آرکنساس(ویب ڈیسک) یونیورسٹی آف آرکنساس کے ماہرین نے انتہائی کامیابی سے لیزر کا ایک تجربہ کیا ہے۔ یہ جدید نظام خون میں موجود کینسر خلیات (سیلز) کو پہچان کر انہیں جلد کے باہر سے ہی ختم کرتا ہے۔سائنس ٹرانسلیشنل میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں اس کے مرکزی سائنسدان پروفیسر ولادمیر زیروف کہتے ہیں،’ یہ طریقہ بے ضرر اور غیرتکلیف دہ ہے جو خلیات کے پھیلاﺅ کو حقیقی وقت (ریئل ٹائم) میں روکتا ہے۔ اس طرح بہت حد تک کینسر سے ہونے والی اموات سے بچا جاسکتا ہے۔سرطانی رسولی والے یا سرطانی ٹیومر میں ڈھلنے کے لیے تیار خلیات پر لیزر کی شعاعیں ڈالی جاتی ہیں تو وہ دیگر صحتمند خلیات کے مقابلے میں زیادہ توانائی جذب کرتے ہیں اور گرم ہوجاتے ہیں۔ اس گرمی سے وہ پھیلتے ہیں اور پھر پھول کر پھٹ جاتے ہیں۔پروفیسر ولادمیر کہتے ہیں کہ اس سے قبل لیزر شعاعوں کی جسامت بڑی تھی جو کینسر خلیات کو تباہ کرنے کے لیے موزوں نہیں تھی۔ لیکن اب لیزر ٹیکنالوجی میں جدت سے انتہائی باریک لیزر بنائی گئی ہیں جو سرطانی خلیات کو تباہ کرسکتی ہیں۔اس اہم ترین ایجاد کو انسانوں پر بھی آزمایا جاچکا ہے۔ ڈاکٹر ولادمیر زیروف کے مطابق ایک مریض کے جسم میں زیرِ گردش سرطانی رسولیوں کے 96 فیصد خلیات کو تباہ کیا گیا ہے۔ اگرچہ ایسے آلات پہلے بھی بنائے جاتے رہے ہیں لیکن نئی لیزر پہلی مرتبہ انسانوں کے لیے تیار کی گئی ہے۔ یہ لیزر نظام ایک گھنٹے میں ایک لیٹر خون کی اسکیننگ کرکے انہیں سرطانی خلیات سے پاک کرتا ہے۔جب ماہرین نے 28 مریضوں پر اسے آزمایا تو لیزر سسٹم نے کامیابی سے 27 افراد میں کینسر سیل دریافت کرلیے۔ اس وقت جو بھی دستیاب ٹیکنالوجی ہے اس کے مقابلے میں یہ 1000 گنا بہتر اور حساس ہے۔
All posts by admin
پاک بھارت میچ کی ٹکٹ ڈھائی ہزار پاﺅنڈ میں بکنے لگی
ساﺅتھمپٹن(ویب ڈیسک) پاک بھارت ورلڈکپ میچ کیلیے سخت سیکیورٹی انتظامات کر لیے گئے، مسلح پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا جب کہ میچ کے ٹکٹس پانچ لاکھ روپے تک میں فروخت ہونے لگے۔روایتی حریفوں کا ٹکراﺅ اتوار کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہونا ہے، دونوں ممالک میں سیاسی کشیدگی کے سبب منتظمین غیرمعمولی حفاظتی انتظامات کر رہے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق میچ میں کسی گڑبڑ کی کوئی انٹیلی جنس رپورٹ تو موجود نہیں مگر پھر بھی حکام سیکیورٹی میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے، انگلینڈ میں عموماً ایسا ہوتا تو نہیں البتہ پاک بھارت مقابلے کے دوران مسلح پولیس اہلکار اسٹیڈیم کے اطراف اور سٹی سینٹر میں گشت کریں گے،ٹیم ہوٹل میں بھی سخت سیکیورٹی ہے اورسادہ لباس اہلکار آنے جانے والوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ میچ ٹکٹس کیلئے آئی سی سی کو 5 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں، گراو¿نڈ میں محض 25 ہزار شائقین کی گنجائش ہے، مقامی ویب سائٹس پر ڈھائی ہزار پاو¿نڈ (تقریباً5 لاکھ پاکستانی روپے) تک میں بھی ٹکٹیں فروخت ہو رہی ہے۔
انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی
ساوتھمپٹن(ویب ڈیسک) کرکٹ ورلڈکپ کے 19ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ساوتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان کی بہترین حکمت عملی کارگرثابت ہوئی، ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو شاندار بولنگ کی بدولت پوری ٹیم صرف 212 رنز پر ڈھیر کردیا۔کرس گیل اور ایون لیوس نے اننگز کا آغاز کیا لیکن لیوس صرف 2 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد شائے ہوپ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 11 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔کرس گیل کی اننگز بھی 36 رنز تک محدود رہی، نکولس پورن اور شمرون ہیٹمیئر نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 63 اور 39 رنز بنائے جب کہ کپتان جیسن ہولڈر بھی صرف 9 رنز ہی بناسکے، آندرے رسل 21 اور کارلوس بریتھ ویٹ کی اننگز 14 رنز تک محدود رہی۔انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے 3،3 جب کہ جوئے روٹ 2، کرس ووکس اور لیام پلنکٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔بولنگ کے بعد بلے بازوں نے بھی زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، تجربہ کار بیٹسمین جوئے روٹ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور وہ 100 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ،کرس وواکس نے 40 اور بیرسٹو45 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جب کہ بین اسٹوکس 10 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبرل نے دونوں وکٹیں حاصل کیں ان کے سوا کوئی بولر خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کرسکا۔
نانا پاٹیکر کو ہراسانی معاملے میں کلین چٹ مل گئی
ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار ناناپاٹیکر کو ناکافی ثبوت کی بنا پر جنسی ہراسانی کے الزام میں کلین چٹ مل گئی۔بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے گزشتہ برس اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایاتھا اوران کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی تھی تاہم ممبئی پولیس نے نانا پاٹیکر کو اس کیس میں کلین چٹ دیتے ہوئے کیس بند کردیا۔ پولیس کا کہناہے کہ انہیں ناناپاٹیکر کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملے۔ لیکن ان پر الزام لگانے والی اداکارہ تنوشری دتہ کیس بند ہونے اورنانا پاٹیکر کو کلین چٹ ملنے سے خوش نہیں ہیں۔اداکارہ تنوشری دتہ کا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یہ بہت ہی برا ہوا کیونکہ نانا پاٹیکر کافی عرصے سے کلین چٹ ملنے کی کوششوں میں لگے ہوئے تھے۔ تنوشری نے کہا میں پہلے بھی کہہ چکی ہوں ہمارے گواہوں کو دھمکی آمیز فون کالز موصول ہوئی تھیں اور ان پر دباﺅ ڈالا جارہا تھا کہ وہ اپنے بیانات پولیس کو ریکارڈ نہ کروائیں۔ ہمارے 10 گواہ تھے جن میں سے صرف ایک یا دو کے بیانات ریکارڈ ہوئے۔ دیگر گواہ دھمکیوں کے باعث سامنے ہی نہیں آئے۔تنوشری دتہ نے مزید کہا پولیس کا کہنا ہے کہ ثبوت ناکافی ہیں، معتبر ثبوت کیسے پیدا کیے جائیں گے جب ملزم اس کوششوں میں لگا ہو کہ اس کے خلاف کوئی ثبوت پولیس تک نہ پہنچ پائیں۔ تنوشری نے کہا وہ مایوس نہیں ہیں کیونکہ انہیں اس کیس سے زیادہ امیدیں نہیں تھیں۔ دوسری طرف نانا پاٹیکر بالی ووڈ میں واپسی کی کوششوں میں لگے ہوئے تھے جس کے لیے وہ اپنانام اس کیس سے ہٹوانا چاہ رہے تھے۔ اب میری ساری امید قدرت کے انصاف سے ہے میں یہ لڑائی جاری رکھوں گی۔واضح رہے کہ تنوشری دتہ نے گزشتہ برس نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ فلم”ہارن اوکے پلیز“کے ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران نانا پاٹیکر نے انہیں غلط انداز میں چھونے کی کوشش کی تھی اور ان کے ساتھ برا رویہ اختیار کیاتھا۔
ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 156 روپے پر جا پہنچا
کراچی(ویب ڈیسک) ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس کے بعد انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 156 روپے پر ٹریڈ کررہا ہے.روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ڈالر ایک بار پھر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، دن کے آغاز پر فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 1.30 روپے اضافہ سے 154.20 روپے جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپے اضافے کے بعد 154.50 پیسے پر پہنچ گئی تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد ڈالر کی قیمت 156 روپے تک جاپہنچی۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق روپے کی قدر میں ریکارڈ بے قدری کا سلسلہ جاری ہے، انٹر بینک میں 3.10 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 3.50 روپے کا اضافہ ہواجس کے بعد انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 156 روپے پر ٹریڈ کررہا ہے۔اوپن مارکیٹ میں 13 روز میں ڈالر کی قیمت 7 روپے بڑھ گئی جب کہ رواں ماہ انٹربینک میں ڈالر 8 روپے 8 پیسے مہنگا ہوا، روپے کی قدر کم ہونے سے جون کے مہینے میں قرضوں کی مالیت میں 800 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 10 روپے سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
عامر خان سے ملنے نہ دینے پر نوجوان کی خودکشی کی کوشش
ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان سے ملنے نہ دینے پر نوجوان نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کرڈالی۔دو روز قبل عامر خان کے ممبئی آفس کے باہر ایک ہائی وولٹیج ڈراما دیکھنے میں آیا جب ایک 33 سالہ نوجوان نے عامر خان سے ملنے نہ دینے پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔ خودکشی کی کوشش کرنے والے نوجوان کی شناخت محمد قاسم کے نام سے ہوئی ہے اور وہ بھارت کی جنوب مغربی ریاست کرناٹکا کے شہر بیلغوم کا رہائشی ہے۔ خودکشی کی کوشش کرنے پر قاسم کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔پولیس کے مطابق قاسم گزشتہ کئی روز سے عامر خان سے ملنے کی کوشش کررہاتھا وہ عامر خان کی این جی واٹر فاﺅنڈیشن سے متعلق ان سے بات چیت کرنا چاہ رہاتھا لیکن عامر خان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار اسے اداکار سے ملنے نہیں دے رہے تھے۔ منگل کی شام بھی یہی ہوا جب سیکیورٹی اہلکاروں نے قاسم کو عامر خان سے ملنے سے منع کردیا تو اس نے اپنی جیب سے ایک بوتل نکالی اور اسے پی گیا، جس کے بعد اسے فوراً اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ قاسم اب ٹھیک ہے، قاسم نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہاہے کہ وہ صرف عامر خان سے ملنے کا خواہشمند تھا لیکن کئی بار کوشش کے بعد اسے یہ قدم اٹھانا پڑا۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے قاسم کو اس کے گھر والوں کے حوالے کردیا۔
تاریخ کا اعلیٰ ترین بجٹ آج پیش ہوا، صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری
لاہور (ویب ڈیسک)پنجاب حکومت نے انتہائی اعلی بجٹ پیش کیا ۔جنوبی پنجاب کے بجٹ میں 35 فیصد اضافہ خوش آئند ہے ۔ہسپتالوں اور نئی یونیورسٹیوں کے قیام سے عوامی سہولیات میں اضافہ ہو گا ۔اپوزیشن نے بتائے کہ کن اشاروں پر ہلڑ بازی کی۔اس طرح کا شور شرابہ کرپشن پر پردہ نہیں ڈال سکتا ۔حیرت ہے پروڈکشن آرڈر پر آنے والے احتجاج میں شامل تھے۔اپوزیشن کو دکھ ہے کہ شوبازیوں کا دور کیوں ختم ہو گیا ؟ عوام کے ذہنوں سے ابھی تک گو نواز گو کے نعرے محو نہیں ہوئے ۔اپوزیشن ایشوز کی سیاست کی بجائے منفی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ۔ترقی اور خوشحالی پر مبنی پنجاب کا بجٹ اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو سکتا۔
بشکک: وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات
بشکک(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی صدر نے علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو تسلیم کیا اور دونوں ممالک نے پاکستان چائناکمیونٹی کی تعمیر کے لیے تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔چین اور پاکستان نے ’تمام موسمیاتی اسٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری‘ کی بھی توثیق کی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔
پاکستان معاشی بحران کا شکار ہوچکا ہے، مشیر خزانہ
کراچی (ویب ڈیسک)مشیر خارجہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی بحران کا شکار ہوچکا ہے کیونکہ غیرملکی قرضہ 97 ارب ڈالر ہے ،اس سال حکومت نے 2 ہزار ارب روپے سود دیا ہے،آئندہ مالی سال میں سود کی مد میں 3 ہزار ارب روپے دینا ہونگے۔کراچی میں کونسل آف فارن ریلیشنز کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں ایکسپورٹ میں صفر فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے۔ تجارتی خسارہ 40 ارب ڈالر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کچھ امپورٹ کر رہے ہیں ،اس صورتحال میں روپے کی قدر کو سنبھالا نہیں جاسکتا۔ پاکستان معاشی بحران کا شکار ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر پر میں بات نہیں کرونگا۔ وزارت خزانہ کوروپے شرح تبادلہ پر بات نہیں کرنا،شرح سود کا معاملہ اسٹیٹ بینک کا ہے وہ اس پر بات کرسکتے ہیں۔مشیر خزانہ نے کہا کہ میں نے 40 ملکوں کی معیشت پر کام کیا ہے۔ ہمیں خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے اقدامات کرنا تھے ، فوری بحران کو حل کرنے لئے دوست ملکوں سے مدد مانگی ، سعودی عرب اور اسلامی ترقیاتی بینک سے تیل کی تاخیرسے ادائیگی کا بندوبست کیا۔ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف اس لئے گئے کہ دنیا کو بتا سکیں ہم اپنے وسائل پر رہنا چاہتے ہیں۔ آئی ایم ایف میں جانے سے کم شرح سود پر قرض ملے گا ، آئی ایم ایف کی نگرانی کی وجہ سے دیگر ادارے بھی قرض دیتے ہیں۔حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ بجٹ کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ بجٹ کو بہت ذیادہ سوچ بچار کے بعد بنایا ہے۔ بزنس کمیونٹی کو مراعات دی ہیں اور بجٹ میں 100 ارب روپے رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالیاتی خسارے کو کم کرنا ہوگا۔ ٹیکس میں اضافہ اور اخراجات میں کمی کرنا ہوگی۔ اگر لوگ برآمدی کافی پینا چاہتے ہیں تو اضافی قیمت دیں۔اب ٹیکس ہر نان فائلر کودیناہوگا،اچھے شہری ہونے کے ناطے آپکو ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔اس سے آپ کی انڈسٹری بہتر ہوگی۔مشیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں آئینی طریقے سے لوگوں کوٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا۔ہم نے قرض اس لئے لیا کہ ہمیں ماضی کی حکومتوں کا قرضہ ادا کرنا ہے۔گزشتہ سال کے برابر دفاع کا موجودہ بجٹ ہونا بہت اچھی بات ہے۔ہم نے دیکھا کہ اوپری سطح پربجٹ میں کٹوتیوں کا آغاز ہوا ہے۔کیبنٹ کی تنخواہوں میں 10فیصد کمی ہوئی،وزیراعظم ہاﺅس کے خرچوں میں نمایاں کمی کی گئی۔ہمیں سوچنا ہوگا کہ کہاں ہمیں اپنے خرچے کم کرنے ہیں۔جولوگ شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں اب ہمارا ہاتھ انکی جانب بڑھے گا۔ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا کہ جو شخص 12لاکھ سالانہ کماتا ہے تو اسے 2500ادائیگی کرنی ہے۔کیا غلط ہے؟چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)شبر زیدی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایگری کلچراکانومی صوبائی معاملہ ہے،آگر آپ اس تناظر میں دیکھیں گے تو آپ کوسخت فیصلے کرنا پڑیں گے۔آڑھتیوں پر اس بجٹ میں 10ہزارسے 1لاکھ روپے تک ٹیکس لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایگری کلچر کا شعبہ بھی اب رجسٹرڈ ہونا چاہئے۔ہم کوشش کررہے ہیں کہ اپنی ہر ممکن کوشش کریں۔گورنر اسٹیٹ بنک رضاباقر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ میری تقرری خزانہ کے محکمہ نے کی ہے۔تمام سمندرپار پاکستانوں کوکہوں گا آئیے اپنے ملک کی خدمت کریں۔اسٹیٹ بینک مرکزی بینک ہے جسے ملک کی بہتری کیلئے کام کرنا ہے۔آپکی رائے مقدم رکھی جائیگی۔گورنراسٹیٹ بنک نے کہا کہ انٹرسٹ ریٹ پالیسی کا مقصد مہنگائی سے لڑنا ہی ہوتا۔
جرمنی، 5 جی کی نیلامی سے 7.3 ارب ڈالرز کی آمدنی
برلن(ویب ڈیسک) جرمنی کی حکومت کو 5 جی کی 41 مختلف اقسام کی فریکوئنسیوں کی ہونے والی نیلامی سے 6.5 ارب یورو ( 7.3 ارب امریکی ڈالرز) خطیر رقم حاصل ہوگی۔ یہ بات گزشتہ روز اس وقت یقینی ہوگئی جب ہونے والی نیلامی میں مختلف اداروں کی جانب سے 497 مرتبہ بولیاں دی گئیں۔جرمنی کی خبر رساں ایجنسی ’ڈی پی اے‘ کے مطابق لائسنسوں کی نیلامی کے نتیجے میں ہونی والے آمدنی وفاقی حکومت کی توقعات سے کہیں زیادہ ہے۔جرمنی کی ’فیڈرل نیٹ ورک ایجنسی‘ کے حوالے سے خبررساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ نیلامی کے دوران مختلف اداروں کی طرف سے 497 مرتبہ بولیاں لگائی گئیں جو ایک ریکارڈ ہے۔نیلامی5 جی نیٹ ورک‘ کی فریکوئنسیوں کے ایک وسیع ’اسپیکٹرم سے متعلق تھی جو ڈیٹا کی بہت تیز رفتار ٹرانسفر کو یقینی بنائے گی۔ یہ فریکوئنسیاں دو گیگا ہرٹس سے لے کر 3.6 گیگا ہرٹس تک کے درمیان ہوں گی۔5 جی انٹرنیٹ سروس اس قدر تیز رفتار ہو گی کہ مختلف صنعتی پیداواری اداروں کی کارکردگی کو اس نیٹ ورک سے جوڑا جا سکے گا، جرمنی کے مختلف شہر آپس میں مربوط ہوجائیں گے اور اسی نیٹ ورک کے ذریعے بنا ڈرائیوروں کے چلنے والی خود کار گاڑیاں بھی کنٹرول ہوسکیں گی۔جرمن خبررساں ایجنسی کے مطابق نیلامی میں سب سے بڑی بولیاں جرمنی کے بڑے ٹیلیکوم ادارے ڈوئچے ٹیلیکوم، ووڈا فون اور ٹیلیفونیکا جرمنی کی طرف سے لگائی گئیں۔کامیاب بولی دہندگان کے لیے لازمی ہے کہ وہ 2022 تک جرمنی کے 98 فیصد گھروں کو تیز رفتار انٹرنیٹ نیٹ ورک سے جوڑیں۔مغربی نشریاتی ادارے کے مطابق جرمنی انٹرنیٹ ڈاﺅن لوڈ کی اوسطاً رفتار کے حوالے سے عالمی درجہ بندی میں 46 ویں نمبر پر ہے۔جرمنی کی خبررساں ایجنسی کے مطابق حکومت کو جو آمدنی ہوئی ہے وہ اپنی نوعیت کی انوکھی ہرگز نہیں ہے کیونکہ 2015 میں 4 جی نیٹ ورک کی نیلامی سے جرمنی کی حکومت کو 5.1 ارب یورو کی آمدنی ہوئی تھی۔جرمنی کے حوالے سے 2000 میں یہ اطلاعات عالمی ذرائع ابلاغ میں آئی تھیں کہ وہاں سے بہت سی ٹیلیکوم کمپنیاں اپنا کاروبار سمیٹ کررفو چکر ہوگئی ہیں کیونکہ مارکیٹ میں جو مقابلے بازی شروع ہوئی تھی اس کے لیے انتہائی خطیر رقم درکار تھی۔
ہانگ کانگ میں پارکنگ سے بھی چھوٹا مختصر ترین گھر
ہانگ کانگ (ویب ڈیسک) ہانگ کانگ اپنے مہنگے مگر مختصر نینو فلیٹس کے لیے مشہور ہے لیکن ایک بلڈر نے حال ہی عام پارکنگ سے بھی چھوٹے اپارٹمنٹس بنا کر لوگوں کو حیران کر دیا۔جیسے ہی لوگوں نے سوچا کہ اب ان سے مختصر کون سے فلیٹس ہوں گے تو رئیل اسٹیٹ ڈیولپرز نے ٹی پلس کے منصوبے سے پردہ اٹھایا، یہ فلیٹس اتنے مختصر ہیں کہ عالمی میڈیا کی خبروں کی زینت بنے۔ٹی پلس کو یوں کہہ لیں کہ یہ ایک شو باکس فلیٹ ہیں جو فلیٹس کی نئی قسم ہیں۔ فلیٹ کا رقبہ صرف 128 اسکوائر فٹ ہے جس اسے ایک عام پارکنگ کی جگہ سے بھی چھوٹا بنا دیتا ہے کیونکہ ایک عام پارکنگ کی جگہ بھی 130 اسکوائر فٹ ہوتی ہے۔اپنے حیران کردینے والے رقبے کے باوجود ٹی پلس ہاﺅسنگ کے فلیٹ میں وہ تمام سہولیات میسر ہیں جو کسی بھی انسان کو زندگی گزارنے کے لیے درکار ہوتی ہیں جیسے کچن، ایک ٹوائلٹ، سامان رکھنے کی جگہ، ایک ریفریجریٹر ، ایک بیڈ اور ایک کھانے کی میز۔ایک اتنا مختصر فلیٹ جو 5 سے 8 قدموں میں ہی ختم ہو جاتا ہو اس میں یہ تمام سہولیات کیسے سما سکتی ہیں، جو کوئی سوچنے کی کوشش کرے تو اس کی سوچ میں بھی نہ سما سکے۔حال ہی میں تعمیر ہونے والی یہ عمارت 73 اپارٹمنٹس پر مشتمل ہے۔بلڈر کو پوری امید کہ اس کے یہ تمام فلیٹس فروخت ہو جائیں گے تاہم اس کاروبار سے منسلک دیگر لوگ اسے بد ترین قرار دے رہے ہیں۔ٹی پلس کا ایک اپارٹمنٹ ہانگ کانگ ڈالر 2.85 ڈالر پر فروخت کے لیے دستیاب ہے یعنی 364,000 امریکی ڈالر۔یہ قیمت اگر آپ کو زیادہ لگ رہی ہے تو سن لیں کہ نینو فلیٹ اس سے بھی مہنگے ہیں اور ان کی قیمت 7.90 ملین امریکی ڈالر ہے یعنی ایک ملین امریکی ڈالر۔ معاملہ صرف اتنے مختصر فلیٹس پر ختم نہیں ہوگیا بلکہ ہانگ کانگ کے بلڈرز کے پاس اس سے بھی چھوٹے فلیٹس کا منصوبہ موجود ہے جو صرف 61.4 اسکوائر فٹ پر ہوں گے۔
جعلی اکاﺅنٹس کیس: نیب نے فریال تالپور کو گرفتار کرلیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک) نیب نے سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپورکو گرفتار کرلیا۔چیئرمین نے گزشتہ روز جعلی اکاﺅنٹس کیس میں فریال تالپور کی گرفتاری کے وارنٹ پر دستخط کیے تھے جس کے بعد ان کی گرفتاری کے وارنٹ گزشتہ روز جاری کیے گئے تھے۔ذرائع کے مطابق نیب نے فریال تالپور کو اسلام آباد سے گرفتار کیا ہے اور انہیں کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ذرائع کا کہناہے کہ نیب ٹیم فریال تالپور کو اپنے دفتر منتقل کرے گی جہاں ان کا طبی معائنہ کرایا جائے گا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں فریال تالپور اور آصف زرداری کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کی تھی جس کے بعد سابق صدر کو زرداری ہاﺅس اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔
ورلڈ کپ میں آج انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مقابلہ ہوگا
لندن: کرکٹ ورلڈکپ کے 19ویں میچ میں آج میزبان انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ساؤتھ ایمپٹن کے روز باؤل گراؤنڈ میں دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے آمنے سامنے ہوں گی۔ انگلینڈ ورلڈ کپ تو کبھی نہ جیت سکا مگر ورلڈکپ کی تاریخ میں ویسٹ انڈیز سے کبھی نہیں ہارا۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم اب تک ایونٹ میں 3 میچز کھیل چکی ہے جس میں اسے ایک میں کامیابی، ایک میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا جب کہ انگلش ٹیم بھی 3 میچز میں سے 2 میں کامیابی اور ایک میں شکست کا سامنا کرچکی ہے۔اس ہفتے لندن کا موسم میچ کے حوالے سے بہت خراب رہا، بارش کے باعث میچ بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں، امید ہے کہ آج کا میچ بارش سے متاثر نہیں ہوگا۔انگلینڈ کی ٹیم:کپتان این مورگن کی قیادت میں ممکنہ انگلش ٹیم جیسن رائے، جونی بیرسٹرو، جوئے روٹ، جوس بٹلر، بین اسٹروکس، کرس ووکس، جوفرا آرچر، عادل رشید، مارک ووڈ اور معین علی پر مشتمل ہوگی۔ویسٹ انڈیز ٹیم:ویسٹ انڈین ممکنہ ٹیم کرس گیل، شائے ہوپ، شمرون ہیٹمیر، نکولس پورن، کپتان جیسن ہولڈر، کارلوس بریتھ ویٹ، ایشلے نرس، کیمار روچ، شیلڈن کوٹرل، ایون لیوس اور آندرے رسل پر مشتمل ہوسکتی ہے


















