All posts by admin

ثانیہ مرزا سے علیحدگی کی خبریں، شعیب ملک نے خاموشی توڑ دی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے اپنی اہلیہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے علیحدگی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
شعیب ملک کا ایک نجی ٹی وی کو دیئے انٹرویو میں ثانیہ سے علیحدگی سے متعلق کہنا تھا کہ ثانیہ اور میں دو الگ ممالک سے تعلق رکھتے ہیں اور مصروفیات کی وجہ سے اکثر ایک ساتھ نہیں ہوتے۔
سوشل میڈیا پر ثانیہ مرزا کی جانب سے اَن فالو کئے جانے کے سوال پر قومی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ یہ اُن کیلئے بھی تازہ خبر ہے مگر ایسا بلکل نہیں ہے انہوں نے اَن فالو نہیں کیا۔
شعیب ملک نے کہا کہ دنیا کے ہر کلچر میں میاں بیوی کے تعلق میں اُتار چڑھاؤ آتے ہیں یہ زندگی کا حصہ ہے۔
بیٹے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا مجھے دیکھتا ہے تو کہتا ہے کہ کرکٹر بننا ہے جب ماں کو دیکھتا ہے تو ٹینس اسٹار بننے کی خواہش کرتا ہے مگر اسے بیڈمنٹن کھیلنے کا بہت شوق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹے سے دن میں دو مرتبہ بات ہوتی ہے وہ بھی تب جب اس کا موڈ ہوتا ہے۔

سراج الحق کا چوہدری شجاعت سے رابطہ، ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات پر اتفاق

لاہور: (ویب ڈیسک) سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے جو بھی وزیراعلیٰ بنے گا وہ بادشاہ بن کر رہ جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین کو ٹیلی فون کر کے عید کی مبارکباد دی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں چوہدری شجاعت حسین اپنا کردار ادا کریں، چوہدری شجاعت واحد سیاستدان ہیں جن کے کردار پر کوئی داغ نہیں ہے، چوہدری شجاعت کردار ادا کریں کہ ملک میں الیکشن ایک ہی دن ہوں۔چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا میں خود بھی یہی چاہتا ہوں کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ہی دن ہوں، صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے جو بھی وزیراعلیٰ بنے گا، وہ بادشاہ بن کر رہ جائے گا، جو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنے گا وہ دیگر الیکشنز میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا جس سے ملک میں افراتفری پیدا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی سراج الحق کے سامنے پی ٹی آئی کا مؤقف دیں گے جو کہ عمران خان دے چکے ہیں، پاکستان مسلم لیگ کا مؤقف صرف میں ہی دے سکتا ہوں، میرا مؤقف ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

نوابشاہ: ٹائر پھٹنے سے کار الٹ گئی، اداکارہ سمیت 3 خواتین زخمی

نواب شاہ: (ویب ڈیسک) سکرنڈ کے قریب کراچی سے ہالانی جانے والی کار ٹائر پھٹنے سے الٹ گئی۔
پولیس کے مطابق کار حادثے میں سندھی ڈراموں کی اداکارہ خیرا چنہ سمیت 3 خواتین زخمی ہوئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی کار شادی کی تقریب میں شرکت کے لیےکراچی سے ہالانی جا رہی تھی، زخمی اداکارہ اور دیگر خواتین کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

فیڈریشن چیف پر ہراسانی کے الزامات، بھارتی پہلوانوں نے دوبارہ احتجاج شروع کردیا

نئی دلی: (ویب ڈیسک) بھارتی پہلوانوں نے دوبارہ دارالحکومت نئی دلی میں احتجاج شروع کر دیا ہے اور نامور پہلوانوں کا کہنا ہے کہ ریسلنگ فیڈریشن کے چیف کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق احتجاج کرنے والوں میں خواتین پہلوان بھی شامل ہیں، احتجاج کرنے والے پہلوانوں کا کہنا ہے کہ شنوائی اور مطالبات پورے ہونے تک کھانا پینا سونا احتجاج میں ہو گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ونیش پھوگت ، بجرنگ پونیا اور سکشی ملک جیسے نامور پہلوانوں کی سربراہی میں رواں برس جنوری میں بھی احتجاج ہوا تھا، ٹاپ بھارتی ریسلرز نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے چیف اور دوسرے ٹرینرز پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا اور انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ حکومت معاملے کی تحقیقات کرے گی اور ایکشن لے گی جبکہ رپورٹ کو بھی پبلک کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب پھر مردو خواتین پہلوان سینٹرل دلی میں احتجاج کر رہے ہیں، احتجاج کرنے والوں میں شامل 7 خواتین پہلوانوں نے پولیس اسٹیشن میں تازہ درخواست جمع کرائی ہے جس میں فیڈریشن چیف برج بھوشان شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا گیا ہ۔
پہلوان سکشی ملک نے تحقیقاتی رپورٹ کو پبلک نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا جبکہ احتجاج کرنے والے دیگر پہلوانوں کا کہنا ہے کہ خواتین ریسلرز کے ریکارڈ کیے گئے بیانات پر مشتمل رپورٹ جاری کی جائے، یہ حساس معاملہ ہے ایک کم عمر لڑکی بھی شامل ہے اس لیے نام ظاہر نہ کیے جائیں۔
بھارتی پہلوان بجرنگ پونیا کا کہنا ہے کہ جب تک برج بھوشان کو گرفتار نہیں کیا جاتا احتجاج جاری رہے گا۔

چاہتے تو عمران خان کیخلاف سزائے موت والے کیسز بنا سکتے تھے: وزیر داخلہ رانا ثنااللہ

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے ہم چاہتے تو عمران خان کے خلاف سزائے موت والے کیسز بنا سکتے تھے۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا جمہوریت میں اختلاف رائے کا احترام کیا جاتا ہے، عمران خان کے خلاف کوئی غلط مقدمہ نہیں بنایا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا ہم چاہتے تو عمران خان کے خلاف سزائے موت والے کیسز بنا سکتے تھے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی میں سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی جائیں۔
الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا ہم الیکشن سے فرار نہیں چاہتے، چاہتے ہیں الیکشن اپنے وقت پر ہوں، جب الیکشن ہوں گے تو ن لیگ کی انتخابی مہم کی قیادت نوازشریف کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا ایک سٹنگ جج کے بیٹے اور بیٹی کے بارےمیں عام ہےکہ وہ پی ٹی آئی کے سرگرم رکن ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان کی ساس کی مبینہ آڈیو لیک سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا گھریلوخواتین جب لوگوں کوغداری کے لیے اکسائیں گی تو پھرچیزیں کیسے آگے جائیں گی، ایسی گفتگو کو گھریلو گفتگو نہیں کہا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہےکہ پاکستان میں کس طرح کا انصاف کا نظام ہے، ضد اور انا کی بنیاد پر فیصلے ہو رہے ہیں، ایسی گفتگو پر سو موٹو نوٹس لینا چاہیے، اگر گفتگو غلط ہے تو سزا ہونی چاہیے، صحیح ہےتوپھر بھی سزا ہونی چاہیے۔

چیف جسٹس پاکستان کی ساس کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آگئی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان عمرعطاء بندیال کی ساس ماہ جبین نون اور وکیل خواجہ طارق رحیم کی اہلیہ رافیعہ طارق کی مبینہ آڈیو منظرعام پر آگئی۔ مبینہ آڈیو میں دونوں خواتین کو گفتگو کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ عمرعطاء بندیال کی ساس ماہ جبین مبینہ آڈیو میں کہتی ہیں کہ ہیلو رافیعہ کیا ہوگا یار، تمھیں بتا نہیں سکتی کہ میں تو رات سے عمر کے لیے پڑھ پڑھ کر دعائیں مانگ رہی ہوں۔ وکیل خواجہ طارق رحیم کی اہلیہ رافیعہ طارق نے کہا کہ یار لوگوں کو بھی کہا ہے اور عمر کو ایک مسیج بھیجا ہے میں نے۔ میں نے کہا کہ تم لاہور کے جلسے میں وہاں موجود تھی وہاں لاکھوں بندہ تھا، اسی طرح ہر شہر میں لاکھوں بندہ ہے اور تم صرف یہ اندازہ لگا لو کہ تمہارے لیے کتنی دنیا دعا کر رہی ہے اس وقت۔ اس کی ”سیفٹی مسٹ“ safty must ہے۔ ماہ جبین نے کہا کہ ان کو کمزور کرے کہ ان کو ہمت دے، ان کو تو اللہ جو باقیوں کو اندھا کر دے میں تو یہ کہہ رہی ہوں وہ تو۔ وہ تو Traitors ہیں، رافیعہ طارق اور یہ سوال ہے کہ سوموٹو کیوں دیا گیا ہے۔ رافیعہ طارق نے کہا کہ بھئی وہ تو اس کا حق ہے، جس پر ماہ جبین نے کہا کہ عمر کو تو نہیں دیا یہ تو پہلے کا ہوا ہوا ہے۔ رافیعہ طارق نے کہا کہ نہیں مگر یہ تو ہر چیف جسٹس کا حق ہے۔ ماہ جبین نے کہا کہ تم بالکل نا آؤ اور تم عمر کے ساتھ رہو۔ رافیعہ طارق نے کہا کہ نوین بھی نا آئے اور میں نے ایمان کو بھی کہا ہے بیٹا ان کے ساتھ رہو۔ اس پر ماہ جبین کہتے ہیں ’’ہاں بالکل‘‘۔ رافیعہ طارق کہتے ہیں کہ رات کو میں نے دونوں کو اس کو اور منیب کو گڈ بھیجا تو دونوں نے پتا کیا مجھے بھیجا، وہ نہیں شکل ہوتی کہ دانتوں میں آپ دبا لیتے ہو اپنی زبان اور مجھے کہہ رہے تھے Be careful۔ ماہ جبین نے یہ بھی کہا کہ یار جلدی سے جلدی الیکشن ہوں ابھی، جس پر رافیعہ طارق کہتی ہیں کہ دیکھو اگر الیکشن نہیں ہوتے نا پھر یہ اپنا سمجھ لیں کہ مارشل لاء لگے گا۔

ٹوئٹر نے اہم پروفائل اکاؤنٹس پر بلیو ٹِک کو مفت بحال کرنا شروع کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئٹر نے ایسے تمام افراد کے اکاؤنٹس سے بلیو ٹِک ہٹا دیے تھے جو ماضی میں مفت حاصل ہوئے تھے۔ ایلون مسک کی زیرملکیت کمپنی کے اس اقدام کا مقصد صارفین کو ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن سروس کا حصہ بننے پر مجبور کرنا ہے تاکہ آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔ مگر چند دن بعد ہی ٹوئٹر نے لاکھوں فالوورز رکھنے والی متعدد اہم شخصیات کے اکاؤنٹس پر بلیو ٹِک کو بحال کر دیا ہے۔ ان افراد نے بلیو ٹِک کو حاصل کرنے کے لیے کسی قسم کی فیس بھی ادا نہیں کی یا کم از کم ان کا تو یہی کہنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس پر بلیو ٹِک کو واپس دیکھ کر حیران رہ گئے ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ ان کے اکاؤنٹس دوبارہ ویریفائیڈ کیسے ہوگئے جبکہ وہ ٹوئٹر بلیو کا حصہ بننے سے انکار کر رہے ہیں، تاہم ان کے بلیو ٹِک پر کلک کیا جائے تو یہی لکھا آتا ہے کہ وہ ٹوئٹر بلیو کے صارف ہیں۔ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے ایک ٹوئٹ میں اس حوالے سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ‘میں نہیں جانتی کہ ایسا کیسے ہوا مگر بلیو ٹِک پاکر میں خوش ہوں تاکہ سب کو معلوم ہوسکے کہ میں ملالہ ہوں’۔ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ پتا نہیں کیسے مگر بلیو ٹِک واپس مل گیا ہے۔ ٹینس اسٹار اینڈی مرے کا بلیو ٹِک مفت میں بحال ہوگیا یا کم از کم ان کا یہی دعویٰ ہے۔ البتہ ایلون مسک نے چند دن پہلے کہا تھا کہ وہ باسکٹ بال پلیئر لی بورن جیمز، اور مصف اسٹیفن کنگ کے اکاؤنٹس کے بلیو ٹِک کی فیس خود اپنی جیب سے ادا کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد مفت بلیو ٹک پروگرام کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے اکاؤنٹ کو ویریفائیڈ کرانے کا عمل ماہانہ فیس سے مشروط کر دیا تھا۔ ایلون مسک نے نومبر 2022 کے شروع میں ٹوئٹر بلیو سروس کو متعارف کرایا تھا مگر سبسکرپشن پلان متعارف کرانے کے بعد معروف شخصیات اور اداروں کے ناموں کے جعلی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہوگئی تھی جس کے بعد اسے معطل کردیا گیا۔ بعد ازاں 12 دسمبر 2022 کو اسے کھ تبدیلیوں کے ساتھ دوبارہ پیش کیا گیا۔ ٹوئٹر کی جانب سے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کے بعد گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ یکم اپریل سے دنیا بھر سے صارفین کے اکاؤنٹس سے legacy بلیو ٹک کو ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ، بلیو ٹک کو برقرار رکھنے کے لیے ٹوئٹر بلیو پر سائن اپ ہونا ہوگا۔ مگر بعد میں تاریخ بدل دی گئی تھی اور یکم کی بجائے 20 اپریل کو اکاؤنٹس سے بلیو ٹِک ہٹانے کا سلسلہ شروع ہوا۔

پی پی رہنما منظور وسان کی ملکی سیاست پر نئی پیشگوئی

لاہور : (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے ملکی سیاسی حالات میں نئی پیشگوئی کردی۔
ایک بیان میں منظور وسان نے کہا کہ اپریل میں اہم فیصلے نہیں ہوئے تو مئی میں بہت لوگوں کو جیل یا بیرون ملک جاتے دیکھ رہا ہوں، انتخابات ملتوی ہوئے تو ملک میں ایمرجنسی بھی لگ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات ہوئے بھی تو اس میں عمران خان وزیراعظم نہیں بنیں گے اور کوئی آسکتا ہے۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ عمران خان غلطی پر غلطی کرتا رہےگا اور الیکشن اکتوبر میں نہیں ہوسکیں گے۔

حافظ آباد میں اسٹیج ڈانسر کو قتل کردیا گیا

حافظ آباد: (ویب ڈیسک) محلہ شریف پورہ میں اسٹیج ڈانسر کو قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق اسٹیج ڈانسر منزہ سلطانی عرف عاشی کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے اور مقتولہ کی لاش اس کے گھر سے ملی ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ مقتولہ نے تین سال قبل سابق پولیس کانسٹیبل سے پسند کی شادی کی تھی۔

سابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر آج ریٹائر ہوگئے

لاہور:(ویب ڈیسک) سابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر آج ریٹائر ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق غلام محمود ڈوگر کے پی ٹی آئی حکومت میں مبینہ سیاسی کردار نے انہیں متنازع بنائے رکھا۔
وفاقی حکومت نے غلام محمود ڈوگرکا تبادلہ کرکے انہیں معطل کردیا تھا لیکن غلام محمود ڈوگرنے عدالتی احکامات حاصل کرکے پوسٹنگ نہیں چھوڑی۔
غلام محمود ڈوگر کو وفاقی وزرا پر مقدمہ درج کرنے پر بھی کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ غلام محمود ڈوگر کو نگران حکومت نے سی سی پی او لاہور کے عہدے سے ہٹایا تھا وہ عمران خان پر قاتلانہ حملےکی تحقیقات کے لیے بننے والی جے آئی ٹی کے سربراہ بھی رہے۔

افغانستان ایک بار پھر دہشتگردی کی آماجگاہ بن گیا ہے: امریکی خفیہ دستاویزات

امریکا : (ویب ڈیسک) امریکا کی خفیہ دستاویزات میں افغانستان کو ایک بار پھر دہشتگردی کی آماجگاہ قرار دیا گیا ہے۔
امریکی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان داعش کے لیے رابطہ کاری کا مرکزبن گیا ہے،داعش نے سفارت خانوں،گرجا گھروں،کاروباری مراکز اور فیفا ورلڈکپ پرحملوں کی منصوبہ بندی کی، داعش افغانستان سے باہر دہشتگرد کارروائیوں کیلئے نیٹ ورک بنارہا ہے۔
دستاویزات کے مطابق امریکی انٹیلی جنس ایجنسیاں متعدد بار داعش کے دھڑوں کے درمیان رابطے توڑنےمیں کامیاب رہی ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہےکہ بائیڈن انتظامیہ نے لیک ہونے والی دستاویزات کی تصدیق سے گریز کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی دستاویزات کے مطابق القاعدہ مسلسل زوال پذیر ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق دستاویزات میں افغانستان میں القاعدہ کے دوبارہ سر اٹھانے کا کوئی ذکر نہیں۔

گوگل کے سربراہ کی سالانہ آمدنی آپ کو حیران کر دے گی

لاہور : (ویب ڈیسک) گوگل کی سرپرست کمپنی الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹو (سی ای او) سندر پچائی کی سالانہ آمدنی میں حیران کن حد تک اضافہ ہوا ہے۔
امریکی حکومت کے پاس جمع کرائی گئی ریگولیٹری فائلنگ سے انکشاف ہوا کہ سندر پچائی کی سالانہ تنخواہ تو محض 20 لاکھ ڈالرز ہے مگر 2022 میں ان کی آمدنی 22 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہی۔
سندر پچائی کو 2022 میں الفابیٹ کی جانب سے 21 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز حصص کی شکل میں دیے گئے جبکہ باقی رقم دیگر مراعات کی شکل میں دی گئی۔
اس کے ساتھ ساتھ 2022 میں سندر پچائی کی سکیورٹی کے لیے بھی کمپنی نے 60 لاکھ ڈالرز خرچ کیے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ 2021 میں 50 سالہ سندر پچائی کو صرف 63 لاکھ ڈالرز دیئے گئے تھے یعنی ایک سال میں آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا۔
ان کی آمدنی الفابیٹ کے دیگر عہدیداران کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔
سندر پچائی کی آمدنی کا انکشاف اس وقت ہوا ہے جب الفابیٹ نے کچھ عرصے قبل اقتصادی مشکلات کا جواز بنا کر 12 ہزار ملازمین کو فارغ کر دیا تھا۔
اس موقع پر سندر پچائی نے ایک ای میل میں کہا تھا کہ وہ ان فیصلوں کی مکمل ذمہ داری لیتے ہیں جو موجودہ خراب حالات کا باعث بنے۔
سندر پچائی نے 2004 میں پراڈکٹ منیجمنٹ کے شعبے میں نائب صدر کی حیثیت سے گوگل میں شمولیت اختیار کی تھی ، جبکہ گوگل کروم براؤزر اور آپریٹنگ سسٹم کی ٹیم کی سربراہی بھی کرتے رہے۔
2015 میں انہیں گوگل سرچ انجن کا سی ای او بنایا گیا جبکہ 2019 میں سندر پچائی کو الفابیٹ کا سربراہ بنا دیا گیا۔

شمالی فرانس: پتنگ میلے میں ڈرائیور نے تیز رفتار کار ہجوم پر چڑھادی

شمالی فرانس: (ویب ڈیسک) شمالی فرانس میں عالمی پتنگ میلے میں ڈرائیور نے تیز رفتار کار ہجوم پر چڑھادی۔
شمالی فرانس میں پیش آئے حادثے کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 4 افرادکی حالت تشویشناک ہے جب کہ زخمیوں میں 4 خواتین اور 2 عمر رسیدہ افراد شامل ہیں۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق عمر رسیدہ ڈرائیور کار پر قابو نہ رکھ پایا۔
کئی روز تک جاری رہنے والے پتنگ میلےمیں دنیا بھر سے لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں۔