پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا، ’ملک کے سیاسی استحکام کو اہمیت دی جائے‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو خط لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی مزید بیل آؤٹ بات چیت میں ملک کے سیاسی استحکام کو اہمیت دیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی ”روئٹرز“ کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں اپنی پوزیشن کی تفصیل سے بتائی گئی ہے۔

روئٹرز کے مطابق پارٹی کے دو سینئر ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات صھیح وقت پر منظر عام پر لائی جائیں گی۔

تاہم، آئی ایم ایف نے رائٹرز کو ایک ای میل میں بتایا کہ انہیں ابھی خط موصول نہیں ہوا ہے۔

گزشتہ ہفتے عمران خان کے معاونین بیرسٹر گوہر رلی خان اور بیرسٹر علی ظفر نے بتایا تھا کہ وہ قرض دہندہ پر زور دیں گے کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ مزید بات چیت کرنے سے پہلے پاکستان کے متنازعہ 8 فروری کے انتخابات کے آزادانہ آڈٹ کا مطالبہ کرے۔

کراچی میں مقیم ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سہیل احمد نے کہا کہ اس خط کا مارکیٹ پر کوئی بڑا اثر ہونے کا امکان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اپنی مستعدی سے کام کرے گا۔

تاہم، بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے گزشتہ روز پاکستان کے حوالے سے اپنے تازہ ترین جائزے میں کہا کہ پاکستان میں الیکشن کے بعد قائم ہونے والی اتحادی حکومت کا مینڈیٹ اتنا مضبوط نہیں ہوگا کہ وہ آئی ایم ایف سے نئے معاہدے کیلئے مشکل اصلاحات کر سکے۔

موڈیز نے اپنے جائزے میں یہ بھی کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے نیا قرض نہ ملاتو اس کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

گزشتہ موسم گرما میں آئی ایم ایف سے 3 بلین ڈالر کے اسٹینڈ بائی انتظامات حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی نقدی کی تنگی کا شکار معیشت مستحکم ہونے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، جس میں ریکارڈ مہنگائی، روپے کی قدر میں کمی اور غیر ملکی ذخائر سکڑنا شامل ہے۔

دریں اثنا، وزارت خزانہ کے نامعلوم ذرائع کے مطابق، چین نے پاکستان کو 2 بلین ڈالر کا قرض رول اوور کردیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کو اپریل میں اسٹینڈ بائی انتظامات کی میعاد ختم ہونے کے بعد عالمی قرض دہندہ سے مزید فنڈز کی ضرورت ہوگی۔

عمران خان کو اپریل 2022 میں اعتماد کے ووٹ میں معزول کیا گیا تھا، حزب اختلاف کی جماعتوں نے ان پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے اپنا عہدہ چھوڑنے سے کچھ دن پہلے 6 بلین ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت کے تحت آئی ایم ایف کے معاہدے کو ختم کیا۔

عمران خان اس الزام کی وہ تردید کرتے ہیں۔

آئی ایم ایف کے ترجمان نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس کی توجہ اسٹینڈ بائی پروگرام کی تکمیل پر تھی، لیکن اگر درخواست کی گئی تو پاکستان کے جاری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک نئے انتظام کے ذریعے انتخابات کے بعد کی حکومت کی حمایت کے لیے دستیاب ہے۔

کور کمانڈر پشاور سے شمالی وزیرستان کے قبائلی عمائدین کی ملاقات

کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات سے شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے اتمانزئی قبائلی عمائدین نے ملاقات کی ہے۔ جس میں عمائدین نے پاک فوج کے غیر متزلزل جذبے کو سراہا۔

لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات سے ملاقات میں اتمانزئی قبائلی عمائدین نے کہا کہ پاک فوج کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس موقع پر کورکمانڈر پشاور نے کہا کہ پاک فوج قبائلی علاقوں میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت سے ملکر قبائل کی اپنے علاقوں میں واپسی کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

کور کمانڈر پشاور نے کہا کہ قبائل نوجوانوں میں تعلیم کی بہتری کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

کور کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف قبائلی عوام کا پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے پر شکریہ ادا کیا۔

اتمانزئی قبائلی عمائدین نے کہا کہ قبائلی عوام ملکی بقاء اور سالمیت کیلئے پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

جنوبی کوریا میں صحت کا بحران شدت پکڑ گیا

سیئول: جنوبی کوریا میں قومی سطح پر درپیش صحت کے بحران کی سطح اعلی ترین قرار دے دی گئی ہے جس کی وجہ میڈیکل تعلیمی اداروں میں داخلے کے مسائل کے حوالے سے  ڈاکٹروں کی احتجاجاً ہڑتال ہے ۔

عالمی میڈیا نے جنوبی کوریا کی وزارت صحت  کے حوالے سے بتایا تقریباً 7,863 ڈاکٹرز ( تقریباً 70 فیصد ٹرینی ڈاکٹروں ) نے واک آؤٹ کیا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کی دیکھ بھال میں خلل پڑ گیا ہے اور سرجریوں میں تاخیر یا منسوخی کا سامنا ہے۔

زیادہ تر ٹرینی  ڈاکٹرز ملک کے 100 اسپتالوں میں کام کرتے ہیں اور سرجریوں اور ہنگامی صورتحال میں بطور معاون ڈاکٹر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وزیر اعظم ہان ڈک سو کی سربراہی میں بلائی گئی  ایمرجنسی ڈیزاسٹر رسپانس میٹنگ میں سرکاری حکام کا کہنا تھا کہ وہ سرکاری ہسپتالوں میں کام کے اوقات میں توسیع کریں گے، اضافی عارضی طبی عملے کی خدمات حاصل کریں گے اور تمام اسپتالوں اور کلینکس کو ٹیلی میڈیسن سروس  فراہم کرنے کا کہیں گے۔

وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ لوگوں کی زندگیوں اور صحت کو نقصان پہنچانے والے اقدامات کو کسی بھی وجہ سے جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ہمیں فوری طور پر صورتحال کو مستحکم کرنا چاہیے اور حکومتی ردعمل کے ذریعے عوام کو پہنچنے والے نقصانات کو کم کرنا چاہیے۔

غزہ ملبے کا ڈھیر بن گیا اور سب خاموش ہیں، سعودیہ کی سلامتی کونسل پر تنقید

جنیوا: سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں غزہ کی تباہی پر عالمی برادری کی خاموشی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 55ویں اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اسرائیل کی جبری بے گھر ہونے والے لاکھوں فلسطینیوں کی آخری پناہ گاہ رفح پر حملے کی دھمکیوں پر عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی ہے۔

وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے سوال اُٹھایا کہ ہم یہاں کن حقوق کی بات کر رہے ہیں جب کہ غزہ راکھ اور ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ عالمی برادری اس پر کیسے خاموش رہ سکتی ہے جب کہ غزہ کے لوگ بے گھر اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کے اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ نے بین الاقوامی قراردادوں کے اطلاق میں دوہرے معیار اور پسند و ناپسند رویے کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیل کے رفح پر حملے کے  تباہ کن اثرات سے خبردار کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے سنجیدہ، منصفانہ اور جامع اقدام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرے تاکہ معصوم شہریوں کی حفاظت کی جا سکے۔

وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے نشاندہی کی کہ غزہ سے 30 ہزار ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے اس کے علاوہ 20 لاکھ سے زائد افراد فاقہ کشی، تحفظ، پانی، بجلی اور ادویات جیسی بنیادی ضرورتوں کے فقدان کا شکار ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان تمام مظالم کے باوجود سلامتی کونسل اپنے اجلاسوں کو بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیتی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل قرارداد نمبر 2720 پر عمل درآمد کروائے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اس اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے ساتھ مملکت کی انسانی حقوق کمیشن کی صدر ڈاکٹر ہالہ بنت مازیاد التویجری، نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور ڈاکٹر سعود الساطی اور جنیوا میں اقوام متحدہ میں سعودیہ کے مستقل نمائندے عبدالمحسن ماجد بن شریک تھے۔

رمضان کی آمد،یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی و آئل اور دیگر اشیاء سستی ہوگئیں

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن

رمضان سے پہلے ریلیف
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے مختلف برانڈز کےگھی، کوکنگ آئل، چائے، اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کر دی۔ ترجمان

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے صارفین کی سہولت کیلئے مختلف برانڈڈ گھی، کوکنگ آئل، چائے اوردیگر روزمرہ اشیاء سرف، صابن وغیرہ کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے۔

گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 4 روپے سے 100 روپے فی کلو /لیٹر کی کمی کر دی گئی ہیں۔
اسی طرح برانڈڈ چائے کی قیمتوں میں بھی 100 روپے فی 800گرام پیک کمی کر دی ہے۔

ڈالڈا کوکنگ آئل 523 سے 508 روپے میں دستیاب ہیں اسی طرح دیگر برانڈڈ گھی اور کوکنگ آئل مارکیٹ سے بہت سستے فروخت کئے جا رہے ہیں۔

گھی، کوکنگ آئل اور چائے کے علاوہ دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں بھی عام مارکیٹ کی نسبت بہت کم ہیں۔

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ا…

آج کسی وقت امریکا و روس کے مصنوعی سیاروں کے تصادم کا خدشہ

امریکا اور روس کے مصنوعی سیارے آج رات کسی وقت متصادم ہونے والے ہیں۔ خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا نے اس حوالے سے تمام ممکنہ تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

زمین سے 600 کلومیٹر کی بلندی پر ٹکرانے والے مصنوعی سیاروں میں ناسا کا مشن TIMED اور روس کا Cosmos 2221 شامل ہیں۔

اتنی بلندی پر دو مصنوعی سیاروں کے تصادم سے اچھا خاصا ملبہ زمین کی طرف آسکتا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع نے اس ممکنہ تصادم پر نظر رکھی ہوئی ہے۔

بعض اندازوں کے مطابق دونوں مصنوعی سیارے ایک دوسرے کے بہت قریب سے گزریں گے۔ پھر بھی امریکا اور روس کے متعلقہ اداروں نے خلا کے اس ممکنہ ایونٹ پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے اور متعلقہ تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔

تصادم کی صورت میں پیدا ہونے والا ملبہ مدار میں موجود دیگر مصنوعی سیاروں کے لیے بھی مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔

ناسا کا مشن زمین کے ماحول کی اوپری تہہ میموسفیئر پر سورج کی روشنی اور انسانی سرگرمیوں ک مطالعے اور زمین اور خلائے بسیط کے درمیان گیٹ وے کا کردار ادا کرنے والی نچلی تہہ تھرموسفیئر یا آینوسفیئر پر انسانی سرگرمیوں کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے بھیجا گیا تھا۔

پنجاب اسمبلی میں ایک ماہ کا صوبائی بجٹ منظور، اپوزیشن کی نعرے بازی

لاہور: پنجاب اسمبلی میں صوبے کا ایک ماہ کا بجٹ اپوزیشن کی نوک جھونک کے درمیان منظور کرلیا گیا، اس موقع حزب اختلاف کے ارکان نے ایوان میں نعرے بازی کی۔

صوبائی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت شروع ہوا، جس میں مریم اورنگزیب کی جانب سے ایک کے صوبائی بجٹ کا بل پیش کیا گیا۔ پنجاب اسمبلی میں پیش کیے گئے ایک ماہ کے جاری اخراجات کے تخمیمہ کی مالیت 358 ارب روپے ہے، جو کہ یکم تا 31 مارچ تک کے لیے ہے۔

358 ارب 94 کروڑ سے زائد ماہانہ کے پنجاب کے بجٹ میں ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات شامل ہیں جب کہ مارچ کے لیے بنائے گئے بجٹ کا بڑا حصہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے لیے مختص ہے۔ اس کے علاوہ جاری ترقیاتی اسکیموں کی ضروری ادائیگیوں کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

مریم اورنگزیب کی جانب سے ایک ماہ کے جاری اخراجات کی منظوری کے لیے تحریک ایوان میں پیش کیے جانے کے بعد اسپیکر نے فلور اپوزیشن رہنما رانا آفتاب کو دے دیا، جس پر انہوں نے تحریک اخراجات پر اعتراض اٹھا دیا۔ اس موقع پر اپوزیشن اور حکومتی اراکین نعرے لگاتے رہے جب کہ حکومتی رکن خواجہ عمران نذیر اور اپوزیشن رکن ندیم قریشی کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی۔

اپوزیشن رہنما ندیم قریشی نے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ کو اپوزیشن میں ساڑھے 4 سال سنا ہے اب ہمیں بھی سنیں ، تاہم اپوزیشن کی نعرے بازی میں حکومت نے صوبے کے ایک ماہ کے اخراجات کی تحریک منظور کرلی۔

اپوزیشن رہنما رانا آفتاب نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جناب اسپیکر 358 ارب سے زائد کے بجٹ کی ضرورت کیوں ہے؟۔ ضمنی بجٹ پر بحث ہونا ضروری ہے۔ جو بجٹ منظوری کے لیے پیش کیا جائے، اس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ بجٹ کن کن محکموں کو جاری ہوا، اس کی تفصیلات نہیں ہیں۔ اتنا ییسہ تنخواہوں کی مد میں جارہا ہے، ہمیں معلوم ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جناب اسپیکر بجٹ پیش کون کرسکتا ہے؟ میرا اعتراض ہے کہ معزز رکن بجٹ پیش نہیں کر سکتیں۔ وزیر خزانہ یا وزیر اعلیٰ ایوان میں بجٹ کی تحریک پیش کرسکتا ہے۔ جس عجلت میں اجلاس بلایا گیا ہمارے کئی ارکان نہیں پہنچ سکے۔

دوران اجلاس مریم اورنگزیب نے بتایا کہ 358 ارب روپے کی رقم سے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنی ہیں۔ اسپتالوں میں ادویات اور بجلی کے بل ادا کرنے ہیں۔ جج صاحبان کی تنخواہیں دینی ہیں ۔ کوئی کام چوری چھپے نہیں کررہے ۔ اسپیکر صاحب سے درخواست کروں گی کہ اس کی تمام تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں۔

بعد ازاں اپوزیشن کے اعتراضات اور نعرے بازی کے دوران صوبے کے ایک ماہ کے بجٹ کا تخمینہ پنجاب اسمبلی میں منظور ہوگیا، جس کے بعد اسپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔

واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے 3 ماہ کے بجٹ کی تیاری بھی شروع کردی ہے۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق اپریل تا جون 3 ماہ کا بجٹ وزیر خزانہ پنجاب پیش کریں گے۔

آرمی چیف کی خاتون پولیس آفیسر سے ملاقات، لاہور واقعے پر شاباشی

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سیدہ شہربانو نقوی نے ملاقات کی، آرمی چیف نے شہربانو کی ڈیوٹی کے دوران ایک غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ پیش کرنے پر تعریف کی۔

خاتون نڈر آفیسر شہربانو نقوی نے 26 فروری 2024ء کو لاہور کے اچھرہ بازار کے مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکالا تھا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، آزادی کے بعد سے، پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت، استقامت اور عزم کی وجہ سے اندرون و بیرونِ ملک خود کو ممتاز کیا ہے۔
آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ خواتین پاکستانی معاشرے کا ایک انمول حصہ ہیں اور ان کا احترام ہمارے مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے۔

جنرل عاصم منیرسماجی ہم آہنگی کی اہمیت اور عدم برداشت کو روکنے کے لیے ملک گیر اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے۔

آرمی چیف نے س بات پر زور دیا کہ بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں۔ اس موقع پر آرمی چیف نے اسلام کے حسن سلوک اور احسان کے ابدی پیغام پر بھی روشنی ڈالی۔ آرمی چیف نے پاکستان کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

فرانس، سفیر پاکستان عاصم افتخار کی”فرانس انٹرنیشنل ایگریکلچر شو“ میں شرکت،زراعت اور لائیو سٹاک کے مختلف پیشہ ور افراد سے بات چیت

پیرس، 28 فروری: فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے پیرس میں منعقد ہونے والے ”فرانس انٹرنیشنل ایگریکلچر شو“ میں شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے زراعت اور لائیو سٹاک کے مختلف پیشہ ور افراد سے بات چیت کی۔
بدھ کو یہاں موصول ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر پاکستان کی وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق کے وفد کی ملاقاتوں کا مقصد زرعی شعبے، لائیو سٹاک کی پیداوار، تحقیق اور خصوصی تربیتی پروگراموں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے متنوع روابط پیدا کرنا تھا۔ .

’تعصب دماغ سے نکالیں‘ مریم نے تنخواہ اور کوئی مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ ن کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بزدار حکومت کے پاس کٹے مرغی انڈوں لنگر خانوں کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔ آپ تعصب کو دماغ سے نکالیں۔ مریم نے بطوروزیر اعلیٰ کسی قسم کی کوئی مراعات سرکاری گاڑی ،سرکاری گھر اور نہ ہی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، مریم نواز کی کارکردگی پر یہ بات نہیں کرسکتے ۔ تحریک فساد والوں کی اپنی کوئی پوزیشن نہیں۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ رانا آفتاب نے وزیراعلیٰ کے الیکشن کومتنازع بنانے کی کوشش کی۔ تحریک فساد والوں کی بدتمیزی کی ٹریننگ ہوئی ۔تمیز سکھانے کی کوشش کررہی ہوں۔

مریم نواز کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے تشبییہ دینے والوں کے لکیے لیگی رہنما نے کہ بزدار حکومت کے پاس کٹے مرغی انڈوں لنگر خانوں کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔راجہ بشارت صاحب آپ جو کام نہ کر سکے مریم نواز آتے ہی ائیر ایمبولینس لا رہی ہے تاکہ عوام کی خدمت ہو۔۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ فتنہ فساد پارٹی اس وقت آخری دم تک جا ئے گی جب مریم نواز کی حکومت کامیاب ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان پیکج میں کسی کو لائن میں نہیں لگنا پڑے گا ، عزت نفس سے ضرورت کی چیزیں دہلیز پر دیں گے۔ 70 لاکھ سے زائد خاندان رمضان پیکج سے مستفید ہوں گے۔

3 دفعہ کے وزیراعظم کی بیٹی شدید دھاندلی سے اقتدار میں آئیں، یاسمین راشد

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے عوام نے 8 فروری کو 9 مئی کے بیانیے کو مسترد کر دیا، 3 دفعہ کے وزیراعظم کی بیٹی شدید دھاندلی سے اقتدار میں آئیں، مہارانی کو پتہ ہی نہیں ملک میں غربت کتنی ہے۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کہنا تھا کہ 3 دفعہ کے وزیراعظم کی بیٹی شدید دھاندلی سے اقتدار میں آئی ہے، مریم نواز تقاریر کی بجائےغریب کی بھوک بارے سوچیں، عوام کو ریلیف نہ ملا توعوام انکو نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ رمضان پیکچ سے کام نہیں چلے گا، رمضان کے بعد بھی لوگوں نے جینا ہے، اس وقت غریب لوگوں کے پاس ایک وقت کے کھانے کے پیسے نہیں، لوگ بھوک سے مررہے ہیں، عوام کو ریلیف نہ ملا تو عوام ان کو نہیں چھوڑے گی۔

یاسمین راشد نے مزید کہا کہ مہارانی کو پتہ ہی نہیں ملک میں غربت کتنی ہے، میں نے 35 سال سرکاری اسپتال میں کام کیا ہے، لوگوں کے پاس انجیکشن خریدنے کے پیسے نہیں ہوتے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ سے زیادہ ووٹ لینے والی خواتین جیل میں قید ہیں، فارم 45 میں ہارنے والے فارم 47 میں جیت گئے، عدالتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، عوام کے میڈیٹ کو چوری کیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 9 مئی کا واقعہ بیچنے والے آج 9 فروری والے بن چکے ہیں، عوام نے 8 فروری کو 9 مئی کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے، ان کے ظلم جبر اور زیادتی کو عوام نے مسترد کر دیا۔

اداکارہ صوفیہ مرزا کیخلاف فراڈ کا مقدمہ خارج

اسلام آباد: اداکارہ و ماڈل صوفیہ مرزا، سابق مشیر داخلہ شہزاد اکبر اور سابق ڈی جی ایف آئی اے ثنا اللہ عباسی کے خلاف فراڈ کا مقدمہ خارج کردیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے دبئی میں مقیم ارب پتی تاجر عمر فاروق ظہور کی مدعیت میں درج مقدمے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے صوفیہ مرزا کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست منظور کرلی۔

اداکارہ صوفیہ مرزا کے سابق شوہر عمر فاروق ظہور نے اپنی سابقہ اہلیہ (صوفیہ مرزا)، شہزاد اکبر اور سابق ڈی جی ایف آئی اے ثنا اللہ عباسی کے خلاف فراڈ، ریکارڈ ٹمپرنگ، جعلسازی اور عوامی عہدے کے غلط استعمال کا مقدمہ درج کیا تھا۔

اداکارہ صوفیہ مرزا (خوش بخت شجاعت) نے مقدمہ اخراج کی درخواست دائر کر رکھی تھی جس پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس ارباب محمد طاہر نے محفوظ فیصلہ سنادیا اور صوفیہ مرزا، شہزاد اکبر اور ثنا اللہ عباسی کے خلاف فراڈ کے مقدمے کو خارج کردیا۔

واضح رہے کہ عمر فاروق ظہور نے اکتوبر 2022 میں اسلام آباد پولیس اسٹیشن سیکریٹریٹ میں صوفیہ مرزا اور شہزاد اکبر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

خاتون جج دھمکی کیس : عمران خان کو اسلام آباد کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد: اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

سول جج مرید عباس خان نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی عدالت طلبی کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے متعلق دائر درخواست منظور کرلی اور بانی پی ٹی آئی کو خاتون دھمکی کیس میں طلبی کے نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کیا جائے، عدالت نے کیس کی سماعت 3 اپریل تک کیلئے ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر وکلا نے بانی پی ٹی آئی کی عدالت پروڈکشن کی درخواست دی تھی۔