190 ملین پاؤنڈ سکینڈل : بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت غیر مؤثر قرار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے این سی اے کے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت غیر مؤثر قرار دے دی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی جس کے دوران عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کمرۂ عدالت میں موجود تھیں جبکہ عمران خان گاڑی میں موجود تھے۔
دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم اور بشریٰ بی بی کے وکلاء بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بشریٰ بی بی کے وکیل خواجہ حارث سے کہا کہ آپ نے 2 بجے ہائی کورٹ بھی جانا ہے۔
خواجہ حارث نے کہا کہ بشریٰ بی بی اپنے شوہر کے ہمراہ آتی ہیں اس لیے کہا تھا، احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ خواجہ حارث صاحب! آپ کے چہرے پر غصہ اچھا نہیں لگتا۔
بشریٰ بی بی کے کبھی وارنٹ جاری نہیں کیے: نیب
نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا کہ عمران خان نے 13 مئی کو ایک بیان جاری کیا، انہوں نے نیب اور چیئرمین نیب کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کی، ان کی جانب سے نیب کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کیا گیا، عمران خان نے کہا کہ نیب نے بشریٰ بی بی کے وارنٹ جاری کیے، یہ بد نیتی ہے تاکہ نیب کو دبایا جائے، نہ ہم نے چھاپہ مارا، نہ حملہ کیا، نہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ جاری کیے گئے، ہماری کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی نہیں، ہم نے بشریٰ بی بی کے کبھی وارنٹ جاری نہیں کیے، انویسٹی گیشن کے لیے جب بلائیں تو بشریٰ بی بی ہمارے ساتھ تعاون کریں، خواتین کی عزت اور احترام کرتے ہیں، ابھی کوئی نوٹس جاری نہیں کیا، لیکن جاری کیا جائے تو تعاون کریں۔
نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے حوالے سے کسی قسم کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے گئے، بشریٰ بی بی کی گرفتاری کی ضرورت نہیں ہے۔
تفتیشی افسر کے بیان کے بعد عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواستِ ضمانت غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے انہیں جانے کی اجازت دے دی، اس کے بعد بشریٰ بی بی احتساب عدالت سے روانہ ہو گئیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد بشریٰ بی بی کی درخواست نمٹا دی۔
تحریری فیصلہ
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت غیر مؤثر ہونے کا ایک صفحے پر مشتمل تحریری تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دلائل سے معلوم ہوا کہ بشریٰ بی بی کے کوئی وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے، تفتیشی افسر کے مطابق نہ وارنٹ جاری ہوئے نہ بشریٰ بی بی کی فی الحال گرفتاری درکار ہے، بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت دائر کی گئی، نیشنل اکاونٹیبلٹی آرڈیننس سیکشن 498 کے تحت بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت نمٹائی جاتی ہے۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر کےخلاف کارروائی شروع کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کیخلاف شکایات میں پیش رفت ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہرنقوی کے خلاف شکایات پر کارروائی کا آغاز کردیا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف شکایات سپریم جوڈیشل کونسل کے ایک ممبر کو بھجوا دیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس سردار طارق مسعود سپریم جوڈیشل کونسل کا حصہ ہیں، سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد احمد علی شیخ، لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی بھی سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کے پاس بطور چیئرمین جوڈیشل کونسل کا اجلاس بلانے کا اختیار ہے، چیف جسٹس اجلاس بلانے سے قبل شکایت کے جائزے کے لیے معاملہ کونسل کے سینئر ممبر کو بھجواتے ہیں۔

سپریم کورٹ: آڈیولیکس کمیشن کیخلاف درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف آئینی درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں آڈیولیکس انکوائری کمیشن کے خلاف عمران خان سمیت دیگر کی درخواستوں پرسماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارے پاس موجودہ کیس میں کچھ درخواستیں آئی ہیں ان کو کیس میں شامل کرلیں گے، اٹارنی جنرل کی درخواست پر پہلے سماعت کریں گے اور بنچ پر اعتراض کے معاملے پر اٹارنی جنرل کے دلائل سنیں گے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ بنچ پر اعتراض پر گزشتہ سماعت میں فیصلہ نہیں کیا تھا، اب نئی درخواستوں پر اگلے ہفتے دلائل سن لیں گے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف آئینی درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

اگر سپریم کورٹ نے آئینی و قانونی فیصلے نہ کیے تو ملک میں خانہ جنگی ہوگی: شیخ رشید

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کاکہنا ہے کہ چیف جسٹس قوم کی آخری امید ہیں اگر سپریم کورٹ نے آئینی و قانونی فیصلے نہ کیے تو ملک میں خانہ جنگی ہوگی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بیان میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جناب چیف جسٹس صاحب میں پہلی بار آپ سے اپیل کررہا ہوں ، ریاست اور سیاست کو گندا کیا جارہا ہے ، میری زندگی کو ختم کرنے کیلئے 3آدمیوں کو مشغول کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں القادر ٹرسٹ کے ایجنڈے کے وقت موجود نہیں تھا، میری شہزاد اکبر سے کبھی نہیں بنی، کسی ایجنڈے میں نہیں بیٹھا، جھوٹی گواہی دینے سے میں موت کو ترجیح دوں گا۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ 70،80 لوگوں نے صبح میرے گھر پر دھاوا بولا چیف جسٹس صاحب میرے ملازمین کو اٹھا کر نامعلوم مقام پرمنتقل کیا جارہا ہے، میرے گھر پر حملہ کیا گیا ، میں 16بار وزیر رہا ہوں کبھی کسی کرپشن میں ملوث نہیں رہا اگر 16 وزارتوں میں ایک میں بھی کرپشن ملے تو میں پیش ہونے کو تیار ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں آئین اور قانون کی حکومت نہیں ہوگی تو عام شہری کس طرح زندگی گزارے گا، بتانا چاہتا ہوں دھرتی پر ظلم اور زیادتی ہورہی ہے، جس طرح جینا مشکل بنایا جارہا ہے آپ اس کا نوٹس لیں۔
شیخ رشید کاکہنا تھا کہ لوگ آسمان کے بعد سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں ، اگر آپ نے بھی آئینی قانونی فیصلے نہ کیے تو یہ ملک قحط سالی ، مہنگائی بیروزگاری بڑھے گی ، عام آدمی خودکشی کرے گا تباہی و بربادی ہوگی اس لیے آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس کا نوٹس لیں ۔

پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کالعدم قرار دینے کی استدعا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون 2023 کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر دی۔
تحریک انصاف نے بطور فریق جواب سپریم کورٹ میں جمع کرایا ہے۔
جمع کرائے گئے جواب میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجرل قانون کو غیر آئینی قرار دیا جائے، قانون کی شقوں 2، 3، 4، 5، 7 اور 8 کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون عدلیہ کی آزادی کے خلاف ہے، قانون سے عدلیہ کے اندرونی انتظامی امور میں مداخلت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں قانون کے خلاف درخواستوں پر کل سماعت ہوگی، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں آٹھ رکنی لارجر بنچ سماعت کرے گا۔

آڈیو لیکس کیس: انکوائری کمیشن نے بھی سپریم کورٹ کے بنچ پر اعتراض اٹھا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم تین رکنی انکوائری کمیشن نے بھی آڈیو لیکس کمیشن کا کیس سننے والے سپریم کورٹ کے بنچ پر اعتراض کردیا۔
انکوائری کمیشن کے سیکرٹری نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا ہے۔
سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے انکوائری کمیشن کے جواب میں کہا گیا ہے کہ آئینی درخواستیں قابل سماعت نہیں، انکوائری کمیشن نے 5 رکنی بنچ کی تشکیل کے طریقہ کار پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنچ کی تشکیل کا معاملہ ججز کمیٹی کے سامنے نہیں رکھا گیا، بہتر ہوگا ججزکمیٹی کی جانب سے بنچ کی تشکیل تک 5 رکنی بنچ سماعت مؤخر کردے۔
انکوائری کمیشن کا کہنا ہے کہ کمیشن کو سنے بغیر اس کی کارروائی روک دی گئی، مبینہ آڈیولیکس کے دیگر افراد نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی نہ ہی کمیشن پر اعتراض اٹھایا، کمیشن نے آرٹیکل 209 پر اپنا موقف پہلے اجلاس میں واضح کردیا تھا، واضح کیا تھا کہ کمیشن کی کارروائی کو سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی نہ سمجھا جائے۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ صدر سپریم کورٹ بار نے آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف درخواست دائر کی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ یہ کیس نہ سنے، ذاتی مفادات سے متعلق کیس کوئی جج نہیں سن سکتا۔
انکوائری کمیشن کا کہنا ہے کہ کمیشن کو آڈیو لیکس کی انکوائری میں کوئی ذاتی دلچسپی نہیں، کمیشن کو یہ ذمہ داری قانون کے تحت دی گئی ہے، کمیشن آئین و قانون کے مطابق اپنی ذمہ داری پوری کرے گا، کمیشن یقین دلاتا ہے کہ فریقین کے اٹھائے گئے اعتراضات کو سنا اور ان پر غور کیا جائے گا، صحافی قیوم صدیقی اور خواجہ طارق رحیم کمیشن میں پیش ہونے کے لیے تیار ہیں، ججز کا حلف ہے کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق فرائض ادا کریں گے۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف 6 درخواست گزاروں بشمول خواجہ طارق رحیم نے بھی درخواست داخل کی، رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگائے کہ یہ درخواستیں 184/3 کے تحت قابل سماعت نہیں، رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیل کی سماعت کیے بغیر مقدمہ 8 رکنی بنچ کے سامنے مقرر کیا گیا، 8 رکنی بنچ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے قانون پر حکم امتناع جاری کردیا۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ وہ عوام کا پیسا بچانے کے لیے اپنا وکیل نہیں کر رہا، درخواست ہے کہ سیکرٹری کے ذریعے کھلی عدالت میں یہ جواب پڑھ کر سنایا جائے، کمیشن عدالت کو یقین دلاتا ہے کہ کارروائی میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ آڈیو لیکس کے معاملے پر وفاقی حکومت نے 3 رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا، سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم کمیشن میں بلوچستان ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس شامل ہیں، تاہم چیف جسٹس پاکستان عمرعطاء بندیال نے آڈیولیکس کمیشن کے خلاف درخواستوں پر لارجر بنچ تشکیل دیتے ہوئے کمیشن کو کارروائی سے روک دیا ہے۔

کچہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن 53 ویں روز میں داخل

لاہور : (ویب ڈیسک) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات پر راجن پور کچہ کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن 53 ویں روز میں داخل ہوگیا ، آپریشن میں پولیس کی مسلسل پیش قدمی جاری ہے ۔
ترجمان پولیس کے مطابق پولیس نے کچہ کا 24 ہزار ایکڑ سے زائد علاقہ کلیئر کرا کر ڈاکوؤں کی درجنوں پناہ گاہیں اور کمین گاہیں تباہ کر دی ہیں ، پولیس کے تازہ دم دستے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے پرجوش ہیں ، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی پی او راجن پور کی زیر نگرانی شاہد علی لنڈ کی کمین گاہیں اہم ٹارگٹ ہیں جو کہ دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کا گڑھ ہے۔
ڈی پی او روجھان کاکہنا ہے کہ شاہد علی لنڈ اور اسکے حواری اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں اور بین الاضلاعی پولیس کو درجنوں مقدمات میں مطلوب ہیں۔
ڈی پی او روجھان کا مزید کہنا ہے کہ شاہد علی لنڈ کی کمین گاہوں پر مختلف علاقوں سے دربدر ہونے والے پٹ ، عمرانی، دولانی اور لنڈ گینگ کے ڈاکو پناہ گزین ہیں، کچہ کپڑا کے کلئیر کرائے گئے علاقہ میں سرچ آپریشن اور پولیس کا اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈی پی او راجن پور و روجھان کے مطابق کچہ جمال اور چک کپڑا میں نوگو ایریا کا تصور اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے ، دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کا خاتمہ کرکے قانون کی رٹ قائم کریں گے۔

اے این ایف کی مختلف شہروں میں کارروائیاں، بھاری مقدارمیں منشیات برآمد

کراچی: (ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) حکام کے مطابق کارروائی راولپنڈی اوربلوچستان کےعلاقے کیچ میں کی گئی ، جس میں آسٹریلیا کےلیے بک کارگو پارسل سےآئس برآمد کر لی گئی۔
اےاین ایف حکام کا بتانا ہے کہ آئس گارمنٹس میں جذب کی گئی تھی، پارسل کامجموعی وزن104 کلوگرام ہے۔
اے این ایف حکام کے مطابق ایک اور کارروائی میں کیچ کےپہاڑی علاقے سے45 کلوگرام آئس (کرسٹل ) برآمد کیا گیا ، برآمد کرسٹل بیرون ملک سمگل کی غرض سےچھپائی گئی تھی۔

فلم سٹار ثناء فخر نے شوہر فخرعلی سے خلع لے لی

لاہور: (ویب ڈیسک) مشہور فلم سٹار اور اداکارہ ثناء فخر نے اپنے شوہر فخر علی سے خلع لے لی۔
اس سلسلے میں ثناء فخر کی درخواست پر کینٹ یونین کونسل لاہور نے ان کی خلع مؤثر ہونے کا سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیا ہے۔
یونین کونسل کے ذرائع نے بتایا ہے کہ 3 مہینے ثناء فخر اور ان کے سابق شوہر فخرامام کو متعدد دفعہ آمنے سامنے بٹھانے کی کوشش کی گئی لیکن صلح کروانے میں کامیابی نہ ہوئی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ثنا فخر کو لاہور میں ایک گھر ان کے شوہر کی طرف سے دیا گیا تھا، یونین کونسل نے قانون کے مطابق ثناء فخرکی درخواست پر طلاق کا سرٹیفکیٹ جاری کردیا، ثناء اور ماڈل فخر کی شادی 2008 میں ہوئی تھی۔

نیپرا نے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 60 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔
بجلی کی قیمت میں اضافہ اپریل کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، سی پی پی اے نے بجلی 2 روپے 1 پیسہ فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔
نیپرا اتھارٹی کے مطابق نئی قیمت کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پر ہوگا، نئی قیمت کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

آئی سی سی نے ورلڈ کپ کوالیفائر کے شیڈول کا اعلان کردیا

ابو ظہبی : (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ کوالیفائر کے شیڈول کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی کے مطابق میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کے لئے 10 ٹیمیں کوالیفائر میں مدمقابل ہوں گی، سابق ورلڈ چیمپئنز ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی براہ راست ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہ کر سکیں۔
کوالیفائر میچز 18 جون سے 9 جولائی تک زمبابوے میں کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق ویسٹ انڈیز، زمبابوے، نیدرلینڈز، نیپال اور یو ایس اے کی ٹیموں کو گروپ اے میں شامل کیا گیا جبکہ سری لنکا، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، عمان اور یو اے ای گروپ بی کا حصہ ہوں گی۔
خیال رہے پہلی مرتبہ کوالیفائر کے سپر سکس مرحلے میں ڈی آر ایس کا استعمال کیا جائے گا۔

شمالی کوریا : جاسوس سیٹلائٹ سمندر میں گر کر تباہ

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا کا فوجی جاسوس سیٹلائٹ سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے پہلا فوجی جاسوس سیٹلائٹ لانچ کرنے کا تجربہ ناکام ہوگیا ہے ۔
راکٹ کو شمالی فیونگان صوبے میں سوہائے سیٹلائٹ لانچنگ گراؤنڈ سے مقامی وقت کے مطابق بدھ (31 مئی) کی صبح چھ بجکر 27 منٹ پر لانچ کیا گیا، تاہم راکٹ ’نارمل‘ پرواز کے دوران پہلے مرحلے کے الگ ہونے کے بعد دوسرے مرحلے کے دوران انجن میں غیر معمولی نقص کے باعث سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔
اس حوالے سے پیانگ یانگ حکام کا کہنا ہے کہ وہ سیٹلائٹ لانچ میں سامنے آنے والے سنگین نقائص کی مکمل چھان بین اور ان پر قابو پانے کے لیے فوری سائنسی اور تکنیکی اقدامات کریں گے اور جلد از جلد دوسری لانچنگ شروع کی جائے گی۔
شمالی کوریا کا جاسوس سیٹلائٹ لانچ کرنے کا یہ چھٹا تجربہ تھا جبکہ پہلا تجربہ 2016 میں کیا گیا تھا۔
شمالی کوریا کے سیٹلائٹ تجربے کے وقت جنوبی کوریا کے دارالحکومت سئیول میں سائرن بجائے گئے جبکہ جاپان میں وارننگ جاری کی گئی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق پیانگ یانگ کے پاس اس وقت خلا میں کوئی سیٹلائٹ نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن نے اپنی حکومت کے لیے ایک فوجی جاسوس سیٹلائٹ تیار کرنے کو اولین ترجیح بنا رکھا تھا اور وہ ذاتی طور پر لانچ کی تیاریوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
جاپان اور سیئول نے اس لانچنگ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے، جس نے شمالی کوریا پر بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کے کسی بھی تجربے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

سعودی خلائی سائنسدانوں کا 10 روزہ خلائی مشن مکمل،آج زمین پر اتریں گے

ریاض : (ویب ڈیسک) خلا میں سفرکرنے والی پہلی سعودی خاتون خلا باز ریانہ برناوی اور علی القرنی تاریخی خلائی مشن کی تکمیل کے بعد آج زمین پر واپسی پہنچیں گے۔
سعودی سپیس اتھارٹی نے ’ٹویٹر‘ پر ایک ویڈیو کلپ نشر کیا ہے جس میں سعودی خلابازوں کے سائنسی مشن کے اختتام کے بعد بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر آخری لمحات کو دکھایا گیا ہے۔سعودی وقت کے مطابق شام چار بجے سعودی خلا باز بین الاقوامی سپیس سٹیشن سے نکل جائیں گے جبکہ امریکی خلائی ادارہ ناسا سعودی خلا بازوں کی سٹیشن سے روانگی اور زمین پر آمد تک براہ راست کارروائی دکھائے گا۔
دو سعودی خلابازوں اور ان کے ساتھی امریکیوں پیگی وائٹسن اور جان شوفنر کو لے کر “ڈریگن” نے واپسی کا سفر شروع کیا ہے جس میں پانی تک پہنچنے میں تقریباً 12 گھنٹے لگیں گے۔یاد رہے کہ 10 دن تک جاری رہنے والے خلائی مشن میں خلا بازوں نے متعدد تجربات کیے ہیں ۔
بین الاقوامی سپیس سٹیشن سے ایکس ٹو مشن کے لئے خلائی شٹل روانہ ہوئی تھی اس میں پہلی مرتبہ 2 سعودی خلا باز شامل تھے جن میں ایک ریانہ برناوی بھی تھیں جو خلا میں سفر کرنے والی پہلی سعودی خاتون بن چکی ہیں۔