لاہور اسمارٹ سٹی نے پولو ان پنک ٹورنامنٹ کا انعقادکیا

لاہور: (ویب ڈیسک) 30اکتوبر2022پولو کلب نے لاہور اسمارٹ سٹی کے تعاون سے اکتوبر میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی مہم کو یاد گار بنانے کیلئے الزیم کے زیر اہتمام لاہور اسمارٹ سٹی پولو ان پنک ٹورنامنٹ کی میزبانی کی۔تقریب کی میزبانی معروف اداکاریہ عائشہ عمر نے کی اور اس موقع پر قومی کھلاڑیوں کے ساتھ امریکا،بیلجئم،کینیڈا اور آسٹریلیا کے کھلاڑی بھی پولو کے اس دلچسپ کھیل میں حصہ لیتے دکھائی دیئے اور جبکہ اس موقع پر ایک خصوصی ونٹیج کار شو،ٹینٹ پیگنگ اور لائیو میوزک کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
لاہور اسمارٹ سٹی کے سی ای او عمران زاہد نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”پولو ایک باوقار بین الاقوامی کھیل ہے،جو لوگوں کے درمیان بے مثال تعلقات کو فروغ دیتا ہے۔ایک سر کردہ ریئل اسٹیٹ ڈیولپر کے طور پر ہمیں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے سلسلے میں اس سال پولو ان پنک پیش کرنے اور اس نیک مقصد کیلئے پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ دینے پر ہمیں فخر ہے۔لاہور اسمارٹ سٹی پہلے ہی اسٹیٹ آف دی آرٹ پنک ربن بریسٹ کینسر اسپتال اورڈائیگنوسٹک سینٹر کی تعمیر کیلئے اراضی عطیہ کرچکا ہے۔“
لاہور پولو کلب کے صدرنے کہا کہ ”ہر برس رفاحی مقصد کیلئے منعقد کئے جانیوالے پولو ان پنک کا مقصد خواتین میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کا فروغ ہے جبکہ لاہور پولو کلب کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر11ٹیمیں شریک تھیں،جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا اور ہر ٹیم میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل تھے۔“
دوکھلاڑی Laurel HoweاورDanielle Lussiامریکا سے،جبکہ Marion Dierickxبیلجئم سے،
Phillip Henryآسٹریلیاسے،کینیڈا سے Jessica SchniederاورJane Buchan،اور پاکستان سے ایشا حئی،فاطمہ مظہر،اسرا ذیشان،راقیہ منصور،جبکہ یوکرین سے Sofia Deanaشامل تھیں۔
پنک ربن پاکستان آرگنائزیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے عمر آفتاب نے بتایا کہ ”پنک ربن آرگنائزیشن نے لاہور میں بریسٹ کینسر اسپتال کی او پی ڈی کا آغاز کردیا ہے،اور جلد ہی یہ اسپتال مکمل طور پر فعال ہوجائیگا،جس سے مریضوں کو فائدہ ہوگا۔“
لاہور اسمارٹ سٹی(ایل ایس سی)حبیب رفیق پرائیویٹ لمیٹڈ،فیوچر ڈیولپمنٹس ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ اور
Surbana Jurongپرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے تیار کیا جارہا ہے،جو کہ دنیا بھر میں کام کرنے والی ٹاپ ریئل اسٹیٹ ڈیولپرز،ماسٹر پلانرز اور ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیاں ہیں،جن کا مقصد ایسے جدید ترین اسمارٹ شہروں کی تعمیر ہے،جہاں عیش و عشرت کی زندگی کے ساتھ ساتھ مساوی اقتصادی مواقع بھی فراہم کئے جائیں

نومبر سیاسی طور پر فیصلہ کن ثابت ہو گا، وزیر دفاع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نومبر سیاسی طور پر فیصلہ کن ثابت ہو گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سیاست بڑے اہم موڑ پر آچکی ہے اور نومبر سیاسی طور پر فیصلہ کن ثابت ہو گا۔
لانگ مارچ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا قافلہ 10 سے 12 ہزار افراد سے شروع ہوا اور مریدکے میں عمران خان کے قافلے میں ڈھائی ہزار لوگ ہیں، اب اسلام آباد پہنچتے پہنچتے کیا حال ہو گا وہ اندازہ کر لیں۔
انہوں نے کہا کہ چند روز قبل عمران خان سیالکوٹ آیا تھا لیکن میں اس وقت یہاں نہیں تھا اور تمام تر حکومتی مشنری لگا کر کتنے لوگ جمع کرسکے سب کے سامنے ہے۔ عمران خان کا اصلی چہرہ سب سامنے آچکا ہے لیکن کچھ کو ابھی بھی غلط فہمی ہے تاہم وہ بھی آئندہ آنے والے دنوں میں دور ہو گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا عمران خان نے آرمی چیف کے حوالے سے رابطہ کیا اور عمران خان نے پیغام بھیجا آرمی چیف کا فیصلہ ہم مل کے کرتے ہیں۔ آئین نے یہ فرض وزیر اعظم کو دیا ہے اور عمران خان کے ذہن میں کہاں سے آگیا کہ یہ سیاست کا حصہ ہے۔ یہ کہاں ہماری روایت ہے کہ سیاستدان مذاکرات کر کے آرمی چیف لگائیں؟ آرمی چیف کی تعینات سیاستدان مذاکرات کر کے کریں گے تو پھر کیا رہ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس ادارے نے 4 ماہ میں 77 شہادتیں دی ہیں اور آپ کا ساتھ نہ دیں تو آپ تنقید کرتے ہیں۔ عمران خان کون ہوتا ہے آرمی چیف کے معاملے میں مشورے دینے والا؟ عمران خان اس وقت اسمبلی رکن بھی نہیں ہے وہ نااہل ہو چکا ہے۔ عمران خان کہتا ہے مجھے نہیں معلوم تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کرپٹ ہیں اور مجھے بتایا گیا تھا کہ یہ دونوں کرپٹ ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کے اجتماعی شعور کی توہین نہ کریں۔ اچھے دن آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں، اللہ سے اچھے دنوں کی دعا کرنی چاہیئے۔ بتایا گیا کہ مذاکرات ہورہے ہیں لیکن کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے بہت سے اراکین اسمبلی ہم سے رابطے کر رہے ہیں جو پی ٹی آئی کو چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔ وہ اگلے انتخابات کے حوالے ہم سے یقین دہانی چاہتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلے 2،3 روز سے ہندوستان میں جس طرح خوشیاں منائی جا رہی ہیں وہ سب نے دیکھا اور کسی بھی سیاسی رہنما نے بعض ایسی حدود ہیں جو پار نہیں کیں لیکن وہ عمران خان نے پار کیں۔ پچھلے 3 روز سے لگاتار انہوں نے پروپیگنڈہ کر کے بھارت کو موقع فراہم کیا ہے اور ہندوستان میں جشن منایا جا رہا ہے۔ ان کے ایک صاحب بھارتی چینل میں بھی بات کرنے پہنچ گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتا ہے اور ہماری انٹیلی جنس ایجنسی کا شمار دنیا کی بہترین ایجنسیز میں ہوتا ہے۔

یہ مارچ مریخ پرہوا تھا؟گورنمنٹ آف پاکستان کے ٹویٹ پرسوشل میڈیا پر نئی بحث

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنمنٹ آف پاکستان کی ٹوئٹر اکاونٹ سے کی گئی ٹویٹ پر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔
گورنمنٹ آف پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ٹویٹ کی گئی ہے کہ سڑکیں اور ہائی ویز تجارتی سرگرمیوں کے لیے ہیں یہ مارچ کرنے کے لیے نہیں ہیں۔
ٹویٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ یہ پیغام سب کی بھلائی کے لیے ہے۔ اچھے شہری بنیں۔ یہ ٹویٹ ایسے موقع پر کی گئی ہے جب پاکستان تحریک انصاف لاہور سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اس ٹویٹ پر اپنے اپنے انداز میں اظہار رائے کر رہے ہیں۔ بیشتر صارفین نے پی ڈی ایم کی جانب سے کیے گئے مارچ اور احتجاج کی تصاویر اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اعتراض کیا ہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے بھی انہیں سڑکوں پر مارچ کیے گئے تھے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے ماضی میں ہونے والے مسلم لیگ ن کے مہنگائی مکاو مارچ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کیا یہ مارچ مریخ پر ہوا تھا؟
سوشل میڈیا یوزرز کا کہنا ہے کہ قوانین کتنی جلد تبدیل ہو جاتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ گورنمنٹ آف پاکستان کی ٹوئنٹر اکاونٹ کا نام بدل کر گورنمنٹ آف پی ڈی ایم رکھ دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ آج گوجرانوالہ پہنچ کر رک جائے۔ لانگ مارچ کے شرکا جمعہ تک اسلام آباد پہنچیں گے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی پہلی فتح، نیدرلینڈز کو 6 وکٹ سے شکست

پرتھ: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پرتھ میں ہونے والے اس اہم میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر قومی کپتان بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی، نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے۔
17 اوورز میں نیدرلینڈز نے 6 وکٹس کے نقصان پر 73 رنز سکور کئے، شاہین، حارث اورنسیم شاہ نے ایک ایک جب کہ شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹورنامنٹ کی پہلی وکٹ اوپنر اسٹیفن مائیبرگ کی صورت میں حاصل کی، اس کے علاوہ شاداب خان نے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے بیس ڈی لیڈ کی جگہ آنے والے ٹام کوپر کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 13.5 ویں اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے، 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نروس ففٹی کا شکار ہو کر 49 رنز پر پویلین لوٹ گئے جبکہ فخر زمان نے 20 رنز کی اننگز کھیلی، شان مسعود 12 سکور پر کیچ آؤٹ ہوئے، افتخار احمد 6 اور شاداب خان 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

شارجہ میں نایاب اسلامی مخطوطات کی نمائش، نبی کریم ﷺ کا خاندانی شجرہ بھی شامل

شارجہ : (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں مشرق وسطیٰ میں پہلی مرتبہ عربی کے نایاب اور اسلامی مخطوطات کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
شارجہ میں منعقد کیے جانے والے 41 ویں عالمی کتب میلے میں آنے والے والوں کو قدیم مخطوطات اور کتابوں کی زیارت کا موقع مل سکے گا۔
خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق زیر غور نمائش مشرق وسطیٰ میں پہلی بار منعقد کی جائے گی، 12 روزہ نمائش کا مقصد عرب کی تہذیب اور علم کے میدان میں کردار کو اجاگر کرنا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق کتب میلہ زائرین کو صدیوں پرانے نایاب عربی، اسلامی مخطوطات اور کتابوں کو دریافت کرنے اور پڑھنے کا موقع فراہم کر رہا ہے، جن میں سے کچھ نسخے 13ویں صدی عیسوی کے ہیں۔
اس کے علاوہ نمائش میں رکھے جانے والے نایاب مخطوطات کے مجموعے 15ویں اور 16ویں صدی میں قرآن پاک سے نقل کیے گئے ہیں جو ابھرے ہوئے اور سنہری صفحات پر مشتمل ہیں۔
اس نمائش میں خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کے شجرہ نسب کا ایک نادر نسخہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقی حکومت نے پہلی بار زولو بادشاہ کو تسلیم کر لیا

جنوبی افریقا: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کی تاریخ میں 1971 کے بعد پہلی بار زولو کمیونٹی کے نئے بادشاہ کو حکومت نے تسلیم کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 48 سالہ مسوزولو (Misuzulu) کو اگست میں ایک روایتی جشن میں جنوبی افریقا کے سب سے بڑے نسلی گروہ کے بادشاہ کا تاج پہنایا گیا تھا لیکن سرکاری وسائل اور مدد تک مکمل رسائی کے لیےحکومت کی جانب سے تسلیم کرنے کی ضرورت تھی۔
تاہم اب جنوبی افریقا کے صدر سیرل رامافوسا کے جانب سے زولو بادشاہ کو تسلیم کرنے کے بعد عوام اور عدالتوں میں چلنے والی طویل جنگ کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز حکومت کی جانب سے زولو کے نئے بادشاہ کو تسلیم کرنے کے لیے بادشاہ کو باقاعدہ اسناد بھی دی گئی، اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں زولو کمیونٹی کے افراد جمع ہوئے جنہوں نے اپنے روایتی ملبوس زیب تن کر کے نئے بادشاہ کو تسلیم کیے جانے پر جشن منایا۔

ایلون مسک ٹوئٹر سے بڑے پیمانے پر ملازمین کو نکالنے کیلئے تیار

لاہور : (ویب ڈیسک) ایلون مسک نے ٹوئٹر کی ملکیت سنبھالنے کے بعد کمپنی کے متعدد ملازمین کو نکالنے کے لیے ابتدائی اقدامات شروع کردیے ہیں۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر کی ملکیت حاصل کرنے والے دنیا کے امیر ترین شخص نے منیجرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے ملازمین کی فہرست تیار کریں جن کو نکالا جاسکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملازمین کو نکالنے کا عمل نومبر کے پہلے ہفتے میں شروع ہوسکتا ہے۔ٹوئٹر کا انتظام سنبھالنے سے قبل ہی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ایلون مسک نے سرمایہ کاروں کو بتایا تھا کہ وہ ٹوئٹر کے 75 فیصد ملازمین کو برطرف کرسکتے ہیں۔
بعد ازاں ایلون مسک نے اس بات کی تردید کی تھی کہ وہ اتنی بڑی تعداد میں ملازمین کو نکالنے پر غور نہیں کررہے، مگر اس بات سے انکار نہیں کیا تھا کہ وہ افرادی قوت میں کمی کریں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کے 7500 میں سے 50 فیصد عملے کو فارغ کیا جاسکتا ہے۔
پہلے مرحلے میں لیگل، ٹرسٹ اور سیفٹی سیکشنز سے چھانٹی کی جائے گی۔
ایلون مسک پہلے ہی ٹوئٹر کے چند بڑے عہدیداران بشمول سی ای او کو برطرف کرچکے ہیں۔
وہ کچھ عرصے تک کمپنی کے سی ای او کا عہدہ اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں اور ٹوئٹر میں بنیادی تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں۔

زلفی بخاری کے ماتحت ڈائریکٹر کو نیب کا نوٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے بحریہ ٹاؤن القادر یونیورسٹی سوہاوہ کیلئے الاٹ شدہ زمین پر تحقیقات شروع کر دیں۔ زلفی بخاری کے ماتحت ڈائریکٹر کو طلب کر لیا گیا۔
نیب کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید زلفی بخاری کے ماتحت ڈائریکٹر خالد خان کو طلب کیا ہے۔
خالد خان القادر یونیورسٹی زمین کی منتقلی کے وقت سید زلفی بخاری کی جانب سے دستخط شدہ دستاویز میں بطور گواہ شامل تھے۔
نیب نے خالد خان کو تحقیقات کے لیے نیب دفتر راولپنڈی میں حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔

شہباز شریف سن لیں بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا: عمران خان

مریدکے : (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتی، غلام اور ڈاکو ہم پر مسلط کئے گئے، میں آزاد آدمی ہوں، مر سکتا ہوں مگر غلامی نہیں کر سکتا۔
مریدکے میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے تیسرے روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف آپ نے بیان دیا کہ میں نے آپ کو ایک پیغام بھجوایا ہے، میں آپ کے پاس پیغام کیوں بھجواؤں گا، شہباز شریف سن لیں میں بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا، میں نے ان سے بات کی جو شہباز شریف کو اشاروں پر چلاتے ہیں، جن سے بات کی ان کو کہا کہ ملک میں شفاف الیکشن کرائے جائیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ قانونی کی حکمرانی چاہتا ہوں، عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جائے، میں نے نہ کسی کے پیر پکڑے اور نہ منتیں کیں،عوام کی طاقت سے وزیراعظم بنا، امریکا سے مدد مانگتا ہوں اور نہ ہی کسی اور سے، فوج بھی میری ہے اور ملک بھی میرا ہے، جب فوج پر تنقید کرتا ہوں تو وہ تعمیری ہوتی ہے۔
پی ٹی آئی کا لانگ مارچ آج تیسرے روز چیئرمین عمران خان کی قیادت میں مریدکے سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے، مارچ کا آج رات پڑاؤ گوجرانوالہ میں ہوگا۔
عمران خان کی گوجرانوالہ میں موجودگی کے دوران ممکنہ کشیدگی کا خدشہ ہے جبکہ گوجرانوالہ میں وفاقی زیر خرم دستگیر کی رہائش گاہ پر پولیس سکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے۔

شاہینوں نے نیدر لینڈز کی بیٹنگ کے پرخچے اڑا دیے، 92 رنز کا ہدف

پرتھ : (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں نیدرلینڈز کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہے۔
پرتھ میں ہونے والے اس اہم میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر قومی کپتان بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔
17 اوورز میں نیدرلینڈز نے 6 وکٹس کے نقصان پر 73 رنز اسکور کیے ہیں. شاہین، حارث اورنسیم شاہ نے ایک ایک جب کہ شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹورنامنٹ کی پہلی وکٹ اوپنر اسٹیفن مائیبرگ کی صورت میں حاصل کی،اس کے علاوہ شاداب خان نے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے بیس ڈی لیڈ کی جگہ آنے والے ٹام کوپر کو آؤٹ کیا۔
نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، مڈل آرڈر بیٹر حیدر علی کی جگہ فخر زمان پلیئنگ الیون کا حصہ بن گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ٹیم میں کپتان بابر اعظم ، نائب کپتان شاداب خان ، محمد رضوان،شان مسعود، افتخار احمد ، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر،شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں۔
پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی ہے، قومی ٹیم کو ابتدائی دو میچز میں بھارت اور زمبابوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کم لوڈ اور تکنیکی وجوہات: کراچی ائیر پورٹ سے جانیوالی 7 پروازیں منسوخ

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی ائیرپورٹ سے جانے والی مختلف ائیرلائنز کی 7 پروازیں منسوخ ہو گئیں۔
ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق لوڈ نہ ہونے اور تیکنیکی وجوہات کے باعث پروازیں منسوخ ہوئیں۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق جو پروازیں منسوخ ہوئیں ان میں صبح7 بجےکراچی سے اسلام آباد کی پروازپی ایف121، کراچی سے دبئی کی صبح7 بجےکی پرواز ای کے605 اور کراچی سے لاہور کی صبح 8 بجےکی پروازای آر520 شامل ہے۔اس کے علاوہ دوپہر 12 بجےکی کراچی سےاسلام آباداورپشاورکی پروازپی اے 602، دوپہرپونےایک بجےکی کراچی سے لاہورکی پرواز ای آر 522، کراچی سے گوادر کی پرواز پی کے 503 اور کراچی سے دبئی کی شام 6 بجے کی پرواز پی ا ے 110 منسوخ ہوگئیں۔

حارث کا باؤنسر نیدرلینڈز کے بیٹر کی آنکھ پر جا لگا، خون بہنے پر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے

پرتھ : (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا تیز رفتار باؤنسر سیدھا نیدر لینڈز کے بیٹر کی آنکھ پر جا لگا۔
پرتھ کے واکا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں نیدر لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے تاہم میچ کے چھٹے اوور میں ہالینڈ کے بیٹر بیس ڈی لیڈ کو ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر جانا پڑ گیا۔
حارث رؤف اپنا پہلا اور نیدر لینڈ کی بیٹنگ کا چھٹا اوور کرانے کے لیے آئے اور اوور کی پانچویں گیند باؤنسر ماری جو سیدھی نیدر لینڈ کے بیٹر ڈی لیڈ کے ہیلمٹ پر دائیں جانب لگی۔
حارث رؤف کی گیند اتنی تیز تھی ہیلمٹ ہونے کے باوجود بیس ڈی کی دائیں آنکھ کے اوپر اور نیچے سے خون بہنے لگا جس پر فوری طور پر معالج کو گراؤنڈ میں آنا پڑا اور پھر کچھ دیر کی طبی امداد کے بعد بیس ڈی لیڈ ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

کرن جوہر ‘مولا جٹ’ دیکھنے سنیما پہنچ گئے، تصویر وائرل

دبئی : (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے معروف فلمساز اور پروڈیوسر کرن جوہر بھی پاکستان کی سپر ہٹ فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ دیکھنے سنیما پہنچ گئے۔
کرن جوہر کی مولا جٹ دیکھتے ہوئے ایک تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خوب وائرل ہے جس میں وہ سنیما میں بیٹھے فلم دیکھ رہے ہیں۔
بالی وڈ فلمساز کی یہ تصویر معروف انسٹاگرام پیج ‘انسٹینٹ بالی وڈ’ نے اسٹوری پر شیئر کی جس میں کرن جوہر پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
کرن جوہر کی تصویر پر پاکستانی مداحوں کی بڑی تعداد نے اپنے تبصرے پیش کیے، کسی نے کہا کہ کرن خاص طور پر فواد خان کی وجہ سے فلم دیکھنے آئے جبکہ کوئی بولا انہوں نے یہ فلم ماہرہ کی وجہ سے دیکھی۔
خیال رہے کہ کرن جوہر دبئی میں موجود ہیں اور انہوں نے پاکستانی فلم دبئی میں دیکھی۔