اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 31 پیسے سستی کرنے کی منظوری دے دی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین توصیف حسن فاروقی کی سربراہی میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 20 پیسے سستی کرنے سے متعلق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی سی پی اے) کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دسمبر میں 8 ارب 9 کروڑ 60 لاکھ یونٹس سے زائد بجلی پیدا کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ دسمبر کے لئے ریفرنس لاگت 9 روپے 31 پیسے فی یونٹ مقرر تھی لیکن مجموعی اخراجات 7 روپے 11 پیسے فی یونٹ رہی، اس لئے بجلی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 20 پیسے فی یونٹ سستی کی جائے۔
نیپرا نے دسمبر کے لیے بجلی 2 روپے 31 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی، بجلی سستی ہونے سے صارفین کو جنوری کے بل میں مجموعی طور پر 18 ارب 70 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا، بجلی سستی ہونے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
Monthly Archives: January 2023
ایم کیو ایم رہنما اور سابق وزیر بابر غوری وطن واپس پہنچ گئے
کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر بابر غوری غیر ملکی پرواز سے وطن واپس پہنچ گئے۔
بابر غوری ای کے 606 کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچے ہیں، سابق وفاقی وزیر کے ہمراہ ان کی اہلیہ بھی ہیں، ضمانت پر ہونے کی وجہ سے امیگریشن کلیئرنس کے بعد بابر غوری اپنے گھر چلے گئے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق بابرغوری کو حفاظتی ضمانت ملنے کے باعث انہیں حراست میں نہیں لیا گیا ہے، ان کے خلاف ایف آئی اے میں ٹیرر فنانسنگ اور منی لانڈرنگ کے تحت مقدمات درج ہیں جبکہ بابرغوری کے خلاف نیب میں بھی کراچی پورٹ میں غیرقانونی بھرتیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔
سابق وفاقی وزیر بابر غوری 2015 سے بیرون ملک تھے اور وہ 7 سال بیرون ملک مقیم رہے، بابر غوری 2015 کے بعد 4 جولائی 2022 کو وطن واپس لوٹے تھے اور اس موقع پر انہیں پولیس نے کراچی ایئرپورٹ سے ہی حراست میں لے لیا تھا۔
بابرغوری کو اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پشاور پولیس لائنز دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش
پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور پولیس لائنز میں دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی۔
سی ٹی ڈی نے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لیں، پشاور پولیس لائن دھماکے کا واقعہ سکیورٹی غفلت قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جائے وقوعہ سے خودکش حملے کے شواہد ملے ہیں، دھماکے کے بعد مسجد کے پلر گرنے سے چھت گری جس سے نقصان زیادہ ہوا، ملبہ ہٹانے کے بعد بارودی مواد کا پتہ چلے گا، پولیس لائن میں تمام اہلکاروں کا حاضری ریکارڈ تحویل میں لے لیا گیا۔
سینئر پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ پولیس لائن میں انویسٹی گیشن اہلکاروں کا اجلاس جاری تھا، اجلاس کے بعد اہلکار مسجد گئے، زیادہ تر تفتیشی اہلکار دھماکے کا نشانہ بنے۔
پولیس آفیسر نے کہا کہ فیملی کوارٹرز میں رہائش پذیر افراد کی تفصیلات طلب کر لی گئیں، مہمانوں کے کوائف کی معلومات کی چھان بین بھی جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق سکیورٹی لیپس کے حوالے سے اعلیٰ تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، پولیس لائن گیٹ، فیملی کوارٹرز سائیڈ کی سی سی ٹی وی فوٹیجزپر تحقیقات جاری ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ: فواد چودھری کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آگئیں
لاہور: (ویب ڈیسک) آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد نے فواد چودھری کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروا دیں، فواد چودھری کے خلاف ریکارڈ کے مطابق 5 مقدمات درج ہوئے، رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔
پنجاب میں فواد چودھری کے خلاف 3 مقدمات اور اسلام آباد میں 2 مقدمات درج ہوئے، فواد چودھری کیخلاف 2 مقدمات خارج، 1 میں بے گناہ اور 2 مقدمات زیر التوا ہیں۔
آئی جی پنجاب کے مطابق فواد چودھری کے خلاف 2 مقدمات خارج ہو چکے ہیں، جہلم میں 13 اکتوبر 2022ء کو درج ہونے والا مقدمہ خارج ہو چکا ہے، فواد چودھری کے خلاف 25 ستمبر 2022ء کو فیصل آباد میں درج مقدمہ بھی خارج ہوچکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فواد چودھری کے خلاف 30 اپریل 2022ء کو درج ہونے والے مقدمے میں بھی ان کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ 22 اگست 2022ء کو فواد چودھری کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج ہوا جبکہ دوسرا مقدمہ 25 جنوری 2023ء کو تھانہ کوہسار میں درج ہوا۔
پشاور دھماکا: نگران پنجاب حکومت کا لاہور سے میڈیکل ٹیمیں روانہ کرنے کا فیصلہ
لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے پشاور مسجد دھماکے کے زخمیوں کے لئے لاہور سے میڈیکل ٹیمیں پشاور روانہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ڈاکٹر جاوید اکرم نے پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈاکٹر عامر خان کے ساتھ رابطہ کر کے ہر قسم کی امدادی معاونت کی پیش کش کی ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے زخمیوں کے لئے ادویات، خون اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ڈاکٹر جاوید اکرم نے بتایا ہے کہ پروفیسر کامران خالد کی سرپرستی میں 13 رکنی ٹیم برن یونٹ جناح ہسپتال لاہور سے پشاور روانہ ہو رہی ہے، برن یونٹ کی ٹیم پشاور بم دھماکہ کے زخمیوں کے بہترعلاج و معالجہ کو یقینی بنائے گی۔
چودھری شجاعت ق لیگ کے صدر رہیں گے یا نہیں، فیصلہ آج ہوگا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چودھری شجاعت حسین کے مسلم لیگ (ق) کے صدر ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ آج سنایا جائے گا۔
الیکشن کمیشن چودھری شجاعت کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سنائے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ برس اگست میں فیصلہ محفوظ کیا تھا، چودھری شجاعت نے پارٹی صدارت سے ہٹانے کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی۔
الیکشن کمیشن نے حکم امتناع پر چودھری شجاعت حسین کو بحال کیا تھا۔
توشہ خانہ فوجداری کیس: عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کے کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے عمران خان کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کررکھا تھا مگر وہ پیش نہ ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل سید علی بخاری سے استفسار کیا کہ عمران خان کی طرف سے وکالت نامہ کدھر ہے؟۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے وکیل سعد حسن نے کہا کہ وکالت نامہ اس وقت تک نہیں آسکتا جب تک عمران خان خود نہ آئیں۔
عمران خان کے وکیل نہ کہا کہ ہم نے گزشتہ سماعت پر عمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا ، اس پر عدالت نے کہا کہ آج وکالت نامہ بھی جمع کرادیں۔
الیکشن کمیش کے وکیل نے کہا کہ جب تک مچلکے نہیں آ جاتے تب تک یہ وکالت نامہ نہیں دے سکتے۔
اس دوران الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کے وکلا کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، علی بخاری نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھے ڈائریکٹ نا کریں، کورٹ سے بات کریں۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن کے وکیل کی جانب سے عدالت سے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی گئی۔
بعدازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عدالت نے عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے 7 فروری کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کو 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
بعدازاں عمران خان کی جانب سے آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کیلئے 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرا دیئے گئے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ سنانے کے بعد ان کے خلاف فوجداری کارروائی کا ریفرنس عدالت کو بھیجا تھا۔
گزشتہ سماعت پر عدالت نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔
کمانڈر کینیا نیوی میجر جنرل جیمسن لانگریو متائی کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کمانڈر کینیا نیوی میجر جنرل جیمسن لانگریو متائی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا، پاک بحریہ کے چاقو چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آ ف آنر پیش کیا۔
دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، معزز مہمان کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ نے مزید بتایا کہ معزز مہمان نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، نیول ہیڈکوارٹرز کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے معزز مہمان کا تعارف بھی کروایا گیا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
شمالی بلوچستان اور بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا، کشمیر، گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آج کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 08 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا استور، گوپس، کالام، پاراچنار میں پارہ منفی 07 رہا، بگروٹ، مالم جبہ، قلات، کوئٹہ منفی 05 ریکارڈ مری اور اسکردو میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈر کیا گیا۔
ادھر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے شمالی اضلاع میں سردی کی شدت برقرار ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک ہے۔
آزاد کشمیر میں بارش و برفباری کا سلسلہ تھم گیا، شاہراہوں پر شدید برف پڑنے سے نیلم ویلی سمیت آزاد کشمیر کے 5 اضلاع کی شاہراہیں بند ہو گئی ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں معمولات زندگی بھی متاثر ہیں۔
شدید برف پڑنے کی وجہ سے وادی گریس شاہراہ مسلسل 15 روز سے بند ہے، محکمہ شاہرات نے شاہراہوں کی بحالی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
کورونا کیسز کی شرح میں نمایاں کمی، 08 افراد کے ٹیسٹ مثبت
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2 ہزار 358 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 358 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 08 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.34 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 12 مریضوں کی حالت نازک ہے۔
نگران حکومت کا آج خیبرپختونخوا بھر میں سوگ کا اعلان
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کی نگران حکومت کی جانب سے آج صوبے بھر میں سوگ کا اعلان کر دیا گیا۔
پیر کے روز پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے مبینہ خودکش دھماکے کے سوگ میں صوبے کی تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
واضح رہے کہ مسجد میں ہونے والے مبینہ خود کش دھماکے میں 60 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 157 ہو گئی ہے ، شہداء میں شامل پولیس افسروں اور جوانوں میں سے 27 کی نماز جنازہ گزشتہ شب ادا کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ دھماکا خودکش لگتا ہے، حملہ آور کا ہدف پولیس تھی جبکہ سی سی پی او پشاور نے بھی کہا کہ خودکش حملے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ دھماکا سکیورٹی لیپس کے باعث ہوا۔
پشاور دھماکے میں شہداء کی تعداد 83 ہوگئی، 57 زخمی
پشاور: (ویب ڈیسک) صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے مبینہ خود کش دھماکے میں شہداء کی تعداد 83 جبکہ زخمیوں کی تعداد 57 ہو گئی، مسجد کے ملبے تلے سے مزید 7 لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امن دشمنوں نے پشاور کے انتہائی حساس علاقے پولیس لائنز کی مسجد میں پیر کے روز عین اس وقت دھماکا کیا جب وہاں نماز ظہر ادا کی جا رہی تھی، خوفناک دھماکے سے مسجد کی چھت اور اندرونی ہال منہدم ہو گیا ، بیشتر نمازی ملبے تلے دب گئے، ملحقہ کینٹین کی عمارت بھی تباہ ہوئی جبکہ ہر طرف افراتفری پھیل گئی، دھماکا اس قدر خوفناک تھا کہ آواز دور دور تک سنی گئی۔
دھماکے کے فوری بعد پولیس، سکیورٹی ، ریسکیو اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور شہداء اور زخمیوں کو نکال کر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جبکہ پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
آئی ایم ایف وفد نویں جائزہ اجلاس کیلئے پاکستان پہنچ گیا
لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کا وفد نویں جائزہ اجلاس کیلئے پاکستان پہنچ گیا ہے ، اقتصادی جائزہ کیلئے آج سے مذاکرات شروع ہو نگے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن نویں اقتصادی جائزے پر مذاکرات کرے گا جو کہ دس دن تک جاری رہیں گے، پہلے مرحلے میں چار دن تک تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے، مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں ایک ارب ڈالر کی قسط ملے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف وفد فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا ) ، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا ) اور وزارت خزانہ کے حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔
وفد توانائی شعبے میں گردشی قرضے کی صورتحال، معاشی پالیسیوں میں استحکام کیلئے روڈ میپ اور مالی پوزیشن کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لے گا۔