اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے مشترکہ صدارتی امیدوار آصف علی زرداری کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدارتی انتخاب کے آخری مرحلے میں پیپلز پارٹی نے اتحادی جماعتوں کے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔
آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔آصف علی زرداری نے وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
عشائیے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کل ہم مل کر آصف علی زرداری کو ایک مرتبہ پھر صدر مملکت منتخب کروائیں گے۔عشائیہ میں ارکان اسمبلی کی طرف سے سابق صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد کا سلسلہ بھی جاری رہا۔عشائیہ کا اہتمام سندھ ہاوس اسلام آباد میں ہوا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی صدارتی انتخابات میں مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں نیشنل پارٹی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے قائدین میں ملاقات ہوئی جس میں نیشنل پارٹی نے صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کی حمایت کا اعلان کیا۔
ملاقات میں پیپلزپارٹی اور نیشنل پارٹی میں رابطہ اور سیاسی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ بلوچستان کے مسئلے پرسیاسی حکمت عملی اپناتے ہوئے مفاہمتی عمل کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
نیشنل پارٹی نے کہا کہ اعتمادی سازی کے لیے لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی اور بامقصد مذاکرات کئے جائیں گئے، 18 ویں آئینی ترمیم پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، پاک چین اقتصادی راہداری میں گوادر پورٹ کی آمدنی سے بلوچستان و گوادر کو حصہ دیا جائے، ملازمتوں اور کاروبار میں بھی حصہ دار بنانے کے لیے قانون سازی کی جائے۔
ترجمان نیشنل پارٹی کے مطابق بلوچستان کی محرومیوں کو کم کرنے کے لیے وفاقی ملازمتوں کے کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
نیشنل پارٹی نے اعلان کیا کہ ہمارے اراکین اسمبلی، سینٹرز صدارتی الیکشن میں آصف علی زرداری کو ووٹ دیں گے۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے صدارتی الیکشن کا بائیکاٹ کردیا جبکہ جمعیت علما اسلام کے سربراہ نے بھی صدارتی الیکشن کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا ہے۔