ایران کا بیک وقت 30 دھماکوں کی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ

ایران نے بیک وقت 30 دھماکوں کی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ اس نے 30 دھماکوں کو ناکام بنا دیا ہے جو افراتفری پھیلانے کے لیے تہران میں ایک ساتھ ہونے کا منصوبہ تھا۔

انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق 30 دہشت گردانہ دھماکے پُرہجوم شہر کے مراکز میں کیے جانے تھے لیکن سب کو ناکام بنا دیا گیا۔

وزارت کا کہنا ہے کہ تہران، البرز اور مغربی آذربائیجان صوبوں میں چھاپوں کے دوران منصوبہ بند حملوں کے سلسلے میں 28 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی منصوبہ بندی ملک کی سیکورٹی اتھارٹی کو توڑنے، ملک کی غیر مستحکم بنانے، معاشرے میں مایوسی اور خوف کے بیج بونے اور گزشتہ سال کے فسادات کی برسی کے عین موقع پر افراتفری اور مظاہروں کو بھڑکانے کی ساز تھی۔

وزارت انٹیلی جنس نے کہا کہ گرفتار کیے گئے تمام افراد کا تعلق داعش (ISIS) سے تھا اور ان میں سے کچھ کی “شام، افغانستان، اور عراق میں کردستان کے علاقوں سے ہے۔

سعودی وفد کا مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کا دورہ متوقع

ریاض : (ویب ڈیسک ) ایک فلسطینی عہدیدار کاکہنا ہے کہ سعودی عرب کا ایک وفد رواں ہفتے اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع رام اللہ شہر کا دورہ کرے گا اور وہاں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کرے گا ۔

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ مقبوضہ فلسطین کیلئے مقرر کیے گئے سعودی عرب کے خصوصی نمائندے کی سربراہی میں وفد فلسطین کے مغربی کنارے کا دورہ کرے گا۔

اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان امن معاہدے کو یقینی بنانے کی سفارتی کوششیں جاری ہیں جس میں فلسطینیوں کے لیے مراعات شامل ہوسکتی ہیں۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان معمول کے تعلقات استوار کرنے کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں جاری ہیں۔

اس دوران میں امریکی عہدے داروں نے عندیہ دیا ہے کہ واشنگٹن کا اسرائیل کے ساتھ دفاعی معاہدہ اور سعودی عرب کیلئے سویلین جوہری پروگرام سمیت کوئی بھی معاہدہ متوقع ہے۔

اس مجوزہ معاہدے کے ضمن میں تصفیہ طلب مسائل میں تنازع فلسطین سرفہرست ہے، اس لیے دونوں فریقین کے درمیان امن عمل کی بحالی کا مطالبہ کیا جائے گا جس سے اسرائیل کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور تنازع کے دو ریاستی حل کی راہ ہموار ہو۔

واضح رہے کہ امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات 2014 میں منقطع ہو گئے تھے اورکئی برسوں میں تشدد کی لہر کی وجہ سے دونوں فریقوں کے درمیان تعلقات مزید خراب ہو گئے تھے جس سے امن مذاکرات بحال نہیں ہوسکے۔

گزشتہ ہفتے فلسطینی صدر محمودعباس نے کہا تھا کہ جب تک فلسطینیوں کو مکمل حقوق نہیں دیے جاتے تب تک مشرق وسطیٰ میں کوئی پائیدارامن معاہدہ حاصل نہیں کیا جا سکتا جبکہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے تنازع کے دو ریاستی حل کے مقصد کی بحالی پر زور دیا ہے۔

پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا رشتہ ازدواج میں منسلک

اودے پور: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاستدان راگھو چڈھا بالآخر گزشتہ روز شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں اپنے اہلخانہ اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں ایک شہانہ انداز میں شادی کی۔

دونوں کی شادی روایتی پنجابی انداز میں ہوئی جہاں انہوں نے اپنے اہلخانہ اور قریبی دوست احباب کے سامنے پھیرے لیے۔

اس نئے شادی شدہ جوڑے نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ “ناشتے کی میز پر پہلی بات چیت سے ہی ہمارے دل کو پتہ چل گیا تھا، ایک طویل عرصے سے اس دن کا انتظار کر رہی تھی، آخر کار مسٹر اور مسز بننے پر بہت خوش ہوں!”

اداکارہ نے مزید لکھا کہ “ایک دوسرے کے بغیر نہیں رہ سکتے تھے، ہمارا اب نہ ختم ہونے والا آغاز ہو رہا ہے”۔

خاور مانیکا بھی گرفتار،اینٹی کرپشن نے دبئی جاتے دھڑلیا

 لاہور: ایف آئی اے امیگریشن نے خاور مانیکا کو ائرپورٹ پر روک لیا۔ وہ امارات ائرلائن کے ذریعے دبئی جا رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق خاور مانیکا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہونے کی بنا پر انہیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر روکا گیا۔ اینٹی کرپشن کی جانب سے خاور مانیکا کے خلاف مقدمہ درج ہے۔

دوسری جانب ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق  خاور مانیکا کو سرکاری رقبے پر ناجائز تعمیرات کے الزام پر گرفتارکر لیا گیا ہے۔خاور فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر انکوائری کر رہے ہیں۔ ڈی سی ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ خاور مانیکا نے قبرستان کی جگہ پر غیر قانونی شادی ہال تعمیر کیا۔ خاور فرید مانیکا نے قبرستان کی زمین پر غیر قانونی 26 دکانیں بھی تعمیر کیں۔

خاور فرید مانیکا کے خلاف درج مقدمے میں الزام ہے کہ شادی ہال بغیر منظوری/ نقشہ  کے قبرستان کی 4 کنال اراضی پر بنایا گیا۔ خاور فرید مانیکا ایک عرصے سے پیر اسلام قبرستان حویلی لکھا کی زمین پر ناجائز قابض ہیں ۔ خاور فرید مانیکا کو ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے ۔  اینٹی کرپشن نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا کر گرفتار کیا ۔

ترجمان کے مطابق اینٹی کرپشن کی پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری ہیں ۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کریں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت کی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کا سٹیٹس تبدیل ہو چکا ہے، اسلام آباد کے تمام انڈر ٹرائل قیدی اڈیالہ جیل میں ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی ابھی تک اٹک کیوں ہیں؟ اڈیالہ جیل کیوں نہیں؟

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل سے جواب طلب کر لیا،عدالت نے استفسار کیا کل اگر آپ رحیم یار خان کی جیل میں بھیج دیں تو وہاں جیل ٹرائل کریں گے؟

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل شفٹ کریں۔

دوران سماعت وکیل نے استدعا کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی سپورٹس مین ہیں انہیں ایکسرسائز مشین فراہم کی جائے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ جیل رولز کے مطابق وہ جن چیزوں کے حقدار ہیں ملنی چاہئیں، حق تلفی نہ ہو۔

صحافی عمران ریاض بازیاب ،5ماہ بعد گھر واپسی

صحافی اور یوٹیوبر  عمران ریاض خان بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے۔

سیالکوٹ پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے  دعویٰ کیا ہے کہ عمران ریاض  بازیاب ہو کر اپنے گھر پہنچ چکے ہیں۔ڈی پی او سیالکوٹ حسن اقبال کا کہنا ہے کہ صحافی عمران ریاض خان بازیاب ہوکر بحفاظت اپنے گھر  پہنچ گئے ہیں، وہ اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے رواں سال فروری میں عمران ریاض خان کو لاہور سے دبئی جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا، عمران ریاض خان کو متنازع بیان دینے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

اس سے پہلے بھی جولائی 2022 میں امیگریشن حکام نے ضمانت پر رہا اینکر عمران ریاض خان کو لاہور سے دبئی جانے کی کوشش پر آف لوڈ کر دیا تھا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اینکر عمران ریاض نے لاہور ائیرپورٹ سے دبئی جانے کی کوشش کی تاہم نام بلیک لسٹ میں ہونے پر انہیں آف لوڈ کر کے واپس گھر بھجوا دیا گیا تھا۔

 

 

الیکشن چیئرمین پی ٹی آئی یا جیل کاٹنے والوں کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں: نگران وزیر اعظم

لندن:  نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ الیکشن چیئرمین پی ٹی آئی یا جیل کاٹنے والے سیکڑوں کارکنوں کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں۔

امریکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جیل کاٹنے والے پی ٹی آئی ارکان توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے، پی ٹی آئی میں شامل ہزاروں افراد جو غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں گے۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت کسی سیاست دان سے ذاتی انتقام پر عمل پیرا نہیں، اگر کوئی قانون شکنی پر گرفت میں آیا ہے تو قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے، انتخابات فوج یا نگران حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں۔

 

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے عام انتخابات نئے سال میں ہوں گے، پی ٹی آئی کو جیتنے سے روکنے کے لئے انتخابات میں فوج کی جانب سے دھاندلی کی بات بیہودہ ہے، چیف الیکشن کمشنر کا تقرر چیئرمین پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم کیا تھا، چیف الیکشن کمشنر چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کیوں ہوں گے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی یا کسی بھی سیاست دان کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی پر قانون کی بحالی یقینی بنائی جائے گی، الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی وفاقی حکومت ہر طرح کا تعاون کرے گی، عدلیہ کے فیصلوں میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کروں گا، عدلیہ کو کسی بھی سیاسی مقصد کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہئے۔

 

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فوج سے قریبی تعلق کی بات سیاست کا حصہ ہے، اس پر توجہ نہیں دیتا، فوج اور وفاقی حکومت کے درمیان تعلق بہت ہموار، کھلا اور شفاف ہے، ہمیں سول ملٹری تعلقات کے چیلنج کا سامنا رہتا ہے جس سے انکار نہیں، سول ملٹری تعلقات کے چیلنجز کی مختلف وجوہات ہیں، کئی دہائیوں کے دوران سول اداروں کی کارکردگی خراب ہوئی ہے، اس کا حل سویلین اداروں کی کارکردگی کو بتدریج بہتر بنانا ہے۔

 

انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوجی تعینات کررکھے ہیں، کشمیری بھارت کی بنائی ہوئی بڑی جیل میں رہ رہے ہیں، کشمیریوں کے پاس کوئی سیاسی حق نہیں ہے، دنیا کی توجہ یوکرین پر ہے لیکن ایک تنازع کشمیر بھی ہے، کشمیر اگر یورپ یا امریکا میں ہوتا تو کیا تب بھی اس کے حل کے لئے ایسا ہی بے حس رویہ ہوتا؟ اس تنازع کے اہم کردار کشمیری عوام ہیں، کشمیری عوام کو اپنی شناخت و مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔

نگران وزیراعظم نے افغانستان کے حوالے سے کہا کہ اس طرف سے کچھ سنگین سکیورٹی مسائل ہیں، کابل میں طالبان حکام سے رابطے میں ہیں لیکن ابھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، علاقائی رہنما طالبان حکومت کو عالمی سطح پر تسلیم کرانے پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں، علاقائی فورم کو متفقہ نقطہ نظر اور وسیع تر اتفاق رائے قائم کرکے طالبان تک پہنچانا چاہئے۔

ترقیاتی اسکیموں پر پابندی، منتخب بلدیاتی نمائندوں کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

سندھ کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے سندھ ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کی ترقیاتی اسکیموں پر پابندی کے بارے میں ریویو پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

سندھ کے منتخب بلدیاتی نمائندگان کی جوائنٹ کمیٹی سندھ لوکل کونسلز کا مقامی ہوٹل میں اجلاس میں منعقد ہوا۔

جوائنٹ کمیٹی سندھ لوکل کونسلز کے اجلاس میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللّٰہ مراد، میئر سکھر ارسلان شیخ سمیت خیرپور، لاڑکانہ شکار پور، گھوٹکی، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، شہید بینظیر آباد، کشمور، حیدرآباد، بدین، دادو، مٹیاری، جامشورو میرپور خاص قمبر شہداد کوٹ، سانگھڑ، ٹنڈو الہیار، تھرپارکر، ٹھٹھہ سمیت دیگر اضلاع کے بلدیاتی نمائندے شریک ہوئے۔

 اجلاس میں سندھ کے بلدیاتی اداروں کی مضبوطی اور نمائندگان کو بااختیار بنانے کیلئے سندھ حکومت وفاق سمیت عدلیہ سے بھی رجوع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

بلدیاتی نمانئدوں کے اجلاس میں منظور شده ترقیاتی اسکیموں پر پابندی فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا کہ منظور شدہ ترقیاتی کاموں پر عائد پابندی ختم نہ کی گئی تو ہم مجبوراً عدالتی فورم سے رجوع کرنے کا اختیار محفوظ رکھتے ہیں۔

مہنگائی کا طوفان شدید تر، سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور

ملک میں مہنگائی کا طوفان شدت اختیار کر گیا، سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ادرک کی قیمت 1290 روپے فی کلو تک جا پہنچی جبکہ لہسن 543 روپے کلو ہوگیا۔

کراچی میں ادرک ایک ہزار روپے کلو میں فروخت ہونے لگی، لہسن 480 اور ٹماٹر 150 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں۔

شہر قائد میں آلو، پیاز، بھنڈی، ترئی اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے۔

کراچی کے بازاروں میں آج سبزیوں کی قیمتوں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ادرک اور لہسن کے ساتھ پیاز بھی مہنگی ہوئی ہے۔

ادھر لاہور میں پیاز 100 روپے، ٹماٹر 120 روپے فی کلو ہوگئے، مٹن 2100 روپے فی کلو کا ہوگیا۔

کوئٹہ میں بھی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، ادرک 1100 روپے، لہسن 500 روپے فی کلو ہوگیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی اب دھیرے دھیرے دال سبزی سے بھی دور کرتی جارہی ہے۔

نواز شریف کی واپسی سے صرف آئین شکن پریشان ہیں: مریم نواز

لاہور:  پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی سے صرف آئین شکن پریشان ہیں۔

مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کا مشاورتی اجلاس ہوا، مریم نواز نے ویڈیو لنک کے ذریعے لندن سے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں قائد محمد نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کی امیدوں پر نوازشریف وطن واپس آرہے ہیں، نواز شریف کی واپسی سے صرف آئین شکن پریشان ہیں، کشمیریوں اور پاکستانیوں کے مجرم عوام کے قہر سے بچ نہیں سکتے، نواز شریف عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے آرہے ہیں، نواز شریف نے ہی عوام کو ہمیشہ ریلیف دیا ہے۔

اجلاس میں شرکاء نے قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور سینئر نائب صدر مریم نواز کے حق میں زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی آمد سے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے مفادات کا تحفظ ہوگا۔

عمران خان کے بغیر کوئی بھی الیکشن غیرآئینی ہوگا، تحریک انصاف

اسلام آباد: نگران وزیراعظم کے چیئرمین عمران خان کے بغیر منصفانہ انتخابات کے حوالے سے بیان پر پاکستان تحریک انصاف نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا بیان آئین و جمہوریت اور ملکی مفادات کے حوالے سے ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیت کا مظہر ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور عمران خان مقبول ترین سیاسی قائد ہیں، نگران وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہئے کہ عمران خان یا تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر کروایا گیا کوئی بھی الیکشن غیرآئینی، غیرقانونی اور غیراخلاقی ہوگا جسے عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ غیرمعمولی عوامی تائید کی حامل سیاسی قیادت اور جماعتوں کو مصنوعی، غیرجمہوری اور غیرآئینی طریقوں سے انتخاب سے باہر کرنے کے نتائج ہمیشہ تباہ کن ہوا کرتے ہیں، دستور، قانون، جمہوریت اور اخلاق نگران وزیراعظم کو سیاست و انتخاب پر اثر انداز ہونے کے کسی غیرفطری، غیرجمہوری اور غیرآئینی منصوبے کا حصہ بننے کی ہرگز اجازت نہیں دیتے۔

ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ انوارالحق کاکڑ اپنے بیان کی فوری وضاحت کریں اور بطور نگران وزیراعظم اپنی حکومت کو جمع تفریق کے شرانگیز منصوبوں سے مکمل الگ کریں۔

انجیکشنز سے بینائی متاثر ہونے کا معاملہ، سپلائرز کے خلاف کارروائی کا آغاز

اسلام آباد: انجیکشنز سے بینائی جانے کے معاملے پر نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ انجیکشنز کو مارکیٹ سے اٹھا لیا گیا ہے جبکہ 2 سپلائرز کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ آنکھوں کے انجیکشن کی شکایات ملتان، قصور اور فیصل آباد سے بھی آئی تھیں، سپلائرز کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ مختلف زاویوں سے اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں، مریضوں کے نقصان کا ازالہ کریں گے، انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کریں گے، چاہتے ہیں کہ صحت کے شعبے میں بہتری عوام کو نظر آئے، واقعہ کی تحقیقات کے بعد فائنل سٹیٹمنٹ جاری کریں گے۔

نگران وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ یہ ٹیکہ 100ملی گرام کا ہے، ایسے واقعات قصور اور صادق آباد میں بھی ہوئے، اس وقت مریضوں کی تعداد 14 سے 20 کے درمیان ہے۔

ڈاکٹر جمال ناصر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سب سے پہلے نوید اور حافظ بلال کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی، یہ بڑے ظالم لوگ ہیں، ایک انجیکشن پر 1 لاکھ روپے تک کما رہے تھے۔

شیخوپورہ: قلعہ ستار شاہ کے قریب 2 ٹرینوں میں ٹکر، 31 افراد زخمی

شیخوپورہ:  قلعہ ستار شاہ کے قریب مسافر ٹرین ٹریک پر کھڑی ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 31 افراد زخمی ہوگئے۔

شیخوپورہ کے علاقے فیروزوالا قلعہ ستار شاہ کے قریب میانوالی سے لاہور جانے والی ٹرین پٹڑی پر کھڑی مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 31 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں پانچ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثے سے مسافر ٹرین کی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

حکام نے کہا ہے کہ ٹرین حادثہ کانٹا چینج نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا، مسافر ٹرین کا انجن بھی تباہ ہوگیا، ٹرینوں کی آمدورفت کیلئے ٹریک کی مرمت اور متاثرہ بوگیوں کو ہٹایا جا رہا ہے، واقعے کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق غفلت برتنے پر کندیاں شیڈ کے ڈرائیور عمران سرور اور اسسٹنٹ ڈرائیور محمد بلال، سٹیشن ماسٹر علی رضا اور کیبن مین صفدر علی کو معطل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل قلعہ ستار شاہ کے پاس مال گاڑی کی 4 بوگیاں ڈی ٹریک ہو گئی تھیں۔