امریکا کی طرح پاکستانی یونیورسٹیز میں بھی غزہ مہم کا اعلان

 پشاور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے تعلیمی اداروں میں غزہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان “وی آر ون سلوگن کے تحت “جسٹس فار غزہ مہم شروع کررہی ہے، جس کے ذریعے پاکستان کی سول سوسائٹی کو فلسطین کاز کے لیے متحرک کردیاجائے گا۔

حسن بلال ہاشمی نے کہا کہ اس کمپین کے تحت فلسطین کاز اور غزہ کی موجودہ صورتحال سے متعلق تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم چلائے جائے گی، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیاجائے گا، بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور امدادی سامان کی ترسیل کے لیے حکومت کے سامنے مطالبات رکھے جائیں گے، کمپین کے اختتام پر تعلیمی اداروں میں علامتی بستیاں بھی سجائی جائیں گی، اسلامی جمعیت طلبہ امریکی جامعات میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتی ہے۔

حسن بلال ہاشمی نے مزید کہا کہ امریکی طلبہ نے مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کردی ہے، اہلیان غزہ کی خاطر کراچی سے لیکر نیو یارک تک تمام طلبہ اس تحریک کا حصہ ہیں، “وی آر ون”سلوگن کے ذریعے اسلامی جمعیت طلبہ تمام طلبہ کو اس کمپین کا حصہ بننے کی دعوت دیتی ہے۔

وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ

 اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے حوالے سے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لئے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم کو عالمی اقتصادی فورم کے اس اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان آل سعود اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب کی جانب سے دی گئی ہے۔

وزیراعظم عالمی صحت ،فنانشل ٹیکنالوجیز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، جامع ترقی، علاقائی تعاون، اور عالمی ترقی کے تناظر میں توانائی کے متوازن استعمال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھیں گے۔

عالمی اقتصادی فورم کے اس خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر وزیراعظم کی اہم عالمی رہنماؤں، عالمی اداروں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اہم اراکین وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں شامل ہیں۔

وزیراعظم کا کسانوں سے گندم کی فوری خریداری کا حکم

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طور پر کسانوں سے گندم کی خریداری کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کسانوں کی جانب سے ملنے والی شکایات پر سخت نوٹس اور فوری کارروائی کرتے ہوئے گندم خریداری کا ہدف بڑھا دیا۔

وزیراعظم نے سعودی عرب روانگی سے قبل وفاقی حکومت کی طرف سے کسانوں سے گندم کی فوری خریداری کا حکم جاری کردیا۔ انہوں نے وفاقی حکومت کا گندم خریداری کا 1.4 ملین میٹرک ٹن کا ہدف بڑھا کر 1.8 ملین میٹرک ٹن کردیا ۔

وزیراعظم کی جانب سے پاسکو کو گندم خریداری کا ہدف بڑھانے اور فوری خریداری یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔ ساتھ ہی گندم کی خریداری کے حوالے سے پاسکو کو شفافیت اور کسانوں کی سہولت کو ترجیح دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نےکسانوں کی گندم خریداری سے متعلق مشکلات کو دیکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔

کسی بھی مداخلت پر ادارہ جاتی ردعمل دیا جائے،اسلام آباد ہائیکورٹ کی سپریم کورٹ کو تجاویز

 اسلام آباد: چھ جج کے خط کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے متفقہ تجاویز سپریم کورٹ کو ارسال کردیں  جو کہ سامنے آگئیں۔

ذرائع کے مطابق تجاویز میں کہا گیا ہے کہ کسی قسم کی مداخلت پر ادارہ جاتی ردعمل ہونا چاہیے، سول جج، سیشن جج، ہائی کورٹ جج کسی قسم کی مداخلت رپورٹ کرنے کا پابند ہو، مداخلت سے متعلق سات روز میں رپورٹ کرنا لازم ہو، سات روز میں مداخلت رپورٹ نہ کرنے والا جج مس کنڈکٹ کا مرتکب ٹھہرے۔

تجویز دی گئی ہے کہ سول جج ، سیشن جج اور سیشن جج مداخلت ہونے پر ہائی کورٹ کے انسپکشن جج کو آگاہ کرے، انسپکشن جج چیف جسٹس ہائی کورٹ کے نوٹس میں مداخلت کا معاملہ لائے، ہائیکورٹ ایڈمنسٹریٹو کمیٹی معاملے کو ایڈمنسٹریٹو سائیڈ پر دیکھنے یا جوڈیشل سائیڈ پر دیکھنے کا حتمی فیصلہ کرے اور  ایڈمنسٹریٹو کمیٹی معاملے کی سنگینی کے پیش نظر فل کورٹ میں بھی بھیج سکے۔

ذرائع کے مطابق یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ حتمی طور پر ہائی کورٹ ادارہ جاتی اتفاق کے ساتھ توہین عدالت کا اپنا اختیار استعمال کرسکے۔

جھوٹ بولنے والوں کا منہ توڑنا چاہتی ہوں، انٹرویو وائرل ہونے پر فرح سعدیہ برہم

کاش جھوٹ بولنے والوں کا منہ توڑ سکوں، فرح سعدیہ اپنے دیے گئے انٹرویو کلپس وائرل ہو نے پر برہم ہوگئیں۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنے وائرل ہونے والے انٹرویوپر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک زمانہ ہوا انہوں نے کوئی انٹرویو نہیں دیا ہے۔ بارہ سال پرانی باتوں کوپیٹنے کا کیا جواز ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر فرح نے لکھا، ”اصل میں سب بے حس لوگ ہیں کاش میں ان کا مُنہ توڑ سکوں لیکن میں ان سب کا معاملہ اللہ کے سُپرد کرتی ہوں جو جھوٹ ، غیبت ، بہتان سے پیسے کماتے ہیں۔“

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں بشری انصاری کی سوشل میڈیا پراپنی دوسری شادی کے اعلان اور شوہر کو متعارف کرانے کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اداکارہ اور مارننگ شو سے شہرت پانے والی میزبان فرح سعدیہ بھی خبروں میں ان ہوگئیں۔

فرح سعدیہ کے ایک پرانے انٹرویو کا کلپ وائرل ہوا جس میں انہوں نے اقبال حسین نے اپنی شادی اور بعد کے معاملات پر بات کی تھی۔

پاور ڈویژن نے سولر پاور پر ٹیکس کی خبروں کو جھوٹ قرار دیدیا

اسلام آباد: پاور ڈویژن نے سولر پاور پر فکسڈ ٹیکس لگانے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاور ڈویژن نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سولر پاور پر فکسڈ ٹیکس عائد کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی یا پاورڈویژن نے حکومت کو ایسی کوئی سمری نہیں بھیجی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صاحبِ ثروت لوگ بے تحاشا سولر پینل لگا رہے ہیں، گھریلو، صنعتی صارفین سمیت حکومت کو بھی سبسڈی کی شکل میں 1 روپے 90 پیسے کا بوجھ برادشت کر نا پڑ رہا ہے، اس کے نتیجے میں تقریباً ڈھائی سے تین کروڑ غریب صارفین متاثر ہو رہے ہیں، یہ 1.90 روپےغریبوں کی جیب سے نکل کر متوسط اور امیر طبقے کے جیبوں میں جا رہے ہیں اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو توغریب صارفین کے بلز کم از کم 3.35 روپے فی یونٹ کا مزید اضافہ ہو جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2017ء کی نیٹ میٹرنگ پالیسی کا مقصد سسٹم میں متبادل توانائی کو فروغ دینا تھا، 2017ء کے بعد اب ایک ایسا مرحلہ آیا ہے کہ اس سولرائزیشن میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا، اب ایک نئے نرخ دینے کی ضرورت ہے ہم اس پورے نظام کو اسٹڈی کر رہے ہیں، ایسی تجاویز اور ترامیم پر غور کر رہے ہیں جن سے غریب کو مزید بوجھ سے بچایا جاسکے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیڑھ سے دو لاکھ نیٹ میٹرنگ والے صارفین کی سرمایہ کاری کو تحفظ دیں گے۔

امارات میں بارش سے متاثرہ گاڑیاں سستے داموں بیچنے کی تیاری

متحدہ عرب امارات میں حالیہ بارشوں سے جن گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اُنہیں خاصی کم قیمت پر فروخت کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ جن لوگوں کی گاڑیوں کو متعلقہ اتھارٹی مسترد کرچکی ہے وہ بھی نئی گاڑیوں کی تلاش میں ہوں گے جس کے نتیجے میں مارکیٹ بلند ہوسکتی ہے۔

آٹو انڈسٹری کے ایگزیکٹیوز نے یو اے ای کے باشندوں سے کہا ہے کہ وہ پہلے سے خریدی ہوئی گاڑیاں 6 سے 12 ماہ میں حاصل کرلیں۔ مشورہ دیا گیا ہے کہ کسی بھی گاڑی کو خریدنے سے قبل اس کا اچھی طرح چیک اپ کرالیا جائے اور جن گاڑیوں کو پہلے خریدا جاچکا ہے اُنہیں لیتے وقت احتیاط برتی جائے۔

متحدہ عرب امارات میں حالیہ بارشوں سے 75 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ دوسری بہت سی اشیا کی طرح یو اے ای کی بارشوں سے گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ہزاروں کاریں بُری حالت میں ہیں۔ ان گاڑیوں کو فروخت کے لیے مقامی مارکیٹ میں لائے جانے کا امکان ہے۔

کارز ٹوئنٹی فور (گلف ریجن) کے سی ای او ابھینو گپتا نے بتایا ہے کہ ہزاروں گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ شدت کا فرق ضرور ہے یعنی چند گاڑیوں کو زیادہ یا قابلِ ذکر نقصان نہیں پہنچا اور بعض گاڑیوں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔

ابھینو گپتا کا کہنا ہے کہ دبئی کے بعد حصوں کے مقابلے میں شارجہ اور عجمان کے بیشتر علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ بہت سے کسٹمر واپس آئے ہیں۔ وہ گاڑیوں کی مرمت کرانا چاہتے ہیں یا پھر نئی گاڑی خریدنے کے متمنی ہین۔ ابھینو گپتا نے بتایا کہ 20 سے 25 فیصد کاروں کو زیادہ نقصان پہنچا ہے اور اُنہیں ڈھنگ سے چلانے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ جن گاڑیوں کی مرمت کی جاسکتی ہے اُن کے مالکان معاملات کے درست ہونے کا انتظار کریں گے۔

بیشتر گاڑیاں 6 سے 12 ماہ کے دوران مارکیٹ سے واپس آسکتی ہیں۔ ای کامرس پلیٹ فارمز نے بتایا ہے کہ گزشتہ برس کم و بیش پانچ لاکھ نئی گاڑیاں خریدی گئی ہیں۔ یو اے ای میں ایسی گاڑیوں کی خریداری میں سالانہ بنیاد پر 7 تا 10 فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔

روزنامہ خلیج ٹائمز سے انٹرویو میں ابھینو گپتا نے بتایا کہ جن گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے اُنہیں تین درجوں میں رکھا جاسکتا ہے۔ پہلے نمبر پر وہ گاڑیاں ہیں جو مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں۔ دوسرے نمبر پر ایسی گاڑیاں ہیں جن کی مرمت کرائی جاسکتی ہے اور تیسرے درجے میں وہ گاڑیاں ہیں جنہیں برائے نام نقصان پہنچا ہے۔

چند دنوں میں یو اے ای کی مارکیٹ میں ایسی گاڑیوں کی آمد بڑھ جائے گی جنہیں بارشوں نے تباہ کردیا۔ جنہیں انشورنس نہیں مل سکا وہ اپنی خراب گاڑیوں کو بیچنا چاہیں گے۔

مرمت کے بعد فروخت کے لیے مارکیٹ میں لائی جانے والی گاڑیوں کو خریدتے وقت لوگوں کو بہت محتاط رہنا پڑے گا تاکہ کوئی انہیں بے مصرف گاڑی ٹِکاکر چلتا نہ بنے۔ ایسی گاڑیوں کے بہت سے حصے انتہائی خرابی سے دوچار ہوسکتے ہیں۔ پانی میں ڈوبے رہنے سے انجن، وائرنگ اور ایئر بیگز وغیرہ کی کارکردگی شدید متاثر ہوسکتی ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں خراب ہونے والی گاڑیوں کو اوپن مارکیٹ، کلاسیفائیڈ ایڈز وغیرہ سے خریدنا خطرے سے خالی نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ استعمال شدہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے حوالے سے مارکیٹ میں نشیب و فراز بھی آسکتا ہے۔

لاہور میں جرمن سفیر کی تقریر کے دوران فلسطین کے حامی مظاہرین کا شور شرابا

لاہور میں ہونے والی انسانی حقوق کی کانفرنس میں فلسطین کے حامی نوجوانوں نے جرمن سفیر کی تقریر کے دوران رکاوٹیں ڈالیں اور غزہ کے عوام کی حمایت میں نعرے لگائے۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں 5 ویں عاصمہ جہانگیر کانفرنس کا آغاز ہوگیا جس میں غیر ملکی سفارتکاروں سمیت معروف شخصیات شریک ہیں۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس کے تقریر شروع کرتے ہی شرکا میں سے چند نوجوانوں نے اٹھ کر اونچی آواز میں مکالمہ شروع کردیا۔ طالب علموں کی جانب سے غزہ اور فلسطین کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔

نوجوانوں نے فری فری فلسطین کے نعرے لگائے۔ اونچی آواز میں بولنے پر جرمنی کے سفیر خود پر قابو نہ رکھ سکے اور نوجوانوں کو ڈانٹ دیا۔ کانفرنس کے منتظمین نے فلسطین کے حق میں بات کرنے والے نوجوانوں کو انسانی حقوق کانفرنس سے نکال دیا۔

سابق صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون نے عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی بڑی یونیورسٹیوں میں اس ہفتے فلسطین کے حق میں احتجاج پر لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، عاصمہ جہانگیر آمریت کے خلاف کھڑی ہوتی رہیں۔

پاکستان کو پرامن، محفوظ اور مستحکم بنائیں گے، سعد رفیق

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سعدرفیق نے کہا ہے کہ پاکستان کو پرامن محفوظ اور مستحکم بنائیں گے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں سعد رفیق نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، معاشی مسائل کے حل کیلئے محنت کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں بڑی سرمایہ کاری کیلئے وزیراعظم کوشش کررہے ہیں، ہمیں قرض کے بجائے سرمایہ کاری چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی بگاڑ بہت بڑا ہے لیکن مایوس نہیں ہوں گے، جینا مرنا پاکستان میں ہی ہے۔

سعد رفیق نے کہا کہ نئی نسل کو مستحکم پاکستان دینا ہے، جھوٹ بولے جاتے ہیں زہریلا پروپیگنڈہ کیاجاتا ہے لیکن پاکستان کا قافلہ کامیابی سے دوچار ہوگا

فائبر آپٹک کیبل کٹ گئی، پاکستان کا مشرقی ممالک سے رابطہ متاثر

پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروس سے مستفید ہونے والے ایک بُری خبر یہ ہے کہ پاکستان کو دنیا سے ملانے والی زیرِ آب فائبر آپٹیکل کیبل کو انڈونیشیا کے نزدیک 5 کٹ لگے ہیں۔ مرمت میں ایک ماہ بھی لگ سکتا ہے۔

کٹ لگنے سے پاکستان کا مشرق بعید کے ممالک سے انٹرنیٹ رابطہ متاثر ہوا ہے۔

پاکستان بھر میں انٹرنیٹ کے صارفین کو شام کے اوقات میں براؤزنگ کے دوران مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے کیونکہ مشرق کی سمت سے آنے والی ٹریفک 10 فیصد رہ گئی ہے۔

سمندر میں بچھائی ہوئی کیبل کٹنے سے جنوب مشرقی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور یورپ میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے۔ صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ اُنہیں کم و بیش ایک ماہ تک مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ماہرین کی ٹیمیں فائبر آپٹیکل کیبل کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے کر مرمت کے حوالے سے ہدایات جاری کر رہے ہیں۔

آج کی دنیا میں معاشی اور معاشرتی معاملات کا انٹرنیٹ پر انحصار بہت بڑھ گیا ہے۔ پاکستان میں بھی انٹرنیٹ صارفین کی تعداد اچھی خاصی ہے۔ ایسے میں کاروباری سرگرمیاں بھی ایک ماہ تک متاثر رہ سکتی ہیں۔ بینڈوِتھ اور اسپیڈ کے حوالے سے مسائل بڑھ سکتے ہیں۔ اِن مسائل کے حل کا ایک معقول طریقہ یہ ہے کہ غیر ضروری براؤزنگ کم کردی جائے اور براؤزنگ کے اوقات بھی گھٹادیے جائیں۔

پاکستان میں انٹرنیٹ سروس کو ریگیولیٹ کرنے والا ادارہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ہے۔ پی ٹی اے کے حکام کو اس حوالے سے ملک بھر میں انٹرنیٹ کے صارفین کو اعتماد میں لینا چاہیے اور متعلقہ مسائل سے موثر طور پر نمٹنے کا ہدایت نامہ جاری کرنا چاہیے۔ معاشرتی امور کے لیے انٹرنیٹ کے غیر معمولی اور غیر ضروری استعمال کی روش برقرار رہنے سے کاروباری معاملات کے لیے انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ صارفین کو اعتماد میں لینے سے انٹرنیٹ سروس کے حوالے سے پیدا ہونے والی مشکلات میں خاصی کمی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی مزار قائد پر حاضری، اہلیہ بھی ہمراہ

کراچی میں چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے مزار قائد پر حاضری دی ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے ہمراہ ان کی اہلیہ سرینا عیسی بھی موجود تھیں۔

چیف جسٹس نے بابائے قوم کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلم بند کیے۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس حالیہ دنوں میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کیسز کی سماعت کررہے ہیں۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں 22 سے 26 اپریل تک 49 کیسز سماعت کے لیے مقرر کئے گئے تھے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے پانچ دنوں میں 46 کیسز نمٹا دیے۔

ملک بھر میں سڑکوں اور فٹ پاتھ پر سے تجاوزات 3 دن میں ختم کرنے کا حکم

سپریم کورٹ نے کراچی تجاوزات کیس کے حوالے سے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ سپریم کورٹ نے ملک بھر میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔ ہدایت کی گئی ہے کہ حکم نامے کی کاپیاں اٹارنی جنرل، تمام ایڈووکیٹس جنرل اور تمام سرکاری اداروں کو بھیجی جائیں۔

سپریم کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی کو حکم دیا ہے کہ اس سلسلے میں پبلک سروس مسییج شائع اور نشر کیے جائیں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تین دن میں ملک بھر کی سڑکوں اور فٹ پاتھ پر سے تجاوزات ختم کریں۔

عدالتِ عظمٰی کا یہ بھی حکم ہے کہ متعلقہ سرکاری ادارے تجاوزات ختم کرنے کے اخراجات ان سے وصول کیے جائیں جنہوں نے تجاوزات قائم کی ہوں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور کے ایم سی کو عملدرآمد رپورٹ پیش کرنےکی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

کراچی سمیت ملک بھر میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے باعث لوگوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کراچی میں بہت سے مرکزی کاروباری اداروں کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو قبضہ مافیا نے گھیر رکھا ہے۔ چند برس قبل صدر کے علاقے میں ایمپریس مارکیٹ کے گرد تجاوزات کا مکمل خاتمہ کردیا گیا تھا جس کے نتیجے میں پورے علاقے کا نقشہ بدل گیا تھا۔

انتظامیہ کی لاپروائی اور انتظامیہ کے بعض افسران اور اہلکاروں اور قبضہ مافیا کی ملی بھگت سے ایک بار پھر صدر کے علاقے میں متعدد مقامات پر تجاوزارت کا جنگل اُگ آیا ہے۔ متعدد سڑکیں پٹھاروں، ٹِھیوں اور ٹھیلوں سے اَِٹی ہوئی ہیں۔ ایک بار پھر بڑے پیمانے پر انسدادِ تجاوزات آپریشن کی ضرورت ہے۔ کراچی میں صدر، بولٹن مارکیٹ، جوڑیا بازار، کھوڑی گارڈن، کپڑا مارکیٹ، لی مارکیٹ، رنچھوڑ لین، لیاقت آباد ڈاک خانہ، لیاقت آباد دس نمبر، ناظم آباد گول مارکیٹ، ہادی مارکیٹ، نیو کراچی سندھی ہوٹل، بنارس کالونی، قصبہ کالونی مارکیٹ، اورنگی ٹاؤن نمبر پانچ، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، سولجر بازار، لسبیلہ، تین ہٹی، گل بہار، ناظم آباد، پاپوش نگر، چھوٹا میدان، بڑا میدان، بسم اللہ ہوٹل پاک کالونی، حسرت موہانی کالونی اور دوسرے بہت سے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تجاوزات قائم ہیں۔

لوگ مجھے دیکھ کر استغفراللہ پڑھتے ہیں، متھیرا

لاہور: اپنی بے باکی کی وجہ سے مشہور پاکستانی ماڈل و میزبان متھیرا نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ جہاز میں سفر کرتی ہیں تو لوگ انہیں دیکھ کر استغفراللہ پڑھتے ہیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران شو کے میزبان نے متھیرا سے پوچھا کہ جب آپ جہاز میں سفر کرتی ہیں تو دو سے تین گھنٹے کی پرواز کے دوران لوگوں کا آپ کو دیکھ کر رد عمل کیا ہوتا ہے؟ اس دوران لوگ خوشی سے بھاگ کر آپ سے ملنے آتے ہیں؟

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے متھیرا نے کہا کہ میری زندگی میں ایسے لوگ نہیں جو مجھے دیکھ کر بھاگ کر مجھ سے ملنے آئیں لیکن دورانِ پرواز ایک چیز بہت دیکھی ہے کہ زیادہ تر لوگ مجھے دیکھ کر سبحان اللہ یا استغفراللہ پڑھتے ہیں۔

متھیرا نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ لوگ مجھے دیکھ کر یہ کیوں کہتے ہیں لیکن میں نے تو یہی سُنا ہے جبکہ جہاز کا عملہ میرے ساتھ بہت اچھے سے پیش آتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسٹار بننا بہت اچھی بات ہے کیونکہ ہم اسٹارز کبھی بھی لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے نہیں ہوتے اور ہمیں خاص عزت دی جاتی ہے۔

متھیرا نے مزید کہا کہ ہمیں کسی بھی جگہ کے عملے کی طرف سے بہت پیار ملتا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ مجھ سمیت ہر اسٹار کو اس پیار کی قدر کرنی چاہیے۔