All posts by admin

چیٹس کو بہتر بنانے کے لیے واٹس ایپ میں ایک نئے فیچر کا اضافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے یا یوں کہہ لیں کہ ایک پرانے فیچر کو کچھ تبدیل کر دیا گیا ہے۔
میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اس فیچر کا اعلان کیا۔
واٹس ایپ میں ڈس اپیئرنگ میسج فیچر کو 2020 میں متعارف کرایا گیا تھا جس میں ٹیکسٹ میسج مخصوص وقت (24 گھنٹے، 7 دن اور 90 دن) کے بعد غائب ہوجاتا ہے۔
اب اس فیچر کو کچھ بدلا گیا ہے اور ایسے میسج کو صارف اب آپ اپنے پاس محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
واٹس ایپ نے اس نئے فیچر کو سینڈر سب پاور کا نام دیا ہے اور یہ ایسا فیچر ہے جو بھیجنے اور موصول کرنے والے صارف کی مرضی پر ہی کام کرے گا۔
یعنی جب تک ڈس اپیئرنگ میسج بھیجنے والے صارف کی مرضی نہیں ہوگی اس وقت تک آپ اس میسج کو محفوظ نہیں کر سکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اس نئے فیچر سے میسج بھیجنے والے کو اس وقت ‘ویٹو’ پاور مل جائے گی جب موصول کرنے والا میسج کو محفوظ کرنے کی کوشش کرے گا۔
فیچر کیسے استعمال کریں؟
اس فیچر کو استعمال کرنا بہت آسان ہے۔
اگر آپ کو کوئی فرد ڈس اپیئرنگ میسج بھیجتا ہے تو آپ اس میسج کو کچھ دیر تک دبا کر رکھیں۔
ایسا کرنے کے بعد اوپر ریپلائی، ڈیلیٹ، فارورڈ آئیکون کے ساتھ بک مارک کا آپشن بھی نظر آئے گا، اس پر کلک کردیں۔
ایسا کرنے پر اس میسج کو بھیجنے والے صارف کو آگاہ کیا جائے گا کہ آپ اس میسج کو محفوظ کرنا چاہتے ہیں، اگر وہ اس کی اجازت دیتا ہے تو اس مخصوص میسج پر بک مارک آئیکون بن جائے گا۔
البتہ اگر میسج بھیجنے والا تیار نہیں ہوتا تو وہ میسج طے شدہ وقت کے بعد ڈیلیٹ ہو جائے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ نیا فیچر آنے والے ہفتوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

طورخم: پہاڑی تودہ گرنے کے 5 روز بعد ریسکیو آپریشن مکمل

طورخم : (ویب ڈیسک) طورخم میں پہاڑی تودہ گرنے کے 5 روز بعد ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا۔طورخم میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے سے 8 لاشیں اور 12 زخمی افراد نکال لیے گئے جب کہ ملبے سے 27 ٹرک اور کنٹینرز کو نکال کر ایک مشکل مشن کو مکمل کیا گیا۔
فوج، ایف سی ، 1122 اور سول انتظامیہ نے مل کر ریسکیو آپریشن مکمل کیا۔
متاثرہ افراد اور خاندانوں نے ریسکیو کوششوں پر پاک فوج سے اظہار تشکر کیا ہے۔

کندھ کوٹ ڈاکوؤں نے انڈس ہائی وے سے 6 افراد کو اغو کر لیا

کندھ کوٹ : (ویب ڈیسک) کندھ کوٹ میں ڈاکو اوگاہی اسٹاپ پر انڈس ہائی وے سے 6 افراد کو اغوا کر کے کچے کی طرف فرار ہوگئے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ جاری ہے، جلد ہی مغویوں کو بازیاب کرا لیا جائے گا۔واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی کندھ کوٹ میں لیسوڑو چیک پوسٹ پر ڈاکوؤں نے حملہ کردیا پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا اور ایک پولیس اہلکار کو اغوا کرلیا جبکہ ڈاکو 5 اہلکاروں سے اسلحہ لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

سعودی عرب نے سوڈان میں پھنسے سعودی اور پاکستانی شہریوں سمیت 150 افراد کو نکال لیا

سعودی عرب : (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے خانہ جنگی کے شکار سوڈان میں پھنسے سعودی اور پاکستانی شہریوں سمیت مختلف ملکوں کے 150 سے زائد شہریوں کو بحفاظت نکال لیا۔
عرب میڈیا کے مطابق خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد پہلے اعلانیہ انخلا میں سعودی عرب 150 سے غیر ملکی سفارت کاروں، عملے، سعودیہ اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کو سوڈان سے نکالنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
سعودی محکمہ خارجہ کے مطابق شہریوں کے انخلا کیلئے فوج کے دیگر اداروں کی مدد سے سعودی نیوی نے تین بحری جہازوں کے ذریعے 91 سعودی شہریوں سمیت پاکستان، کویت، قطر، متحدہ عرب امارات، تیونس، پاکستان، بھارت اور کینیڈا سمیت 12 ممالک کے 66 شہریوں کو بحفاظت جدہ پہنچا دیا ہے۔

باجوہ نے ہمیں انصاف قائم نہیں کرنے دیا: عمران خان

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے ساڑھے تین سال حکومت میں رہا لیکن طاقت باجوہ کے پاس تھی، جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے ہمیں انصاف قائم نہیں کرنے دیا۔
زمان پارک میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نامعلوم افراد آکر لوگوں کو اٹھاتے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، ہمارے لوگوں کو پکڑ پکڑ کر جیلوں میں ڈالتے ہیں، جو کچھ علی امین کے ساتھ کیا گیا آزاد معاشروں میں یہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جو لوگ انہیں قتل کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہ حکومت میں بیٹھے ہیں، سکیورٹی کی وجہ سے احتیاط کر رہا ہوں ورنہ آج عوام کے درمیان ہوتا۔

عید پر پکنک منانے جانے والے 4 افراد پانی میں ڈوب کرجاں بحق

تونسہ شریف: (ویب ڈیسک) تونسہ شریف میں عید پر پکنک منانے جانے والے 4 افراد تالاب کے پانی میں ڈوب کرجاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران چاروں افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
دوسری جانب پشاور موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب سوئمنگ پول میں ڈوب کر نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو غوطہ خور ٹیم نے نوجوان کی لاش کو سوئمنگ پول سے نکال لیا۔

جہاں فیصلے بیگمات ،ساسوں کی پسندناپسند پر ہوں وہاں فتنہ اور انتشار ہوگا،مریم نواز

لاہور : (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جہاں فیصلے آئین وقانون نہیں بیگمات ،ساسوں کی پسندناپسند پر ہوں وہاں فتنہ اور انتشار ہوگا۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلوں سے تعمیر و ترقی صرف خواب رہے گی،پہلے بھی کہا تھا یہ عدلیہ ہے جوائے لینڈ نہیں۔

پیپلز پارٹی کا ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کیلئے احتجاج کا اعلان

لاہور : (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی ملک بھر میں ایک دن پر انتخابات کرانے کیلئے 25 اپریل کواحتجاج کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی منگل کے روز سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔
ان کاکہنا تھا کہ سندھ کو ون ڈے پول کے علاوہ الگ الگ انتخابات کا فیصلہ قبول نہیں، الیکشن ایکٹ کی شق 69 کے تحت ملک بھر میں انتخابات ایک روز کروائے جائیں۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھاکہ الگ الگ انتخابات ملک کو 2حصوں میں تقسیم کرنے کے مترداف ہوگا، کوئی عدالت عمران خان کے سازشی عزائم میں آلہ کار مت بنے۔
سندھ نے پاکستان بنایا اور اب ملک کو 2 حصوں میں تقسیم نہیں ہونے دے گی،انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، الیکشن کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنے دیا جائے،ان کا کہناتھا کہ الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت انتخابات کو دھاندلی زدہ بنانے کی کوشش ہوگی۔

کیوں جھکیں اور کس کے سامنے جھکیں؟ مولانا فضل الرحمان

ڈیرہ اسماعیل خان: (ویب ڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ پی ٹی آئی سے مذاکرات نہ کرنے کے موقف پر قائم ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ کیوں جھکیں اور کس کے سامنے جھکیں؟ انہوں نے کہا کہ میں اپنی پریس کانفرنس کی حرف بہ حرف گفتگو پر قائم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت عمران خان سے مذاکرات کے فلسفے اور دلیل کو نہیں مانتے،ملک کو جس نے دیوالیہ کیا اس سے مذاکرات کس لئے کریں۔

ملتان پولیس فائرنگ، ملازمین کا ذاتی فعل تھا جس کا سخت حساب لیا جائے گا، آر پی او

ملتان : (ویب ڈیسک) ملتان آر پی او سہیل چودھری پولیس کی فائرنگ سے 2نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لے لیا۔
ان کا کہناتھا کہ مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، آر پی او اپنے بیان میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے والدین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
آر پی او کا کہنا تھا کہ یہ پولیس ملازمین کا ذاتی فعل تھا جس کا سخت حساب لیا جائے گا۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بھی ملتان فائرنگ واقعہ کا نوٹس لے لیاہے۔انہوں نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہاکہ افسوسناک واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہر قیمت پر انصاف ہونے کا یقین دلایا او ر لواحقین سے تعزیت بھی کی۔

تحریک انصاف نے الیکشن مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا

لاہور : (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے کل سے الیکشن مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
جنرل سیکرٹری تحریک انصاف اسد عمر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کل سے انشاء اللہ پنجاب کے تمام حلقوں میں تحریک انصاف الیکشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دے گی۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ تیار ہوں نہ ہوں، ہم تیار ہیں۔

بابر اعظم اپنے بچپن کے محلے میں عید منانے پہنچ گئے

لاہور : (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اپنے بچپن کے محلے میں عید منانے پہنچ گئے۔
بابر اعظم کا بچپن فردوس مارکیٹ گلبرگ کے علاقے میں گزرا ہے اور چند سال پہلے ڈیفنس منتقل ہو گئے تھے۔
قومی ٹیم کے کپتان پرانے دوستوں اور محلے داروں سے ملے اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ ٹوئٹر پر تصاویر بھی شیئر کیں۔
اپنے پیغام میں انہو ں نے لکھا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے، اب بار مجھے اپنے بچپن کے محلے جا کر عید منانے کا موقع ملا، اس محلے سے میری بہت ساری یادیں وابستہ ہیں آخر میں انہوں نے سب کو عید مبارک کہی۔

مفاد عامہ کے علاوہ سوموٹو کا اور کوئی مقصد نہیں ہو سکتا، وزیراعظم

لاہور : (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل کے دورے کے موقع پر کہا کہ مفاد عامہ کے علاوہ سوموٹو کا اور کوئی مقصد بن نہیں سکتا، آئین اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔
وزیراعظم نے قیدیوں سے ملاقات کے دوران ان کو دی جانے والی سہولیات سے متعلق سوالات کئے، انہوں نے جیل میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر امور کا معائنہ کیا۔
انہوں نے جیل کے ہسپتال کا بھی وزٹ کا اور مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں سے خیریت دریافت کی۔
وزیراعظم کو جیل سپرٹنڈنٹ نے بریفنگ کی جس کے دوران انہوں نے کہا کہ مجھے بتائیں جیل میں کن چیزوں کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے پتہ ہے جیل میں عید گزارنے کے کیا معنی ہیں، میں اس جیل میں 6 ماہ رہا۔ اپنوں سے دوری کیا ہوتی ہے، مجھے اس کا احساس ہے۔
وزیراعظم نے جیل میں قید خواتین سے ان کے مسائل بھی سنے۔
وزیراعظم کاکہنا تھاکہ میں لوئر کورٹس اور اعلیٰ عدالتوں سے بھی التماس کرتا ہوں کہ ان کیسز میں آپ نے کتنے سوموٹو لئے، جیل خانہ جات سے آپ نے کبھی پوچھا کہ آپ کے پاس کتنے قیدی ہیں، سوموٹو کا بنیادی مقصد کسی ایک کا مفاد نہیں بلکہ مفاد عامہ ہونا چاہیے۔
وزیراعظم کاکہناتھا کہ مفاد عامہ کے علاوہ سوموٹو کا اور کوئی مقصد نہیں ہو سکتا، آئین اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا، جیلوں میں دورے پر آنے والے جوڈیشل آفیسرز اور حکومت کا فرض ہے کہ ان قیدیوں کی مددکی جائے۔