وزیراعظم کی ایک ماہ میں محمد بن سلمان سے دوسری ملاقات ،سرمایہ کاری پر بات چیت

دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، شہباز شریف کی ایک ماہ کے اندر محمد بن سلمان سے یہ دوسری ملاقات ہے۔

وزیراعظم نے اتوار کی شام ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے دیے گئے خصوصی ڈائیلاگ اور گالا ڈنر میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران وزیر اعظم نے شاہی ولی عہد شہزادہ سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ڈبلیو ای ایف کے خصوصی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور میزبانوں کے شاندار انتظامات پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی۔

اپریل میں دونوں کے درمیان یہ دوسری ملاقات تھی۔ ان کی ملاقات اس سے قبل 8 اپریل کو ہوئی تھی جب شہباز شریف رمضان المبارک میں عمرہ کرنے سعودی عرب میں تھے۔

اپنی سابقہ ​​ملاقات کو یاد کرتے ہوئے، وزیراعظم نے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ اختیاراتی وفد پاکستان بھیجنے پر ولی عہد شہزادہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس وفد نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔

محمد بن سلمان سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنے ساتھ ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کو ریاض لائے ہیں، جس میں سرمایہ کاری کے ذمہ دار اہم وزراء بھی شامل ہیں، تاکہ متعلقہ حکام کے درمیان فالو اپ میٹنگز ہو سکیں۔

وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صحت، خوشی اور درازی عمر کے لیے اپنی دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے شاہی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

ٹانک : سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز کے ضلع ٹانک میں آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا جس دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو تلاش کرکے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ آپریشن 28 اور 29 اپریل کی درمیانی شب کیا گیا جس میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جب کہ ہلاک دہشتگرد دہشتگردی کی متعددکارروائیوں میں ملوث تھے۔

 آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ مقامی لوگوں نے سکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

عالمی عدالت سے اسرائیلی وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا امکان

غزہ: عالمی عدالت انصاف کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو سمیت وزیر دفاع یواف گیلنٹ اور آرمی چیف ہرزی حلیوی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا امکان ہے۔اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق عالمی عدالتِ انصاف غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی بربریت کی تحقیقات کررہی ہے اور اس تحقیقات میں اسرائیلی حکومت کو وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا امکان ہے۔کہا جارہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف رواں ہفتے ہی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو، اسرائیلی آرمی چیف ہرزی حلیوی اور اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر غور کررہی ہے۔عالمی عدالت انصاف کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کی اطلاعات پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو شدید خوفزدہ ہوگئے ہیں جبکہ اس خبر پر اسرائیلی حکام کی جانب سے گہری تشویش کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرفتاری سے خوفزدہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر جوبائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی قیادت کے وارنٹ گرفتاری روکنے کے لیے عالمی عدالت انصاف پر دباؤ ڈالیں۔
دوسری جانب اسرائیل وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کی جانب سے اسرائیلی قیادت کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونا اسرائیلی فوج کے لیے بڑا نقصان ہوگا۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ حماس غزہ کی آبادی کو اپنے لیے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہا ہے۔

چینی وفد پاکستان آگیا، 4 ارب یوآن سرمایہ کاری کرے گا

راولپنڈی: چینی سرمایہ کار 4 ارب یوآن کی سرمایہ کاری کیلیے پاکستان پہنچ گئے۔

چین کے سرمایہ کاروں کا بڑا وفد چینی صوبہ خانان کے چیئرمین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عانگ جن عا کی قیادت میں پاکستان پہنچ گیا ہے، وفد میں چین چیمبر آف کامرس پاکستان کمیونٹی کے چیئرمین شیخ فرمان بھی شامل ہیں۔

وفد نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی اور پاکستان میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے، بھیڑ بکریوں کی افزائش، سبزی، پھلوں پیداوار میں اضافہ، پلاسٹک پرانے ٹائروں سے ماحول دوست ٹیکنالوجی ساتھ بلیک ایل تیار کرنے کے شعبہ میں 4 ارب یوآن سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کے پاکستان چین دوستی کوہ ہمالیہ سے بلند سمندر سے گہری ہے پاکستان سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں، پاکستان ہر سرمایہ کار کا مکمل تحفظ سیکورٹی بھی فراہم کریگا، مکمل ون ونڈو سہولیات کر دی گئی ہیں، چائنیز وفد جس شعبہ میں چاہے سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔

وفد کے سربراہ نے کہا پاکستان چین کی جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر ہر شعبہ میں ترقی کر سکتا ہے، شیخ فرمان نے کہا کے وفد 31 دسمبر تک 4 ارب یوآن کی سرمایہ کاری کریگا۔

وزیراعظم کی بل گیٹس سے ملاقات، پاکستان میں جاری سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم کی ریاض میں ڈبلیو ای ایف کے خصوصی اجلاس کے موقع پر بل گیٹس سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کے شعبوں میں جاری سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے پہلے دونوں رہنماؤں نے عالمی اقتصادی فورم کے ایک اعلیٰ سطحی پینل مباحثے میں شرکت کی تھی جس کا عنوان ’’عالمی صحت کے ایجنڈے کی نئی تعریف‘‘ تھا۔

وزیر اعظم نے اپنے دوبارہ انتخاب پر بل گیٹس کے تہینیتی خط پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے سابقہ دور حکومت کے دوران بل گیٹس کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان مضبوط شراکت داری کو یقینی بنانے کے لیے مسٹر گیٹس کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے دیرینہ تعاون پر بی ایم جی ایف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان کے حتمی مقصد تک پہنچنے کے لیے تمام شراکت داروں کی طرف سے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔

مسٹر بل گیٹس نے پنجاب میں بطور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے حفاظتی قطروں کے پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے اس طرز عمل کو ملک بھر میں پھیلانے کی تجویز دی۔

مسٹر گیٹس نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ مستقبل کی نسلوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک قابل اعتماد شراکت دار ہے اور آئی ٹی، اسٹیم STEM تعلیم اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون فراہم کرتا ہے۔ فروری 2022 کے مسٹر گیٹس کے دورہء پاکستان کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے انہیں اپنی سہولت کے مطابق دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ، پہلی بار 73 ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور

کراچی: وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب اور وزیرخزانہ کے دورہ واشنگٹن میں اہم پیشرفت، آئی ایم ایف کی نئے پروگرام پر رضامندی سے اسٹاک مارکیٹ میں بھرپور تیزی آگئی۔

مثبت معاشی اشاریوں و توقعات سے 100 انڈیکس نے نیا تاریخ ساز ریکارڈز قائم کرلیا۔ کاروبار کے آغاز میں ہی ہنڈریڈ انڈیکس نے 73 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح عبور کرلی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی 403 پوائنٹس کی تیزی آگئی جس کے نتیجے میں ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس نے 73000پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرلی۔ 100 انڈیکس بڑھ کر 73099پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

نجکاری پلان، آئی ایم ایف سے مثبت مذاکرات پر انویسٹرز پراعتماد ہیں جس سے کاروبار میں مسلسل تیزی ہے اور انڈیکس نئی بلندیوں کی جانب پرواز کر رہا ہے۔ مقامی فنڈز اور غیرملکی انویسٹرز کی سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے وابستہ مثبت توقعات اور جاری پروگرام کی آخری قسط کے ممکنہ اجراء کے بعد نئے قرض پروگرام کے حصول کے لیے مذاکرات کے دور شروع ہونے جیسے عوامل کیپیٹل مارکیٹ پر اثرانداز ہیں۔ غیرملکی سرمایہ کار اور مقامی فنڈز شعبہ جاتی بنیادوں پر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کررہے ہیں جس سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کا مجوزہ شیڈول آئی سی سی کو ارسال، بھارت کے میچز شامل

لاہور: چیمپئنز ٹرافی کی پاکستان میں میزبانی کیلیے شیڈول آئی سی سی کو ارسال کردیا گیا، جس میں بھارت کے میچز پاکستان میں ہی رکھے گئے ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں تمام میچز کا شیڈول آئی سی سی کو بھجوا دیا، کوشش ہے ایک اچھے انداز میں ٹورنامنٹ کا انعقاد کریں، اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 7 مئی کو ہماری انٹرنیشنل بڈ ہے، ایسی کمپنیاں ہوں گی جو انٹرنیشنل اسٹیڈیمز کا تجربہ رکھتی ہیں، بوجوہ ہم تاخیر کا شکار ہیں، 5ماہ میں کام مکمل کرنے کیلیے سخت محنت کرنا ہوگی، ہم اس حوالے سے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

پاکستان کیلیے 1.1 ارب ڈالر کی قسط کی منظوری آج دیے جانے کا امکان

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے آج پاکستان کے دوسرے اقتصادی جائزہ اور ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی قسط کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔

وزارتِ خزانہ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج ہوگا جس میں پاکستان کے لیے 1.1 ارب ڈالر قسط کی منظوری متوقع ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کا کیس منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، منظوری کے بعد اسٹینڈ بائے ارینجمنٹ معاہدہ کے تحت پاکستان کو تیسری اور آخری قسط موصول ہوگی۔

اسٹینڈ بائے ارینجمنٹ معاہدہ کے تحت پاکستان آئی ایم ایف سے 1.9 ارب ڈالر موصول کرچکا ہے جبکہ معاہدے میں رہتے ہوئے پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اہداف پر عمل درآمد کیا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض پروگرام کے لیے معاشی ٹیم کے مذاکرات آئندہ ماہ ہوں گے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق نئے قرض پروگرام کے تحت مذاکرات کے لیئے آئی ایم ایف وفد مئی میں پاکستان آئے گا۔

چیئرمین پی سی بی کا ٹیم میں ’مسائل‘ کا اعتراف

 لاہور:  ’کھلاڑی متحد ہوں تو پھر جیت بھی حاصل ہوتی ہے‘ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیم کے اتحاد میں مسائل کا اعتراف کرلیا۔قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیوزی لینڈ کیخلاف 5ویں ٹی 20میں ٹیم متحد ہوئی تو آپ نے دیکھا کی جیت بھی حاصل ہوئی، ٹیم میں چھوٹے موٹے مسائل بھی ہوں تو مشکلات ہوتی ہیں، نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے سوال کیا کہ آپ نے کہا کہ جب ٹیم متحد ہوئی تو وہ جیت گئی۔ کیا آپ نے اس سے پہلے کوئی مسئلہ محسوس کیا تھا؟محسن نقوی نے ان مسائل کے اعتراف کے ساتھ ساتھ ٹیم کے اندر چیلنجز سے نمٹنے کیلیے ایک عملی نقطہ نظر بھی بتایا، انھوں نے کہا کہ دیکھو، ہر جگہ مسائل ہوتے ہیں، یہاں تک کہ اگر ایک گھر میں دو بھائی ہوں تو ان کے بھی مسئلے ہوتے ہیں، اگر ہم کہیں کہ کوئی نہیں تو ہم صرف اچھی بات چیت میں مصروف ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ٹیم اب متحد ہے، میری سوچ الگ، اگلا بندہ کسی اور سوچ کے ساتھ آئے گا، استحکام آئے تو سب کا فائدہ ہوگا، ہماری پہلی ترجیح ہر شعبے میں استحکام لانا ہے۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ بابراعظم کے بارے میں فیصلہ سلیکشن کمیٹی پر چھوڑ دیا ہے، میری خواہش ہے ان کی کپتانی کا فیصلہ طویل عرصے تک رہے، ابھی بابر اعظم چیمپئنز ٹرافی 2025 تک کیلئے کپتان ہیں، نائب کپتان کے انتخاب سمیت کس پلیئر کو لانا کس کو نہیں ، یہ اختیار میرے نہیں سلیکشن کمیٹی کے پاس ہے۔

ان کا کہنا تھا اس وقت حکومت اور کرکٹ بورڈ مستحکم ہے، تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، ہم نے غیر ملکی کوچز کے ساتھ مقامی کوچز کا کمبی نیشن بنایا ہے، ہمیں اپنی غلطیوں کی نشاندہی کر کے انھیں بہتر کرنا ہے، غیر ملکی کوچز کو لانے کا مقصد ٹیم کی بہتری ہے، کسی کھلاڑی کو انگلش نہیں آتی تو وہ اظہر محمود سے سیکھے گا۔

احسان اللہ کی انجری سے متعلق رپورٹ جلد بورڈ کو وصول ہونے کا امکان

لاہور: پیسر احسان اللہ کی انجری کے بارے میں میڈیکل پینل کی رپورٹ ایک، دو روز میں موصول ہوگی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ احسان اللہ کے علاج کے حوالے سے شکایت ملی تھی، منگل، بدھ تک پینل کی رپورٹ آجائیگی، ابھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا لیکن جو بھی ذمہ دار ہوگا، اس کے خلاف ایکشن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب کرکٹرز اہم ہیں، فٹنس مسائل کے حل کیلیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، ری ہیبلی ٹیشن سنٹر قائم کرنے کیلیے بھی کام جاری ہے۔

وزیراعظم کی آئی ایم ایف کی سربراہ سے ملاقات، نئے قرض پروگرام پر تبادلہ خیال

 اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان سعودی عرب میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے دوران غیررسمی اہم ملاقات ہوئی جہاں پاکستان کے ایک اور قرض پروگرام میں داخل ہونے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات کے دوران کرسٹالینا جارجیوا کا گزشتہ سال آئی ایم ایف سے 3 ارب امریکی ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) حاصل کرنے میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے دو بارہ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد یہ ان کی ایم ڈی آئی ایم ایف کے ساتھ پہلی ملاقات تھی، اس سے قبل جون 2023 میں پیرس میں سمٹ فار نیو گلوبل فنانشل پیکٹ کے دوران ملاقات ہوئی تھی۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس کل متوقع ہے، جس میں ممکنہ طور پر ایس بی اے کے تحت  1.1 ارب امریکی ڈالرز کی حتمی قسط کا فیصلہ کیا جائے گا، ملاقات کے دوران ایم ڈی آئی ایم ایف نے پچھلے سال اسٹینڈ بائے ارینجمینٹ کے حوالے سے وزیراعظم کی قائدانہ کردار کو سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی سربراہ کو بتایا کہ ان کی حکومت پاکستان کی معیشت کو دوبارہ پٹڑی پر لانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں اپنی مالیاتی ٹیم کو اصلاحات کرنے، سخت مالیاتی نظم و ضبط یقینی بنانے اور ایسی دانش مندانہ پالیسیوں پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے جو میکرو اکنامک استحکام اور پائیدار اقتصادی ترقی یقینی بنائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اور کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کے آئی ایم ایف کے ایک اور پروگرام میں داخل ہونے پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ گزشتہ سال حاصل ہونے والے فوائد مستحکم کیے جائیں اور اس کی اقتصادی ترقی کی رفتار مثبت رہے۔

ملاقات کے دوران آئی ایم ایف کی سربراہ نے پاکستان کے ساتھ جاری پروگرام بشمول جائزہ کے عمل کے بارے میں اپنے ادارے کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو ان کی سہولت کے مطابق دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم کی امیر کویت سے بھی ملاقات

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی اور اپنے دوبارہ انتخاب پر امیر کے تہنیتی خط پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو امیر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے جو کہ دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہو گا۔

پاکستان اور کویت نے نومبر 2023 میں تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے متعدد مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔

وزیراعظم اور امیر کویت کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورت حال بالخصوص غزہ کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے امیر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی ایک مرتبہ پھر دعوت دی۔

صوابی میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مزار کی تزئین و آرائش مکمل

صوابی: صوابی میں کیپٹن کرنل شیرخان شہید کےمزار کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی۔

شہید کے اہلخانہ کی فرمائش پر پاک فوج نے مزار کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کا کام 4 ماہ میں مکمل کیا، شہید کی زندگی کے حوالے سے یادگاری تصاویر اور زیر استعمال دیگر سامان بھی محفوظ کیا گیا، مزار کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش مکمل ہونے پر سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

ر کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے مزار کا افتتاح کیا، پھول رکھے۔

آئین کی بالادستی سے ہی ملک آگے بڑھے گا:چیئرمین سینیٹ

لاہور: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔

عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرےکےآگےبڑھنےمیں عدلیہ کا اہم کردارہوتا ہے، معاشرے عدل کی بنیاد پرہی ترقی کرتےہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مرحومہ عاصمہ جہانگیر نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا، 58 ٹو بی کےخاتمے پر عاصمہ جہانگیر بہت خوش تھیں، عاصمہ جہانگیرنےہمیشہ انسانی حقوق کےلیےآواز بلند کی، چارٹرآف ڈیموکریسی پرعملد رآمد کرانے کی ذمہ داری میری تھی۔