انگلینڈ کیخلاف سیریز کا کوئی پریشر نہیں ، بہترین کھیل پیش کرینگے: بابراعظم

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف کل سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کیلئے ہماری تیاری بہت اچھی ہے ،سیریز میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔
پنڈی ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز ہمارے لئے بہت اہم ہے، پریشر والی کوئی بات نہیں ، اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بیٹنگ ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بہترین کمبی نیشن کے ساتھ جانے کی کوشش کرنی ہے اور اس حوالے سے ہماری مشاورت ابھی جاری ہے ۔
کپتان قومی ٹیم نے مزید کہا کہ کرکٹ فینزکو پیغام ہے کہ دونوں ٹیموں کو سپورٹ کریں ۔

فواد کی امریکی سفیر سے ملاقات پر فیصل واوڈا کا طنزیہ ردعمل

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات پر فیصل واوڈا کا طنزیہ رد عمل سامنے آیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں پی ٹی آئی کے منحرف رہنما فیصل واوڈا نے فواد چودھری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا یہ وہی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم ہے جس نے سازش سے پی ٹی آئی کی حکومت گرائی؟
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ کیا اب ڈونلڈ بلوم سازش کے ذریعے پی ٹی آئی کی حکومت واپس لانے والا ہے؟ کیا اب یہ ڈونلڈ بلوم ٹھیک ہوگیا ہے؟ حکومت گرانے کا بیانیہ پہلے ٹھیک تھا یا اب والا۔ ماجرا کیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز فواد چودھری نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی تھی۔ پی ٹی آئی نے سازش کے ذریعے اپنی حکومت ختم کرنے کا الزام ڈونلڈ بلوم پر عائد کیا تھا۔

انگلش کھلاڑی بیمار: پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ التواء کا شکار ہونے کا خدشہ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) انگلش کھلاڑیوں اور آفیشلز کی طبیعت ناسازی کے باعث پنڈی ٹیسٹ التواء کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم کے کم از کم 14 کھلاڑی اور آفیشلز کی طبیعت خراب ہے اور ان کو فوڈ پوائزن سمیت وائرل انفیکشن کی شکایت ہے جس وجہ سے انگلینڈ کے پاس 11 فٹ کھلاڑی دستیاب نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور انگلش بورڈ اس حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں جس کے بعد جمعرات کے روز پہلا ٹیسٹ شروع ہونے کے امکانات نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے اس حوالے سے آئی سی سی کو بھی آگاہ کرینگے لیکن یہ خالصتاً دونوں بورڈز کا معاملہ ہے، بات چیت کے بعد اس حوالے سے باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ٹیسٹ کی ٹکٹیں فروخت کرچکا ہے جس کے باعث بورڈ کو تمام معاملات طے کرنا ہیں۔
واضح رہے کہ دورہ پاکستان پر آنے والی انگلش ٹیم اپنا شیف بھی ساتھ لائی ہے لیکن ان کے شیف کی طبیعت بھی ناساز ہے، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل سے راولپنڈی میں شیڈول ہے۔

لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ، وزیراعلیٰ نے منظوری دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دے دی ہے، وزیر اعلیٰ نے لاہور فیڈرروٹ کے لئے مزید بسیں لانے کا پراجیکٹ تیار کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کو بحال اور فعال کرنے کا حکم دیا۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے 8 سٹیشنز کی کمرشلائزیشن کی جائے گی، پاکستان میٹروبس سسٹم راولپنڈی اسلام آباد کی بسوں کی مرمت اور نئی بسیں خریدنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بہاولپورسے لودھراں بس سروس آپریشن جاری رکھنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ سپیڈو بس کا روٹ لاہور سے شیخوپورہ اور مریدکے تک کرنے کی منظوری دی گئی۔

وفاق اور پی ڈی ایم نے صوبائی اسمبلیوں کو ممکنہ تحلیل سے بچانے کیلئے سرجوڑ لئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاق اور پی ڈی ایم جماعتوں نے صوبائی اسمبلیوں کو ممکنہ تحلیل سے بچانے کے لئے اہم اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔
حکومت پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے بیانات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے جب کہ اس سلسلے میں جاری سیاسی سرگرمیوں، اہم ملاقاتوں اور رابطوں میں پنجاب و خیبر پختونخوا اسمبلیوں میں وزرائے اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے ممکنہ آپشنز پر غور بھی کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب اور پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد دونوں صوبوں میں گورنر راج کے نفاذ کے ممکنہ آپشن کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، علاوہ ازیں یہ سوال بھی زیر غور ہے کہ اگر اسمبلی اجلاس جاری ہو تو پھر کیسے تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے، تحریک عدم اعتماد کے علاوہ اعتماد کا ووٹ لینے کے آپشنز پر بھی غور ہوگا۔
اتحادی جماعتوں کی جانب سے اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ پنجاب حکومت کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہو تو کیا اسمبلی تحلیل ہوسکتی ہے؟، دونوں صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے پیش نظر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی حکومت نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو ٹاسک دے دیا ہے۔

سود کے خاتمے کیلئے سب کو متفقہ طور پر آواز اٹھانا ہوگی: مفتی تقی عثمانی

کراچی: (ویب ڈیسک) معروف عالم دین اور شیخ الحدیث مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ ملک سے سود کی لعنت کے خاتمے کیلئے ہم سب کو متفقہ طور پر آواز بلند کرنا ہوگی۔
حرمت سود کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الحدیث مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ مسلمانوں کے مختلف مکتبہ فکر میں سود سے متعلق کوئی اختلاف نہیں ہے، بلاسود بینکاری کو عملی طور پر لاگو کیا جائے، اس سیمینار کا مقصد حکومت، متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرنا ہے کہ سود کے خاتمے کے لئے عملی کوشش کرنی چاہیے۔
مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماء سیمینار میں شریک ہیں، شریعت کا نفاذ اہم ترین معاملہ ہے لیکن اس کے لئے مسلح جدوجہد کی ضرورت نہیں ہے، نظریاتی اختلافات کا دائرہ علمی حلقوں تک محدود رہنا چاہیے، ایسا فورم وجود میں آنا چاہیے جس میں سلگتے ہوئے مسائل پر متفقہ مؤقف پیش کرنا چاہیے۔
قبل ازیں قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی سلیمان چاؤلہ کا اپنے خطاب میں کہا کہ تاجر برادری سود کو حرام سمجھتی ہے لیکن پاکستان 40 فیصد رقم سود دیتا ہے، بینکس میں اسلامی بینکاری سہولت کو مکمل طور پر لاگو کیا جائے۔

ن لیگ کے ہر وار کیلئے تیار ہیں، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پنجاب میں ن لیگ کے ہر وار کے لیے تیار ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اعتماد کا ووٹ اور عدم اعتماد کی صورت میں فوری ووٹنگ کروا کر یہ تحریکیں ناکام بنائی جائیں گی اور ہم پنجاب میں ن لیگ کے ہر وار کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے 20 سے 25 اراکین ٹکٹ کے لیے ہم سے رجوع کر رہے ہیں اور 20 مارچ سے قبل پنجاب میں نئے انتخابات ہو جائیں گے۔
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے نئی لیڈر شپ موجودہ صورتحال میں قوم اور ریاست کے درمیان اعتماد کی بحالی میں کردار ادا کرے گی، جو پچھلے 8 ماہ سے قوم اور ریاست کے درمیان پیدا ہوا ہے۔

ریاست کی طاقت عوام ہی کی وجہ سے ہے، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست کی طاقت عوام ہی کی وجہ سے ہے۔
عمران خان نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ امید ہے نئی لیڈر شپ موجودہ صورتحال میں قوم اور ریاست کے درمیان اعتماد کی بحالی میں کردار ادا کرے گی، جو پچھلے 8 ماہ سے قوم اور ریاست کے درمیان پیدا ہوا ہے۔
عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو بھی مبارکباد دی، اور کہا کہ ریاست کی طاقت عوام ہی کی وجہ سے ہے۔
سابق وزیر اعظم نے قائد اعظم محمد علی جناح کا 14 اگست 1947 کو مسلح افواج کے ساتھ خطاب کے الفاظ کو بھی اپنی ٹوئٹ کے ساتھ شئیر کیا۔

مچھر کے کاٹنے سے 30 سرجریاں، متاثرہ شخص کومے میں چلا گیا

برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی میں ایک شخص کو مچھر کے کاٹنے کی وجہ سے اپنی 30 سرجریاں کروانا پڑ گئیں جس کی وجہ سے وہ کوما میں چلا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جرمنی میں ایک شخص کے ساتھ عجیب و غریب حادثہ پیش آیا جسے مچھر نے کاٹا جس کی وجہ سے اسے 30 سرجریاں کروانا پڑ گئیں اور اتنی زیادہ سرجریوں کی وجہ سے متاثرہ شخص کوما میں چلا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض اوقات مچھر کا کاٹنا انتہائی پریشان کن بھی ثابت ہو سکتا ہے اور یہ انفکشن کا سبب بھی بن جاتا ہے۔
جرمنی کے علاقے روڈر مارک میں 27 سالہ شخص سیبا سٹین روٹسکے کو مچھر کے کاٹنے کی وجہ سے جان لیوا تجربے کا سامنا کرنا پڑا۔ سیبا سٹین کو 2021 میں معمولی بخار کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ ایک ایشین ٹائیگر مچھر بنا۔ سیباسٹین کا بخار کم نہ ہوا اور یہ بعد میں انفیکشن کی صورت اختیار کر گیا۔
جرمن شخص کے مطابق اسے اس معمولی سے بخار کو سنجیدہ نہ لینے کی وجہ سے مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اسے 30 سرجریاں کروانا پڑیں اور اس دوران اس کی دو انگلیوں کو بھی کاٹا گیا جبکہ وہ 4 ہفتے کوما میں بھی رہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے ڈاکٹروں کو جلد ہی پتہ چل گیا تھا کہ ان تمام بیماریوں کے پیچھے ایشین ٹائیگر نامی مچھر کا کاٹنا ہے۔
سیباسٹین روٹسکے نے کہا کہ مچھر کا معمولی سا کاٹنا بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیے ذرا سی پریشانی کو بھی معمولی نہ سجھیں بلکہ فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

صدر،وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان کا دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس

اسلام آباد، کوئٹہ: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم میاں شہباز شریف، وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
صدر عارف علوی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی پر موجود گاڑی پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور دھماکے میں بچے اور پولیس اہلکار کے جان بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ بچے ہمارا بیش قیمت قومی اثاثہ اور مستقبل ہیں، پاکستان کے بچوں کو پولیو جیسی بیماری سے محفوظ رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، سماج دشمن عناصر کو پولیو کے مکمل خاتمے کے مشن میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔
صدر مملکت نے زخمیوں کیلئے جلد صحتیابی اور جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔
وزیراعظم کی مذمت
وزیراعظم میاں شہبازشریف نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، شرپسندوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
میاں شہباز شریف نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت
ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا اظہار افسوس
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بلیلی چیک پوسٹ بلوچستان میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں اور بچے کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے زخمی پولیس اہل کاروں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ دھماکا بظاہرخودکش لگتا ہے، بلوچستان حکومت سے واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کا ٹارگٹ پولیس پارٹی تھی، پولیس شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں، قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔

گھر بیٹھے بیٹھے کنگلا کرنے والوں کا نیا طریقہ واردات سامنے آگیا 

لاہور: (ویب ڈیسک) خبردار ! آپ کو گھر بیٹھے بیٹھے کنگلا کرنے والوں کا نیا طریقہ واردات سامنے آ گیا۔
سائبر کرائم کرنے والے چالاک مجرم بینکوں کے یو این نمبر سے ملتا جلتا نمبر استعمال کرنے لگے ۔ فون پر بینکوں کے یو این نمبر سے ملتے جلتے نمبر سے صارف کو کال آتی ہے۔ کال کرنے والا صارف سے شناختی کارڈ نمبر، اے ٹی ایم کارڈ نمبر سمیت دیگر معلومات پوچھتا ہے۔
فراڈ کرنے والے کہتے ہیں کہ گورنمنٹ کی طرف سے معلومات مانگی جا رہی ہیں تاکہ معلومات اپ ڈیٹ ہو ۔ معلومات نہ دینے کی صورت میں صارف کا بینک اکاونٹ بند کرنے سے ڈرایا جاتا ہے ۔
ایسے نمبر پر پلس کا سائن ہوتا ہے یا بینک کے یو این نمبر سے ایک نمبر مختلف ہوتا ہے ۔ کچھ ایسی بھی کال ہوتی ہیں جس میں ہو بہو بینکوں کے یو این نمبر استعمال ہوتے ہیں ۔ اس نمبر پر جوابی کال کرنے کے بعد آواز آتی ہے ’’ آپ کا ملایا ہوا نمبر درست نہیں ” ۔

بابر اعظم کو کیریئر کے آغاز پر کس نے سپورٹ کیا ؟

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ مجھے بچپن میں والد نے اور کیریئر کے آغاز پر مکی آرتھر نے بہت سپورٹ کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ مجھے والد نے بچپن میں بہت سپورٹ کیا وہ مجھے لاہور کے مختلف گراؤنڈز میں لے کر جاتے تھے اور مجھے کرکٹ کے حوالے سے بہت کچھ سکھاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں انڈر 19 دورے کے بعد معلوم ہوا کہ میں پاکستان کے لیے کھیل سکتا ہوں جبکہ پاکستان کے لیے سال ڈیڑھ سال مجھ سے پرفارمنس نہیں ہو پائی۔ پھر مجھے مکی آرتھر نے کیریئر کے شروع میں بہت سپورٹ کیا۔ مکی آرتھر نے کہا کہ کھیل کو انجوائے کرو اور پریشر نہ لو۔
بابر اعظم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 سنچریوں والی سیریز کیریئر کا ٹرننگ پوائنٹ تھا۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ سیریز کا شدت سے انتظار ہے اور انگلینڈ کے ٹیسٹ اسکواڈ کو پاکستان میں خوش آمدید کرتے ہیں۔

بجلی سستی کرنے کی منظوری دے دی گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کےلیے بجلی 2 روپے 14 پیسے سستی کرنے کی منظور ی دے دی ہے۔
نیپرا کے مطابق بجلی سستی کرنے کا فیصلہ اکتوبر کے مہینے میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا، نیپرا اتھارٹی اعدادو شمار کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔
فیصلے سے کے الیکٹرک صارفین کو 3 ارب 59 کروڑروپے کا ریلیف ملے گا، فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔
نیپرا نے سوال کیا کہ اکتوبر میں ڈیزل سے بجلی کیوں پیدا کی گئی؟ حکام کے الیکٹرک کے مطابق ایمرجنسی کی وجہ سے اس کی ضرورت پڑ گئی تھی۔