ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں بڑی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی ہوگئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 1800 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 50 ہزار روپے ہوگئی۔
10 گرام سونا 1544 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 28 ہزار 600 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ میں سونے کی قدر 4 ڈالرز کم ہوکر 1640 ڈالرز فی اونس ہے۔

برطانیہ میں امیگریشن آفس پر بم حملہ؛ ملزم نے خودکشی کرلی

لندن: (ویب ڈیسک) جنوبی برطانیہ کی بندرگاہ پر بنے تارکین وطن کی امیگریشن کے دفتر پر نامعلوم شخص نے تین بم پھینک کر خود کو بھی دھماکے سے اُڑالیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی برطانیہ کے چینل پورٹ ٹاؤن ڈوور میں تارکین وطن کے لیے بنائے گئے پروسیسنگ سینٹر میں تین بم پھینکے گئے جس میں ایک شخص زخمی ہوگیا اور دفتر کو شدید نقصان پہنچا۔
کینٹ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا تعاقب کیا گیا تاہم اس نے خود بارودی مواد سے اُڑا کر خودکشی کرلی۔ حملہ آور کی شناخت کا عمل جاری ہے جو شکل سے تارکین وطن لگتا ہے۔
دفتر میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔ یہ دفتر چھوٹی کشتیوں میں چینل کراس کرنے والے تارکین وطن کا ریکارڈ رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ تاحال واقعے کے محرک کا پتہ نہیں چل سکا۔

حکومت ٹوٹنے کے بعد اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں: شیخ رشید احمد

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت ٹوٹنے کے بعد اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں، اسٹیبلشمنٹ کا شکر گزار ہوں مجھ سے کسی نے بُرا رویہ نہیں رکھا۔ رانا ثنا جتنا ریڈ زون کوبڑا کرو گے اتنے ہی لوگ زیادہ نکلیں گے، اگربات چیت ہورہی ہے تواس سے اچھی اورکیا بات ہوسکتی ہے، اگرگھی سیدھی انگلی سے نہ نکلے توٹیڑھی انگلی سے نکالنا مجبوری ہوتی ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ میں شرکت کے لیے سارا شہرجائے گا، پنڈی شہرمیزبان شہرہے، راولپنڈی:ہم کسی سے کوئی لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے، ہم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، امتحان میں جونسلی ہوگا وہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ عدالتوں کا مشکورہوں، یہ عقل کے اندھے جو بھی قدم اٹھاتے ہیں اس سے پی ٹی آئی چیئر مین کو ہی فائدہ ہوتا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روات سے عمران خان کا تاریخی استقبال کریں گے، انشااللہ سچ کی فتح ہو گی، ملکی معیشت تباہ ہوگئی ہے، ایک ہی مطالبہ الیکشن کی تاریخ ہے، عمران خان الیکشن کی تاریخ مانگ رہے ہیں ہمارا بھی یہی مطالبہ ہے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اداروں کے سربراہان نے بھی کہا جلسہ، جلوس، ریلیاں جماعتوں کا پُر امن حق ہے، رانا ثنا جتنا ریڈ زون کوبڑا کرو گے اتنے ہی لوگ زیادہ نکلیں گے، راولپنڈی کے لوگ برے وقت میں ساتھ نہیں چھوڑتے، نسلی اوراصلی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، امید ہے عمران خان 4 نومبرتک پنڈی پہنچ جائیں گے، راولپنڈی والے اچھی خبر دیں گے، اس کا مطلب ہمارا حلقہ ہے کہیں اورمطلب نہ نکال لیجیے گا، مذاکرات ہورہے ہیں یا نہیں،علم نہیں، اگربات چیت ہورہی ہے تواس سے اچھی اورکیا بات ہوسکتی ہے، اگرگھی سیدھی انگلی سے نہ نکلے توٹیڑھی انگلی سے نکالنا مجبوری ہوتی ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ قوم جاگ چکی ہے، لاہور میں لانگ مارچ میں لوگوں کا سمندر دیکھا، مسلم لیگ ن سمیت پی ڈی ایم کی 13 پارٹیاں اب دفن ہو چکی ہے، لال حویلی ان کا باپ بھی خالی نہیں کرا سکتا، ڈی جی ایف آئی اے 3 بسیں لیکرآئے ان کی ویڈیوموجود ہے، ہم جان دینا جانتے ہیں لینا نہیں۔ د پی ڈی ایم کی سیاست ختم ہوچکی ہے، الیکشن ہوگا توان کی ضمانتیں ضبط ہوں گی، 25مئی کورینجرزکی طرف سے جوکچھ ہوا افسوس ناک ہے، یہ سب ہماری فورسزہے، یہ جومرضی کر لیں، لوگ لانگ مارچ میں جائیں گے، ہم غریب آدمی کے لیے باہر نکل رہے ہیں، کئی سالوں سے جھوٹ نہیں بول رہا، حکومت ٹوٹنے کے بعد اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں، اسٹیبلشمنٹ کا شکرگزارہوں مجھ سے کسی نے برا رویہ نہیں رکھا۔

پاکستان اورچین کے درمیان سکیورٹی معاہدے کی کابینہ نے منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے پاکستان اورچین کے درمیان سکیورٹی معاہدے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق چینی شہریوں کے تحفظ کیلئے مفاہمت کی یادداشت کے معاہدے پردستخط کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے چین کوچینی شہریوں کے تحفظ کیلئے خصوصی فورس کے قیام کے بارے میں آگاہ کردیا۔
ذرائع نے بتایا کہ خصوصی سکیورٹی ڈویژن میں28 ہزار سکیورٹی اہلکارکام کررہے ہیں۔

ڈاک ٹکٹ کے حجم کا دنیا کا سب سے چھوٹا ٹی وی

لاہور: (ویب ڈیسک) موجودہ عہد میں ڈیوائسز کی اسکرینوں کا حجم بڑھایا جارہا ہے مگر ایک کمپنی نے دنیا کا سب سے چھوٹا ٹی وی تیار کرلیا ہے۔
ٹائینی سرکٹس نامی کمپنی نے 2 ننھے پروٹوٹائپ ٹی وی متعارف کرائے ہیں۔
ٹائینی ٹی وی 2 می ایک انچ کا ڈسپلے موجود ہے جبکہ 0.6 بائی 0.4 انچ کے فرنٹ اسپیکر نصب ہیں۔
والیوم اور چینلز کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے پرانے ٹی وی کی طرح 2 روٹیٹنگ بٹن دیے گئے ہیں۔
مگر زیادہ خاص ماڈل ٹائینی ٹی وی منی ہے جو ایک ڈاک ٹکٹ کے حجم کا ہے اور محض 0.6 انچ کی اسکرین دی گئی ہے، مگر اس پر سنگل چارج پر ایک گھنٹے تک ویڈیو پلے کرنا ممکن ہے۔
ان دونوں میں ویڈیوز کو کمپیوٹر سے یو ایس بی سی کیبل سے کنکٹ کرکے چلایا جاسکتا ہے یا لوڈ بھی کیا جاسکتا ہے۔
دونوں ماڈلز میں 8 جی بی مائیکرو ایس ڈی کارڈ انسٹال ہے جس میں کچھ گھنٹوں کی ویڈیو کو محفوظ کیا جاسکتا ہے۔
یہ دونوں پروٹوٹائپ ماڈل فی الحال کک اسٹارٹر پر فنڈز جمع کرنے کے لیے رکھے گئے ہیں جہاں سے انہیں 49 سے 59 ڈالرز میں خریدنا ممکن ہے۔
اور ہاں دونوں کے لیے انفراریڈ ریموٹ کنٹرول بھی تیار کیے گئے ہیں مگر اس کے لیے الگ سے 10 ڈالرز ادا کرنا ہوں گے۔

لانگ مارچ کو اسلام آباد پہنچنے کیلئے 8 سے 9 دن لگیں گے: عمران خان

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کو اسلام آباد پہنچنے کے لیے 8 سے 9 دن لگیں گے۔
گوجرانوالہ کے علاقے موڑ ایمن آباد میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں نے راستے میں بہت پیار دیا، دیر سے پہنچنے پر معذرت کرتا ہوں، یہ سیاست نہیں ملک کو حقیقی آزادی دلانے کےلیے جہاد ہے، قائداعظم کے شکرگزارہوں انہوں نے ہمیں آزادی دلائی تھی، آپ سب کواسلام آباد لے جانے کا مقصد قوم حقیقی طور پر آزاد ہو، قوم تب آزاد ہو گی جب طاقتور اور غریب کے لیے ایک قانون ہو گا، یہ نہیں ہوسکتا بڑا ڈاکو این آر او لیکر وزیراعظم بن جائے، جیلوں میں صرف چھوٹے غریب چور نظر آتے ہیں، چھوٹا چور تو زیادہ سے زیادہ سائیکل چوری کرتا ہے یہ تو ملک لوٹ کر بھاگ گئے، جوتے پالش کرنے والے شہبازشریف کی 16 ارب کی چوری پکڑی گئی، ٹی ٹی کیس میں شہبازشریف کی 8 ارب کی چوری پکڑی گئی، 24 ارب کا ڈاکہ مارنے والے کو وزیراعظم بنا دیا گیا۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ نے 18 قتل کیے، سب سے بڑے جرائم پیشہ شخص کو رانا ثنا کو وزیرداخلہ بنا دیا گیا، ماڈل ٹاؤن میں دن دیہاڑے قتل کیے گئے، اسحاق ڈارنے بیان حلفی دیا شریف خاندان کے لیے منی لانڈرنگ کرتا رہا، بھگوڑا نوازشریف سزا یافتہ ہیں، نواز شریف نے لندن میں سب سے مہنگے علاقے میں مریم نوازکے نام پر فلیٹ خریدے، افسوس ملک کی بدقسمتی جج نے بری کر دیا، کہا فلیٹس ثابت کرو، ثابت کیا کرتے نوازشریف اوران کے بچوں نے خود تسلیم کیا، امپورٹڈ حکمرانوں نے نیب میں اپنا بندہ بٹھا دیا جو کہتا ہے فلیٹ ان کے نام ثابت نہیں کرسکتا۔ وہ قومیں تباہ ہوجاتی ہیں جہاں بڑے چور کو انصاف کا نظام نہ پکڑ سکے۔
انہوں نے کہا کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے ناانصافی کا نہیں، ملک کے سب سے بڑے مافیاز کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا، مشرف نے پہلے نواز شریف، زرداری کو نکالا پھر اپنی کرسی بچانے کے لیے انہیں این آر او دیا، ان دونوں نے این آر او کے بعد 10 سال ملک لوٹا، بند کمرے میں فیصلہ کر کے پھر ان چوروں کو مسلط کر دیا گیا، ہمارے دورمیں انڈسٹریزتیزی سے ترقی کررہی تھی، انہوں نے آتے ہی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں کورونا کے باوجود معیشت تیزی سے ترقی کر رہی تھی، ہمارے دورمیں ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا گیا، ہمارے دور میں ملک خوشحالی کی طرف جا رہا تھا، دنیا کی جمہوریت کی تاریخ میں 8 ضمنی الیکشن جیت کر ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے، ساری قوم نے چوروں، مافیاز کو مسترد کر دیا ہے، نواز شریف سے جب منی ٹریل پوچھی جائے تو دم دبا کر بھاگ جاتا ہے، وہاں جا کر ڈیل کرتا ہے، جب ڈیل ہوتی ہے تو پھر واپس آ جاتا ہے، اب بھگوڑا چاہتا ہے پاکستان میں ماحول سازگار اور طاقتور حلقوں سے سٹینڈنگ ہو، نوازشریف اور تمہارے ہینڈلر سن لیں یہ پاکستانی قوم ہے، گائیں، بھینسیں نہیں ہیں، یہ پاکستانی قوم ہے گائے، بھینسوں کی طرح ڈنڈے مار کر اِدھر اُدھر نہیں کر سکتے، یہ دنیا کے عظیم لیڈر نبی ﷺ کی امت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر زبردستی چوروں کی حمایت کرنے کا کہیں گے تو قوم آپ کے خلاف ہو جائے گی، اداروں کی عزت تب ہوتی ہے جب قوم عزت کرتی ہے، ادارے اپنے فیصلوں سے عزت کراتے ہیں، جو بھی ان کا ساتھ دے گا قوم ان کے خلاف ہو جائے گی۔ اداروں کی مضبوط تب ہو گی جب قوم پیچھے کھڑی ہو گی، بھیڑ، بکریاں تو ان کے پیچھے لگ جائیں گی، پاکستانی قوم نہیں، ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں،8 سے 9 دن اسلام آباد پہنچنے میں لگیں گے، گلگت بلتستان، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا سے قافلے اسلام آباد کی طرف نکلیں گے، اسلام آباد پہنچنے میں ہمیں دیرلگ رہی ہے۔

صحافی صدف نعیم کی شہادت، پنجاب حکومت کا فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانیکا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صحافی صدف نعیم کی شہادت پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
کابینہ کمیٹی لا اینڈ آرڈر، سکیورٹی کا پنجاب سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے راولپنڈی سے بذریعہ ویڈیو لنک صدارت کی، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، آئی جی پولیس فیصل شاہکار اور متعلقہ افسروں نے شرکت۔
اجلاس کے شرکا نے خاتون رپورٹر صدف نعیم کے افسوسناک واقعے پر اظہار افسوس کیا، فاتحہ خوانی بھی کی جبکہ کمیٹی میں متعلقہ محکموں کے افسر شامل ہونگے، رپورٹ جلد پیش کریگی۔
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ عمران خان صدف نعیم کے گھر خود گئے، میڈیا نے واقعے پر مثبت کردار ادا کیا، آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ صدف نعیم کے واقعے پر دلی افسوس ہوا، حکومت پنجاب فیملی سے رابطے میں ہے۔
اجلاس میں لانگ مارچ کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیشن قائم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر ارشد شریف کیس کی تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دے دیا گیا۔
کمیشن کے قیام کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق کمیشن کے ممبران میں ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی عمر شاہد حامد شامل ہیں جب کہ اس کے سربراہ لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) عبدالشکور ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق کمیشن سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کرے گا اور 30 یوم کے اندر اپنی رپورٹ وفاقی حکومت کو پیش کرے گا۔
کمیشن میں شامل ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی عمر شاہد حیات اس وقت دو رکنی اس تحقیقاتی ٹیم میں بھی شامل ہیں جو اس وقت کینیا میں ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔
دریں اثنا ارشد شریف قتل کیس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے اکیڈمی اطہر وحید اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی عمر شاہد حامد پر مشتمل دو رکنی ٹیم کی کینیا میں تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کے ٹیم نے کینیا میں جائے وقوع، فارم ہاؤس اور واقعہ سے قبل ارشد شریف کے آخری ڈنر کے مقام کا جائزہ لیا۔ تحقیقاتی ٹیم نے کینیا حکام کے ساتھ فائرنگ سے متاثرہ گاڑی کا بھی جائزہ لیا اور اس پر لگنے والی گولیوں کے نشانات وغیرہ کا باریک بینی سے جائزہ لے کر نوٹس لیے جس کے بعد تحقیقاتی ٹیم نے خرم احمد اور وقار احمد سے تفصیلی پوچھ گچھ کرتے ہوئے مختلف زاویوں سے سوالات کیے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے خرم احمد سے فائرنگ اور فائرنگ کے بعد صورتحال سے متعلق سوالات کیے۔ جواب میں خرم احمد کا کہنا تھا کہ گاڑی پر اچانک گولیاں چلنے پر وہ گھبرا گیا اور فوری طور پر بھائی وقار احمد کو فون کیا جس کے دوران بھی ایسا لگا کے فائرنگ کے بعد بھی تعاقب کیا جارہا ہے جس پر میں نے گاڑی اور بھگانا شروع کردی، بھائی نے فوری طور پر فارم ہاؤس پر پہنچنے کا کہا جو جائے وقوع سے تقریباً 22 کلو میٹر دور تھا۔
ذرائع کے مطابق وقار احمد نے موقف اختیار کیا کہ بھائی کی کال ملنے پر خود بھی فارم کی طرف نکل گیا اور راستے میں کینین پولیس اور پاکستانی دوست کو فون کرکے تفصیل بتائی، جب وہاں پہنچا تو ارشد شریف کی لاش گاڑی میں موجود تھی۔
وقار احمد نے بتایا کہ ہمیں اس وقت تک شک یا علم نہیں تھا کہ گاڑی پر فائرنگ پولیس نے تاہم میرے پہنچنے کے بعد کینین پولیس حکام بھی وہاں پہنچ گئے اور شواہد جمع کیے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی تحقیق کاروں نے مصنوعی طور پر جائے وقوع تشکیل دے کر تحقیقات کی روشنی میں پورے واقع کی فرضی مشق کرکے بھی نوٹس لیے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران انکشاف سامنے آیا کہ جس لاج میں ارشد شریف اور دوست نے ڈنر کیا وہاں سی سی ٹی وہ کیمرے نہیں تھے جبکہ یہ بات بھی سامنے آئی کہ لاج کے علاقے میں بجلی کا انتظام بھی جنریٹر یا متبادل نظام سے کیا جاتا ہے۔
اسی طرح پاکستان تحقیقاتی ٹیم کو کینین پولیس حکام کی جانب سے بھی معلومات فراہم کی گئیں۔

سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ یکم نومبر سے شروع ہوگا

کراچی: (ویب ڈیسک) سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ ایپوہ، ملائشیا میں یکم تا 10 نومبر تک کھیلا جائیگا، ایونٹ میں 6 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں میزبان ملائشیا، پاکستان، جاپان ، کوریا، سائوتھ افریقہ اور مصر شامل ہیں۔
شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ یکم نومبر کوپاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے ساؤتھ افریقہ سے کھیلے گا۔
پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 2 نومبر کوپاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجےملائشیاسے کھیلے گی، پاکستانی ٹیم تیسرے میچ میں چار نومبر کو جاپان کے مدمقابل ہو گی اور میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کھیلا جائے گا۔
اسی طرح پاکستانی ٹیم اپنے چوتھے میچ میں پانچ نومبر کو کوریا کے آمنے سامنے ہو گی اور میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم پانچویں اور آخری میچ میں سات نومبر کو مصر کے خلاف کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے کھیلا جائے گا، ایونٹ راؤنڈ رابن لیگ طرز پر کھیلا جائیگا۔

حکومت کا روس سے گندم در آمد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے ملکی ضروریات پورا کرنے کیلئے روس سے گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے
اس حوالے سے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی آج شام روس سے حکومتی سطح پر گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوگا۔

وزارت پٹرولیم نے سردیوں میں گیس کے بڑے بحران کا خدشہ ظاہر کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت پٹرولیم نے موسم سرما میں گیس کے بڑے بحران کا خدشہ ظاہر کردیا۔ اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ سردیوں میں طلب و رسد کے تناسب سے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع وزارت پٹرولیم کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت رواں برس گیس بحران میں شدت کا خدشہ ہے۔ ‏‏موسم سرما میں گیس کی دستیابی اور طلب کیا ہوگی، اس کا تخمینہ لگا لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایل این جی کی درآمد کے لیے منصوبہ بندی کر لی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت کی جانب سے ترجیحات طے کرلی گئی ہیں کہ بحران کے دوران کس سیکٹر کو کتنی گیس فراہم کی جائے گی۔
سردیوں میں کے شدید بحران کے پیش نظر تیار کیا گیا گیس لوڈ مینجمنٹ پلان یکم نومبر سے 15 فروری 2023ء تک کے لیے ہوگا۔ ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں سیلاب کی وجہ سے گیس کی دستیابی اور سپلائی متاثر ہو سکتی ہے جب کہ آئندہ موسم سرما میں گیس کی مجموعی یومیہ طلب 8 ارب جب کہ مجموعی پیداوار 3 ارب 75 کروڑ کیوسک فٹ ہونے کا امکان ہے۔
بحران کے پیش نظر ایک ارب کیوبک فٹ ایل این جی درآمد کی جائے گی۔ موسم سرما میں گیس کا شارٹ فال 3ارب 25 کروڑ کیوبک فٹ یومیہ سے زائد ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران گھریلو صارفین کو گیس کی دستیابی پہلی ترجیح ہوگی اور انہیں 24 گھنٹوں میں 3 اوقات میں گیس فراہم کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ‏زیرو ریٹڈ انڈسٹری کو بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی ۔تندوراور اسپتالوں کے لیے گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔ ‏‏بجلی کی پیداوار کے لیے گیس کی رسد تیسری بڑی ترجیح ہو گی۔پاور پلانٹس کو 15 فی صد گیس کی کمی کا سامنا ہو گا۔ جنرل انڈسٹری کے لیے گیس کی سپلائی کے اوقات مقرر کیے جائیں گے جب کہ سیمنٹ ،کھاد اور سی این جی انڈسٹری کے لیے گیس کی سپلائی دستیابی سے مشروط ہو گی۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے لگی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے لگی، امریکی کرنسی کی قیمت میں مزید کمی ہو گئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 22 پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 221 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 75 پیسے کا اضافہ دیھکنے میں آیا تھا جس کے بعد امریکی کرنسی 222 روپے 25 پیسے پر بند ہوئی تھی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی آئرلینڈ کو 42 رنز سے شکست

برسبین: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 42 رنز سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا کے شہر برسبین میں گروپ 1 اور میگا ایونٹ کا 31واں میچ کھیلا آئرلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا گیا۔
میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنائے، کپتان ایرون فنچ نے 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی، آل راؤنڈر مارکس سٹوئنس نے ایک مرتبہ پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے، مچل مارش 28 سکور بناکر نمایاں بیٹر رہے۔
آئرش ٹیم کی جانب سے بیری مک کارتھی نے سب سے زیادہ 3 جبکہ جوش لٹل نے 2 وکٹ اپنے نام کیں۔
180 رنز ہدف کے تعاقب میں آئرش ٹیم 18 اعشاریہ 1 اوورز میں 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی، لورکان ٹکر کی 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 48 گیندوں پر 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی رائیگاں گئی۔
فاتح ٹیم کے پیٹ کمنز، مچل سٹارک، گلین میکسویل اور ایڈم زمپا نے 2،2 جبکہ مارکس سٹوئنس نے 1 وکٹ حاصل کی۔
44 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلنے پر کینگرو کپتان ایرون فنچ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔