این اے 122: عمران کے کاغذات اخلاقی پستی پر سزا کے باعث مسترد، تحریری فیصلہ

لاہور کے حلقہ این اے 122 سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا تحریری فیصلہ جاری ہوچکا ہے، جس کے تحت عمران خان کے کاغذات اخلاقی پستی پر سزا کے باعث مسترد کیے گئے۔

ریٹرنگ افسر کا تحریری فیصلہ آٹھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ سابق چیرمین پی ٹی آئی کو اخلاقی پستی کے جرم میں سزا سنائی گی ہے، ان کی سزا تاحال معطل یا کالعدم قرار نہیں ہوئی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان کی نااہلی پانچ سال کے لیے ہوئی ہے، ان کی نااہلی بھی معطل یا کالعدم نہیں ہوئی، عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 63 ون کے تحت نااہل کیا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ شکایت کنندہ کے اعتراضات قانونی ہیں، سابق چیرمین پی ٹی آئی کے این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر سابق لیگی ایم پی اے میاں نصیر احمد نے اعتراضات دائر کئے تھے۔a

بلوچستان: سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی / کوئٹہ: ضلع آوران کے علاقے ماشکی میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

دوران آپریشن دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا جبکہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔
علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اور بِگ بی کے نام سے مشہور امیتابھ بچن نے بھارت کے مقبول ترین شو “کون بنے گا کروڑ پتی” کو جذباتی انداز میں الوداع کہہ دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ امیتابھ بچن کے مقبول ترین گیم شو “کون بنے گا کروڑ پتی” کے 15ویں سیزن کی آخری قسط کا پرومو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں امیتابھ بچن اپنے شو کے سامعین اور چاہنے والوں کو پُرنم آنکھوں کے ساتھ الوداع کہہ رہے ہیں۔ لیجنڈری اداکار اور شو کے میزبان نے کہا کہ “اب ہم جارہے ہیں اور کل سے یہ اسٹیج نہیں سجے گا، اپنوں سے یہ کہہ پانا کہ اب کل سے ہم یہاں نہیں آئیں گے نہ ہی کہنے کی ہمت ہوپاتی ہے اور نہ ہی من ہوتا ہے”۔ شو کے پرومو کے آخر میں امیتابھ بچن ہاتھ جوڑتے ہوئے آبدیدہ نظر آئے جبکہ شو کے سامعین بھی اداکار کے الوداعی پیغام پر اُداس تھے۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ “کون بنے گا کروڑ پتی” کے اگلے سال آنے والے 16ویں سیزن کی میزبانی امیتابھ بچن ہی کریں گے یا پھر کوئی اور سیلیبریٹی۔ واضح رہے کہ ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ بھارتی ٹیلی ویژن کا مقبول ترین گیم شو ہے جو گزشتہ 23 برس سے ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔ اس گیم شو کی میزبانی ابتدا ہی سے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کرتے آرہے ہیں سوائے 2007 میں آن ایئر ہونے والے تیسرے سیزن کے جس کی میزبانی سپر اسٹار شاہ رخ خان نے کی تھی۔

ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اور بِگ بی کے نام سے مشہور امیتابھ بچن نے بھارت کے مقبول ترین شو “کون بنے گا کروڑ پتی” کو جذباتی انداز میں الوداع کہہ دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

امیتابھ بچن کے مقبول ترین گیم شو “کون بنے گا کروڑ پتی” کے 15ویں سیزن کی آخری قسط کا پرومو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں امیتابھ بچن اپنے شو کے سامعین اور چاہنے والوں کو پُرنم آنکھوں کے ساتھ الوداع کہہ رہے ہیں۔

لیجنڈری اداکار اور شو کے میزبان نے کہا کہ “اب ہم جارہے ہیں اور کل سے یہ اسٹیج نہیں سجے گا، اپنوں سے یہ کہہ پانا کہ اب کل سے ہم یہاں نہیں آئیں گے نہ ہی کہنے کی ہمت ہوپاتی ہے اور نہ ہی من ہوتا ہے”۔

شو کے پرومو کے آخر میں امیتابھ بچن ہاتھ جوڑتے ہوئے آبدیدہ نظر آئے جبکہ شو کے سامعین بھی اداکار کے الوداعی پیغام پر اُداس تھے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ “کون بنے گا کروڑ پتی” کے اگلے سال آنے والے 16ویں سیزن کی میزبانی امیتابھ بچن ہی کریں گے یا پھر کوئی اور سیلیبریٹی۔

واضح رہے کہ ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ بھارتی ٹیلی ویژن کا مقبول ترین گیم شو ہے جو گزشتہ 23 برس سے ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔

اس گیم شو کی میزبانی ابتدا ہی سے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کرتے آرہے ہیں سوائے 2007 میں آن ایئر ہونے والے تیسرے سیزن کے جس کی میزبانی سپر اسٹار شاہ رخ خان نے کی تھی۔

سی ٹی او لاہور کا نیو ائیر نائٹ کے حوالے سے والدین اور ون ویلرز کے نام خصوصی پیغام

سٹی ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر نے نیو ائیر نائٹ کے حوالے سے والدین اور ون ویلرز کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ نیو ائیر نائٹ پر ون ویلرز، ہلڑبازوں اور بغیر سائلنسر موٹرسائیکلسٹ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن ہوگا۔

سی ٹی او نے ون ویلرز اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مقدمات درج کروانے کا حکم دیا ہے۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ والدین اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں۔

سی ٹی او لاہور نے خبردار کیا کہ فیملیز سے چھیڑچھاڑ کرنے والے سیدھا حوالات جائیں گے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں بتایا کہ نیو ائیر نائٹ کیلئے لیڈی ٹریفک وارڈنز کا خصوصی دستہ بھی تیار کیا گیا ہے جو مال روڈ، جیل روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ میں تعینات ہوگا۔

عمارہ اطہر کا کہنا تھا کہ نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہلڑبازی روکنے کیلئے 90 مقامات پر خصوصی ناکہ جات لگائے جائیں گیں۔ کم عمر ڈرائیورز کو بھی موٹرسائیکل، گاڑی سمیت تھانے بند کر دیا جایا جائے گا۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، کینال روڈ، جی ٹی روڈ پر موٹر سائیکلسٹ دستے تعینات ہوںگے۔ مین بلیوارڈ گلبرگ اور علامہ اقبال روڈ، مین بلیوارڈ ڈیگنس پر بھی اضافی نفری تعینات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بغیر سائیلنسر موٹرسائیکلوں اور رکشوں پر مقدمات درج ہوں گے۔

گڈو پاور پلانٹ میں آتشزدگی، ملک کے کئی حصوں میں بجلی کی سپلائی معطل

گڈو پاور پلانٹ کشمور کے ٹرانسفارمر میں ہوئےدھماکے اور آتشزدگی سے ہائی ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کر گئیں، جس کے باعث ملک کے کئی حصوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق شدید دھند کے باعث بجلی بحالی کا کام بھی شروع نہ ہوسکا۔

گڈو تھرمل پاور ہاؤس میں آگ 500 کے وی سوئچ یارڈ ٹرپ ہونے کے باعث لگی، جس کے بعد پلانٹ کے گرڈ اسٹیشن میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

حکام کا بتانا ہے کہ فنی خرابی کے باعث پاور ہاؤس کے سوئچ یارڈ میں دھماکا ہوا، پاور پلانٹ میں لگنے والی آگ سخت جدوجہد کے بعد بجھادی گئی۔ تاہم لائنیں ٹرپ ہونے سے سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

سری لنکا نے وانندو ہسارنگا کو ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کردیا

کولمبو: آل راؤنڈر وانندو ہسارنگا کو سری لنکا کی ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا۔

سری لنکا نے آل راؤنڈر وانندو ہسارنگا کو ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کردیا، ان کی پہلی آزمائش آئندہ ماہ زمبابوے کے خلاف شیڈول سیریز ہوگی۔

وہ اگست میں لنکا پریمیئر لیگ میں انجرڈ ہونے کی وجہ سے ایشیا کپ اور ورلڈکپ میں شریک نہیں ہوسکے تھے، بیٹسمین کوشل مینڈس ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے، دونوں فارمیٹس میں نائب کپتان چاریتھ اسالینکا کو مقرر کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کا مزاج بدلنے کے دعوے غلط ثابت

پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں ایک اور ٹیسٹ سیریز ہار گئی، ایسا پہلی بار نہیں ہوا، پہلی سیریز سے ہی ایسا ہورہا ہے۔

پاکستانی ٹیم اپنی غیرمستقل مزاجی کیلئے مشہور ہے مگر کینگرو دیس میں ناکامیوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ قائم رکھا ہوا ہے، نئے کپتان شان مسعود کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے اس بار آسٹریلیا کا اس کے میدانوں پر غرور توڑنے کا خواب دیکھا مگر یہ خواب بھی سراب ہی ثابت ہوا۔

ٹور کےآغاز پرآسٹریلوی پرائم منسٹرالیون کے خلاف میچ میں جب شان مسعود نے ڈبل سنچری اسکور کی تو امید بندھی کی کپتان اور باقی سینئر بیٹرز اس بار سیریز میں کچھ نیا پن لائیں گے مگر پرتھ میں پاکستانی بیٹنگ لائن بھربھری دیوار ثابت ہوئی جوکہ میزبان اٹیک کے حملے برداشت نہیں کرسکی اور 360 رنز کی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

ٹور کے شروع سے ہی فٹنس مسائل بھی ہاتھ دھو کر پاکستان ٹیم کے پیچھے پڑے رہے، پہلے وارم اپ میچ کے دوران ابرار احمد انجرڈ ہوگئے، پھر پرتھ ٹیسٹ کے بعد پسلی کے اسٹریس فریکچر کی وجہ سے خرم شہزاد بھی سیریز سے باہر ہوگئے، ایک اور اسپنر نعمان کو اپینڈکس ہوگیا جبکہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پرتھ ٹیسٹ کے موقع پر نعمان کو انگلی کی انجری کا سامنا تھا اس لیے انھیں میدان میں نہیں اتارا گیا۔

بہرحال میلبورن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں جب متبادل کے طور پرآسٹریلیا بلائے گئے اسپنر ساجد خان کو کھلانے کی توقع ظاہر کی جارہی تھی تو ایک بار پھرآل پیس اٹیک کے ساتھ میدان سنبھالا گیا اور اسپن آپشن کیلئے ’آل راؤنڈر‘ سلمان علی آغا پر ہی انحصار کیا گیا۔

پرتھ میں سلمان علی آغا نے مجموعی طور پر 40 اوورز کیے اور ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کرسکے جبکہ دوسری جانب اسی پچ پر آسٹریلیا کے اسپیشلسٹ اسپنر ناتھن لائن نے مجموعی طور پر میچ میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسی طرح میلبورن میں سلمان علی آغا سے 11 اوورز کرائے گئے اور انھوں نے صرف ایک وکٹ لی، اس مقابلے میں ناتھن لائن نے پہلی اننگز میں 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

باکسنگ ڈے کے موقع پر شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے حریف سائیڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی اور شروع میں ہی سلپ میں موجود عبداللہ شفیق نے ڈیوڈ وارنر کو 2 کے انفرادی اسکور پر کیچ ڈراپ کرکے دوسرا چانس دے دیا، دوسری باری میں انھوں نے مچل مارش کو اس وقت لائف لائن دی جب کینگروز مکمل طور پاکستان کے گھیرے میں آچکے اور انھیں کم مجموعے پر آؤٹ کرکے جیت کے امکان کو بڑھایا جاسکتا تھا۔

تاہم اس ڈراپ کیچ سے موقع پر مارش نے 96 رنز بنادیے، الیکس کیری نے بھی 52 رنز بنادیے، جس سے آسٹریلوی ٹیم کا ٹوٹل 262 تک گیا اور اس نے پاکستان کو فتح کیلئے 317 رنز کا ہدف دے ڈالا، جواب میں پاکستان ٹیم 237 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

شان مسعود اور سلمان آغا نے ففٹیز بنائیں جوکہ پاکستان کے کسی کام نہ آئیں، امام الحق اس بار بھی بجھے بجھے دکھائی دیے ٹاپ پر ان کے 10، 12 رنز سوائے مایوسی بڑھانے کے اور کوئی کردار ادا نہیں کرسکے، بابراعظم طویل فارمیٹ میں ویسے ہی آؤٹ آف فارم دکھائی دے رہے ہیں، عبداللہ شفیق کی کارکردگی میں تسلسل نہیں ہے، یہ معاملہ سعود شکیل کے ساتھ بھی ہے۔

یہ ایک کھلی حقیقت ہے کہ 40، 50 رنز بناکر ٹیسٹ میچز نہیں جیتے جاسکتے جبکہ بظاہر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ کھلاڑی بس اتنے ہی رنز بناکر ٹیم میں اپنی جگہ بچائے رکھنے کی تگ و دو کررہے ہیں کیونکہ اتنے ہی اسکور کی بنیاد پر محمد رضوان کو بہتر خیال کرتے ہوئے سرفراز احمد کی جگہ الیون میں شامل کیا گیا اور انھوں نے بھی بس اتنے ہی رنز ٹیسٹ میچ بھی بنائے۔

پہلے ٹیسٹ میں تنقید کی زد میں رہنے والے پیس اٹیک نے میلبورن میں قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم فیلڈ سے معاونت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے ان کے مورال پر بھی اثر پڑا۔

پاکستان نے ویسے بھی میلبورن میں 42 برس سے کوئی ٹیسٹ میں نہیں جیتا تھا، اب یہ سلسلہ مزید وسیع ہوجائے گا۔ یہ پاکستان کی آسٹریلوی سرزمین پر لگاتار 16 ویں ٹیسٹ شکست ثابت ہوئی،آخری بار 196 میںآسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ میچ جیتا تھا، اب پاکستان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گا۔

سیریز تو پہلے ہی ہاتھ سے نکل چکی، اس لیے گرین کیپس کو اب وائٹ واش کی خفت سے بچنے کا چیلنج درپیش ہوگا، الیون میں بھی کم سے کم ایک تبدیلی تو کرنا ہی پڑے گی۔

ایس سی جی میں اسپنرز کو معاونت ملنے کی تاریخ کو مدنظر رکھا گیا تو شاید سلمان آغا پر انحصار کرنے کے بجائے کسی اسپیشلسٹ اسپنر کو میدان میں اتارا جائے، سرفراز کی واپسی کا امکان بھی کم دکھائی دیتا ہے کیونکہ رضوان الیون میں برقرار رہنے کیلئے ’مطلوبہ‘ رنز اسکور کرچکے ہیں۔

اسٹیل ملز کی 1500 ایکڑ زمین صنعتی پارک کیلیے مختص کردی، گوہراعجاز

کراچی: نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ اسٹیل ملزکی 1500 ایکڑ زمین انڈسٹریل پارک کیلیے مختص کی گئی ہے اور اس کی ترقی سی پیک کے تحت چینی حکام کو تفویض کی گئی تھی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر اور گوہر اعجاز کے درمیان وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات ہوئی جس میں کراچی میں مزید صنعتی پارکس کے قیام کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گوہر اعجاز نے کہا وفاقی حکومت نے اپنے صنعتی یونٹس قائم کرنے کیلیے اسے چینی حکام کے حوالے کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صنعت کاری ہی معیشت کو ترقی دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا واحد حل ہے اور یقینا اس سے خوشحالی و ترقی کے نئے راستے کھلتے ہیں۔

سال 2023؛ انٹربینک میں ڈالر کی نسبت روپیہ کی قدر میں 24.47فیصد کمی

کراچی: سال 2023 میں بھی انٹربینک میں ڈالر کی نسبت روپیہ کی قدر میں مجموعی طور پر 24.47فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ملک کو درپیش مالیاتی مشکلات، معیشت وسیاست کی غیر واضح سمت کے باعث کلینڈر سال 2023 میں بھی انٹربینک میں ڈالر کی نسبت روپیہ کی قدر میں مجموعی طور پر 24.47فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر 20.05فیصد گھٹ گئی، دیگر اہم غیرملکی کرنسیوں میں شامل پاؤنڈ اور یورو کی اڑان بھی تیز رفتار رہی اور کیلنڈر سال کے بیشتر دورانیئے میں روپیہ چاروں شانے چت رہا۔

کلینڈر سال 2023 کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مجموعی طور پر 55.43 روپے کے اضافے سے سال کے اختتام پر 281.86روپے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 47.22روپے کے اضافے سے 282.72 روپے پر بند ہوئی۔

علاوہ ازیں کلینڈر سال 2023 کے ابتدائی 8ماہ میں معیشت کی دگرگوں صورتحال، ملک کو درپیش مالیاتی بحران اور غیریقینی کاروباری حالات کے باوجود سال2023پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے لیے بلحاظ سرمایہ کاری انتہائی خوش کن ثابت ہوا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اگست میں نگراں حکومت کی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کیلیے سخت فیصلوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ مختلف نوعیت کے اقدامات، ہر شعبے میں انسداد اسمگلنگ کی سخت مہمات نے سال کے اختتامی 4ماہ ستمبر تا دسمبر کی مدت میں مارکیٹ کو نئی تاریخ ساز بلندیوں پر پہنچایا۔

سال 2023 میں ہنڈریڈ انڈیکس کا پہلا ریکارڈ 30اکتوبر کو 51482 پوائنٹس کے ساتھ قائم ہواجس کے بعد آئی ایم ایف حکام کا پاکستان کی معیشت کا جائزہ مکمل ہونے اور اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پانے کے باعث 29نومبر کو ہنڈریڈ انڈیکس 60502پوائنٹس کے ساتھ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور بعدازاں 12دسمبر کو ہنڈریڈ انڈیکس 66426پوائنٹس کے ساتھ نئی بلند ترین سطح پر بھی آگیا تھا۔

بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ سے گذشتہ ہفتے بھی ڈالر کی قدر میں بڑی نوعیت کی کمی نہ ہوسکی، ریمیٹنسز کی آمد اور برآمدی آمدنی کے تناسب سے درآمدی ضروریات پوری کرنے کی پالیسی سے روپیہ تگڑا رہا، ادائیگیوں کو متوازن بنانے کی حکمت عملی بھی ڈالر کو قابو کرنے میں کارگر ثابت ہوئی۔

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی نے روپے پر مثبت اثرات مرتب کیے، ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ 282 روپے سے نیچے آگئے، اوپن ریٹ 283، 284روپے سے نیچے آگئے،ڈالر کے انٹربینک اور اوپن ریٹ کے درمیان فرق گھٹ کر 86 پیسے رہ گیا۔

علاوہ ازیں لیوریج کی بلند سطح پر سودوں کے تصفیوں کے باوجود گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں اتار چڑھاؤ کے باوجود تیزی رہی، غیریقینی سیاسی حالات سے ہفتے کے ایک ابتدائی سیشن میں ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک روزہ کاروبار میں 2534پوائنٹس کی تاریخ ساز مندی بھی ہوئی، کلینڈر سال کے اختتام کی وجہ سے بعض شعبوں نے سرمائے کے انخلا کو ترجیح دی۔

ہفتے کے 4روزہ سیشنز میں ایک سیشن میں بڑی نوعیت کی مندی 3سیشنز میں تیزی رہی، مجموعی طور پر تیزی سے انڈیکس کی 62000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح گرنے کے بعد دوبارہ بحال ہوگئی، تیزی کے سبب حصص کی مالیت ایک کھرب 15ارب 69کروڑ 99لاکھ 44ہزار 069روپے بڑھ گئی۔

2023 میں شادی کرنیوالے پاکستانی اسٹارز

آج سال 2023 کا آخری دن ہے، یہ سال جاتے جاتے ہمیں کئی یادیں دے کر جارہا ہے، یہ سال کچھ شوبز شخصیات کے لیے بُرا سال ثابت ہوا جنہوں نے اپنی شادی شدہ زندگی کو طلاق پر ختم کیا جبکہ کئی پاکستانی اسٹارز نے رواں سال اپنے لیے جیون ساتھی کا انتخاب کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز بھی کیا۔

آج رات 12 بجے کے بعد لوگ سالِ نو 2024 کا جشن مناتے ہوئے خوش آمدید کہیں گے، نئے سال کے شروع ہونے سے پہلے اُن پاکستانی شوبز شخصیات پر پر نظر ڈالتے ہیں جنہوں نے 2023 میں شادیاں کیں۔

ہم اُن پاکستانی شوبز شخصیات کی فہرست دے رہے ہیں جنہوں نے رواں سال شادی کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کی شروعات کی۔

حرا خان اور ارسلان خان:

پاکستان شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ حرا خان اور اداکار ارسلان خان نے رواں سال 13 فروری کو اپنی محبت کو شادی کے خوبصورت رشتے میں تبدیل کیا، اس جوڑی کی شادی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی جبکہ شادی کے بعد سے یہ جوڑی سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آتی ہے۔

اُشنا شاہ:

معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے رواں سال 26 فروری کو اپنے دوست اور پاکستانی گالفر حمزہ امین سے شادی کی، اُنہوں نے اپنی شادی پر بھارتی اسٹائل کا لہنگا زیب تن کیا تھا، انہیں اپنی شادی کے لباس اور رقص کرنے پر ناقدین کی جانب سے شدید تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

کومل رضوی:

پاکستان کی معروف گلوکارہ کومل رضوی نے رواں سال 21 اپریل کو امریکا میں مقیم ملین ڈالر کمپنی کے سی ای او اور شریک بانی ایس علی اُپل سے دوسری شادی کرکے اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا، کومل رضوی نے 2019 میں اپنے پہلے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

مدیحہ امام:

معروف پاکستانی وی جے اور اداکارہ مدیحہ امام نے رواں سال مئی میں بھارتی فلم میکر اور پروڈیوسر موجی بسر سے شادی کی، موجی بسر دبئی میں مقیم ہیں، اداکارہ مدیحہ امام اور ان کا نکاح سادگی سے دبئی میں ہی ہوا تھا جبکہ اس جوڑی کا ولیمہ اکتوبر میں ہوا تھا۔

عنزیلہ عباسی:

پاکستان کے معروف اداکار و ہدایت کار شمعون عباسی اور اداکارہ جویریہ عباسی کی بیٹی اداکارہ عنزیلہ عباسی نے رواں سال اگست میں شادی کی، اُنہیں بھی بارات کے لباس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ماہرہ خان:

پاکستان سمیت بھارت میں یکساں مقبولیت رکھنے والی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان نے 2 اکتوبر کو اپنے قریبی دوست سلیم کریم سے دوسری شادی کی، ماہرہ خان کی پہلی شای سال 2007 میں علی عسکری کے ساتھ ہوئی تھی جن سے اداکارہ کا ایک بیٹا اذلان بھی ہے لیکن اُن کی پہلی شادی صرف 8 سال تک رہ سکی اور 2015 میں طلاق ہوگئی تھی۔

کرن اشفاق:

ماڈل و اداکارہ کرن اشفاق نے 4 دسمبر کو اتوار کے روز لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے فوکل پرسن اور سیاسی مشیر حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کی، کرن اشفاق نے سال 2018 میں پاکستان کے مشہور اداکار و میزبان عمران اشرف سے پہلی شادی کی تھی، اِن دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے لیکن سال 2022 میں اس جوڑی کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

ایمن سلیم:

سال 2021 میں ڈراما ‘چپکے چپکے’ میں ‘مشی’ کے کردار سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی خوبرو اداکارہ ایمن سلیم نے 22 دسمبر کو ایک پُروقار تقریب کے دوران کامران ملک نامی شخص سے نکاح کیا۔

ثنا نادر:

نجی ٹی وی چینل کے معروف ڈراما سیریل “منت مراد” میں نگی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ثنا نادر شاہ نے بھی دسمبر میں نکاح کیا جبکہ دو روز قبل اُن کی رخصتی ہوئی۔

روس کا کا یوکرین پر اب تک کا مہلک ترین حملہ، 39 ہلاک 159 زخمی

روس نے یوکرین کے مختلف علاقوں میں تازہ فضائی حملے کیے ہیں، قریب دو برس قبل شروع ہونے والی اس جنگ کے ابتدائی دنوں کے بعد سے ان حملوں کو اب تک کے شدید ترین حملے قرار دیا جا رہا ہے۔

یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ 29 دسمبر کو روس کی طرف سے یوکرین میں کیے جانے والے فضائی حملوں میں کم از کم 39 افراد ہلاک جبکہ 159 دیگر زخمی ہوئے۔

قبل ازیں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 30 بتائی گئی تھی۔

یوکرینی حکام کے مطابق ان حملوں کا نشانہ مختلف اسکول، ایک میٹرنٹی اسپتال، شاپنگ سنٹرز اور کئی ایک رہائشی بلاکس بنے۔

ان حملوں کے حوالے سے یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ، ’روس نے آج اپنے ذخیرے میں موجود قریب ہر ایک ہتھیار سے ہم ‌‌پر حملہ کیا ہے۔‘

یوکرینی فوج کے اندازوں کے مطابق روس نے 158 میزائل اور ڈرون یوکرین کی طرف داغے جن میں سے 114 کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔

یوکرینی ایئرفورس کے ترجمان یوری اِگنیٹ نے خبر رساں ادارے ”اے ایف پی“ کو بتایا کہ یہ روس کی طرف سے جنگ کے ابتدائی دنوں کے علاوہ اب تک کا سب بڑے میزائلوں کی ریکارڈ تعداد کے ساتھ کیا گیا حملہ تھا۔

یوکرینی وزیر داخلہ ایگور کلیمنکو نے ٹیلی گرام پر لکھا، ’یوکرینی سرزمین پر صبح کے وقت روس کے بڑے حملے کے نتیجے میں اب تک 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 160 سے زائد زخمی ہیں۔‘

روسی فوج کے مطابق اس نے گزشتہ ہفتے کے دوران یوکرین میں فوجی تنصیبات پر ’50 گروپ حملے جبکہ ایک بڑا حملہ‘ کیا ہے، مزید یہ کہ تمام اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

اقوام متحدہ نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے ان کا سلسلہ فوری طور پر روکے جانے کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ نائب سیکرٹری جنرل محمد خیاری نے کہا کہ، ’افسوس کے ساتھ، آج کے خوفناک حملے روسی فیڈریشن کی طرف سے جاری حملوں کے سلسلے میں تازہ ترین ہیں۔‘

دوسری جانبر روسی شہر بیلگرود میں یوکرینی فضائی حملوں میں ایک شخص ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے۔

یوکرینی سرحد کے قریب واقع بیلگرود ریجن کے گورنر کے مطابق جمعہ کو کیے گئے حملوں میں شہر میں پانی کی سپلائی کے نظام کو بھی نقصان پہنچا۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ شب ماسکو ریجن سمیت چار مختلف علاقوں میں یوکرین کے 32 ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

2023: نگراں حکومت اور عسکری قیادت کے اقدامات کے باعث ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن رہا

نگراں حکومت اور عسکری قیادت کے اقدامات کے باعث ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، جہاں پاکستان اقتصادی ڈیفالٹ کی طرف بڑھتا ہوا دکھائی دے رہا تھا، وہیں اب مثبت اقدامات کی بدولت ملکی معیشت کے مثبت اشاریے سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ امید کی جاسکتی ہے کہ آنے والے ماہ و سال میں معیشت مستحکم ہوگی۔

مالی سال 2023 کے دوران پاکستان نے مثبت معاشی اشاریوں کی ایک لہر دیکھی ہے، ملک مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیوں کے ساتھ خوش حالی کی راہ پر گامزن ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے7 بلین ڈالر کے قرض کی منظوری کے ساتھ مدد فراہم کی ہے۔

سال کے آخری روز اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری انڈیکس 62 ہزار 512 پوائنٹس کی سطح پر رہا، رواں سال 3 نومبر کو ساڑھے چھ سال کے بعد انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا تھا۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سال 2023 میں 2472 ارب روپے کا کاروبار ہوا اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 2562 ارب سے روپے بڑھ کر 9062 ارب روپے ہو گئی۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رواں سال میں 79 ارب 48 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے 2023 میں سب سے زیادہ منافع دینے والے اثاثوں کی فہرست بھی جاری کی تھی۔

رواں سال اکتوبر میں پاکستانی سٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ کے طور پر سامنے آئی۔

جولائی تا اکتوبر کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ہدف سے زیادہ ٹیکس اکٹھے کئے۔

دسمبر میں پاکستانی کپاس کی پیداوار 8 ملین بیلز رہی جو کہ گزشتہ سال کی نسبت 74 فیصد زیادہ ہے۔

انٹربینک میں ڈالر 281 روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 283 روپے تک پہنچ چکا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ طویل عرصے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر تسلی بخش سطح پر پہنچے ہیں۔

سعودی آرامکو دنیا کی سب سے بڑے سنگل ہائیڈرو کاربن نیٹ ورک کی مالک کمپنی ہے، وافی انرجی سعودی عرب کی مشہور کمپنی ہے جس کا کام فیول سٹیشنز کی دیکھ بھال کرنا ہے۔

دونوں کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔

2024 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 2.5 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

942 روپے نہ دینے پر مجھے نا اہل قرار دیا، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مری کے ریسٹ ہاؤس میں رہنے پر 942 روپے بقایاجات نہیں دیے، 942 روپے نہ دینے پر مجھے نا اہل قرار دیا گیا۔

ایپنے ایک ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ 50 سال میں کسی بھی ریسٹ ہاؤس میں نہیں ٹھہرا، اگر یہ ثابت ہو گیا تو سیاست سے دستبردار ہو جاؤں گا۔

گزشتہ روز عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کے قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں این اے 56 اور این اے 57 سے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے تھے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں اپنے حق کیلئے لڑوں گا، مجھے حلقہ این اے 56 اور 57 سے الیکشن لڑنا تھا، مجھے پی ٹی آئی ووٹرز کی بھی حمایت حاصل تھی، میری واضح کامیابی دیکھتے ہوئے مجھے نااہل قرار دیا گیا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیصلے کی کاپی فراہم کی جائے تاکہ حق کیلئے سپریم کورٹ جاؤں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے حق کیلئے آخری دم تک آئینی و قانونی لڑائی لڑتا رہوں گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حلقہ این اے 56 اور 57 سے قلم دوات تاریخی کامیابی سے جیتے گی، سازشی دوبارہ لندن جائیں گے اور پی ڈی ایم کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم پاکستان میں جئیں گے اور پاکستان میں مریں گے۔