پی ٹی آئی فوج کے بعد حکومت سے بھی مذاکرات کریگی، فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی فوج کے بعد حکومت سے بھی مذاکرات کریگی۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ہمیں پس منظر میں جانا ہو گا، پی ٹی آئی کے مطابق قمر باجوہ بہت برے آدمی تھے،انھوں نے رجیم گرائی تھی، پھر ان ہی کے پاس ہم واپس گئے اور ان سے کہا کہ ایک اور ایکسٹینشن لے لیں۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پھر یہ رجیم آ گئی۔ پھر اس رجیم نے سب کچھ کیا ۔ یہ بہت بری رجیم تھی۔ پھر اسی رجیم سے آج آپ پھر کہہ رہے ہیں کہ فوج سے بات کریں گے، نئے چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی آ گئے ہیں۔ تو آپ بتائیں کہ وہ سب برے تھے ، آج اچھے ہو گئے ہیں، یہ کیوں بیچ میں گیم ہوتی رہی۔

انہوں نے کہا کہ جب وقت پڑتا ہے تو ہم کسی کو گالی دے دیتے ہیں۔ جب وقت پڑتا ہے تو اسے گلے لگانے کی بات کرتے ہیں، پھریہ سب کچھ کرنے کا ، دھرنوں کا ، وہ بچے جو گاڑی کے نیچے آکر مر گئے۔ بیٹی ، بہن ہماری رپورٹر شہید ہو گئی۔ ایسے بہت سارے لوگ گئے، ارشد شریف کا قتل اسی زمانے میں ہو گیا۔ سب کچھ ہو گیا۔ اس کا فائدہ کیا ہوا، فائدہ یہ ہوا کہ اس وقت اس چیف کو چیف بننے سے روک رہے تھے اور کسی اپنے پسندیدہ کو چیف بنانا چاہ رہے تھے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ آپ جو بھی سوچ لیں پلان کر لیں ، ہوتا وہی ہے جو اللہ چاہتا ہے۔ مجھے جہاں پارٹیوں نے سپورٹ کی وہاں بہت سے لوگوں نے روکنے کیلئے بھی زور لگایا،اب تو وہ سٹیج گزر چکی ہے۔ کوئی ڈیل ہے نہ کوئی ڈھیل ہے۔ نہ کوئی بات چیت فوج کی طرف سے کرنے کو تیار ہے،کوئی ٹیکٹکس نہیں۔ ان ٹیکٹکس کی وجہ سے آپ یہاں پہنچ گئے اور آپ مزید دلدل میں جا رہے ہیں۔ جہاں تک حکومتی مذاکرات کی بات ہے۔ یہ ڈرامہ بازی کر رہے ہیں کہ ہم حکومت سے مذاکرات نہیں کریں گے۔ اسی پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات بھی شروع ہو جائیں گے۔ یہ سب ڈرامہ ہو رہا ہے۔ آئی واش ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جو آپ کو کے پی سے بیانات نظر آ رہے ہیں یہ عمران خان کو جتانے کیلیے ہیں کہ ہم کھڑے ہو گئے ہیں،علی امین گنڈا پور سب سے پہلے بیٹھے نہیں لیٹے ہیں، مسئلہ یہ ہے کہ ہمیں اب یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہم محاذ آرائی کی بدمعاشی ، مولا جٹ کی سیاست سے نکلیں گے یا نہیں، ہمیں پسند ہو یا نہ ہو، ایک پارٹی کی مخالفت تو کر سکتے ہیں، میں مسلم لیگ کی مخالفت کر سکتا ہوں، پیپلزپارٹی کی کر سکتا ہوں ۔ میں ان کا جانی دشمن تو نہیں بن سکتا۔ پی ٹی آئی مقبول ہے تو اس کا کیا مطلب ہے کہ وہ آگ لگا دیں پورے پاکستان میں۔

ایف بی آر کے گریڈ 20 تا 22 کے 36 افسروں کے تقرر و تبادلے

اسلام آباد: ایف بی آر نے نئے ممبران کی تعیناتیوں سمیت پاکستان کسٹمز سروس اور ان لینڈ ریونیو سروس سے تعلق رکھنے والے گریڈ 20 تا 22کے 36 افسروں کی تقرری و تبادلے کے احکامات جاری کردیئے ہیں جن میں ان لینڈریونیو سروس سے تعلق رکھنے والے 22 جبکہ پاکستان کسٹمز سروس کے 14 افسروں کے تقرر وتبادلے شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ22 کے ندیم حسین رضوی کو ممبر ایڈمن و ہیومن ریسورس ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے تبدیل کرکے ڈی جی ان لینڈ ریونیو سروس اکیڈیمی لاہور تعینات کردیا گیا،ان کی جگہ گریڈ 21 کی چیف کمشنر کارپوریٹ ٹیکس آفس لاہور سعدیہ صدف گیلانی کو تعینات کیا گیا۔

اس کے علاوہ گریڈ 21 کے مزید افسران میں آمنہ حسن کو ڈی جی ان لینڈ ریونیو سروس اکیڈیمی لاہور سے تبدیل کرکے ڈی جی ڈائریکٹریٹ جنرل انسداد بے نامی اقدامات اسلام آباد(لاہور اسٹیشن) تعینات کردیا گیا، احمد شجاع خان کو ممبر آڈٹ ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹریٹ جنرل آف آئی او سی او ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد ،محمد عابد رضا بودلہ کو چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس بہاولپور سے تبدیل کرکے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو کارپوریٹ ٹیکس آفس لاہور،ڈاکٹر سرمد قریشی کو چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ساہیوال سے تبدیل کرکے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس ون کراچی، فاروق اعظم میمن کو چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو حیدرآباد سے تبدیل کرکے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد،امتیاز علی سولنگی کو چیف کمشنر میڈیم ٹیکس پیئر آفس کراچی سے تبدیل کرکے ممبر(اکاونٹنگ) ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد،عابد محمود کو چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد سے تبدیل کرکے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو آر ٹی او اسلام آباد،محمد طارق ارباب کو ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹریٹ جنرل آف ود ہولڈنگ ٹیکسز ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے تبدیل کرکے ممبر لیگل ان لینڈ ریونیوایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد تعینات کردیا گیا۔

ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 20کے 12افسران میں لیلیٰ غفور کو ڈائریکٹر جنرل(او پی ایس) ڈائریکٹریٹ جنرل انسداد بے نامی اقدامات اسلام آباد(لاہور اسٹیشن) سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل(او پی ایس)ڈائریکٹریٹ جنرل آف ڈی این ایف بی پیز اسلام آباد(لاہور اسٹیشن)،صاحبزادہ عبدالمتین کو کمشنر ان لینڈ ریونیو اپیلز ون کراچی سے تبدیل کرکے چیف کشمنر ان لینڈ ریونیو(او پی ایس) میڈیم ٹیکس پیئر آفس کراچی،فرید اللہ جان خان کو ڈائریکٹر جنرل(او پی ایس)ڈائریکٹریٹ جنرل ڈی این ایف بی پیز سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل(او پی ایس) ڈائریکٹریٹ جنرل آف براڈننگ آف ٹیکس بیس ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد، عائشہ فاروق کوڈائریکٹر جنرل(او پی ایس) ڈائریکٹریٹ جنرل آف انٹرنیشنل ٹیکس آپریشنز ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل(او پی ایس) ڈائریکٹریٹ جنرل آف ود ہولڈنگ ٹیکسز ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد،حنا اکرم کو کمشنر ان لینڈ ریونیو اپیلز فور کراچی سے تبدیل کرکے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو(او پی ایس) آر ٹی او ٹو کراچی، عدنان انعام اللہ خان کو ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ ان لینڈ ریونیو اسلام آباد سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل(او پی ایس) ڈائریکٹریٹ جنرل آف انٹرنل آڈٹ ان لینڈ ریونیو اسلام آباد،محمد خالد ملک کو کمشنر ان لینڈ ریونیو اپیلز ٹو ملتان سے تبدیل کرکے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو(او پی ایس) آر ٹی او حیدر آباد،مس آمنہ فیض بھٹی کو ڈائریکٹر ان لینڈ ریونیو سروس اکیڈیمی لاہور سے تبدیل کرکے ممبر(او پی ایس) ان لینڈ ریونیو پالیسی ایف بی آ ر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد،مس مفیظہ اقبال کو کمشنر ان لینڈ ریونیو اپیلز سیون لاہور سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل(او پی ایس) ڈائریکٹریٹ جنرل آف انٹرنیشنل ٹیکس آپریشنز ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد ،عاصم عنصر صدیقی کو کمشنر (زون فور) میڈیم ٹیکس پیئر آفس ملتان سے تبدیل کرکے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو(او پی ایس) آر ٹی او بہاولپور،احمد کمال کو کمشنر (زون فور)کارپوریٹ ٹیکس آفس لاہور سے تبدیل کرکے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو(او پی ایس) کارپوریٹ ٹیکس آفس اسلام آباد جبکہ محمد اقبال تقی قریشی کو ڈائریکٹر ڈائریکٹریٹ آف لا لاہور سے تبدیل کرکے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو (او پی ایس)آر ٹی او ساہیوال تعینات کردیا گیا۔

دوسرے نوٹیفکیشن کے مطابق کسٹمز سروس کے گریڈ 22کے فیض احمد کو ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹریٹ جنرل کسٹمز اینٹلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن ایف بی آر اسلام آباد سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل کسٹمز اکیڈیمی آف پاکستان(سی اے پی) کراچی تعینات کردیا گیا، کسٹمز سروس کے گریڈ 21 کے محمد صادق کو چیف کلکٹر آف کسٹمز اپریزمنٹ(پنجاب)کسٹمز ہاوس لاہور سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیو ایشن کراچی،عبدالقادر میمن کو چیف کلکٹر کسٹمز بلوچستان کسٹمز ہاوس کوئٹہ سے تبدیل کے ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹریٹ جنرل آف آئی پی آر (انفورسمنٹ) اسلام آباد، سیما رضا بخاری کو چیف کلکٹرکسٹمز(نارتھ)کسٹمز ہاوس اسلام آباد کے ساتھ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل این این ڈی اے اسلام آباد کا بھی اضافی چارج دیدیا گیا۔

محمد علی رضا ہنجرہ کو پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ٹی ٹی ایم ایس ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹریٹ جنرل آف کسٹمز اینٹلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن ایف بی آر اسلام آباد تعینات کردیا گیا، ان کے پاس پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ٹی ٹی ایم ایس ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا اضافی چارج بھی رہے گا، محمد جنیر جلیل خان کو ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل این این ڈی اے اسلام آباد سے تبدیل کرکے چیف کلکٹر آف کسٹمز انفورسمنٹ(ساوتھ) کسٹمزہاوس کراچی،صائمہ شہزاد کو چیف کلکٹر آف کسٹمز (ایکسپورٹ)کسٹمز ہاوس کراچی سے تبدیل کرکے چیف کلکٹر آف کسٹمز اپریزمنٹ(پنجاب)کسٹمز ہاوس لاہور،اشہد جواد کو ڈائریکٹر جنرل کسٹمز اکیڈیمی کراچی سے تبدیل کرکے ممبر کسٹمز آپریزن ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد،محمد یعقوب مکو کو چیف کلکٹر آف کسٹمز انفورسمنٹ (ساوتھ) کسٹمزہاوس کراچی سے تبدیل کرکے چیف کلکٹر آف کسٹمز بلوچستان کسٹمز ہاوس کوئٹہ،عرفان الرحمن خان کو ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹریٹ جنرل آف آئی او سی او کراچی(اسلام آباد اسٹیشن) تعینات کردیا گیا۔

اس کے علاوہ تبدیل کئے جانیو الے گریڈ 20 کے چار افسران میں سے فیاض انور کو ممبر(او پی ایس) ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے تبدیل کرکے ممبر(او پی ایس) لیگل اینڈ اکاونٹنگ کسٹمز ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد،عرفان مقبول عامر کو ڈائریکٹر جنرل (او پی ایس) ڈائریکٹریٹ جنرل آف آئی پی آر(انفورسمنٹ) اسلام آباد سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل(او پی ایس) ڈائریکٹریٹ جنرل آف لا اینڈ پراسیکیوشن اسلام آباد، محمد محسن رفیق کو چیف ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے تبدیل کرکے چیف کلکٹر آف کسٹمز (او پی ایس)اپریزمنٹ(ساوتھ)کسٹمز ہاوس کراچی جبکہ مس قراۃ العین ڈوگر کو ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر ڈائریکٹریٹ جنرل آف آئی پی آر(انفورسمنٹ) لاہور سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل(او پی ایس) ڈائریکٹریٹ جنرل آئی او سی او کراچی (لاہور سٹیشن) تعینات کردیا گیا۔

امریکی جامعات میں اسرائیل مخالف مظاہرین پر پولیس کا حملہ؛ متعدد طلبا زخمی

واشنگٹن: امریکا کی ایموری یونیورسٹی میں اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے طلبا پر پولیس نے چڑھائی کردی جس سے علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست اٹلانٹا کی یونی ورسٹی میں پولیس نے پُرامن طلبا پر کالی مرچ اور ربڑ کی گولیاں استعمال کیں۔ آنسو گیس کی شیلنگ سے درجنوں طلبا کی حالت غیر ہوگئی تاہم یہ جبر و تشدد طلبا کو اسرائیل کے خلاف احتجاج سے نہ روک سکا۔

ایموری یونی ورسٹی کے طلبا کا اسرائیل مخالف مظاہرہ مکمل طور پر پُرامن تھا لیکن اس کے باوجود پولیس نے یونیورسٹی کے احاطے سے 550 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ جس پر پولیس اور طلبا کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

اسرائیل مخالف احتجاج کرنے والے طلبا نے کہا کہ ہم غزہ میں فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و جبر پر اُن کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں لیکن کالج انتظامیہ کے حکم پر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے ہم پر تشدد کیا اور 500 سے زائد کو گرفتار کرکے تھانے میں بند کردیا۔

ایموری یونیورسٹی میں انگریزی اور مقامی علوم کے پروفیسر ایمل کیمے نے کہا کہ پولیس کے طلبا پر تشدد نے گوئٹے مالا میں ہونے والی خانہ جنگی کی یاد دلا دی۔ جب وہ چھوٹے تھے اور ایسے خوفناک مناظر اب بھی ذہن میں محفوظ ہیں۔

یاد رہے کہ غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 80 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

اتنی بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں کی ہلاکتوں پر دنیا بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور اسرائیل مخالف مظاہروں نے شدت اختیار کرلی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا غیر قانونی تعمیرات میں ملوث مافیا کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث مافیا کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے شہر میں جاری غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کا عملہ اپنے افسران کو گمراہ کرنے لگا، لاہور میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ داتا گنج بخش زون اور واہگہ زون میں غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں، منیار پاکستان فلائی اوور کے سامنے تین کنال کی اراضی پر بھی غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں۔

علاوہ ازیں غیر قانونی عمارت کے خلاف کارروائی کے لیے جانے والی ٹیم بھی ناکام واپس آ گئی، داتا گنج بخش زون کے افسران نے صورتحال سے واقف ہونے کے باوجود خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

پنجاب حکومت کا 50 ہزار گھرانوں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کا اعلان

ذرائع نے مزید بتایا کہ منیار پاکستان سے ملحقہ کسی عمارت کی تعمیر نہیں ہو سکتی، اسی طرح واہگہ زون میں بھی غیر قانونی تعمیرات کروائی جا رہی ہے، مختلف زون کے بلڈنگ انسپکٹرز نے اپنے افسران کی آشیرباد حاصل ہونے کی وجہ سے مافیا کے ساتھ گٹھ جوڑ کر رکھا ہے۔

اس حوالے سے ایم او پی محمد سلیم کا کہنا ہے کہ منیار پاکستان فلائی اوور کے سامنے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان میٹروپولیٹن لاہور نے بتایا ہے کہ منیار پاکستان فلائی اوور کے سامنے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔

پنجاب کے ہر ورکر کی صحت اورحفاظت کیلئے پرعزم ہوں، مریم نواز
دوسری جانب کام کی جگہ پر حفاظت اور صحت کے عالمی دن کے موقعہ پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا پیغام۔ مریم نواز نے کہا مالکان کوورکرز کا تحفظ اور صحت مند ماحول یقینی بنانا چاہیے۔ ملازمین کی صحت اور حفاظت کی پروا نہ کرنے والی کمپنی کو جرمانہ ہو گا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کام کی جگہ پر حفاظت اور صحت کےعالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اکوپیشنل سیفٹی ڈے منانے کا مقصد ورکرز کا ورک پلیس پر تحفظ یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

پنجاب حکومت مری میں سیاحوں کے لئے کیا کیا اقدامات کرنے والی ہے؟

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کے ہر ورکر کی صحت، بہبود اور حفاظت کے لیے پرعزم ہوں، کارکن کی حفاظت سب سے پہلے ہے، بحفاظت گھر واپس یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نجی اداروں کے اشتراک سے آکو پیشنل سیفٹی مہم شروع ہے، کار خانوں، دفاتر، تعمیراتی مقامات اور کھیتوں میں سیفٹی کلچرکا شعورضروری ہے، سیفٹی ایکٹ اور ٹریننگ کر کے حادثات کو روک سکتے ہیں۔

وزیراعلی اور گورنر پنجاب پولیس کی یونیفارم قانونی طور پرپہن سکتے ہیں، پولیس

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مالکان کو ورکرز کا تحفظ اور صحت مند ماحول یقینی بنانا چاہیئے، ملازمین کی صحت اور حفاظت کی پروا نہ کرنے والی کمپنی کو جرمانہ ہو گا، آکوپیشنل سیفٹی حکومت کی ذمہ داری ہے، عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

محسن نقوی کا نادرا سینٹر کا دورہ، شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیے

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور شملہ پہاڑی میں نادرا سینٹر کا دورہ کیا جبکہ شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز وفاقی وزیر داخلہ نے لاہور میں شملہ پہاڑی کے نادرا سینٹر کا دورہ کیا، محسن نقوی کی آمد پر نادرا سینٹر میں شدید رش نظر آیا جبکہ شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیے۔

وفاقی وزیرداخلہ کا پولیس سہولت مرکز کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کردیا

محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات پر اسٹاف کی کمی کا نوٹس لے لیا اور نادرا سینٹر شملہ پہاڑی کو بہت جلد مثالی سینیٹر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے سینٹر میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی دریافت کیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی شکایات کا جلد ازالہ کیا جائے گا، میں نے سینٹر کا وزٹ کرکے تمام حالات کار کا خود جائزہ لیا ہے، شہریوں کی شکایات، تاخیر اور انتظار کی زحمت کو جلد ختم کر دیں گے، آپ کے مسائل حل کرنا کوئی احسان نہیں، یہ آپ کا حق اور ہماری ذمہ داری ہے۔

دریں اثنا محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے بزرگ شہری نے کہا کہ آپ آگئے ہیں ہمارے مسئلے حل ہو جائیں گے، آپ کا بہت نام ہے، یقین ہے کہ نادرا سینٹر کو بھی آپ ہی بہتر بنائیں گے۔

خیبر پختونخوا؛ تحصیل کونسل کے چیئرمینز کی 6خالی نشستوں پر پولنگ جاری

پشاور: خیبر پختونخوا میں تحصیل کونسل کے چیئرمینز کی 6 خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام تحصیلوں میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا اور پولنگ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ علی الصبح خواتین بھی اپنے ووٹ کے حق کے استعمال کے لیے پولنگ اسٹیشنوں پر موجود ہیں۔

پولنگ کے عمل کی نگرانی کے لیے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز اور ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک ہیں۔ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ مرکزی کنٹرول روم سے لوکل گورنمنٹ ضمنی انتخابات کی مانیٹرنگ جا رہی ہے، پولنگ یا انتخابی عمل کے دوران قانون کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحصیل کونسل کی 6 نشستیں استعفے کی وجہ سے خالی ہوئیں۔

غیر ملکی ماہرین کی خدمات کیلیے قوانین میں نرمی کی سمری منظور

اسلام آباد: بیوروکریسی پرعدم اعتماد، وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کیلیے قوانین میں نرمی کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق بیوروکریسی کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان کو سعودی، برطانوی اور کویتی سرمایہ کاری کیلیے منصوبوں کے تیاری میں مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ تاہم حالیہ پیش رفت سعودی عرب سے پانچ ارب ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری کا نتیجہ ہے جس میں سرمایہ کاری پر سعودیہ کو راغب کرنے کیلیے پرکشش منافع کے منصوبے پیش کیے گئے ،ان پر شرح منافع 14 سے 50 فیصد تک ہے۔ 50 فیصد منافع گرین فیلڈ مائن ڈیولپمنٹ خضدار پر دیا گیا ہے جوکہ ریکوڈیک اور تھر کول کے بعد کان کنی کا تیسرا بڑا منصوبہ ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ان منصوبوں پر بریفنگ کے حوالے سے پاکستانی بیوروکریسی اتنی تربیت یافتہ نہیں تھی جتنی تیاری سعودی وفد نے کر رکھی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ بیوروکریسی میں مہارت کے فقدان کی ایک وجہ یہ ہے کہ وفاقی سیکریٹری ہر فن مولا تو ہوتا ہے مگر کسی خاص شعبے کا ماہر نہیں ہوتا، اسے کسی بھی وقت خزانہ، پاور، پلاننگ، بورڈ آف انوسٹیمنٹ، پٹرولیم، صنعت، تعلیم کا سیکریٹری تعنیات کیا جا سکتا ہے، چند ماہ بعد کسی دوسری وزارت یا وزیراعظم آفس بھیجا جا سکتا ہے۔
کابینہ ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے نامور کنسلٹنگ فرموں کی خدمات حاصل کرنے کیلیے خصوصی عمل کی منظوری دی ہے۔ اسپیشل انوسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے غیر ملکی ماہرین کی خدمات کے حصول کے سپیشل پروگرام پر غورخوص کے بعد وفاقی حکومت کو رواں ہفتے پی پی آر اے آرڈیننس اور دیگرقوانین سے استثنیٰ کی سفارش کی کہ قومی مفاد میں بورڈ آف انوسٹمنٹ آرڈیننس 2001 کے سیکشن 10ایف کے تحت پانچ سالہ پروگرام کیلئے نامور کنسلٹنٹس کی خدمات کے حصول کیلیے استثنیٰ دیا جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں آئی ایم ایف نے بھی اسپیشل انویسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل کے پاس غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے خصوصی اختیارات نہ ہونے پرتشویش کا اظہار کیا تھا، جس پر حکام نے موقف اختیار کیا کہ غیر ملکی کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے پر چار سے چھ مہینے ضائع کرنے کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا، انہیں ترجیحی بنیادوں پرماہرین کی خدمات حاصل کرنے کیلئے فاسٹ ٹریک روٹ اختیار کرنا ہے۔

قوانین میں نرمی کے بعد کنسلٹنگ فرمز وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اسپیشل انوسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل اور اسپیشل جوائنٹ کمیٹی کے سفارش کردہ فریم ورک کی تحت کام کریں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کیلیے میکینری انٹرنیشنل کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسے ادائیگی بلز اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کرے گی۔

پہلے اوور میں 50 وکٹیں، شاہین آفریدی دنیا کے پہلے بولر بن گئے

کراچی: شاہین آفریدی پہلے اوور میں 50 وکٹیں لے کر دنیا کے پہلے بولر بن گئے۔

فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز کے پانچویں اور آخری ٹی 20 میں انفرادی ریکارڈ قبضے میں کرلیا، وہ مختصر فارمیٹ میں ابتدائی اوور میں 50 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے، انھوں نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے اپنے ابتدائی اوور میں کیوی اوپنر ٹام بلنڈل کو پویلین چلتا کیا۔

لیفٹ آرم پیسر نے اسٹیڈیم میں موجود شعیب اختر کو وکٹ کے حصول پر ان کا انداز اپناکر خراج تحسین بھی پیش کیا، پہلے اوور میں 50 وکٹیں اڑاکر وہ سرفہرست ہیں۔

بھارتی پیسر بھونیشور کمار اب تک اپنے پہلے اوور میں 43 شکار کرچکے ہیں، انگلینڈ کے ڈیوڈ ویلی 41 جبکہ دیگر پاکستانی پیسرز محمد عامر اور سہیل تنویر بالترتیب 38 اور 35 وکٹیں اڑانے میں کامیاب رہے ہیں ۔

برطانیہ میں لڑکیوں سے جنسی زیادتی پر 24 ملزمان کو 346 سال قید کی سزا

برطانیہ میں 8 نوجوان لڑکیوں سے جنسی زیادتی میں ملوث 24 درندہ صفت افراد کو مجموعی طور پر 346 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

لیڈز کراؤن کورٹ نے جنسی زیادتی میں ملوث ملزمان کو سزاسنائی، جنسی زیادتیوں، بدسلوکی اور اسمگلنگ کے واقعات انگلینڈ کے علاقے ویسٹ یارکشائر میں 1999 سے 2012 کے دوران پیش آئے تھے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ملزمان کی شناخت ظاہر کرنے پر عائد پابندی اب اٹھا دی گئی، جن افراد کو سزا سنائی گئی ہے ان میں سرفراز ریاض کو 15برس، ظفر اقبال کو 17 برس، ناصر اقبال کو 10 برس، توصیف حنیف کو ساڑھے 9 برس، علی شاہ کو 10 برس، محسن نادات کو ساڑھے 7 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

اس کے علاوہ محمد چھوٹیا کو 17 برس، بلال پٹیل کو 13 برس، آصف کو 24 برس، سرفراز مناف کو ساڑھے 4 برس، محمد ناظم کو ساڑھے 7 برس عامر کو 8 برس، خرم رزاق کو 22 برس، ناصر کو 18 برس، ظفر قیوم کو 30 برس، مائیکل برنک شاہ کو 8 برس اور عمران مہربان کو 13 برس قید کی سزا سنائی گئی۔

برطانیہ میں سابق گرل گرینڈ کو خنجر گھونپنے والے بھارتی طالب علم کو 16 سال قید

اسی طرح سارا کوتیاسین کو 15 برس، انصار قیوم کو 20 برس، جبار قیوم کو 13 برس، محمد عمران کو 15 برس، سلیم ناصر کو 19 برس، عرفان خان کو 12برس اور عمر فاروق کو 18 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

اسرائیل کیخلاف احتجاج پر امریکی یونیورسٹیوں میں 600 طلبہ گرفتار

غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 32 فلسطینی شہید اور انہتر زخمی ہوگئے، امریکا سمیت دنیا بھر میں فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاجی مظاہرے جاری ہے، احتجاج پر 600 سے زائد طلبہ کو گرفتار کرلیا گیا، اسرائیل میں ایک بار پھر وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے خلاف احتجاج ہوا، حماس نے مخصوص تعداد میں یرغمالیوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کردی۔

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 12 فلسطینی شہید
غزہ میں اسرائیل کی و حشیانہ بمباری جاری ہے، فضائی حملے میں مزید 12 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق وسطی غزہ میں النصیرات اور البریج کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے 4 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ رفاہ میں ایک گھر پر حملے سے بچوں سمیت 8 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل نے 32 فلسطینیوں کو شہید اور 69 کو زخمی کردیا، شہداء کی مجموعی تعداد 34 ہزار 338 ہوگئی جبکہ 77 ہزار 437 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطین کےحق میں مظاہروں میں شدت، مزید 100 طلبہ گرفتار

امریکا سمیت دنیا بھر میں فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاجی مظاہرے
امریکا سمیت دنیا بھر میں فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، برطانیہ، اٹلی، فرانس اور آسٹریلیا میں طلبہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔

مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور غزہ جنگ فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

امریکی جامعات میں بھی احتجاج جاری ہے، کولمبیا یونیورسٹی میں طلبہ کی جانب سے قائم کیے گئے احتجاجی کیمپ کا آج 11 واں روز ہے، اس کے علاوہ جارج واشنگٹن یونیورسٹی میں بھی احتجاجی کیمپ لگا دیا گیا۔

امریکی یونیورسٹیوں میں احتجاج پر 600 سے زائد طلبہ کو گرفتار کیا گیا ہے، کئی جامعات میں طلبہ کو معطل کرنے کی دھمکیاں دے دی گئیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے امریکا میں پُرامن مظاہرین کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیل میں ایک بار پھر وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف احتجاج
اسرائیل میں ایک بار پھر وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے خلاف احتجاج ہوا، مقبوضہ بیت المقدس میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

امریکہ نے اسرائیل کی اہم ترین بٹالین پر پابندی کا فیصلہ کرلیا

عرب میڈیا کے مطابق تل ابیب میں ہزاروں مظاہرین نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نتین یاہو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے یرغمالیوں کی فوری رہائی کے لیے معاہدہ کرنے کا اور اسرائیل میں فوری طور پر نئے انتخابات کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ ہو جائے تو رفح آپریشن ٹل سکتا ہے، یرغمالیوں کی رہائی ہماری ترجیح ہے۔

حماس نے یرغمالیوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کردی
اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حماس نے مخصوص تعداد میں یرغمالیوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی پر آمادگی مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

اس سے پہلے اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ ہو جائے تو رفح آپریشن ٹل سکتا ہے کیونکہ یرغمالیوں کی رہائی ہماری ترجیح ہے۔

امریکی یونیورسٹیوں میں مظاہرے ختم نہ ہونے پر اسرائیلی وزیراعظم چیخ اٹھے

اس کے علاوہ اسرائیل نے حماس کو دھمکی دی تھی کہ یرغمالیوں کی رہائی کی ڈیل قبول نہ کی تو رفح پر چڑھائی کردیں گے۔

حماس نے سیز فائر معاہدے کے لیے اسرائیلی حکام کی جانب سے جواب موصول ہونے کی بھی تصدیق کر دی ہے۔

ادھر حماس نے7 اکتوبرکویرغمال بنائے گئے 2 یرغمالیوں کی ویڈیو جاری کردی، جس میں 2 اسرائیلی یرغمالیوں کو دکھایا گیا ہے، ویڈیو میں نظر آنے والا ایک یرغمالی کیتھ سیموئل سیگل اسرائیلی نژاد امریکی ہے۔

ویڈیو میں 64 سالہ کیتھ سیگل اور 47 سالہ عمری میران اپنے گھروں کو محبت کا پیغام بھیج رہے ہیں اور رہائی کے لیے کہہ رہے ہیں۔

امریکی سینیٹر برنی سینڈرز کی اسرائیلی وزیراعظم پر سخت تنقید
امریکا کے آزاد خیال یہودی سینیٹر برنی سینڈرز نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو امریکی عوام کی عقل و دانش کی توہین نہ کریں۔

اپنے ویڈیو بیان میں سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ یہود دشمنی کے نعرے کی آڑ میں متعصبانہ اقدامات پر پردا نہیں ڈالا جا سکتا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے بدھ کے روز امریکا بھر میں جاری احتجاج کو یہود دشمن قرار دیا تھا۔

برنی سینڈرز نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کی مالی اور فوجی امداد بند کرے۔

پاکستان نے سوا ارب ڈالر موبائل فونز کی درآمد پر اڑا دیے

پاکستان نے رواں مالی سال 2023-24 کے پہلے 9 مہینوں (جولائی تا مارچ) کے دوران 1.301 بلین ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 462.700 ملین ڈالر کے مقابلے میں 181.26 فیصد زیادہ ہے۔

پاکستان کے شماریات بیورو کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مارچ 2024 میں پاکستان کی موبائل فون کی درآمدات ماہانہ بنیادوں پر 4.87 فیصد کم ہوئیں اور فروری 2024 میں 160.90 ملین ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں 153.051 ملین ڈالر رہیں۔

موبائل فون کی درآمدات میں مارچ 2024 میں سالانہ کی بنیاد پر 930.92 فیصد اضافہ ہوا جو کہ مارچ 2023 میں 14.846 ملین ڈالر تھی۔

جولائی تا مارچ 2023-24 کے دوران ملک میں ٹیلی کام کی مجموعی درآمدات 1.623 بلین ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 744.971 ملین ڈالر تھیں، جس میں 117.90 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سالانہ بنیادوں پر، ٹیلی کام کی مجموعی درآمدات میں 422.58 فیصد کا اضافہ ہوا ۔ مارچ 2023 میں 36.175 ملین ڈالر کے مقابلے مارچ 2024 میں 189.042 ملین ڈالر درآمدات رہیں۔

ماہانہ کی بنیاد پر، مارچ 2024 میں ٹیلی کام کی مجموعی درآمدات میں 1.13 فیصد کمی ہوئی، جو فروری 2024 کے دوران 191.201 ملین ڈالر تھیں۔

مقامی مینوفیکچرنگ/اسمبلنگ پلانٹس نے سال 2024 کے پہلے دو مہینوں (جنوری۔۔ فروری) کے دوران 6.1 ملین موبائل ہینڈ سیٹ تیار/اسمبل کیے جبکہ ے 0.3 ملین تجارتی طور پر درآمد کیے گئے۔

سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ مقامی مینوفیکچرنگ/اسمبلنگ پلانٹس نے فروری کے دوران 3.83 ملین موبائل ہینڈ سیٹ تیار/اسمبل کیے جبکہ تجارتی طور پر 0.06 ملین درآمد کیے گئے۔

اس کے علاوہ، مقامی طور پر تیار کردہ/اسمبل کردہ 6.1 ملین موبائل فون ہینڈ سیٹس میں 2.78 ملین 2G اور 3.35 ملین اسمارٹ فونز شامل ہیں۔ پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق، 60 فیصد موبائل ڈیوائسز اسمارٹ فونز ہیں، اور 40 فیصد پاکستان نیٹ ورک پر 2G ہیں۔

سال 2023 کے دوران موبائل ہینڈ سیٹس کی مقامی مینوفیکچرنگ/اسمبلنگ میں تقریباً چار فیصد کی کمی واقع ہوئی، جس کی وجہ موبائل فونز کے پارٹس کے لیے لیٹر آف کریڈٹ (LCs) کھولنے پر پابندی کے باعث پیدا ہونے والے درآمدی مسائل ہیں۔ تاہم سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پابندیوں کے باوجود، اس عرصے کے دوران موبائل ہینڈ سیٹس کی درآمدات میں اضافہ ہوا۔

پانچواں ٹی 20: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر سیریز برابر کردی

لاہور: پانچ میچوں پر مشتمل سیرز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 9 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے ہدف 179 رنز کے تعاقب میں پوری کیوی ٹیم 19.2 اوورز میں 169 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پانچویں اور آخری میچ میں پاکستان کی کامیابی کے بعد سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی، ایک میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم سیفرٹ 52 اور جوش کلارکسن 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مائیکل بریسول نے 23، جیمز نیشم نے 16 اور مارک چیپمین نے 12 رنز بنائے، انکے علاوہ کوئی بھی کیوی بیٹر ڈبل فگرز میں داخل نہیں ہوسکا۔

پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، اسامہ میر 2، شاداب خان اور عماد وسیم ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

بابر اعظم نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان 43 اور عثمان خان 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

افتخار احمد 6 اور صائم ایوب ایک رن بناسکے، شاداب خان 15 اور عماد وسیم 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے جیمز نیشم، ایش سودھی، بین سیئرز، ولیم اوروروک اور زکارے فولکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، عثمان خان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین آفریدی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد عامر

نیوزی لینڈ: مائیکل بریسویل (کپتان)، ٹام بلنڈل، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، زیک فولکس، کول میک کونچی، جیمز نیشم، ول اوورکے، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، ایش سودھی

عوامی ردعمل پر شکار پور سے کراچی بھیجے گئے پولیس اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری

کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن نے عوام اور سیاسی حلقوں کی جانب سے دیے گئے شدید ردعمل کے بعد ضلع شکارپور سے کراچی رینج تبدیل کیے گئے 79 میں 74 پولیس اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ شکار پور سے کراچی تبادلہ کیے جانے والے 79 پولیس اہلکاروں کو کوئی پوسٹنگ نہیں دی جائے گی، مذکورہ پولیس اہلکاروں کو گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر ساؤتھ میں قائم بی کمپنی منتقل کیا جا رہا ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ تبادلہ کیے جانے والے 79 پولیس اہلکاروں کو کوئی پوسٹنگ نہیں دی جائے گی، مذکورہ اہلکاروں کے خلاف ملزمان کے ساتھ روابط سمیت دیگر شکایات موصول ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے شوکاز نوٹسز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ آئی جی سندھ کی ہدایت پر مذکورہ پولیس اہلکاروں کو گارڈن پولیس ہیڈکوارٹرز ساؤتھ میں قائم بی کمپنی منتقل کیا جا رہا ہے اور تمام 79 پولیس اہلکاروں کے خلاف انکوائری کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، جس کی روشنی میں ہی مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔