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا مثبت رجحان دیکھا گیا، 30 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 39 ہزار 717 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

سعودی عرب نے 2 ارب ڈالرز کی فنڈنگ کا گرین سگنل دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معیشت کیلئے بڑی خبر آگئی، سعودی عرب نے 2 ارب ڈالرز کی فنڈنگ کا گرین سگنل دے دیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق دوست ملکوں سے 3 ارب ڈالر کی فنانسنگ میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار 10 اپریل کو امریکا جانے سے پہلے متحدہ عرب امارت کی اعلیٰ قیادت سے بھی رابطہ کریں گے۔
آئی ایم ایف کو سالانہ 900 ارب روپے کی سبسڈی پر تاحال اعتراض ہے، آئی ایم ایف شرح سود میں مہنگائی کے حساب سے مزید اضافہ کے مطالبے پر قائم ہے، آئی ایم ایف پٹرولیم لیوی کی مد میں 850 ارب روپے جمع کرنے کے مطالبے پر بھی قائم ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پٹرول اور ڈیزل کی امپورٹ کم کرنے کا مطالبہ کررہا ہے، آئی ایم ایف کی جانب سے پٹرولیم لیوی اور ٹیکسز کا شارٹ فال پورا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پشاور کے شہریوں کیلئے بجلی 3 روپے 8 پیسے فی یونٹ مہنگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پشاور کے شہریوں کیلئے بجلی 3 روپے 8 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی، نیپرا نے پیسکو کی درخواست پر سماعت کے بعد ابتدائی منظوری دے دی۔
پیسکو کو مجموعی طور 63 ارب 88 کروڑ روپے ملیں گے، منظوری سے 3.08 روپے کا امپیکٹ آئے گا، درخواست میں مراعات کی مد میں 17 ارب 59 کروڑ روپے مانگے گئے تھے، آپریشن اینڈ مینٹیننس کاسٹ کی مد میں 30 ارب 23 کروڑ 50 لاکھ مانگے گئے تھے۔
سماعت کے دوران پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی کارکردگی پر اظہار تشویش، بجلی کی چوری میں اضافہ جبکہ ریکوری میں مسلسل کمی دیکھنے میں آئیم پیسکو کے ساتھ 52 فیصد ہیومین ریسورس کی کمی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
نیپرا اتھارٹی کے مطابق بجلی ہونے کے باوجود پیسکو لوڈشیڈنگ کرتی ہے، پیسکو روزانہ سو سے دو سو میگاواٹ بجلی استعمال نہیں کرتی، اتھارٹی اپنا تفصیلی فیصلہ دیگر ڈسکوز کی سماعت کے بعد جاری کرے گی۔

روپے کی تنزلی، اوگرا نے آئل کمپنیوں سے نقصان کی تفصیل طلب کرلی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے روپے کی قدر میں کمی کے باعث آئل کمپنیوں کو ہونے والے نقصان کی تفصیل مانگ لی۔
اوگرا نے آئل کمپنیوں سے گزشتہ 6 ماہ کی تفصیلات مانگی ہیں، اوگرا کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 2 ہفتوں میں نقصان کی تفصیل جمع کروانے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کی درآمدی قیمت عالمی سطح پر تیل کی قیمت کے مسابقتی ہونی چاہیے، کمپنیاں نقصان سے بچنے کیلئے درآمدات کو حکومتی پالیسی کے مطابق یقینی بنائیں۔

دی ہنڈرڈ لیگ: ایلن ولکنز کا حارث اور شاہین کیلئے اردو میں خصوصی پیغام

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق برطانوی کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر ایلن ولکنز نے انگلش لیگ دی ہنڈرڈ میں شامل ہونے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور شاہین آفریدی کے لیے اردو میں خصوصی پیغام جاری کر دیا۔
گزشتہ دنوں انگلش کرکٹ لیگ دی ہنڈرڈ کی ڈرافٹنگ مکمل ہوئی، پاکستان کے متعدد کھلاڑی لیگ کا حصہ بن گئے۔
دی ہنڈرڈ لیگ میں فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی پاکستان کے سب سے مہنگے کھلاڑی رہے، ویلش فائر نے شاہین کو ایک لاکھ پاؤنڈ میں پک کیا تھا، اس کے علاوہ حارث رؤف بھی 60 ہزار پاؤنڈ میں ویلش فائر کا حصہ بنے۔
شاہین اور حارث کے ویلز کی ٹیم میں شامل ہونے پر معروف کمنٹیٹر ایلن ولکنز نے سوشل میڈیا پر پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے اردو میں پیغام جاری کیا۔
ایلن ولکنز نے لکھا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان کے دو عظیم فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی اور حارث رؤف اس سال میرے ملک ویلز کی ٹیم کے لیے دی ہنڈرڈ لیگ میں کھیلیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ویلش فائر اب ایک بہت مضبوط ٹیم لگ رہی ہے۔
واضح رہے کہ حارث اور شاہین کے علاوہ اوول انونسیبلز نے فاسٹ باؤلر احسان اللہ کو 40 ہزار پاؤنڈ میں پک کیا جبکہ شاداب خان کو ایک لاکھ پاؤنڈ میں برمنگھم فینکس نے ری ٹین کیا تھا۔
ڈرافٹنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو کسی ٹیم نے پک نہیں کیا تھا جبکہ دی ہنڈرڈ لیگ کا آغاز یکم اگست سے ہوگا۔

بادشاہ چارلس سوئم کی 6 مئی کو تاج پوشی کیلئے دعوت نامے چھپ گئے

لندن: (ویب ڈیسک) بادشاہ چارلس سوئم کی 6 مئی کو تاج پوشی کیلئے دعوت نامے چھپ گئے، تاج پوشی کی تقریب میں 2 ہزار مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا۔
شاہی محل کی جانب سے برطانوی بادشاہ کی تاج پوشی کے دعوت نامے کا آرٹ ورک جاری کر دیا گیا ہے، اینڈریو جیمیسن نے ڈیزائن کردہ ری سائیکل کارڈز پر پانی کے رنگوں کا خوبصورت استعمال کیا ہے، دعوت نامے میں برطانوی لوک داستانوں کی قدیم شخصیت سمیت پھولوں کو شامل کیا گیا ہے۔
بادشاہ چارلس کی تاج پوشی 6 مئی کو ویسٹ منسٹر ایبے میں ہوگی، یہ وہ جگہ ہے جہاں پچھلے ایک ہزار برس سے انگریزی اور برطانوی بادشاہوں کی تاج پوشی کی جاتی رہی ہے۔

سعودی عرب کی مسجد اقصیٰ میں کھلی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر حملے، نمازیوں کو زخمی کرنے اور متعدد کو گرفتار کرنے کی مذمت کی ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں سعودی عرب نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیل کے نمازیوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا طرز عمل امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ قبضے کو ختم کرنے اور مسٔلہ فلسطین کے منصفانہ اور جامع حل تک پہنچنے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت میں اس کے مضبوط موقف کی تصدیق کرتا ہے۔
یہ حملہ رمضان کے مقدس مہینے میں کیا گیا جو اسلام میں روحانیت اور عبادات کا اہم وقت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات مقدس مذہبی مقامات کے احترام کے حوالے سے بین الاقوامی اصولوں اور ضابطوں کی خلاف ورزی ہیں۔
فلسطینی گروپوں نے بھی نمازیوں پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے جرم قرار دیا ہے ، علاوہ ازیں سعودی عرب کے ساتھ ساتھ اردن اور مصر نے بھی اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مقام مسجد اقصیٰ میں دھاوا بول کر درجنوں نمازیوں کو زخمی کر دیا ہے، جبکہ 350 سے زائد کو گرفتار بھی کرلیا۔

ایران نے 8 سال بعد متحدہ عرب امارات میں سفیر مقرر کردیا

تہران : (ویب ڈیسک) ایران نے متحدہ عرب امارات کے لیے 8 سال بعد اپنا نیا سفیر مقرر کردیا۔
ایران نے سینئر سفارتکار رضا امیری کو سفیر نامزد کیا ہے جو 8 سال بعد متحدہ عرب امارات میں ایران کےسفیر کے طور پر تعینات ہوں گے۔
واضح رہےکہ ایران اورسعودی عرب نے اپنے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے ایرانی صدر کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی ہے۔
خیال رہے کہ 2016 میں، متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات ختم کرلیے تھے ۔

بھارتی ریاست سکم میں برفانی تودہ گرنے سے7 افراد ہلاک

نیودہلی : (ویب ڈیسک) بھارتی ہمالین ریاست سکم میں برفانی تودہ گرنے سے 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے شمال مشرق میں ریاست سکم کے ناتھولا ماؤنٹین پاس پر مقامی وقت کے مطابق 12:20 پر برفانی تودہ گرا۔
برفانی تودہ گرنے سے سیاحوں کی متعدد گاڑیاں برفانی تودے کی زد میں آگئیں، امدادی کارروائیوں کے دوران برفانی تودے تلے دبنے والے 20 افراد کو بچا لیا گیاہے اور مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
زندہ بچ جانے والے افراد میں سے 8 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ، امدادی ٹیموں کی جانب سے تلاش اور بچاؤ کی کوششیں جاری ہیں کیونکہ برفانی تودے کے نیچے اب بھی زندہ بچ جانے کا امکان موجود ہے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اپریل میں اس علاقے میں برفانی تودہ گرنا غیر معمولی ہے جبکہ ایک روز پہلے تک یہاں غیر موسمی بارشیں بھی ہوتی رہی ہیں۔
گزشتہ دو سالوں کے دوران بھارتی ہمالیہ میں برفانی تودے گرنے کے واقعات میں کم از کم 120 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ چین کے ساتھ ملحقہ ہندوستان کی سرحد پر واقع یہ ماؤنٹین پاس اپنے مناظر کی وجہ سے مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔

مودی سرکار کی مسلم دشمنی، ہندوتوا انتہا پسند مسجدوں پر حملہ آور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ہندوتوا انتہا پسندوں نے مودی سرکار کی خاطر مسجد پر حملہ کر کے ایک اور سیاہ باب رقم کر دیا، بھارت میں اقلیتوں کا رہنا ہمیشہ سے محال رہا ہے، اب مودی کی بہیمانہ مسلم دشمنی نے بھارت کو جہنم بنا دیا ہے۔
ہندوتوا انتہا پسندوں نے جھارکھنڈ میں ہزاری باغ کی جامع مسجد پر دھاوا بول دیا، ہندو، مسلم اور ہندو، سکھ فسادات پہلے ہی پورے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے چکے ہیں، ہندوتوا انتہا پسندوں نے جامع مسجد کے دروازے کو توڑتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مسلم دشمنی نے مودی سرکار کو اتنا اندھا کر دیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے مقدسات اور ان کے بنیادی حقوق کو بھی فراموش کر رہی ہے، سوال یہ ہے کہ کیا اقوام متحدہ مودی کی اس بے حسی کا نوٹس لے گی؟، کیا مودی کے مسلمانوں اور سکھوں پر ظلم و زیادتی سے بھارت کے ٹکڑوں میں تقسیم ہونے کی راہ ہموار ہو رہی ہے؟۔

میرے خلاف عدالتی کارروائی انتخابی عمل میں مداخلت ہے : ڈونلڈ ٹرمپ

فلوریڈا : (ویب ڈیسک) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں اور میرے خلاف عدالتی کارروائی انتخابی عمل میں مداخلت ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت سے واپسی کے بعد فلوریڈا میں ایک ریلی کے دوران اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی صدر نے کہا کہ میرے خلاف جعلی کیس 2024 کے الیکشن کے سلسلے میں سامنے لایا گیا، میرا واحد جرم یہ ہے کہ میں نے اپنی قوم کا ان لوگوں سے بلا خوف و خطرہ دفاع کیا جو اسے تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ساڑھے 7 کروڑ ووٹ لینے والے امریکی صدر پر فرد جرم عائد کی جا رہی ہے، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ امریکا میں ایسا ہو سکتا ہے ،ہمارا ملک جہنم میں جا رہا ہے، دنیا پہلے ہی بہت سی دوسری وجوہات کی بنا پر ہم پر ہنس رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا بدنظمی کا شکار ہوچکا ہے، معیشت تباہ ہو رہی ہے، افراط زر قابو سے باہر ہو رہا ہے، روس نے صدر بائیڈن کے دور اقتدار میں چین سے اور سعودی عرب نے ایران سے شراکت کر لی ہے، اگر وہ امریکا کے صدر ہوتے تو ایسا کبھی نہ ہوتا۔
انہوں نے فرد جرم عائد کرنے والے جج کو متعصب جبکہ نیویارک کے ڈسٹرکٹ اٹارنی کو مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جج ٹرمپ سے نفرت کرنے والا ہے اور ڈسٹرکٹ اٹارنی براگ کو مستعفی ہوناچاہیے ، ان کےخلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر 2016 کی انتخابی مہم کے فنڈز کا غلط استعمال اور بزنس ریکارڈز میں کرپشن کرنے کے الزامات پر فرد جرم عائد کی گئی ہے جس میں سے 34 الزامات کو سابق صدر نے مسترد کردیا ہے۔

اسرائیلی پولیس کا مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ، متعدد زخمی

یروشلم : (ویب ڈیسک) اسرائیلی پولیس نے مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں درجنوں نمازیوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی پولیس نے آج طلوع آفتاب سے قبل مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ اسرائیلی سپاہیوں کا کہنا تھا کہ یہ فسادات کا جواب ہے۔
فلسطینی ہلال احمر نے حملے کے نتیجے میں زخمیوں کی اطلاع دی لیکن یہ نہیں بتایا کہ کتنے لوگ زخمی ہوئے ہیں، اپنے ایک بیان میں فلسطینی ہلال احمر نے کہا کہ اسرائیلی فورسز ہمارے ڈاکٹروں کو الاقصیٰ پہنچنے سے روک رہی ہیں۔
ایک بزرگ خاتون نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ میں ایک کرسی پر بیٹھی قرآن کی تلاوت کر رہی تھی کہ یہودی پولیس اہلکاروں نے سٹن گرینیڈ پھینکنے شروع کر دیئے اور ان میں ایک میرے سینے پر بھی لگا، خاتون کو سانس لینے میں دشواری پیش آرہی تھی۔
فلسطینی گروپوں نے نمازیوں پر تازہ ترین حملوں کی مذمت کی اوراسے جرم قرار دیا ہے۔
اردن نے اسرائیل کی طرف سے کمپاؤنڈ پر پرتشدد طوفان کی مذمت کی جبکہ مصر کی وزارت خارجہ نے بھی الاقصیٰ کے عبادت گزاروں پر اسرائیل کی جانب سے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب حماس نے تازہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بے مثال جرم قرار دیا اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں سے مسجد اقصیٰ پہنچنے کی اپیل کی جس کے بعد فلسطینی خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد مسجد الاقصیٰ پہنچ گئی۔
فلسطینی مسجد الاقصیٰ کو ان چند قومی علامتوں میں سے ایک کے طور پر دیکھتے ہیں جن پر ان کا کنٹرول کا کچھ عنصر برقرار ہے، تاہم، وہ یہودی گروہوں کی طرف سے آہستہ آہستہ تجاوزات سے خوفزدہ ہیں جیسا کہ ہیبرون میں ابراہیمی مسجد میں ہوا ہے، جہاں 1967 کے بعد مسجد کا نصف حصہ عبادت گاہ میں تبدیل ہو گیا تھا۔
فلسطینی انتہائی دائیں بازو کی اسرائیلی تحریکوں سے بھی پریشان ہیں جو مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں موجود اسلامی ڈھانچے کو منہدم کر کے ان کی جگہ یہودی مندر بنانا چاہتے ہیں۔