صدر مملکت نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل بغیر دستخط واپس بھجوا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) بل کو بغیر دستخط کے واپس کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 75 کی شق ون بی کے تحت ترمیمی بل بغیر دستخط واپس کیا، بل کے ذریعہ اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد 125 کی گئی تھی۔
ایوان صدر کا کہنا ہے کہ بل سے بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر ہوگی، وفاقی حکومت کے عجلت میں اٹھائے گئے اقدامات سے انتخابی عمل میں دو بار تاخیر ہوئی، انتخابی عمل میں دو بار تاخیر جمہوریت کیلئے مثبت نہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے مندرجہ ذیل غلط اقدامات کی وجہ سے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) میں انتخابات نہیں ہو سکے۔
ایوان صدر کے مطابق 50 یونین کونسلوں کی حد بندی مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) نے 31 جولائی 2022 کو ICT میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا فیصلہ کیا، پولنگ کی تاریخ کے اعلان کے باوجود وفاقی حکومت نے یونین کونسلوں کی تعداد 50 سے بڑھا کر 101 کر دی جس کے نتیجے میں انتخابات التوا کا شکار ہوئے۔
101 یونین کونسلوں کی حد بندی کے بعد ای سی پی نے 31 دسمبر 2022 کو آئی سی ٹی میں انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا، موجودہ بل کا سیکشن 2 آئی سی ٹی میں 125 یونین کونسلوں کا ذکر کرتا ہے، اس لئے 31 دسمبر 2022 کو ہونے والے انتخابات دوبارہ ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ موجودہ بل کے سیکشن 3 کے مطابق انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کا طریقہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔

پاک بھارت جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاک بھارت معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کر دیا گیا۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان اور بھارت نے اپنی اپنی سالانہ جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستانی جوہری تنصیبات کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کےحوالے کی گئی جب کہ بھارتی وزارت خارجہ نے نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی فہرست حوالے کی۔
دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ جوہری تنصیبات پر حملوں کی ممانعت کے معاہدے 1988 کو دستخط کئے گئے جس کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے کو جوہری تنصیبات سے آگاہ کریں گے۔
معاہدے کے تحت ہرسال یکم جنوری کو فہرست کا تبادلہ ہوتا ہےاور یہ سلسلہ یکم جنوری 1992 سے جاری ہے۔
قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ
دوسری جانب پاک بھارت معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے قیدیوں کی فہرست کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قیدیوں کی فہرستوں کا بیک وقت تبادلہ 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہوا، معاہدے کے تحت دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں، بھارتی ہائی کمیشن کو پاکستان میں زیر حراست 705 ہندوستانی قیدیوں کی فہرست حوالے کی گئی، بھارتی قیدیوں میں 51 شہری اور 654 ماہی گیر شامل ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان نے نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کو ہندوستان میں 434 پاکستانی قیدیوں کی فہرست بھی حوالے کی، بھارت میں قید 339 پاکستانی شہری اور 95 ماہی گیر شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو اپنے 51 سویلین قیدیوں اور 94 ماہی گیروں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کی درخواست کی ہے، بھارت میں بیشتر پاکستانی قیدی اپنی متعلقہ سزا مکمل کر چکے ہیں۔

رائیونڈ : ٹریکٹر ٹرالی اور کار میں تصادم ، 2 افراد جاں بحق

رائیونڈ: (ویب ڈیسک) کوٹ رادھا کشن روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی اور کار میں تصادم کا خوفناک واقعہ پیش آیا ہے ۔
تفصیلات کےمطابق کوٹ رادھا کشن روڈ پرٹریکٹر ٹرالی اور کار آپس میں ٹکرا گئیں ، حادثے میں کار میں سوار خاتون سمیت ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ، ریسکیو کی جانب سے لاشوں اور زخمی کو رائیونڈ ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس کی جانب سے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے ۔

لاہور: 2022ء میں موٹرسائیکل سوار خلاف ورزیوں میں پہلے نمبر پر رہے

لاہور: (ویب ڈیسک) سال 2022ء میں بھی موٹرسائیکل سوار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں پہلے نمبر پر رہے ۔
گزشتہ سال مجموعی طور پر 22 لاکھ 91 ہزار 565 موٹر سائیکل سواروں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی، 3 لاکھ 72 ہزار 148 کار، جیپ ڈرائیورز نے بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کیں جبکہ 3 لاکھ 43 ہزار سے زائد چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے بھی ٹریفک قوانین کا احترام نہیں کیا۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 1 لاکھ 55 ہزار پبلک سروس و کمرشل گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، 2 لاکھ 4 ہزار سے زائد ٹرک، پک اپ اور لوڈر گاڑیوں کو خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا، 5 ہزار سے زائد لینڈ کروزر کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، منی مزدا کو 02 لاکھ 53 ہزار چالان جبکہ ٹرک، ٹرالرز کو 40 ہزار چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد ملہی کا مزید کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر اپنائے بغیر سفر کرنے پر 17 ہزار ٹریکٹر ٹرالی کو چالان کیے گئے، 1 کروڑ سے زائد شہریوں کو وارننگ دیتے ہوئے ایجوکیٹ کیا گیا جبکہ معمولی خلاف ورزیوں پر ایجوکیٹ کرتے ہوئے وارننگز کا سلسلہ جاری ہے۔

امید ہے 2023 چوروں اور لٹیروں سے نجات کا سال ہوگا: اسلم اقبال

لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر صوبائی وزیر اور رہنما تحریک انصاف میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ اہل وطن کو نئے سال کی مبارک باد دیتا ہوں، اللہ تعالیٰ نئے سال کے دوران قوم کو امن، خوشحالی اور کامیابیاں عطا فرمائے۔
رہنما تحریک انصاف میاں اسلم اقبال کا نئے سال کی آمد پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ امید ہے نیا سال اہل وطن کیلئے خوشیاں لائے گا، نیا سَال چوروں اور لٹیروں سے نجات کا سال ہوگا، پاکستان تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے اقتدار میں آئے گی۔
سینئر وزیر نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک معاشی بحران سے نکلے گا، پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا دعا ھے کہ نیاسال طویل عرصے سے بھارتی مظالم سہنے والے کشمیریوں کے لئے آزادی کا سال ثابت ہو۔

رانا ثناء اللہ کو سکیورٹی مسائل کا بنیادی علم بھی نہیں: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ‏رانا ثناء اللہ کو پاکستان کے انتہائی پیچیدہ سکیورٹی مسائل کا بنیادی علم بھی نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری نے کہا کہ افغان طالبان سے تعاون کے بغیر ایسے آپریشن کے سنگین نتائج ہوں گے، مسائل صرف بندوق سے حل نہیں ہوتے آپ کو تفصیلی حکمت عملی چاہیئے، طاقت کا استعمال اس حکمت عملی کا ایک حصہ ہو سکتا ہے ،مکمل حل نہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پچھلے سال شہباز شریف نے وعدہ کیا کہ میں کپڑے بیچ کر آٹا سستا کروں گا ہم لوگ سمجھے اپنے کپڑے بیچنے کی بات کر رہے ہیں اب آکر پتا چلا وہ عوام کے کپڑے کہ رہے تھے۔
رہنما تحریک انصاف نے مزید کہ اگر یہ آٹھ ماہ اور رہ گئے تو عوام کے تن پر بنیان بھی نہیں رہنے دیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا ملیر ایکسپریس وے کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، کرکٹ بھی کھیلی

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے معائنے کیلئے ملیر ایکسپریس وے کا دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملیر ایکسپریس وے پر کام کا جائزہ لیا اور اس دوران انہوں نے ملیر ایکسپریس وے محمود آباد میں کرکٹ بھی کھیلی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو گیند کرائی، وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ لوگوں نے بھی کرکٹ کا مزہ لیا۔
اس موقع پر سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ قیوم آباد کے پی ٹی انٹرچینج سے لے کر ایم نائن کاٹھوڑ تک 50 کلومیٹر کی سڑک ہے، ملیرایکسپریس وےکی تعمیر سے شہر سے ٹریفک کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گا۔

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

پشاور : (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔
خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں سوات ، مینگورہ ، چارسدہ اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
زلزلے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹراسکیل پر 5.2 جبکہ گہرائی 179 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے ، زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن تھا۔
زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔

نیا سال ملکی ترقی، استحکام اور امن والا ثابت ہوگا: بلیغ الرحمٰن

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے سال نو کی آمد کے موقع پر کہا کہ انشا اللہ یہ سال ملک کی ترقی، استحکام اور امن کا سال ثابت ہوگا، دعا ہے کہ نیا سال سب کے لئے خیر و برکت کا سال ہو۔
اپنے پیغام میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ نئے سال کے آغاز پر افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز کے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ نئے سال میں ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو۔
بلیغ الرحمن نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر ہمیں کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا ہے، انشا اللہ کشمیریوں اور فلسطینی بہن بھائیوں کو بھی آزادی کا سورج دیکھنا ضرور نصیب ہوگا، ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ نئے سال میں ملک کی ترقی اور استحکام میں کردار ادا کریں۔

2023 میں بھی عوام کی فلاح وبہبود کا مشن جاری رکھیں گے: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ 2023 پاکستانی قوم کے لئے عزم نو کی نوید ہے، نئے سال میں پرانی عداوتیں بھول کرمحبتیں بانٹیں۔
نئے سال کے موقع پر اپنے پیغام میں چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال وطن عزیز میں معاشی، سیاسی استحکام اور خوشحالی لائے، نئے سال میں جوش و جذبہ کے ساتھ وطن عزیز کی ترقی کے لئے کام کرنے کا عہد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2023 میں بھی عوام کی فلاح وبہبود کا مشن جاری رکھیں گے، دین کی خدمت کا جو بیڑا اٹھایا ہے اسے مزید آگے بڑھائیں گے،انشاء اللہ نیا سال روشن مستقبل، مضبوط معیشت، ترقی کی نوید اور امید بن کر طلوع ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے مزید کہا کہ 2023 ماضی سے سبق سیکھ کر مستقبل میں اصلاح کے عزم کیساتھ آگے بڑھنا ہے۔

بلوچستان حکومت کے گندم کے ذخائر ختم، 20 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے تک مہنگا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا دو سے تین سو روپے کلو مہنگا فروخت ہونے لگا، سستا آٹا فراہم کرنے کا سرکاری منصوبہ ضرورت پوری کرنے میں ناکام ہوگیا، بلوچستان حکومت کے پاس گندم کا سٹاک ختم ہوگیا، آٹا مارکیٹ سے غائب ہونے کے خدشات نے سر اٹھا لیا۔
بلوچستان حکومت کے گندم کے ذخائر ختم ہوگئے، مارکیٹ میں بیس کلو کا تھیلا 300 روپے تک مہنگا کر دیا گیا، چند دن پہلے تک بیس کلو کا تھیلا 2300 روپے میں دستیاب تھا اب کوئی 2500 روپے میں فروخت کر رہا ہے تو کہیں ریٹ 2600 روپے ہے۔
یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا دستیاب ہی نہیں، صوبائی حکومت کی سستا آٹا فراہم کرنے کا منصوبہ بھی ضرورت پورے کرنے میں ناکام ہے، صوبائی حکومت 20 کلو کا تھیلا 1470 روپے میں فراہم کرنے کا اعلان کر چکی ہے لیکن حکومت کے پاس آٹا وافر نہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کسی علاقے میں کچھ تھیلے بھجوائے جاتے ہیں تو لمبی قطاروں میں کھڑے رہنے کے بعد واپس مایوس جانا پڑتا ہے۔
کوئٹہ کی اٹھارہ فلور ملز کو یومیہ 25 ہزار بوری گندم کی ضرورت ہے، ملز کے پاس گندم اور آٹے کا سٹاک ختم ہونے کو ہے۔
ملز مالکان نے بحران کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پاسکو سے صرف اڑھائی لاکھ بوری گندم خریدی جو کم پڑ گئی۔
فلور ملز مالکان کہتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر 9 سے 10 لاکھ بوری گندم کا بندوبست کرے ورنہ آٹا مارکیٹ سے ختم ہو جائے گا۔

سعودی عرب میں آج سے ڈاکار ریلی 2023ء کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی ڈاکار ریلی 2023ء کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز آج سعودی عرب کے شہر ینبع سے ہورہا ہے ۔
سعودی ڈاکار ریلی مسلسل چوتھی مرتبہ سعودی عرب میں ہورہی ہے ، اس بار گزشتہ تین برسوں کے مقابلے میں 70 فیصد نئے روٹ مقرر کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر سعودی وزیر کھیل، سعودی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل مقابلوں میں حصہ لینے والے ایلیٹ ڈرائیوروں، سواروں اور نیویگیٹرز کو خوش آمدید کہیں گے۔
سعودی میڈیا کے مطابق ڈاکار ریلی 15 جنوری تک جاری رہے گی ، اس کے بعد ریلی مملکت کے مغربی علاقے سے مشرقی علاقے کا رخ کرے گی۔
سعودی میڈیا نے بتایا ہے کہ اس ریلی میں 455 گاڑیاں ریس کی مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیں گی جبکہ ریس میں 68 ممالک کے ڈرائیور 8500 کلومیٹر کے ٹریکس پر گاڑیاں دوڑائیں گے۔
سعودی ڈاکار ریلی کا ٹریک تعارفی مرحلے کے علاوہ 14 مراحل پر مشتمل ہے۔
رواں برس کے ایڈیشن میں نئے ٹریکس متعارف کروائے گئے ہیں جو شرکاء کو بحیرہ احمر کے ساحلوں پر واقع ینبع سے مملکت کے صحرا کی ریت سے ہوتے ہوئے دمام کے ساحل پر دمام تک لے جائیں گے۔

یوکرین نئے سال کے موقع پر روسی حملوں کو معاف نہیں کرے گا : زیلنسکی

کیف : (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کا ملک نئے سال کے موقع پر روسی حملوں کو کبھی معاف نہیں کرے گا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق نئے سال کی آمد کے موقع پر روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت دیگر شہروں پر بمباری کی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق روس نے حملے کے بعد یوکرین پر اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ کیا ہے ، میزائل اور ڈرون حملوں سے یوکرین میں متعدد رہائشی اور دیگر شہری اہداف کو نشانہ بنایا گیا ، جس میں ایک شخص ہلاک اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ویڈیو بیان میں یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا کہ روس نے ایسٹر اور کرسمس کے بعد نئے سال کی آمد پر بھی شہریوں پر بمباری کی، روس شیطان کے ساتھ ہے۔
زیلنسکی کا کہنا تھا کہ پیوٹن روس کا مستقبل تباہ کررہا ہے، ان کو دہشت گردی کے لیے کوئی بھی معاف نہیں کرے گا۔
دوسری جانب روس نے یوکرین کے 140 جنگی قیدیوں کو رہا کیا ہے ، جس کے بدلے میں یوکرین نے روس کے 82 گرفتار فوجیوں کو روسی حکام کے حوالے کیا ہے۔
ماسکو اور کیف کے درمیان سفارتی تعلقات خراب ہونے کے باوجود دونوں فریقوں نے حالیہ مہینوں میں قیدیوں کے تبادلے کے کئی دوروں میں سینکڑوں گرفتار فوجیوں کا تبادلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل روس نے کرسمس کے موقع پر یوکرین میں جنگ بندی کا مطالبہ بھی مسترد کر دیا تھا ۔
یاد رہے کہ 24 فروری 2022 کو روسی صدر پیوٹن نے یوکرین پر حملے کا حکم دیا تھا۔