پاکستانی فلم ‘جامن کا درخت’ نے کانز ایوارڈ جیت لیا

پاکستانی شارٹ فلم ’جامن کا درخت‘ نے دنیا کے سب سے بڑے فلم فیسٹول کانز میں ایوارڈ جیت لیا۔

اداکار عدنان صدیقی کے منفی کردار پر مبنی شارٹ فلم کے ہدایتکار رافع راشدی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اعلان کیا کہ اُن کی فلم ’جامن کا درخت‘ نے فلم فیسٹول کانز میں ’بہترین سماجی انصاف پر مبنی مختصر فلم‘ کی کیٹگری کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

ہدایتکار رافع راشدی نے فلم فیسٹول کانز میں ایوارڈ جیتنے پر فلم ’جامن کا درخت‘ کی کاسٹ اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

میاں بیوی کے تعلقات اور گھریلو تشدد پر مبنی فلم کی کہانی بی گل نے لکھی ہے جبکہ فلم کو فیصل کپاڈیا نے پروڈیوس کیا ہے۔

’جامن کے درخت‘ کا ٹریلر گزشتہ ماہ جنوری میں ریلیز کیا گیا تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس شارٹ فلم کی کہانی عورت اور مرد کے تعلقات، ہراسانی، جنسی حملوں اور ہوس پرستی کے موضوعات کا احاطہ کرتی ہے۔

فلم میں عدنان صدیقی کو شوبز انڈسٹری کے نامور شخص کریم کے منفی کردار میں دکھایا گیا ہے، فلم کی کاسٹ میں عدنان صدیقی کے علاوہ ماہا طاہرانی اور فوزیہ امن بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی کئی پاکستانی شارٹ اور فیچر فلموں نے کانز ورلڈ فلم فیسٹیول میں ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔

عمران خان نے اسپیکر خیبرپختونخوا کیلئے بابر سلیم کو نامزد کردیا

پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخوا کے اسپیکر کے لیے بابر سلیم کو نامزد کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے بتایا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے خیبرپختونخوا کے اسپیکر کے لیے بابر سلیم کو نامزد کردیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو نامزد کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی میں عاقب اللہ کی نامزدگی پر تحفظات کے پیش نظر فیصلہ تبدیل کیا۔

مصطفیٰ کمال کے بعد کامران ٹیسوری کی مبینہ آڈیو بھی آگئی

مبینہ آڈیو میں کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ، ’ہم پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت میں بیٹھے تھے، آپ دونوں لوگ اپوزیشن میں تھےاورجیلوں میں جانے والے تھے،پی پی اور ن لیگ مسلم لیگ ن اپوزیشن میں تھیں، ہم نے پی ڈی ایم کا ساتھ دیا جس سے ووٹرناراض ہوا۔‘

آڈیو میں وہ مبینہ طور پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کو بریف کررہے ہیں۔

گورنر سندھ کو مبینہ طور پر مزید کہتے سُنا جاسکتا ہے کہ پہلے ہمیں7 نشستیں ملی تھیں، وہ ہمارامینڈیٹ تھا۔۔۔ آج ہمیں ووٹ نہیں ملا۔ حکومت میں شمولیت کے بدلے ایک وزارت دے رہے ہیں، وہ گورنر سندھ بھی اپنا لارہے ہیں۔ایک وزیر خارجہ اور دوسرا وزیراعظم بن گیا۔ ہم آج 17 سیٹیں لے کر آئے تو ہمارے لیے ایسی باتیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں ایسا مینڈیٹ ملا ہے تو دیگرکو بھی ایسا ہی ملا، فیصلہ رابطہ کمیٹی نے کرنا ہے کہ ان کا کتنا پریشربرداشت کرنا ہے۔

ن لیگ اور پی پی سے متعلق اُن کا کہنا ہے کہ دونوں پارٹیاں ملی ہیں تو ان کے نمبرز پورے ہوئے، پریشرایک ہی کہ دونوں پارٹیاں ملی ہیں ان کے نمبرزپورے ہوگئے۔ ان کو صدرمملکت اور چیئرمین سینیٹ کا عہدہ اور2 گورنرزکے دیے،اس کے باوجود پیلزپارٹی دباو ڈال رہی ہے کہ گورنرسندھ ایم کیوایم کا نہ ہو اوراگر ہو بھی تووہ ہو جونام وہ (پی پی ) دیں۔

کامران ٹیسوری کا مزید کہنا ہے کہ ، ’ایک نام خالد بھائی کو دیا بھی ہے،گورنرسندھ کا نام ہو یا کوئی اورفیصلہ رابطہ کمیٹی کرے، ڈکٹیشن پر نام نہیں ہوگا۔‘

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ہم اتنا بڑا رسک لے رہے کہ ان کے ساتھ جا کر بیٹھ رہے ہیں،اس حکومت کے ساتھ جا کر بیٹھ رہے جسے گالیاں ہی پڑنی ہیں،اور یہ سلسلہ شروع بھی ہوگیا ہے۔

گوادر میں 16سال بعد ریکارڈ موسلادھار بارش، سیلاب سے تباہی

کوئٹہ: بلوچستان کے شہر گوادر میں 16 سال بعد فروری میں ریکارڈ موسلادھار بارشوں کے بعد حالات ابتر ہوگئے، اربن فلڈنگ سے نظام زندگی متاثر ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی سسٹم کے تحت گوادر میں فروری کے مہینے میں اب تک سب سے زیادہ 125 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گوادر میں سن 2008 کو فروری کے مہینے میں 38ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی تھی۔

دوسری جانب، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر گوادر ایئرپورٹ کو فلائٹ آپریشن بندش کا نوٹم جاری کر دیا ہے۔

سی اے اے کے مطابق سیلابی صورتحال کے باعث گوادر ایئرپورٹ کو فلائٹ آپریشن کے لیے بند کر دیا گیا، ایئرپورٹ کے ایپرن، ٹارمک اور دیگر ایریاز میں 6 انچ تک پانی ہے۔

میں نے جبری گمشدگی کے نام پر ریاست پر لگے الزمات کا دفاع کیا، نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ میں نے جبری گمشدگی کے نام پر ریاست پر لگے الزمات کا دفاع کیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نگراں وزیراعظم کی میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے جبری گمشدگی کا دفاع کیا۔

جس پر نگراں وزیراعظم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے جبری گمشدگی کے نام پر ریاست پر لگے الزمات کا دفاع کیا۔

صحافی نے پھر سوال کہا کہ یہ بندے کدھر تھے؟ جس پر انوار الحق کاکڑ نے جواب دیا کہ یہ الزام ہے اور اس کو الہامی حثیت نہ دیں، کام ہو رہا جب مکمل ہوگا تو سب کو بتا دیں گے۔

سعودی عرب نے اسرائیل سے ملاقات کی تردید کردی

سعودی عرب کی جانب سے اس بات کی تردید کی گئی ہے کہ اس کے وزیروزیر تجارت اور اسرائیلی ہم منصب کے درمیان پیر کے روز ملاقات ہوئی تھی۔

ابوظہبی میں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کی کانفرنس کے موقع پر سعودی وزیرتجارت اور اسرائیلی ہم منصب کی مبینہ بات چیت کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے سرکاری سعودی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ القصبی نائجیریا کے ہم منصب کے ساتھ کھڑے تھے جب ایک نامعلوم شخص نے وزیر کو مبارکباد پیش کرنے کے لیے رابطہ کیا۔

ایس پی اے نے سرکاری سعودی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے بعد میں خود کو اسرائیلی حکومت میں وزیر اقتصادیات کے طور پر متعارف کروایا۔

اسرائیل کے وزیر اقتصادیات اور صنعت نیر برکت نے پیر کے روز ہونے والی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا تھا کہ دونوں ممالک مل کر تاریخ رقم کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کے وزرائے تجارت پیر کے روز ڈبلیو ٹی او کے چار روزہ اجلاس کے لیے جمع ہوئے جس کا مقصد نئے عالمی تجارت کے قوانین طے کرنا ہے۔

سعودی عرب 2030 تک 75 لاکھ بھارتیوں کی آمد کا منتظر

دونوں ممالک کے درمیان بات چیت رسمی تعلقات کی کمی کی وجہ سے شاذ و نادر تھی ، حالانکہ امریکہ کی جانب سے اسرائیل اور امریکا کو قریب لانے کی کوشش کی گئی،۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی کاز پر سعودی عرب کے ثابت قدم موقف اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی عوام کی استقامت کی حمایت پر بھی زور دیا گیا۔

صدر بائیڈن کیلئے سابق خاتونِ اول نے خطرے کی گھنٹی بجادی

امریکا کی سابق خاتونِ اول مشل اوباما صدر بائیڈن کی جگہ ممکنہ ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہوسکتی ہیں۔

امریکا کی معروف راسموزین رپورٹس کے ایک سروے کے مطابق 48 فیصد ڈیموکریٹ ووٹرز کی رائے میں سابق خاتون اول جو بائیڈن کی جگہ بہتر صدارتی امیدوار ثابت ہوسکتی ہیں۔

واضح رہے کہ مشل اوباما کے حق میں رائے دینے والے 48 فیصد ڈیموکریٹ ووٹرز کے مقابلے میں ان کے خلاف رائے دینے والوں کا تناسب 38 فیصد تھا۔

نیو یارک پوسٹ کے مطابق صرف 33 فیصد ڈیموکریٹ ووٹرز کا یہ خیال ہے کہ بیلٹ بکس میں کوئی ہلچل مچادینے والی تبدیلی رونما ہوگی۔

صدر جو بائیڈن کے متبادل صدارتی امیدواروں سے متعلق ایک اور سروے میں مشل اوباما نے 20 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ اس سروے میں شریک دیگر متوقع امیدواروں میں سابق نائب صدر کملا ہیرس، سابق وزیر خارجہ اور سابق خاتون اول ہلیری کلنٹن، کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم اور مشیگن کے گورنر گریچن وِٹمر شامل تھے۔

اس سروے میں کملا ہیرس کو 20 فیصد رائے دہندگان کی حمایت حاصل رہی۔ 12 فیصد نے ہلیری کلنٹن کے حق میں رائے دی۔ نیوسم کی حمایت 11 فیصد اور وِٹمر کی حمایت 9 فیصد رہی۔

مشل کے شوہر براک اوباما 2009 سے 2017 تک امریکی صدر کے منصب پر فائز رہے۔ ان کے سبک دوش ہونے پر مشل اوباما سے کئی بار کہا گیا کہ وہ سیاست میں مقدر آزمائیں۔

یو ایس اے ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق مشل اوباما نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ 2024 کے صدارتی انتخاب کے ممکنہ نتائج کے بارے میں سوچ سوچ کر خوفزدہ ہیں۔

مشل اوباما کا کہنا تھا کہ جب بھی کچھ ہوتا ہے تو لوگ یہی سمجھتے ہیں کہ یہ حکومت نے کیا ہے۔ میں یہ سوچتی رہی ہوں کہ حکومت ہمارے لیے بہت کچھ کرتی ہے اور ہم جمہوریت سے بے اعتنائی نہیں برت سکتے۔

صدر جو بائیڈن کہتے ہیں کہ بڑھاپے اور اس کے نتیجے میں رونما ہونے والی کمزوریوں کے باوجود وہ صدارتی امیدوار ہوں گے اور دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ قانون کے محاذ پر شدید مشکلات اور پیچیدگیوں کے باوجود مقبولیت کی سیڑھیاں چڑھتے جارہے ہیں۔

ترکی، ایک دن میں 7 خواتین کا بہیمانہ قتل

ترکی میں صرف ایک دن میں سات خواتین کو ان کے موجودہ یا سابق شوہروں نے قتل کردیا۔

یہ اطلاع دیتے ہوئے سرکاری ٹی وی ہیوبرترک نے بتایا کہ قتل کی وارداتیں امیر، برسا، سکاریہ، ارزوروم، دینزلی اور استنبول میں ہوئیں۔

2021 میں خواتین پر تشدد کی روک تھام سے متعلق یورپی کاؤنسل سے ترکی کے نکل جانے کے بعد خواتین پر تشدد اور قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

ترکی کے سرکاری ٹی وی نے قتل ہونے والی تمام خواتین کے نام ان کی تصویروں کے ساتھ اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے ہیں۔

منگل کو قتل کی جانے والی خواتین کی عمریں 32 سے 49 سال کے درمیان تھیں۔

تین قاتلوں نے اپنے آپ کو بھی ختم کرلیا۔ 2 کو گرفتار کرلیا گیا اور ایک شخص حراست میں لیے جانے کے دوران زخمی ہوا اور بعد میں انتقال کرگیا۔

ساتواں قاتل بیوی کو قتل کرنے کے لیے جیل سے بھاگا تھا اور اب تک گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

2023 میں حقوقِ نسواں کی غیر سرکاری تنظیم ’وی وِل اسٹاپ فیمیسائڈ‘ نے 315 خواتین کے قتل ریکارڈ کیے۔ 65 خواتین کو گھر کے اندر قتل کیا گیا تھا۔

248 اموات کو مشکوک قرار دیا گیا ہے جبکہ انہیں سرکاری طور پر خود کشی قرار دیا گیا تھا۔

ترکی نے 2021 میں خود کو دی کاؤنسل آف یورپ کنونشن کے استنبول کنونشن سے الگ کرلیا تھا۔ یہ کنونشن خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے اور قتل کرنے کی روک تھام کے لیے مختص ہے۔

این جی او (وی وِل اسٹاپ فیمیسائڈ) نے بتایا کہ 15 برس میں صرف ایک سال (2011) میں خواتین کے قتل کی وارداتوں میں کمی واقع ہوئی اور یہ سال وہ تھا جب استنبول کنونشن اپنایا گیا تھا۔

استنبول کے پراسیکیوٹر نے 2022 میں ’وی وِل اسٹاپ فیمیسائڈ‘ کے خلاف غیر اخلاقی سرگرمیون کا مقدمہ دائر کیا تھا جو ستمبر 2023 میں ترک کردیا گیا۔

مریم نواز نے پنجاب میں صفائی ستھرائی کیلئے ایک ماہ کا ٹاسک دے دیا

نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پنجاب بھر میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ستھرا پنجاب پر اجلاس کی صدارت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک ماہ کے اندر پنجاب میں کوڑا کرکٹ کی صفائی کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ کی مہلت ہے اس کے بعد دیکھوں گی کہاں عمل ہوا، کہاں نہیں۔

مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹوٹی گلیوں، سڑکوں پر گندا پانی اور ابلتے گٹروں سے عوام کو نجات ملنی چاہیئے۔

گوادر میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصان پرشدید تشویش ہے، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوادر میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصان پرشدید تشویش ہے۔

نامز وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصان پر شدید تشویش ہے، مسلم لیگ ن بلوچستان کے کارکنوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ متاثرین کی فوری امداد کی جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، تباہ شدہ گھروں کی دوبارہ تعمیرکے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

دوسری جانب نگراںوزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں، رابطہ سڑکیں زیرآب آنے سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے آج بھی گوادر سمیت بلوچستان کے 14 اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

یاد رہے کہ گوادر میں 14 گھنٹے سے زائد مسلسل بارش کے باعث ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور طوفانی بارشوں سے مختلف علاقے ڈوب گئے جہاں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بھارتی وزیراعظم پر روڈ شو کے دوران موبائل فون پھینک دیا گیا

بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے علاوے تروپور میں منگل کے روز روڈ شو کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی پر موبائل فون پھینک دیا گیا۔

وزیر اعظم مودی تامل ناڈو، کیرالہ اور مہاراشٹر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ کیرالہ میں منعقدہ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی تقریب میں شرکت کے بعد وزیر اعظم مودی نے تامل ناڈو میں بی جے پی کے صدر انامالائی کی ’این مین این پیپل یاترا‘ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔

بھارتی وزیر اعظم ایک خصوصی طیارے کے ذریعے کوئمبٹور میں ائر فورس بیس پہنچے اور وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے تروپور پہنچے تھے جہاں بی جے پی کے ریاستی صدر انامالائی اور دیگر رہنماؤں نے اُن کا استقبال کیا ۔

تروپور میں عام لوگوں نے بھی پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور ’بھارت ماتا کی جئے‘ کے نعرے لگا کر وزیر اعظم مودی کا پرجوش استقبال کیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نعرے بازی کے دوران بھیڑ میں سے کسی نے مودی کی گاڑی پر موبائل فون پھینکا گیا۔ اس کے بعد اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) کے ایک رکن نے سیل فون ہٹانے کو کہا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ ( ایس پی جی) وزیر اعظم، سابق وزرائے اعظم اور ان کے قریبی افراد کو سیکورٹی فراہم کرنے کا کام کرتا ہے۔

معاملے پر تمل ناڈو پولیس کی جانب سے فی الحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں جب بھارتی وزیراعظم پر موبائل پھینکاگیا ہو، گزشتہ سال کرناٹک میں بھی روڈ شو کے دوران ایسا واقعہ پیش آیا تھا۔

این اے 15 : الیکشن کمیشن نے نواز شریف کی درخواست خارج کردی

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ انتخابی عزرداری کے کیس میں نواز شریف کی درخواست خارج کردی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سابق وزیراعظم کو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نواز شریف کی درخواست خارج کرتے ہوئے ریٹرننگ افسرکو 3 دن میں حتمی نتیجہ مرتب کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس حلقے سے نواشریف کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزادہ گستاسپ نے شکست دی تھی۔

گستاسپ خان نے ایک لاکھ 5 ہزار 249 جبک ہنوازشریف نے 80 ہزار 382 ووٹس حاصل کیے تھے۔

این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کی جیت کا لیگی دعویٰ غلط نکلا

نواز شریف کئ وکیل جہانگیر جدون نے دلائل کے دوران حلقے میں دوبارہ انتخابات کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف اورگستاسب خان کے ووٹوں کا فرق 25 ہزارہے، 9 ہزارسے زائد ووٹ مسترد ہوئے، کالا ڈھاکہ کے 123 پولنگ سٹیشنزکے فارم 45 نہیں دیے گئے۔

چین، پاکستان کا 2 ارب ڈالر قرضہ رول اوور کرنے پر راضی

اسلام آباد: چین نے ابتدائی طور پر قیمت میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا تاہم اب اس نے حالیہ شرائط پر پاکستان کا 2ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے پر ر ضامندی ظاہر کردی ہے۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ چین کے ساتھ 23مارچ کو ادا کیے جانے والے 2 بلین ڈالرز کی ادائیگی کی مدت میں مزید توسیع پر مفاہمت ہوگئی ہے۔ اس حوالے سے چین کے سفارتخانے کے جواب کا انتظار ہے۔ اس وقت پاکستان اس قرض پر 7.1فیصد کی شرح سے ادائیگی کر رہا ہے۔ یہ شرح چھ ماہ کے ’’سکیورڈ اوور نائٹ فائننس ریٹ پلس 1.715فیصد کے فارمولے سے طے کی جاتی ہے۔

حکام نے بتایا کہ چین نے غیر رسمی طور پر قرض رول اوور پر رضامندی ظاہر کردی ہے اور اب وزارت خزانہ باضابطہ جواب کا انتظار کر رہی ہے۔

واضح رہے پاکستان نے گزشتہ مالی سال چین، سعودی عرب اور امارات کو 26.6ارب روپے سود کی مد میں ادا کئے ہیں ۔ یہ ادائیگیاں ان تین ملکوں کی جانب سے سٹیٹ بینک میں رکھے گئے 9ارب ڈالر کی بنا پر کی گئی ہیں۔ اس سے ایک سال قبل پاکستان نے اس مد میں ادائیگی 12.2ارب روپے کی تھی۔ اس طرح سود کی لاگت میں 118فیصد اضافہ ہوگیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اضافے کی بڑی وجہ روپے کی قیمت میں کمی رہی۔ گزشتہ برس سعودی عرب اور امارات نے پاکستان کے پاس مزید ڈالرز رکھوائے ہیں جن کی بنا پر ان تین ملکوں کے ڈالرز کے ذخائر 12ارب تک پہنچ گئے ہیں۔ اس بنا پر حالیہ مالی سال میں 12ارب ڈالر کے سود کی لاگت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

گزشتہ مالی سال پاکستان نے چین کو الگ سے 42.1ارب روپے بھی 4.5ارب ڈالر کی چائینیز ٹریڈ فنانس فیسلٹی کے استعمال کی بنا پر دئیے تھے۔ پاکستان بڑے پیمانے پر چین کی ٹریڈ فنانس فیسلٹی کو غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی اور زر مبادلہ کے ذخائر کو ایک سطح پر رکھنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

اسٹیٹ بنک کی بیلنس شیٹ کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف سے قرض 1.89سے لیکر 4.98فیصد کی شرح سود پر لے رکھے ہیں۔ گزشتہ مالی سال میں پاکستان نے 29.5ارب روپے آئی ایم ایف کو سود کی مد میں دیے۔