اب میں اور بلاول آپ کی آوازبنیں گے، آصفہ بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو کا کہنا ہے کہ اب میں اور بلاول آپ کی آوازبنیں گے۔

سانگھڑ میں انتخابی ریلی نے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو خواتین کے حقوق کیلئے لڑی تھیں۔

آصفہ بھٹو نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو خواتین کی خودمختاری کیلئے لڑتی رہی ہیں، شہید بینظیر بھٹوہم سے چھین لی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ میں بینظیر کی بیٹی ہوں اور بینظیر غریب کی آوازتھیں، اب میں اور بلاول آپ کی آوازبنیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کے دکھ سکھ میں ساتھ کھڑے رہیں گے۔

کچھ قوتیں پاکستان پیپلز پارٹی کو نشانہ بنائے ہوئے ہیں، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام جانتے ہیں لاپتا افراد کا مسئلہ اگر کوئی حل کرسکتا ہے تو وہ میں ہوں۔

خضدار میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ میرے سوائے کوئی وفاقی سیاست دان ایسا نہیں جو بلوچستان کے دکھ درد کو سمجھتا ہو، عوام جانتے ہیں لاپتا افراد کا مسئلہ اگر کوئی حل کرسکتا ہے تو وہ میں ہوں، عوام جانتے ہیں کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو جھکتی نہیں ہے، ہم تمام قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں مگر عوام کے حقوق پر سودا نہیں کرسکتے۔

انہوں ںے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ پی پی وہ واحد جماعت ہے جو بلوچستان کو اس کا حق دلاسکتی ہے، آصف زرداری کی بطور صدر اٹھارہویں ترمیم پر مکمل عمل درآمد ہوتا، این ایف سی پر مکمل ہوتا تو آج بلوچستان میں سازشیں دم توڑ چکی ہوتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ یہ تو بچہ ہے خوف زدہ ہوکر پیچھے ہٹ جائے گا یہ ان کی بھول ہے، سازشی ٹولے نے اور دہشت گردوں نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر کتنے حملے کیے، مستونگ، تربت، بولان اور خضدار میں حملے ہوئے ان کا خیال تھا جیالے گھبرا جائیں گے مگر ایسا نہیں ہوا، پی پی شہیدوں کی، غیرت مندوں کی جماعت ہے جو کسی دہشت گرد کے سامنے جھک نہیں سکتی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ آٹھ فروری کو بلوچستان بھر میں تیروں کی بارش ہوگی، اگر میں پارلیمان میں پہنچ گیا تو عوام کو معلوم ہے کہ میں ان کی آواز بن کر اٹھوں گا، اگر میں وزیر خارجہ بنا تو دنیا بھر میں بلوچستان کی نمائندگی کروں گا۔

انہوں ںے کہا کہ جس طرح میں سندھ میں تیس لاکھ گھر بناکر مستحق افراد کو دے رہا ہوں اسی طرح بلوچستان میں بھی تیس لاکھ گھر بناکر مالکانہ حقوق پر لوگوں کو دوں گا۔

بھارت میں پکڑا گیا “چینی جاسوس کبوتر” 8 ماہ بعد بے گناہ قرار

نئی دہلی: بھارت نے جاسوسی کے الزام میں 8 ماہ قبل پکڑے گئے چینی کبوتر کو بے گناہ قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے چین کی جاسوسی کے شبے میں کبوتر کو مئی 2023 میں پیر پاؤ جیٹی نام کے علاقے سے پکڑا گیا جسے 8 ماہ کی تحقیقات کے بعد بے گناہ قرار دیتے ہوئے چھوڑ دیا گیا۔

کبوتر کو پکڑنے کے بعد بھارتی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ کبوتر کے پیروں میں ایک کاپر اور دوسرا ایلومینیم کا رنگ ڈالا گیا تھا جبکہ پروں کے نیچے سے چینی رسم الخط کی طرز پرلکھی گئی تحریر برآمد ہوئی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی تھیں اور 8 ماہ کی تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ سامنے آیا کہ پکڑے جانے والے کبوتر کا چین سے کوئی تعلق نہیں۔ کبوتر اڑان کے مقابلوں میں استعمال ہونے والا پرندہ ہے جو تائیوان میں ہونے والے مقابلوں کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔

بھارت اس سے قبل پاکستان پر بھی متعدد بار کبوتر کے ذریعے جاسوسی کے الزامات عائد کرچکا ہے۔

’کچھ بھی ممکن ہے‘ ، ثانیہ مرزا کی نئی تصاویروائرل

شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ و بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر نئی تصاویر جاری کردی۔

ثانیہ مرزا کی جانب سےشیئرکی جانے والی تصاویر میں انہیں گلابی شرٹ اور سفید پینٹ میں ملبوس دیکھا جاسکتا ہے۔

آرٹسٹک کیپشن میں انہوں نے لکھ، ’دھوپ اور تھوڑے سا گلابی رنگ کے ساتھ کچھ بھی ممکن ہے۔‘

تین تصاویر پر مشتمل اس پوسٹ پر ثانیہ کو اپمنے فالوورز سے اب تک 1 لاکھ 22 ہزار سے زیادہ لائکس اور تعریفی تبصرے مل چکے ہیں۔

 

 

 

 

شعیب اور ثانیہ اپریل 2010 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ شادی کے آٹھ سال بعد 2018 میں بھارتی شہرحیدرآباد میں ان کے بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی تھی۔

اس جوڑے کے مابین اختلافات اور پھر طلاق کی خبریں دسمبر 2022 سے وائرل تھیں لیکن دونوں کی جانب سے کبھی واضح تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

تاہم شعیب ملک اور ثناء جاوید کی شادی کی تصاویر کے بعد ثانیہ مرزا کے والد نے تصدیق کی تھی کہ ان کی بیٹی نے اپنے سابق شوہر شعیب ملک سے خلع لی تھی۔

 

 

ارب پتی برطانوی تاجر ڈینی لیمبو نے اسلام قبول کرلیا

لندن: برطانیہ کی ارب پتی کاروباری شخصیت ڈینی لیمبو نے اسلام قبول کرلیا۔

دنیا کی مہنگی ترین گاڑیوں میں شامل اطالوی گاڑی لیمبرگینی کو پسند کرنے کے باعث اپنا نام ڈینی کیرن سے بدل کر ڈینی لیمبو رکھنے والے ارب پتی برطانوی تاجر نے اسلام قبول کرنے کا اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا۔

ڈینی لیمبو نے مسجد الحرام میں عمرے کی ادائیگی کے دوران اپنی ویڈیو شئیرکرتے ہوئے لکھا کہ آپ نہیں جانتے کہ زندگی آپ کو کس راستے پر لے کر جائے گی۔ کاروبار کے لیے سعودی عرب گیا۔ کام جلدی ختم ہونے پرایک شخص مجھے مکہ لے گیا جہاں میرے نئے روحانی اور جذباتی سفر کا آغازہوا۔

ڈینی لیمبو نے مزید لکھا کہ اب بطور نو مسلم میری لندن واپسی ہو گئی ہے۔ ویڈیو میں ڈینی کو خانہ کعبہ کے سامنے روتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈینی لیمبو کے اثاثوں کی مالیت ایک اندازے کے مطابق 50 ملین پاؤنڈ ہے جن میں سے زیادہ تر انہوں نے ہوٹل کے کاروبار سے کمایا ہے۔ ڈینی نے 16 سال کی عمر میں تعلیم چھوڑ کر گلوکاری کو پیشے کے طور پر اپنایا تھا۔ہوٹل کے کاروبار میں حاصل ہونے والے نفع سے وہ 22 سال کی عمر میں کروڑ پتی لوگوں کی فہرست میں شامل ہوگئے تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے پی ایس ایل کیلئے الگ بورڈ بنانے کا مطالبہ کردیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر نے پی ایس ایل کیلئے الگ بورڈ بنانے کا مطالبہ کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر نے مطالبہ کیا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چیئرمین اور سیٹ اپ بلکل الگ ہونا چاہیے جبکہ اسکے کام کا طریقہ کار اور میچز رائٹس کس طرح چلتے ہیں کیسے بکتے ہیں سب کچھ انٹرنیشنل میچز کے مقابلے یکسر مختلف ہونے چائیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک برانڈ بن چکا ہے تاہم ایک الگ سسٹم ہوگا تو چیئرمین فرنچائزز کے مسائل سمجھے گا اور انہیں حل کرنے کی کوشش کرے گا۔

ندیم عمر نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں کوئی بھی آئے لیکن اسے لمبے عرصے کیلئے آنا چاہیے تاکہ معاملات چل سکیں، ہمارے بورڈ میں پالیسوں بننے کے بعد ان پر عمل پیرا ہونے کا بڑا فقدان ہے۔

جے یو آئی نے چوہدری نثار کی حمایت کا اعلان کردیا

جمیعت علماء اسلام (ف) نے چوہدری نثار کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

حلقہ این اے 53 پر جے یو آئی امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد چوہدری نثار کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔

چوہدری نثار کے فوکل پرسن شیخ ساجد اور ضلعی امیرجے یو آئی ضیاء الرحمٰن نے اس حوالے سے مشترکہ طور پر اعلان کیا۔

جے یو آئی این اے 53 پر چوہدری نثار کی اور پی پی 19 پر چوہدری نثار جے یو آئی کی حمایت کریں گے۔

ایران میں قتل نو پاکستانیوں کی میتیں پاکستانی حکام کے حوالے

ایران میں قتل ہوئے نو پاکستانیوں کی میتیں پاکستانی حکام کے حوالے کردی گئی ہیں۔

پاک ایران سرحد کے راہداری گیٹ پر ایرانی بارڈر سکیورٹی گارڈز نے میتیں پاکستانی حکام کے حوالے کیں۔

مارے گئے افراد میں ملک اظہر ولد نذیر حسین سکنہ علی پور،محمد شعیب ولد نذیر احمد سکنہ مظفر گڑھ، نذیر احمد ولد غلام محمد جان سکنہ مظفر گڑھ، محمد اکمل سکنکہ علی پور مظفر گڑھ، محمد ابوبکر ولد غلام یاسین سکنہ لودھراں، شہریار ولد غلام حسین سکنہ ملتان، شبیر احمد ولد محمد نواز سکنہ لیہ، محمد ندیم ولد گلزار سکنہ بہاولپور اور محمد شہزاد ولد عبدالمالک سکنہ بہاولپور شامل ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر تفتان وقار کاکڑ نے پاکستانی باشندوں کی میتیں وصول کیں۔

اس موقعے پر زاہدان میں متعین پاکستانی قونصل جنرل صدیق بلوچ بھی موجود تھے۔ چاغی کے ڈپٹی کمشنر طفیل بلوچ نے بتایا کہ میتیں سیندک کے جوزک ایئر پورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے پنجاب روانہ کر دی گئیں۔

یاد رہے کہ ان پاکستانی باشندوں کو 26 اور27 جنوری کی درمیانی شب پاکستان کے ضلع پنجگور سے ملحقہ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر سراوان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔

یہ پاکستانی باشندے گزشتہ کئی سالوں سے ایران میں کار ورکشاپ میں کام کر رہے تھے۔ انہیں رات گئے اس وقت قتل کیا گیا جب وہ ایک کمرے میں سو رہے تھے۔

پاکستانی عسکری ذرائع نے حملے میں بلوچستان میں سرگرم علیحدگی پسند تنظیموں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا تاہم کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی۔

یہ پاکستان ایسے وقت میں قتل ہوئے جب رواں ماہ ایران کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنجگور کے علاقے سبزکوہ میں میزائل حملے کئے گئے جس میں دو بچے ہلاک اور چار افراد زخمی ہوئے۔ اس کے بعد پاکستان نے ایران کے سرحدی شہر سراوان میں جوابی کارروائی کی اور اس میں علیحدگی پسند تنظیموں کے ارکان کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔

پاکستان نے پاکستانیوں کے قتل کو دہشت گردی اور قابل نفرت واقعہ قرار دیتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور ایران نے مزدوروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی تھی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے امن دشمن عناصر کی بیخ کنی کریں گے۔

پاکستان نے ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کے موقعے پر بھی یہ معاملہ اٹھایا تھا۔

سوشل میڈیا حکام کے ہاتھ خون آلود ہیں، امریکی سینیٹ

واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے سوشل میڈیا حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ہاتھ خون آلود ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق فیس بک کی کمپنی میٹا کے سربراہ مارک زکر برگ، ایکس کے سی ای او لنڈا یکیرینو، سنیپ این کے سی ای او ایون سپائجل، ٹک ٹاک کے ایگزیکٹیو آفیسر سوئی زی اور ڈسکورڈ کے ایگزیکٹیو آفیسر جسین سیٹرون سمیت دوسرے پلیٹ فارمز کے حکام امریکی کانگریس کی سماعت میں شریک ہوئے۔

ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر لنڈسے گراہم نے فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اور دوسری کمپنیز ہمارے سامنے ہیں۔ آپ نہیں مانیں گے مگر مگر آپ کے ہاتھوں پر خون کے دھبے ہیں۔آپ کے پاس ایک ایسی پروڈکٹ ہے جو لوگوں کو قتل کر رہی ہے۔
فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے ایک اور سینیٹر کے کہنے پر جنسی استحصال سے متاثر بچوں کے والدین سے معافی بھی مانگی۔

کانگریس کی سماعت میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جنسی لحاظ سے بچوں کو درپیش خطرات کا تدارک کرنے میں ناکام ہیں جبکہ کانگریس کو ہدایت کی گئی کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے قانون سازی کرے۔

جوڈیشری کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ڈک ڈربن نے بچوں کے استحصال کے حوالے سے نیشنل سینٹر فار مسنگ اینڈ ایکسپلائیٹڈ چلڈرن نامی این جی او کے اعدادوشمار پیش کیے جن کے مطابق دھوکے سے نا بالغ بچوں کو تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

سماعت کے دوران ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں جنسی استحصال کا نشانہ بننے والے بچوں کے بیانات شامل تھے۔ ایک بچے کا جس کے چہرے کو اندھیرے میں رکھا گیا تھا کہنا تھا کہ مجھے فیس بک کی وجہ سے جنسی استحصال کا سامنا کرنا پڑا۔

کانگریس کی سماعت کے موقع پر ہال میں درجنوں والدین بھی موجود تھے انہوں نے ہاتھوں میں ان بچوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں سوشل میڈیا کی وجہ سے نقصانات پہنچے۔ کچھ والدین نے مارک زکر برگ پر طنزیہ جملے بھی کسے جبکہ کئی نکات پر تبصرے بھی کیے۔

عام انتخابات: سندھ اور اسلام آباد کیلئے سکیورٹی پلان تیار

ملک بھر میں عام انتخابات کے پیشِ نظر سندھ اور اسلام آباد بھر کے لیے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے۔

ڈی جی رینجرز سندھ کی زیرِصدارت اجلاس میں آئی جی اسپیشل، صوبائی الیکشن کمشنر، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے بھر میں جنرل الیکشن کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ اور لائحہ عمل کی منظوری دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے جنرل الیکشن کے دوران مشترکہ فلیگ مارچ اوراسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

داخلی و خارجی راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، سندھ رینجرز کے دستے بطور کوئیک رسپانس فورس ایریا میں تعینات رہیں گے۔

اجلاس میں اِس بات پر زور دیا گیا کہ جنرل الیکشن کے حوالے سے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کی طرف سے دیے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اورضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔

اس کے علاوہ عام انتخابات میں فول پروف سکیورٹی کے لیے 625 اہلکاروں کی اضافی نفری کراچی پولیس چیف کے سپرد کی گئی ہے۔

کرائم، ویلفیئر، ٹریننگ، لیگل، آئی ٹی ونگ سمیت 22 شعبوں کے 500 اہلکار انتخابات میں ڈیوٹی دیں گے، 100 معاون اور نائب قاصد اہلکار انتخابات میں پہرے داری پر مامور ہوں گے۔

تمام برانچز کو حکم دیا گیا ہے کہ پولیس چیف کراچی کو اہلکاروں کی فہرست ارسال کریں، اضافی عملہ پولنگ سے 24 گھنٹے پہلے پولیس چیف آفس رپورٹ کرے گا، ٹرانسپورٹیشن، کھانا سمیت دیگر انتظامات پولیس چیف کراچی کے ذمہ ہوں گے۔

آئی ٹی کیڈر کے دیگر 25 اہلکار 8 فروری کو اے آئی جی کراچی کے حکم کے منتظر ہونگے، تمام برانچز کے سربراہان ایڈیشنل آئی جی کراچی کو مہیا کیے جانے والے اہلکاروں کے ناموں کی فہرست فوری ارسال کریں۔

اسلام آباد کا بھی سکیورٹی پلان تیار
عام انتخابات کے دوران اسلام آباد کے لئے سیکورٹی پلان کی بھی منظوری دیدی گئی ہے، سیکورٹی پلان کے مطابق پاک آرمی، پاکستان رینجرز، حساس ادارے اور پولیس مل کر سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

الیکشن کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں تمام ریٹرننگ افسران، پولیس اور حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز اور دوران انتخابات ڈیوٹی پر مامور پاک آرمی کے کمانڈنگ افسران بھی شریک ہوئے جس میں الیکشن ڈے اور اس سے قبل ممکنہ تھریٹس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تمام حساس پولنگ سٹیشنز کے سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی اور عام انتخابات کے حوالے سے سیکورٹی پلان کی منظوری دی گئی۔

عمران خان نے سائفر کیس اور توشہ خانہ ریفرنس کے تفصیلی فیصلے کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سائفر کیس اور توشہ خانہ ریفرنس کے تفصیلی فیصلے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔

اس حوالے سے سلمان صفدر، حامدخان، بیرسٹرعلی ظفر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کردی ہیں۔

درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سائفرکیس اور توشہ خانہ نیب ریفرنس کا ٹرائل قانونی تقاضوں کے برخلاف چلایا گیا، سائفر کیس اور توشہ خانہ نیب ریفرنس کے ٹرائل میں قانونی نقائص موجود ہیں۔

واضح رہے کہ آج خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان و سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفرکیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔

گزشتہ روز عدالت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو توشہ خانہ ریفرنس میں 14 سال قید کی سزا سنائی تھی، احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 10 سال کے لیے نااہل بھی کر دیا تھا۔

30 جنوری کو سائفر کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دس، دس سال قید با مشقت کی سزا سنا دی گئی تھی۔

انتخابات 2024؛ الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو عام تعطیل کی منظوری دیدی

اسلام آباد: ملک میں رواں ماہ ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں 8 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو عام تعطیل دینے کی منظوری دیدی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ ملک بھر میں تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند رہیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ عام انتخابات 2024 میں ووٹرز کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے تاکہ انہیں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

واضح رہے کہ 8 فروری جمعرات کے روز ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔ ووٹ ڈالنے کے لیے رائے دہندگان کو صبح 8 بجے سے لے کر شام 6 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے ۔

انتخابات 2024؛ الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو عام تعطیل کی منظوری دیدی

 اسلام آباد: ملک میں رواں ماہ ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں 8 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو عام تعطیل دینے کی منظوری دیدی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ ملک بھر میں تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند رہیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ عام انتخابات 2024 میں ووٹرز کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے تاکہ انہیں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

واضح رہے کہ 8 فروری جمعرات کے روز ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔ ووٹ ڈالنے کے لیے رائے دہندگان کو صبح 8 بجے سے لے کر شام 6 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے ۔