پختونخوا میں بارشیں جاری، گندم کی فصلیں بری طرح متاثر

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا میں بارشیں مسلسل جاری ہیں، جس کی وجہ سے گندم کی فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

صوبائی دارالحکومت پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، ملاکنڈ اور دیگر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نہروں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بھی ساتھ ساتھ بلند ہو رہی ہے۔

دریں اثنا بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو بروقت اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں 29 اپریل تک وقفے وقفے سے بارشیں جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

پورے پاکستان میں ہمارے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے گئے، عمر ایوب

اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے کہا ہے کہ پورے پاکستان میں ہمارے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے گئے۔

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو میں عمرایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی حق و سچ کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انھوں نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس توڑ پوڑ ایک سوچی سمجھی سازش تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کردی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر فوٹیج سامنے آئے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

امریکی صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ سے مباحثہ کرنے کی حامی بھر لی

امریکی صدر جوبائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مباحثہ کرنے کی حامی بھرلی ہے۔

صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ممکنہ ریپبلکن حریف ٹرمپ سے مباحثے کے لیے تیار ہوں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ سے مباحثہ کرکے خوشی ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نےکہا کہ وہ تیار ہیں لیکن کیا بائیڈن راضی ہیں، اگر وہ مباحثہ کرنا چاہتے ہیں تو ٹھیک ہے دونوں کے درمیان مباحثےکا انتظام کرتے ہیں۔

وزیراعظم آج سعودی عرب روانہ ہوں گے، اہم ملاقاتیں کرینگے

وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

دورہ سعودی عرب کے دوران شہباز شریف 28 سے 29 اپریل کو ریاض میں عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی ہوگی۔ سرمایہ کاری اور ولی عہد کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال ہوگا۔

شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات متوقع ہے، ملاقات میں نئی اقتصادی پیکیج پر تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیراعظم کی بل گیٹس سے ملاقات کا بھی امکان ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر حکام بھی ہمراہ ہوں گے۔

حنا آفریدی نے اپنی شادی، مستقبل کے شریک حیات اور طلاق کے بارے میں بتادیا

حال ہی میں اداکارہ حنا آفریدی ایک یوٹیوب شو میں نظر آئیں، جس کی میزبانی رابعہ مغنی نے کی۔ شو میں انہوں نے اپنی شادی کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے طلاق کے بڑھتے ہوئے تناسب پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔

لائف پارٹنر کے انتخاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حنا آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ محبت کی شادی کو ترجیح دیں گی۔ کیونکہ آپ کے لائف پارٹنر کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کا لائف پارٹنر ان کے کام کی نوعیت کو سمجھے، جہاں انہیں کبھی کبھی رات دیر تک کام سے آنا پڑتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسے ان کی فطرت کے بارے میں اندازہ ہونا چاہئے۔ ساتھ ہی حنا کا کہنا تھا کہ، ان کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ اپنے شوہر پر بھروسہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے والدین کے درمیان بہت مثبت اور محبت بھرا رشتہ دیکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں اپنے مستقبل کے شریک حیات سے زیادہ توقعات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں محبت اور احترام کی ضرورت ہے کیونکہ پیسہ دونوں ہی کما سکتے ہیں۔

طلاق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حنا آفریدی کا کہنا تھا کہ، طلاق کے حوالے سے میری ملی جلی رائے ہے، یہ ناکامی بھی ہوسکتی ہے اور یہ آزادی بھی ہو سکتی ہے۔ میں ففٹی ففٹی کہوں گی، کیونکہ اگر کسی نے ایک ظالم شوہر ہونے کی وجہ سے طلاق سے چھٹکارا پا لیا ہے، تو یہ ایک آزادی ہوگی۔ تاہم، اگر کوئی لڑکی اپنے شوہر کو اپنی انا میں چھوڑ دیتی ہے تو یہ ناکامی ہوگی۔

حنا آفریدی ایک شاندار پاکستانی اداکارہ ہیں۔ ان کا تعلق پشتو خاندان سے ہے۔ انہوں نے اپنے ٹیلی ویژن کیریئر کا آغاز ڈرامہ سیریل ”پہلی سی محبت“ سے کیا تھا۔

بنیادی طور پرحنا آفریدی نے اپنے کیریئر کا آغاز بیوٹی بلاگر کے طورپرکیا اور بعد میں انہوں نے ماڈلنگ میں قدم رکھا۔ انہوں نے بہت سے برانڈز کے لئے ایک ماڈل کے طورپرکام کیا۔

”پہلی سی محبت“ میں ان کے کردار ”بشریٰ“ نے بہت شہرت حاصل کی۔ وہ فی الحال ”اکھاڑہ“ میں اپنے کردار ”ریشما“ کے لئے تعریف وصول کر رہی ہیں۔ مداحوں نے انہیں اسامہ خان کے ساتھ ”کچا دھاگا“ میں بھی پسند کیا۔

حج آپریٹرز کی جعلی ویب سائٹس کا انکشاف، سعودی عرب نے الرٹ جاری کردیا

حج آپریٹرز کی جعلی ویب سائٹس کا انکشاف ہونے کے بعد سعودی عرب نے الرٹ جاری کردیا۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج پر زور دیا ہے کہ وہ غیر مجاز حج آپریٹرز اور جعلی ویب سائٹس سے محتاط رہیں۔ عازمین کو چاہیے کہ وہ سرکاری طور پر منظور شدہ چینلز کو استعمال کریں۔

وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ تسلیم شدہ چینلز سے خدمات حاصل کرنے سے عازمین حج کے حقوق کا تحفظ یقینی ہوتا ہے اور حج کی ادائیگی کا حقیقی موقع ملتا ہے۔

”ایکس“ اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک اپ ڈیٹ میں ، وزارت نے حج کے انتظامات کے لئے بنیادی منظور شدہ پلیٹ فارم کے طور پر اپنی سرکاری ویب سائٹ ، LOCALHAJ.HAJ.GOV.SA اور گھریلو عازمین کے لئے ”Nesk“ ایپ کو نمایاں کیا۔

اس کے علاوہ ”Nusk-Hajj“ پلیٹ فارم سرکاری حج مشنز اور کمپنیوں کے ساتھ ساتھ یورپ، امریکہ، آسٹریلیا اور منتخب ایشیائی اور افریقی ممالک کے عازمین حج کو بھی خدمات فراہم کرتا ہے۔

یہ انتباہ وزارت کی جانب سے گزشتہ ہفتے کیے گئے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں رواں سال عازمین حج کے لیے صحت کی مخصوص ضروریات کی وضاحت کی گئی تھی۔

کراچی: ایرانی ڈیزل کے گودام پر چھاپہ، 2 کروڑ 50 لاکھ مالیت کا ڈیزل ضبط

کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایرانی ڈیزل کے گودام پر چھاپہ مارا اور 2 کروڑ 50 لاکھ مالیت کا ڈیزل ضبط کرلیا۔

انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن نارتھ ناظم آباد میں کیا گیا، اس دوران ایرانی ڈیزل کے گودام سے 30 ملین روپے کی اشیاء ضبط کرلی گئیں۔

سیکیورٹی ادارے اور پولیس کی کارروئی کے دوران 3 منی ٹرک اور 10 لوڈ پک اپ گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔

تھائی لینڈ سے پاکستان لائے گئے 200 نایاب کچھوے پکڑے گئے

محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی کاوش سے تھائی لینڈ سےغیر قانونی طور پر درآمد کیے گئے نایاب کچھوے تحویل میں لے لیے۔

محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق کچھوے کی درآمد کرنا غیر قانونی ہے۔ وائلڈ لائف پنجاب کو 200 کچھوے تھائی لینڈ سے پاکستان لانےکی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔

وائلڈ لائف نے کسٹم حکام کو نایاب کچھوے درآمد کرنے کی اطلاع دی۔ جس کے بعد 15 کاٹنز میں ڈبل پیکنگ میں چھپا کر لائے کچھوے پکڑے گئے۔

حکام نے بتایا کہ کچھووں کو 100 کی پیکنگ بنا کر علیحدہ علیحدہ چھپایا گیا تھا۔

درآمد کرنے والے شخص سید اعزاز احمد کو بھی لاہور ائیر پورٹ پر بلایا گیا۔

وسیم اکرم نے پانڈیا کے ساتھ سلوک کو ’برصغیر‘ کا مسئلہ قرار دے دیا

نئی دہلی: سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے ہردیک پانڈیا کے ساتھ سلوک کو برصغیر کا مسئلہ قرار دے دیا۔

انھوں نے ممبئی انڈینز کے کپتان پر آئی پی ایل میچز کے دوران ہونے والی تنقید پر کہا کہ پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش میں یہ مسئلہ رہتا ہے، انھوں نے اس معاملے پر ممبئی کے کپتان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں شائقین کا مزاج ایسا ہی رہتا ہے، جو ماضی کی باتوں میں رہ کر تنقید کرتے رہتے ہیں اس کی بجائے انھیں کپتان کی حمایت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش میں رہتا ہے، ہم کبھی نہیں بھولتے، ہم اپنے بچوں کو بھی بتائیں گے کہ پانڈیا کے بچے کب پیدا ہوئے تھے، ہمیں انھیں یاد دلائیں گے کہ 20 سال پہلے وہ اس طرح کپتان بنا تھا، ہم آگے نہیں بڑھ پاتے۔

پہلا ٹی ٹوئنٹی: ویسٹ انڈیز نے پاکستان ویمن ٹیم کو ایک رن سے شکست دے دی

کراچی: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ویمنز سیریز کے پہلے میچ میں ایک رن سے شکست دے دی۔

میزبان ٹیم 123 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بناسکی، ویسٹ انڈیز کی کرشما رام ہریک نے پاکستان بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑاتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

پاکستان ویمن ٹیم کی جانب سے کپتان ندا ڈار 27 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بیٹر رہیں،سدرا امین نے 23، منیبہ علی نے 18، عالیہ ریاض نے 12، عائشہ ظفر نے 7 اور طوبیٰ حسن نے 6 رنز بنائے، ناجیہ علوی 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

کرشما رام ہریک نے صرف 15 رنز دے کر 4 وکٹیں اپنے نام کیں، کیانہ جوزف، ہیلی میتھوز اور ایفے فلیچر نے 1،1 وکٹ لی۔

قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے ویمن ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو کامیابی کے لیے 123 رنز کا ہدف دیا۔

نیشنل بنک اسٹیڈیم پر پانچ میچز پر مشتمل سیریز کے افتتاحی میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 122 رنز بنائے۔

مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر گرگئی، ون ڈے سیریز کے دو میچز میں سینچریز جڑنے والی کپتان ہیلی میتھیوز کوئی رن بنائے بغیر سعدیہ اقبال کی گیند پر ان کا کیچ ناجیہ نے لیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیانہ جوزف نے 34 سٹیفنی ٹیلر نے 30، رنز بنائے،چیڈن نیشن،عالیہ ایلاین،شنیل ہنری اور ایفے فلیچر نے 13 ،13 رنز بنائے،شیری این فریسر پانچ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

فاطمہ ثنا نے تین جبکہ سعدیہ اقبال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کپتان نداڈار، ڈائنا بیگ اور طوبہ حسن کو 1،1 وکٹ ملی۔

سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا، تیسرا 30 اپریل، چوتھا 2 مئی اور پانچواں میچ 3 مئی کو ہوگا، آئی سی سی ٹی ٹونٹی ویمن رینکنگ میں پاکستان کا 8 واں نمبر ہے، ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی چھٹی پوزیشن ہے۔

نظام انصاف ٹھیک ہونے تک کچھ ٹھیک نہیں ہوگا:فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپنے بھائی سے احتساب شروع کریں،عمران خان کچھ لوگوں کے بہکاوے میں تھے۔

بندوق کا ٹریگر ان سے چلوایا گیا۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کسی کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے تو ہر کسی کو جواب نہیں دیا جاتا، سوشل میڈیا پر منفی اور مثبت دونوں پہلو نمایاں ہیں۔ منفی افراد بڑے باپ کی بگڑی ہوئی اولاد ہیں یا پھر گھر داماد ہیں، ان کے پاس نوکریا ں نہیں ،اس لیے وہ اس قسم کے کاموں میں ملوث ہیں، دھرنوں سے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچ رہا ہے تو اس کا حل ڈھونڈیں۔ چاہے پیار سے یا قانونی طور پر ڈھونڈیں، احتساب کا وہ دن بڑا قریب ہے جس میں سیاہ یا سفید نہیں دیکھا جائے گا۔

جب تک انصاف کا نظام ٹھیک نہیں ہو گا، ملک میں کچھ بھی بہتر نہیں ہو سکے گا، حکومت نے روٹی سستی کی۔ عدالت نے حکم امتناعی دے دیا کہ روٹی سستی نہیں مل سکتی، روٹی مہنگی کرنے پرسٹے نہیں دیاگیا تھا، ہم قانون بنانےوالے ہیں توعمل بھی ہم ہی کرائیں گے، عدالتی نظام کوٹھیک کرنے کی ضرورت ہے،2018 کے رجیم چینج کے بعد عمران خان کو دو ججوں کے فون آئے اور کیس واپس لینے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ 9 مئی کواملاک جلانے پرقانون بدلنا پڑاتوبدلیں گے، میڈیا امین گنڈاپورکوبہت زیادہ اہمیت دے رہاہے،گنڈا پور کا دماغ ، زبان اور دل ایک دوسرے کا ساتھ نہیں دے رہے، عمران خان جیل میں ہیں اور ہرکوئی ان کی مقبولیت کافائدہ اٹھاناچاہتا ہے۔

پی ٹی آئی کے تمام رہنما دائیں بائیں سے رابطے میں ہیں،خدا کرے کہ وہ دن نہ آئے کہ انہیں سب کچھ سامنے لانا پڑے ۔کسی دن دماغ پھرا تو وہ سب کو بے نقاب کروں گا،بعض لوگ چاہتے ہیں کہ عمران خان جیل کے اندرہی رہیں اور ہم ان کی مقبولیت کا مزہ لیں،محسن نقوی قابل آدمی ہیں۔ انسان کچھ نہیں ہوتا کرسی ہوتی ہے جو آپ کو اختیار دیتی ہے، جب رانا ثناءاللہ جیل میں تھے اور میں وزیر تھا تو میں نے ان پر بوگس کیس کی مخالفت کی تھی۔ کہ وہ بوگس کیس ہے،فواد چودھری اور میں نے کابینہ میں مخالفت کی تھی ، عمران خان اس کیس پر پریشان تھے اور ہماری باتوں سے متفق تھے،راناثناءاللہ نے میراشکریہ بھی اداکیا۔

صدر آصف زرداری سے کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں،وہ میرے بڑے ہیں، میرا کسی جماعت سے تعلق نہیں، میں نے تحریری طور پر لکھ کر دیا ہے کہ میں کسی پارٹی کا نہیں،آزاد سینیٹرہوں،اپنے حق میں دستبردارہونے والوں کا بھی شکرگزارہوں، ڈیڑھ دوسال میں کابینہ میں تبدیلیاں نظرآرہی ہیں، عارف حبیب نے کسی جماعت کی حمایت نہیں کی لیکن وہ ہمیشہ اچھے مشورے دیتے ہیں، 9مئی میں جوملوث ہے اس کی بخشش نہیں ہوسکتی۔ پارٹی کے لوگوں نے عمران خان کو مروایا ہے،وہ کچھ لوگوں کے بہکاوے میں تھے۔ بندوق کا ٹریگر خان صاحب سے چلوایا گیا۔

میں نے خان صاحب کو کہا تھا کہ آپ پر گولیاں چلیں گی اور یہی وجہ ہے کہ خان صاحب کو بعد میں اس بات کا احساس ہوا،آرمی چیف پاکستان اورعوام کی بات کرتے ہیں۔ جہاں عوام کو ضرورت ہوتی ہے فوج وہاں موجود ہوتی ہے۔ پاک افواج کی قربانیوں کامذاق ناقابل برداشت ہے۔ منفی پرپیگنڈا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ منفی پروپیگنڈا ماردھاڑ اورجلاؤگھیراؤکاہے۔

تصویر کو شاعری میں بدلنے والا کیمرا ایجاد

سائنس دانوں نے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے ایک ایسا کیمرا بنایا ہے جو عام سی تصویر کو شاعری میں ڈھال سکتا ہے۔ ’پوئٹس کیمرا‘ نامی یہ کیمرا اے آئی کی مدد سے عام سی تصاویر اور پُر کشش مناظر کو شاعری میں ڈھال سکے گا۔

رپورٹس کے مطابق یہ ’پوئٹس کیمرا‘ ایک پولرائزڈ کیمرے سے مشابہت رکھتا ہے۔ البتہ، روایتی کیمرے کی طرح تصاویر کھینچنے کے بجائے، کیمرے میں لگے سینسر عکس بند کیے گئے مناظر کا تجزیہ کرتے ہوئے شاعرانہ اظہار میں ڈھال دیتے ہیں۔

کیمرے کے پیچ میں ایک سنگل-بورڈ کمپیوٹر نصب ہے جو تصویر کی شناخت کی صلاحیتیں رکھتا ہے۔ عکس بند مناظر کے تجزیے اور تصویر میں موجود رنگوں میں فرق، پس منظر اور جذبات کی نشان دہی کر کے مصنوعی ذہانت اشعار پیش کرتا ہے جس میں منظر کی اساس کی عکاسی ہوتی ہے، یہ اشعار بعد ازاں تصویر پر پرنٹ کر دیے جاتے ہیں۔

کیمرے کے تخلیق کاروں کے مطابق اس ڈیوائس کا اوپن سورس کوڈ کیمرے کو شاعری کے علاوہ دیگر انداز تحریر جیسے کہ آزاد نظم اور نثری انداز سے لکھنے کی صلاحیت بھی دیتا ہے۔

ہیڈ کوچ اظہر محمود نے شکست میں بھی مثبت پہلو تلاش کرلیے

لاہور: ہیڈ کوچ اظہر محمود نے چوتھے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم کی شکست میں بھی کئی مثبت پہلو تلاش کرلیے۔

نیوزی لینڈ سے مقابلے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹیم نے نیوزی لینڈ سے زیادہ باؤنڈریز لگائیں، بولرز نے زیادہ ڈاٹ بال کیں ،تاہم مہمان بیٹرز نے زیادہ ڈبل رنز بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پر تشویش ہے اور بہتری لانے کیلیے کام کررہے ہیں، عثمان خان نے جوش دکھاتے ہوئے چند اچھے اسٹروکس کھیلے مگر توقع کے مطابق اننگز نہیں کھیل پائے، ان کو کوشش کرتے دیکھ کر اچھا لگا، ورلڈکپ کیلیے پلیئنگ الیون نظر میں ہے، ابھی کچھ تجربات کررہے ہیں مگر سلیکشن کیلیے ہر طرح کے ہتھیار موجود ہیں۔