پاک فوج ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی: آرمی چیف

اسلام آباد:  نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے معیشت کی بحالی کے لیے نگران حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی، انہوں نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

 

اس موقع پر نگران وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ جن منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ان کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے، ایپکس کمیٹی نے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزراء اعلیٰ، نگران وفاقی وزراء، صوبائی وزراء اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اعلامیہ کے مطابق نگران وزیر اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے موثر کام کی تعریف کی، ایپکس کمیٹی نے کونسل کی عالمی سطح پر رسائی حاصل کرنے کی حکمت عملی اور برادر، دوست ممالک کے ساتھ روابط کو سراہا۔

 

اجلاس میں سعودی عرب اور اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سکیورٹی کے اعلیٰ سطح کے وفود کے دوروں کو نتیجہ خیز قرار دیا گیا، ایپکس کمیٹی نے ملکی معیشت کی بحالی کی طرف مثبت رفتار کو برقرار رکھنے میں اپنے عزم اور حمایت کا اظہار کیا۔

ایپکس کمیٹی نے زراعت، لائیو سٹاک، معدنیات، آئی ٹی اور توانائی کے کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پچھلی حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی بھی توثیق کی، نگران وزیر اعظم نے شناخت شدہ منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔

عمران خان فرعون تھا، وہ تاحیات ملک کا بادشاہ رہنا چاہتا تھا: پرویز خٹک

مانسہرہ:(خبریں ڈیجیٹل) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرین پرویز خٹک نے عمران خان کو فرعون قرار دیدیا۔

مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا ہماری مرکز اور صوبے میں حکومت رہی لیکن افسوس ہم نیا پاکستان نہ بنا سکے، تحریک انصاف نے ساڑھے تین سال ملک کے لیے کچھ نہیں کیا۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی ملک کا تاحیات حکمران اور بادشاہ بننا چاہتا تھا، ان کی کی کام کرنےکی نیت ہی نہیں تھی، وہ فرعون تھا، کہتا تھا کہ جس کا دل کرے چلا جائے مجھےکوئی فکر نہیں۔

سربراہ پی ٹی آئی پارلیمینٹیرین کا کہنا تھا خیبر پختونخوا میں حکومت صرف میری ذاتی کاوش سے بنی تھی، کےپی حکومت میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کوئی کریڈٹ نہیں تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے میرےساتھ کئی وعدے کیے لیکن مکر گیا۔

عوام پر بجلی کے بعد پٹرول بم بھی گرانے کی تیاریاں

اسلام آباد:  پاکستانی روپے کی قدر میں کمی اور بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر  رواں ماہ کے آخر یا آیندہ ماہ کے شروع میں  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان ہے۔

ہر گزرتے دن کے ساتھ  ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر گھٹ رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچی تھی جبکہ رواں ہفتے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

آج کاروباری ہفتے کے پہلے دن کے آغاز  سے ہی امریکی ڈالر نے مزید  اڑان بھرنا شروع کر دی، انٹر بینک میں ڈالر 20 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 301 روپے 20 پیسے کا ہو گیا۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ پاکستان پٹرولیم مصنوعات کو بلند قیمتوں پر خریدے گا جس کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت اگست کے آخر میں یاستمبر کے پہلے پندرہ دن میں مزید  بڑھ سکتی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ، بجلی کے نرخوں میں حیران کن اضافے نے بڑے پیمانے پر عوام  کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جو پہلے ہی معاشی بدحالی کا شکار ہے۔

بجلی کے بھاری بلوں پر احتجاج میں تیزی، شہر شہر مظاہرے، شٹر ڈاؤن ہڑتال

اسلام آباد، لاہور، ملتان:  ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں ہو شربا اضافے کے خلاف عوامی احتجاج میں تیزی آنے لگی۔

لاہور

صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں عوام بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف چوتھے روز بھی سڑکوں پر نکل آئے، مانگا منڈی میں شہریوں نے بجلی بلوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل بھریں یا بچوں کا پیٹ پالیں، بلوں میں ہوشربا اضافہ اور ظالمانہ ٹیکسز واپس نہ لئے گئے تو واپڈا آفس کے اندر دھرنا دیں گے۔

سرکاری ملازمین اور تاجر بھی سراپا احتجاج

سرکاری ملازمین نے بھی بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ دو لاکھ سے زائد تنخواہ والے افسران کی مفت بجلی بند کی جائے۔

واسا پھول یونین کے ملازمین نے بھی بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف دفاتر میں احتجاجی مظاہرے کئے، مظاہرین نے بجلی کے بلوں میں کمی اور بے جا ٹیکسز کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

ادھر ہال روڈ کے تاجر بھی بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافے پر پریشان دکھائی دیئے، صدر انجمن تاجران ہال روڈ بابر محمود بٹ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو سڑکوں پر نکلنے کیلئے مجبور ہوں گے۔

راولپنڈی
راولپنڈی میں سینکڑوں شہریوں نے بکرا منڈی آئیسکو گرڈ اسٹیشن کا گھیراؤ کر لیا اور بجلی کے بل جلا ڈالے اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔

شہریوں نے کہا کہ بلز میں ٹیکسز کے نام پر ہمارا خون نچوڑا جا رہا ہے، نہ بل جمع کروائیں گے نہ گھروں سے بجلی کاٹنے دینگے، احتجاج کے باعث ٹریفک بلاک ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں گئی۔

ملتان
مندرہ میں بھی بجلی بلوں میں بھاری ٹیکسز کے خلاف شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کے بلوں سے اضافی ٹیکس فی الفور ختم کرے، حکمران غریب عوام سے ٹیکس وصول کر کے اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں۔

فیصل آباد
فیصل آباد میں بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے پر شہریوں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا، مظاہرین نے حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بلوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی صورتحال کے پیش نظر پولیس کی جانب سے فیسکو دفاتر اور گرڈسٹیشنز کی حفاظت کیلئے نفری تعینات کر دی گئی گرڈ سٹیشنز اور فیسکو دفاتر کے اطراف ایلیٹ فورس کو بھی گشت پر لگا دیا گیا۔

بہاولپور
بہاولپور میں چوک فوارہ،لاری اڈہ ملتان روڈ سمیت دیگر مقامات پر واپڈا کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے، مظاہرین نے شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام کر دی۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلوں میں ہو شربا اضافہ واپس لیا جائے، دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہوگیا بجلی کے بل کہاں سے ادا کریں، ماہانہ ہزاروں روپے کا بل ہم ادا نہیں کر سکتے۔

شیخوپورہ
شیخوپورہ میں بھی عوام بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سراپا احتجاج بنے رہے، انجمن تاجران شیخوپورہ کے زیر اہتمام سرگودھا روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے واپڈا کمپلیکس کے باہر احتجاجی کیمپ لگا کر گیٹ کو تالہ لگا دیا گیا۔

مظاہرین نے حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بجلی کے بل جلا دیئے، مظاہرین نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی سے تنگ ہے بل کیسے جمع کروائیں۔

خوشاب
خوشاب اور جوہرآباد میں بھی بجلی بلوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا، سول سوسائٹی اور مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے جزوی ہڑتال اور احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے بجلی بلوں میں اضافے پر حکومت اور واپڈا کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے بجلی بلوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

تاجروں نے بجلی کے بل میں ظالمانہ ٹیکس کے خلاف ریلیاں بھی نکالیں، شہریوں نے احتجاج میں بجلی کے بلوں کو آگ لگا دی۔

مندرہ
مندرہ میں بھی بجلی بلوں میں ٹیکسز کے خلاف شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے، جی ٹی روڈ پر سینکڑوں احتجاجی مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، مظاہرین نے مندرہ چکوال روڈ بلاک کر دی جس کے باعث روڈ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کے بلوں سے اضافی ٹیکس فی الفور ختم کرے، حکمران غریب عوام سے ٹیکس وصول کر کے اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں۔

بالاکوٹ
بالاکوٹ میں تاجر برادری نے بجلی بلز میں اضافہ مسترد کر دیا اور انجمن تاجران کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، بجلی بلز میں ٹیکسز کی بھرمار اور مہنگائی کے خلاف ریلی بھی نکالی گئی۔

مانسہرہ
مانسہرہ میں بھی انجمن تاجران کی کال پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، شہر سمیت ضلع بھر میں تمام کاروباری مراکز بند رہے، تاجران کی بڑی تعداد نے احتجاج کیلئے مرکزی چوک سے واپڈا کے دفتر تک ریلی نکالی اور دفتر کے باہر دھرنا دیا۔

کامرہ کینٹ
کامرہ کینٹ میں چھچھ کے علاقے میں بجلی بلوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا، مظاہرین نے ظالمانہ ٹیکس کے خاتمے تک بل جمع نہ کرانے کا اعلان کیا۔

مظاہرین نے غریب پر ظلم بند کرو اور سول نافرمانی کے نعرے لگائے۔

چارسدہ
چارسدہ میں اے این پی نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت و محکمہ واپڈا کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، مقررین نے کہا کہ خیبرپختون خوا میں ساری بجلی ہائیڈل سے پیدا ہو رہی ہے، اس کے باوجود بجلی بلز میں فیول ایڈجسٹمنٹ وصول کی جا رہی ہے۔

صوابی
صوابی میں چھوٹا لاہور اور کرنل شیر خان کلے میں احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے صوابی، مردان اور چھوٹا لاہور، یارحسین روڈز کو بند کر دیا۔

مظاہرین نے کہا کہ شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے مزید امتحان میں نہ ڈالا جائے۔

بغاوت کا کیس: ایمان مزاری جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار

راولپنڈی: انسانی حقوق کی کارکن اوروکیل ایمان مزاری کو ایک بار پھرگرفتار کرلیا گیا۔

اسلام آباد کی عدالت نے بغاوت اور اشتعال انگیزی کے کیس میں آج ایمان مزاری کی ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

ایمان مزار ی کی اڈیالہ جیل سے رہائی کے وقت اسلام آباد پولیس جیل کے باہر موجود تھی جہاں سے پولیس نے ان کو پھر گرفتار کرلیا۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے فوری طور پر ایمان مزاری کی گرفتاری کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے تاہم جیل سے باہر آتے ہی پولیس انہیں لے کر روانہ ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ایمان مزاری کو تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ایمان مزاری کی آج  دھمکی ، بغاوت کے کیس میں عدالت نے درخواست ضمانت منظور کی تھی ۔

واضح رہے کہ 24 اگست کو بغاوت، دھمکانے اور اکسانے کے کیس میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایمان مزاری اور علی وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا تھا۔

انتخابات میں تاخیر کے سنگین نتائج ہوں گے ، مغربی ممالک نے پاکستان کو آگاہ کر دیا

اہم مغربی ممالک نے پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ انتخابات میں تاخیر کے سنگین نتائج برآمد ہونگے جس میں ممکنہ طور پر تعلقات میں کمی بھی شامل ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور یورپی یونین پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یہ ممالک ہمیشہ جمہوریت کی وکالت کرتے رہے ہیں اور سمجھتے ہیں انتخابات کا انعقاد کسی بھی ترقی پسند جمہوری معاشرے کا نچوڑ ہے۔

مغربی دارالحکومتوں میں خدشات ہیں کہ  پاکستان میں انتخابات میں تاخیر ہو سکتی ہے اور موجودہ نگراں سیٹ اپ مقررہ مدت سے آگے جا سکتا ہے۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ حلقہ بندیوں اور بعض تکنیکی معاملات کی وجہ سے چند ماہ کی تاخیر برداشت کی جا سکتی ہے۔ تاہم اگر انتخابات فروری سے تاخیر کا شکار ہوئے تو ملک کیلیے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔

ایک سفارتی ذریعے نے بتایا کہ سچ کہوں تو اگر انتخابات فروری سے آگے تاخیر کا شکار ہوتے ہیں، تو ہمارے لیے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی یہی سطح برقرار رکھنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔

ایبٹ آباد آپریشن میں اسامہ بن لادن کو قتل کرنے والا امریکی فوجی نشے کی حالت میں گرفتار

ٹیکساس: ایبٹ آباد فوجی آپریشن کے دوران اسامہ بن لادن کو گولیاں مارنے کا دعویٰ کرنے والا امریکی بحریہ کا اہلکار نشے کی حالت میں توڑ پھوڑ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ٹیکساس میں امریکی بحریہ کے سابق اہلکار رابرٹ او نیل کو عوامی مقام پر نشے کی حالت میں ہنگامہ آرائی کرنے اور ایک خاتون پر حملے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

امریکی بحریہ کے سابق سیلر کو عوامی مقام پر نشہ کی حالت میں حملہ کرکے جسمانی چوٹ پہنچانے الزام میں کلاس A اور بدعنوانی کے الزام میں C کلاس کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔

بعد ازاں امریکی بحریہ کے سابق اہلکار رابرٹ او نیل کو 3 ہزار 500 ڈالر کی ضمانت پر رہا کردیا گیا تاہم اب کیس عدالت میں چلے گا جہاں ممکنہ طور پر قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

یاد رہے کہ امریکی بحریہ کا یہ اہلکار اُس وقت توجہ کا مرکز بنا تھا جب اس نے اپنی شناخت کو خفیہ نہ رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فوکس نیوز پر ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ 2011 میں پاکستان کے علاقے ایبٹ آباد میں امریکی فوج کی کارروائی میں اُسامہ بن لادن کو گولیاں میں نے ہی ماری تھیں۔

امریکی بحریہ کے سابق اہلکار نے یہ کہانی اپنی 2017 کی یادداشت “دی آپریٹر” میں سنائی تھی  اور ’دی نیویارک پوسٹ‘ کے مطابق امریکی حکومت نے کبھی بھی اس کہانی کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

سابق امریکی اہلکار اس سے قبل بھی تنازعات کا شکار رہے ہیں اور 2016 میں بھی نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار ہوچکے ہیں۔

نگران وزیر اعظم کے کمرے کا AC بند کرنے سے غریب کے بل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، 13جماعتوں نے بجلی کے بلوں اور پٹرول کا IMFسےمعاہدہ کیاتھاکیا اس وقت انکی آنکھیں بند تھی،سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

لاہور:سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ریاست کو بچایا نہیں ریاست کو ڈوبویا ہے کیونکہ عوام کا نام ہی ریاست ہےاور عوام سیاست کے لئے نہیں اپنی بقاء کے لئے سڑکوں پر آئی ہےبجلی کا دگنا بل معاشی خودکشی ہونا ہے اگلے مہینے دیکھیں پٹرول اور بجلی کیا رنگ دکھاتی ہے وہ وقت آگیا ہے کہ ہمیں معاشی غلامی کی بیڑیاں توڑنی پڑیں گی سفید پوش معاشی طور پر زندہ مرگیا ہےصدر اور وزیر اعظم دونوں ٹویٹر پر آ گئے ہیں ملک اور غریب کو تباہی کی جانب ڈال کر اسحاق ڈار بھی لندن پہنچ گئے ہیں جہاں کا خمیر تھا وہیں پر سیاسی خاک پہنچ گئی ہے یہ سارے رشتے دار اپنی اصل پناہ گاہ پر پہنچ گئے ہیں لیکن وہاں بھی گھر سے باہر نکلنے کی پوزیشن میں نہیں پیپلز پارٹی بھی 90دن کے الیکشن پر آ گئی ہےاور دوسری پارٹیاں بھی سوائے ن لیگ کے عوام کے غیظ و غضب سے ڈر کے 90دن کے الیکشن پر آ جائیں گی مسلم لیگ ن سے اس کی اتحادی پارٹیاں بھی کنارہ کشی اختیار کریں گی ساری خرابی کا بوجھ اب ن لیگ کو ہی اٹھانا پڑے گا آہستہ آہستہ جے یو آئی ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی اس معاشی تباہی کی ذمہ داری نہیں لے گی نگران وزیر اعظم کے کمرے کا AC بند کرنے سے غریب کے بل پر کوٸی اثر نہیں پڑتاجب 13جماعتوں نے بجلی کے بلوں اور پٹرول کا IMFسےمعاہدہ کیاتھاکیا اس وقت انکی آنکھیں بند تھی پیپلز پارٹی نے CCI میں مردم شماری پر دستخط بھی کیے اور اب 90دن کے الیکشن پر بھی سٹینڈ لے لیا ہےجو IMF کی ڈیل پر مٹھائیاں بانٹتے تھے اب لندن میں پناہ لیے بیٹھے ہیں 85آدمی وزیر رکھےاور IMF کی شراٸط کو مان کر مٹھاٸیاں بانٹی گٸی اس مہنگاٸی اور بجلی کے بلوں پر نگران حکومت کا کوٸی کردار نہیں ہے سب کیا دھرا 16ماہ کی 13پارٹیوں کی حکومت کا ہے 180 روپے فی کلو آٹا اور 180 روپے فی کلو چینی اور دگنا بجلی کا بل عوام کہاں سے دیں گے

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیویلین تھرو، ارشد ندیم نے سلور میڈل جیت لیا

بڈاپسٹ : ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیلویلین تھرو کے فائنل میں پاکستانی ارشد ندیم نے سلور میڈل اپنے نام کرلیا۔ارشد ندیم نے تیسرے راؤنڈ میں سب سے لمبی 87.82میٹرتھروکی۔

بھارت کے نیرج چوپڑا نے جیولین تھرو رلڈاتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا،انہوں نے 88.17میٹر تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔جمہوریہ چیک کے ویڈلچ نے 86.67میٹرتھروکے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔

سرکاری ملازمین کا سالانہ 34 کروڑ یونٹ مفت بجلی استعمال کرنیکا انکشاف

 اسلام آباد: سرکاری ملازمین کی جانب سے سالانہ 34 کروڑ یونٹ مفت بجلی استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور ڈویژن نے گریڈ 17 سے 21 تک کے سرکاری افسران کی مفت بجلی کے خاتمہ کی تجویز کا جھانسہ دے کر بڑی واردات چھپا لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 ہزار ملازمین کی مفت بجلی ختم کرنے سے بڑا فرق نہیں پڑے گا بلکہ ٹیرف میں بڑے فرق کے لیے تمام ملازمین کی مفت بجلی سہولت ختم کرنا ضروری ہے۔

دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ گریڈ 17 سے 21 کے 15 ہزار 971 ملازمین ماہانہ 70 لاکھ یونٹس مفت بجلی استعمال کرتے ہیں۔ اسکے مقابلے میں گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین 33 کروڑیونٹ ماہانہ مفت بجلی استعمال کررہے ہیں جن کی تعداد 1 لاکھ 73 ہزار200 ہے، یہ سرکاری ملازمین سالانہ 10 ارب کی مفت بجلی استعمال کرتے ہیں۔

 

دستاویز کے مطابق گریڈ 17 تا 21 کے ملازمین سالانہ 1 ارب 25 کروڑکی بجلی مفت استعمال کر رہے ہیں جبکہ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین ماہانہ 76 کروڑ 43 لاکھ روپے کی مفت بجلی استعمال کرتے ہیں۔

وزارت توانائی حکام کا کہنا ہے کہ گریڈ 17 سے 21 تک ملازمین کی مفت بجلی ختم کرنے سے ماہانہ 19 کروڑ روپے بچت ہوگی۔ مفت بجلی یونٹ ختم کرکے مخصوص رقم تنخواہ میں شامل کرنے سے یہ فرق اور کم ہوجائے گا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، بجلی بل کے ستائے عوام کو فوری طور پر ریلیف دینے کا فیصلہ نہ ہوسکا

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی تاہم بجلی بل کے ستائے عوام کو فوری طور پر ریلیف دینے کا آج فیصلہ نہ ہوسکا۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کی زیرصدارت بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف ہونے والا اجلاس ختم ہوگیا اور یہ اجلاس دو گھنٹے سے زائد جاری رہا۔

اجلاس میں وزارت بجلی نے ترسیل اور نرخوں کے معاملے پر بریفنگ دی اور بتایاکہ بجلی کی قیمت کا تعین نیپرا کرتا ہے اور بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کنزیومرپرائس انڈیکس کے تحت ہوتا ہے۔

تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے بھی اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ملازمین کو مفت بجلی کی فراہمی کے معاملے پر بھی بریفنگ ہوئی اور حکام نے بتایاکہ ڈسکوز کے افسران کو فراہم کیے جانے والے بجلی کے مفت یونٹس ختم کر رہے ہیں، واپڈا کے پرانے ملازمین کے علاوہ کسی محکمے میں بجلی کے بلوں میں رعایت نہیں دی جا رہی، اس وقت یہ رعایت ڈسکوز کے ملازمین کو مل رہی ہے۔

حکام کا کہنا تھاکہ ایسا نہیں کہ تمام بوجھ بجلی کا بل ادا کرنے والوں پر ڈالا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافےسے عوام مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔

انہوں نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعظم نے مفت بجلی کی فراہمی کو روکنے اور بجلی کی چوری روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی بھی ہدایت کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی بل کے ستائے عوام کو فوری طور پر ریلیف دینے کا آج فیصلہ نہ ہوسکا، بجلی کے نرخ اور بلوں پر کل دوبارہ اجلاس ہوگا۔

ذرائع نے بتایاکہ نگران وزیراعظم نے بجلی کے بلوں پر متعلقہ حکام سے رپورٹس مانگ لیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تجاویز بھی طلب کرلیں۔

دوسری جانب ملک میں بجلی کے اضافی بلوں کے خلاف عوام کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری ہے، مختلف شہروں میں بجلی کے بلوں کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجاً بل جلائے۔

اسلام آباد، پشاور اور ملتان کی بجلی کمپنیوں نے مظاہرین کے ڈر سے پولیس بھی بلالی اور متعلقہ حکام کو خط لکھ کر تحفظ کا مطالبہ کردیا۔

جماعت اسلامی نے بھی 2 ستمبر کو ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

لیگی قائدین کی لندن میں بیٹھک،انتخابات میں جارحانہ انداز اپنانے کا فیصلہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائدین کی لندن میں بیٹھک ہوئی جس میں انتخابات میں جارحانہ انداز اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق ن لیگ اپنے خلاف انتقامی کارروائیوں کو ڈاکومینٹری کی صورت میں سامنے لائے گی۔

انتخابی مہم میں اداروں کے بجائے سیاسی شخصیات کو ہدف تنقید بنایا جائے گا جبکہ معاشی، سیاسی ابتری کی ذمہ داری پاناما، سابق نیب چیئرمین، پی ٹی آئی پر عائد کی جائے گی

ن لیگ نے فیصلہ کیا کہ نواز شریف اور مریم نواز سازش کے پس پردہ محرکات کو سامنے لائیں گے،شہباز شریف اور حمزہ شہباز عوامی اجتماعات میں مصالحانہ رویہ اپنائیں گے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز اپنے دور کے ترقیاتی منصوبوں پر بات کریں گے،نواز شریف کی واپسی سے قبل سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر مہم چلائی جائے گی۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نواز شریف کریں گے۔

جے آئی ٹی کی اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے 9 مئی کے واقعات سے متعلق 6 مقدمات میں تفتیش

لاہور(خبریں ڈیجیٹل )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین ایک بار پھر 9 مئی کے واقعات سے منحرف ہو گئے۔

جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے 9 مئی کے واقعات سے متعلق 6 مقدمات میں تفتیش کی۔

ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور سمیت پوری جے آئی ٹی ٹیم نے سابق وزیر اعظم سے سوالات کیے۔

جے آئی ٹی نے پوچھا کہ 9 مئی کے بارے میں آپ کی جانب سے اشتعال دلانے کے شواہد موجود ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ میں گرفتار ہو گیا تھا، کسی کو فون کر کے اشتعال نہیں دلایا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ جے آئی ٹی نے سوال کیا کہ ایسی ویڈیوز اور کلپس ہیں جن میں مظاہرین آپ کا نام لیتے نظر آتے ہیں، جس پر سابق وزیر اعظم نے جواب دیا کہ کسی کو نہیں اکسایا سب اپنے طور پر کنٹونمنٹ کے علاقے میں گئے، جلاؤ گھیراؤ میں میری پارٹی کے کارکن نہیں، کوئی اور افراد تھے۔

جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے جمعے کو 30 منٹ اٹک جیل میں ملاقات کی۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر 9 مئی سے متعلق دہشت گردی کے 6 مقدمات درج ہیں۔