اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگیا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ 62 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد مہنگائی کی شرح 28.67 فیصد تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پیاز، آلو انڈے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
Yearly Archives: 2022
نوازشریف کو ڈر ہے مجھے دوبارہ اقتدار ملا تو احتساب پھر شروع ہو جائے گا: عمران خان
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کا بھی اعلان ہو جائے حقیقی آزادی کی تحریک چلتی رہے گی، میرے خلاف کوئی کرپشن کیسزنہیں مجھے کوئی خطرہ نہیں، نوازشریف ڈرا ہوا ہے اگرعمران دوبارہ آ گیا تو احتساب پھر شروع ہو جائے گا،
پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی لانگ مارچ کے چکوال، گوجر خان، خیبر، بونیر میں شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب حقیقی طور پر آزاد ہونے کا وقت آ گیا ہے، کسی سپرپاورنہیں ملک کے منتخب نمائندوں کو فیصلے کرنے چاہئیں، اگر بھارت روس سے سستا تیل خرید سکتا ہے تو ہمیں بھی خریدنا چاہیے، اس لیے تیل نہیں لیتے کہیں کوئی سپر پاورناراض نہ ہو جائے یہ غلامی ہے، آزاد قومیں اپنے مفاد کودیکھ کرفیصلہ کرتی ہے، آج میں ایک باشعورقوم دیکھ رہا ہوں، جہاں انصاف ہو وہاں کوئی طاقتور ظلم نہیں کر سکتا، قوم سمجھ گئی ہے حقیقی آزادی کیا ہے، انصاف ہوگا تو کہیں رشوت نہیں مانگی جائے گی، انصاف ہوتا ہے تو خوشحالی آتی ہے، حقیقی آزادی کا مقصد لوگوں کوانصاف دے کرآزاد کرنا ہے۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ جب تب تک سب کے لیے قانون یکساں نہیں ہو گا ملک آزاد نہیں ہو سکتا، سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں اپنی ایف آئی آرنہیں کٹوا سکتا، اپنی حکومت ہونے کے باوجود طاقتور لوگوں کے خلاف ایف آئی آردرج نہیں کراسکا، اگر میرے ساتھ ایسا سلوک تو عام آدمی کے ساتھ کیا ہوتا ہو گا، ملک میں جب بھی ایم این ایزآتا ہے توپہلےاپنا تھانے داررکھواتا ہے۔ اوورسیزپاکستانیوں کو کرکٹ کے زمانے سے جانتا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے انصاف کے نظام پر اعتماد نہیں، الیکشن کا بھی اعلان ہو جائے حقیقی آزادی کی تحریک چلتی رہے گی، جب تک ملک میں یکساں قانون نہیں ہوگا ملک آزاد اورخوشحال نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج بابرستارنے کہا کسی ایک ٹویٹ پرآپ کسی کوغدار نہیں بنا سکتے۔ اعظم سواتی کو بچوں کے سامنے مارا گیا، اعظم سواتی پر ننگا کر کے تشدد کیا، ظلم کے سامنے کھڑا ہونا جہاد ہے، رائے حق پر کھڑا ہونے پر جان دینے والے شہید کہلاتے ہیں، ارشد شریف دھمکیوں کے باوجود رائے حق پرکھڑا رہا، ارشد شریف نے جان کی قربانی دی، قوم پرلازم ہے اب انصاف کی ڈیمانڈ کریں، ارشد شریف، اعظم سواتی اور مجھے اگر انصاف نہیں ملے گا تو باقی کس کوملے گا، میں اس حقیقی آزادی کو جہاد سمجھتا ہوں، سب لوگ حقیقی آزادی کی مارچ میں شرکت کریں، ملک کا پیسہ لوٹنے والے لندن کے محلات میں رہتے ہیں، جیلوں کے اندرغریب چھوٹے چوروں کو ڈالا ہوا ہے، پیسہ لوٹنے والے ملک کے فیصلے لندن میں کررہے ہیں، اربوں روپے کا ڈاکہ مارنے والوں نے پہلے مشرف اور اب اس دور میں این آر او لے رہے ہیں، سب کو پتا ہے ملک کو بچانے کا ایک ہی راستہ شفاف الیکشن کا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ملک کی فکر نہیں، ہمیشہ مشکل آتی ہے تو سابق وزیراعظم باہر بھاگ جاتا ہے، اس کوپتا ہے الیکشن کرائے گا تو ہارجائے گا، لیگی قائد اپنی ذات کے لیے ملک کو داؤ پر لگا رہا ہے، لندن میں چارفلیٹ بنائے منی ٹریل نہیں دے سکا، کیا ایسے شخص کو حق ملنا چاہیے کس کو آرمی چیف بننا چاہیے، جنرل آصف نواز کو نوازشریف نے بی ایم ڈبلیو کی رشوت دی جس کو انہوں نے مسترد کر دیا تھا، میرے خلاف کوئی کرپشن کیسزنہیں مجھے کوئی خطرہ نہیں، نوازشریف کے اربوں روپے بیرون ملک اسی لیے ڈرا ہوا ہے، نوازشریف ڈرا ہوا ہے اگرعمران دوبارہ آ گیا تو احتساب پھر شروع ہو جائے گا، نواز شریف جس کو آرمی چیف بناتا ہے پھر اسی سے اس کی لڑائی ہو جاتی ہے، یہ آرمی چیف سے توقع کرے گا کہ پہلے عمران کو فارغ کرو، پھرنوازشریف آرمی چیف سے کہے گا میرے کرپشن کیسزختم کرو، جب تک اسے الیکشن میں جیت کا یقین نہیں ہوگا الیکشن نہیں کرائے گا۔ آج ہمارے دور سے بھی مہنگائی دُگنا ہو چکی ہے، لندن میں بیٹھا شخص الیکشن نہیں کرائے گا اسے اپنی ذات کی فکرہے، نوازشریف کا کوئی اسٹیک پاکستان میں نہیں، کل کے دن بتاؤں گا کس دن پنڈی پہنچنا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وجہ سے 6 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جب سے یہ حکومت آئی دہشت گردی بڑھ گئی ہے، ہمارے دورمیں تو افغان حکومت پاکستان کے خلاف تھی آج تو طالبان کی حکومت ہے، طالبان کی حکومت میں تو اب دہشت گردی نہیں ہونی چاہیے، سوات میں عوام دہشت گردی بڑھنے پر سڑکوں پر نکلی، اس حکومت کے پاس معاملات پر سوچنے کا وقت نہیں، اس حکومت کا صرف مقصد اپنے کرپشن کیسز اور تحریک انصاف کو ختم کرنا ہے، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی بڑھنا لمحہ فکریہ ہے، اس حکومت کو جانا چاہیے اور الیکشن کا اعلان ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کا بُرا حال ہے مجھے تو خوف آ رہا ہے، ہمارے دور میں کسانوں نے 2600 ارب اضافی کمایا، ہمارے دورمیں ریکارڈ ٹریکٹر، موٹر سائیکل فروخت ہوئے، تحریک انصاف حکومت نے کسانوں کی مدد کے لیے پورا پلان بنایا تھا، ہمارے دور میں کسانوں کو پہلی دفعہ گنے کی پوری قیمت ملی، ہمارے دورمیں ساڑھے 8 روپے آج 24 روپے فی یونٹ کسانوں کو بجلی مل رہی ہے، کسانوں کے استعمال میں آنے والی24مشینری پرانہیں سبسڈی دی۔ آج کسانوں کو کھاد، بیجوں پر کوئی سبسڈی نہیں مل رہی، ہماری حکومت کسانوں کو سود کے بغیر قرض دے رہی تھی، شہبازشریف کا 1800 ارب کا کسان پیکیج صرف اشتہارات تک محدود ہے، شوگر ملز مالکان نے کہا ہے جنوری میں جا کر کرشنگ کریں گے، یہ کسانوں کا معاشی قتل ہونے جا رہا ہے، اس فیصلے سے کسانوں کا مزید نقصان ہو گا، پنجاب، وفاقی حکومت فوری طورپرکرشنگ اورگنے کی سپورٹ پرائس کا اعلان کرے۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ کل ڈاکٹرز میرا معائنہ کریں گے پھر کل راولپنڈی کے حوالے سے اعلان کروں گا، ایسے حالات تو پرویزمشرف کے مارشل لاء میں بھی نہیں دیکھے تھے، نجی چینل کے مالک کی زندگی کو خطرہ ہے، مجھے خطرہ ہے اب نجی چینل کے مالک کو ماریں گے، ہم انسان ہیں بھیڑ، بکریاں نہیں قوم اب پیچھے نہیں ہٹے گی، فیصلہ کرنا ہےکیا تبدیلی پرامن یا پھرتباہی والی تبدیلی آئے گی جو سب کے ہاتھ سے نکل جاتی ہے تبدیلی کوروکا نہیں جاسکتا۔
امریکی سازش، عمران خان کے نئے یوٹرن کو خوش آمدید کہتے ہیں: بلاول
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق حکومت کیخلاف کوئی امریکی سازش نہیں ہوئی تھی، پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے نئے یوٹرن کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک میں آج کل سیاسی کلائمیٹ پیدا کیا گیا ہے، سابق وزیراعظم نے نیا یوٹرن لیا ہے جس کو خوش آمدید کہتے ہیں، بہت اچھی بات ہے، امریکی سازش کے معاملے پر وہ مکر چکے ہیں، نہ کل کوئی امریکی سازش تھی اور نہ آج ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا سوال متعلقہ وزارت سے پوچھیں، پوری دنیا جانتی ہے دہشت گردوں کوکون سپورٹ کرتا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خطے میں تبدیلی کی وجہ سے پچھلے ایک سال میں دہشت گردی واقعات میں اضافہ ہوا ہے، دہشت گردی کے واقعات سے انکار نہیں کیا جا سکتا، ہماری حکومت آنے سے پہلے اور اب بھی دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں، ہمیں پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے اور تاریخی تعلقات ہیں۔ ہم ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔امریکا مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق پاکستان کا دیرینہ شراکت دار ہے۔ پاکستان امریکا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکا روابط میں کمی کی وجہ سے دونوں ممالک میں مسائل نے جنم لیا۔
بلاول نے کہا کہ ہمارا فوکس پاکستان کے مفاد کو آگے رکھنا ہے۔ میری امریکی سیکرٹری خارجہ سے بھی اہم امور پر بات ہوئی ہے۔ پاکستان اور امریکا نے کئی مشترکہ اہداف حاصل کیے ہیں۔ جب وزیرخارجہ کا عہدہ سنبھالا تو پاکستان اور چین کے درمیان معاملات پر کام کیا۔ چینی ہم منصب سے بھی گفتگو ہوئی۔ دہشت گردی،معاشی ،سیاسی اور دیگر امور پر چینی قیادت سے بات چیت ہوئی۔چین نے مشکل مالی حالات میں ہماری مدد کی۔ دونوں ممالک کے مابین سی پیک منصوبے سمیت تمام معاملات پر مثبت بات ہوئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم بہت مشکل دور سے گزر کرآئے ہیں۔ خارجہ پالیسی سے متعلق ہمیں چیلنجز کا سامنا تھا، اس میں بہتری کے لیے کام کررہے ہیں۔پچھلے 5 سے 6 ماہ کی خارجہ پالیسیوں کے باعث ملک کو فائدہ ہوا ہے۔ ہماری تمام تر ترجیحات پاکستان کا مفاد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کریں گے کہ پاکستان بھی ایف اے ٹی ایف کے نظام کا حصہ بنے۔ پاکستان نے وقت سے پہلے ایف اے ٹی ایف کے ٹارگٹ حاصل کیے۔ ڈو مور، ڈومو ر ،دہشت گردی کےخلاف جنگ، یہ سلسلہ ختم ہوگیا ، اب نیامرحلہ ہے۔ پہلے بھی کہا تھا کہ ہم ایڈ نہیں ٹریڈ چاہتے ہیں ،اب بھی اسی مؤقف پر قائم ہیں۔ فوڈ سکیورٹی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر امریکی وفد سے ملاقات ہوئی۔ جوممالک پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالنا چاہتے تھے ، انہوں نے نکالنے کا مشورہ دیا۔
شمالی کوریا کا بین البراعظمی میزائل امریکا تک مار کرسکتا ہے، جاپان
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے وزیر دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے حال ہی میں لانچ کیے گئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی رینج امریکی سرزمین تک مار کرنے کے لیے کافی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے وزیر خارجہ شوئے سون ہوئی نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں امریکی مداخلت اور ان کے فوجیوں کی تعیناتی کے جواب میں کسی بھی طرح کا سخت ردعمل دیا جائے گا۔
شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کا یہ بیان اس وقے سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ان کے ملک نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ طویل فاصلے تک مار کرنے والا یہ میزائل جاپان کے نزدیک گرا تھا۔
جنوبی کوریا کی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ میزائل 6,100 کلومیٹر کی اونچائی پر پہنچا اور 1,000 کلومیٹر (621 میل) کا سفر طے کیا تھا تاہم جاپان کے وزیر دفاع نے بڑا انکشاف کیا ہے۔
جاپانی وزیر دفاع یاسوکازو ہماڈا نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ یہ بیلسٹک میزائل اپنے وار ہیڈ کے وزن کے لحاظ سے 15 ہزار کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا یعنی امریکا اس کی رینج میں ہے۔
جاپان کے وزیر دفاع کے بیان پر شمالی کوریا نے کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم امریکا اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کو کسی بھی قسم جارحیت سے باز رہنے کے لیے خبردار کیا ہے۔
خیال رہے کہ شمالی کوریا اس وقت طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کی ایک نئی قسم ہواسونگ-17 تیار کر رہا ہے۔ یہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سے بھی بڑا ہوگا جو متعدد وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جس کا دفاع کرنا کسی بھی ملک کے لیے مشکل ہوگا۔
قبل ازیں شمالی کوریا نے 2006 سے 2017 کے درمیان چھ جوہری تجربات کیے تھے اور اب ساتویں ٹیسٹ کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ایک کمپیکٹ نیوکلیئر ڈیوائس کا تجربہ کرنے کے موقع کو استعمال کر سکتا ہے۔
عراق میں تین منزلہ گھر دھماکے میں تباہ؛11 ہلاک اور13 زخمی
بغداد: (ویب ڈیسک) عراق میں ایک تین منزلہ گھر زور دار دھماکے میں مکمل طور پر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے کردستان ریجن کے دوسرے بڑے شہر سلیمانیہ میں ایک تین منزلہ عمارت دھماکے میں تباہ ہوگئی اور ملبے میں دو درجن سے زائد لوگ دب گئے۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس کے مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ عمارت کے منہدم ہونے سے فضا میں مٹی کے دھوئیں کے بادل بن گئے اور افراتفری مچ گئی۔
ریسکیو ادارے نے 15 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد 13 افراد کو شدید زخمی حالت میں ملبے سے نکالا جب کہ 11 لاشیں بھی نکالی گئی ہیں جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ اب بھی 4 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
ریسکیو ٹیم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ دھماکا گیس سلنڈر میں لیکیج کی وجہ سے ہوا۔ ریسکیو آپریشن ملبے میں دبے آخری فرد کے نکالے جانے تک جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ جنگ زدہ علاقے میں انفراسٹریکچر پہلے ہی تباہ ہوچکا ہے لیکن نئی تعمیرات بھی معیار میں کمی کے باعث کافی خستہ ہے اور ٹرانسپورٹیشن کا نظام بھی محفوظ نہیں۔ اس لیے ایسے حادثات عام ہیں۔
10 اکتوبر کو ایک شاہراہ پر سفر کے دوارن ہی آئل ٹینکر میں دھماکا ہوا تھا جس میں 9 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔ اسی طرح اپریل 2021 میں ایک اسپتال میں لگنے والی آگ نے 80 افراد کی جان لے لی تھی۔
شاہ رخ اور دیپیکا کی ’اوم شانتی اوم‘ ایک بار پھر نمائش کیلئے پیش
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی فلم’اوم شانتی اوم‘بھارت میں ایک بار پھر نمائش کیلئے پیش کی گئی ہے۔
فلم ’اوم شانتی اوم‘ کو دوبارہ ریلیز کرنے کا منصوبہ ابتدائی طور پر شاہ رخ خان کے سب سے بڑے فین کلب ’ایس آر کے یونیورس‘ نے بنایا تھا۔
یہ فلم بھارت کے 20 مختلف شہروں بشمول ممبئی، کولکتہ، دہلی، پٹنہ، بھوپال اور احمد آباد کے سینما گھروں میں ایک بار پھر نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے۔
شاہ رخ خان کی سدا بہار فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کی دوبارہ ریلیز کے بعد یہ منصوبہ اس وقت سامنے آیا جب فلم’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ نے دوبارہ ریلیز ہونے پر بھارتی باکس آفس پر 25 لاکھ روپے کما کر ایک نیا شاندار ریکارڈ قائم کیا۔
اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔
فرح خان کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی باکس آفس پر کامیابی کے بعد، شاہ رخ خان اور دیپیکاپڈوکون نے کئی دیگر کامیاب فلموں میں بھی ایک ساتھ کام کیا، جن میں’ہیپی نیو ایئر‘ اور ’چنئی ایکسپریس‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔
اب یہ فلمی جوڑی سدھارتھ آنند کی ہدایتکاری میں بننے والی نئی فلم ’پٹھان‘ میں ایک ساتھ نظر آئے گی۔
اجے دیوگن اور تبو کی فلم ’دریشم 2‘ ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر چھا گئی
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار اجے دیوگن تبو اوراکشے کھنہ کی فلم دریشم 2 نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی ایڈوانس بکنگ کے دوران ہی ریلیز کے دن کے 33 ہزار ٹکٹس فروخت ہوچکے تھے، فلمی ناقدین کی جانب سے بھی اسے فائیو اسٹار ریٹنگ دی گئی ہے اور ریلیز کے بعد مداحوں کی جانب سے بھی فلم کو خوب پسند کیا جارہا ہے جبکہ تبو اور اجے کا نام ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز میں بھی شامل ہے۔
دریشم میں اجے دیوگن، تبو، شریا سارن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا کہ جس میں اجے کو ان پڑھ دکھایا گیا ہے اور پولیس افسر یعنی تبوکا بیٹا، وجے سالگاؤنکر اجے دیوگن کی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بناتا ہے جس کا بدلہ لیتے ہوئے وہ ان کے بیٹے کو قتل کردیتے ہیں اور لاش کو ٹھکانے لگا دیتے ہیں۔
پولیس اجے اور ان کے اہلخانہ کو تفتیش کے لیے تھانے منتقل کرتی ہے لیکن ہر طرح کے تشدد کے باوجود سب ہی ایک بیان دیتے ہیں اور آخر میں یہ دکھایا گیا کہ اجے کو رہا کردیا جاتا ہے۔
سات سال بعد فلم کے دوسرے حصے میں بھی پولیس نے وجے سالگاؤنگر کی فیملی کا پیچھا نہیں چھوڑا ہے اور کیس ایک مرتبہ پھر کھول کر اس کی تفتیش پولیس افسر اکشے کھنہ کررہے ہیں جوکہ اس مرتبہ ملزم کو سزا ضرور دلوائیں گے۔
یاد رہے کہ دریشم 2 کو ابھیشک پاٹھک کی ہدایتکاری میں فلمایا گیا ہے جوکہ 18 نومبر سے بھارت سمیت کئی ممالک کے سنیما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔
ماہرہ خان نے بھارتی فلم فیسٹیول میں ’بہترین اداکارہ‘ کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا
دہلی: (ویب ڈیسک) ماہرہ خان نے مختصر فلم ’پرنس چارمنگ‘ کے لیے بھارتی فلم فیسٹیول میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت لیا۔
پاکستان کی سب سے بڑی سپر اسٹارماہرہ خان حال ہی میں نئی دہلی میں منعقد ہونے والے ’انڈس ویلی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ میں اپنی شارٹ فلم’پرنس چارمنگ‘ کیلئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔
اس مختصر فلم کو گزشتہ سال پاکستانی سپراسٹار شہریار منور نے بطور رائٹر اور پیش کیا تھا جس میں ماہرہ خان اور زاہد احمد پہلی بار ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے۔
پرنس چارمنگ کو بہت منفرد اور تخلیقی انداز میں پیش کیا گیا تھا جس کی کہانی شادی کے بعد کے ڈپریشن پر مبنی ہےجو کہ ہمارے جدید دور میں ایک بہت ہی حقیقی مسئلہ ہے۔
ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ ’یہ ایوارڈ ان تمام خواتین کو دیا جاتا ہے جو شادی کے بعد ڈپریشن کا شکار ہیں اور اسے خاموشی سے برداشت کر رہی ہیں‘۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ’ہمارا معاشرہ اس پر بات نہیں کرتا، ہم ایسے موضوعات کو ممنوع سمجھتے ہیں اور پھر بھی ہم یہاں ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ اس کردار نے سامعین کے دلوں کو چھو لیا، یہ ان کرداروں میں سے ایک ہے جو ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گا۔ میں اپنے پیارے دوست شہریار منور کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا‘۔
آرمی چیف تعیناتی کا معاملہ کسی صورت بھی سیاسی نہیں ہونا چاہئیے: آصف زرداری
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سپہ سالار کی تعیناتی کا معاملہ کسی صورت بھی سیاسی نہیں ہونا چاہئیے۔
اپنے ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ ہم پاک فوج میں پروموشن کے نظام پر مضبوط یقین رکھتے ہیں، تمام تھری اسٹار جنرلز برابر ہیں اور آرمی کی سربراہی کے مکمل اہل ہیں، سپہ سالار کی تعیناتی کا معاملہ کسی صورت بھی سیاسی نہیں ہونا چاہئیے۔ یہ اقدام ادارے کو نقصان پہنچائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی قانون کے مطابق وزیراعظم کریں گے۔
ٹی10 لیگ؛ 7 پاکستانی کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے
ابوظہبی: (ویب ڈیسک) ابوظبی ٹی10 کے چھٹے ایڈیشن میں 7 پاکستانی کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے، ٹورنامنٹ 23 نومبر سے 4 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی ٹی10 لیگ میں شرکت کریں گے، ان میں سر فہرست مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد، محمد عامر، عماد وسیم، وہاب ریاض، اعظم خان، محمد عرفان شامل ہیں۔
افتخار احمد اور محمد عامر کو بنگلہ ٹائیگرز نے اسکواڈ میں جگہ دی ہے، لیفٹ آرم اسپن آل راؤنڈر عماد وسیم دہلی بلز کے لیے جبکہ تجربہ کار فاسٹ بولر وہاب ریاض اور اعظم خان نیویارک اسٹرائیکرز کے لیے کھیلیں گے۔
دائیں ہاتھ کے دراز قد بالر محمد عرفان جبکہ عماد بٹ ٹیم ابوظبی کی جانب سے میدان میں اتریں گے
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا فائنل 4 دسمبر کو کھیلاجائے اور اختتامی تقریب میں شائقین کرکٹ کنسرٹ سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔
دنیا میں سب سے بڑے پاؤں کی مالک امریکی خاتون
ہیوسٹن، امریکہ: (ویب ڈیسک) قدرت کے کارخانے میں عجیب و غریب خواص والے لوگ ہیں جن میں ایک امریکی خاتون بھی شامل ہیں جن کے پیر دنیا میں سب سے بڑے ہیں اور ان کا نام حال ہی میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والی تانیہ ہربرٹ کا قد سات فٹ چار انچ ہے جو انہیں دنیا کی دوسری طویل قامت خاتون بناتا ہے تاہم ان کا پیردنیا کی تمام خاتون میں سب سے بڑا ہے۔ ان کا سیدھا پاؤں 13.03 انچ اور دوسرا 12.79 انچ لمبا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے ان کا نام سب سے بڑے پیر والی خاتون میں شامل کیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ انہیں مشکل سے 18 نمبر کے جوتے اور سینڈل آتے ہیں جو اکثر اوقات آرڈر پر بنوانے پڑتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کئی مرتبہ انہیں مردانہ جوتے بھی پہننے پڑے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ ان کے پیر کی چوڑائی بھی غیرمعمولی ہے جو مردانہ ڈیزائن میں مل جاتی ہے۔
گھروں کی تین قطاروں اور 30 لوگوں پر مشتمل دنیا کا سب سے چھوٹا شہر
کروشیا: (ویب ڈیسک) دنیا کا سب سے چھوٹا شہر کروشیا میں واقع ہے جہاں آبادی مشکل سے 27 سے 30 افراد پر مشتمل ہے۔ یہاں دو سڑکیں ہیں اور گھروں کی تین قطاریں موجود ہیں۔
کروشیا کے دارالحکومت زغرب سے ڈھائی گھنٹے کی مسافت پر یہ شہر واقع ہے جہاں 2011 کی مردم شماری کے تحت 20 سے 30 افراد رہتے ہیں لیکن قوی خیال ہے کہ کل 27 افراد یہاں کے مکین ہیں۔ یہ صرف تین صاف ستھری سڑکوں پر مشتمل ہے اور دو سڑکوں پر قرونِ وسطیٰ کی طرز پر قدیم مکانات بنے ہوئے ہیں۔
اس کی تاریخ اسرار کے پردوں میں پوشیدہ ہے کیونکہ اس کی مکمل معلومات دستیاب نہیں۔ اتنا ضرور معلوم ہے کہ 1102 کی ایک دستاویز میں اس کا ذکر ملتا ہے جسے شولم کا نام دیا گیا تھا۔ پھر 1552 میں یہاں ایک مینار بنایا گیا جہاں ایک بڑی گھنٹی لگائی گئی جس کا مقصد علاقے کی حفاظت کرنا اور خطرے کی صورت میں خبردار کرنا تھا۔
یہاں کی تین سڑکوں کی مجموعی لمبائی 100 میٹر اور چوڑائی 30 میٹر ہےتاہم کچھ لوگ اسے دنیا کا سب سے چھوٹا گاؤں بھی کہتے ہیں۔ لیکن حیرت انگیز طور پر یہاں سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے جو مقامی آبادی کی آمدنی میں اضافہ بھی کر رہا رہے تاہم یہ اچھا زرعی علاقہ بھی ہے۔ یہاں کا قدیم طرزِ تعمیر سیاحوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتا ہے۔
اس گاؤں کی اطراف میں ٹھوس پتھروں کی فصیل بنائی گئی ہے جو پہلے ڈاکوؤں اور حملہ آوروں کے خلاف بنائی گئی تھی۔ تاہم ایک طویل عرصے سے یہاں کوئی نئی تعمیر نہیں ہوئی ہے۔
کینیا میں شدید خشک سالی سے سیکڑوں قیمتی جانور ہلاک
کینیا: (ویب ڈیسک) کینیا کے طول وعرض میں تین سال سے بارش نہ ہونے سے شدید خشک سالی کا راج ہے اور اب تک سینکڑوں قیمتی جانور لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دوسری جانب کینیا کے لاکھوں لوگ شدید غذائی قلت کے شکار ہوچکے ہیں۔
ملک کے مقامی ماہرین نے عالمی سطح پر فوری مدد کا اعلان بھی کیا ہے کیونکہ خشک سالی سے اب تک 205 ہاتھی، 512 درندے، 381 زیبرا، 12 زرافے اور 51 جنگلی بھینسے ہلاک ہوچکے ہیں جن کی موت گزشتہ دس ماہ میں واقع ہوئی ہے۔
مشرقی افریقہ میں اس وقت گزشتہ 40 برس کا سب سے شدید قحط دیکھنے میں آیا ہے۔ اس سال فروری میں اس کی شدت بڑھی جس میں جانوروں کی اموات شروع ہوئی اور ہر گزرتے روزمرنے والے جانوروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
اگرچہ خطے میں ہلکی بارش ریکارڈ ہوئی ہوئی ہے تاہم محکمہ موسمیات سے اوسط سے بہت کم بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جنگلی حیات پر اب بھی موت کے سائے منڈلارہے ہیں۔ بارش نہ ہونے سے سبزہ ختم ہوچکا ہے اور پانی کے ذخائر خشک ہونے سے جانور بھوک اور پیاس سے مررہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کل 14 مختلف اقسام کے چوپائے اور جانور سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، یہاں تک کہ نیشنل پارک کا عملہ بھی اس کے ازالے میں ناکام رہا ہے۔ مرنے والوں میں گریوی زیبرا کی نایاب نسل بھی شامل ہے جو تین ماہ کی مدت میں 49 کی تعداد میں ہلاک ہوئے ہیں۔ نیشنل پارک میں بھی جگہ جگہ جانوروں کے ڈھانچے موجود ہیں۔
واضح رہے کہ اس ہولناک صورتحال کے باوجود کلائمٹ چینج پر منعقدہ عالمی کانفرنس میں اس مسئلے پر کوئی گفتگو نہیں ہوسکی ہے یہی وجہ ہے کینیا کے ماہرین نے عالمی اربابِ اختیار پر زور دیا ہے کہ وہ قیمتی جنگلی حیات بچانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔