صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کر دی

اسلام آباد:  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم کی ایڈوائس کی توثیق کرتے ہوئے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی منظوری دے دی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر دستخط کر دیئے ہیں جس کے بعد قومی اسمبلی اور کابینہ تحلیل ہو گئی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے کچھ دیر قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سمری ارسال کی تھی جس کی توثیق کرتے ہوئے انہوں نے دستخط کر دیئے ہیں۔

ایشیا کپ اور افغانستان سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا

لاہور:  پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ اور افغانستان سے ون ڈے سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا، فہیم اشرف، طیب طاہر اور سعود شکیل سکواڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستان اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی اور افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے 18 رکنی قومی کرکٹ سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی پاکستانی ٹیم میں اوپنرز عبد اللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق، مڈل آرڈر میں بابر اعظم (کپتان)، سلمان علی آغا، افتخار احمد، وکٹ کیپرز محمد رضوان، محمد حارث اور طیب طاہر، سپنرز شاداب خان (نائب کپتان)، محمد نواز، اسامہ میر، پیسرز میں حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں جبکہ سعود شکیل ایشیا کپ سکواڈ کا حصہ نہیں۔

افغانستان کیخلاف سیریز کیلئے 18 رکنی اسکواڈ میں اوپنرز عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، مڈل آرڈرز بابر اعظم (کپتان)، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر اور سعود شکیل، وکٹ کیپرز محمد رضوان، محمد حارث، سپنرز شاداب خان (نائب کپتان)، محمد نواز، اسامہ میر، پیسرز حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان ایک مضبوط سائیڈ ہے اسے لائٹ نہیں لیا جا سکتا جو کھلاڑی ڈراپ ہوئے وہ مزید محنت کریں، عبداللہ شفیق اور سعود شکیل نے کافی محنت کی ہے، ڈراپ ہونے والے کھلاڑیوں کے لئے آگے کافی مواقع ہوں گے، جو سلیکٹ ہوئے انہوں نے کافی محنت کی ہے۔

پاک فوج دشمن کے تمام حربوں کو خاک میں ملانے کیلئے ہر لمحہ تیار ہے: آرمی چیف

راولپنڈی:  آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواج پاکستان دشمن قوتوں کے تمام حربوں کو خاک میں ملانے کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جہلم کے قریب ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لائیو فائر اور جدید وی ٹی 4 ٹینکوں کی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے لانگ رینج ایس ایچ 15 آرٹلری گنوں کی شوٹنگ اور جدید آلات کی نمائش کا بھی مشاہدہ کیا اور عملے کی جنگی مہارت اور جدید ترین ہتھیاروں پر ان کی مہارت کو سراہا، اس موقع پر آرمی چیف کو اسٹرائیک کور کی کارکردگی پر بریفنگ بھی دی گئی۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا پاک فوج دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، پاک فوج دشمن قوتوں کے تمام حربوں کو خاک میں ملانے کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔

حکومت کے آخری روز شریف خاندان کیلئے بڑا ریلیف، پراپرٹیز بھی ریلیز کر دی گئیں

لاہور:  حکومت کے جاتے جاتے شریف خاندان کو بڑا ریلیف مل گیا، نیب کورٹ سے ریلیف کے بعد شریف فیملی کی پراپرٹیز بھی ریلیز کر دی گئیں۔

نیب عدالت میں کیس زیر سماعت ہونے کے سبب شہباز شریف اور ان کی فیملی کی پراپرٹیز کو فریز کیا گیا تھا، نیب آفس نے شہباز شریف فیملی کی پراپرٹیز ڈی فریز کرنے کے لیے ایل ڈی اے کو مراسلہ لکھ دیا۔

شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلیمان شہباز اور دیگر کی پراپرٹیز کو ڈی فریز کر دیا گیا، شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کی پراپرٹیز کو بھی ڈی فریز کر دیا گیا، نصرت شہباز کے نام پر ماڈل ٹاؤن ایچ بلاک کی پراپرٹی نمبر 96 اور 87 کو ڈی فریز کر دیا گیا۔

حمزہ شہباز کے ملکیتی جوہر ٹاؤن کے بلاک میں پلاٹ نمبر 61 اے، 62، 63، 64، 65، 68، 69، 70 اور 71 کو ڈی فریز کر دیا گیا، حمزہ شہباز کے ملکیتی جوڈیشل کالونی فیز ون میں پلاٹ نمبر 48 ، 49 ،50 اور 51 کو بھی ڈی فریز کر دیا گیا۔

سید محمد طاہر نقوی کی غوث الاعظم کالونی گلبرگ ٹو میں پراپرٹی نمبر 114 اے کو بھی ڈی فریز کر دیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل اہلکار کی مبینہ کوڈ ورڈ گفتگو کا انکشاف

اٹک جیل میں قید پی ٹی آئی چیئرمین سے جیل اہلکار کی مبینہ طور پر کوڈ ورڈ میں بات چیت کا انکشاف ہوا ہے۔

اس انکشاف کے بعد تمام عملے کی سکیورٹی کلیئرنس کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اٹک جیل کی جیو فینسنگ کرکے جیل عملے کی طرف سے واٹس ایپ کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

انتہائی معتبر ذرائع نے  بتایا کہ کہ جیل اہلکار کی چیئرمین پی ٹی آئی سے گفتگو کی ریکارڈنگ میں کچھ ایسی باتیں سامنے آئی ہیں جنہیں انتظامیہ سمجھنے سے قاصر ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اٹک جیل میں تعینات 150 سے زائد جیل عملے کا مکمل بائیوڈیٹا سکیورٹی کلیئرنس کے لیے اسپیشل برانچ اور دیگر اداروں کو بھجوایا جائیگا۔

پیمرا ترمیمی بل 2023 سینیٹ سے منظور

پیمرا ترمیمی بل 2023 سینیٹ سے منظور کرلیا گیا، سینیٹ میں پیمرا ترمیمی بل کے 18 شقوں کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے پیمرا ترمیمی بل ایوان میں پیش کیا گیا۔ پیمرا ترمیمی بل 2023 ایوان میں کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

اس موقع پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے اعتراض اٹھایا کہ وزیر اطلاعات نے بل واپس لیا اب کیسے پیش کیا جاسکتا ہے؟ بل کو کمیٹی میں بھیجا جائے، عجلت میں دوبارہ کیوں لایا جارہا ہے؟

دوسری طرف سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ میڈیا ورکرز کی بروقت تنخواہوں کی ادائیگی پر سب متفق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پیمرا کی مدت ملازمت کی کوئی حد ہونی چاہیے، چیئرمین پیمرا کی تعیناتی پارلیمانی کمیٹی کرے۔

وزارت پارلیمانی امور نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری وزیراعظم کو بھیج دی

اسلام آباد: وزارت پارلیمانی امور نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اسمبلی کی تحلیل سے متعلق سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجیں گے۔

وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں تاریخ کا خانہ خالی چھوڑا گیا ہے، اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ اور وقت کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

علاوہ ازیں نگران حکومت کی کمان کون سنبھالے گا؟ اتحادیوں نے سر جوڑ لیے جبکہ نگران وزیراعظم کیلئے نام کا اعلان آج ہی متوقع ہے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے نگران وزیراعظم کیلئے کامران ٹیسوری کا نام تجویز کیا گیا ہے جبکہ نیشنل پارٹی نے جسٹس (ر) شکیل بلوچ کا نام تجویز کر دیا۔

ادھر حفیظ شیخ، شاہد خاقان عباسی اور جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر بھی مشاورت جاری ہے جبکہ فواد حسن فواد، ذوالفقار مگسی محسن نقوی اور ڈاکٹر عشرت العباد کے نام بھی نگران وزیراعظم کیلئے زیرغور ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے وزیر اعظم سے نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کریں گے، شہباز شریف کو اپوزیشن کے 3 نام شیئر کروں گا، ساتھیوں سے مشاورتی عمل مکمل کرلیا ہے۔

آئین نگران وزیراعظم کے حوالے سے 3 دن کا ٹائم دیتا ہے ، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کےمعاملے پر اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے کل ملاقات کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں الوداعی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر سے نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کروں گا۔آئین نگران وزیراعظم کے حوالے سے 3 دن کا ٹائم دیتا ہے۔

مختلف پارٹیز سے تعلق رکھنے والے ارکان جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور وزیراعظم منتخب کرایا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا ۔

یہ 16ماہ کی مختصر تریں مدت کی حکومت تھی ،اس عرصے میں بہت سارے چیلنجز تھے اور مشکلات سامنے آئیں۔

بینظیر بھٹوشہید کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،اپنے قائد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،آج یہاں پر تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی آج وزیر اعظم سے ملاقات طے

اسلام آباد:  سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان کی آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات شیڈول ہے۔

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان وزیر اعظم شہباز شریف سے نگران وزیر اعظم اور نگران سیٹ اَپ پر مشاورت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں میں ملاقات کے دوران اسمبلیوں کی تحلیل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر رانا ثناء نے دورۂ عراق میں ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیئے

اسلام آباد:  وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے دورۂ عراق میں ملنے والے قیمتی تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ‘ پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دورۂ عراق کے دوران اپنے بھائی عراقی وزیر داخلہ سے ملنے والے قیمتی تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیئے ہیں، تحائف میں ایک قیمتی پستول اور ایک موبائل فون شامل ہے۔

یہ تحائف عراقی وزیرداخلہ عبدالامیرالشماری نے جذبہ خیرسگالی کے طور پر دیئے تھے۔

اس حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ تحائف ملک و قوم کی امانت ہیں، اس لئے انہیں قومی خزانے میں جمع کرا دیا ہے۔

بندوق، گالی اور بدتمیزی مسلم لیگ (ن) کا کلچر نہیں: مریم نواز

لاہور:  مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت مسلم یوتھ فیڈریشن کی تنظیم نو کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، مریم نواز نے عہدیداروں کے 5 گھنٹے تک تفصیلی انٹرویو کیے۔

اس دوران گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم، لیپ ٹاپ اور ڈگریاں دینے کی متمنی ہے، بندوق، گالی اور بد تمیزی (ن) لیگ کا کلچر نہیں ہے، جو طلبہ زیر تعلیم ہیں ان کو زیادہ سے زیادہ پارٹی کے ساتھ منسلک کریں۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ طلبہ کو پارٹی میں نمایاں جگہ دی جائے، پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، سب سے بڑی پارٹی ہونے کے ناطے مسلم لیگ (ن) پر لازم ہے کہ وہ نوجوانوں کی بہتری اور اچھے مستقبل کیلئے فیصلے کرے۔

مریم نواز نے مزید کہا پاکستان کی سیاست میں نوجوانوں کا رول بہت اہم ہے، مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، نواز شریف کی قیادت میں سب سے پہلے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کیلئے اربوں روپے کے قرضے دیئے گئے۔

آرمی چیف نے منصب سنبھالتے ہی ہمیں آگے بڑھنے کا پروگرام دیا: وزیر اعظم

راولپنڈی:  وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمی ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا الوداعی دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے جی ایچ کیو دورے کے دوران یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم نے شہدا کے 70 خاندانوں اور جنگ میں زخمی ہونے والے 30 غازیوں کو امدادی چیک دیئے، اس کے علاوہ شہداء کے بچوں میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے گئے۔

جی ایچ کیو میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کا شکر گزار ہوں، آرمی چیف نے جیسے ہی منصب سنبھالا بغیر وقت ضائع کیے انہوں نے کہا یہ ہے پروگرام پاکستان کو آگے بڑھانے کا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اپنی حکومتی ٹیم اور صوبائی حکومتوں کا بھی شکر گزار ہوں، سب نے ملکر اس ویژن کو اجاگر کیا، ہمارا ہاتھ بٹایا، آج پوری دنیا میں ایس آئی ایف سی ایک نام بن چکا ہے، اس میں اللہ برکت ڈالے گا اور پاکستان عظیم بنے گا۔

اداکارہ انمول بلوچ فلم کی دنیا میں قدم رکھنے کیلئے تیار

لاہور:  پاکستانی شوبز انڈسٹری کی جانی پہچانی اور خوبرو اداکارہ انمول بلوچ نے ڈراموں کے بعد فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی تیاری کر لی۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں فلم انڈسٹری جوائن کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ انمول بلوچ نے کہا کہ پہلے اس سلسلے میں کچھ تذبذب کا شکار تھی لیکن اب ذہنی طور پر فلم کیلئے تیار ہوں، اب زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

فلم میں آئٹم نمبر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ میں کبھی بھی نہیں کروں گی کیونکہ ہمارے ملک میں اسے پسند نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈراموں یا تو خواتین بہت رو رہی ہیں، یا پھر بہت ہی بری ہیں، اس وقت جتنے بھی سکرپٹ آرہے ہیں ان میں ایک ہی طرح کی کہانیاں ہیں، مصنفین کو چاہیے کہ وہ سکرپٹ کو ذرا تبدیل کریں۔