اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کو مؤثر طریقے سے بروقت مکمل کرنے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ کی شرائط پوری کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فنانس ڈویژن میں آئی ایم ایف مشن کے چیف نیتھن پورٹر کی سربراہی میں آئی ایم ایف کے جائزہ مشن سے ملاقات کی جس میں وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں اور گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس موقع پر آئی ایم ایف کی ریذیڈنٹ نمائندہ ایستھر پیریز روئیز، وزیر مملکت برائے خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ایس اے پی ایم برائے خزانہ طارق باجوہ، ایس اے پی ایم آن ریونیو طارق محمود پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، آئی ایم ایف وفد کے ارکان اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 9 ویں جائزے کو پورا کرنے کے لیے اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ تفصیلی جائزہ لیا گیا، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کیا اور آئی ایم ایف کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اظہار کیا۔
انہوں نے مشن کو مالیاتی اور اقتصادی اصلاحات اور مختلف شعبوں میں حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات بشمول مالیاتی فرق کو کم کرنے، شرح مبادلہ میں استحکام اور معیشت کی بہتری کے لیے توانائی کے شعبے میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا، وزیر خزانہ نے بات چیت جاری رکھنے پر آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا ہے، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت موجودہ پروگرام کو بھی مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اسحق ڈار نے مشن کے لیے اپنی تمام تر حمایت کو مزید بڑھایا اور توسیعی فنڈ سہولت (آئی ایف ایف) کے تحت 9 ویں جائزہ کو مکمل کرنے کے لیے ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔
آئی ایم ایف کے مشن چیف مسٹر ناتھن پورٹر نے اس موقع پر اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت 9 ویں جائزے کی تکمیل کے لیے آئی ایم ایف کی ضروریات پوری کرے گی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات پر اپنی پیش رفت کو جاری رکھنے کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام کو مؤثر طریقے سے بروقت مکمل کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور پاکستان مالیاتی اصلاحات پر مل کر کام کریں گے۔
Monthly Archives: January 2023
ممنوعہ فنڈنگ کیس: عمران کی عبوری ضمانت میں توسیع، آئندہ پیشی پر حاضری لازمی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی۔
بینکنگ کوٹ میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کے کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت میں وکیل نے پیش ہوکر استثنیٰ کی درخواست دائر کی، وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل کو ایک سے زیادہ گولیاں لگی ہیں جس کے باعث نقل و حرکت نہیں کر پا رہے، ایف آئی اے خود زمان پارک نہیں آنا چاہتی تو سوالنامہ دے دیا جائے۔
اس موقع پر سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ کئی ویڈیوز دکھا سکتے ہیں جن میں عمران خان چل پھر رہے ہیں، غریب آدمی پیش نہ ہو تو ضمانت منسوخ ہوجاتی ہے، عمران خان آج وارننگ کے باوجود پیش نہیں ہوئے، عدالت ملزم کا کنڈکٹ دیکھ لے، قانون اندھا ہوتا ہے مگر اتنا بھی نہیں۔
جج رخشندہ شاہین نے عمران خان کے وکیل سے کہا کہ بس بہت ہوگیا، اب میرے پاس کوئی آپشن نہیں، میرٹ پر آپ کا کیس جو بھی ہو ذاتی حاضری ضروری ہے۔
عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کرتے ہوئے یہ بھی واضح کیا کہ اگلی تاریخ پر نئی درخواست لانے کی بھی کوشش کی تو ضمانت خارج ہوگی، عمران خان بے شک میرے سامنے آکر کھڑے نہ ہوں، فقط گراؤنڈ فلور پر حاضری لگوا دیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع کردی تھی۔
یو این ای پی سیلاب کے بعد بحالی کی کوششوں میں ساتھ دے: وزیراعظم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ملاقات، ماحولیاتی مسائل موثر طریقے سے حل کرنے پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، وزیراعظم نے یو این ای پی کے جاری کاموں کو سراہا اور ماحولیاتی نظام کے مسائل موثر طریقے سے حل کرنے کیلئے کوششوں کو بڑھانے پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وزیراعظم کو یو این ای پی کی جانب سے پاکستان میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی آج کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں سے ایک ملک ہے، پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے ہیں، یو این ای پی تباہ کن سیلابوں کے بعد پاکستان کی بحالی کی کوششوں میں اس کا ساتھ دے۔
چودھری شجاعت سے پارٹی چھیننے کے فسطائی ذہن کو شکست ہوئی، مریم اورنگزیب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چودھری شجاعت سے ق لیگ چھیننے کے فسطائی ذہن کو شکست ہوئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں حکومتی ترجمان مریم اورنگزیب نے چودھری شجاعت کی پارٹی صدارت سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ ان کے حق میں آنے پر مبارکباد دی۔
مریم اورنگزیب کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا آرڈر پیغام ہے کہ ڈسکہ کی دھند میں نہیں فیصلے آئین اور قانون کی روشنی میں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلاؤ، گھیراؤ، مار دو، اٹھا لو، پھینک دو کی فسطائیت ملک پر مسلط نہیں، اب ہر کام آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔
پاکستان میں مسجدپر حملہ انتہائی قابل نفرت اقدام ہے،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
لاہور: (ویب ڈیسک) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مسجدپر حملہ انتہائی قابل نفرت اقدام ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے پشاور میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے بریفنگ کے دوران مذمتی بیان پڑھ کر سنایا۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ مسجد پر اس طرح کا حملہ انتہائی قابل نفرت اقدام ہے۔مذہب، عقیدے کی آزادی اور پرامن عبادت گزاری بنیادی انسانی حق ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ دہشتگردی، پرتشدد واقعات اور انتہا پسندی سے نمٹنے میں پاکستانی حکومت، عوام کے ساتھ ہے۔
سیکرٹری جنرل نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہےاورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے سے شہادتوں کی تعداد 83 جبکہ زخمیوں کی تعداد 165 ہو گئی ہے۔
عمران خان کا پنجاب، خیبرپختونخوا میں انتخابی امیدواروں کے نام فائنل کرنے کا فیصلہ
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابی امیدواروں کو فائنل کرنے کا فیصلہ کر لیا، ٹکٹوں کی تقسیم پر تمام ڈویژن کے کوآرڈینیٹرز سے ملاقاتیں شروع کر دی گئیں۔
آج چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے نارتھ پنجاب کے کوآرڈینیٹرز ملاقات کریں گے، عمران خان نے ہر ڈویژن کے کوآرڈینیٹر سے امیدواروں کی ابتدائی فہرستیں لینا شروع کر دی ہیں، حلقے سے شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کا عمران خان خود انٹرویو کریں گے۔
گزشتہ روز ویسٹ پنجاب ریجن کے پارلیمانی بورڈ نے چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں فیصل آباد ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن کے صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی ابتدائی فہرستوں پر آگاہ کیا گیا۔
ڈویژنل کوآرڈینیٹرز کی جانب سے ہر نشست پر 5 پارٹی رہنماؤں کے نام تجویز کیے جا رہے ہیں، ابتدائی فہرستیں مرکزی پارلیمانی بورڈز میں منظوری کے لئے پیش کی جائیں گی، مرکزی پارلیمانی بورڈ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں ٹکٹوں کے لئے حتمی فیصلے کرے گا۔
ایلکس ہیلز کا بنگلادیش کیخلاف سیریز کے بجائے پی ایس ایل کھیلنے کا فیصلہ
لندن: (ویب ڈیسک) انگلش بلے باز ایلکس ہیلز نے بنگلادیش کیخلاف سیریز کے بجائے پاکستان پریمئر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کا فیصلہ کرلیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلش بیٹر ایلکس ہیلز بنگلا دیش کے خلاف سیریز نہیں کھیلیں گے بلکہ وہ پی ایس ایل میں شرکت کریں گے، ایلکس ہیلز پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد کی نمائندگی کریں گے۔
پی ایس ایل کا آٹھواں سیزن 13 فروری سے شروع ہو رہا ہے، انگلش بلے باز کو پی ایس ایل کھیلنے کے لئے مجموعی طور پر 1 لاکھ 80 ہزار ڈالر ملیں گے۔
دوسری جانب نان کنٹریکٹڈ پلیئر ہونے کے باعث ایلکس ہیلز کو بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں ون ڈے میچ کے 5 ہزار اور ٹی ٹونٹی کے اڑھائی ہزار پاؤنڈز ملنا تھے۔
انگلش پریمیئر لیگ کے آئندہ میچز 4 فروری سے شروع ہونگے
لندن : (ویب ڈیسک) انگلش پریمیئر لیگ ( ای پی ایل ) کے آئندہ میچز 4 فروری سے کھیلے جائیں گے جبکہ 4 فروری کو مزید 8 میچوں کا فیصلہ ہوگا۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق انگلش پریمیئر لیگ میں اب تک کھیلے گئے میچز کے بعد آرسنل کی ٹیم ٹیبل پر 50 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔
دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم 45 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور نیوکیسل یونائیٹڈ اور مانچسٹر یونائیٹڈ 39،39 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
ٹوٹنہام ہاٹ پور کی ٹیم پانچویں نمبر پر ہے اور اس کے ٹیبل پر 36 پوائنٹس ہیں۔
ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں نمائندگی کیلئے قومی ویمن کرکٹ ٹیم آج دبئی سے اڑان بھرے گی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم میلبرن سے دبئی روانہ ہوگئی ہے، قومی ٹیم دبئی سے ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کے لیے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن پہنچے گی۔
جنوبی افریقہ میں شیڈول ٹی ٹونٹی میگا ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا پہلا ٹاکرا 12 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ہوگا۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے قومی ٹیم نے آسٹریلیا میں 3 ایک روزہ میچز اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلی تھی۔
آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم کو ون ڈے میچز میں تین صفر اور بارش سے متاثرہ ٹی سیریز میں دو صفر سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
قومی کرکٹرز کی پشاور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹرز نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سابق کپتان شعیب ملک نے پشاور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس مشکل وقت میں ساتھ رہنا چاہیے۔
سابق کپتان محمد حفیظ نے پشاور مسجد میں ہونے والے دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لئے دعا اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ ہمیں امن کی ضرورت ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے پشاور دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہادر قوم ہیں، نہ ہی یہ سانحے ہمارے حوصلے توڑ سکتے ہیں اور نہ ہماری مساجد خالی کرسکتے ہیں، بس دل میں یہی سوال آتا ہے کہ اس کا شکوہ ہم کس سے کریں، اللہ پاک پاکستان کی حفاظت فرمائیں۔
پشاور دھماکے پر فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہم وطنوں کو درد میں دیکھ کر دل رو رہا ہے، دعا ہے کہ زخمی افراد جلد صحت یاب ہوجائیں، یہ سب بند ہونا چاہیے۔
آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میری دعائیں پشاور کے لوگوں کے ساتھ ہیں، یہ بالکل دل دہلانے والے واقعہ ہے، متاثرین کے درد کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔
فِچ نے پاکستان میں آنے والے معاشی چیلنجز سے خبردار کردیا
نیویارک: (ویب ڈیسک) روپے کی قدر میں گراوٹ پاکستان میں مہنگائی کا طوفان لائے گی، عالمی ریٹنگ کے ادارے فِچ نے پاکستان میں آنے والے معاشی چیلنجز سے خبردار کردیا۔
فِچ کی رپورٹ کے مطابق مہنگائی مرکزی بینک کو شرح سود بڑھانے کے لئے شہہ دے گی جس سے مرکزی بینک کو شرح سود بڑھانا پڑ سکتی ہے، رواں مالی سال مجموعی پیداوارمیں اعشاریہ 3 فیصد کمی کا خدشہ ہے۔
فِچ ریٹنگ ایجنسی کے مطابق روپے میں گراوٹ آئی ایم ایف کو منانے کے لئے معاون ہوگی، آئی ایم ایف کا قرض بین الاقوامی ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرے گا۔
لاہور: ڈیفنس میں 35 سالہ خاتون کی لاش برآمد
لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں ڈیفنس کے علاقے سے ایک 35 سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق لاش گھر کے باتھ روم سے ملی، گھر میں رکھے پالتو کتوں نے خاتون کی لاش کو کھانے کی کوشش کی، لاش 4 سے 5 روز پرانی ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مردہ حالت میں پائی گئی خاتون کی شناخت فریاد بی بی کے نام سے ہوئی ہے، لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچتے ہی ڈالر کی اڑان تھم گئی، انٹربینک میں کمی
کراچی: (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچتے ہی امریکی کرنسی کی لگاتار اڑان تھم گئی، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں کمی، سٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 2 روپے 63 پیسے کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 267 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رحجان دیکھنے میں آیا، سٹاک ایکسچینج میں 668 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 40 ہزار 540 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔