عوام کی حمایت سے پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی، آصف زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے جبکہ اسی عوامی خدمت کے نتیجے میں سندھ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی مسلسل انتخابی کامیابیاں عوام کے اعتماد کا ہی مظہر ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے زرداری ہاؤس میں عمائدین اور زعما سے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی سے کشمیر تک پاکستان پیپلزپارٹی ایک زندہ حقیقت ہے اور عوام کی حمایت سے پاکستان پیپلزپارٹی انشاء اللہ عوامی حکومت قائم کرے گی۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کو میں نے بنوایا تھا لیکن انہوں نے کام نہیں کیا اور نہ ہی سابق حکومت نے عوام کیلیے کوئی کام کیا۔

اس موقع پر صدر زرداری نے نواب شاہ کے عمائدین و زعماء پر مشتمل وفد سے آئندہ عام انتخابات اور سیاسی حکمت عملی سے متعلق تجاویز کو سنا۔ سابق صدر مملکت آصف زرداری کے ہمراہ طارق مسعود آرائیں، حاجی علی حسن زرداری، علی اکبر جمالی، چوہدری عبدالقیوم آرائیں، چوہدری ایوب راجپوت، حاجی شعیب آرائیں، چوہدری ایوب جٹ، عاشق زرداری ودیگر موجود تھے۔

 

نواز شریف کی حفاظتی ضمانت نیب اور اپیل بحالی پنجاب حکومت کی وجہ سے ملی، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس اور العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کی حفاظتی ضمانت نیب اور اپیل بحال پنجاب حکومت کے فیصلے کی وجہ سے کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 16 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔

تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی درخواست منظور کی جاتی ہے، نواز شریف کی اپیلوں کو میرٹس پر سن کا فیصلہ کیا جائے گا۔ عدالت کے 19 اکتوبر کے عبوری ریلیف کے باعث نواز شریف کو وطن واپسی پر گرفتار نہیں کیا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو گرفتار نہ کرنے کے عبوری ریلیف میں دو دن کا اضافہ کیا گیا، نواز شریف کی حفاظتی ضمانت نیب کے واضح اور غیر مبہم موقف کی وجہ سے دی گئی، نیب نے کہا نواز شریف کی گرفتاری نہیں چاہیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے اپیل بحالی کی درخواست دائر کی، عدالت نے 24 اکتوبر کو نوٹس جاری کیا  اور 26 کو نواز شریف کی اپیل بحالی کی درخواست منظور کی۔

عدالت نے لکھا کہ پنجاب حکومت نے سی آر پی سی سیکشن 401 (2) کے تحت سزا معطل کی۔ العزیزیہ ریفرنس میں پنجاب حکومت کی جانب سے سزا معطل ہو چکی، ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطلی کا فیصلہ بحال کیا جاتا ہے۔

وزیر خارجہ سے امریکی سفیر کی ملاقات، افغان شہریوں کی امریکا میں آبادکاری پر گفتگو

اسلام آباد: امریکی سفیر ڈونالڈ بلوم نے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں شخصیات نے امریکہ میں نقل مکانی یا دوبارہ آبادکاری کے اہل افغان شہریوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

امریکی سفیر نے پناہ گزینوں اور پناہ کے متلاشیوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے میں دونوں ممالک کے باہمی مفاد پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے افغانیوں کے لے مناسب اسکریننگ میکانزم قائم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل میں جائز دعوے کرنے والے افراد کو نقصان نہ پہنچے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لئے رضا کارانہ بنیادوں پر ملک چھوڑنے کا آخری دن  ہے۔

عاصمہ جہانگیر گروپ کے شہزاد شوکت صدر سپریم کورٹ بار منتخب

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں لاہور سے عاصمہ جہانگیر گروپ کے شہزاد شوکت صدر سپریم کورٹ بار منتخب ہوگئے جبکہ سیکرٹری کی نشست پر پروفیشنل گروپ نے میدان مار لیا۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں لاہور سے صدراتی نشست پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار شہزاد شوکت 613 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار میاں عبدالقدوس نے 452 ووٹ حاصل کیے۔

سیکرٹری کی نشست پر پروفیشنل گروپ کے امیدوار سلمان منصور 565 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے جبکہ عاصمہ جہانگیر گروپ کے حمایت یافتہ امیدوار علی عمران سید نے 471 ووٹ لیے۔

لاہور سے فاتح قرار پانے والے صدراتی امیدوار شہزاد شوکت نے کہا کہ آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے کام کروں گا، تمام اداروں کو اپنی حد میں رہتے ہوئے کردار ادا کرنا ہو گا۔

نتائج کے اعلان کے بعد فاتح امیدواروں کے حامی وکلاء کی جانب سے مٹھائی تقسیم کی گئی۔

قانونی طور پر رہنے والے افغانوں کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ قانونی طور پر پاکستان رہنے والے افغانوں کو بلیک میل کیا جارہا ہے، اس طرح کےاقدامات سے پڑوسی ملک سے تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

افغان مہاجرین کی واپسی کی ڈیڈ لائن پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین دوطرفہ مسئلہ ہے افغان حکومت سے مذاکرات کئے جائیں، اور افغان حکومت کواعتماد میں لے کر افغانوں کی واپسی کا طریقہ کار طے کیا جائے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قانونی طور پر پاکستان رہنے والے افغانوں کو بھی بلیک میل کیا جا رہا ہے، ان کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے کیلئے ظالمانہ رویہ اپنایا جا رہا ہے، اس طرح کے اقدامات سے پڑوسی ملک سے تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

ن لیگ کا الیکشن کے حوالے سے اجلاس، ’نظام انصاف میں اصلاحات ن لیگ کی ترجیح ہوگی‘

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے ہیں، سینیٹر عرفان صدیقی مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے سربراہ مقرر ہوگئے جو آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی کا منشور مرتب کریں گے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت لاہور میں جاتی امراء رائیونڈ میں مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز، اسحاق ڈار، ملک احمد خان، انوشہ رحمان، سلیمان شہباز، پرویزرشید، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، سعد رفیق، میاں جاوید لطیف، رانا تنویر حسین، احسن اقبال، سردارایاز صادق، عابد شیرعلی، عطا تارڑ اور طلال چوہدری شریک ہوئے۔

جاتی امراء میں ہونے والے مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس میں مہنگائی، فلسطین میں اسرائیلی مظالم، الیکشن کی تیاریوں، ٹکٹوں کی تقسیم، عدالتی اصلاحات اور منشور کمیٹی سمیت دیگر امور پر مشاورت ہوئی۔

اجلاس میں ن لیگ نے یکم نومبر سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لیے درخواستیں طلب بھی کرلیں۔

مسلم لیگ (ن) نے رائیونڈ میں منعقدہ اجلاس میں سینیٹر عرفان صدیقی کو آئندہ انتخابات کے لئے پارٹی کا منشور مرتب کرنے کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔

آج اجلاس میں متعدد دیگر فیصلوں کے علاوہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے عرفان صدیقی کو مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منشور عوامی مسائل اور دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیئے اور اس میں انصاف کے نظام میں اہم اور بنیادی اصلاحات تجویز کی جانی چاہئیں کہ عام آدمی کو سستا، فوری اور بےلاگ انصاف مل سکے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے بتایا کہ آج کے اجلاس میں الیکشن مہم کےبارےمیں مشاورت کی گئی ہے، کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کا اعلان کیا ہے، ن لیگ 10 نومبر تک پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں جمع کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کو درپیش مسائل کا جامع منشور پیش کرے گی، آئین کی روشنی میں انتخابات ملک کا تقاضہ ہے، عرفان صدیقی کی سربراہی میں منشور کمیٹی قائم کردی ہے، نظام انصاف میں اصلاحات ن لیگ کی ترجیح ہوگی۔

میسی ایک بار پھر سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ “بیلن ڈی اور” حاصل کرنے میں کامیاب

پیرس: ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے 8 ویں مرتبہ 2023 کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ‘بیلن ڈی آر’ جیت لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیرس میں منعقد ہونے والی تقریب میں لیونل میسی کو سال 2023 کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا گیا وہ 8 بار “بیلن ڈی آر” ایوارڈ جیتنے والے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔

اسٹار فٹبالر لیونل میسی کا ورلڈ کپ 2022 میں ارجنٹائن کو 36 سال بعد تیسری بار چیمپیئن بنوانے میں اہم کردار رہا۔ میسی نے ورلڈکپ 2022 میں 7 گول مارے، 3 گول میں مدد کی جبکہ انہوں نے گزشتہ سیزن کے دوران 41 میچوں میں 21 گول اسکور کیے۔

لیونل میسی نے پہلی مرتبہ بیلن ڈی آر ایوارڈ 2009 میں جیتا تھا جبکہ 2010، 2011، 2012، 2015، 2019 اور 2021 میں بھی یہ ایوارڈ میسی کے نام رہا، گزشتہ سال بیلن ڈی آر ایوارڈ فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما کے نام رہا تھا۔

پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے بیلن ڈی آر ایوارڈ 5 بار اپنے نام کیا اور انہوں نے آخری بار 2017 میں سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ جیتا تھا۔

ارجنٹائن کی ٹیم کے ہی امیلیانو مارٹینیز نے بہترین گول کیپر کی یاشن ٹرافی بھی جیت لی۔

تحریک انصاف کے سابق رہنما غلام سرور خان نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا

تحریک انصاف کے سابق رہنما غلام سرور خان نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے جہانگیر ترین اور علیم خان سے ملاقات کے دوران ان کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی کو جوائن کر لیا۔

یاد رہے کہ غلام سرور خان نے نو مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف چھوڑ دی تھی۔

غلام سرور خان نے پاکستان عام انتخابات،2018ء میں پنجاب کے حلقہ این اے۔63 میں پاکستان تحریک انصاف سے انتخاب میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔

آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دہلی پہلے نمبر ,لاہور دوسرے پر

لاہور آج دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کی فضا خطرناک حد تک مضرِ صحت ہے۔

لاہور کی فضا میں آلودگی 313 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان کا سب سے بڑا شہر، معاشی حب کراچی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے.

کراچی کی فضا میں آلودگی 171 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی۔

دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پڑوسی ملک بھارت کا دارالحکومت دہلی پہلے نمبر پر ہے جہاں فضائی آلودگی 347 پرٹیکیولیٹ ریکارڈ ہوئی ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضرِ صحت، 201 سے 300 درجے تک انتہائی مضرِ صحت ہے جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے

عمران خان کے وفادار امیدوار اس الیکشن میں حصہ لیں گے، نگراں وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک بغیر دستاویز کسی کو رہنے کی اجازت نہیں دیتا، کسی بھی دوسرے ملک کا شہری ویزہ حاصل کر کے پاکستان آسکتا ہے، کسی کی املاک پر قبضہ کرنا یا ہتھیانہ ہمارا مقصد نہیں۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں لگائی، تو نگراں حکومت اس پر پابندی لگانے کا کیسے غیرقانونی و غیر آئینی اقدام کرسکتی ہے، نہ یہ ہمارا اختیار ہے نہ قانون اس کی اجازت دیتا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا تاحال کوئی معاملہ نہیں، ان کے امیدوار الیکشن مہم میں حصہ لیں گے، عمران خان کے وفادار اس الیکشن میں حصہ لیں گے، اس سے زیادہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی کیا یقین دہانی کراؤں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی صورت حال قابل مذمت ہے، غزہ میں موجودہ بحران میں فوری جنگ بندی ہونی چاہیئے، جو کچھ اسرائیل نے غزہ میں کیا کسی بھی قسم کا جواز فراہم نہیں کیا جا سکتا۔

800 سے زائد پروازیں منسوخ ہونے کے بعد پی آئی اے آپریشن بحال ہونے لگا

کراچی: قومی ائرلائن کا فضائی آپریشن 800 سے زائد پروازیں منسوخ ہونے کے بعد اب بحالی کی جانب گامزن ہے۔

پی آئی اے کی آج مجموعی طور پر 45 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ قومی ائرلائن کا فلائٹ آپریشن بہتری کی جانب گامزن ہو چکا ہے، جسکے مطابق آج آپریٹ کی جانے والی پروازوں میں بیشتر تعداد بین الاقوامی فلائٹس کی ہے ۔

ذرائع کے مطابق آج چھوٹے سیکٹر کی پروازوں کی روانگی بھی ممکن بنائی جارہی ہے ۔ اندرون ملک کے دورافتادہ مقامات گلگت اور اسکردو کی پروازیں بھی آج آپریٹ کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں 8 دن کے بعد کراچی سے کوئٹہ کی پروازیں بھی آج بحال ہو رہی ہیں۔

قبل ازیں ایندھن اور مالی بحران کی وجہ سے پی آئی اے کی 800 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جس سے قومی ائرلائن کو 10 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ا

شاہ رخ خان کی فینز کو سالگرہ پردعوت، ڈنکی کا ٹیزربھی ریلیز کریں گے

ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی سالگرہ پر فینز کو مدعو کرلیا۔ اس موقع پرفلم ’ ڈنکی‘ کا ٹیزر بھی ریلیز کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے مداحوں کیلیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’ ڈنکی‘ کا ٹیزر ان کی سالگرہ کے روز یعنی 2 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

رپورٹس کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان اپنے فینز کے ساتھ خصوصی تقریب میں سالگرہ منائیں گے اور ان کے ساتھ مل کر ڈنکی کا ٹیزر بھی دیکھیں گے۔
ذرائع کےمطابق شاہ رخ خان فلم ’ڈنکی‘ میں بالکل مختلف روپ میں دکھائی دیں گے جو شائقین اور ان کے مداحوں کو یقینا پسند آئے گا۔ ’ڈنکی‘ کا ٹیزر دنیا بھر کے سینما گھروں میں سلمان خان اور کترینہ کیف کی نئی فلم ’ٹائیگر 3‘ کے ساتھ بھی دکھایا جائے گا۔

شاہ رخ خان کی فلم ’ ڈنکی‘ 21 دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائی گی۔ اس سے قبل شاہ رخ خان کی دونوں فلمیں ’ پٹھان‘ اور ’جوان‘ باکس آفس پر مقبولیت اور کمائی کے نئے ریکارڈ بنا چکی ہیں۔

ورلڈ کپ: بنگلادیش کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

آئی سی سی ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ ٹیم کا مورال بلند ہوسکے، میگا ایونٹ میں اب تک اُس طرح پرفارم نہیں کرسکے جس کی امید تھی۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، پلئینگ الیون میں امام الحق، محمد نواز اور شاداب خان کی جگہ سلمان علی آغا، فخر زمان اور اسامہ میر اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
پاکستان اسکواڈ

کپتان بابراعظم، فخر زمان، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، اسامہ میر، محمد وسیم جونئیر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف۔

بنگلادیش کا اسکوڈ

کپتان شکیب الحسن، لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، مشفق الرحیم، محمود اللہ، مہدی حسن میراز، مہدی حسن، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، شرف الاسلام