فرانس میں ماہ مقدس کے دوران بھی مساجد کی بے حرمتی

پیرس: فرانس میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ رمضان المبارک میں مساجد کی بے حرمتی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے مسلم برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں صرف ایک ہفتے کے دوران دو مختلف شہروں کی 3 مساجد کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک مسجد کے باہر سور کا سر پھینکا گیا جب کہ دو پر حملہ کرکے نمازیوں کو ہراساں کیا گیا۔
مسلم رہنماؤں کا کہنا ہےکہ اسلام میں سور کا گوشت حرام ہے۔ انتہاپسندوں نے مسلمانوں کو تکلیف پہنچانے کے لیے مسجد جیسی مقدس جگہ پر ایک حرام جانور کا سر کاٹ کر پھینکا تاکہ مسلمانوں کے جذبات مجروح کیے جا سکیں۔
پولیس تاحال اس مکروہ عمل کو کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرمینین نے ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل قبول حرکت ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نسلی منافرت پر اکسانے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ذمہ داروں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

بشام حملے پر 12 دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار، گاڑی اور حملہ آور افغانستان سے آئے، سی ٹی ڈی ذرائع

سی ٹی ڈی ذرائع نے کہا ہے کہ بشام خودکش حملہ کیس میں ٹریس کرکے 12سے زائد مبینہ دہشت گرد و سہولت کار گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ ان میں خود کش بمبار کے دو قریبی ساتھی بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ باردو بھری گاڑی افغانستان سے چمن کے راستے پہلے ڈیرہ اسماعیل خان اور پھر شانگلہ پہنچائی گئی جہاں یہ دس دن تک ایک پیٹرول پمپ پر کھڑی رہی۔
ان ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والوں ہونے والوں میں وہ دہشت گرد کمانڈر بھی شامل ہے جو خود کش بمبار کو افغانستان سے پاکستان لایا تھا۔
ذرائع کے مطابق حملے کا ماسٹر مائنڈ حضرت بلال ہے جو داسو ڈیم حملے میں بھی ملوث ہے اور اس کی ’گرفتاری جلد متوقع‘ ہے۔
کسی سرکاری افسر نے اعلانیہ طور پر ان گرفتاریوں کی تصدیق نہیں کی۔ تاہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دہشت گردوں کی گرفتاری کا خیرمقدم کیا ہے۔
شانگلہ کے علاقے بشام میں اسلام آباد سے داسو جانے والے چینی انجیئنرز کے کانوائے پر گذشتہ ہفتے حملے میں پانچ چینی انجیئر اور ان کا پاکستان ڈرائیور مارے گئے تھے۔
چین نے اس حملے کی جامع تحقیقات اور ذمہ داروں کو سزائیں دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
سی ٹی ڈی کے ذرائع نے پیر کے روز بتایا کہ بشام میں غیر ملکیوں پر حملے میں ملوث اہم کمانڈر اور دہشت گرد نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا ہے، اس نیٹ ورک کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے ہے۔
ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے، اسے افغانستان سے پہاڑی راستوں کے ذریعے لانے والا کمانڈر بھی گرفتا کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر حملے میں ملوث سہولت کاروں سمیت درجن سے زائد دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں، جن میں چار سہولت کار بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق خودکش حملہ اورکے موبائل سم کی مدد سے اہم گرفتاریاں کی گئی ہیں، موبائل سم جس شخص کے نام سے رجسٹرڈ تھی اس نے یہ ایک اور شخص کو دی تھی جس نے یہ خودکش حملہ آورتک پہنچائی۔
سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ افغانستان میں بارود سے بھری خودکش گاڑی کو چمن کے راستےڈی آئی خان درہ زندہ پہنچایا گیا، گاڑی کو درہ زندہ سے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے سمگلر کے زریعے چکدرہ پہنچایا گیا،اسمگلر ہفتے میں بیس سے تیس گاڑیاں چمن سے چکدرہ لے کر آتے ہیں، چکدرہ پہنچانے والے ڈرائیور کو ڈھائی لاکھ روپے کرایہ دیا گیا، گاڑی کو چمن سے چکدرہ پہنچانے والوں میں ایک سہولت کار کو بلوچستان سےگرفتار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی شانگلہ کے قریب ایک پیٹرول پمپ میں 10 دن تک 500 روپے فی دن کرایہ پر پارک کی گئی تھی، خودکش حملے کے روز گاڑی کو دھماکے والی جگہ پہنچایاگیا۔
ذرائع کے مطابق حملے کا ماسٹر مائنڈ حضرت بلال ہے جو داسو ڈیم حملے میں بھی براہ راست ملوث اور مطلوب ہے، خودکش حملہ اور کے دو ساتھی گرفتار کرلیے گئےہیں جبکہ حضرت بلال کی گرفتاری جلد متوقع ہے۔

فواد چوہدری کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جہلم میں زمین سے متعلق نیب کیس میں فواد چوہدری کی ضمانت منظور کرلی۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فواد چوہدری کی ضمانت کی درخواست پرسماعت کی۔ فواد چوہدری کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
فواد چوہدری نیب کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

عام انتخابات؛ بی جے پی کا سنی دیول کو ٹکٹ دینے سے انکار

ممبئی: پاکستان مخالف فلمیں بنانے کے باوجود بھی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بالی ووڈ اسٹار سنی دیول کو الیکشن 2024 لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری نہیں کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 30 مارچ ہفتے کے روز بی جے پی نے لوک سبھا امیدواروں کی اپنی آٹھویں فہرست جاری کی تھی جس میں پنجاب سے چھ، اڈیشا سے تین اور مغربی بنگال سے الیکشن لڑنے والے دو امیدواروں کے نام شامل تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سُپر اسٹار سنی دیول جوکہ اس سے قبل گورداسپور سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے انہیں نریندر مودی کی پارٹی بی جے پی نے سائیڈ لائن کرتے ہوئے ٹکٹ دینے سے انکار کردیا۔
بی جے پی کا کہنا ہے کہ سنی دیول پارلیمنٹ کے رُکن ہونے کے باوجود بھی پارلیمنٹ سے اکثر غیر حاضر رہتے تھے، اسی وجہ سے پارٹی نے اُن کی جگہ دنیش سنگھ ببو کو الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری کیا ہے۔
اس سے قبل بی جے پی نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کو ہماچل پردیش کے شہر مندی سے لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری کیا تھا۔

ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کیلیے وزیراعلیٰ کے پی کا عدالت سے رجوع

اسلام آباد: پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔
وارنٹ منسوخی کی درخواست راجہ ظہورِ الحسن ایڈووکیٹ کے ذریعے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں دائر کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا کہ وزیراعلیٰ کے پی نے کبھی جان بوجھ کر اس عدالت میں پیش نہ ہونے سے گریز نہیں کیا لیکن درخواست گزار انتخابی مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے استدعا کی کہ عدالتی احکامات کی حکم عدولی پر غیر مشروط معافی مانگتے ہیں اور درخواست ہے کہ 19 مارچ کو جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جائیں۔

نیا تعلیمی سال شروع، پنجاب حکومت 48 ہزار اسکولوں کو کتابیں فراہم کرنے میں ناکام

پنجاب بھر میں آج سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہو گیا ہے لیکن صوبے کے 48 ہزار اسکولوں میں رواں تعلیمی سال میں مفت کتابیں نہیں مل سکیں۔پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ مفت کتابیں شائع کرکے اسکولز میں تقسیم کرتا ہے۔اسکولوں کے نتائج آنے سے پہلے مفت کتابیں اسکولز کے گوداموں میں پہنچادی جاتی تھی۔ذرائع کے مطابق رواں تعلیمی سال میں تاحال کسی بھی اسکول میں نیا کورس نہیں پہنچ سکا ہے۔پنجاب بھر میں آج سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال میں بیشتر طالب علم کتابوں کے بغیر ہی اسکول آنے پر مجبور ہوگئے۔پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے کم بجٹ اور قیمتیں بڑھنے پر محدود کتابیں پرنٹ کیں۔اساتذہ بھی کتابوں کے لیے وئیر ہاؤس کے چکر لگانے پرمجبور ہیں۔

وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی معلومات چرانے کیلیے ہیکرز سرگرم

اسلام آباد: وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی حساس معلومات چرانے کے لیے ہیکرز سرگرم ہوگئے جب کہ جعلی ای میلز کے ذریعے وزارتوں اور ڈویژنز کی معلومات حاصل کرنیکی کوششیں کی جارہی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کابینہ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو مراسلہ بھجوا کر اس حوالے سے متنبہ کردیا، مراسلے کے مطابق جے ایس کوآرڈ کے نام سے جنم لینے والی جعلی ای میلز زیر گردش ہیں جن کے ساتھ خطرناک پے لوڈز منسلک ہیں، یہ فیک ای-میلز وزارتوں کے نیٹ ورک/سسٹم کی سیکیورٹی کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مراسلے میں وزارتوں، ڈویژنوں کو انجان ای میلز موصول ہونے پر محتاط رویہ اپنانے، اہم معلومات کی درخواست کرنے والی ای میلز کی اسکروٹنی کرنے، موصول ای میل کا ایڈریس اورڈومین کی پیشگی تصدیق کرنے اور انجان ای میل آئی ڈی سے موصول ہونے والی ای-میل کے ساتھ منسلک دستاویز نہ کھولنے کی تجویز دی ہے۔

ترکیہ کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت ہار گئی، صدر نے شکست تسلیم کرلی

ترکیہ کے بلدیاتی انتخابات میں صدر اردوان اور ان کی جماعت کو بڑا دھچکا، دو دہائیوں سے زیادہ اقتدار میں رہنے کے بعد بدترین شکست ہوگئی۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شکست تسلیم کرلی۔حزب اختلاف ریپبلکن پیپلزپارٹی سی ایچ پی نے ستر سال بعد تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔دارالحکومت انقرہ اور استنبول سمیت ملک کے پندرہ شہروں میں میئر کی نشستوں پر حزب اختلاف کے امیدوار جیت گئے۔استنبول کے میئر امام اوغلو کو میئر کی دوڑ میں تقریبا دس فیصد پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ حکمران اتحاد پارٹی نے تین سو چالیس اور سی ایچ پی نے دو سو چالیس اضلاع میں برتری حاصل کی۔تیس برس قبل رجب طیب اردگان کا سیاسی سفر میئر استنبول کا الیکشن جیتنے سے ہوا تھا لہذا اپوزیشن کی جیت کو اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔امام اوغلو نے اپنی تقریر میں کہا کہ عوام نے ایک نیا باب کھول دیا ہے، اب ترکی پہلے جیسا نہیں رہے گا۔انقرہ میں موجودہ اپوزیشن میئر منصور یاواش کی جیت کا جشن منانے کے لیے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شکست تسلیم کرلیترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شکست کے بعد کہا عوام نے ووٹ کے ذریعے سیاستدانوں کو پیغام پہنچا دیا ہے، نتائج کا پارٹی میں جائزہ لیں گے اور اپنا احتساب کریں گے۔

عرب ممالک مستقبل میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کو تیار ہیں، امریکی صدر

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے عرب ممالک مستقبل میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کو تیار ہیں۔نیو یارک میں تقریب سے خطاب میں جوبائیڈن نے دو ریاستی حل پر روز دیتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی عرب، مصر، اردون اور قطر سمیت دیگر عرب ممالک کے ساتھ کام کر رہے ہیں وہ مستقبل کے معاہدے میں اسرائیل کو مکمل طور پر تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں۔فنڈ ریزنگ تقریب میں سابق امریکی صدر باراک اوباما اور بل کلنٹن بھی شریک ہوئے۔ایونٹ کے موقع پر فلسطین کی حمایت میں ریلی بھی نکالی گئی۔مظاہرین نے غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیل کی امداد میں کٹوتی کا مطالبہ کیا۔

بشام خودکش حملے میں ہلاک 5 چینی شہریوں کیلئے نورخان ایئربیس پر تقریب

بشام خودکش حملے میں ہلاک پانچ چینی شہریوں کے لیے نورخان ایئربیس پر تقریب کا انعقاد کیا گیا اور دہشت گردی واقعے میں مارے گئے چینی شہریوں کے اعزاز میں تیس سیکنڈ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، آرمی چیف اور چیف آف ایئر اسٹاف نے تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر تیس سیکنڈ کی خاموشی اختیار کی گئی، صدر، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ، آرمی چیف اور چیف آف ایئر اسٹاف کی جانب سے پھول رکھے گئے۔تقریب میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کے اس گھناوٴنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ہرنیا کی تشخیص

مقبوضہ یروشلم: غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں کا قتل عام کرنے والے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو ہرنیا کی تشخیص ہوئی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کو معمول کے چیک اپ کے دوران 74 سالہ بنجمن نیتن یاہو میں ہرنیا کی تشخیص ہوئی، اتوار کو انکا آپریشن کیا جائے گا۔
ہرنیا کے آپریشن سے قبل نیتن یاہو نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میں اس علاج سے کامیابی سے گزر جاؤں گا اور بہت جلد اپنے کام پر واپس آؤں گا۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی غیر موجودگی میں وزیر انصاف یاریو لیون قائم مقام وزیر اعظم کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

اسرائیل کا غزہ میں اسپتالوں کا محاصرہ و بمباری، 25 افراد شہید

غزہ میں اسپتالوں پر اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے باعث 25 افراد شہید ہوگئے۔
عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وسطی غزہ میں القصیٰ اسپتال پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 4 افراد شہید ہوگئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے 18 مارچ سے الشفا اسپتال کا محاصرہ کررکھا ہے۔ اسرائیلی محاصرہ کے باعث اب تک 21 مریض شہید ہوچکے ہیں۔ اسپتال کے مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اسرائیل کے غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں 32 ہزار 782 فلسطینی شہید اور 75 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب ہزاروں اسرائیلی شہریوں نے نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔

3 گھنٹوں کے اندر اندر 49 کہکشائیں دریافت

کیپ ٹاؤن: ماہرین فلکیات کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے جنوبی افریقہ میں MeerKAT ریڈیو ٹیلی اسکوپ کی مدد سے محض 3 گھنٹوں میں 49 کہکشائیں دریافت کر ڈالیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حیرت انگیز دریافتیں انٹر یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ڈیٹا انٹینسیو ایسٹرونومی (آئی ڈی آئی اے) نے کی ہیں۔ ٹیم کی رہنمائی کرنے والے انٹرنیشنل سینٹر فار ریڈیو ایسٹرونومی ریسرچ (آئی سی آر اے آر) کے محقق مارسن گلووکی نے کہا کہ ابتدائی طور پر سائنس دان ایک کہکشاں میں ستارے بنانے والی گیس کی کھوج میں تھے لیکن اس دوران انہوں نے ڈیٹا کا معائنہ کرتے ہوئے دوسری کہکشائیں دریافت کرلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر 49 کہکشاؤں کا پتہ چلا۔ یہ اس بات کی ایک بہترین مثال ہے کہ ستاروں اور کہکشاؤں کو تلاش کرنے کے لیے MeerKAT جیسا آلہ کتنا لاجواب ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتنے کم وقت میں اتنی ساری کہکشائیں ملنے کی مجھے امید نہیں تھی۔ کہکشاؤں کو تلاش کرنے کے لیے مختلف تکنیکوں کا استعمال کیا گیا جس کے بعد ہم ان تمام کہکشاؤں کا پتہ لگانے اور ان میں گیس کے مواد کو ظاہر کرنے میں کامیاب ہوگئے۔