خیبر؛ پولیس پر حملوں اور طلبہ کے اغوا میں ملوث انتہائی مطلوب دہشتگرد مارا گیا

خیبر: پولیس اور سکیورٹی اہل کاروں کی فائرنگ سے انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق 25 اپریل کو خیبر میں فورسز کے ایک آپریشن میں فائرنگ کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد عظمت ہلاک ہوگیا۔

ہلاک دہشت گرد نے جمرود میں دینی مدارس کے 4 طلبہ کو اغوا کیا تھا اور انہیں کالعدم تنظیم میں شامل ہونےکی ترغیب دی تھی۔ دہشت گرد نے چاروں طلبہ کو افغانستان منتقل کیا، جن میں سے 2 کو افغانستان ہی میں دہشت گردی کی تربیت دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک طالب علم کو افغانستان سے واپسی پر گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ہلاک دہشت گرد عظمت کےسر کی قیمت لاکھوں میں مقرر تھی، جو سکیورٹی فورسز و پولیس پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔ دہشت گرد کے حملے میں خیبر میں 2 پولیس اہل کار شہید ہوئے تھے۔

بالی ووڈ اداکار ارباز خان نے فائرنگ کے بعد گلیکسی اپارٹمنٹ سے جانے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے بھائی ارباز خان نے فائرنگ کے واقعے کے بعد گلیکسی اپارٹمنٹ سے جانے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں خان کا کہنا تھا کہ اگر سلمان خان اور ان کا خاندان کسی دوسرے گھر میں منتقل ہو بھی جائے تب بھی دھمکیاں ختم نہیں ہوں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ“کیا آپ کو لگتا ہے کہ یہ پہلے کی طرح ختم ہو جائے گا؟ اگر آپ یہ سوچتے ہیں کہ کہیں اور منتقل ہوکر آںے والے خطرے کو دور کیا جاسکتا ہے اور اگر ایسا ہوتا، تو ہاں، کوئی بھی ایسا ہی کرتا۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ ختم ہونے والا نہیں ہے.

واضح رہے کہ 14 اپریل کو ٹائیگر اداکار سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ پر فائرنگ کے بعد سے ان کی ممکنہ منتقلی کے بارے میں افواہیں پھیل رہی تھیں۔

فائرنگ کے فورا بعد گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے اس حرکت کی ذمہ داری قبول کی جبکہ ممبئی پولیس نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ اس حملے کے پیچھے گینگ کا ہاتھ ہے۔

فائرنگ کے واقعہ کے بعد رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ سلمان خان اور ان کی فیملی اپنی حفاظت کے لئے باندرہ کی رہائش گاہ خالی کردیں گے۔

تاہم اب ان کے بھائی نے کہا ہے کہ اس حوالے سے سب سے بہتر یہ ہے کہ ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور اپنی زندگی کو جاری رکھا جائے۔

ارباز خان کے مطابق ان کے بھائی کی اس رہائش گاہ سے جزباتی وابستگی ہے، کیونکہ وہ اور ان کے والد سلیم خان کئی سالوں سے وہاں رہ رہے ہیں۔

چند روز قبل بھارت میں پولیس نے ممبئی میں خان کی رہائش گاہ پر مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والے وکی گپتا اور ساگر پال سمیت دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔اور واقعے میں استعمال ہونے والی دو بندوقیں بھی برآمد کی تھیں۔

وزیر پیداوار کا سرسبز یوریا کی قیمت میں اضافے کا سخت نوٹس

اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر نے کھاد کمپنی کی جانب سے سرسبز یوریا کی قیمت میں یکطرفہ اضافے کا سخت نوٹس لے لیا.

رانا تنویر نے کہا ہے کہ فرٹیلائزر کمپنی یکطرفہ اضافہ واپس لے، فرٹیلائزر کمپنی سرسبز یوریا کی قیمت میں اچانک اضافے کا ٹھوس جواز فراہم کرے۔

ترجمان وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق فرٹیلائزر کمپنی نے یکطرفہ قیمت میں 561 روپے فی بوری کا اضافہ کر دیا تھا۔

رانا تنویر نے کہا کہ حالیہ دنوں میں فرٹیلائزر انڈسٹری کے لیے گیس کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا، گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بغیر سرسبز یوریا کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول اور بلا جواز ہے، ٹھوس جواز فراہم کرنے میں ناکامی پر وزارت متعلقہ قوانین کے تحت قیمتوں کا تعین کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اچانک یکطرفہ اضافے سے کسانوں پر منفی اثر پڑتا ہے، یوریا کھاد پر ناجائز منافع کی اجازت نہیں دی جائے گی، یوریا کھاد کی فراہمی میں خلل قابل قبول نہیں ہے، کھاد کی ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، فرٹیلائزر کے ریئل ٹائم اسٹاک کی دستیابی کو چیک کرنے کے لیے میکانزم تیار کررہےہیں، فرٹیلائزر کمپنیاں کسانوں کو پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے سہولیات فراہم کریں۔

عاصم اظہر نے اپنی تمام انسٹاگرام پوسٹس ڈیلیٹ کرنے کی وجہ بتا دی

کراچی: پاکستانی میوزک انڈسٹری کے نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹس ڈیلیٹ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے مداحوں کو بڑی خوشخبری سُنا دی۔

گزشتہ دنوں عاصم اظہر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں مداحوں سے پوچھا تھا کہ اُنہوں نے گلوکار کا پہلا گانا کونسا اور کس عُمر میں سُنا تھا؟، اس پوسٹ پر مداحوں کی جانب سے تبصروں کی بھرمار ہوگئی تھی۔

مداحوں نے تبصرے کرتے ہوئے گلوکار کے سوال کا جواب دیا تھا اور ماضی کی یادوں کو تازہ کیا تھا، عاصم اظہر نے مداحوں کی محبت دیکھتے ہوئے اُن سے وعدہ کیا تھا کہ وہ بہت جلد اپنی زندگی کی سب سے خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کریں گے۔

بعدازاں، عاصم اظہر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل سے تمام پوسٹس ڈیلٹ کرکے سب کو اَن فالو کردیا تھا، گلوکار کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنا آپ پانے کے لیے، سب سے پہلے اپنا آپ کھونا پڑتا ہے۔

یہ سب دیکھ کر عاصم اظہر کے مداح تشویش میں مبتلا ہوگئے تھے اور مداحوں نے اپنے طرف سے اندازے لگانا شروع کردیے تھے کہ شاید گلوکار کا اپنی منگیتر میرب علی کے ساتھ بریک اَپ ہوگیا ہے، اسی وجہ سے اُنہوں نے اپنی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کیں۔

تاہم، اب عاصم اظہر نے اپنے پریشان مداحوں کو خوشخبری سُناتے ہوئے اپنی تمام انسٹاگرام پوسٹس اور فالوونگ ڈیلیٹ کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔

عاصم اظہر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ وہ اپنے میوزک کیریئر کی ایک دہائی مکمل کرنے کے بعد اپنا ڈیبیو البم ’بےمطلب‘ ریلیز کرنے کے لیے تیار ہیں۔

گلوکار نے کہا کہ اُنہوں نے اپنے مداحوں سے اسی خوشخبری کا وعدہ کیا تھا، اُن کا ڈیبیو البم ‘بےمطلب’ یکم مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔

مداحوں نے عاصم اظہر سے انسٹاگرام پوسٹس ڈیلیٹ کرنے کی وجہ پوچھی تو گلوکار نے کہا کہ میں اس البم کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ اپنے کیریئر کے نئے سفر کا آغاز کررہا ہوں، اسی لیے میں نے تمام پوسٹس ڈیلیٹ کیں کیونکہ میں اپنے نئے سفر کا آغاز بےمطلب ہوکر کرنا چاہتا ہوں۔

عاصم اظہر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری مین اپنا بروڈکاسٹ چینل شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے مداحوں سے پوچھا کہ کیا اپنا بروڈکاسٹ چینل بھی شروع کریں؟

گلوکار نے اپنے کیریئر کے اس نئے سفر کے دوران اپنی منگیتر میرب علی کو اپنا سپورٹ سسٹم قرار دیا۔

”تارک مہتا کا الٹا چشمہ“ کے اداکار گروچرن سنگھ لاپتہ ہوگئے ہیں

”تارک مہتا کا الٹا چشمہ“ کے اداکار گروچرن سنگھ دہلی سے ممبئی جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئے ہیں۔

گروچن سنگھ نے انتہائی مقبول بھارتی ڈرامہ میں روشن سنگھ سوڈھی کا کردار انتہائی خوبی سے ادا کیاتھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گروچرن سنگھ کے والد نے دہلی پولیس اسٹیشن میں اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ان کا بیٹا چار روز سے لاپتہ ہے۔

ان کے والد کے مطابق 22 اپریل کو دہلی چھوڑنے کے بعد سے سنگھ ممبئی نہیں پہنچے۔

اداکار کے والد ہرگیت سنگھ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ، اہل خانہ نے ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

گروچرن سنگھ کے والد کے مطابق، اہل خانہ نے کئی دنوں تک ان کی تلاش کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

اداکار کے اہل خانہ ان کی گمشدگی کی وجہ سے بے حد پریشان ہیں، ان کی والدہ کی طبیعت بھی ناساز ہے۔

اداکار کے والد کے مطابق دہلی پولیس ان کے ساتھ بہت تعاون کر رہی ہے اور انہوں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر کے ادا کار کو جلد تلاش کرنے کی یقین دہانی بھی کی ہے۔

یاد رہے کہ گروچرن سنگھ نے ”تارک مہتا کا الٹا چشمہ“ میں اپنے کردار کے بعد شہرت کی نئی بلندیوں کو چھوا تھا۔ تاہم، انہوں نے کچھ سال پہلے اپنے والد کی صحت خراب ہونے کے باعث اپنے خاندان کی دیکھ بھال کے لیے شو چھوڑ دیا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں 5 دنوں میں 46 کیسز نمٹا دیے

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پانچ دنوں میں 46 کیسز نمٹا دیے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں 22 سے 26 اپریل تک 49 کیسز سماعت کے لیے مقرر کئے گئے تھے۔

نمٹائے گئے کیسز میں سول، کریمنل، کنٹریکٹ ملازمین کی بھرتیوں، زمینوں کے تنازعات شامل ہے۔ ان کیسز میں سے بیشتر پندرہ سال سے سپریم کورٹ میں زیر التوا تھے۔

وزیرداخلہ کا منشیات گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں امن عامہ کو بہتر بنانے اور جرائم پیشہ گینگ کی سرکوبی کے لیے آئی جی اسلام آباد پولیس اور پوری ٹیم کو ٹاسک دے دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن عامہ کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے امن و امان کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کے باہر آئس سمیت دیگر نشہ آور اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں۔ منشیات فروشوں کیخلاف سخت ترین ایکشن ہو گا۔
محسن نقوی نے بھکاری مافیا اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف موثر کارروائی کا حکم دیا اور غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیرداخلہ نے ایف آئی آر کے اندراج کو 100 فیصد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا یا تاخیر کسی طور قبول نہیں۔ ایف آئی آر درج نہ کرنے پر متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہو گی۔

محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے پروموشن کیسز کو فوری نمٹانے کا حکم دیا اور تمام خالی آسامیوں پر بھرتی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔

پنجاب پولیس کی خاتون افسر عالمی ایوارڈ کے لیے منتخب

لاہور: پنجاب پولیس میں خدمات انجام دینے والی خاتون پولیس افسر کو عالمی ایوارڈ کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس کی جانب سے ایس ایس پی رفعت بخاری کی اعلیٰ کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے Excellence in Performance Award کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

یہ ایوارڈ ہر سال دنیا بھر سے ایک خاتون پولیس افسر کو اپنے معاشرے کے لیے غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے ۔

پاکستان کا نام روشن کرنے والی پنجاب پولیس کی خاتون پولیس افسر ایس ایس پی رفعت بخاری پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں خدمات سر انجام دے رہی ہیں ، انہیں خواتین کے تحفظ کے لیے نمایاں خدمات، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے مجرموں کی گرفتاری، انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور روڈ سیفٹی میکنزم کی تیاری پر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس کی صدر ڈیبرا فریڈل نے ایس ایس پی رفعت بخاری کو خصوصی خط لکھ کر عالمی ایوارڈ کے لیے منتخب کیے جانے پر مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا انتخاب عالمی سطح پر آپ کی خدمات کا اعتراف ہے۔

دریں اثنا آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ایس ایس پی رفعت بخاری کی نمایاں کامیابی تمام پولیس افسران بالخصوص خواتین افسران کے لیے باعث فخر ہے۔ علاوہ ازیں ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے بھی ایس ایس پی رفعت بخاری کو مبارک باد دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ رفعت بخاری کو انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس کی 61 ویں سالانہ کانفرنس کے موقع پر شکاگو (امریکا)میں اس سال ستمبر میں ایوارڈ دیا جائے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے انڈر سیکرٹری جان باس آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے

امریکی محکمہ خارجہ کے انڈر سیکرٹری برائے انتظامی امور اور نائب انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور جان باس آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

جان باس قطر اور پاکستان کا سفارتی دورہ کریں گے جو 26 اپریل سے 30 اپریل تک شیڈول ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سینئر عہدیدار قطری حکام کے ساتھ افغانستان کے مسئلے پر تبادلہ خیال کریں گے اور پاکستانی حکام کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات پر توجہ مرکوز کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں انڈر سیکریٹری باس پاکستان میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور امریکا پاکستان شراکت داری کے حصے کے طور پر علاقائی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق امریکی انڈر سیکرٹری آئندہ ہفتے اسلام آباد پہنچیں گے، دورے میں پاک امریکہ تعلقات پر مفصل جائزہ لیا جائےگا، پاکستانی قیادت سےاقتصادی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی ایشوز پر بات ہوگی، پاک امریکہ معاشی و تجارتی تعلقات پرتبادلہ خیال کیاجائےگا۔

محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں وہ قطری حکومت کے اعلیٰ حکام اور دیگر سفارتی مشنز سے ملاقاتیں کریں گے جس میں افغانستان کی حمایت اور خطے میں سلامتی کے مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور 11 ہزار میگاواٹ کی شمسی توانائی کی صلاحیت نصب کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے جو ملک میں رہائشی کھپت کا ایک تہائی پورا کرے گا۔

یاد رہے کہ جان باس دسمبر 2017 سے جنوری 2020 تک ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے تحت افغانستان میں امریکی سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

پی ڈی ایم ٹو کے تجربے سے شریف فیملی کی معیشت ٹھیک ہوگی، علی امین

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم ٹو کے تجربے سے شریف فیملی کی معیشت ٹھیک ہوگی، ملک کی نہیں۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورکیخلاف آڈیولیکس کیس کی سماعت ہوئی۔

وزیر اعلیٰ عدالت میں پیش ہوئے جس کے بعد سیشن کورٹ نے علی امین گنڈا پور کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دی۔

وکیل کے مطابق آج فرد جرم عائد ہونا تھی تاہم عدالت نے فرد جرم آئندہ تاریخ 25 مئی تک مؤخر کردی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کیخلاف تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ کامیاب نہیں ہوگا، شریف فیملی کی معیشت تو ٹھیک ہوجائے گی لیکن پاکستان کی معیشت ٹھیک نہیں ہو گی۔

بھارت میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامی یونیورسٹی کا بجٹ کم کر دیا گیا

بھارت میں مسلمانوں کی جامعات بھی مودی کے زہریلے پروپیگنڈے کے زیراثر ہیں، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی بی جے پی کی شدت پسندی کی بھینٹ چڑھ گئی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامی یونیورسٹی کا بجٹ 15 فیصد کم کر دیا گیا، مسلمانوں کے تعلیمی اداروں کو ہدف بنا نا ہندوتوا سوچ کی عکاسی ہے۔

بھارت میں مودی کا گزشتہ 10 سالہ اقتدار فرقہ وارایت اور نفرت کی سیاست پر مشتمل ہے۔ صدیوں پرانی یونیورسٹی بھارتیہ جنتا پارٹی کی فرقہ وارانہ سیاست کا شکار ہوگئی۔ کئی مسلم اکثریتی جامعات مودی کی دور حکومت میں تشدد اور حملوں کی زد میں آئی ہیں۔

مودی نے پیر کو علی گڑھ کے ایم پی ستیش گوتم کے لیے مہم چلاتے ہوئےمسلم مخالف بیانیے کو دہرایا۔

پی ایچ ڈی اسکالر کہتے ہیں کہ حالیہ برسوں میں علی گڑھ یونیورسٹی میں تنازعات کو سیاسی رنگ دیا گیا، بی جے پی کا سیاسی بیانیہ روزگار کے بجائے انتہاء پسندی پر مرکوز ہے۔

طلباء کا کہنا ہے کہ تعلیم کا جتنا استحصال بی جے پی نے کیا کسی اور پارٹی نے نہیں کیا، جو آسامیاں آتی بھی ہیں ان پر بی جے پی اپنے بندوں کو لگا دیتی، اس جماعت کی جانب سے فرقہ وارانہ سوچ کو پذیرائی دی جاتی ہے۔

غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے اسپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے اسپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر و مقامات کی سکیورٹی پرخصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کردی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت امن و مان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں وزیر داخلہ نے غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے اسپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ٹیکنالوجی سے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروشی قابل برداشت نہیں۔

محسن نقوی نے منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔

وزیر داخلہ نے بھکاری مافیا اور پیشہ ور گدا گروں کیخلاف مؤثر کارروائی کے ساتھ مختلف مقدمات کی ایف آئی آر کے اندراج کو 100 فیصد یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا یا تاخیر کسی طور قبول نہیں، ایف آئی آردرج نہ کرنے پرمتعلقہ پولیس افسر کیخلاف کارروائی ہوگی۔

محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے پروموشن کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقی ملازمین کا حق ہے جو اسے وقت پر ملنا چاہیے، پرموشن سے پولیس فورس کے مورال میں بہتری آئے گی، اسلام آباد پولیس میں تمام خالی آسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں۔

صنم سعید ڈراموں میں کام کیوں نہیں کررہیں؟ وجہ سامنے آگئی

کراچی: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید نے ڈراموں میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔

حال ہی میں صنم سعید نے اپنے شوہر اور اداکار محب مرزا کے ٹاک شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف مضوعات پر بات چیت کی۔

دوران شو میزبان محب مرزا نے اپنی اہلیہ و اداکارہ صنم سعید سے پوچھا کہ آپ اب ڈراموں میں کام کیوں نہیں کررہیں؟ جس پر اداکارہ نے کہا کہ میرے پاس وقت نہیں ہے کیونکہ میں آج کل دوسرے پراجیکٹس میں کافی مصروف ہوں، اسی وجہ سے ڈراموں میں نظر آرہی۔

صنم سعید نے کہا کہ میں ان دنوں سیریز میں بھی کام کررہی ہوں اور مجھے جن ڈراموں کی آفر ہوتی ہے، اُن کی اسکرپٹ مجھے پسند نہیں آتی، اسی وجہ سے میں وہ کردار ادا کرنے سے معذرت کرلیتی ہوں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ مجھے ڈراموں کے لیے دو ایسے کردار آفر ہوئے تھے جو مجھے بہت پسند آئے اور میں شدت سے اُن پراجیکٹس میں کام کرنا چاہ رہی تھی لیکن وقت کی کمی کی وجہ سے وہ کردار نہیں کرسکی۔

واضح رہے کہ مارچ 2023 میں محب مرزا اور صنم سعید نے اپنی شادی کی تصدیق کی تھی، ان دونوں فنکاروں کی یہ دوسری شادی ہے۔

محب مرزا اس سے قبل آمنہ شیخ سے اور صنم سعید فرحان حسن سے شادی کرچکی ہیں جن سے ان دونوں کی علیحدگی ہوچکی ہے۔