جہانگیر ترین کی دربار بابا فرید الدین گنج شکرؒ پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی

پاکپتن:  پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین نے دربار بابا فرید الدین گنج شکر رحمتہ اللہ پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔

اس موقع پر سجادہ نشین دربار بابا فرید الدین گنج شکرؒ دیوان عظمت سید محمد چشتی، دیوان احمد مسعود چشتی، دیوان یوسف چشتی، دیوان علاؤالدین چشتی، دیوان فرید الدین چشتی بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رہنما استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین نے عارفوالا کے سیلاب متاثرین میں امدادی پیکیج بھی تقسیم کیے تھے۔

عوام کی خدمت میرا شوق ہے، موقع ضائع نہیں کریں گے: جہانگیر ترین

پاکپتن : استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کرنا میرا شوق ہے، عوامی خدمت کا موقع ضائع نہیں کریں گے۔

سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنا میرا شوق ہے، یہ بات میر ے دل سے نکلتی ہے، اللہ نے ہمیں بہت نوازا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ مستحق لوگوں کی خدمت کریں، ہمارا فرض ہے کہ عوام کے حالات ٹھیک کریں، ہماری پرانی پارٹی میں کچھ ایسے لوگ آگئے کہ ہم عوام کی خدمت نہیں کرسکے، اب دوسری بار ہمیں موقع ملا ہے، اسے ضائع نہیں کریں گے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ عوام کا یہ حق ہے کہ حکومت وقت ان کے مسائل حل کرے، ہم پاکستان کو طاقتور بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں، جب عوام کے حالات ٹھیک ہوں تو ملک مضبوط ہو گا، اللہ نے موقع دیا تو ہم مل کر ایسا کام کریں گے کہ عوام کے مسائل حل ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ 75 سال گزر گئے، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا کہ عوام صحت اور بنیادی سہولتوں سے محروم رہتے، اگر عوام کو یہ سہولتیں نہیں ملیں تو اس کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو اقتدار میں رہے، دعا کریں کہ ہم دنیا میں جا کر ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنا حصہ ڈالیں، ہماری پارٹی کو صرف عوام کا خیال ہے۔

آصف زرداری کے لاہور میں ڈیرے، اہم شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل

لاہور: سابق صدر مملکت آصف علی زرداری ان دنوں لاہور میں ڈیرے جمائے ہوئے ہیں جہاں مختلف سیاسی شخصیات ان سے ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔

آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس لاہور میں مختلف سیاسی شخصیات نے ملاقات کی، اوکاڑہ سے سابق ایڈوائزر ٹو سی ایم میاں رشید بوٹی، حاصل پور سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کامران خالد، چولستان سے ترکی میں ایجوکیشن اتاشی ڈاکٹر مشتاق احمد بھی سابق صدر سے ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔

تمام سیاسی شخصیات نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی، مرکزی سیکرٹری جنرل پی پی پی نیئر حسین بخاری، صدر پی پی پی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود، چیف کوآرڈی نیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادرشاہین، سید عرفان گردیزی، سابق ایم پی اے شازیہ عابد اور دیگر بھی موجود تھے۔

یکم اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت کے حوالے سے عوام کو خوش خبری سنائیں گے، وزیر تجارت

کراچی: نگراں وزیر تجارت کا کہنا ہے کہ یکم اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت کے حوالے سے عوام کو خوش خبری سنائیں گے۔

گورنر ہاؤس کراچی میں تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت کم ہوئی ہے، کرنسی مستحکم ہوئی تو قیمتیں بھی یقینی طور پر کم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت کم ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری پورے پاکستان کیلیے بہت اہم ہے۔

گورنر سندھ نے پیش گوئی کی کہ امریکی ڈالر تیزی سے ڈھائی سو روپے تک آجائے گا، تاجروں نے توانائی بحران اور درآمدات کی کمی کے حوالے سے اپنے خدشات رکھے ہیں۔

پولیس کی جانب سے ذاتی مقاصد اور پیسوں کیلئے شہریوں کا کالز ریکارڈ نکلوانے کا انکشاف

 لاہور: پولیس کی جانب سے شہریوں کی موبائل کالز کا ریکارڈ ذاتی مقاصد اور پیسوں کے لیے نکلوانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہریوں کی موبائل کالز کا ریکارڈ نکلوانے کے حوالے سے انکوائری میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جس کے مطابق پولیس اہل کار ذاتی مقاصد اور پیسوں کے عوض کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آرز) نکلواتے رہے  ہیں۔

اہل کاروں کے پرائیویٹ افراد کی معاونت کے واقعات سامنے آنے پر انکوائری شروع کی گئی ، جس میں پتا چلا کہ اہل کاروں کی جانب سے ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی کی مناسبت سے سی ڈی آرز کے ریٹ مختص کیے گئے ۔ 2500 روپے سے 5000 روپے تک سی ڈی آرز کی قیمت وصول کی جاتی رہی  ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات کی تفتیش کے علاوہ بلا ضرورت سی ڈی آرز نکالے جاتے رہے  ہیں۔ انکشافات کے بعد اس حوالے سے انکوائری شروع کردی گئی ہے کہ  2021ء سے اب تک کتنے سی ڈی آرز نکلوائے گئے  ہیں۔ 5 رکنی انکوائری کمیٹی رپورٹ مکمل کرکے ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن کو جمع کروائے گی

اُشنا شاہ طلاق یافتہ خاتون کا کردارکرنے کی خواہشمند

  کراچی: خواتین کے حقوق کے لیے ہمیشہ اپنی آواز بُلند کرنے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ اگر اُنہیں طلاق یافتہ خاتون کا کردار ملے گا تو وہ خوشی خوشی اس کردار کو نبھائیں گی۔

اُشنا شاہ اکثر سوشل میڈیا پر خواتین کے حقوق کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتی نظر آتی ہیں، خواتین کے حق میں بولنے پر جہاں اداکارہ کو سراہا جاتا ہے تو وہیں کئی بار تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

اب اُشنا نے طلاق یافتہ خاتون کا کردار ادا کرنے کی خواہش سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

اُشنا شاہ نے کہا کہ ‘میں نے بہت سے ایسے اسکرپٹ میں کام کیا ہے جن میں طلاق کو منفی انداز میں دِکھایا گیا ہے، اگرچہ میں اسکرپٹ تبدیل نہیں کرسکتی کیونکہ یہ میرے کام کا حصہ نہیں ہے لیکن طلاق سے متعلق میرے خیالات بالکل مختلف ہیں’۔

سائفر کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر

 اسلام آباد: سائفر کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس پیش رفت ہوئی ہے، جس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی ضمانت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی۔ا س سلسلے میں رجسٹرار ہائی کورٹ نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی ہے۔

چیئرمین پی ٹی  آئی کی درخواست ضمانت پیر کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے، جس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کریں گے۔ عدالت نے دلائل کے لیے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔

علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد کیس دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کردیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق درخواست پر سماعت 25 ستمبر کو کریں گے۔ عدالت نے کچھ روز قبل دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

واضح رہے کہ بعض قانونی نکات کی مزید وضاحت کے لیے عدالت کیس دوبارہ مقرر کرتی ہے۔

سعودی عرب سے امن معاہدے کے قریب ہیں،اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو

 نیویارک: اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ امن معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ فلسطینیوں کو یہودیوں کے علیحدہ ریاست کے حق کو تسلیم کرنا ہوگا۔ اسرائیل فلسطینیوں کے ساتھ دیرپا امن کے لیے کوشاں ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ امن معاہدہ دیگر عرب ممالک کو بھی اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ کرنے پر آمادہ کرے گا۔ عرب ممالک کے تعاون سے نئی امن راہداری قائم کی جائے گی۔ سعودی عرب کے ساتھ امن معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

متحدہ عرب امارات، بحرین، مراکش اور سوڈان  اسرائیل  کو تسلیم کر کے سفارتی تعلقات قائم کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان حکومت کا سرکاری گاڑیوں پر ’’یہ گاڑی ٹیکس گزاروں کی ملکیت ہے‘‘ لکھنے کا حکم

 اسلام آباد: گلگت بلتستان کی حکومت نے سرکاری گاڑیوں پر ’’یہ گاڑی ٹیکس گزاروں کی ملکیت ہے‘‘ لکھنے کا حکم جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلگت بلتستان حکومت نے انقلابی اقدام اٹھالیا، چیف سیکریٹری محی الدین وانی نے سرکاری گاڑیوں سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا جس کے تحت سرکاری گاڑیوں پر ’’یہ گاڑی جی بی کے ٹیکس گزاروں کی ملکیت ہے‘‘ لکھا جائے گا۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے تمام محکموں کو خط لکھ کر یہ ہدایت کی ہے سرکاری گاڑیوں پر حکومت گلگت بلتستان کا لوگو لگایا جائے اور گاڑی عوام کی ملکیت ہے لکھا جائے۔ محی الدین وانی نے کہا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سرکاری گاڑیوں کا غلط استعمال روکنا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری

لاہور ہائی کورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔

عدالتِ عالیہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دے۔

لاہور ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل جوڈیشل ایکٹوزیم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں نگران وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کرتے ہوئے پٹرول فی لیٹر 26 روپے 2 پیسے اور ڈیزل 17 روپے 34 پیسے مزید مہنگا کیا ہے۔

ٹک ٹاک میں ایسے نئے اور منفرد فیچر کا اضافہ

ٹک ٹاک کی جانب سے ایک ایسے نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جو مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ کے لیے انتہائی منفرد ثابت ہوگا۔

ٹک ٹاک کی جانب سے گوگل سرچ کو ان ایپ  سرچ رزلٹس کا حصہ بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔

ایک ایکس (ٹوئٹر) صارف نے اس فیچر کے بارے میں بتایا جبکہ ٹک ٹاک کے ترجمان نے بھی اس تصدیق کی۔

ترجمان نے بتایا کہ گوگل سرچ فیچر کو ایپ کا حصہ بنانے کی آزمائش کچھ ممالک میں کی جا رہی ہے۔

اس فیچر کی تفصیلات تو ابھی معلوم نہیں مگر گوگل سرچ کو ٹک ٹاک کا حصہ بنانا ایک بڑا قدم ہے

یہ رپورٹ اس وقت سامنے آئی ہے جب ٹک ٹاک کی جانب سے ایپ کے سرچ آپشن کو بہتر بنانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے خاموشی سے سرچ رزلٹس میں وکی پیڈیا کی تفصیلات کو دکھانا شروع کر دیا تھا۔

اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی تھی کہ ٹک ٹاک نے ایپ سرچ رزلٹس میں صارفین کو اضافی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے وکی پیڈیا سے شراکت داری کی ہے۔

خیال رہے کہ جولائی 2022 میں گوگل نے خود اعتراف کیا تھا کہ 25 سال کی عمر کے لگ بھگ 40 فیصد افراد گوگل سرچ اور میپس کے مقابلے میں سرچنگ کے لیے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام کو ترجیح دیتے ہیں۔

گوگل کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی تھی کہ ٹک ٹاک نے نوجوان افراد میں انٹرنیٹ سرچز کا رجحان بھی بدلنا شروع کردیا ہے جس نے گوگل کو فکرمند کردیا ہے۔

گوگل کے سنیئر نائب صدر پربھارکر راگھون نے ایک کانفرنس میں بتایا کہ گوگل کے اندرونی ڈیٹا کے مطابق 40 فیصد کے لگ بھگ نوجوان اگر آن لائن کوئی چیز یا جگہ تلاش کررہے ہوتے ہیں تو وہ گوگل میپس یا سرچ کی بجائے ٹک ٹاک یا انسٹاگرام کا رخ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب نوجوان ایسے مواد کو تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو ان کے لیے دلچسپ ہواور اس کے لیے وہ گوگل کی بجائے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام جیسے پلیٹ فارمز کا رخ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ فی الحال ٹک ٹاک کا سرچ انجن گوگل کے ماڈل سے مختلف ہے۔

گوگل میں ویب پیجز پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے جبکہ ٹک ٹاک میں انٹرنل سرچ ماڈل پر زور دیا جارہا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ وقت تک ایپ میں رکھا جاسکے۔

پاکستان کی ترقی کے لیے 2017 کے سازشیوں کو انجام تک پہنچانا ہوگا، نواز شریف

لندن: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ جب تک 2017 میں کی جانے والی سازش کے تمام کرداروں کو انجام تک نہیں پہنچایا جاتا پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

لندن میں شہباز شریف، اسحاق ڈار، مریم نواز سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ  2017 کے ہنستے بستے پاکستان کو ایک سازش کے تحت بربادی کے دھانے پر لا کھڑا کیا اور کھلنڈروں کے ٹولے کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک اس سازش میں شامل تمام کرداروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جائے گا، پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گ

نواز شریف نے کہا کہ  جنرل باجوہ، فیض حمید، ثاقب نثار، جسٹس کھوسہ، عظمت سعید، اعجازالاحسن پاکستان اور بائیس کروڑ عوام کے مجرم ہیں۔

امید ہے آنے والے دنوں میں بجلی کے بل زیادہ نہیں آئیں گے، نگراں وزیراعظم

نیویارک: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہم توانائی کے شعبے میں اصلاحات لارہے ہیں امید ہے آنے والے دنوں میں بجلی کے بل زیادہ نہیں آئیں گے۔

یہ بات انہوں نے نیویارک میں میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ نگراں وزیراعظم اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرنے کے لیے وہاں پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مظالم کا شکار ہیں اس مسئلے کو آج عالمی سطح پر پیش کریں گے، حکومتوں سے قطع نظر مسئلہ کشمیر کے معاملے میں عالمی سطح پر اپنا موقف پیش کرتے رہنا چاہیے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بھارت کشمیر میں ظلم کررہا ہے اور اب وہ کینیڈا میں بھی کارروائیاں کررہا ہے، خالصتان تحریک کے رہنما کو بھارتی ایجنٹوں نے کینیڈا کی سرزمین پر قتل کیا، بھارت نے جو کیا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بھارت میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، ہندوتوا کا نظریہ دنیا کو جنگ اور آگ کی لپیٹ میں لاسکتا ہے۔

ملک میں بجلی کے زائد بلوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہمارے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ہم توانائی کے شعبے میں اصلاحات لارہے ہیں امید ہے آنے والے دنوں میں بجلی کے بل زیادہ نہیں آئیں گے، آئی پی پیز سے معاہدے ایسے ہوئے ہیں کہ بجلی بنے یا نہ بنے ادائیگی کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں، معیشت کی بہتری کے لیے تمام اقدامات کررہے ہیں اور آئی ایم ایف ہمارے اقدامات سے مطمئن ہے، پسے ہوئے طبقے کی فلاح و بہبود ہماری ترجیح ہے، غریب افراد کو ریلیف دینے کے لیے صاحب ثروت افراد اپنا کردار ادا کریں۔

نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج اقوام متحدہ کے اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں اور اسلامو فوبیا کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔