سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاؤس سے غائب، آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونےوالے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مبینہ آڈیو لیکس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گفتگو پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق آڈیوز کی تحقیقات کے لئے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی اور انکشاف کیا کہ سائفر فراڈ، جعلسازی، فیبریکیشن کے بعد اسے چوری کر لیا گیا۔
وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران مبینہ آڈیو لیکس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، سیاسی امور اورآڈیو لیکس پر بحث کے دوران سرکاری حکام کو اجلاس کے دوران باہر بھیج دیا گیا۔
کابینہ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق آڈیوز کی تحقیقات کے لئے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی گئی
اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق سابق وزیراعظم کی گفتگو کو سازش قرار دیدیا۔
اعلامیہ کے مطابق آڈیوز نے سابق حکومت اور وزیر اعظم عمران نیازی کی مجرمانہ سازش بے نقاب کردی ہے، سائفر کو من گھڑت معنی دے کر سیاسی مفادات کی خاطر کلیدی قومی مفادات کا قتل کیاگیا، فراڈ، جعلسازی، فیبریکیشن کے بعد اسے چوری کر لیا گیا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ قانون کے مطابق سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاﺅس کی ملکیت ہوتی ہے، ڈپلومیٹک سائفر کی ریکارڈ سے چوری سنگین معاملہ ہے۔
اعلامیہ کے مطابق یہ آئینی حلف، دیگر متعلقہ قوانین، ضابطوں خاص طور پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ ریاست کے خلاف ناقابل معافی جرائم کا ارتکاب ہے، انکشاف ہواکہ متعلقہ ڈپلومیٹک سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاﺅس کے ریکارڈ سے غائب ہے،سائفر کی وصولی کا ریکارڈ وزیراعظم ہاؤس میں موجود ہے۔
وفاقی کابینہ نے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے واقعہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔
کابینہ نے ای سی ایل میں ناموں کی شمولیت، اخراج کیلئے نئے ایس او پیز کی منظوری دیدی۔ کابینہ نے 12 افراد کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دے دی، 3 افراد کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے ایس او پیز پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے، شرکا کے موبائل فون اور سمارٹ آلات لانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کابینہ ارکان کو موبائل فونز اور سمارٹ واچز ہال سے باہر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کابینہ اجلاس سے قبل تمام شرکاء نے اپنے موبائل فون باہر جمع کرا دیئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے ریکوڈک کیس پر ریفرنس بھیجنے کی اجازت دیدی۔ کابینہ میں ریفرنس بھیجنے پر تفصیلی بحث ہوئی، وزارت قانون کی طرف سے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے ذریعے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ریکوڈک پر ہونے والے سیٹلمنٹ معاہدے پر سپریم کورٹ سے رائے لی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے بجلی کی بچت اور پیداوار سے متعلق عملدرآمدی لائحہ عمل کی سمری موخر کر دی۔

سیکیورٹی فورسز پر افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ، فوجی جوان شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) افغانستان کی حدود سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک اور جوان وطن پر قربان ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں افغانستان کی حدود سے دہشتگردوں نے پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کر دی۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں کا بھاری نقصان ہوا ہے، دہشتگردوں کیخلاف لڑائی کے دوران سپاہی جمشید اقبال شہید ہو گیا، 27 سالہ سپاہی کا تعلق چنیوٹ سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے۔ توقع کرتا ہے عبوری افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو کمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اکتوبر کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی کر دی۔
اس ضمن میں جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 10 روپے کمی کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 202 روپے ہو گئی ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر 2374 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر 9135 روپے میں فروخت ہوگا۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ماہِ اکتوبر میں کے لیے اعلان کردہ نئے ریٹ کے بعد ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر پر 122 جبکہ کمرشل سلنڈر پر 470 روپے کی کمی ہوجائے گی۔

کابینہ کارروائی کا ڈیٹا چوری، پی ٹی آئی دور میں خریدے گئے ٹیبلٹس نامناسب قرار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کابینہ کارروائی کا ڈیٹا چوری ہونے کے ممکنہ خطرات سے بچاؤ کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دور میں کابینہ ارکان کیلئے خریدے گئے ٹیبلٹس کا معیار، حجم نا مناسب قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پورٹل کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے 150 نئے سمارٹ، جدید ٹیبلٹس خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کابینہ ارکان، سیکریٹریز، وزیر اعظم آفس، کابینہ ڈویژن کے متعلقہ سٹاف کیلئے نئے ٹیبلٹس خریدے جائیں گے، مشینری اور آلات پر عائد پابندی میں نرمی کرکے نئے ٹیبلیٹس خریدنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید کہا گیا کہ سمری منظوری کیلئے ای سی سی میں پیش کی جائے گی، پی ٹی آئی دور میں کابینہ کی کارروائی کو آٹومیٹڈ کرنے کا عمل شروع کیا گیا تھا، سابقہ حکومت میں کابینہ ارکان، سیکریٹریز اور متعلقہ سٹاف کیلئے 150 ٹیبلٹس خریدے گئے تھے، پہلے سے خریدے گئے ٹیبلٹس وزارتوں، ڈویژنز کے دیگر مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مریم نواز ایک مرتبہ پھر عمران خان پر برس پڑیں

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر ایک مرتبہ پھر برس پڑیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ جتنی بڑی و سنگین سیکیورٹی بریچ تم نے وزیرِ اعظم کے دفتر میں بیٹھ کر اپنے سیکرٹری اور حواریوں کے ساتھ مل کر کی ہے اس کا مقابلہ کوئی پاکستان کا بدترین دشمن بھی نہیں کر سکتا۔
پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ سوچو ایک فارن فنڈڈ شیطانی دماغ 4 سال ملک کی تقدیر سےکھیلتا رہا اور انتہائی ڈھٹائی سے آج بھی وہی کر رہا ہے۔

صوفیہ اوپن ٹینس مینز ڈبلز، سائمن بولیلی اور فابیو فوگنینی سیمی فائنل میں داخل

صوفیہ: (ویب ڈیسک) سائمن بولیلی اور فابیو فوگنینی پر مشتمل ٹاپ سیڈ اطالوی جوڑی اپنی فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے اے ٹی پی صوفیہ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔
اے ٹی پی صوفیہ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ میں جاری ہے۔
مردوں کے ڈبلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں سائمن بولیلی اور فابیو فوگنینی پر مشتمل ٹاپ سیڈ اطالوی جوڑی نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیگزینڈر ڈونسکی اور ان کے ہم وطن جوڑی دار الیگزینڈر لازاروف پر مشتمل میزبان جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 3-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

عمران خان ڈرپوک ہے، اقتدار کیلئے ہر حد پار کر سکتا ہے، آج بھی لاڈلے کی طرح ٹریٹ کیا جا رہاہے، شرجیل میمن

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عمران خان ڈرپوک شخص ہے، آج بھی عمران خان کو لاڈلے کی طرح ٹریٹ کیا جا رہا ہے، اتنی ڈھیل پاکستان میں کسی کو نہیں ملی جتنی اس شخص کو ملی ہے۔
انہوں ںے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران خان اپنے اقتدار کے لیے ہر حد پار کرسکتا ہے، یہ شخص ملکی سالمیت اور ملکی اداروں کے ساتھ کھیل رہا ہے، عمران خان نے اپنی انا کی خاطر ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا، وہ ہمارے بھائی بہن جو اس کو لیڈر سمجھ بیٹھے تھے ان کی آنکھیں بھی کھل گئی ہوں گی، عمران خان آڈیو لیکس میں کہہ رہا ہے کہ ان ممالک کا نام نہیں لینا، اس نے ملکی وقار کے منافی کام کیے ہیں، یہ جھوٹا سائیفر ہے جس کا نہ سر ہے اور نہ پیر۔
شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ ان لوگوں نے مل کر اپنی کرسی کی لالچ میں اپنے عہدے کا بھی فائدہ اٹھایا، اگر آپ کی غیرت جاگتی تو آپ ان کے دفتر خارجہ کو بلا کے مراسلہ دیتے۔
پی پی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے باعث سب سے متاثر سندھ ہوا ہے، سندھ میں سیلاب متاثرین کی گھروں کو واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے، سندھ حکومت نقصانات کا تخمینہ لگا رہی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین کا کیس پوری دنیا میں پیش کیا، جن ممالک سے ماضی کی حکومت نے تعلقات خراب کئے ان کو بحال کیا جا رہا ہے، اب تک تین لاکھ 62 ہزار744 ٹینٹس سیلاب متاثرین کو فراہم کئے جا چکے ہیں، 10 لاکھ 60 ہزار 771 خاندانوں کو راشن بیگز دیئے جا چکے ہیں، سیلاب متاثرین کے ریلیف کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان کو ایڈ نہیں ٹریڈ کی ضرورت ہے، عمران خان نے ماضی میں ناکارہ فارن پالیسی کے ذریعے ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کئے، سیاست بعد میں ہوتی رہے گی، اس وقت متاثرین کی مدد کرنا ضروری ہے۔
شرجیل میمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سمجھتی ہے کہ اس طرح کی لیکس نہیں ہونی چاہئیں، وزیراعظم ہاوس کی اگر کوئی آڈیو لیک آرہی ہے تو وہ باعث تشویش ہے، ان آڈیو لیکس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مرتضیٰ وہاب کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایڈمنسٹر یٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نےمرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی کےعہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کو پیر سے باضابطہ دفتر جوائن کرنے کی ہدایت کی گئی، پارٹی قیادت نے مرتضیٰ وہاب کو ہدایت کی ہے کہ وہ دفتر جوائن کرکے رپورٹ دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مرتضیٰ وہاب نے میونسپل ٹیکس کی وصولی کے معاملے پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور استعفیٰ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھیجا تھا۔

پاک امریکا معاہدے پر دستخط، پاکستان کو 132 ملین ڈالرز قرض کی واپسی مؤخر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیلاب زدگان کی امداد اور انفرا اسٹرکچر کی بحالی سے متعلق پاکستان اور امریکا کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے جس کے تحت پاکستان کو 132 ملین ڈالرز قرض کی واپسی مؤخرکردی۔
اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے کی ٹویٹ کے مطابق امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے ’جی 20 ڈیٹ سروس سسپینشن انیشیٹو‘ کے تحت دوسرے پاک امریکا معاہدے پر دستخط کردیے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان کو 132 ملین ڈالرز قرض کی واپسی مؤخرکردی۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اپن ٹویٹ میں کہا ہے ہماری ترجیح پاکستان میں اہم وسائل کو ری ڈائریکٹ کرنا ہے۔

ایون فیلڈ ریفرنس سے نواز شریف اور مریم کو بدنام کرنے کیلئے استعمال کیا گیا: وزیراعظم

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس سے نواز شریف اور مریم نواز کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس اس بات پر روشنی ڈالتا ہے کس طرح احتساب کے نظام کو مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔
وزیراعظم نے مزید لکھا کہ اس طرح کے انتقام پر مبنی عمل نے ملک کے جمہوری ارتقا میں خلل ڈالا اور سیاسی عدم استحکام کا باعث بنا جس نے سیاست کو خوفناک نقصان پہنچایا۔

سیلاب سے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی بڑا چیلنج ہے: این ڈی ایم اے حکام

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کو این ڈی ایم اے حکام نے بتایا ہے کہ سیلاب سے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی بڑا چیلنج ہے، 15 اکتوبر تک نقصانات کا سروے مکمل کر دینگے، گیسٹرو کی بیماری سیلاب زدہ علاقوں میں بڑھ گئی۔
چیئر پرسن کشور زہرہ کے زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں این ڈی ایم اے حکام نے سیلاب پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بارش کا 30 سال ریکارڈ کے مطابق 137 ملی میٹر تک بارشیں ہوئی، اس مرتبہ عام روٹین سے 30 فیصد تک بڑھ کر بارش ہونیکی توقع تھی، مون سون سیزن میں 400 فیصد تک زیادہ بارشیں پاکستان میں ہوگئی، صوبہ سندھ میں تیس سال میں 123.3 ملی میٹر اوسط بارش ریکارڈ تھی، 160 ملی میٹر کی بارشیں سندھ میں توقع تھی جو 696 ملی میٹر سے زیادہ ہوئی، چار سے پانچ ہفتے لگاتار بارش ہوئی جس سے زمین کی پانی جذب کرنیکی صلاحیت بھی ختم ہوگئی۔
این ڈے ایم اے حکام کے مطابق اب تک تقریبا بارشوں سے متاثرہ علاقہ 5.2 ملین ایکڑ ہے،اب تک 7 لاکھ 20 ہزار لوگوں کو ریسکیو کیا، 28 ستمبرتک ڈیٹا کے مطابق 1 ہزار 666 افراد جاں بحق ہوا جس میں 615 بچے شامل ہیں، اب جو اموات ہورہی ہیں وہ گھروں کی چھتیں گرنے سے ہو رہی ہیں، ہم عوامی آگاہی پیغام لوگوں کو بھیج رہے ہیں کہ چھت گرنے سے کوئی اموات نہ ہوں، 12 ہزار 664 افراد زخمی ہوئی ہیں، سندھ میں 8 ہزار 422 افراد زخمی ہوئے، ملک بھر میں 13 ہزار 73 کلومیٹر سڑکیں متاثر ہوئی، یہ مرکزی شاہراہیں ہیں، 410 پل ملک بھر میں تباہ ہوئے ہیں، 105 سمال ڈیمز کو نقصان پہنچا ہے، ملک بھر میں 20 لاکھ گھر متاثر ہوئے، 9 لاکھ 73 ہزار لائیو سٹاک متاثر ہوا، اسوقت ڈائیریا، کالرا اور جلدی امراض پھیل رہی ہیں، بخار اور ملیریا کی دوائی کی اسوقت قلت ہے، کوہستان میں پھنسے پانچ بھائیوں کی موت کا معاملہ کمیٹی میں اٹھا دیا گیا۔
رکن کمیٹی محمد ابو بکر نے معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ کوہستان میں سیلاب کے باعث پھنسے پانچ بھائی مددوکے منتظر رہے ، این ڈی ایم اے ان کو ایک جہاز تک فراہم نہ کر سکا، دنیا میں بھی اس سے ملک کی بدنامی ہوئی۔
این ڈی ایم اے حکام نے کہا کہ بڑے پیمانے پر تباہی ہوچکی ہے، تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی بڑا چیلنج ہے، پندرہ اکتوبر تک نقصانات کا سروے مکمل کر دینگے، گیسٹرو کی بیماری سیلاب زدہ علاقوں میں بڑھ گئی، جہاز سے سامان پھینکنے کے معاملے پر چیئر پرسن کمیٹی نے این ڈی ایم اے حکام سے مکالمہ کیا اور کشور زہرہ نے کہا کہ متاثرین کو جہاز کے ذریعے سامان پھینگا گیا کیا وہ قابل استعمال رہا، وہ سارے تھیلے پھٹ جاتے تھے عوام کو کیا ملا ہوگا۔
این ڈی ایم اے حکام نے کہا کہ ایمرجنسی صورتحال میں ایسا کیا گیا، جہاز کو ایک حد نیچے لا سکتے تھے اس سے نیچے خطرہ ہو سکتا تھا، چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ جہاز کو بچانے کیلئے سامان کے تھیلے اتنی بلندی سے پھینکے وہ سارے پھٹ گئے، این ڈی ایم اے حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ہیلی محدود تعداد میں ہیں انکو بچانا ضروری تھا۔

ظلم کیخلاف نکلنے کیلئے قوم کو جلد کال دوں گا پھر واپسی نہیں ہو گی: عمران خان

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ظلم کیخلاف نکلنے کیلئے قوم کو جلد کال دوں گا۔ جب کال دوں گا تو پھر واپسی نہیں ہو گی، قوم پر جو ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے یہ میں کبھی برداشت نہیں کروں گا۔
پشاور میں ایڈورڈ کالج کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں کالج کے پرنسپل کا شکریہ ادا کرتا ہوں مجھے یہاں دعوت دی، میلو اور ڈیزل کو بھی دعوت دیں اور ڈیزل سے پوچھیں چوروں کے ساتھ کیسے کھڑے ہو گئے ہو۔ ہم میلو اور ڈیزل پر ضرور بات کریں گے لیکن آج میں لیڈر شپ پر بات کرنے آیا ہے۔ دنیا کے سب سے لیڈر ہماے پیارے نبی ﷺ رہے ہیں جنہوں نے سب سے پہلے چیز جو کی وہ قانون کی بالادستی ہے، ریاست مدینہ قانون وانصاف پر قائم کی گئی ۔ جتنے بہتر لیڈر ہوتے ہیں اتنی ہی بہتر تعلیم ہوتی ہے اور قانون کی بالادستی سے انسان اور جانوروں کے معاشرے میں فرق پیدا کرتا ہے جبکہ قانون کے معاشرے میں سب قانون کے نیچے ہوتے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ چوروں، ڈاکووں کو این آر او دیا گیا ہے، ان سے ڈیل کی گئی ہے اور آج چور اور ڈاکو وطن واپس آ رہے ہیں ان کے کیسز کو ختم کیا جا رہا ہے اور اربوں روپے لوٹ کر باہر جانے والوں کو این آر او سے واپس لایا جا رہا ہے۔ آج پاکستان بدترین مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، قوم نیچے جا رہی ہے اور ابھی بھی پیٹ نہیں بھرا ہے، مریم اپنے داماد کے لیے پیسہ بنا رہی ہے۔ جانور غیر سیاسی ہوتے ہیں اور جو ظلم کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا ان میں اور بھیڑ بکریوں میں کوئی فرق نہیں ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں قوم کو تیار کر رہا ہوں لیکن مجھے اکیلا بھی نکلنا پڑا تو ان کے خلاف نکلوں گا کیونکہ میں جیل جانے سے نہیں ڈرتا ہوں، میری کال کا انتظار کرنا۔ چوروں کے ذریعےقوم پر ڈاکے کو کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی بریچ ہوئی ہے تومطلب دشمن کے پاس ڈیٹا چلا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں تباہی کا راستہ آرہا ہے اور ملک کا مستقبل تباہی کی طرف جا رہا ہے۔ آج پاکستان میں عدالت نے مریم نواز کو بری کردیا ہے جبکہ لندن فلیٹس پرمریم کہتی ہےلندن توپاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے اور حسین نواز کہتا ہے مریم اپارٹمنٹ کی مالک ہیں۔ ان کے خلاف آواز اٹھانے پر بول نیوز کو بھی بند کیا گیا ہے۔

سینیٹ اجلاس، ڈاکٹر شہزاد وسیم نے سائفر کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے سائفر کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا،سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہ یہ رجیم چیج تبدیلی کے مجرم ہیں،تحقیقات کرائیں کہ سائفر کی حقیقت کیا تھی۔
سینیٹ کا اجلاس چئیرمین صادق سنجرانی کی زیرصدرات ہوا،قائد خزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں میں آئین قانون پارلیمان جمہوریت سب کے چہرے سے نقاب اتر گیا، آئین قانون پارلیمان جمہوریت سے کس طرح کھیلا جاتا ہےجمہوریت میں سے جمہور نکال کر بچہ جمہورا بٹھا دیاایوان میں قانون لاکر اسے بلڈوز کرتے ہیں، بولنے نہیں دیتےانہوں نے این آر او 2 کا قانون یہاں بلڈوز کیاانہوں نے بڑی تیزی سے اپنے کیسز دفن کر کے ساتھ معیشت کو دفن کیا ہےایون فیلڈ کو ایک استعارہ بنا کھڑا ہے انکے پاس منی ٹریل نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آڈیو لیکس نے مہر ثبت کر دی ہےآڈیو لیکس میں ثابت ہوا کہ انکے بزنس مفادات پاکستان کے مفاد سے افضل ہیںاپنی مشین بھارت سے منگوانی ہے آج کسان سڑکوں پر ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی،پاکستانی قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اپنی حالات خود بدلیں گے، جمہور کی آواز ہو گی اپنی چوری کی معافی پر مٹھائیں کھلائی جارہی ہیں اس حکومت کی کوئی اخلاقی اتھارٹی باقی نہیں رہی،ہم بوکھلاہٹ کا شکار نہیں،حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہےیہ رجیم چیج تبدیلی کے مجرم ہیں،تحقیقات کرائیں کہ سائفر کی حقیقت کیا تھی ہم سائفر پر ایوان میں بحث کرنے تیار ہیں۔